All posts by saqib

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بابر اعظم کو گاڑی دینے کا وعدہ پورا کردیا

 لاہور: پشاور زلمی کے اونر جاوید آفریدی نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے بابر اعظم کو کار کا تحفہ دیدیا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 میں اسٹار بیٹر نے سنچری بنائی تو جاوید آفریدی نے کہا تھا کہ پاکستان میں بنائی جانے والی ایم جی کار کو سب سے پہلے ڈرائیو کرنے کا موقع انہیں دیا جائے گا۔

babar car1

پیر کو پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے بابر اعظم کو کار کی چابی دے دی۔

babarcar2

یاد رہے کہ پشاور زلمی کے کپتان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ میں ناقابل شکست سنچری اسکور کی تھی۔

babarcar3

بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر 111 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تھی۔

7 اکتوبر کا حملہ روکنے میں ناکامی پر اسرائیلی انٹیلیجنس چیف مستعفی

اسرائیل کے انٹیلی جنس چیف نے 7 اکتوبر کے حملے کو روکنے میں ناکامی پر استعفیٰ دے دیا۔

اسرائیلی حکومت نے انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ اہارون ہالیوا کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔

وہ حماس کے حملے کو روکنے میں ناکامی پر سبکدوش ہونے والے پہلے اعلیٰ عہدے دار ہیں جس کے بعد فوج سے مزید افسران کے استعفوں کی توقع کی جارہی ہے۔

اہارون ہالیوا اپنے قائم مقام کا تقرر کرنے کے بعد اسرائیلی ڈیفنس فورس میں 38 سال خدمات انجام دیکر سبکدوش ہوجائیں گے۔

اہارون ہالیوا نے فوج کی طرف سے جاری کیے گئے استعفیٰ کے خط میں لکھا کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس نے اچانک حملہ کیا۔

انہوں نے لکھا کہ میرے زیر کمان انٹیلی جنس ڈویژن نے اُس کام کو پورا نہیں کیا جو ہمیں سونپا گیا تھا، میں تب سے اس سیاہ دن کو یاد رکھتا ہوں اور ہمیشہ اس خوفناک درد کو محسوس کروں گا۔

چند صارفین کی عدم ادائیگی پر سب کی بجلی منقطع کرنے والوں کیخلاف ایکشن ہوگا، ناصر شاہ

  کراچی: صوبائی وزیر توانائی و ترقیات و منصوبابندی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بجلی کے بل ادا نہ کرنے والے چند صارفین کی وجہ سے دیگر گھروں کی بجلی منقطع کرنا پاپبندی کے ساتھ بجلی کے بل جمع کرنے والوں کے ساتھ زیادتی ہے۔

کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت چند صارفین کی وجہ سے بل ادا کرنے والوں کو سزا دینے کے معاملے پر جلد ایکشن لے گی۔

وزیر توانائی سندھ نے اس موقع پر کہا کہ صوبہ میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو زائد بلنگ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بلاوجہ بجلی کاٹنے جیسی صارفین  کی بڑھتی ہوئی شکایات پر حکومت کو تشویش ہے جس کے تدارک اور چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کیلئے محکمہ توانائی سندھ حکمت عملی تیار کررہا ہے تاکہ صارفین کی شکایات کو دور کیا جاسکے اور اس حوالے سے جلد ہی ایکشن لیا جائے گا۔

ناصر حسین شاہ اپنے خطاب میں مزید کہا کہ متبادل توانائی وقت کی انتہائی اہم ضرورت ہے جبکہ صوبہ سندھ میں متبادل توانائی کے ذرائع لامحدود ہیں۔ محکمہ توانائی سندھ ان قدرتی متبادل توانائی کے ذرائع کے استعمال کرنے کیلئے عملی اقدامات میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کا وژن ہے کہ صوبے کے ہر گھر کو روشن کیا جائے اور انھیں سولرائیزیشن کے ذریعے بجلی فراہم کی جائے، اسی وژن کے تحت محکمہ توانائی سندھ صوبے کے انتہائی پسماندہ علاقوں کو پانچ لاکھ گھرانوں کو سولر سسٹم فراہم کررہا ہے، اسکے علاوہ عالمی بینک کے تعاون سے بھی دو لاکھ گھرانوں کو سولرائیزیشن کے ذریعے بجلی فراہم کرنے کا کام جاری ہے۔

