All posts by saqib

عدل و انصاف کے لئےجدوجہد جاری رکھیں گے، وزیراعلیٰ کے پی کا یوم پاکستان پر پیغام

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمارا اجتماعی فریضہ ہے کہ ہم ملک کو مسائل سے نکال کر ترقی کے راستے پر گامزن کریں۔ ملک میں عدل و انصاف، مساوات، شفافیت اور قانونی کی حکمرانی کے لئےجدوجہد جاری رکھیں گے۔

23 مارچ کے موقع پر خصوصی پیغام میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان کا قیام بلاشبہ برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد ، انتھک محنت اور عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم آج کے دن وطن عزیز کے قیام کیلئے اپنے اسلاف کی شبانہ روز جدوجہد اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

علی امین نے مزید کہا کہ آج کا دن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم مملکت خدا داد کی بقا و سلامتی اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عظیم اور حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے اسلاف نے باہمی اتفاق و اتحاد کے ذریعے پاکستان کا قیام ممکن بنایا۔

یوم پاکستان پریڈ پر شاندار فلائی پاسٹ، ایس ایس جی کمانڈوز کی بھی مہارت

یوم پاکستان پر اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی پریڈ میں شاندار فلائی پاسٹ توجہ کا مرکز بنا رہا ، جبکہ دیگر فورسز کی طرح ایس ایس جی کمانڈوز نے بھی اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے خوب داد سمیٹی۔

فلائی پاسٹ میں میراج لڑاکا طیارے ، پاکستان کی پہچان جے ایف 17 تھنڈر، ایف 7 پی جی چیتا لڑاکا طیاروں، جدید ترین لڑاکا طیارے جے 10 سی نے بھی حصہ لیا۔ اور شاندار فلائی پاسٹ کرکے ناظرین کو خوب محفوظ کیا۔

اس کے علاوہ پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں، پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے سی ون تھرٹی اور جدید ترین جاسوسی نظام سے لیس طیاروں سمیت دیگر ایئر کرافٹ اور ہیلی کاپٹرز نے بھی شاندارفلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

دوسری طرف تمام ہی فورسز کی طرح ایس ایس جی کمانڈوز نے بھی اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے خوب داد سمیٹی۔

معروف بھارتی اداکار گووندا انتہا پسند تنظیم کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے

بھارت میں جہاں لوک سبھا کے انتخابات سب کی توجہ حاصل کر رہے ہیں، وہیں اب بھارتی اداکار گووندا سے متعلق خبر بھی گردش کر رہی ہے، جس میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر الیکشن میں حصہ لینے کے لیے پُر امید ہیں۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ معروف بھارتی اداکار ہندو انتہا پسند تنظیم اور سیاسی جماعت شیو سینا کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ سکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گووندا نے حال ہی میں مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے ملاقات کی ہے، جس میں وزیر اعلیٰ نے انہیں شمال وسطی ممبئی سے لوک سبھا کی سیٹ سے الیکشن لڑنے کی پیشکش کی ہے۔

واضح رہے حال ہی میں وزیر اعلیٰ شندے نے اپنے بیان میں مغل بادشاہ پر تنقید کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کا مغل بادشاہ اورنگزیب سے موازنہ کرنا مودی کی توہین ہے۔

اس سے قبل گووندا نے کانگریس کے ٹکٹ پر 2009 میں شمال ممبئی سے الیکشن لڑنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، تاہم اُس وقت کانگریس بھارتی اداکار کو بی جے پی کے مخالف امیدوار سے طاقتور نہیں سمجھتی تھی۔

واضح بھارتی الیکشن میں اداکار گووندا کے ساتھ ساتھ اکشے کمار، نانا پاٹیکر اور مادھوری ڈکشت کے الیکشن میں حصہ لینے سے متعلق خبر بھی گردش کر رہی تھی۔

تاہم اکشے کمار اور نانا پاٹیکر نے ایسی تمام خبروں کی تردید کر دی ہے، دوسری جانب مادھوی ڈکشت نے ردعمل دیتے ہوئے لوک سبھا الیکشن میں حصہ لینے سے متعلق کہا کہ انہیں دلچسپی نہیں ہے۔

روسی دارالحکومت میں کنسرٹ ہال پر دہشتگردوں کا حملہ، 60 افراد ہلاک داعش نے ذمہ داری قبول کرلی، امریکی میڈیا

