افغانستان میں یونیورسٹی بس دھماکے میں تباہ، 4 لیکچرار جاں بحق

کابل: افغانستان میں البیرونی یونیورسٹی کی بس کو دھماکے سے اُڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں 4 لیکچرار جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق یونیورسٹی بس کو صوبے پروان کے ضلع بگرم میں نشانہ بنایا گیا۔ بس میں 20 کے قریب اساتذہ اور تعلیمی عملہ سوار تھا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ یونیورسٹی بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور دھماکے کے بعد مسافر بس میں بری طرح پھنس گئے۔

ریسکیو ادارے کے عملے نے بس کو کاٹ کر مسافروں کو باہر نکالا اور قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 4 لیکچرار کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔ دھماکے میں 13 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں زیادہ تر اساتذہ شامل ہیں۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 6 کی حالت نازک  ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے جب کہ کچھ اساتذہ ہاتھ اور پاؤں سے بھی محروم ہوگئے۔

پروان پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تاحال کسی شدت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں طالبان سمیت کئی جنگجو گروہ متحرک ہیں۔

 واضح رہے کہ افغانستان سے غیرملکی فوجیوں کے انخلا کا عمل شروع ہوگیا ہے جب کہ قطر میں ہونے والے بین الافغان مذاکرات بھی کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگئے جس کے باعث ملک میں پُرتشدد کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

‘وزیراعظم کی قیادت میں حکومت نے ایک نئی تاریخ رقم کردی’

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پہلی بار مالی سال میں 4ہزارارب سے زائد کے محصولات جمع کیے گئے، وزیراعظم کی قیادت میں حکومت نے ایک نئی تاریخ رقم کی۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فردوس عاشق نے لکھا کہ ریکارڈ محصولات کا جمع ہونا حکومتی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا عکاس ہے، ریکارڈ محصولات درست سمت اور وزیراعظم پر قوم کے مضبوط اعتماد کا عکاس ہے، وبا کے باوجود معاشی اشاریوں میں بہتری وزیراعظم کی قائدانہ صلاحیت کی بدولت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ٹولہ حصول اقتدار کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے، بےجا الزامات بےوقت کی راگنی اور ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کے مترادف ہے۔

خیال رہے کہ ملک کو حکومت کی کامیاب معاشی پالیسی کے ثمرات مل رہے ہیں۔

دہلی: یو اے ای میں آئی پی ایل کے باقی 31 میچز کھیلے جائیں گے، بی سی سی آئی

بی سی سی آئی نے کہا کہ دہلی میں یو اے ای میں آئی پی ایل کے باقی 31 میچز کھیلے جائیں گے۔

 تفصیلات کے مطابق بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ دہلی میں آئی پی ایل کو ریشیڈول کردیا گیا ہے کہ میچز کا انعقاد ستمبر یا اکتوبرمیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بھارت میں ہوگا یا کہیں اور ہوگا اس کی میٹنگ یکم جون کو ہوگی۔

بھارت کے شیڈول کے مطابق دہلی آئی سی سی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اس سال 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک ہوگا۔مگر بی سی سی آئی نے آئی سی سی سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے انعقاد کے لئے وقت میں توسیع مانگنے پر غور کیا ہے۔

واضح رہے کہ دہلی میں آئی پی ایل کے میچز کو کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کے مثبت آنے پر روک دیا گیا تھا۔ دہلی میں تین پلئیرز کے مثبت آنے پر 3 مئی کو کولکتہ نائٹ رائڈر اور راجستان رائل کے میچ کو روک دیا گیا تھا۔

 خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے آئی پی ایل بھی یو اے ای منتقل ہوگئے تھے اورآئی پی ایل کی یو اے ای منتقلی کا فیصلہ اسپیشل جنرل میٹنگ میں ہوا تھا۔

اسلام آباد: مارگلہ کی پہاڑوں کے تین مقامات پر آگ لگ گئی

وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں مارگلہ ہلز کی پہاڑوں کے تین مقامات پر آگ لگ گئی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف کے مطابق ٹریل 3 کے مقام پر لگی آگ پہ قابو پا لیا گیا ہے اور ٹریل 6 ڈی 12 کی جانب لگی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔

وائلڈ لائف اور سی ڈی اے انتظامیہ کی آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں امید ہے کہ جلد آگ پہ قابو پا لیا جائے گا۔

وائلڈ لائف حکام کا کہنا یہ بھی ہے کہ تمام ہائکنگ ٹریلزعوام کے لیے بند کیے گئے ہیں۔

