چین،ڈنمارک،یورپی یونین سفیروں ،کینڈین ہائی کمشنر کی ملاقاتیں چین کیساتھ خصوصی تعلقات ،سی پیک بروقت مکمل ہوگا:آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیروں اور کینیڈین ہائی کمشنر نے ملاقات کی، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان ملاقاتوں میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یورپی یونین سفیر، کینیڈین ہائی کمشنر اور ڈنمارک کی سفیر نے ملاقات کی۔

اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

غیر ملکی سفیروں نے خطے کے استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا، افغان امن عمل کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی جبکہ پاکستان سے سفارتی سطح پر تعاون بڑھانے کا عزم کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان باہمی مفاد پر مبنی تعلقات اور تعاون کا فروغ چاہتا ہے۔

بجلی 65 پیسے فی یونٹ مہنگی، عوام پر 4 ارب 59 کروڑ کا اضافی بوجھ

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے  بجلی کے فی یونٹ کی قیمت میں 65 پیسے کا اضافہ کردیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ماہ فروری میں ایل این جی گیس کی کم یابی کی وجہ سے صارفین کو ریلیف نہیں دیا جاسکا، جس کے باعث نیپرا نے فی یونٹ بجلی کے نرخ میں 65 پیسے اضافے کی منظوری دے دی۔

بجلی کی قیمتیں بڑھنے کے بعد صارفین پر 4ارب59 کروڑ روپےکا اضافی بوجھ پڑےگا، جو اُن سے اپریل کے بل میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں وصول کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ  26 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) ایکٹ میں ترمیمی آرڈیننس جاری کیا جس کے بعد وفاقی حکومت کو اضافی سرچارج اور بجلی مزید مہنگی کرنے کا اختیار مل گیا۔

آرڈیننس کے مطابق حکومت بجلی کے بلوں پر 10 فی صد سرچارج وصول کرسکے گی، حکومت کو ایک روپے 40 پیسےفی یونٹ تک سر چارج لگانےکا اختیار مل گیا۔

آرڈیننس کے تحت حکومت کو آئندہ دو سال میں بجلی ساڑھے 5 روپےتک مہنگا کرنے کا اختیار حاصل ہوا جس کے بعد عوام کو سرچارج کی مد میں 150 ارب روپے کا اضافی بوجھ ادا کرنا پڑے گا۔

آرڈیننس کے مطابق بجلی سسٹم کو سالانہ 1400 ارب روپے حاصل کرنا لازمی ہے،حکومت نے سرکلر ڈیٹ کے حل کیلئے سرچارج لگانا ضروری قرار دیا۔ ایکٹ میں ترمیم کے بعد نیپرا کو بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے خود مختاری بھی حاصل ہوگئی۔

امن کیلئے کشمیر سمیت تنازعات کا حل ضروری عمرا ن خان کا مودی کو جوابی خط

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو یوم پاکستان کی مبارکباد دینے پر شکریے کا جوابی خط لکھا ہے۔

وزیراعظم نے یوم پاکستان کی مبارک باد دینے پر مودی کا شکریہ ادا کیا اور کہا ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن، تعاون پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن واستحکام کیلئے کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کا حل ہونا ضروری ہے، جبکہ تعمیری اور نتیجہ خیزمذاکرات کیلئے سازگارماحول پیداکرنا ضروری ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ کورونا کے خلاف بھارت کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں یوم پاکستان پر مبارکباد کا خط لکھا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہيں۔

تجارتی تعلقات بحالی کا امکان، بھارت سے چینی، کپاس، دھاگہ درآمد کرنے کی تیاری

پاک بھارت تجارتی تعلقات کی بحالی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں اور  بھارت سےچینی، کپاس اور  دھاگا درآمد کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت تجارت سمریاں منظوری کےلیے کل اقتصادی رابطہ کونسل (ای سی سی) میں پیش کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت تجارت نے وزیراعظم کی اجازت کے بعد سمریاں ای سی سی کو بھجوائی ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہےکہ بھارت سے چینی ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) اور کمرشل درآمد کنندگان کے ذریعے درآمد کرنے کی تجویز ہے،  اس وقت بھارت کے برآمدکنندگان ٹی سی پی کے ٹینڈرز میں حصہ نہیں لے سکتے کیونکہ بھارت کے برآمدکنندگان کی طرف سے ٹی سی پی کے ٹینڈرز میں حصہ لینے پر پابندی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارت سے 30 جون2021 تک کپاس اور یارن(دھاگا) درآمد کرنے کی تجویز ہے،بھارت سے زمینی راستے کے ذریعے بھی کپاس اور یارن درآمد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

 حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کمی پورا کرنےکے لیےکپاس درآمد کرنا پڑتی ہے، بھارت سے کپاس اور یارن کی درآمد سستی پڑے گی، کپاس کی پیداوار میں تاریخی کمی کے باعث یارن پر بھی دباؤ پڑا ہے۔

خیال رہےکہ پاکستان نے اگست 2019 میں بھارت کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو معطل کر دیا  تھا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چنیوٹ میں اربوں روپے کے منصوبوں کا افتتاح کر دیا

