All posts by saqib

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ، پہلی بار 68 ہزار کی سطح عبور

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 510پوائنٹس کی تیزی آگئی جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی بار 68000پوائنٹس کی سطح بھی عبور کرگیا۔

اقتصادی محاذ پر متعدد چیلنجز کے باوجود نئی اقتصادی ٹیم سے وابستہ مثبت توقعات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس کی 68 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح بھی عبور ہوگئی۔

تیزی کے سبب 60 فیصد سے زائد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ ان کی مالیت میں اربوں روپے کا اضافہ ہوگیا۔

مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی دیکھی گئی کیونکہ پاکستان سے ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں بتدریج اضافے، نئے انفلوز کے لیے نج کاری پلان پر حکومت کی تیز رفتار سرگرمیوں، غیرملکیوں کی جانب سے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری دلچسپی اور ڈالر کی نسبت روپیہ کی قدر میں بھی مرحلے وار بنیادوں پر اضافے جیسے عوامل کیپیٹل مارکیٹ پر اثرانداز رہے۔

انڈیکس میں 510 پوائنٹس کی تیزی ہوئی نتیجتا کے ایس ای 100 انڈیکس 68266 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

عید کی چھٹیوں کا نوٹی فکیشن جاری، کب سے کب تک ہوں گی

وفاقی حکومت نے عید الفطر کی چھٹیوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کے روز عید پر چار چھٹیوں کی منظوری دی تھی تاہم نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوا تھا۔

بدھ کو کابینہ ڈویژن سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کےمطابق جن دفاتر میں ہفتے میں پانچ دن کام ہوتا ہے ان میں عید الفطر پر بدھ 10 اپریل سے لے کر جمعہ 12 اپریل تک تعطیلات ہوں گی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق جن دفاتر میں ہفتے میں چھ دن کام ہوتا ہے کہ ان میں بدھ 10 اپریل سے لے کر ہفتہ 13 اپریل تک عید کی تعطیلات ہوں گی۔

یاد رہے کہ ہفتے میں پانچ دن کام کرنے والے دفاتر میں ہفتہ کو ویسے ہی چھٹی ہوتی ہے۔ اس طرح عید الفطر کی سرکاری تعطیلات چار ہیں جب کہ اتوار کی چھٹی ملا کر لوگ پانچ دن عید کی چھٹیوں کا لطف اٹھا سکیں گے۔

متحدہ عرب امارات نے عیدالفطر پر 8 اپریل سے تعطیلات کا اعلان کیا ہے، اس طرح لوگوں کو مجموعی طور پر 9 دن کی چھٹیاں مل رہی ہیں۔۔ دوسری جانب بنگلہ دیش میں9 اپریل کی چھٹی پر حکومت کے اندر تنازع کھڑا ہو گیا لیکن عید تعطیلات 9 اپریل سے شروع نہیں کی گئیں۔

شیریں مزاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم، جج کے دلچسپ ریمارکس

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیریں مزاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا. جسٹس ثمن رفعت امتیازکا کہنا تھا کہ کابینہ کے پاس اوربہت کام ہیں یہ کام ہم کر دیتے ہیں۔

جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے شیریں مزاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی۔

شیریں مزاری اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں۔

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹرنے بتایا کہ نیب نے شیریں مزاری کا نام ای سی ایل سےنکالنےکی سفارش کر دی تھی، ہم نے مارچ میں ہی شیریں مزاری کا نام ای سی ایل سےنکالنےکی سفارش کردی تھی کیونکہ شیریں مزاری 190 ملین پاؤنڈ نیب کیس میں ملزمہ نہیں ہیں۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم نے بھی 27 مارچ کووزیراعظم کوخط لکھ کراطلاع دے دی تھی۔

جسٹس ثمن رفعت امتیازکا کہنا تھا کہ کابینہ کے پاس اوربہت کام ہیں یہ کام ہم کر دیتے ہیں۔

عدالت نے شیریں مزاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

پاکستان ریفائنری لمیٹڈ اوگرا کے ساتھ توسیعی معاہدے پر دستخط کریگا

کراچی: پاکستان ریفائنری لمیٹڈ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے ساتھ جلد ہی توسیعی معاہدہ پر دستخط کرے گا۔