کینیڈا کے سابق بورڈنگ اسکول سے 215 بچوں کی اجتماعی قبر برآمد

اوٹاوا:کینیڈا کے 1978 میں بند ہونے والے ایک بورڈنگ اسکول سے 215 بچوں کی اجتماعی قبر برآمد ہوئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے ایک سابق بورڈنگ اسکول سے اجتماعی قبر برآمد ہوئی ہے جس میں سے 215 بچوں کی باقیات نکالی گئی ہیں۔ یہ اسکول 1978 میں بند ہوگیا تھا اور برآمس ہونے والی باقیات برٹش کولمبیا کے شہر کملوپس کے طلبا کی ہیں۔

یہ اسکول برسوں پرانی مقامی ثقافت کے علمبردار اس علاقے کی اصلی اور قدیم نسل کو جدید ثقافت کے تابع کرانے کے لیے بنایا گیا تھا اور یہاں تعلیم حاصل کرنے والے 500 طلبا ایک ہی قدیم مقامی نسل، ثقافت اور تہذیب سے تعلق رکھتے تھے جنہیں اپنی تہذیب و زبان ترک کرنے پر مجبور کیا جاتا تھا۔

”ملاپس سیکوپیمک فرسٹ نیشن ” کے سربراہ نے اجتماعی قبر کی دریافت کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ماہرین اور کورونر کے دفتر کے ساتھ مل کر بچوں کی اموات کا وقت اور  وجوہات جاننے کے لیے تحقیق کر رہے ہیں۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اس واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے ملک کی تاریخ کے شرمناک باب کی دردناک یاد دہانی ہے۔

برٹش کولمبیا کے شہر کملوپس میں برادری کے سربراہ روزن کیسیمر نے کہا کہ ابتدائی کھوج میں ایک ناقابل تصور نقصان ہوا ہے جس کا اسکول کے انتظامیہ نے کبھی زکر نہیں کیا تھا۔

واضح رہے کہ 19 اور 20 ویں صدی کے دوران کینیڈا میں حکومت اور مذہبی حکام کے ذریعے چلائے جانے والے بورڈنگ اسکول میں قدیم مقامی نسل سے تعلق رکھنے والے بچوں کو والدین سے زبردستی علیحدہ رکھ کر نئی زبان اور جدید ثقافت اپنانے پر مجبور کیا جاتا تھا۔

پاکستان اور روس گیس پائپ لائن کی تعمیر پر رضامند

پاکستان اور روس نے کراچی سے قصور تک گیس کی ترسیل کے لیے پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن تعمیر کرنے کے لیے بین الحکومت معاہدے (آئی جی اے) پردستخط کر دیے۔

 روس میں پاکستانی سفارتخانے نے کہا کہ ماسکو میں روسی وزیر توانائی نِکولائی شلگینوو اور پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے شمال ۔ جنوب گیس پائپ لائن منصوبے پر معاہدے میں ترامیم کے پروٹوکولز پر دستخط کیے۔

پروٹوکول کے مطابق منصوبے کا نام تبدیل کرکے ‘پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن’ کردیا گیا ہے۔

پائپ لائن منصوبہ پاکستان اور روس کے درمیان فلیگ شپ اسٹریٹیجک وینچر ہے جس سے دوطرفہ تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔

آمدن سے زائد اثاثہ جات کا کیس: خواجہ آصف کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر

لاہور:  آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں لیگی رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف کی درخواست ضمانت سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ درخواست پر سماعت کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ یکم جون کو درخواست پر سماعت کرے گا۔ لیگی رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ نیب نے خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ لیگی رہنما خواجہ آصف نے ضمانت پر رہائی کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

ملائیشیا میں 14روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان

 ملائیشیا کے وزیر اعظم محی الدین یاسین نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ملک بھر میں چودہ روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔

 لاک ڈاؤن کا اطلاق یکم جون سے 14 جون تک تمام ا کانومک اور سوشل سیکٹر پر ہوگا تاہم بنیادی ضروریات کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

ملائیشیا میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران آٹھ ہزار 290 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ ایک ماہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی۔

تعلیمی ادارے 31 مئی سے کھولنے کا فیصلہ

پشاور : خیبرپختونخواحکومت نے مزید 5 اضلاع 31مئی سے اسکول کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کو سختی سے کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواحکومت نے مزید5اضلاع میں اسکول کھولنے کا اعلامیہ جاری کردیا ہے ، بنوں،چارسدہ،ہری پور، نوشہرہ اورصوابی میں31 مئی  سے اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا ہے کہ پانچوں اضلاع میں سرکاری وپرائیوٹ اسکولز،مدارس ، ماڈل اسکولز،اکیڈمی اورٹیوشن سینٹرکھولنےکی اجازت ہوگی جبکہ تعلیمی اداروں کوسختی سےکوروناایس اوپیزپرعملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا نے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے اعلامیہ جاری کیا تھا ، جس میں کہا تھا کہ7 جون  سے  تاحکم ثانی پشاور، مردان، چارسدہ، صوابی، کوزدیر اور برہ دیر میں اعلیٰ تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