تحریک انصاف کا ضمنی الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جمعے کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر برائے قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں بھی بدترین دھاندلی کر کے اپنے امیدواروں کو جتوایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے زیادہ لیگی امیدوار کو ووٹ ملنا ہی دھاندلی ہے، لاہور اور گجرات میں جعلی طور پر امیدواروں کو ہروایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نقل کیلیے بھی عقل چاہیے مگر بدقسمتی سے یہاں عقل کا فقدان ہے۔ عمر ایوب نے الزام عائد کیا کہ ڈی پی او گجرات بھی دھاندلی میں ملوث تھے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں دھاندلی کے خلاف جمعے کے روز احتجاج کریں گے، تحریک کا آغاز فیصل آباد سے ہوگا اور پانچ مارچ کو کراچی میں جلسہ ہوگا۔

بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن سے ضمنی الیکشن میں جیتنے والے امیدواروں کی کامیابی کے نوٹی فکیشن روکنے کی استدعا کرتے ہوئے عدالت سے مبینہ دھاندلی پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

بلوچستان میں پہلی ایئرایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان

کوئٹہ: بلوچستان میں حکومت نے صوبے کی پہلی ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ میرسرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ  بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار ایئر ایمبولینس کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔

میر سرفراز بگٹی  کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان کے دو طیاروں میں سے ایک کو ایئر ایمبولینس بنایا جائے گا اورپیپلز ایئر ایمبولینس مریضوں کی ہنگامی منتقلی کے لیے متعین ہوگی۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ہیلتھ سروسز سمیت تمام شعبوں میں سروس ڈلیوری کو بہتر بنایا جاررہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ سازی کی ترجیحات بدل کر خاطر خواہ نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

جمشید دستی اور اقبال خان کی رکنیت بحال، ایوان میں داخلے کی اجازت مل گئی

 اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی نے سنی اتحاد کونسل کے جمشید دستی اور اقبال خان کی رکنیت بحال کرتے ہوئے انہیں اجلاس میں شرکت کی اجازت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر ایاز صادق کی زیر قیادت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں پیش آئی آئی کے اراکین کی رکنیت معطل کرنے اور داخلے پر پابندی کے خلاف تحریک پیش کی۔

ایوان نے اس تحریک کو کثرت رائے سے منظور کیا جس کے بعد اسپیکر اسمبلی نے جمشید دستی اور اقبال خان کی ایوان میں داخلے پر پابندی کے احکامات واپس لے لیے۔

اسپیکر کے احکامات واپس لینے کے بعد جمشید دستی اور اقبال خان کی رکنیت بحال اور دونوں کو ایوان میں حاضری لگانے کی اجازت مل گئی۔

واضح رہے کہ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر ایاز صادق نے جمشید دستی اور محمد اقبال خان کی ہنگامہ آرائی اور آواز کسنے پر قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کردی تھی۔

کراچی میں کیا کیا غیر قانونی ہورہا ہے ہمیں بھی سب پتہ ہے، چیف جسٹس

  کراچی: سپریم کورٹ نے چوہدری خلیق الزماں روڈ کی کمرشلائزیشن کیخلاف درخواست پر ماسٹر پلان ڈیپارٹمنٹ، کے ایم سی اور کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو آئندہ سماعت پر مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کے روبرو کراچی رجسٹری میں چوہدری خلیق الزماں روڈ کی کمرشلائزیشن کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے بلڈر کے وکیل سے استفسار کیا کہ پلاٹ کی کمرشلائزیشن فیس کس کو ادا کی ہے۔

بلڈر کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ پلاٹ کی کمرشلائزیشن فیس ماسٹر پلان ڈیپارٹمنٹ کو دی ہے۔

چیف جسٹس قاضی عیسی فائز نے ریمارکس دیئے کہ کس کو پیسے کھلائے ہیں رسیدیں کہاں ہیں۔

