مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں افطار کے اجتماعات، اعتکاف پر پابندی عائد

سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں افطار کے اجتماعات اور اعتکاف کی اجازت نہیں ہو گی۔

سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق دونوں مساجد کے امور کے سربراہ شیخ عبد الرحمٰن السدیس نے کہا کہ ایوان صدر مسجد الحرام میں نمازیوں کو افطاری کے لیے تیار کھانا فراہم کرے گا جبکہ مسجد نبوی ﷺ میں سحری کی اجازت نہیں ہو گی۔

دونوں مساجد کے احاطے اور صحن میں کسی کو بھی کھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور سب کو انفرادی طور پر کھانا فراہم کیا جائے گا۔

آبِ زم زم کے کولر بھی دستیاب نہیں ہوں گے اور روزانہ کی بنیاد پر 2 لاکھ آب زم زم کی بوتلیں فراہم کی جائیں گی۔

اس کے علاوہ جو لوگ مسجد الحرام میں روزہ کھولنے کے خواہاں ہوں گے، انہیں صرف اپنے لیے کھجور اور پانی لانے کی اجازت ہو گی اور کسی بھی فرد سے شیئر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے اس سال رمضان کے حوالے سے منعقدہ سالانہ اجلاس میں جامع منصوبے اور اقدامات کا اعلان کیا۔

اجلاس کے دوران عبدالرحمٰن السدیس نے کہا کہ رمضان کے دوران احتیاطی تدابیر کے ذریعے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے پر توجہ دی جائے گی، ان تدابیر میں ویکسین لگوانا، سماجی فاصلہ رکھنا اور ماسک پہننا شامل ہے تاکہ زائرین اور نمازیوں کی صحت اور حفاظت کا خیال رکھا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایوان صدر عازمین اور نمازیوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے ‘مکمل طور پر تیار’ ہے۔

تیاریوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے کہا کہ مطافکا علاقہ صرف عمرہ زائرین کے لیے مقرر کیا جائے گا اور نماز ادا کرنے کے لیے مسجد الحرام اور اس کے مشرقی صحن کے اندر پانچ علاقے مقرر ہوں گے جبکہ خصوصی افراد کے لیے الگ سے نماز کی ادائیگی کا ایک حصہ ہو گا۔

ایوان صدر کے سربراہ نے مزید کہا کہ مسجد الحرام میں مترجم موجود ہوں گے جو نمازیوں کے سوالات اسکالرز تک پہنچائیں گے اور فتوؤں کا ترجمہ کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ خطبہ جمعہ کے دوران اشاروں کی زبان میں ترجمانی کرنے والے بھی موجود ہوں گے۔

عبدالرحمٰن السدیس نے کہا کہ ان سب تدابیر کا مقصد اللہ کے مہمانوں کو انوکھے تجربہ فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی صحت کی حفاظت یقینی بناتے ہوئے عبادات کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں آنے والے تمام مہمانوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ کووڈ-19 کی ویکسین لگوا لیں تاکہ وہ اپنی اور دیگر نمازیوں اور زائرین کی حفاظت یقینی بنا سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں 10 ہزار سے زائد ملازمین نمازیوں اور زائرین کی خدمت پر مامور ہوں گے۔

سفر پر پابندیاں

اس سے قبل سعودی گزٹ کی ایک ​​رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے 17 مئی تک بین الاقوامی پروازیں معطل کردی ہیں کیونکہ رمضان کے دوران بیرون ملک سے زائرین عمرہ ادا نہیں کرسکیں گے۔

ملک کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (گکا) نے کہا کہ بین الاقوامی ہوائی اڈے دوبارہ کھولے جائیں گے اور رمضان کے خاتمے کے بعد بین الاقوامی پروازوں کو 17 مئی سے دوبارہ اجازت دی جائے گی۔

عمرہ اور حج

اس سال رمضان میں عمرہ زائرین کو پہلی منزل پر بھی طواف کرنے کی اجازت ہو گی۔

اس سال کے اوائل میں سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ نے عمرہ کے خواہشمند افراد کو پہلے ہی ویکسین لگانے کا مشورہ دیا تھا۔

العربیہ کے مطابق انہوں نے کہا تھا کہ احتیاطی تدابیر اپنی جگہ پر جاری رہیں گی لیکن احتیاطاً یہ مشورہ دیا گیا کہ وہ تمام لوگ جو عمرہ ادا کرنا چاہتے ہیں، وہ کووڈ-19 کی ویکسین لگوا لیں۔

