پاکستان امریکا کا نہیں، ہم اس کے محتاج ہیں، سابق سی آئی اے سربراہ

نیویارک: امریکی سی آئی اے کے سابق سربراہ مائیکل موریل نے واضح کیا ہے کہ پاکستان امریکا کا نہیں، ہم اس کے محتاج ہیں۔ایک انٹرویو میں امریکی سی آئی اے کے سابق سربراہ مائیکل موریل نے کہا کہ امریکا کا پاکستان پر ناجائز دباؤ کا حربہ کارگر نہیں ہو گا البتہ اس دباؤ سے امریکا کو نقصان پہنچ سکتا ہے پاکستان کو نہیں کیونکہ پاکستان امریکی امداد سے آزاد ہو چکا ہے، اسے چین جیسے دوست کی امداد حاصل ہے اور امریکا پاکستان کی فضائی اور زمینی راستوں کا محتاج ہے جس کے تعاون کے بغیر یہ جنگ امریکا جیت ہی نہیں سکتا۔مائیکل موریل نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی پالیسی واضح ہے نہ ہی انھوں نے کوئی پلان دیا ہے کہ کتنی فوج بھیجی جائے گی اور اس کا کردار کیا ہوگا۔

احتساب پاناما پر ختم ہوگیا تو یہ احتساب کی موت ہے، شہباز شریف

 لاہور: وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اگر احتساب پاناما پر ختم ہوگیا تو یہ احتساب کی موت ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ یہ منصب پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں کی مالا ہے، میں نے ایک مزدور اور خادم کی طرح اس قوم کی خدمت کی ہے، ہم جعلی ادویات کاخاتمہ کر کے مریضوں کو بہترین دوائیں دے رہے ہیں، ہم نے کسانوں کو سستی کھاد اور آسان قرضے دیے، جس کی وجہ سے لاکھوں خاندان آج خود اپنا بوجھ برداشت کرنے کے قابل ہوچکے ہیں، ملک میں لوڈ شیڈنگ میں بہت بڑی کمی آئی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ قرض خوروں اور قبضہ مافیا کا نہیں 21 کروڑ عظیم پاکستانیوں کا ملک ہے، گندی سوچ کے باعث دوست ممالک کو بھی نہیں بخشا جارہا، ملتان میٹرو بس منصوبے کے حوالے سے غلط بیانی کی جارہی ہے، پنجاب حکومت اور مجھ پر 3 ارب روپے کی رشوت لینے کا بےبنیاد الزام لگایا گیا ہے، مجھ پر الزامات کے پیچھے اربوں روپے کی زمینوں پر قبضہ کرنے والے ہیں۔ میں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا، ایک دھیلےکی کرپشن ثابت ہوجائے تو قوم کا ہاتھ اور میرا گریبان ہوگا۔شہباز شریف نے کہا کہ الزامات لگانے والے قائداعظم کی روح کو تڑپا رہے ہیں، میٹرو بس کے مختلف پیکجز میں 9 کنٹریکٹرز تھے، کیپٹل انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام سے جس کمپنی کا نام لیا جارہا ہے اس کا کوئی وجود ہی نہیں، نا تو ایسی کوئی کمپنی رجسٹرڈ ہے اور نا ہی اس کا کوئی بینک ریکارڈ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ این آئی سی ایل میں اربوں روپے کی ڈاکہ زنی کی گئی اس پر کوئی بات نہیں کرتا، احتساب بلا امتیاز، کڑا اور شفاف ہونا چاہیے، آصف زرداری  نے 60 ملین ڈالر لوٹے اور وہ صدرکےاستثنیٰ میں رہ کر ہضم کرجائیں،کیایہ احتساب ہے۔ پاناما میں جن سیاستدانوں کے نام آئے ان کا احتساب کہاں گیا، یہ لمحہ فکریہ ہے، اگر احتساب پاناما پر ختم ہوگیا تو یہ احتساب کی موت ہے۔ پاناما کیس میں عدالتی فیصلے پر نواز شریف گھر چلے گئے، انہیں سزا پاناما نہیں اقامہ پر ملی، نواز شریف نے اپنا سیاسی مقدمہ عوام کےسامنے رکھ دیا ہے۔

تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ رپورٹ میں کہا گیا کہ نندی پوری پاور منصوبے میں بابر اعوان ملوث ہیں، آج وہی 62 اور 63 کو ثابت کرنے کے لیے پی ٹی آئی میں شامل ہیں، عمران خان اتنے بھولے نہ بنیں، کچھ ہوش سے باتیں کریں، اپنے گریبان میں جھانکیں اور اللہ سے معافی مانگیں۔ جہانگیر ترین نے قرضےمعاف کرائے اور لندن میں جائیدادیں بنائیں، ان پر ہتک عزت کا دعویٰ کیا لیکن وہ بھی عدالت نہیں آتے۔ الزام لگانے والے ثبوت دیں ورنہ منہ بند کریں۔ 48 گھنٹے میں ثبوت لائے گئے تو قوم میری گردن اڑا دے، اگرثبوت نہیں آئےتوقوم الزام لگانےوالوں کا محاسبہ کرے۔

افغان جنگ پاکستان لانے کے ذمہ دار پرویز مشرف ہیں، وزیرخارجہ

 اسلام آباد: وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جنرل پرویز مشرف افغان جنگ کو پاکستان میں لانے کے ذمہ دار ہیں۔قومی اسمبلی میں امریکی پالیسی کے خلاف متفقہ قرار داد پیش کرنے کے موقع پر پالیسی بیان جاری کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے سابق صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جنرل پرویز مشرف افغان جنگ کو پاکستان میں لے آئے، انہوں نے امریکا کو اڈے دے کر ملکی خود مختاری کو نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں ہماری سالمیت و خود مختاری کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات کو 1979 سے تین حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے ، پہلا افغانستان میں روسی مداخلت، دوسرا طالبان دور اور تیسرا نائن الیون کے بعد کا دور، ہماری افواج نے ضرب عضب اور رد الفساد کے ذریعے حکومت کے مصمم ارادے کو عملی جامہ پہنچایا۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان میں روایت ہے کہ فلاں ادارہ ایک پیج پر نہیں، مگر الحمداللہ آج پوری قوم میں اتفاق رائے ہے اور ایوان کی مشترکہ قرارداد پیش کر رہا ہوں۔

شرجیل خان کی قسمت کا فیصلہ ہو گیا ،عبرت ناک سزا

 لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث شرجیل خان پر 5 سال کی پابندی عائد کردی گئی۔جسٹس (ر) اصغر حیدر کی سربراہی میں جنرل (ر) توقیر ضیا اور سابق کپتان وسیم باری پر مشتمل 3 رکنی ٹریبیونل نے پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے شرجیل خان پر پانچ سال کی پابندی لگائی۔شرجیل خان پر اینٹی کرپشن کوڈ کی 5 شقوں کے تحت مشکوک افراد سے ملنے، پی سی بی کو مطلع نہ کرنے اور مشکوک افراد کی جانب سے خراب کارکردگی کےلیے رقم کی پیشکش قبول کرنے جیسی خلاف ورزیوں کے الزامات ثابت ہوگئے تھے۔ کرکٹرکو پانچ سالہ معطلی کی سزا دی گئی ہے، ڈھائی سال سزا ہو گی جبکہ اگلے ڈھائی سال انہیں زیر نگرانی رکھا جائے گا۔ شرجیل ڈھائی سال بعد کرکٹ کھیل سکیں گے جس کی اجازت اچھے چال چلن سے مشروط ہوگی۔ پابندی کا اطلاق 10 فروری 2017 سے ہو گا۔واضح رہے کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث محمد عرفان کو ایک ماہ معطلی کی سزا دی چکی ہے، جب کہ خالد لطیف، شاہ زیب حسن اور سہولت کاری کے ملزم ناصرجمشید کے معاملات ٹریبیونل میں زیرسماعت ہیں اور عید کے بعد ان کے فیصلے بھی متوقع ہیں۔

