All posts by saqib

لاہور میں پی ٹی آئی کا احتجاج؛ سلمان اکرم راجہ، لطیف کھوسہ گرفتار

 لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجہ کو پولیس نے لاہور میں احتجاج کے دوران گرفتار کر لیا۔

لطیف کھوسہ کے بیٹے بلخ شیر کھوسہ نے بتایا کہ ان کے والد لطیف کھوسہ کو پولیس نے صدر گول چکر سے گرفتار کر لیا ہے، گرفتاری کے وقت لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ میں اس وقت پولیس کی حراست میں ہوں۔

بلخ شیر نے بتایا کہ والد کی گاڑی تھانے میں ہے لیکن وہ یہاں نہیں ہیں، فکر مند ہیں کہ وہ کہاں ہیں، ان کی گاڑی لاہور کے تھانہ شمالی چھاؤنی میں موجود ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ کو بھی پولیس نے اچھرہ سے گرفتار کر لیا ہے، پولیس نے ایڈووکیٹ محمد مہر سلیم کو کارکنان سمیت گرفتار کر لیا۔

پی ٹی آئی کا لاہور اور راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں احتجاج جاری ہے۔

پی ایس ایل 9؛ لاہور قلندرز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف بیٹنگ کا فیصلہ

  کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے 28 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میچ کا آغاز شام 7 بجے ہوگا۔ پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 میچز کھیلنے کے بعد 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

پلے آف مرحلے میں پہنچنے کیلئے کوئٹہ کیلئے آج کا میچ جیتنا اہم ہوگا کیونکہ چوتھی پوزیشن کیلئے کراچی کنگز بھی میدان میں موجود ہے جس کا ابھی ایک میچ رہ گیا ہے اور وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے تاہم آج کا میچ ملاکر کوئٹہ کے دو میچ باقی ہیں۔

لاہور قلندرز پر آج کے میچ کا کوئی دباؤ نہیں ہوگا اور وہ صرف پی ایس ایل 9 کو خوش اسلوبی کے ساتھ ختم کرنے کی کوشش کرے گئی۔

اعزاز کے دفاع میں ناکام لاہور قلندرز 9 میچز میں سے 7 میں شکست کھاچکی ہے، وہ محض ایک کامیابی اور ایک میچ فیصلہ کن نہ ہونے کے سبب 3 پوائنٹس کے ساتھ ایلیمنٹری راؤنڈ کی دوڑ سے الگ ہو کر چھٹے اور آخری نمبر پر ہے۔

آصف زرداری نے صدر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

 اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے دوسری مرتبہ صدر پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے آصف زرداری سے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں چاروں صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ موجود تھے، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔

تقریب میں سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، قائد مسلم لیگ ن نواز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، بلاول بھٹو، بختاور بھٹو، آصفہ بھٹو زرداری شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

گزشتہ روز، ملک کے 14 ویں صدر کے انتخاب کے لیے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ہوئی۔ قومی اسمبلی میں پریزائیڈنگ افسر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق رہے، صدارتی الیکشن میں سینیٹر شیری رحمان آصف علی زرداری کی پولنگ ایجنٹ رہیں جبکہ سینیٹر شفیق ترین محمود خان اچکزئی کے پولنگ ایجنٹ مقرر کیے گئے تھے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوئے۔ نتائج کے مطابق حکومتی اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری نے 411 الیکورل ووٹ حاصل کر کے انتخاب جیت لیا جبکہ سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے 181 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے۔

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب

ملک میں رمضان المبارک سن 1445ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل پشاور میں ہوگا۔

رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا محمد عبد الخبیر آزاد نے کل 11 مارچ بروز پیر کو اجلاس طلب کیا ہے۔

اس کے علاوہ مولانا محمد عبدالخبیر نے پاکستانی عوام سے بھی چاند دیکھنےکی اپیل کی ہے۔

اس موقع پر مولاناعبدالخبیرآزاد نے کہا کہ خواہش ہے ملک بھر میں ایک ہی دن رمضان المبارک کے بابرکت ماہ کا آغاز ہو۔

دوسری جانب امریکا اورکینیڈا میں کل سے رمضان المبارک کا آغاز ہو جائے گا۔

امریکا اورکینیڈا میں طے شدہ مسلم کیلنڈرپر چلنے والے سینٹرز  پیر 11 مارچ کو پہلاروزہ رکھیں گے۔

