ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

لاہور (ویب ڈیسک) ملک بھر میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران امریکی ڈالر 52 پیسے مہنگا ہونے کے بعد ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث معیشت مشکلات کا شکارہے، جس کے باعث حکومت معیشت کو مشکلات سے نکالنے کے دعوے کر رہی ہے تاہم اس دوران ملکی کرنسی تنزلی کی طرف جا رہی ہے۔ گزشتہ چند روز کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر تیزی سے بلندی کی طرف جانب گامزن ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق انٹر بینک میں امریکی ڈالر مزید 52 پیسے مہنگا ہو گیا۔ جس کے بعد روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 168.18 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

شائقین کے بغیر کرکٹ بور ہوجائے گی: سعید اجمل

سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ شائقین کے بغیر کرکٹ بور ہوجائے گی لہٰذا شائقین کو اسٹیڈی میں آنے کی اجازت دینی چاہیے۔

نمائندہ جیونیوز سے بات کرتے ہوئو سعید اجمل نے کہا کہ کھلاڑی میدان میں واپس آرہے ہیں جو اچھی بات ہے، اس حوالے سے کرکٹ منتظمین اور آئی سی سی نے بھی یہی سوچا ہو گا کہ موجودہ حالات میں اتنی دیر رکا نہیں جا سکتا اور کرکٹ کی بھی سرگرمیاں شروع ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ کراؤڈ کے بغیر کرکٹ کا مزہ خراب ہو جائے گا اور  یہ اب ایسے ہی ہو گا کہ جیسے کہ ڈیف کرکٹ ہو، کرکٹ شروع ہونا اچھی بات ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ کراؤڈ کو اسٹیڈیمز میں آنے کی اجازت ہونی چاہیے۔سعید اجمل کا کہنا تھا کہ  ڈومیسٹک میں جب کراؤڈ نہیں آتا تو بڑے بڑے اسٹارز کو پوچھیں کہ اس وقت کیا بیت رہی ہوتی ہے اور اب انٹر نیشنل میچز میں بھی کراؤڈ نہیں ہو گا تو بوریت بڑھ جائے گی، کھلاڑیوں کو مزہ نہیں آئے گا، اگر اسٹیڈیم کے ایک حصے میں 10 ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے تو وہاں ایک ہزار تماشائیوں کو آنے کی اجازت دیں لیکن کراؤڈ ہونا چاہیے۔‏سابق ٹیسٹ کرکٹر نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم کی بولنگ بہت ینگ ہے، پاکستان کی ٹیسٹ رینکنگ بھی کم ہے جب کہ اس کے مقابلے میں انگلینڈ کی ٹیم تجربہ کار ہے اس لیے ہماری ٹیم کو مشکل پیش آ سکتی ہے، سیریز میں اگر پاکستان ٹیم انگلینڈ کو ٹیم کو ٹف ٹائم بھی دے دے تو یہ بڑی بات ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کو محنت کرنا ہو گی، سیریز جیتنا بہت مشکل لگتا ہے لیکن ایک میچ جیتنا بھی بڑی کامیابی ہے، میری نیک خواہشات ٹیم کے ساتھ ہیں۔سابق اسپنر نے کہا کہ تجربہ کار یونس خان کا مینجمنٹ میں آنا خوش آئند ہے، انہیں بیٹنگ کوچ مقرر کرکے پی سی بی نے بہترین فیصلہ کیا ہے، اس سے نوجوان بلے بازوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا جب کہ اس کے علاوہ مینجمنٹ میں دیگر افراد بھی تجربہ کار ہیں ان سے بھی ٹیم کے کھلاڑی بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔خیال رہے کہ ‏سعید اجمل نے 25 ٹیسٹ، 113 ون ڈے اور 64 ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کی جب کہ انہوں نے 2014 میں سری لنکا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کھیلا اور 2015 میں بنگلا دیش میں وہ آخری مرتبہ مختصر دورانیے کی کرکٹ میں ایکشن میں دکھائی دیے۔

مردہ وہیل بہہ کر ساحل پر آگئی، دیکھنے کے لیے شہریوں کا رش

نئی دہلی: بھارت کے ساحل سمندر پر دیوقامت وہیل مچھلی مردہ حالت میں پائی گئی، شہریوں کی بڑی تعداد وہیل دیکھنے کے لیے ساحل کا رخ کررہی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست ویسٹ بنگال میں مردہ وہیل بہہ کر ساحل پر آگئی، پولیس اور محکمہ جنگلات کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ کر معاملے کا جائزہ لے رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مردہ وہیل کی خبر بھارتی میڈیا پر نشر ہوتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد نے ساحل کا رخ کرنا شروع کردیا ہے، موقع پر موجود لوگوں نے وہیل کی تصاویر بنائیں اور سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیں۔