وزیر نے جن دیگر پابندیوں کا اعلان کیا ان میں عمرہ کے دوران ہر وقت ماسک پہننا شامل ہے جس میں صرف 18 سے 50 سال کے درمیان افراد کو ہی اس کی ادائیگی کی اجازت ہو گی اور سماجی فاصلہ بھی برقرار رکھنا ہو گا۔

دریں اثنا العربیہ کے مطابق حج اور عمرہ کے خواہشند افراد کے لیے رمضان المبارک کی پہلی تاریخ کو لازمی ویکسین لگوانی ہو گی۔

پچھلے سال سعودی عرب نے کورونا وائرس کی وجہ سے جدید تاریخ میں پہلی بار جولائی کے آخر میں ایک انتہائی کم تعداد میں افراد کے ساتھ حج کی میزبانی کی تھی جس میں 30 لاکھ کے بجائے محض چند ہزار افراد نے شرکت کی تھی۔

سات ماہ کے وقفے کے بعد اکتوبر 2020 میں عمرہ کرنے پر عائد پابندیاں جزوی طور پر ختم کردی گئی تھیں اور روزانہ 6ہزار زائرین کو عمرے کی ادائیگی کی اجازت دی گئی تھی۔

اس کے بعد سے اب تک مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں آنے والے نمازیوں میں ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد ماسک تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

حکومت کا وفاقی وزیر خزانہ حفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹانےکا فیصلہ

حکومت نے وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے حفیظ شیخ کو وزیر خزانہ کا عہدہ چھوڑنےکی ہدایت کردی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ حفیظ شیخ کی جگہ حماد اظہر کو وزارت خزانہ کا قلمدان دیا جائےگا۔

ذرائع کے مطابق حفیظ شیخ آج اپنے دفتر بھی نہیں آئے جب کہ ان کو ہٹانےکا نوٹیفکیشن بھی جلد جاری کردیا جائےگا۔

فیمنزم کے نام پر مرد حضرات سے نفرت کے خلاف ہوں، احمد علی بٹ

فلموں میں ٹرانس جینڈر شخص یا خاتون کا کردار ادا کرنے والے اداکار احمد علی بٹ نے کہا ہے کہ وہ خود کو کسی حد تک فیمنسٹ سمجھتے ہیں جب کہ وہ فیمنزم کی کچھ باتوں سے اختلاف بھی رکھتے ہیں۔

احمد علی بٹ اے آر وائے کے شو ’گھبرانا منع ہے‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے میزبان واسع چوہدری سے ذاتی زندگی، شوبز، ایوارڈز اور سماجی مسائل پر کھل کر بات کی۔

احمد علی بٹ نے بتایا کہ انہوں نے شادی سے قبل 9 سال تک اہلیہ سے تعلقات رکھے تھے، اس وقت ان کی اہلیہ لندن میں مقیم تھیں اور وہ ان سے کئی گھنٹوں تک اسکائپ پر بات کرتے تھے۔

اداکار نے پروگرام میں انکشاف کیا کہ انہوں نے گزشتہ کچھ عرصے میں اپنی صحت اچھی کرنے کے لیے اپنا وزن 25 کلو تک کم کردیا۔

احمد علی بٹ کا کہنا تھا کہ جب زیادہ وزن تھا تب بھی لوگ سوشل میڈیا پر نامناسب کمنٹس کرتے تھے اور جب انہوں نے وزن کم کیا تب بھی لوگوں نے انہیں ٹرول کیا اور پوچھنے لگے کہ کیسے وزن کم کیا؟

اداکار نے بتایا کہ گزشتہ برس کورونا کی وجہ سے نافذ ہونے والے لاک ڈاؤن کے باعث وہ گھر تک محدود تھے، اسی وجہ سے انہوں نے وزن کم کرنے کا سوچا۔

احمد علی بٹ نے بتایا کہ ‘پنجاب نہیں جاؤں گی’ کے گانے ’ٹونٹ فور سیون لک ہلنا‘ گانے پر ان کے ڈانس کو پسند کیا گیا اور لوگ حیران رہ گئے کہ انہوں نے کیسے عروہ حسین سے بہتر ڈانس کیا۔