امریکا کینیڈا میں چاند دیکھ کر آغاز رمضان والی مساجد اور تنظیمیں آج رویت ہلال اجلاس کریں گی۔

رمضان المبارک کے چاند کیلیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا

 اسلام آباد: رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس کل ہوگا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رمضان المبارک 1445 ہجری کے چاند کی رویت کیلئے چیئرمین مولانا عبدالخبیر کی زیر صدارت مرکزی اجلاس 11 مارچ بروز پیر بمطابق 29 شعبان بعد نماز عصر پشاور میں منعقد ہوگا۔

اس کے علاوہ دیگر زونل و ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر بیک وقت منعقد کیے جائیں گے۔ چاند سے متعلق حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر کریں گے۔

مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تمام اہلیان پاکستان سے اپیل ہے کہ ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کا اہتمام فرمائیں، اللہ تعالیٰ سے دعاء ہے کہ ہمارے ملک کو اس دفعہ بھی ایک ہی دن روزہ عطاء فرمائے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے گیارہ مارچ کو ماہ صیام کا چاند نظر آنے کی پیش گوئی کی ہے۔

سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسران مقرر

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کے لیے ریٹرننگ افسران مقرر کردیے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق چاروں صوبوں سے سینیٹ کی سات، 7 جنرل نشستوں 2، 2 خواتین اور 2،2 ٹیکنوکریٹ نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔

اس کے علاوہ پنجاب اور سندھ سے 1، 1 اقلیتی نشست پر بھی انتخاب ہوگا جبکہ اسلام آباد کی 1 جنرل اور 1 ٹیکنوکریٹ نشست پر انتخاب ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ چاروں صوبوں میں سینیٹ انتخابات کے لیے متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر ریٹرننگ افسران مقرر کیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد کے لیے ڈی جی ٹریننگ الیکشن کمیشن ریٹرننگ افسر کو مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات اپریل کے پہلے ہفتے میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انتخابات کیلئے پولنگ تین اپریل کو قومی و چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔

سندھ اور پنجاب سے 12،12 اور اسلام آباد کے 2 سینیٹرز کا انتخاب ہوگا جبکہ خیبر پختوانخوا اور بلوچستان سے 11،11 نئے سینیٹرز منتخب ہوں گے۔

 

آصف زرداری کو صدارتی پروٹوکول اور سیکیورٹی فراہم، اہم سامان ایوان صدر منتقل

نومنتخب صدر آصف علی زرداری کو صدارتی پروٹوکول اورسیکیورٹی فراہم کر دی گئی جبکہ ان کا اہم سامان ایوان صدر منتقل کر دیا گیا۔

گزشتہ روز صدارتی الیکشن جیت کر دوسری مرتبہ صدر منتخب ہونے والے آصف علی زرداری آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

آصف علی زرداری واحد سویلین ہیں جو دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوئے ہیں، آصف علی زرداری نے 411 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے نامزد کردہ امیدوار محمود خان اچکزئی کو 180 الیکٹورل ووٹ ملے۔

پاکستان کے 14ویں صدرمملکت کی حلف برداری کی تقریب آج شام 4 بجے ایوان صدرمیں ہوگی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نومنتخب صدرسے حلف لیں گے۔

حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف ، چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوں گے جبکہ مخلف ممالک کے سفیروں کو بھی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کو صدارتی پروٹوکول اور سکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے، آصف علی زرداری حلف برداری کی تقریب سے قبل ایوان صدر منتقل ہو جائیں گے۔

نو منتخب صدر آصف زرداری کا اہم سامان ایوان صدر منتقل کر دیا گیا ہے، سامان آصف زرداری کی پرسنل سیکرٹری رخسانہ بنگش کی نگرانی میں ایوان صدر منتقل کیا گیا۔

مراکش کے فٹبالر کی سابق اہلیہ نے ایک سال بعد طلاق کی وجہ بتا دی

مراکش سے تعلق رکھنے والے فٹبالر اشرف حکیمی کی سابق اہلیہ نے علیحدگی کے ایک سال بعد خاموشی توڑ دی ہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2022 میں اپنی کارکردگی کے باعث سب کی توجہ حاصل کرنے والے مراکش کے فٹبالر اشرف حکیمی کی سابق اہلیہ حبہ ابوق نے باقاعدہ طور پر اپنے اور فٹبالر کے درمیان علیحدگی پر تبصرہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں حبہ کا کہنا تھا کہ خیانت محبت کو ختم کر دیتی ہے، سابق اہلیہ نے مختلف چیزوں پر بات کی تھی۔