بلڈر کے وکیل نے مؤقف دیا کہ سندھ ماسٹر پلان، کے ایم سی و دیگر کو پیسے دیے ہیں، مہلت دی جائے، رسیدیں پیش کردیں گے۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ ہم ادھر جانا نہیں چاہتے کہ بلڈر نے 22 منزلہ عمارت بنادی ہے، رسیدیں نہیں ہیں۔ کراچی میں کیا کیا غیر قانونی ہورہا ہے ہمیں بھی سب پتہ ہے۔ لیاری ڈولمپنٹ اتھارٹی، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ یا کسی کو بھی پیسے دئیے ہیں آپ کے ہاتھ صاف ہیں تو رسیدیں دیکھائیں۔

درخواستگزار کے وکیل عبید الرحمان ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ چوہدری خلیق الزماں روڈ کمرشلائز نہیں ہوسکتا ہے۔

عدالت نے ماسٹر پلان ڈیپارٹمنٹ، کے ایم سی اور کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو 25 اپریل کو مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت چوہدری خلیق الزماں روڈ کی کمرشلائزیشن سے متعلق ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔

درخواستگزار کو بلڈنگ کی کمرشلائزیشن کی مد میں کی گئی ادائیگی کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

علاقہ مکین عبد الستار نے رہائشی پلاٹ کو کمرشل میں تبدیل کرنے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ سندھ ہائیکورٹ سے درخواست مسترد ہونے پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا ہے۔

پشین : لیویز اہلکار کو شہید کرنیوالے 2 دہشتگرد آپریشن میں ہلاک

پشین کے سنزلہ پہاڑ میں سکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران لیویز اہلکار کو شہید کرنے والے دو دہشت گرد مارے گئے۔

ڈپٹی کمشنر نے آپرییشن کےدوران فائرنگ سے 2 دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی۔

انھوں نے کہا کہ پشین میں آپریشن میں متعدد دہشتگرد زخمی بھی ہوئے۔

ہلاک دہشت گرد رسالدار لیویز حمیداللہ کی شہادت میں ملوث تھے۔

 

 

ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی، پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔

اجلاس میں میں ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا جائزہ لیا جائے گا، اس کے ساتھ ہی مزاحمت کی حکمت عملی بھی زیرغور آئے گی۔

سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں الیکشن کی مبینہ دھاندلی میں حکومتی کردار کا تجزیہ بھی کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان، مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان، مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن اور سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا آج اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس کرینگے۔

حماس کے حملے روکنے میں ناکامی پر اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ نے استعفی دے دیا

اسرائیل کے سینئر ملٹری افسر اور انٹیلی کے سربراہ نے حماس کے حملے روکنے میں ناکامی پر استعفیٰ دے دیا ہے۔

فلسطین سے تعلق رکھنے والی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے اسرائیل پر تابڑ توڑ حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے جواب میں اسرائیل کی جانب سے اسپتالوں سمیت پبلک مقامات کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

تاہم اب اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ اہرون ہلیوا نے حملے روکنے میں ناکامی پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے اہرون ہلیوا حماس کے 7 اکتوبر کے حملے کے بعد سے مستعفی ہونے والے پہلی اور اعلیٰ شخصیت ہیں۔ اس حوالے سے اسرائیلی فوج کی جانب سے استعفیٰ تسلیم کرتے ہوئے ردعمل دیا ہے۔

اپنے بیان میں اسرائیلی فوج کی جانب سے اہرون ہلیوا کا شکریہ ادا کیا گیا ہے، جبکہ ان کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے تجزیے کے مطابق اعلیٰ فوجی افسر کا استعفیٰ دیگر فوجی افسران کے لیے بھی مستعفی ہونے کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔

واضح رہے حماس کی جانب سے فلسطین پر 7 اکتوبر کو تابڑ توڑ حملے شروع کیے گئے تھے، جس کے لیے اسرائیل کسی بھی طور پر تیار نہیں تھا۔ یہی وجہ تھی کہ اسرائیلی اداروں میں بھی اس ھوالے سے کھلبلی مچ گئی تھی۔