البتہ پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وہیل کو چھونے سے گریز کریں۔

متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ وہیل کی موت کی وجہ کوئی بیماری ہوسکتی ہے، طویل عمری کے باعث بھی مچھلیاں مر جاتی ہیں، ممکنہ طور پر اس وہیل کی ہلاکت بھی اسی باعث ہوئی ہوگی۔

سید علی گیلانی کل جماعتی حریت کانفرنس سے مستعفی

چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے فورم سے مکمل علیحدگی اختیار کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا۔

سید علی گیلانی نے اپنے فیصلے سے متعلق حریت ممبران کے نام ایک تفصیلی خط لکھا جس میں کہا کہ ’’کل جماعتی حریت کانفرنس کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے میں اس فورم سے مکمل علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کرتا ہوں‘‘۔اپنے خط میں سید علی گیلانی نے کہا کہ ’’میں اپنی کمزوریوں اور کوتاہیوں کے ساتھ ساتھ اس فورم کے ساتھیوں کی کارکردگی کے لیے جوابدہی کا متحمل نہیں ہوسکتا ہوں۔ آپ تمام حضرات اپنے لیے فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں‘‘۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں مرتے دم تک بھارتی استعمار کےخلاف نبردآزما رہوں گا اور اپنی قوم کی رہنمائی کا حق حسب استطاعت ادا کرتا ہوں گا‘‘۔سید علی گیلانی نے یہ بھی کہا کہ اس فورم کی کارکردگی اور بےضابطگیوں کو اکثر ’’تحریک کے وسیع تر مفاد‘‘ کے لبادے میں نظر اندار کیا گیا۔واضح رہے کہ سید علی گیلانی نے کل جماعتی حریت کانفرنس جموں و کشمیر کی قیادت 2003 میں سنبھالی تھی جس کے بعد انہیں فورم کی تاحیات سربراہی دی گئی

اسٹاک ایکسچینج حملہ: دہشتگردوں کی پشت پناہی میں ’را‘ ملوث ہے: ڈی جی رینجرز

کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ کا کہنا ہےکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کی پشت پناہی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ ملوث ہے۔

ڈی جی سندھ رینجرز میجر جنرل عمر بخاری اور ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے سندھ رینجرز ہیڈکوارٹر میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

ڈی جی رینجرز نے بتایا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج بلڈنگ پر صبح 10 بجکر 2 منٹ پر 4 دہشتگرد کی گاڑی میں سوار ہو کر آئے اور  حملہ کیا، فورسز نے 10 بجکر 10 منٹ پر اس کاروائی کا اختتام کردیا، یعنی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے صرف 8 منٹ میں دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔

ڈی جی رینجرز نے کہا کہ دہشتگرد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں داخل نہیں ہوسکے،  2 دہشتگردوں کو پہلے پک اٹ پر مار گرایا اور مزید آگے پہنچنے والے 2 دہشتگردوں کو اگلے مرحلے مار دیا گیا، رینجرز، پولیس اور پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈ پر مشتمل سیکیورٹی ونگ نے یہ کارنامہ سرانجام دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے 20 منٹ میں تمام کارروائی مکمل کر لی گئی تھی، دہشت گردوں نے لوگوں کو یرغمال بنانا تھا وہ  جدید اسلحہ، لانچر گرنیڈ اور دیگر سامان لائے تھے، دہشتگردوں کوپاکستان اسٹاک ایکسچینج کے داخلی راستے پر ہی روک لیا گیا تھا۔

ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معروف بلڈنگ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ٹارگٹ بنانے کا مقصد پاکستان کی خوشحالی کو نقصان پہنچانا تھا لیکن اس دہشتگرد حملے کے باوجود اسٹاک ایکسچینج میں کام جاری رہا بلکہ مثبت رہا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دہشتگردوں کی پشت پناہی پر پڑوسی ملک کی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے، ہمیں ادراک ہے کہ ملک دشمن ایجنسیاں کوششیں کر رہی ہیں کہ بچے کچے دہشتگردوں کے پاکستان کے خلاف استعمال کریں مگر ہم واقف ہیں کہ کون کیا کررہا ہے، ان کے خلاف کام شروع کرچکے ہیں اور انہیں نیست و نابود کریں گے۔

ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ انٹیلی جنس کی ناکامی نہیں، دہشتگرد 8 منٹ میں فارغ ہوگئے یہ تمام ایجنسیوں کی مشترکہ کامیابی ہے۔

چین کا امریکی عہدیداروں پر ویزاپابندی عائد کرنے کا اعلان

امریکہ کی ہانگ کانگ معاملےپر مداخلت کے سبب چین نے امریکی عہدیداروں پر ویزا پابندی عائدکرنے کا اعلان کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق  چینی وزارت خارجہ کےترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران امریکی عہدیداروں پر ویزا پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ  ہانگ کانگ سے متعلق امور پر مداخلت کرنےوالے امریکی عہدیداروں پر ویزاپابندی عائد کریں گے۔

ترجمان نے امریکہ سے ہانگ کانگ کے معاملات میں مداخلت بند کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ  امریکہ نے اپنے اقدامات جاری رکھے تو چین مضبوط جوابی کارروائیوں کے ساتھ رد عمل دے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا نے بھی چینی عہدیداروں پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

حملہ آوروں کی گاڑی پر لگی نمبر پلیٹ جعلی نکلی

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج پر آج صبح بھاری اسلحے کے ساتھ حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے زیر استعمال رہنے والی گاڑی کی نمبر پلیٹ جعلی نکلی ہے۔

تفتیشی ذرایع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ حملہ آوروں کے زیر استعمال گاڑی پر لگی نمبر پلیٹ جعلی ہے، گاڑی کی نمبر پلیٹ اور انجن نمبر الگ الگ ہیں، گاڑی کو انجن نمبر سے ٹریس کیا جا رہا ہے۔

ذرایع نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ دہشت گردوں کے زیر استعمال گاڑی ایک نجی بینک کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔

واضح رہے کہ آج صبح 10 بج کر 5 منٹ پر کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر 4 دہشت گردوں نے بڑی تعداد میں اسلحے کے ساتھ حملہ کیا، مرکزی گیٹ پر بم پھینکنے کے بعد انھوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی، تاہم عمارت میں تعینات سیکورٹی گارڈز اور پولیس اہل کاروں نے انھیں روکتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔

اسٹاک ایکسچینج کی سیکورٹی سخت یا کمزور؟

واقعے میں سب انسپکٹر شاہد اور 4 سیکورٹی گارڈز سمیت 6 افراد شہید ہو گئے جب کہ 3 اہل کار زخمی ہوئے، اور چاروں حملہ آور دہشت گردوں کو مار گرایا گیا۔

یس ای سی پی ذرایع نے کہا ہے کہ اسٹاک ایکس چینج میں سیکورٹی کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے گئے تھے، حملے کے وقت عمارت میں 25 سیکورٹی اہل کار تعینات تھے، ایس ای سی پی نے سیکورٹی انتظامات کو مزید مستحکم کرنے کی ہدایت بھی کی تھی، عمارت میں چند ماہ قبل سندھ رینجرز نے فل ڈریس ریہرسل بھی کی تھی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام ، چاروں حملہ آور ہلاک، سب انسپکٹر سمیت 6 شہید

پاکستان اسٹاک ایکس چینج پر حملے کے بعد بھی حصص کی ٹریڈنگ ایک لمحے کو بھی معطل نہیں ہوئی، ذرایع اسٹاک مارکیٹ نے بتایا کہ اسٹاک ایکس چینج کا ٹریڈنگ انجن مکمل طور پر آن لائن رہا، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار حسب معمول کاروبار کرتے رہے۔

کالعدم تنظیم بی ایل اے نے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والے چاروں دہشت گردوں کی تصاویر جاری کر دی

کالعدم تنظیم بی ایل اے نے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والے چاروں دہشت گردوں کی تصاویر جاری کر دی دہشت گرد تنظیم بی ایل اے نے پیر کی صبح پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والے تمام 4 دہشت گردوں کی تصاویر اور نام جاری کردیئے۔ تسلیم بلوچ ، شہزاد بلوچ ، سلمان ہمل اور سراج کنگور ان دہشت گردوں کے نام ہیں۔