اعلامیہ کے مطابق باجوڑ، بونیر، ملاکنڈ، سوات، شانگلہ،ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بھی اعلیٰ تعلیمی ادارے بند ہوں گے۔ اسی طرح تورغر، بٹگرام، ہری پور، بٹگرام،  اورکزئی اور کوہاٹ میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

کورونا کے باعث کرم، بنوں، جنوبی وزیرستان اور ڈی آئی خان میں بھی اعلیٰ تعلیمی ادارے ہوں گے۔

ترجمان خیبرپختونخوا حکومت کامران بنگش کا کہنا تھا کہ جہاں کورونا شرح5فیصد یا زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ تمام اعلیٰ تعلیمی ادارے7جون تک تاحکم ثانی بند رہیں گے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی کی سیٹیزن پورٹل پر شکایات، وزیراعظم کا نوٹس

بیرون ملک مقیم پاکستانی کی جانب سے سیٹیزن پورٹل پر درج کردہ شکایات پر وزیراعظم عمران  کی جانب سے نوٹس لے لیا گیا ہے۔

نوٹس کے بعد وزیر اعظم کے حکم پر اسلام آباد لینڈ ریونیو کے افسران کے خلاف کارروائی اور انکوائری  کا آغاز کردیا گیا ہے۔

اس ضمن میں وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی نے پلاٹ منتقلی سے متعلق وزیراعظم کو شکایات کی تھی جس پر سرکل رجسٹرارآفس نے شہری کی شکایت پر اس کی داررسی نہیں کی تھی۔

بعدازاں ڈپٹی رجسڑار کو آپریٹو سوسائیٹز اسلام آباد کو فوری طور پر عہدے سے ہٹادیا گیا ہے اور چیف کمشنر نے وزرات داخلہ سےسرکلرجسٹرارکومعطل کرنے کی سفارش کر دی ہے۔

انسپیکٹر کوآپریٹیو سوسائیٹیز کو عہدہ سے برطرف کر دیا گیا ہے اور متعلقہ ہاؤسنگ سوسائٹی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے ہیں۔

‘پاپا مکی آرتھر’ عامر کو بچانے کیلئے ہر جگہ موجود نہیں ہوں گے، شعیب اختر

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا ہے کہ محمد عامر کا یہ گلہ درست نہیں کہ انہیں مواقع نہیں دیے گئے اور انہیں یہ سمجھنا چاہیے کہ پاپا مکی آرتھر ہمیشہ آپ کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے موجود نہیں ہوں گے۔

پی ٹی وی اسپورٹس کے پروگرام ‘گیم آن ہے’ میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ شرجیل خان اور فخر زمان کو ٹی20 میں اوپننگ کرانی چاہیے اور یہ دونوں دنیا کے کسی بھی میدان پر کسی بھی ٹیم کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کرکٹ کے امور میرے ہاتھ میں ہوتے تو میں عامر کو ٹی20 ورلڈ کپ میں ضرور کھلاتا، ان کے ساتھ شاہین شاہ، حسن اور زاہد محمود کو کھلانے کے ساتھ ساتھ عماد اور فہیم اشرف کو بھی ٹیم کا حصہ بناتا ۔

عامر کی جانب سے ریٹائرمنٹ پر شعیب نے کہا کہ عامر کا پاکستان کرکٹ سے معاہدہ تھا اور جو بھی مینجمنٹ ہو، عامر پاکستان کے لیے کھیلنے کا پابند ہیں، مینجمنٹ سے نمٹنا آسان نہیں ہوتا، آپ کو ہر طرح کی مینجمنٹ کے ساتھ کھیلنا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں مینجمنٹ میں ہوتا تو عامر کو سمجھاتا کہ یہ مسائل ہیں اور بحیثیت باؤلر ان مسائل کو دور کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کبھی آپ کے دن اچھے ہوتے ہیں اور کبھی برے، عامر کو یہ سمجھنا چاہیے کہ پاپا مکی آرتھر ہمیشہ آپ کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے موجود نہیں ہوں گے، کبھی آپ بڑے بھی ہو جاتے ہیں، آپ کو اندازہ ہو گیا ہے کہ مینجمنٹ میری مرضی کی نہیں آئی تو میں مزید محنت کروں گا۔

سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ حفیظ بھی مینجمنٹ کی مخالفت کے باوجود کھیلے، حفیظ نے رنز کیے کوئی ان کو لفافے یا پیسے دے کر نہیں آیا، رنز کرکے ہی بچا ہے لہٰذا عامر کو حفیظ سے سیکھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر کی واپسی میں نجم سیٹھی کا بہت اہم کردار ہے جس کے لیے میں ان کا بہت احترام کرتا ہوں، انہوں نے اور بورڈ نے عامر کی واپسی کے لیے بہت محنت کی اور پی سی بی نے عامر پر یہ احسان کیا تھا۔