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چنیوٹ میں اربوں روپے کے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع کے لئے ڈویلپمنٹ پیکج لا رہے ہیں، عوامی مسائل جلد از جلد حل کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چنیوٹ میں 250 بستروں پر مشتمل ہسپتال بنایا جائے گا، سڑکوں کی تعمیر سے متعلق 4 منصوبے بھی شامل ہیں، چاہتے ہیں پورے پنجاب کی یکساں ترقی ہو، پنجاب کے تمام اضلاع کو ترقیاتی پیکج دے رہے ہیں، چنیوٹ اور فیصل آباد کیلئے 10 ارب کا پیکج دیا۔ ان کا کہنا تھا رمضان بازار میں 2018 کے نرخوں پر اشیا ملیں گی۔

سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے

اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

وفاقی وزیر خزانہ کا قلمدان سنبھالنے والے حماد اظہر نے سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔

حماد اظہر نے اپنی ٹوئٹ کے ذریعے حفیظ شیخ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاع دی۔

وفاقی وزیر خزانہ نے حفیظ شیخ کی جلد صحتیابی کے لیے دعاؤں کی بھی اپیل کی۔

واضح رہےکہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز ہی حفیظ شیخ کو وزارت خزانہ کی ذمہ داریوں سے ہٹایا ہے اور ان کی جگہ حماد اظہر کو وزارت خزانہ کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔

نیب کا ادارہ اپوزیشن پر دبائوڈالنے کیلئے بنا ،شاہد خاقان عباسی

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب کا ادارہ اپوزیشن پر دبائو ڈالنے کیلئے ہی بنا۔منگل کو اسلام آبادمیں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آمر کی پیداوار نیب اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے، نیب کے اقدامات ملکی مفاد میں نہیں، نیب کا ادارہ اپوزیشن پر دبائو ڈالنے کیلئے ہی بنا ،تین سال سے کیس زیر سماعت ہے۔ جو ہم پہلے دن سے جانتے تھے آج پورا ملک جانتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی نظام کو دبائو میں لایا جارہاہے، تین وزرائے اعظم کے خلاف کیسز کئی سال سے چل رہے ہیں ، براڈ شیٹ اسکینڈل کی فائلیں غائب ہورہی ہیں۔ اپنے خلاف کوئی کیس آتا ہے تو اس کیس کی فائلیں ہی غائب ہوجاتی ہیں، کیمرے لگا کر عدالتی کارروائی عوام کو کیوں نہیں دکھاتے۔ا نہوں نے کہا کہ خیرات لیکر کورونا سے نمٹا جارہا ہے، کسی بھی ملک میں کورونا ویکسین بیچنے کی اجازت نہیں، پاکستان واحد ملک ہے جس نے پولیوکا ایک ٹیکہ نہیں خریدا،پاکستان واحد ملک ہے جس نے پرائیویٹ سیکٹر کوویکسین خریدکربیچنے کی اجازت دی۔ انہوں نے کہا کورونا کے پھیلائو کی شرح گذشتہ ایک سال سے زیادہ ہے، این سی او سی ناکام ہوچکا انہیں پتہ نہیں چلا کہ کورونا کا پھیلائو کیسے روکا جائے۔انہوں نے بتایا کہ این سی او سی کے ایجنڈے میں کوروناویکسین کا ذکر نہیں، ماسک نہ پہننے پر حکومت ہمیں گرفتار کرلے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی فکر نہ کریں، فکر حکومت کی کریں، الحمداللہ پی ڈی ایم بالکل قائم دائم ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی روزبروز بڑھ رہی ہے ،بیروزگار ی میں اضافہ ہوا ہے.

پنجاب حکومت میں تبدیلی کیلئے حمزہ شہباز سے رجوع کریں گے، پیپلز پارٹی

صوبائی حکومت میں تبدیلی لانے کے لیے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس سلسلے میں اپنی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔

 پیپلز پارٹی کے پارلیمانی رہنما سید حسن مرتضیٰ نے صحافیوں کو بتایا کہ ‘ہم نے پنجاب [اسمبلی] میں تبدیلی کے لیے باضابطہ طور پر اپنی کوششیں شروع کر دی ہیں اور آنے والے دنوں میں بھی اس میں شدت پیدا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عوام عیدالفطر کے بعد خوشخبری سنیں گے کیونکہ حکمران پاکستان تحریک انصاف کے دو درجن سے زیادہ قانون ساز ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔

سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پارٹی نے وزیر اعلی کے عہدے کے لیے اپنے امیدوار کو آگے لانے سے پہلے ہی پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ایوان کی دوسری بڑی جماعت ہونے کی پیش کش کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ان کی پارٹی (مسلم لیگ ن) کو پنجاب اسمبلی میں اپنی عددی طاقت کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی چیف ایگزیکٹو کے دفتر کے لیے نامزد امیدوار کا اعلان کرنا چاہیے اور پیپلز پارٹی اس کی حمایت کرے گی۔

وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں، اعلان آج شام کو متوقع حماد اظہر نئے وزیر خزانہ،شبلی فراز وزیر پٹرولیم ،فواد چوہدری کو وزیر اطلاعات بنانے پر غور