پروگرام کے ایک سیگمنٹ نے احمد علی بٹ نے فہد مصطفیٰ، ہمایوں سعید اور مہوش حیات کو ایک وائس پیغام بھیجا اور ان سے مشورہ مانگا کہ وہ کیسے دوسری لڑکی کو تعلقات پر راضی کریں؟

اداکار کو فہد مصطفیٰ نے پلاسٹک سرجری کروانے کا مشورہ دیا جب کہ مہوش حیات نے انہیں لڑکی کو پھنسانے کے لیے لڑکی کے پاؤں پڑنے تک کا مشورہ بھی دیا۔

احمد علی بٹ جلد ہی برطانوی و بھارتی پنجابی فلم میں دکھائی دیں گے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
احمد علی بٹ جلد ہی برطانوی و بھارتی پنجابی فلم میں دکھائی دیں گے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ہمایوں سعید نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ انہیں ساتھ لے جائیں تو ان کا کام ہوجائے گا۔

پروگرام میں سوالوں کے جواب دیتے ہوئے احمد علی بٹ نے بتایا کہ وہ خود کو 60 فیصد تک فیمنسٹ سمجھتے ہیں، کیوں کہ ان کی پرورش بہادر خواتین نے کی اور ان کی شادی بھی بہادر خاتون سے ہوئی۔

اداکار نے اسی معاملے پر مزید کہا کہ وہ 40 فیصد فیمنسٹ اس لیے نہیں ہیں، کیوں کہ وہ 40 فیصد فیمنزم میں آنے والی غلط چیزوں کی مخالفت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کل فیمنزم کے نام پر مرد حضرات سے نفرت کی جو مہم چلی ہوئی ہے، وہ چالیس فیصد اس مہم کے خلاف ہیں۔

احمد علی بٹ کا کہنا تھا کہ فیمنزم کے نام پر چلنے والی مہم کو ’اپنی روٹی خود پکاؤ‘ کے نعروں کے تحت کہیں اور لے جایا جا رہا ہے اور اس سے مرد حضرات کے خلاف نفرت کا پیغام دیا جا رہا ہے۔

عمران خان کیخلاف کھڑی اپوزیشن ٹکڑے ٹکڑے ہوگئی، شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہےکہ عمران خان کے خلاف کھڑی اپوزیشن ٹکڑے ٹکڑے ہوگئی ہے، میرا اور تیرا اپوزیشن لیڈر کرتے کرتے ان کا کام ہوگیا۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ہٹانے والے خود پیچھے ہٹ گئے ہیں، پی ڈی ایم میں اختلاف نہ حکومت کی کامیابی ہے نہ حکومت کا اس میں ہاتھ ہے۔

 وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں میں آئیں، عمران خان ان سے نہیں جانے والا، پی ڈی ایم میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی ہمیشہ کے لیے علیحدہ ہوچکی ہے، اب اصل فیصلہ مولانا فضل الرحمان کا ہے، ہماری کسی سے کوئی ناراضی نہیں ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ  اپوزیشن کو اسمبلیوں میں آنے اور انتخابی اصلاحات کرنے کا مشورہ دیتے ہوئےکہا کہ آئینی ریفارمز کریں عمران خان آپ سے باہر نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن این سی او سی کا کام ہے میرا کام نہیں ہے، اگر مجھے کہا جائے گا تو میں لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کراؤں گا۔

سعودی عرب پاکستان کے نقش قدم پر چل نکلا، 10 ارب درخت لگانے کا اعلان

پنجاب میں کورونا کی شرح تشویشناک حد تک بڑھنے کے باعث صوبے میں یکم اپریل سے تمام انڈور اور  آؤٹ ڈور تقریبات پر  پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا اپنی ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم اس وقت ہم کورونا کی تیسری لہر کا مقابلہ کر  رہے ہیں جو  پہلے سے زیادہ خطرناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا مثبت کیسز کا تناسب 14 فیصد ہو چکا ہے جبکہ لاہور  میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح  21 فیصد شرح رہی جو انتہائی تشویشناک ہے، کورونا کیسز کی وجہ سے اسپتال تیزی سے بھر  رہے ہیں اور ہیلتھ سسٹم دباؤ کا شکار ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مکمل لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہو سکتے، ہم صنعتوں اور کاروبار کی بندش کے حق میں بھی نہیں ہیں، ہم معاشی سرگرمیوں پر کسی قسم کی پابندی نہیں لگا رہے لیکن ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرنا ہو گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ یکم اپریل سے شادی سمیت ہر قسم کی انڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جن علاقوں میں مثبت کیسز کی شرح 12 فیصد سے زائد ہو گی وہاں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے، 11 اپریل تک لاک ڈاؤن برقرار  رہے گا تاہم سات روز بعد دوبارہ صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