37 سالہ ماڈل کا کہنا تھا کہ طلاق سمیت مختلف لمحات ان کی زندگی کے مشکل ترین لمحات تھے۔

رپورٹر کے سوال پر حبہ کا کہنا تھا کہ آپ کو بہت دیر تک چیزوں کو سوچنا اور سمجھنا ہوتا، اس پر مباحثہ کرنا ہوتا، بعدازاں نتیجہ نکلتا ہے، لیکن دھوکہ محبت کو مار ڈالتا ہے۔

حبہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے کئی مرتبہ فٹبالر کو معاف کیا تھا، تاہم ’ یہ میرے لیے مشکل ترین فیصلہ تھا، کیونکہ میں نے اپنے والدین اور خاندان کے لیے سب کچھ چھوڑ دیا تھا، میں اپنے شوہر کو چھوڑ چکی ہوں، اور اب ایک نئی زندگی کی طرف جانے کی کوشش کر رہی ہوں’۔

واضح رہے مراکش ٹیم کے فٹبالر اشرف حکیمی اور حبہ ابوق کی شادی 2020 میں ہوئی تھی، جبکہ دونوں کے 2 بچے امین اور نعیم بھی ہیں، تاہم 2023 میں ایک خاتون نے فٹبالر پر زیادتی کا الزام عائد کیا تھا، جس کے بعد دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی۔

دوسری جانب غیر ملکی میڈیا کے مطابق طلاق کے بعد حبہ نے سابق شوہر سے 11 ملین ڈالرز نان نفقہ مانگا تھا، جبکہ سابق شوہر نے 2 اعشاریہ 2 ملین ڈالرز دینے کی پیشکش کی تھی۔

تاہم اس خبر نے سب کو حیران کر دیا تھا کہ فٹبالر نے اپنی ساری جائیداد اپنی والدہ کے نام کر دی ہے، جس پر سابق اہلیہ نے عدالت سے رجوع کیا تھا، جس میں موقف اختیار کیا تھا کہ سابق شوہر نے فراڈ اور ازدواجی جائیداد سے متعلق بد انتظامی کی ہے۔

جائیداد والدہ کے نام منتقل کرنے پر والدہ کا موقف بھی سامنے آیا تھا، والدہ کا کہنا تھا کہ مجھے علم نہیں ہے کہ میرے بیٹے نے کب اپنی جائیداد میرے نام کی ہے، اگر اس نے ایسا کیا ہے، تو اس عورت سے جان چھڑانے کے لیے کیا ہوگا۔

عوام کو قطاروں میں نہیں لگنے دیں گے، گھروں میں ان کا حق پہنچائیں گے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گھروں میں رمضان پیکج کی ترسیل کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا حکم دے دیا اور کہا کہ عوام کو قطاروں میں نہیں لگنے دیں گے، ان کے گھروں میں ان کا حق پہنچائیں گے، رکاوٹ یا غفلت برداشت نہیں کروں گی۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے بغیر اطلاع پونچھ ہاؤس میں قائم صوبائی ماڈل رمضان بازار کنٹرول روم جا کر مانیٹرنگ کاجائزہ لیا۔

مریم نواز نے ڈسٹرکٹ،ڈیش بورڈ اورپی آئی ٹی بی کے ڈیش بورڈ کا مشاہدہ کیا اور قیمت ایپ ڈیش بورڈ کا بھی جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے گھروں میں رمضان پیکج کی ترسیل کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے رمضان پیکیج کی گھروں میں ترسیل کی مانیٹرنگ کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ عوام کو ان کا حق ان کی دہلیز پر پہنچانا چاہتے ہیں، رکاوٹ یا غفلت برداشت نہیں کریں گے، عوام کو قطاروں میں نہیں لگنے دیں گے، ان کے گھروں میں ان کا حق پہنچائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان پیکیج اوردیگر امور کے بارے میں ڈسٹرکٹ سکور کارڈبنایا جائے گا، خلاف ورزی کی صورت میں نمبر کم ہوں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے گھر میں ترسیل کی اطلاع بھی ڈیش بورڈ میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 10رمضان تک تمام ضرورت مندوں تک رمضان نگہبان پیکیج پہنچ جائیں گے۔

چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر، سیکرٹری انڈسٹری احسان بھٹہ، ڈی جی انڈسٹریز آصف علی فرخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

چینی صدر شی جن پنگ کی آصف زرداری کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