اس معاہدے سے پی آر ایل کے موجودہ منصوبہ کی اپ گریڈیشن اور توسیع کی راہ ہموار ہوگی جس سے پی آر آیل کی ریفائننگ کی صلاحیت 50,000 بیرل یومیہ سے بڑھ کر 100,000 بیرل یومیہ ہوجائے گی۔

منصوبہ سے پی آر ایل یورو فائیو معیار کا فیول پیدا کر پائے گا جس سے کمپنی کی ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے قواعد وضوابط کی عدم تعمیل پر جرمانوں کی مد میں اربوں روپے کی ادائیگی کی بچت ہوگی۔
توسیعی معاہدہ پر آمدہ دستخط سے فروری 2024میں منظور شدہ اور ترمیم شدہ براؤن فیلڈ پالیسی میں پیش کی جانے والی مراعات میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔

کپاس کی پیداوار مقررہ ہدف کے مقابلے میں 32فیصد کم

کراچی: کاٹن ایئر 2023-24 کے دوران ملک میں کپاس کی 71فیصد کے اضافے سے 83لاکھ 97ہزار گانٹھوں کی پیداوار ہوئی ہے۔

پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق سال2023-24 کے دوران ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں اگرچہ 71فیصد کے اضافے سے مجموعی طور پر 83لاکھ 97ہزار روئی گانٹھوں کے مساوی پھٹی کی ترسیل ہوئی ہے لیکن یہ پیداوار مقررہ ہدف کے مقابلے میں 38 لاکھ 73ہزار گانٹھ یا 32 فیصد کم ہے۔

رپورٹ کے مطابق زیر تبصرہ مدت کے دوران پنجاب میں 42لاکھ 82ہزار گانٹھ جبکہ سندھ میں 41لاکھ 15ہزار گانٹھوں کی پیداوار ہوئی ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ پاکستان کے تمام کاٹن بیلٹس میں سندھ کے ضلع سانگھڑ میں 16لاکھ 95ہزار گانٹھوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے جو تمام پاکستان بھر کے کاٹن زونز میں سب سے زیادہ پیداوار ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ 5ہزار 240گانٹھوں کے ساتھ سب سے کم پیداوار پنجاب کے ضلع پاک پتن میں ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اس سال کے دوران ٹیکسٹائل ملز نے جننگ فیکٹریوں سے 80لاکھ 43ہزار گانٹھوں کی خریداری کی جبکہ 2لاکھ 93ہزار روئی کی گانٹھیں برآمدی شعبوں کی جانب سے خریدی گئیں۔

چیئرمین کاٹن جنرز فور م احسان الحق نے بتایا کہ ان اعدادو شمار کی خاص بات سندھ میں کپاس کی پیداوار حیران کن طور پر ہدف کے مقابلے میں ایک لاکھ 14ہزار گانٹھ زائد جبکہ پنجاب میں اس پیداوار میں غیر معمولی کمی ہے جس کی بڑی وجہ منفی موسمی حالات اور سفید مکھی کا کپاس کی فصل پر غیر معمولی حملہ سمجھا جا رہا ہے۔

لاہور میں غیر قانونی یتیم خانے سے 32 کمسن بچے ریسکیو

لاہور: غیر قانونی یتیم خانے سے 32 کم سن بچوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔

چائلڈپروٹیکشن اینڈویلفیئربیورو نے ایک کارروائی میں لاہور کے علاقے گجومتہ میں قائم غیرقانونی یتیم خانہ سے 32 کم سن بچوں کو ریسکیوکرلیا گیا۔ کارروائی سے قبل ٹیم نے ملت ٹاؤن کے علاقے میں بنائے گئے گھرانہ یتیم خانہ کا دورہ کیا ، جہاں کمسن اور معصوم بچے انتہائی گندے ماحول اور کسمپرسی کی حالت میں رکھے گئے تھے۔