عثمان بزدارکا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں ہر قسم کی اسپورٹس، کلچرل اور دیگر تقریبات پر پابندی ہو گی جبکہ دکانوں اور بازاروں کے اوقات کار شام 6 بجے تک ہوں گے اور بازار ہفتے میں دو روز بند رکھے جائیں گے۔ اس کےعلاوہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن پرائیویٹ ٹرانسپورٹ ایس او پیز کے ساتھ چلتی رہے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عوام سے ماسک پہننے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے، حکومت بھی ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کے لیے کوشاں ہے لیکن عوام کے تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں ہے۔

پاکستان کووڈ-19 کے بعد زمبابوے کا دورہ کرنے والی متوقع پہلی ٹیم

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ٹی20 اور ٹیسٹ سیریز کے لیے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے اور پاکستان کی ٹیم کورونا وائرس کے بعد زمبابوے کا دورہ کرنے والی پہلی ٹیم ہو گی۔

پاکستان کی ٹیم 17 اپریل کو جوہانسبرگ سے ہرارے پہنچے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 21 اپریل سے 11 مئی کے درمیان دو ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 21، 23 اور 25 اپریل کو تین ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے جس کے بعد دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا انعقاد ہو گا۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 29 اپریل کو ہو گا جو ستمبر 2013 کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ ہو گا جبکہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 7 مئی سے کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ میچز بند دروازوں کے پیچھے کھیلے جائیں گے اور شائقین کو اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد پاکستان کی ٹیم نے بائیو سیکیور ببل میں رہتے ہوئے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ زمبابوے اور جنوبی افریقہ کی میزبانی بھی کی۔

اس دوران پاکستان شاہین نے بھی نیوزی لینڈ کا دورہ کیا جبکہ ویمن ٹیم نے جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے دورے کیے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ زاکر خان نے کہا کہ کووڈ-19 کے بعد کرکٹ کی سرگرمیوں کی بحالی کے سلسلے میں پی سی بی کا کردار انتہائی اہم رہا ہے اور دورہ زمبابوے بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ کووڈ-19 کی موجودگی میں بھی محفوظ ماحول میں کرکٹ کی سرگرمیوں کا انعقاد ہو سکتا ہے اور اس مشکل اور چیلنجنگ وقت میں کھیل کی ترقی کے لیے اس کا عملی مظاہرہ کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان وویمن ٹیم کے بعد مردوں کی ٹیم کا دورہ زمبابوے اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں اور دونوں ایک دوسرے سے تعاون پر تیار رہتے ہیں۔

ٹی20 میچز میں پاکستان کا زمبابوے کے خلاف ریکارڈ انتہائی شاندار ہے اور تمام 14 میچز میں فتح نے پاکستان کے قدم چومے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی بات کی جائے تو 17 ٹیسٹ میچوں میں سے پاکستان نے 10 میں کامیابی حاصل کی، تین میں زمبابوے کی ٹیم فاتح رہی اور چار میچ ڈرا ہوئے۔

پنجاب میں یکم اپریل سے ان ڈور آﺅٹ ڈور شادیوں، تقریبات پر پابندی، پارکس اور ریسٹورنٹس بند کرنے کا اعلان

پنجاب میں کورونا کی شرح تشویشناک حد تک بڑھنے کے باعث صوبے میں یکم اپریل سے تمام انڈور اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا اپنی ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم اس وقت ہم کورونا کی تیسری لہر کا مقابلہ کر رہے ہیں جو پہلے سے زیادہ خطرناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا مثبت کیسز کا تناسب 14 فیصد ہو چکا ہے جبکہ لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح 21 فیصد شرح رہی جو انتہائی تشویشناک ہے۔

میشا شفیع جنسی ہراسانی سے متعلق کوئی گواہ پیش نہ کر سکیں، ایف آئی اے

فاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے لاہور سینٹرل کی خصوصی عدالت عدالت میں گلوکارہ میشا شفیع سمیت دیگر 9 افراد کے خلاف پیش کیے گئے چالان کی کاپی ڈان نیوز نے حاصل کرلی۔