نوجوانوں کو کورونا سے زیادہ خطرہ ، مزید 83 اموات، 4072 نئے کیسزاسمارٹ لاک ڈاﺅن بڑھانے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی اکثریت نوجوانوں کی ہے۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 75 سال سے زائد عمر کے افراد کورونا سے سب سے کم متاثر ہوئے ہیں، نوجوانوں میں لڑکیوں کے برعکس لڑکے زیادہ متاثر ہیں، مردوں میں 51 ہزار 80 کورونا کے شکار، 50 ہزار 81 مشکوک کیسز ہیں جبکہ خواتین میں 23 ہزار 70 کورونا سے متاثر، 19 ہزار 89 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے۔محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ افراد 31 سے 45 سال کے ہیں، 31 سے 45 سال کے 22 ہزار 978 نوجوان کورونا سے متاثر ہیں، 16 سے 30 سال کی عمر کے 21 ہزار 285 افراد کورونا کا شکار ہیں، 46 سے 60 سال کے 15 ہزار 897 افراد کورونا کا شکار ہیں، 61 سے 75 سال کے 7 ہزار665 افراد کورونا متاثرین ہیں، سب سے کم ضعیف العمر 75 سال سے زیادہ عمر کے افراد ہیں۔پنجاب میں 75 سال سے زائد عمر کے افراد کی تعداد فقط 1319 ہے، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ کوروناوائرس سے پنجاب میں زیادہ تر اموات 50 سال سے زائد افراد کی ہوئی ہیں جن کو ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس سمیت مہلک بیماریاں لاحق تھیں۔

مشتبہ لائسنس رکھنے والے پائلٹس میں 2 پائلٹ بہنیں بھی شامل

اسلام آباد :مشتبہ لائسنس رکھنے والے پائلٹس کی حکومتی فہرست میں 2 خواتین پائلٹس بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق متشبہ لائسنس کے حامل پائلٹس کی فہرست میں 115 نمبر  پر  دو بہنوں ارم مسعود اور مریم مسعود کا نام بھی شامل ہے۔ذرائع نے بتایا کہ  دونوں بہنوں ارم مسعود اور مریم مسعود کا فلائنگ لائسنس مشتبہ قرار دیا گیا ہے جب کہ  دونوں بہنوں نے بیک وقت بوئنگ 777 جہاز  اڑا کر ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ پائلٹ مریم مسعود کو پہلے سے ہی گراؤنڈ کرکے انکوائری کی جارہی ہے، مریم مسعود نے گلگت میں جہاز کی لینڈنگ میں غفلت بھی برتی تھی اور غفلت کے باعث طیارہ رن وے سے اتر گیا تھا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ترجمان پی آئی اے کی جانب سے  دونوں خواتین پائلٹس کو جہاز اڑانے سے روک دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزارت ہوابازی نے 262 مشکوک پائلٹس کی فہرست جاری کی تھی جس پر وفاقی وزیر غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ 148 مشکوک لائسنس کی لسٹ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز ( پی آئی اے) کو بھجوادی گئی ہے اور انہیں ہوابازی سے روک دیا گیا ہے۔غلام سرور خان کے مطابق دیگر مشکوک لائسنس والے پائلٹس 100 سےزائد ہیں، ان کی تفصیلات بھی سول ایوی ایشن ویب سائٹ پر بھیج دی ہیں۔غلام سرورخان کا کہنا تھاکہ پی آئی اے میں 28 پائلٹس کی ڈگریاں جعلی ثابت ہوچکی ہیں جب کہ حالیہ دنوں میں 4 گھوسٹ پائلٹس فارغ کیے ہیں۔پاکستان ائیرلائن پائلٹ ایسوسی ایشن (پالپا) کے صدر کیپٹن چوہدری سلمان نے وفاقی وزیر برائے شہری ہوابازی غلام سرور خان کی جانب سے جاری مشتبہ لائسنس رکھنے والے پائلٹس کی فہرست کو بے بنیاد قراردے دیا تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی انکوائری رپورٹ طلب کرلی