امریکی صدر کے بیان کیخلاف قومی اسمبلی میں قرارداد متفقہ طور پر منظور

 اسلام آباد: قومی اسمبلی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف دھمکی آمیز بیان کے خلاف مشترکہ قرارداد منظور کرلی۔قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر خزانہ خواجہ آصف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان اور جنوبی ایشیا سے متعلق نئی پالیسی پر مذمتی قرارداد پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی افواج نے دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کا ارادہ کیا اور قربانیاں دیں، حکومت کے موثر اقدامات کی وجہ سے ملک میں دہشتگردی کم ہوئی،امریکی جنگ سے پاکستان کی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا ، امریکی صدر ٹرمپ اور جنرل نکلسن کے بیان دھمکی آمیز ہیں، قومی اسمبلی 21 اگست کی امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسی مسترد کرتی ہے، ایوان کوئٹہ اور پشاور میں طالبان کی موجودگی کادعوی بھی مسترد کرتا ہے۔ جنوبی ایشیاپر نئی امریکی پالیسی کو مسترد کرتے ہیں۔ پوری قوم اس وقت ایک پیج پر ہے۔ایوان نے ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے انڈیا کو افغانستان میں مزید کردار دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم ٹرمپ پالیسی کے خلاف متحد ہے۔ قومی اسبلی نے افغانستان میں داعش کی بڑھتی ہوئی موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایوان دہشتگردی کے خلاف پاکستانی افواج کی قربانیوں کا اعتراف کرتا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان ذمے دار ایٹمی قوت ہے جو مؤثر کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام رکھتا ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 70 ہزار افراد شہید ہوئے ، پاکستان کو 123 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، یہ قربانیاں نظر انداز کی گئیں، مسلح افواج نے جو قربانیاں دیں، جوجنگ کر رہے ہیں امریکا نے اسے بھی نظر اندازکیا۔ ایوان نے کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی طرف سے بھارت کو بالادست قوت بنانے سے خطہ عدم استحکام سے دوچارہوگا۔

ہم کب تک کرائے کے آدمی بنیں رہیں گے، شیخ رشید

 اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکا کے ساتھ بیک ڈور چینل کھولنے چاہئیں۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان نے سابق امریکی صدر رچرڈ نکسن کو چین کا دورہ کرایا، کب تک ہم کرائے کے آدمی بنیں رہیں گے، کوئلے کی دلالی میں منہ ہمارا ہی کالا ہوتا ہے، آپ نے ملا منصور کو مار دیا، امریکی پالیسی  کا جواب مظاہروں سے دیا جارہا ہے، اسکول کے زمانے سے پتلے جلتے دیکھ رہا ہوں، اس کا فائدہ کیا ہوا، اپوزیشن کا بند کمرہ اجلاس بلائیں۔شیخ رشید نے انکشاف کیا کہ ترکی میں ناکام بغاوت کے بعد ائرفورس کے 680 پائلٹس کو گرفتار کیا گیا۔ ترک حکومت نے پاکستان سے اپنے نئے پائلٹس کو ٹریننگ دینے کے لیے 3 پاکستانی پائلٹس بھیجنے کی درخواست کی لیکن امریکا نے منع کردیا، اور ہم صرف 3 پائلٹ بھی ترکی نہیں بھیج سکے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمان کے ساتھ جو سلوک ہورہا ہے اس پر عالمی برادری میں کوئی ردعمل نہیں آرہا، اگر یہ سلوک مسیحیوں کے ساتھ ہوتا تو صورت حال مختلف ہوتی، پاکستان  کے اسلامی دنیا سے تعلقات اتنے برے کبھی نہیں تھے جتنے آج  ہیں، کسی اسلامی ملک میں حتیٰ کہ جمعے، عید یا 27 ویں شب میں بھی کشمیریوں کے لیے دعا نہیں کی جاتی، میں نے سعودی عرب جاکر 27 ویں شب میں کشمیریوں کے لے دعا کروانے کی پوری کوشش کی جو ناکام ہوگئی، اسلامی دنیا کا سب سے بڑا اعزاز مودی کو دیا گیا، اگر پاکستانی حکومت بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتی کہ مودی مسلمانوں کو ذبح کرنے والا قصاب ہے، تو شاید آج یہ صورت حال نہ ہوتی۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ کب تک ہم کرائے کے آدمی بنیں رہیں گے، ماضی میں سوویت یونین کے خلاف بڈھ بیر سے امریکی جاسوس طیارہ اڑا تو سوویت یونین نے پاکستان کو نشانے پر ہونے کی دھمکی دی۔ شیخ رشید احمد نے ایل این جی معاہدے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی سب سے مہنگی ایل این جی ہم نے خریدی ہے، ہر 700 میٹر کے فاصلے پر ہماری موٹر وے سوالیہ نشان ہے ، پاکستان امریکا کے ساتھ بیک ڈور چینل کھولے، میڈیا پر دفتر خارجہ سے متعلق خبریں شرمناک ہیں ، پاکستان  میں دنیا کے سب سے بڑے دہشتگرد پکڑے گئے مارے گئے ، دنیا میں ایسا کوئی واقعہ نہیں جس کے ڈانڈے پاکستان سے نہ ملتے ہوں ، چین کے سوا پاکستان کے ساتھ کوئی نہیں کھڑا، روس کے بارے میں غلط فہمی کا شکار نہ رہیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ بھارت ٹرمپ کو استعمال کررہا ہے اور اس نے پاکستان کو اندر سے تباہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، پاکستان کے خلاف مودی، افغانستان اور امریکہ کی سہہ رخی جنگ شروع ہو چکی ہے، ٹرمپ اور مودی کے بیانات میں مشابہت ہے، بھارتی آرمی چیف نے سی پیک کو انڈیا کی خودمختاری کے لیئے خطرہ قرار دے کر بتادیا کہ اصل درد کیا ہے، امریکی جنرل نے بھی افغانستان میں جو بیان دیا وہ جنگ کی دھمکی ہے۔