ماسکو: روسی دارالحکومت میں کروکس کنسرٹ ہال پر دہشتگردوں کے حملے میں 60 افراد ہلاک جب کہ 145 زخمی ہو گئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روس کے دارالحکومت ماسکو میں فوجی وردی میں ملبوس 5 دہشتگردوں نے کروکس سٹی ہال میں فائرنگ کی اور دستی بموں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 60 افراد ہلاک جب کہ 145 زخمی ہو گئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق 5 مسلح افراد نے کروکس سٹی ہال داخل ہوئے اور کنسرٹ شروع ہونے سے قبل جہاں پر 6,200 افراد موجود تھے ان پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور ساتھ ہی دستی بموں سے حملہ کیا۔

ایک صحافی جو جائے وقوعہ پر موجود تھا نے بتایا کہ مسلح افراد نے خودکار فائرنگ کی اور دستی بم یا آگ لگانے والا بم پھینکا جس سے آگ تیزی سے کنسرٹ ہال میں پھیل گئی۔ انہوں نے بتایا کہ دہشتگرد ہال میں موجود لوگوں پر تقریباً 20 منٹ تک گولیاں برساتے رہے۔

روسی ریسکیو سروسز نے کروکس سٹی ہال کے تہہ خانے سے تقریباً 100 سے زائد افراد کو نکال کر فوری طبی امداد کے لیے اسپتال روانہ کیا۔ تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق فائر فائٹنگ عملے نے آگ پر قابو پا لیا، جبکہ نیشنل گارڈ فورس حملہ آوروں کی تلاش کر رہی ہے۔

روسی میڈیا کے مطابق کراکس سٹی ہال پر حملے کے بعد ماسکو سمیت مختلف علاقوں میں تقریبات منسوخ کردیں۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کو دہشتگردی قرار دے اور اس کی مذمت کرے۔

امریکا کی جانب سے اس حملے میں یوکرین کے ملوث نہ ہونے کے بیان پر روسی ترجمان ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکا بغیر تحقیقات کیسے کسی کو بے گناہ قرار دے سکتا ہے، اگر حملے میں یوکرین ملوث ہے تو امریکا کو لازمی پتہ ہوگا تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی ثبوت نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ اگر واشنگٹن کے پاس اس حوالے سے معلومات ہیں تو شیئر کی جائیں اور اگر نہیں تو اس طرح بات نہیں کرنی چاہیے۔

روسی صدر نے حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں ملوث تمام دہشتگردوں کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

عبدالرزاق پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ بن گئے، اعلان جلد متوقع

لاہور: سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ بن گئے جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹر وہاب ریاض کی کال پر عبدالرزاق نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی اس موقع پر انھیں کرکٹ کی بہتری میں معاونت کی پیشکش کر دی گئی جو انھوں نے قبول کرلی۔

عبدالرزاق نے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر سے بھی تبادلہ خیال کیا، وہ سلیکشن کمیٹی میں شامل ہونے کے ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی میں نکھار لانے کیلیے بھی اپنے تجربے کا استعمال کریں گے۔ عبدالرازق کے قریبی حلقوں نے ان کی پی سی بی کے ساتھ وابستگی کی تصدیق کردی ہے۔

اطلاعات کے مطابق بورڈ حکام دیگر سابق کرکٹرز کے ساتھ بھی رابطے کرکے کام کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

آئیں سب مل کر پاکستان کے لیے جدوجہد کریں، صدر اور وزیراعظم کا یوم پاکستان پر پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے پوری قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں سب مل کر پاکستان کے لیے جدوجہد کریں۔

آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کے دن قرارداد پاکستان منظور ہوئی، تئیس مارچ انیس سو چالیس کو ایک عظیم قوم اور آزاد وطن کی بنیاد رکھی گئی۔

انھوں نے کہا کہ آزادی سے لے کر اب تک کے سفر میں ہم نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، افواج، سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیرمتزلزل عزم کے ساتھ سلامتی اور خودمختاری کو یقینی بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم سے ملک کی تعمیر کے عمل میں حصہ لینے کی اپیل کرتا ہوں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ تئیس مارچ ہماری تاریخ کا ایک اہم دن ہے، بزرگوں کی جدوجہد کے باعث علیحدہ وطن کا قیام ممکن ہوا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش سنگین مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں، امید ہے ملک میں مہنگائی کی موجودہ لہر پر قابو پا لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی معاشی بحالی اور خوشحالی کے لیے پُرعزم ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
یوم پاکستان پر پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ یوم پاکستان تحریک آزادی کا روشن باب ہے، 23 مارچ 1940 کو آزاد وطن کے خواب کو عملی تعبیر دینے کی بنیاد رکھی گئی، یہ آزادی بہت سی قربانیوں، کاوشوں اور محنتوں کا ثمر ہے۔

