قائد اعظم کرکٹ ٹرافی کامیدان آج سے لگے گا

راولپنڈی(آئی این پی)پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی 2018-19 کا آغاز (آج) ہفتہ سے ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے مطابق میگا ایونٹ میں ریجنل اور ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں اسلام آباد ریجن، لاہور ریجن وائٹس، سوئی نادرن گیس، فاٹا ریجن، نیشنل بنک، حبیب بنک، پشاور ریجن اور خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل) شامل ہے جبکہ گروپ بی میں راولپنڈی ریجن، ملتان ریجن، پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی)، سوئی سدرن گیس، لاہور ریجن بلیوز، زرعی ترقیاتی بنک، کراچی ریجن وائٹس اور واپڈا شامل ہے۔ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز ملک کے مختلف گراﺅنڈز میں آٹھ میچ شروع ہوں گے۔گروپ اے میں لاہور ریجن وائٹس اور سوئی سدرن گیس کی ٹیمیں ایل سی سی اے گراﺅنڈ، لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی۔ فاٹا ریجن اور نیشنل بنک کے مابین میچ ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔

اسلام آباد ریجن اور حبیب بنک کی ٹیمیں ڈائمنڈ کرکٹ گراﺅنڈ، اسلام آباد میں مدمقابل ہوں گی۔پشاور ریجن اور کے آر ایل کے درمیان میچ کے آر ایل سٹیڈیم، راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ گروپ بی میں ملتان ریجن اور پی ٹی وی کی ٹیمیں ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں نبرد آزما ہوں گی۔ راولپنڈی ریجن اور سوئی سدرن گیس کے درمیان میچ راولپنڈی سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ لاہور ریجن بلیوز اور زرعی ترقیاتی بنک کی ٹیمیں اقبال سٹیڈیم، فیصل آباد میں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ کراچی ریجن وائٹس اور واپڈا کے درمیان میچ نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں شروع ہوگا۔

یونس خان بھی پی سی بی میں کام کرنے کےلئے تیار

پشاور (نیوزایجنسیاں)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مجھے کوئی عہدہ آفرہواتو قبول کروں گا۔ یونس خان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہناتھاکہ عمران خان کے وزیراعظم بننے سے کھیلوں کو فروغ ملے گا،میں نے پا کستان کرکٹ ٹیم کی نمائند گی کی اس پرمجھے فخر ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مجھے کوئی عہدہ آفر ہواتو قبول کروں گا ،ملک میں کرکٹ کے فروغ کےلئے اپنی خدمات انجام دوں گا۔

واضح رہے کہ 4ستمبرکو پی سی بی کے نئے چیئرمین کے انتخاب کےلئے بھی ووٹنگ ہوناہے اورعمران خان نے سابق آئی سی سی صدراحسان مانی کو اس منصب کےلئے نامزدکیاہے۔

اپوزیشن میں اعتماد کی کمی کا پی ٹی آئی کو فائدہ ہو رہا ہے: ستارہ ایاز ، عامر لیاقت کی ناراضی پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے: ڈاکٹر فوزیہ حمید کی چینل ۵ کے پروگرام” نیوز@ 7“ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) اے این پی کی سینئر رہنما ستارہ ایاز نے کہا ہے کہ صدارتی امیدوار کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اعتماد کے فقدان کا فائدہ تحریک انصاف کو ہو رہا ہے۔ اپوزیشن دو گروپوں میں تقسیم رہی تو ڈاکٹر عارف علوی صدارتی انتخاب جیت جائیں گے۔ عارف علوی تحریک انصاف کی جانب سے بہترین صدارتی امیدوار ہیں۔چینل ۵ کے پروگرام News @ 7میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بطور اپوزیشن کھل کر سامنے نہیں آرہی۔ اپوزیشن متفقہ صدارتی امیدوار لانے میں کامیاب ہوگئی تو تحریک انصاف کو مایوسی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان مائنس پیپلز پارٹی تمام اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ صدارتی امیدوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ذاتی استحقاق کے حوالے سے اقدامات کیے ہیں،تحریک انصاف کے سو دن کے پروگرام کے مطابق ملکی معیثیت ، سکیورٹی اور دیگر اہم مسائل پر اقدامات ہوئے تو سراہیں گے۔پروگرام میں شریک تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی ساجد نواز کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں کسی سیاسی جماعت کی تاریخ میں دوبارہ حکومت نہیں آئی مگر تحریک انصاف نے 2013 ءجو منشور دیا وہ پورا کیا۔ صحت تعلیم پولیس اور سکولوں کی حالت بہتر کی۔ عمران خان اب بطور وزیراعظم زیادہ بہتر طریقے سے ملک بھر میںپارٹی منشور پر عمل کر سکیں گے۔خیبر پختونخوا کے بلدیاتی نظام میں تبدیلی کر کے ضلع کے مئیر کے ڈائریکٹ الیکشن کر وا رہے ہیں تاکہ عوام اعتماد کے ساتھ براہ راست فائدہ اٹھا سکیں۔کراچی کو پرانے اکنامک ہب سے بہترکراچی بنایا جائیگا۔ تحریک انصاف کے سو دن کے منشور کا مطلب ترقی کے ٹریک پر آنا ہے ، نہ کہ اچانک سے سب حاصل کر لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کے خلاف بیان بازی کرنے والوں کے لیے پالیسی کو کوئی بات نہیں۔ غیر اہم ایشوز کا ڈرامہ بنایا جا رہا ہے۔ایک سوال پر انکا کہنا تھا کہ سنت اپنی جیب سے پوری کی جاتی ہے سرکار کے خرچے سے نہیں۔ امریکا اور بھارت کے ساتھ برابری اور میرٹ کی سطح پر آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کی جائے گی۔ قرضوں کے دلدل میں ڈوب کر ہم نے خود کو قدموں میں گرایا ہوا ہے۔ایم کیو ایم کی سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فوزیہ حمید نے کہا کہ وزیراعظم کو کراچی میں خوش آمدید کہتے ہیں کہ وہ آئیں اور کراچی کے عوام کے لیے کام کریں۔ عامر لیاقت کی ناراضی پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے تاہم عامر لیاقت کا کردار ماضی میں بھی ایسا ہی رہا ہے۔

