Tag Archives: amir khan

فلم ’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘ کے معاملے پر کمال رشید اور عامر خان کے درمیان تنازع

 ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے متنازع اداکار کمال رشید خان عرف  کے آر کے اور بالی ووڈ اسٹار عامر خان کے درمیان تنازعات سامنے آگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق خود ساختہ تجزیہ نگار کمال رشید خان نے عامر خان کی نئی فلم سیکریٹ سپر اسٹار کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر منفی ریمارکس لکھے جس کے بعد ٹوئٹر نے ان کا اکاؤنٹ معطل کردیا تاہم کے آر کے نے اس کا الزام عامر خان پر لگادیا۔عامر خان کی فلم سیکریٹ سپر اسٹار 19 اکتوبر کو دیوالی کے موقع پر ریلیز کی گئی ہے جب کہ کمال رشید خان نے ایک روز قبل ٹوئٹر پر اس فلم کے حوالے سے تجزیہ جاری کیا۔ رپورٹس کے مطابق کمال رشید نے اپنی ٹوئٹ میں فلم کا کلائمکس افشاء کردیا جس کی وجہ سے ٹوئٹر نے ان کا اکاؤنٹ معطل کیا۔کمال رشید خان کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر نے ان کا اکاؤنٹ اس لیے معطل کیا کیوں کہ انہوں نے  فلم کے حوالے سے منفی ریمارکس دیے اور وہ ٹوئٹر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ کمال خان نے کہا کہ اگر ٹوئٹر نے ان کا اکاؤنٹ بحال نہیں کیا تو وہ دوبارہ کبھی ٹوئٹر پر اکاؤنٹ نہیں بنائیں گے اور اس کا بائیکاٹ کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’میں نے اپنے چار سال اور بہت سارا پیسہ خرچ کرکے ٹوئٹر پر 60 لاکھ کے قریب فالوورز بنائے لہٰذا میں ٹوئٹر کے خلاف عدالت جاؤں گا اور دعویٰ کروں گا کہ میں نے اب تک جتنا وقت اور پیسہ ٹوئٹر پر خرچ کیا ہے وہ مجھے بطور ہرجانہ واپس کیا جائے۔

کمال رشید خان نے یہ بھی کہا کہ اگر ٹوئٹر محض اس لیے ان کا اکاؤنٹ معطل کررہا ہے کہ عامر خان انہیں ٹوئٹر پر نہیں دیکھنا چاہتے تو یہ حیرت انگیز بات ہے اور اس کا مطلب یہ نکلتا ہے کہ ٹوئٹر کے اصل مالک عامر خان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کسی کو گالی یا دھمکی نہیں دی اس لیے ٹوئٹر کو کوئی حق نہیں کہ وہ میرا اکاؤنٹ معطل کرے، ایسا کرنے سے قبل انہوں نے مجھے کوئی وارننگ نہیں دی یعنی ٹوئٹر چاہتا ہے کہ صرف عامر خان اسے استعمال کریں۔

عامر خان نے پاکستان میں اپنی فلم ریلیز کرنے سے انکار کر دیا

ممبئی(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم دنگل سینسر بورڈ کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر پاکستان میں ریلیز نہیں ہو سکی ، بھارتی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی سینسر بورڈ فلم میں سے بھارتی ترنگا اور ترانہ ہٹانا چاہتا تھا جس کی وجہ سے عامر خان نے یہ فلم پاکستان میں ریلیز کرنے سے انکار کر دیا۔ذرائع کے مطابق ڈسٹری بیوٹرز نے عامر خان سے رابطہ کر کے فلم کی ریلیز سے متعلق معاملات طے کیے، عامر خان سے معاملات طے ہونے کے بعد پاکستانی ڈسٹری بیوٹرز نے جب یہ فلم سینسر بورڈ کو پیش کی تو بورڈ نے فلم کے آخر میں لہرانے والا بھارتی پرچم اور فلم کی ہیروئن گیتا پھوگاٹ کے گولڈ میڈل جیتنے پر بجنے والا بھارتی ترانہ فلم سے ایڈٹ کرنے کی شرط رکھی،عامر خان نے سینسر بورڈ کی شرط نہ مانی اور فلم کو پاکستان میں ریلیز کرنے سے ہی انکار کردیا۔ اس سارے معاملے پر عامر خان نے کوئی بیان نہیں دیا تاہم ان کے ترجمان نے سارے واقعے کی تصدیق کی ہے۔بھارتی اخبار کے مطابق پاکستان انڈین فلم انڈسٹری کے لئے بہت بڑی مارکیٹ ہے اور فلم کے انکار کے بعد پروڈیوسر کو سو سے ایک سو بیس ملین تک نقصان برداشت کرنا پڑ سکتا ہے