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے  پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق مراد علی شاہ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ  یہ واقعہ ملکی سلامتی اور معیشت پر حملےکے مترادف ہے۔مراد علی شاہ نے  پولیس اور رینجرز کی طرف سے بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وبائی صورتحال کے پیش نظر ملک دشمن عناصر ناجائز فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مزید چوکس رہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ واقعے کی مکمل تفصیلی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔واضح رہے کہ آج (پیر) صبح 10 بجے کے قریب 4 دہشتگردوں نے پہلے اسٹاک ایکسچینج کے گیٹ پر دستی بم حملہ کیا اور پھر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے   پولیس اہلکار سمیت 6 افراد شہید ہوگئے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشتگرد مارے گئے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم خصوصی طیارے کے ذریعے انگلینڈ پہنچ گئی

 انگلینڈ کے خلاف ایک طویل سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم خصوصی پرواز کے ذریعے مانچسٹر پہنچ گئی۔

مانچسٹر پہنچنے والوں میں اسکواڈ کے 20 کھلاڑی اور 11 ٹیم آفیشلز شامل ہیں۔خیال رہے کہ گرین شرٹس دورہ انگلینڈ کے دوران 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔قومی   ٹیم  آج صبح 10 بجے  خصوصی طیارے سے  لاہور سے مانچسٹر کے لیے روانہ ہوی تھی۔ بولنگ کوچ وقار یونس اور فزیوتھراپسٹ کلف ڈیکن آسٹریلیا اور جنوبی افریقا سے ٹیم کو جوائن کریں گے،ان کے علاوہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے کھلاڑی 2 ٹیسٹ نیگیٹو آنے کے بعد ٹیم کا حصہ بن سکیں گے۔پاکستان کرکٹ ٹیم ووسٹر میں 14 روزہ قرنطینہ گزارنے کے بعد پریکٹس کرے گی جس کے بعد وہ 13 جولائی کو ڈربی شائر روانہ ہوگی جہاں وہ ڈربی شائر کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں  چار روزہ میچز کھیلے گی۔دورہ انگلینڈ کے دوران ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے  اور ٹی ٹوئنٹی کے کپتان بابر اعظم ہوں گے۔

ہم ایک اور تاریخی دورہ انگلینڈ کے لیے روانہ ہو رہے ہیں: بابر اعظم

روانگی سے قبل ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ انگلینڈ میں کھیل کر ہمیشہ خوشی ہوئی ہے اور ا ب ہم ایک اور تاریخی دورہ انگلینڈ کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ اس سفر کا منتظر ہوں اور ہمیشہ کی طرح فینز کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔

بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ فینز کی محبت اور غیر مشروط اسپورٹ کی بھی اس وقت ضرورت ہے۔

ارطغرل کی حلیمہ نے وزیراعظم کے بارے میں کیا کہا؟

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ترین ترک ڈراما سیریز ’’ارطغرل غازی‘‘ میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار اداکرنے والی اداکارہ اسریٰ بلجک نے حال ہی میں ایک معروف پاکستانی میگزین کے لیے فوٹوشوٹ کروایا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہورہی ہیں۔

 اداکارہ ایسرا بلجیک (حلیمہ سلطان ) کا اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہنا ہے کہ جب وزیراعظم پاکستان عمران خان ارطغرل غازی کی تعریف کرتے ہیں تو مجھے فخر محسوس ہوتا ہے۔ایسرا بلجیک  نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے یہ الفاظ کہ ترکی کے مزید تاریخی ڈرامے اردو زبان میں پاکستان میں نشر کیے جانے چاہیے ،میرے لیےحیران کن اور فخر کا باعث ہیں، یہ صرف کورونا وائرس کی وباء ہے جس نے مجھے روک رکھا ہے ورنہ اب تک میں پاکستان کے کئی دورے کرچکی ہوتی۔واضح رہے کہ ایسرا بلجیک نے پہلے بھی کئی بار پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔وہ ایک دستاویزی فلم بنانے کا ارادہ بھی رکھتی ہیں اور اپنی فلم کے حوالے سے وہ پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہشمند ہیں۔انہوں نے مزید  کہا کہ مجھے امید ہے اس دستاویزی منصوبے کے ایک حصے کے طور پر میرا پہلا دورہ پاکستان کا ہوگا،میں جغرافیائی نقشے، پودوں اور غیر ملکی مقامات کی تصاویر بنانا چاہتی ہوں۔مجھے بابوسر کاغان وادی کے پہاڑی علاقوں سے محبت ہے، اس کے علاوہ آزاد کشمیر کی لیپا وادی اور گلگت بلتستان کے دیوسائی علاقے میں کیمپ کا منصوبہ بھی ہے