مصباح ایک بارپھر کرکٹ میدانوں میں ان ایکشن

لاہور(نیوزایجنسیاں)سابق کپتان مصباح الحق نے کرکٹ کے میدان میں واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کھیلنے کا دل کرتاہے، اسی لیے میدان میں واپس آرہا ہوں ۔میڈیاکے مطابق مصباح الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارادہ توتھا کہ کرکٹ نہ کھیلوں مگرٹیم کی ضرورت کے باعث واپس آیا، ٹیم کے کئی کھلاڑی مصروف ہونگے، مینجمنٹ کی درخواست پر واپس آیا ہوں ،ڈومیسٹک سیزن وقت سے پہلے شروع ہونے کا اثرپرفارمنس پر ہوگا، گرم موسم ، صرف ایک دن کابریک ،سیزن بہت ٹف ہوگا،وقت سے پہلے میچز کاانعقاد کھلاڑیوں کی انجریز کاباعث بن سکتا ہے ۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ نئے لڑ کوں کا فٹنس لیول بہت اچھا ہے، قومی کرکٹ ٹیم میں کوئی کمی نہیں، یہ ٹیم مخالفین کیلئے تھریٹ ہے ،عمران خان جتنا کرکٹ کو سمجھتے ہیں، امید ہے کہ پاکستانی کھیلوں کو فائدہ ہوگا ،محدود اوورزکے فارمیٹ میں پاکستان ٹیم کابیلنس اچھا ہے ۔

پاکستان نے چوتھا کانسی کا تمغہ جیت لیا

جکارتہ(سپورٹس ڈیسک)ایشین گیمز2018ءمیں پاکستان نے چوتھا کانسی کاتمغہ اپنے نام کرلیا۔پاکستانی سکواش ٹیم کو سیمی فائنل میں شکست کاسامنا کرناپڑاجس پر قومی ٹیم برونزمیڈل کی حقدارقرارپائی،دوسرے سیمی فائنل میں ہانگ کانگ نے بھارت کو شکست سے دوچارکرتے ہوئے فائنل کےلئے کوالیفائی کیا۔بیس بال ایونٹ کے پلے آفزراﺅنڈ میں پاکستان نے عمدہ کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کو12-2سے شکست دی۔رگبی کے 9ویں سے 12ویں پوزیشن کے پلے آف میں پاکستان نے میزبان انڈونیشیا کو21-5 سے مات دی۔جوڈومیں قومی کھلاڑیوں نے مایوس کن کھیل کامظاہرہ کیا ۔ قیصرخان اورشاہ حسین شاہ ابتدائی راﺅنڈمیں ہی ناکام ہوگئے ۔جکارتہ اورپالم بینگ میں جاری 18ویں ایشین گیمزمیںسکواش کے ٹیم ایونٹ سیمی فائنل میں پاکستان کو ملائیشیا کاچیلنج درپیش تھا۔ابتدائی میچ میں ملائیشیا کے نافذوان عدنان نے پاکستان کے طیب اسلم کےخلاف عمدہ کھیل کامظاہرہ کرتے ہوئے باآسانی 11-8،11-6 اور11-6سے فتح حاصل کی اور ٹیم کو1-0کی برتری دلادی۔دوسرے میچ میںآئن یاﺅنے پاکستانی پلیئر اسراراحمد کوایک گیم کے خسارے میں جانے کے باوجود کم بیک کرتے ہوئے 7-11، 11-8، 16-14 اور 11-6 سے کامیابی سمیٹی اور ملائیشیا کو 2-0کی ناقابل شکست برتری دلادی۔دوسرے سیمی فائنل میں ہانگ کانگ نے بھارت کو2-0سے ہرایا۔

۔بیس بال ایونٹ کے ایک اہم میچ میں پاکستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں پاکستان کی ٹیم نے انہتائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کی ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 12 سکور سے ہرا یا۔

پاکستان ،بھارت برونزمیڈل کےلئے آج پنجہ آزما

جکارتہ(آئی این پی)جاپان اور ملائیشیا کی ٹیمیں اٹھارہویں ایشین گیمز مینز ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں آج مدمقابل ہونگی ۔تیسری پوزیشن کے میچ میں روایتی حریف پاکستان اوربھارت آمنے سامنے ہونگے۔تفصیلات کے مطابق جاپان نے مینز ہاکی ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں انتہائی سخت مقابلے کے بعد پاکستان کو 1-0سے شکست دیکر ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ دوسرے میچ میں ملائیشیا نے بھارت انتہائی سخت اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد 7-6سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کانسی کے تمغے کے حصول کے لئے میچ بھی ہفتہ کو ہی کھیلا جائیگا۔