ایف آئی اے کی جانب سے خصوصی ٹرائل عدالت میں پیش کیے گئے حتمی چالان میں 9 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

نامزد کی جانے والی شخصیات میں گلوکارہ میشا شفیع، عفت عمر، ماہم جاوید، لینا غنی، حسیمس زمان، فریحہ ایوب، سید فیضان رضا، حمنہ رضا اور علی گل پیر شامل ہیں۔

ایف آئی اے نے ابتدائی طور پر خصوصی عدالت میں دسمبر 2020 میں عبوری چالان پیش کیا تھا، بعد ازاں وفاقی تحقیقاتی ادارے نے میشا شفیع سمیت تمام افراد کے خلاف حتمی چالان بھی پیش کیا تھا۔

ایف آئی اے کی جانب سے پیش کیے گئے چالان میں بتایا گیا ہے کہ میشا شفیع گلوکار علی ظفر پر لگائے گئے جنسی ہراسانی کے واقعے سے متعلق کوئی بھی گواہ پیش نہ کر سکی تھیں۔

شب برات آج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائیگی

پاکستان بھر میں شب برات آج (بروز سوموار) انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، خصوصی عبادات کا اہتمام کی جائے گی، سندھ میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے ، اہل ایمان نوافل ادا کریں گے اور گڑگڑا کر اپنے رب کے حضور گناہوں اور خطاؤں کی معافی طلب کریں گے ، علما کرام نے بتایا کہ حدیث مبارکہ کے مطابق اللہ تعالی اپنے بندوں پر نظر کرم فرما کر مغفرت فرما دیتے ہیں تاہم شرک کرنیوالا، ناحق قتل کرنے والا، دل میں کینہ رکھنے والا، بدکار، قطع تعلق کرنے والا، ٹخنوں سے نیچے کپڑا لٹکانے والا، والدین کا نافرمان اور شراب پینے والا اس رات بھی اللہ کے نظر کرم سے محروم رہ جاتا ہے ، اس لئے اس شب کی مناسبت سے ان گناہوں سے خصوصی توبہ کرنا چاہیے تاکہ اللہ کی نظر کرم سے محروم نہ رہ جائیں۔ شب برات کے موقع پر ملک بھر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں محافل اور ذکر کی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں علماء کرام، خطیب حضرات اور مقررین شب برات کی فضیلت بیان کریں گے ۔

کورونا کی تیسری لہر: عوام ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں پورا ملک بند نہیں کرسکتے، عمران خان

وزیر اعظم عمران خان  نے کورونا کی تیسری لہر کے حوالے سے قوم کےنام پیغام میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر پہلی اور دوسری لہر سے زیادہ خطرناک ہے لہٰذا تاکید کرتا ہوں تیسری لہر میں بہت احتیاط کریں۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ایک سال احتیاط کی، کسی شادی میں گیا نہ کسی ریسٹورنٹ میں کھانا کھایا، ایک سال سماجی فاصلہ رکھنے کے ساتھ ماسک کا بھی استعمال کیا اور کورونا کی پہلی اور دوسری لہر میں محفوظ رہا۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں احتیاط نہیں کی جس وجہ سے کورونا وائرس میں مبتلا ہوا۔

ان کا کہنا تھاکہ کورونا وائرس کی تیسری لہر پہلی اور دوسری لہر سے زیادہ خطرناک ہے لہٰذا تاکید کرتا ہوں تیسری لہر میں بہت احتیاط کریں اور ماسک پہنیں کیونکہ ماسک سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے کیونکہ ہمارے پاس وہ وسائل نہیں کہ کورونا کے دوران لوگوں کو بند کریں اورسہولیات فراہم کریں، امیر ترین ملکوں کے پاس بھی وسائل نہیں، ہم کم از کم ایس او پیز پر پوری طرح عمل کریں۔

ان کا کہنا تھاکہ کورونا کی تیسری لہر انگلینڈ سے آئی ہے اور لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں انگلینڈ سے زیادہ لوگ آئے ہیں، یہاں تیزی سے کیسز بڑھ رہے ہیں، ہمیں اسی طرح احتیاط کی ضرورت ہے جیسی پہلی لہر میں کی تھی، کورونا کی پہلی لہر میں احتیاط پر دنیا نے ہماری مثال دی تھی۔