انھوں نے کہا کہ بحیثیت قوم قائداعظمؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، منٹو پارک میں منظور کی جانے والی قرارداد پاکستان کے قیام کی بنیاد بنی، 23 مارچ کا دن جذبوں کی تعمیراور خوابوں کی تعبیر کا دن ہے۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا یوم پاکستان کے موقع پر پیغام
انھوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940، ملک کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، ملک کوعظیم تر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ایک قوم بن کر سوچیں اور وطن کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

ہانیہ عامر نے عُمرے کی سعادت حاصل کرلی

مکہ المکرمہ: پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے ماہِ رمضان میں عُمرے کی سعادت حاصل کرلی۔

ہانیہ عامر پاکستان کی ٹاپ اداکاراؤں میں سے ایک ہیں، وہ کئی ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، ڈرامہ سیریل “میرے ہمسفر” کی زبردست کامیابی کے بعد وہ بھارت میں بھی بہت مقبول ہوئیں۔

سوشل میڈیا پر ہانیہ عامر اکثر اپنی دلچسپ ویڈیوز اور تصاویر پوسٹ کرتی ہیں جس کی وجہ سے انسٹاگرام پر بھی اُن کے فالووز کی تعداد 12.9 ملین ہے۔ مداح اداکارہ کی ہر پوسٹ پر تبصرے کرتے ہوئے اُن کی اداکاری اور خوبصورتی کی تعریف کرتے ہیں۔
اب ہانیہ عامر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی چند تصاویر اور ویڈیو پوسٹ کیں جن میں اُنہیں مکہ مکرمہ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

تصاویر میں ہانیہ عامر نے حجاب کیا ہوا ہے جبکہ وہ اس مقدس مقام کی زیارت کرکے کافی خوش بھی نظر آرہی ہیں۔

ہانیہ عامر نے یہ تصاویر 23 مارچ ہفتے کے روز اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر پوسٹ کی اور عُمرے کی ادائیگی پر اللہ تعالیٰ کا شُکر بھی ادا کیا۔

سوشل میڈیا صارفین اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے ہانیہ عامر کو عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

پی سی بی کے سابق چیئرمین شہریار خان انتقال کر گئے

لاہور: پی سی بی کے سابق چیئرمین اور معروف سفارتکار شہریار ایم خان لاہور میں انتقال کرگئے۔

شہریار خان قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر، 2 بار چیئرمین پی سی بی اور سیکرٹری خارجہ بھی رہے۔ شہریار خان کے اہل خانہ کی جانب سے انتقال کی تصدیق کردی گئی ہے۔

شہریار ایم خان 29مارچ 1934ءکو لکھنؤ بھارت میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے ابتدائی علیم وہیں حاصل کی اور پھر اعلیٰ تعلیم انگلستان سے حاصل کی۔ تقسیم ہند کے بعد شہریار خان کا خاندان ہجرت کرکے پاکستان آ گیا اور کراچی میں سکونت اختیار کی۔

شہریار ایم خان معروف سفارتکار تھے۔ وہ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ بھی رہے۔ اس کے علاوہ وہ قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر اور 2 بار چیئرمین پی سی بی بھی رہے۔ مرحوم بھارت کے سابق کپتان نواب منصور خان پٹودی کے کزن تھے اور پاک بھارت کرکٹ ڈپلومیسی کے ماہر تھے۔

شہریار خان کی ہفتے کی صبح ساڑھے 4 بجے گھر پر اچانک طبیعت خراب ہوئی، جس کے بعد وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کی عمر 89 برس تھی۔ انہوں نے پسماندگان میں بیوہ اور 4 بچے چھوڑے ہیں۔ مرحوم کی میت بذریعہ ائیر ایمبولینس کراچی لاکر نماز جنازہ کراچی ہی میں ادا کی جائے گی۔

بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کی شادی کی خبریں سرگرم

ممبئی: بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت سے متعلق یہ خبر گردش کررہی ہے کہ وہ اگلے چند ماہ میں شادی کرنے والی ہیں لیکن اُنہوں نے اس خبر کو خفیہ رکھا ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں ریڈٹ (Reddit) پر ایک صارف نے اپنی پوسٹ میں کنگنا رناوت سے متعلق اہم انکشاف کیا لیکن بعد میں صارف کی جانب سے اُس پوسٹ کو ڈیلیٹ کردیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ پوسٹ میں صارف نے کنگنا رناوت کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ اداکارہ بہت جلد شادی کے بندھن میں بندھنے والی ہیں اور اُنہوں نے اپنی شادی کے جوڑے کے لیے ڈیزائنرر سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔
صارف کا کہنا تھا کہ کنگنا رناوت اپنی شادی کے دن ساڑھی زیب تن کریں گی جس کے لیے اُنہوں نے بھارتی فیشن انڈسٹری کے انتہائی غیر معمولی فیشن ڈیزائنرز کا انتخاب کیا ہے، اداکارہ کے ملبوسات تیاری کے آخری مراحل میں ہیں۔

صارف کی جانب سے کنگنا رناوت کے دولہے میاں کے بارے میں کسی بھی قسم کی کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی جبکہ یہ پوسٹ جیسے ہی سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہوئی تو صارف نے پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔

مزید پڑھیں: کنگنا رناوت شادی کب کررہی ہیں؟ اداکارہ نے خود ہی بتادیا

واضح رہے کہ سال 2023 میں کنگنا رناوت نے اپنے ایک انٹرویو میں اپنی شادی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا ہر لڑکی کا خواب ہوتا ہے کہ اُس کی شادی ہو، اُس کی اپنی فیملی ہو اور ہر لڑکی کی طرح، وہ بھی دلہن بننے کا خواب دیکھتی ہیں۔

کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ وہ شادی کرکے اپنی فیملی بننا چاہتی ہیں کیونکہ وہ ایک خاندانی لڑکی ہیں اور اُن کے لیے رشتے بہت اہم ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ وہ اگلے پانچ سے پہلے شادی کرلیں گی اور اُنہیں اس بات سے بہت زیادہ خوشی ہوگی اگر اُن کی شادی ارینج اور محبت کی ہو۔

“ماہرہ خان سے پہلے کرینہ کپور کو پاکستانی فلم ‘ورنہ’ کی آفر کی گئی تھی”

کراچی: فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار ہارون شاہد نے انکشاف کیا ہے کہ ماہرہ خان سے قبل بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کو پاکستانی فلم ‘ورنہ’ میں مرکزی کردار کی پیشکش کی گئی تھی۔

حال ہی میں پاکستانی اداکار ہارون شاہد نے نجی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی اور ماہرہ خان کی فلم ‘ورنہ’ سے متعلق چونکا دینے والا انکشاف کیا۔

ہارون شاہد نے کہا کہ فلم ‘ورنہ’ کا مرکزی کردار ابتدائی طور پر معروف بھارتی اداکارہ کرینہ کپور خان کو آفر کیا گیا تھا لیکن وہ یہ آفر قبول نہیں کرسکیں کیونکہ وہ اُس وقت حاملہ تھیں۔

اداکار نے کہا کہ جب ہدایتکار شعیب منصور نے بتایا کہ کرینہ کپور فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گی تو میں بہت خوش ہوگیا تھا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ کرینہ کپور کے انکار کے بعد ہدایتکار شعیب منصور نے ماہرہ خان کو فلم ‘ورنہ’ کے مرکزی کردار کی پیشکش کی تھی۔

واضح رہے کہ شو مین پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی فلم ’ورنہ‘ کے رائٹر، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر شعیب منصور تھے جو اس سے قبل ‘خدا کے لیے’ اور ‘بول’ جیسی سپرہٹ فلمیں شائقین کے لیے پیش کر چکے تھے۔

سال 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘ورنہ’ میں ماہرہ خان اور ہارون شاہد نے مرکزی کردار ادا کیے تھے جبکہ فلم کی کہانی پاکستانی خواتین کے سماجی مسائل اور حقوق کی پامالی پر مبنی تھی۔

خیال رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق سال 2016 میں کرینہ کپور نے ایسی تمام افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح طور پر کہا تھا کہ وہ کسی بھی پاکستانی فلم میں کام نہیں کر رہیں۔