نواز شریف کا آج رات چین کے دورے پر روانگی کا امکان

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا آج رات چین کے دورے پر روانگی کا امکان ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کا دورہ چین 5 دن پر مشتمل ہوگا، وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا بھی نواز شریف کے ہمراہ روانہ ہونے کا امکان ہے۔

نواز شریف اور اسحاق ڈار چین کے دورے کے دوران وہاں کی اہم کاروباری، سرکاری اور حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

پاکستان اور ایران کا دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں اور تجارتی حجم بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں دہشت گردی کے خلاف دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے لیے آٹھ شعبہ جات میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیے گئے۔

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے، جہاں نور خان ائربیس پر وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی وزیرِاعظم ہاؤس پہنچے تو وزیرِاعظم شہباز شریف نے مہمان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم ہاؤس آمد کے موقع پر مسلح افواج کے دستوں کی جانب سے ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ وزیراعظم ہاؤس میں وفاقی کابینہ کے ارکان کا ایرانی صدر کے ساتھ تعارف کرایا گیا جب کہ ایرانی صدر نے بھی اپنے وفد کے ارکان کو وزیراعظم شہباز شریف سے متعارف کرایا۔

اسلام آباد کی ایک شاہراہ کو ایران ایونیو کا نام دے دیا گیا، دونوں شخصیات نے ایران ایونیو شاہراہ کا افتتاح بھی کیا۔ ایرانی صدر اور وزیراعظم شہباز شریف نے ارتھ ڈے کی مناسبت سے پودا بھی لگایا۔

بعد ازاں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی وزیراعظم شہبازشریف کے ساتھ و ن آن ون ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان نیک خواہشات کا تبادلہ ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد آپ پہلے سربراہِ مملکت ہیں جو پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم آپ کے اس دورے کا خیر مقدم کرتی ہے۔

ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے پاکستان آمد پر پُرتپاک استقبال کیے جانے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ایران پاکستان دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور مواصلاتی روابط بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان ایران مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔

ایرانی صدر اور وزیراعظم کی ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے بعدازاں دونوں جانب سے آٹھ شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، دونوں جانب سے وزرا نے باری باری آکر دستخط کیے۔

دونوں رہنماؤں نے مشترکہ طور پر میڈیا سے گفتگو بھی کی اور دہشت گردی کے خاتمے سمیت دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔

غزہ کے معاملے پر ایران نے مضبوط موقف اپنایا جو کہ قابل تعریف ہے، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غزہ کے معاملے پر ایران نے مضبوط موقف اپنایا جو کہ قابل تعریف ہے، 35ہزار مسلمان شہید کردیے گئے اور عالم اقوام و عالم اسلام خاموش ہے، ہمیں مل کر ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنی ہوگی، پاکستان فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح کشمیر کی زمین بھی بھارتی کی جانب سے ان کے لہو سے سرخ کردی گئی ہے پاکستان کشمیر میں بھی ظلم کو بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے، ایران نے کشمیر کے حق میں آواز بلند کی۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے صدر فقہ اور قانون پر مہارت رکھتے ہیں، ہمیں اپنی سرحدوں پر کاروبار کو وسعت دینی ہوگی، ہمیں موقع ملاہے کہ اپنی دوستی کو مزید مضبوط کریں، ایران کے آزادی کے بعد سب سے پہلے پاکستان کو تسلیم کیا۔

دونوں ممالک دہشت گردی، منظم جرائم اور منشیات کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں گے، ایرانی صدر

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین ہمارے لیے قابل احترام ہے، فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ ضروری ہے، فلسطین میں اسرائیلی ظلم کے خلاف پاکستان عوام کا ردعمل قابل تحسین ہے، غزہ کے عوام کی حمایت پر پاکستان کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، اقوام عالم، پاکستان اور دنیائے اسلام کو فلسطین کے لیے آواز بلند کرنی ہوگی۔