وزیراعظم نے خدشے کا اظہار کیا کہ اگر کورونا اسی تیزی کے ساتھ پھیلتا گیا تو اسپتال بھر جائیں گے۔

ویکسین سے متعلق عمران خان نے کہا کہ کورونا ویکسین کی دنیا میں کمی ہو گئی ہے، ویکسین سے متعلق جو ہمیں دنیا نےکہا تھا وہ بھی ہمیں نہیں مل رہی، جو ملک کورونا ویکسین بناتے ہیں اُدھر بھی ویکسین کی کمی ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بہتر ہے ہم ابھی سے کورونا ایس او پیز پر عمل کریں، شادیاں اور ریسٹورنٹس میں نہ جائیں، بزنس اور فیکٹریاں بند نہیں کرسکتے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر میں شدت آگئی ہے اور کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوگیا ہے جبکہ ملک کے زیادہ متاثرہ علاقوں میں پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد سے وہ قرنطینہ میں ہیں۔

امریکہ کی برطانیہ کو چین کے ون بیلٹ ون روڈ کے مقابل منصوبہ بنانے کی تجویز

بیجگ کے بیلٹ اینڈ روڈ جیسا اقدام جمہوری ریاستوں سے آنا چاہیے، جوبائیڈن کا بورس جانسن کو ٹیلی فون۔ امریکہ کو چین کے ساتھ مل کر نیا عالمی نظام تشکیل دینا ہوگا، ہنری کسنجر۔ اگر ہم چین کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے تو صورتحال پہلی عالمی جنگ سے پہلے جیسی ہوگی۔ دونوں ممالک کے پاس اعلیٰ ہائی ٹیک ہتھیار، خطرناک تنازعہ بن سکتے ہیں۔ امریکی سفارتکار۔ حال ہی میں چین اور ایران کے درمیان 25 سالہ معاشی معاہدہ کیا گیا۔

نیا ہاؤسنگ منصوبہ ملک کے مستقبل کے لیے اہم ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے گورنر اسٹیٹ بینک اور صدر نیشنل بینک آف پاکستان پر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پوری کوشش کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیا ہاؤسنگ منصوبہ ملک کے مستقبل کے لیے اہم ہے۔

نیا ہاؤسنگ منصوبے پر ہونے والی ٹیلی تھون سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں پہلی دفعہ ان لوگوں کو موقع دیا جا رہا ہے جو تنخواہ دار طبقہ ہے اور ان کے پاس گھر خریدنے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کو موقع دیا جارہا ہے کہ ان کا بھی اپنا گھر ہو، اس کے لیے جو کرایہ وہ گھروں کی مد میں دیتے ہیں وہی قسطیں بن جائیں اور قسطوں کی وجہ سے ان کا گھر بن جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ امیر ملکوں، یورپ اور امریکا میں ہمیشہ لوگ بینکوں سے قرضہ لے کر گھر خریدتے ہیں اور قسطیں ادا کرتے ہیں، پاکستان میں اس کا کوئی رواج نہیں ہے اور اس حوالے سے پہلی مرتبہ کوشش کی گئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے پورا احساس ہے کہ لوگوں کو بڑی مشکلات پیش آرہی ہیں کیونکہ پہلی دفعہ ہے اس لیے مشکلات تو آنی ہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر اور نیشنل بینک کے صدر عثمانی کو تاکید کرتا ہوں کہ عثمانی کو نیشنل بینک کی تمام شاخوں اور رضا باقر کو تمام بینکوں کے سربراہان کو بتانا پڑے گا کہ یہ ہمارے لیے انتہائی ضروری ہے کہ جو لوگ اپنا گھر بنانے کے لیے بینکوں سے قرضہ لینا چاہتے ہیں ان کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری کوشش کرنی چاہیے کہ ان کے لیے پوری سہولتیں پیدا کی جائیں کیونکہ یہ تصور نہیں ہے اس لیے بینک کے عملے کی بھی پریکٹس نہیں ہے۔