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں کا حتمی فیصلہ کرلیا۔ وزارت اطلاعات، توانائی، پیٹرولیم، اقتصادی امور اور کشمیر کمیٹی میں تبدیلی کا امکان ہے جب کہ بعض وزرا کو ان کے عہدوں سے برطرف کرکے ان کی جگہ نئے چہرے شامل کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق خسرو بختیار اپنے موجودہ عہدے پر نہیں رہیں گے، شبلی فراز کو وزارت پیٹرولیم یا ایوی ایشن کی ذمہ داری دی جا سکتی ہے، رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب کو وزیر مملکت بنایا جائے گا، سینیٹ انتخابات میں حکومتی امیدوار کے نام کے سامنے دستخط کرنے کی غلطی کرنے والے شہریار آفریدی سے کمیٹی کی چیئرمین شپ واپس لے کر فخر امام کو دوبارہ چیئرمین کشمیر کمیٹی لگائے جانے کا امکان ہے۔

وزیراعظم نے وزیر اطلاعات و نشریات کو دو الگ حصوں میں تقسیم کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔ وزیر اطلاعات و نشریات کے ساتھ ساتھ اطلاعات میں وزیر مملکت اور نشریات میں معاون خصوصی لگایا جانے کے آپشن پر بھی غور ہورہا ہے۔

وفاقی وزیر عمر ایوب سے توانائی اور پیٹرولیم کی وزارت واپس لیے جانے کا امکان ہے۔ وزیراعظم آج شام تک کابینہ میں تبدیلیوں کا اعلان کر سکتے ہیں۔

سعودی ولی عہد کا عمران خان کو فون، بلین ٹری منصوبہ میں شمولیت کی خواہش، وزیراعظم نے دورہ سعودیہ کی دعوت قبول کرلی

سعودی عرب نے بلین ٹری سونامی منصوبے میں شراکت داری کی خواہش کا اظہار کر دیا۔

وزیراعظم عمران خان کو سعودی ولی عہد محمدبن سلمان نے ٹیلی فون کیا جس میں ولی ‏عہدنےوزیراعظم سےان کی صحت سےمتعلق بھی دریافت کیا۔

دونوں رہنماؤں میں خطےکی صورتحال اور باہمی تعاون کےفروغ پربھی تبادلہ خیال کیا جب کہ ‏کورونا کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔

سعودی ولی عہد نے بلین ٹری سونامی منصوبے میں شراکت داری کی خواہش کا اظہار کیا۔ ‏وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی امین اسلم کا کہنا ہے کہ عہد کیاگیاپاکستان ‏اورسعودی عرب ماحولیاتی منصوبوں پرمل کرکام کریں گے۔

دوسری جانب علامہ طاہراشرفی کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہداور وزیراعظم عمران خان کےبرادرانہ ‏تعلقات بھی ہیں، سعودی ولی عہدنےوزیراعظم عمران خان کی صحت سےمتعلق دریافت کیا، خادم ‏حرمین شریفین اورسعودی عوام کی جانب سےنیک تمناؤں کاپیغام دیاگیا۔

علامہ طاہراشرفی نے کہا کہ سعودی ولی عہد نےوزیراعظم کوبلین ٹری سونامی میں مکمل تعاون ‏کایقین دلایا، سعودی ولی عہد نےکہابلین ٹری سونامی سےمتعلق پاکستان کےتجربےسےفائدہ ‏اٹھایاجائے گا۔

کامران اکمل کی عوام سے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل

قومی کرکٹر کامران اکمل نے شہریوں سے کورونا ایس او  پیز  پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

کامران اکمل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث صورتحال خطرناک ہوتی جا رہی ہے، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر  نا نکلیں اور  ماسک کا استعمال لازمی کریں۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کی تیسری لہر کے باعث پاکستان میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو  رہا ہے اور ملک میں مسلسل تیسرے روز 4 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم بھی شہریوں کو کورونا ایس او پیز  پر سختی سے عمل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ اگر کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو پلان بی ’ڈنڈا‘ بھی چلایا جا سکتا ہے۔

صدر عارف علوی بھی کورونا کا شکار

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹوئٹ کرکے بتایا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ کورونا ویکسین کی ایک ڈوز لے چکے ہیں اور دوسری ڈوز ایک ہفتے بعد لگنی تھی جس کے بعد اینٹی باڈیز بننا شروع ہوتی ہیں۔

صدر مملکت نے احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی اور کہاکہ دعا ہے کہ اللہ کورونا کے تمام متاثرین پر رحم فرمائے۔

ویکسین کے بعد اینٹی باڈیز کب بنتی ہیں؟

انڈس اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر عبدالباری کے مطابق ویکسین کی دوسری ڈوز لگنے کے 2 سے 3 ہفتوں کے بعد اینٹی باڈیز بنتی ہیں، اسی لیے چینی ویکیسین کی دو ڈوز لگائی جاتی ہیں تاکہ اینٹی باڈیز زیادہ بنیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان میں بھی کورونا کی ویکسین لگوانے کے بعد مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ بھی قرنطینہ میں ہیں۔