ایرانی صدر نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم اور نسل کشی پر پاکستان کے موقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، فلسطین کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کررہی، ایک دن فلسطین کے لوگوں کو ان کا حق مل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین ہمارے لیے قابل احترام ہے، پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات میں اضافے کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاک ایران کے درمیان مذہبی و ثقافتی تعلقات ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون ناگزیر ہے، دونوں ممالک دہشت گردی، منظم جرائم اور منشیات کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تجارت کے بہت مواقع ہیں ہمارا تجارتی حجم بہت کم ہے اسے بڑھانا ہوگا ، بارڈر مارکیٹ سے تجارت کا فروغ ہوگا اور نئی مواقع حاصل ہوں گے۔

دریں اثنا ایران کے صدر کی شام کو ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات ہوگی۔ صدر آصف علی زرداری ایرانی صدر اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔ ایرانی صدر آرمی چیف سید عاصم منیر، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ لاہور اور کراچی بھی جائیں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم ہاؤس آمد سے قبل ایرانی صدر سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی اورعلاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کوششوں پر زور دیا۔

دفترِ خارجہ

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق نئی منتخب جمہوری حکومت کے بعد سربراہِ مملکت کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ ایرانی صدر کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے۔ ایرانی وفد میں وزیرِ خارجہ، کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام کے علاوہ بڑا تجارتی وفد بھی شامل ہے۔ دورۂ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے حکام کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں تجارت، رابطے، توانائی اور زراعت سے متعلق امور پر بات چیت کی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق ملاقاتوں میں عوامی سطح پر رابطوں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا ایجنڈا بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں ایرانی صدر کے دورے کے دوران دہشتگردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت ہوگی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر کا دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے ایرانی صدر دورۂ پاکستان کے دوران اسلام آباد، لاہور اور کراچی جائیں گے۔

عمران خان کی لڑائی اسٹیبلشمنٹ سے نہیں وہ پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، شرجیل میمن

کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان کی لڑائی پیپلز پارٹی یا اسٹیبلشمنٹ سے نہیں، عمران خان پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔

پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ پاکستان کے خلاف ایک بہت بری اور گہری سازش کی جارہی ہے، اس سازش میں عمران خان کا ایک بہت بڑا کردار ہے، عمران خان کی لڑائی پیپلز پارٹی یا اسٹیبلشمنٹ سے نہیں، عمران خان پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ میں سمجھتا ہوں عمران خان کا ٹارگٹ ملک کو نقصان پہنچانا ہے عمران خان کی لڑائی کسی پارٹی سے نہیں اسٹیبلشمنٹ سے نہیں بلکہ ملک سے ہے عمران خان پاکستان کے خلاف سازش کر رہا ہے، ہم نے ایک شخص جس کا ریکارڈ اچھا نہیں تھا اسے اس ملک کا وزیر اعظم بنایا، عمران خان کو ملک پر تھوپا گیا تھا اور تاریخی دھاندلی ہوئی تھی۔
انہوں ںے کہا کہ عمران خان نے ایک ارب روپے بنی گالہ سے پرائم منسٹر ہاؤس ہیلی کاپٹر کے سفر میں خرچ کیے عمران خان نے ایمانداری کا ماسک پہنے رکھا تھا دو ہزار اٹھارہ کی سیاست میں بھارت اور اسرائیل کا پیسہ استعمال ہوا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ غدار یوٹیوبرز کو سمجھایا گیا کہ پاکستان کا غلط نقشہ پوری دنیا کے سامنے پیش کیا جائے عمران خان سب کو اقتدار کے لیے بلیک میل کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے لوگوں نے کوڑے کھائے، آصف علی زرداری نے جیل کاٹی، نوجوان نسل آنکھیں کھولیں،عمران خان اپنے بچوں کو لندن سے پاکستان بلوائیں اور تحریک چلائیں اس نے اپنے بچوں کو محفوظ رکھا ہوا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ججز کے خط تب کیوں نہیں آئے جب شہید بھٹو کو غیرقانونی طور پر قید میں رکھا گیا، بینظیر بھٹو کی منتخب حکومت گرائی گئی، یہ خط تب لکھے جاتے جب افتخار چوہدری اور ثاقب نثار جیسے کالے دور جاری تھے، یہ خط تب لکھے جاتے جب ثاقب نثار بدمعاشی کے ذریعی قانون کا تمسخر اڑا رہا تھا۔