بیورو کی ٹیم نے تمام 32 بچوں جن میں 18 لڑکے اور 14 لڑکیاں ہیں، کو ریسکیو کرکے چائلڈپروٹیکشن بیورو لاہور منتقل کردیا، جہاں اب ان بچوں کی دیکھ بھال کی جائے گی جب کہ غیرقانونی یتیم خانہ کی سربراہ نگینہ قمر کے خلاف پی ڈی این سی ایکٹ 2004 کی دفعہ 20 اے اور دفعہ 34 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
چائلڈپروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کی چیئرپرسن و رکن پنجاب اسمبلی سارہ احمد نے ایکسپریس کو بتایا کہ قانون کے مطابق لاوارث ،بے سہارا اور یتیم بچوں کو قیام کی سہولت فراہم کرنے والے ادارے کا بیورو کے پاس رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے۔ ایسے ادارے جو بیورو کے پاس رجسٹرڈ نہیں ہیں، ان کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔

ذوالفقار علی بھٹو کی 45 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

پکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 45 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے، رمضان المبارک کے احترام میں ملک بھر میں سادگی سے تقریبات منعقد کی جائیں گی۔پاکستان کو پہلا متفقہ آئین دینے والے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو 5 جنوری 1928ء کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا اور آکسفورڈ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور وکالت کو پیشے کے طور اختیار کیا۔ذوالفقار علی بھٹو نے 1967ء میں پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی اور ‘روٹی، کپڑا، مکان’ کا نعرہ لگایا، بھٹو نے مختصر وقت میں عوام میں مقبولیت حاصل کی اور عام انتخابات میں عوام کا بھرپور اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، وہ سکندر مرزا کی کابینہ کے رکن اور ایوب خان کے دور میں وزیر خارجہ بنے۔بانی پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں پاکستان کا آئین بنایا گیا، جوہری پروگرام شروع ہوا، سٹیل مل اور قومی پیداواری ادارے بنے لیکن صنعتوں کو قومیانے کی پالیسی پر سوالات اٹھتے ہیں،4 اپریل 1979ء کے روز ذوالفقار علی بھٹو کو عدالتی حکم پر تختہ دار پر لٹکا کر عوامی سیاست کی بساط کو لپیٹ دیا گیا۔

این اے 81،دوبارہ گنتی میں کامیاب لیگی امیدوار کا نوٹی فکیشن لاہور ہائیکورٹ نے معطل کردیا

لاہور ہائیکورٹ نے گوجرنوالہ میں دوبارہ گنتی کے نتیجے میں کامیاب قرار دیئے گئے مسلم لیگ ن کے امیدوار کی کامیابی کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔ن لیگی رہنمااظہرقیوم این اے 81 سے کامیاب قرار پاے تھے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے بدھ کو سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بلال اعجاز چوہدری کی درخواست پرسماعت کی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ بلال اعجاز چوہدری 8 ہزار ووٹوں سے کامیاب قرار پائے، لیکن الیکشن کمیشن نےدوبارہ گنتی پراظہر قیوم کو کامیاب قراردے دیا، دوبارہ گنتی پر درخواست گزار کا ڈھائی ہزار ووٹ کم کر دیا گیا۔درخواست میں استداع کی گئی کہ عدالت ن لیگی امیدوار اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرے۔عدالت عالیہ نے حلقہ این اے 81 گوجرانوالہ سے ن لیگ کے رہنما اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔

زیرحراست پاکستانی ایئر ہوسٹس کی کہانی کینیڈین میڈیا نے بتا دی، معاملہ کہیں زیادہ سنگین نکلا