خورشید شاہ کا امریکی الزامات پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان پر امریکی الزامات پرپارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جانا چاہیے۔قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ آج کے سیشن کا آغاز وزیر خارجہ کی تقریر سے ہونا چاہئے تھا لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا، ہم جان بوجھ کر الزام نہیں لگا رہے لیکن سچائی کو چھپانا نہیں چاہیئے کہ بھارت میں پاکستان کا سفیر امریکا میں سفیر کو خط لکھتا ہے۔ کیا یہ خط واشنگٹن اور نئی دلی والوں کو نہیں ملا ہوگا نواز شریف کی حکومت میں خارجہ پالیسی لاوارث تھی، یہ گورننس کی ناکامی ہے، نوازشریف نے بطور وزیر خارجہ 4 سال میں کیا کیا، انہوں نے 4 سال میں چھوٹی چھوٹی باتوں پربھی توجہ نہیں دی، مسلم لیگ (ن) میں بہت قابل لوگ موجود ہیں لیکن انہیں ایک وزیرخارجہ ہی نہیں ملا۔ 2008 میں پیپلز پارٹی کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ کو بریفنگ دی، عسکری قیادت نے 8 گھنٹے طویل بریفنگ دی، نواز شریف اگر عابد شیر علی کو بھی وزیر خارجہ بنالیتے تو ہم اسے بھی سن لیتے۔خورشید شاہ نے کہا کہ ہم اپنی پالیسیوں کی وجہ سے اسٹریٹیجک افادیت کھو چکے ہیں، ہمارے اپنے ہمسایوں سے بھی تعلقات ٹھیک نہیں۔ ہم چاہتے ہیں ہمارے وطن پر کوئی آنچ نہ آئے لیکن ہمیں جذبات کے بجائے ٹھنڈے ذہن کے ساتھ معاملات کو دیکھنا چاہئے۔ 1971 میں ہم نے ہتھیاروں کی جنگ ہاری ،5 ہزارمربع میل زمین چلی گئی، سفارتکاری کے ذریعے یہ جنگ جیتنی چاہیے۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ہم امریکی الزامات بھی تسلیم کریں گے مگروہ ثبوت تودے۔ امریکا صرف الزام لگاتا ہے لیکن ثبوت کوئی نہیں دیتا، ہمیں ایسے الزامات کے خلاف اب ڈٹ جانا چاہیئے۔ یہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا وقت نہیں ہے۔ عید الاضحیٰ کے بعد مشترکہ اجلاس بلایا جائے، ہمیں ایک مضبوط قرارداد لانی چاہیئے۔خورشید شاہ نے کہا کہ امریکی ہم پر الزام لگاتے ہیں کہ پاکستان کے لوگ افغانستان جاتے ہیں اورکارروائی کر کے واپس آجاتے ہیں لیکن انہیں ڈرون کے ذریعے گھرمیں بیٹھا ایک دہشتگرد بھی نظرجاتا ہے، ہم کیوں کسی دہشتگرد کو پناہ دیں گے، ہم پر الزام نہ لگائیں بلکہ ہمیں ثبوت دیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ آج کوئی نہیں ہے جو آپ کی مدد کو آئے، چین آپ کا دوست ہے لیکن وہ دور ہے، یہ فکر کرنے کی اورسوچنے کی بات ہے.

مناسک حج کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، عازمین کی منیٰ آمد

جدہ: حجازمقدس میں مناسک حج کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے اور لاکھوں عازمین منیٰ کی جانب رواں دواں ہیں۔آج سعودی عرب میں 8 ذی الحج ہے جو مناسکِ حج کا پہلا دن ہوتا ہے، حج کے پہلے مرحلے میں عازمین غسل کے بعد احرام باندھ کر حج کی نیت کرکے تلبیہ کہتے ہوئے منیٰ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، عازمین منیٰ میں دنیا کی سب سے بڑی عارضی خیمہ بستی آباد کریں گے۔ منیٰ میں ہی عازمین آج ظہر، عصر، مغرب اور عشا جب کہ کل فجر کی نماز ادا کریں گے۔ جس کے بعد عازمین عرفات روانہ ہوں گے جہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ہوگا۔