چین کے صدر شی جن پنگ نے آصف زرداری کو دوسری بار پاکستان کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

چینی صدر نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پاک چین دوستی تاریخ کا انتخاب اور عوام کا قیمتی خزانہ ہے، دونوں ملک اچھے پڑوسی، دوست، شراکت دار اور بھائی ہیں۔

شی جن پنگ نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین نے قریبی اعلیٰ سطحی تبادلے کو برقرار رکھا ہے اور دونوں ملکوں نے سی پیک کی تعمیر میں نتیجہ خیز نتائج حاصل کیے ہیں۔

واضح رہے کہ آصف علی زرداری گزشتہ روز بھاری اکثریت سے دوسری بار صدر پاکستان منتخب ہوگئے ہیں وہ آج شام اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

خیبرپختونخوا: صحت کارڈ پر متعدد طبی سہولیات سرکاری اسپتالوں تک محدود رکھنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ کے ذریعے علاج کی متعدد طبی سہولیات کو سرکاری اسپتالوں تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یکم رمضان المبارک سے صوبہ بھر میں صحت کارڈ پلس پر خدمات کی بحالی سے متعلق انشورنس کمپنی کے زونل ہیڈز کے نام مراسلے لکھے گئے تھے، تاہم اب انشورنس کمپنی نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق صحت کارڈ پر سی سیکشن، انجیو گرافی، اپینڈیکس کا علاج سرکاری اسپتال میں ہوگا۔ پتھری، ٹانسل، آنکھ اور ناک کا علاج بھی سرکاری اسپتال میں ہوگا۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ پلس کی بحالی کیلئے ایک روز قبل انشورنس کمپنی کے زونل ہیڈز کے نام مراسلے لکھے گئے تھے۔ مراسلے پشاور اور سوات زون کے زونل ہیڈ کے نام لکھے گئے۔

مراسلے میں لکھا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ 7 مارچ کو وزیراعلیٰ ہاﺅس میں اجلاس ہوا، جس میں علی امین گنڈا پور نے انشورنس کمپنی کو صحت کارڈ پلس کی بحالی کی ہدایت کی۔

مراسلے کے مطابق صحت کارڈ کی بحالی خیبرپختونخوا کے 100 فیصد آبادی کے لئے کی گئی ہے۔ یکم رمضان المبارک سے صوبہ بھر میں صحت کارڈ پلس پر خدمات بحال ہوجائیں گی۔

اس حوالے سے مراسلے میں کہا گیا تھا کہ مریضوں کی سہولیات کے لئے تمام اسپتالوں میں کاﺅنٹرز کا قیام یقینی بنایا جائے، اسپتالوں میں پروگرام کی برانڈنگ اور ہیلپ لائن نمبرز کی نمائش کی جائے، تمام مریضوں کو بلا تعطل خدمات فراہم کی جائیں۔

الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کا حتمی نتیجہ جاری کردیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے صدارتی انتخاب کا حتمی نتیجہ جاری کردیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے بطور ریٹرننگ افسر صدارتی انتخاب کا حتمی نتیجہ فارم 7 پر جاری کیا، جس کے مطابق آصف علی زرداری صدارتی انتخابات میں صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری کیے گئے فارم 7 کے مطابق صدارتی انتخابات میں کُل ایک ہزار 44 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 1035 ووٹ درست قرار پائے جبکہ 9 ووٹ مسترد ہوئے، آصف زرداری 411 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل محمود خان اچکزئی 181 ووٹ حاصل کر سکے۔

فارم 7 کے مطابق آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ سے 255، سندھ اسمبلی سے 58، خیبرپختونخوا اسمبلی سے 8، پنجاب اسمبلی سے 43 اور بلوچستان اسمبلی 47 ووٹ حاصل کیے

محمودخان اچکزئی نے پارلیمنٹ سے 119، سندھ اسمبلی سے 3، خیبرپختونخوا اسمبلی سے 41، پنجاب اسمبلی سے 18 ووٹ حاصل کیے جبکہ محمودخان اچکزئی کو بلوچستان اسمبلی سے کوئی ووٹ نہیں ملا۔

الیکشن کمیشن نے صدارتی الیکشن کا حتمی نتیجہ سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو بھجواتے ہوئے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو مراسلہ جاری کردیا، جس میں حتمی نتیجہ بھی شامل ہے۔

الیکشن کمیشن نے سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو آصف علی زرداری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

خیال رہے کہ نو منتخب صدر آصف علی زرداری آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