امریکی کمیشن کی بھارت کو “خصوصی تشویش کا ملک” قرار دینے کی سفارش

ممبئی: امریکی کمیشن نے بھارت کو انسانی حقوق کے حوالے سے “خصوصی تشویش کا ملک” قرار دینے کی سفارش کردی۔

بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال پر امریکی کانگریس کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں سفارش کی گئی کہ بھارت کو انسانی حقوق کے حوالے سے ’خصوصی تشویش کا ملک‘ قرار دیا جائے۔

امریکی کانگریس کمیشن کے اجلاس میں ماہرین کی جانب سے گواہی دی گئی کہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف قوانین کا غلط استعمال کیا جاتا ہے، بھارت میں خاص طور پر مسلمانوں اور عیسائیوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
دورانِ اجلاس ماہرین نے بھارت میں میڈیا اور انٹرنیٹ پر پابندی سمیت دیگر سنگین خلاف ورزیوں پر بھی گواہی دی۔

اجلاس میں ٹام لینٹوس کمیشن کے چیئرمین جیمز پیٹرک میک گورن نے بھارت میں زیادہ تر مسائل اور سنگین حالات کی وجہ بھارتی وزیراعظم مودی کو قرار دیا۔

چیئرمین جیمز پیٹرک میک گورن نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی بھارت کی سیکیولر جمہوریت کو تبدیل کرکے اسے ہندو قوم بنانے کی کوشش میں ہیں جس کی وجہ سے بھارت میں اقلیتوں کے لیے حالات سنگین ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر فوری طور پر انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق مسائل کو حل نہ کیا گیا تو بھارت کا مستقبل خطرے میں پڑجائے گا۔

اجلاس میں امریکی کمیشن نے بھارت کو اسلحے کی فروخت کے حوالے سے انسانی حقوق سے متعلقہ معاملات کا جائزہ لینے کی بھی سفارش کی۔

یوم پاکستان جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، پریڈ کی پروقار تقریب

اسلام آباد: آج ملک بھر میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ یوم پاکستان کی مرکزی تقریب شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں جاری ہے، جہاں مسلح افواج کے دستے اپنی بھرپور طاقت اور نظم کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

افواج پاکستان کی پریڈ کے مہمان خصوصی صدرآصف علی زرداری ہیں جبکہ سعودی عرب کے وزیر دفاع سمیت غیر ملکی مہمان بھی شریک ہیں۔

شکرپڑیاں پریڈ گراونڈ میں تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیرسمیت سروسزچیف موجود ہیں، اس کے علاوہ وفاقی وزرا ارکان اسمبلی اور پاکستان میں غیرملکی سفرا شریک ہیں۔

پاک فوج کے مختلف یونٹوں کے دستوں نے سلامی پیش کی جبکہ پاک فضائیہ کے جدید طیارے جے ایف 17، ایف سولہ اور میراج طیارے نے فضائی مظاہرہ کیا۔

صدر مملکت نے پریڈ کا معائنہ کیا اور تقریب سے خطاب کیا، پریڈ میں صوبوں کا خصوصی ثقافتی شو بھی جاری ہے اور فلوٹ مظاہرہ کر رہے ہیں جبکہ دفاع کے شعبہ میں پاکستان کی ترقی اور جدید اسلحہ کی نمائش کی جا رہی ہے۔

اس کے علاوہ مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔

نماز فجر کے اجتماعات میں ملک و ملت کی سلامتی اوراستحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، جبکہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے زیراہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے سیمینار اور کانفرنسوں کا انعقاد اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے عبدالرحمان کانجو کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن  نے این اے 154 لودھراں سے ووٹوں کی  دوبارہ گنتی میں کامیاب ہونے والے ن لیگ  کے امیدوار عبدالرحمان کانجو  کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154 لودھراں سے ووٹوں کی  دوبارہ گنتی  میں ن لیگ کے عبدالرحمان کانجو کامیاب قرار پائے تھے۔

الیکشن کمیشن نے این اے 154 لودھراں سے ن لیگ کے عبدالرحمان کانجو کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری  کردیا۔

اس سے پہلے الیکشن کمیشن نے اس حلقے سے آزاد امیدوار رانا فراز نون کو کامیاب قرار دیا تھا جس کے بعد عبدالرحمان کانجو نے دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی۔

دوبارہ گنتی میں این اے154 میں مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد بڑھ کر 20 ہزار 816 ہوگئی تھی۔