پاکستانی ائیر لائن کی ائیر ہوسٹس کی کینیڈین ائیرپورٹ پر گرفتاری کا معاملہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے، جہاں ائیر ہوسٹس کے حوالےسے کینیڈا بارڈر سروس ایجنسی نے انکشاف کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق قومی ائیر لائن کی ائیر ہوسٹس حنا ثانی کو کینیڈین بارڈر سروس ایجنسی کے پورٹ اسٹیمپ غیر قانونی طور پر لے جانے پر گرفتار کیا گیا ہے۔حال ہی میں ذرائع کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ حنا ثانی ایک سے زائد پاسپورٹ ساتھ لے جانے کے باعث گرفتار کی گئی ہیں، تاہم کینیڈین میڈیا نے اس بات کی تردید کرتے ہوئے معاملے کی نوعیت کو مزید سنگین کر دیا ہے۔کینیڈین سیکیورٹی سروس ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ 28 مارچ 2024 کو پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کی فلائٹ اٹینڈنٹ کو پیرسن انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر جان پڑتال کے لیے سیکنڈری بھیجا گیا۔جہاں ان کے ایک سوٹ کیس میں سے کینیڈین سیکیورٹی سروس ایجنسی کے 2 پورٹ اسٹیمپس برآمد ہوئے تھے۔واضح رہے پورٹ اسٹیمپ ربر کے اسٹیمپ ہوتے ہیں جو کہ بارڈر آفیشلز استعمال کرتے ہیں، جس سے ملک میں داخلے کی تاریخ اور مقام کا تعین ہوتا ہے۔پی آئی اے کی لاہور سے ٹورنٹو کی پرواز کی خاتون فضائی میزبان کے ٹورنٹو ائیرپورٹ پر حراست میں لیے جانے کی خبر 29 مارچ کو آئی تھی۔تاہم ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ خاتون ائرہوسٹس سے مبینہ طور پر غیر متعلقہ پاسپورٹ برآمد ہوئے تھے۔ائیرہوسٹس کی شناخت حنا ثانی کے نام سے ہوئی تھی۔ ایئرہوسٹس کو پہلے بھی ممنوعہ اشیاء لانے پر وارننگ دی گئی تھی۔میڈیا ذرائع کے مطابق حنا ثانی نامی ائیر ہوسٹس معروف گلوکارہ کی عزیزہ ہیں، جبکہ خود بھی سوشل میڈیا ماڈلنگ کرتی ہیں۔

ہائیکورٹ ججز کو دھمکی آمیز خطوط کا مقدمہ سی ٹی ڈی لاہور میں درج

لاہور: ہائی کورٹ کے ججز کو دھمکی آمیز خطوط ملنے کا مقدمہ سی ٹی ڈی لاہور نے درج کرلیا۔مقدمہ دہشت گردی اور دھمکیاں دینے کی دفعات کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا، خطوط کے نمونے فرانزک لیب جمع کروادیے گئے ہیں جہاں تحیقیقات کا عمل جاری ہے۔یاد رہے کہ بدھ کو لاہور ہائیکورٹ کے 4 ججز کو بھی دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے تھے۔یہ خطوط سینئر ترین جج جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس عالیہ نیلم کے نام بھجوائے گئے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ کے چاروں ججوں کو خطوط موہد فاضل ولد منظور علی شاہ کے نام سے بھجوائے گئے۔اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی ٹیم اور ڈی آئی جی آپریشن ناصر رضوی سمیت پولیس افسران لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے اور عدالت کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔

ناسا کو چاند کے لیے معیارِ وقت تشکیل دینے کی ہدایت

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے ناسا کو چاند کانیا معیار وقت تشکیل دینے کی ہدایت کردی ہے۔

امریکا کے دفتر سائنس اور ٹیکنالوجی پالیسی (او ایس ٹی پی) نے امریکی خلائی ادارے کو چاند کے مرکزی ٹائم ریفرنس سسٹم کی تشکیل کی ہدایت دی ہے جو اس کی مختلف گریویٹیشنل فورسز پر مبنی ہوگا۔او ایس ٹی پی سے جاری ہونے والے اعلامیے میں دفتر کی سربراہ اراتی پرابھاکر کا کہنا تھا کہ ان عوامل کے سبب زمین کے اعتبار سے بنائی گھڑیوں سے فی زمینی دن 58.7 مائیکرو سیکنڈ کم ہوں گے۔ناسا کے پاس اس مشترکہ معیارِ وقت (جس کو اراتی پرابھاکر نے کوآرڈینیٹ لونر ٹائم، ایل ٹی سی کا نام دیا ہے) کو طے کرنے کے لیے 2026 تک کا وقت ہے۔ بعد ازاں اس گھڑی کو خلاء نورد، خلائی جہاز اور سیٹلائٹ استعمال کر سکیں گے۔ناسا کے ٹاپ کمیونیکیشنز اینڈ نیویگیشن آفیشل کیون کوگِنز کا کہنا تھا کہ چاند کے لیے بنائی جانے والی ایٹمی گھڑی، زمین پر موجود گھڑی کے مقابلے میں مختلف طریقے سے چلے گی۔
گزشتہ برس یورپی اسپیس ایجنسی کا کہنا تھا کہ زمین کو چاند کے لیے ایک مشترکہ گھڑی کی ضرورت ہے جہاں ایک دن 29.5 زمینی دنوں کے برابر ہوتا ہے۔