نیا ہاؤسنگ منصوبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں سن رہا تھا کہ لوگوں کو بڑی مشکلات آرہی ہیں تو اس پر کوشش کرنا ہوگی، یہ اس لیے اہم ہے کہ لوگوں کو پہلی دفعہ موقع مل رہا ہے اپنا گھر بنانے کے لیے جن کے پاس رقم نہیں تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سب سے زیادہ اہم چیز یہ ہے کہ ہمارے ملک میں لوگوں نے اپنے گھر بنانے شروع کیے اور گھر بنانے کے لیے پیسے ملنا شروع ہوگئے تو تعمیراتی شعبے کے ساتھ 30 دیگر صنعتیں جڑی ہوئی ہیں، اس کا مطلب ہے کہ سارے ملک کے اندر ایک انقلاب آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے ملک کی دولت میں اضافہ شروع ہوگا، لوگوں کو روزگار ملنا شروع ہوگا، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع ملیں گے اور تعمیرات میں ترقی ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف یہی نہیں ہے کہ لوگوں کو چھت ملے گی بلکہ ملک کی معیشت کو اوپر اٹھا دے گی، ساری دنیا کے اندر تعمیراتی صنعت پوری معیشت کو اٹھاتی ہے، جس سے دولت میں اضافہ ہوتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کیونکہ ہمارے ملک پر قرضے چڑھے ہوئے ہیں تو ہمیں دولت میں اضافہ چاہیے، جب ہماری دولت میں اضافہ ہوگا تو ملکی قرضے واپس کرنے کے لیے پیسے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ہر طرح سے ملک کے مستقبل کے لیے بہت اہم ہے، اس کے لیے ہم ایک سال سے کوشش کر رہے ہیں تاکہ رکاوٹیں دور کی جائیں۔

وزیراعظم نے گورنر اسٹیٹ بینک اور صدر نیشنل بینک پر ایک مرتبہ پھر زور دیا کہ وہ سہولت پیدا کریں تاکہ ملکی کاروبار میں بھی بہتری آئے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد ہماری ذمہ داری ہیں اور ہم کوشش کریں گے کہ ان کو ترجیح دی جائے کیونکہ ان کے پاس کسی وجہ سے صلاحیت نہیں ہے تو ان کی بھی پوری مدد کی جائے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے جولائی 2019 میں ‘نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے’ کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کر دیا تھا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے ملک بھر میں تنخواہ دار اور متوسط طبقے کے افراد کو گھروں کی تعمیر کے حوالے سے وسائل اور گھروں کی طلب کے بارے میں معلومات حاصل ہو سکیں گی جس کے بعد یہ اسکیمیں شروع کی جائیں گی۔

اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ و ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت آن لائن رجسٹریشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان میں زیادہ تر لوگ گھر بنانے کی استطاعت نہیں رکھتے جبکہ مختلف وجوہات کی بنا پر ہمارا بینکنگ کا نظام گھر بنانے کے لیے فنانسنگ نہیں کر رہا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ اس صورت حال میں صرف وہی لوگ گھر بنا سکتے تھے جن کے پاس نقد رقم موجود تھی تاہم اس حوالے سے نیا آرڈیننس لا رہے ہیں جس کی کابینہ منگل کو منظوری دے گی۔

انڈونیشیا میں چرچ کےباہرخودکش دھماکہ ، 2 افراد جاں بحق 14 زخمی

 

جکارتا: انڈونیشیاکےشہرمکسرمیں ایسٹرویک کےپہلے دن اجتماع کے دوران ایک بمبار نے چرچ کےباہرخودکودھماکےسےاڑا لیا جس کے باعث 2 افراد ہلاک جبکہ گارڈ سمیت چودہ افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے شہر ماکاسر میں گرجا گھر میں ایسٹر کی مناسبت سے دعائیہ تقریب کا سلسلہ جاری تھا کہ اسی دوران گرجا گھر کے باہر زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جب کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

پولیس کے ترجمان کےمطابق دھماکا اس وقت ہوا جب موٹرسائیکل پر سواردو افراد نے چرچ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی ۔گارڈ نے  انہیں  مرکزی دروازے پر روکا تو  ان  میں سے ایک نے خود کو بارود سے اڑا دیا۔ تاہم دھماکا اتناشدید تھا کہ چرچ لرز اٹھا  ۔دھماکے سے کئی گاڑیوں کو نقصان بھی پہنچا ہے۔محکمہ انسداد دہشت گردی کے سربراہ نے حملے کو دہشت گردی قراردیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے گرجا گھر کے باہر سے 2 افراد کی لاشیں ملی ہیں جو مبینہ طور پر خودکش حملہ آوروں کی ہیں تاہم واقعہ سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