100 میل فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے باؤلنگ کرنے والے سابق باؤلر نے کہا کہ عامر نے پاکستان کو چیمپیئنز ٹرافی سمیت اہم میچز جتوائے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس کے بعد ان کی پرفارمنس ابتری کا شکار رہی لہٰذا مصباح کی ان کے حوالے سے بات بالکل درست معلوم ہوتی ہے، مصباح کا یہ کہنا درست ہے کہ عامر کی باؤلنگ کی رفتار کم ہوئی ہے اور ان کی یہ بات بالکل بھی غلط نہیں اور اس بات پر برا نہیں منانا چاہیے۔

شعیب اختر نے کہا کہ عامر کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھیلنے کا موقع فراہم کیا لہٰذا عامر کا یہ گلا ناجائز ہے کہ اس کو مواقع نہیں ملے، ان کو مواقع اس لیے نہیں دیے گئے کیونکہ ان کی کارکردگی تنزلی کا شکار ہوئی۔

اس وقت ن لیگ کو اکھٹا کرنے کی ضرورت ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اس وقت شہباز شریف کو پاکستان مسلم لیگ ن کو اکھٹا کرنے کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہردی نے شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ن لیگ کی کشتی بھنور میں ہےاگراس سے نکلے تو فضل الرحمان کا کندھا تو ہر انتشار کیلئے حاضر ہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن سنجیدہ ہو تو الیکشن اصلاحات پر بات کرنے کیلئے پی ڈی ایم  جیسے چوں چوں کے مربعے کی بجائے پارلیمانی لیڈرز بات کی جائے۔

رجب طیب اردوان کا 26 سال پرانا خواب پورا، جامع مسجد کا باقاعدہ افتتاح

استنبول: ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنے 26 سال پرانے خواب کو پورا کرتے ہوئے  تقسیم اسکوائر پر قائم ہونے والی مسجد کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔

ترک میڈیا رپورٹ کے مطابق رجب طیب اردوان نے جمعے کے روز مسجد کا افتتاح کیا، جہاں نمازِ جمعہ کی جماعت کے ساتھ اس مسجد کا آغاز ہوا اور اب وہاں پنچ وقتہ نماز  باجماعت ادا کی جائے گی۔

ترک صدر نے جامع مسجد تقسیم کا افتتاح کرنے کے بعد استنبول کے قلب میں واقع تاریخی تقسیم اسکوائر پر مذہبی شناخت کی مہر بھی لگائی۔

رپورٹ کے مطابق رجب طیب اردوان نے اس مسجد کی تعمیر کا خواب26 سال پہلے دیکھا تھا، جس کے بعد انہوں نے 2017 میں مسجد کی تعمیر کا اعلان کیا۔

ترک صدر نے جمعے کی نماز کے لیے مسجد میں داخل ہونے سے قبل تقسیم اسکوائر پر موجود ہجوم کی طرف دیکھ کر ہاتھ ہلایا۔ آج ہونے والی افتتاحی نماز میں ترک صدر، حکومتی شخصیات سمیت شہریوں کی  بڑی تعداد نے شرکت کی۔

استنبول میں قائم ہونے والی عالیشان جامع مسجد تقسیم کا گنبد تیس فٹ بلند بنایا گیا ہے، جس کی چوٹی پر ترک جمہوریہ کا وہ یادگاری نشان موجود ہے، جس کی بنیاد مصطفیٰ کمال اتاترک نے رکھی تھی۔

مسجد کے داخلی دروازے ، فرش اور چھت پر 8 کونوں والے سلجوقی نقش و نگاری کو جگہ دی گئی ہے۔

انیسویں  صدی کی بے اولو معماری سے ماخوذ  ڈیزائن کی حامل  اس مسجد میں ہر طرح کی تفصیلات کا باریک بینی سے   جائزہ لیتے ہوئے اسے عملی شکل دی گئی ہے۔اس میں کانفرس ہال سمیت  ڈیجیٹل اسلامی کتب خانے کو بھی  بنایا گیا ہے۔

ترک حکام نے جمعے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پررجب طیب اردوان کی 1994 کی ایک ویڈیو شیئر کی جب وہ استنبول کے میئر بنے تھے۔

انہوں نے ایک اونچی عمارت پر کھڑے ہوکر اس طرف اشارہ کرتے ہوئے مسجد تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ مسجد عین اُسی مقام پر تعمیر کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس ترکی کی عدالت نے آیا صوفیہ میں قائم عجائب گھر کو ختم کر کے اس کو مسجد کی حیثیت سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