خلائی مشاہدے کے لیے بنایا گیا اب تک کا سب سے بڑا کیمرا

کیلیفورنیا: دو دہائیوں کی ان تھک محنت کے بعد سائنس دانوں اور انجینئروں نے بالآخر لیگیسی سروے آف اسپیس اینڈ ٹائم (ایل ایس ایس ٹی) کیمرا بنا لیا۔
رات کے بدلتے آسمان، ملکی وے کہکشاں اور ہمارے نظام شمسی کو بہتر انداز میں سمجھنے کے لیے کیلیفورنیا کی مقامی لیبارٹری ایس ایل اے سی کی ٹیم نے دیگر سائنس دانوں کے ساتھ مل کر فلکیات کے شعبے میں اب تک کا سب سے بڑا کیمرا بنایا ہے۔
ویرا سی روبن آبزرویٹری میں مرکزی حیثیت رکھنے والا 3200 میگا پکسل کا یہ کیمرا محققین کو کائنات کے تفصیلی مشاہدات کرنے میں مدد دے گا جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔
10 سال سے زائد کے عرصے میں یہ مشاہدہ گاہ سدرن نائٹ اسکائی سے اتنی بڑی مقدار میں دیٹا اخذ کر لے گی جس کی مدد سے محققین کائنات کے متعلق نئی معلومات کی کھوج لگا سکیں گے۔حاصل کیا گیا ڈیٹا محققین کو ڈارک انرجی (جو کائنات کے پھیلاؤ کو بڑھا رہی ہے) سمجھنے میں اور ڈارک میٹر نامی پُر اسرار شے کی تلاش میں مدد دے گا۔اس کیمرے کا سائز تقریباً ایک کار کے برابر ہے اور یہ 3000 کلوگرام کے قریب وزن رکھتا ہے۔ اس کا سامنے کا لینس 5 فٹ سے قطر سے بڑا ہے جو کہ اس مقصد کے لیے بنایا گیا اب تک کا سب سے بڑا لینس ہے۔

بابراعظم نے کپتانی قبول کرکے شاہین آفریدی سے بدلہ چکادیا

 لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ ’’بابراعظم نے شاہین شاہ آفریدی سے بدلہ چکادیا ہے‘‘۔سابق کرکٹر راشد لطیف کا کہنا تھا کہ افغانستان کیخلاف سیریز ہارنے پر شاداب خان نے دانشمندانہ بیان دیا تھا کہ بابراعظم اور محمد رضوان کے بغیر ٹیم مکمل نہیں ہے،اس کا مطلب تھا کہ وہ کپتان نہیں ہیں، بابر اعظم کو ہٹایا گیا تو میں شاہین شاہ آفریدی سے بھی یہی توقع کررہا تھا،اگر پیسر نے اس وقت یہ قدم اٹھایا ہوتا تو آج اس صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔انہوں نے کہا کہ اس سے قطع نظر کہ دونوں میں کتنی دوستی ہے بابراعظم نے بدلہ چکا دیا،اب شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ اچھا سلوک ہوا نہ ہی اس وقت بابراعظم کے ساتھ ہوا تھا۔ سابق کپتان نے کہا کہ میں ٹیم کا شیرازہ بکھرتے دیکھ رہا ہوں، اگر انھوں نے ٹی 20ورلڈکپ نہ جیتا تو گھٹنوں کے بل آجائیں گے، بھارت کیخلاف میچ جیتنا بھی اہم ہوگا۔