All posts by admin

ورلڈ بینک کی سرکاری نوکریاں منجمد کرنے کی تجویز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ورلڈ بینک نے پاکستان کو معاشی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سرکاری بھرتیوں اور تنخواہوں کو منجمد کرنے سمیت متعدد تجاویز دے دیں۔
اس ضمن میں جاری رپورٹ کے مطابق ورلڈ بینک نے پاکستان کی حالیہ معاشی ترقی اور خدشات پر رپورٹ جاری کی جس میں تجویز دیتے ہوئے کہا کہ حکومت گاڑیوں کی خریداری بند کرے، پبلک سیکٹر اداروں کی سبسڈی اور قرضوں کی فراہم ختم کریں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان معاشی اصلاحات کے ذریعے پائیدار نمو حاصل کرسکتا ہے۔اخرجات کم کرنے کیلئے روایتی رجعت پسندانہ سبسڈی کی فراہمی کم کی جائے، بجلی کی سبسڈی ختم کی جائے، بجلی کی ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی بہتر کی جائے۔
آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے معاملے پر پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں، امریکی سفیر
رپورٹ میں کہا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ اور قومی، سماجی، معاشی رجسٹری کے ذریعے گیس کی نقد سبسڈی دیں، پیٹرولیم سبسڈی ختم کریں یا کم کریں۔
اسی طرح ٹیوب ویل سبسڈی ختم کریں، یہ بےجا صرف کی ترغیب دیتا ہے، گندم کی سپورٹ پرائس سبسڈی سے بڑے زمینداروں کو فائدہ ہے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی کی مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں پر حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے اسرائیلی فورسز کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے اندر فلسطینی نمازیوں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
ایوان صدر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ افسوس کہ اسرائیل نے مذہبی مقامات کے تقدس سمیت انسانیت کے کسی بھی اصول کا خیال نہیں رکھا۔
صدر نے کہا کہ ہمیں رمضان کے مقدس مہینے میں نمازیوں پر گھناؤنے حملے میں بربریت کی انتہا دیکھنے کو ملی، عالمی برادری پرامن عبادت گزاروں کیخلاف وحشیانہ اور غیرانسانی فعل کی مذمت کرے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان الثانی کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان الثانی نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔
قطری سفیر نے چیئرمین سینیٹ کو قطر کی شوریٰ کونسل کے سپیکر حسن بن عبداللہ الغنیم کی جانب سے شکریہ کا خط پہنچایا، خط میں قطر کے لیے سینیٹ کی متفقہ قرارداد پر شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
قرارداد میں قطر اور اس کی قیادت کو کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی گئی تھی، ملاقات کے دوران قطری سفیر نے پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے لوگوں کے درمیان رابطوں کو بڑھانے اور تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، چیئرمین سینیٹ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں قطر کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔
صادق سنجرانی نے قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی آمادگی کا اظہار کیا اور سفیر کو تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
ملاقات دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں ہوئی جو قطر اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ دونوں اطراف نے آنے والے برسوں میں اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور متنوع بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

نظریہ ضرورت رد کر کے سپریم کورٹ آئین کے ساتھ کھڑی ہوئی: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی انصاف سے آتی ہے، آزادی کی جدو جہد کیلئے مرنے والا انسان شہید ہوتا ہے۔
افطاری کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہر ضلع سے 3 کارکنوں کا انتخاب کروں گا، منتخب کارکنوں کو ایک مخصوص نمبر دوں گا، کارکن اپنے اضلاع کے مسائل سے آگاہ کریں گے، کل سے انٹرویو شروع کر رہا ہوں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ آپ کی رائے بھی انٹرویوز کے وقت ذہن میں رکھوں گا، حقیقی آزادی آسانی سے پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملتی قربانیاں دینی پڑتی ہیں، سپریم کورٹ آئین کے ساتھ کھڑی ہوئی اور نظریہ ضرورت کو رد کردیا، ایسا فیصلہ دیا جو ماضی میں عدالتیں ایسا فیصلہ نہیں کرتی تھیں۔
عمران خان نے کہا کہ ماضی میں عدالتیں طاقتور اور نظریہ ضرورت کے ساتھ چلتی تھیں، جب قوم آئین کے مطابق فیصلے کرتی ہے تو قوم آزاد ہو جاتی ہے، غلام قومیں نظریہ ضرورت کے تحت فیصلے کرتیں ہیں، ہماری جدو جہد آزادی کی جدو جہد ہے، جب آپ لوگ اپنے حلقے میں جائیں تو لوگوں کو حقیقی آزادی کی تبلیغ کریں۔

عمران خان کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش نہیں ہوں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش نہیں ہوں گے۔
عمران خان کے وکیل نے بتایا کہ کل سابق وزیر اعظم کے 8 کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہیں، مختلف وجوہات کی بنیاد پر کل عمران خان اسلام آباد نہیں آئیں گے۔
وکیل نعیم حیدر پنجوتھا نے مزید بتایا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی حاضری معافی کے لئے درخواست کل ہی دائر کریں گے۔

سکیورٹی فورسز کا شین وارسک میں آپریشن،8 دہشتگرد ہلاک، سپاہی شہید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے شین وارسک میں خفیہ معلومات پر آپریشن کیا جس کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک جبکہ سکیورٹی فورسز کا ایک جری جوان وطن کی راہ میں شہید ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن دہشت گردوں کی کمین گاہوں پر کیا گیا، دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں 8 دہشتگرد واصلِ جہنم ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جہنم رسید ہونے والوں میں دہشت گردوں کا کمانڈر جان محمد عرف چراغ بھی شامل ہے، دہشتگردوں کی کمین گاہوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔
انٹرسروسز ریلیشنز کے مطابق دہشتگرد معصوم افراد کے قتل و غارت اور سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں میں سرگرم تھے۔
دوران آپریشن دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے بہادر سپاہی حامد رسول (31 سال) نےجام شہادت نوش کیا جبکہ دو آفیسرز اور دو جوان شدید زخمی ہو گئے۔
سپاہی حامد رسول دہشتگردوں کے کمپاؤنڈ کلیئرنس کے دوران شہید مادرِ وطن کے جانباز سپاہی دہشت گردی کے ناسُور کو مٹانے کیلئےاپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے رہیں گے۔

پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا: اتحادی جماعتوں کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں مولانا فضل الرحمان، آصف زرداری، مریم نواز سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ ویڈیو لنک پر نواز شریف بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور آئینی بحران پر تفصیلی مشاورت کی گئی، قانونی ٹیم کی جانب سے سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ کے فیصلے کے محرکات پر بریفنگ دیتے ہوئے مختلف آئینی و قانونی آپشنز سیاسی قیادت کے سامنے رکھے گئے، قانونی ٹیم نے عدالتی حکم کو ناقابل عمل قرار دے دیا۔
ذرائع کے مطابق لیگل ٹیم نے اجلاس کو بتایا کہ ادھورے فیصلے پر عملدرآمد ممکن نہیں ہو گا، اس موقع پر شرکاء نے 3 رکنی بینچ کے فیصلے کو متنازع قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی معاملے سے متعلق نامکمل فیصلے پر تشویش ہے اور وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارلیمان کی بالادستی کیلئے ٹکراؤ کی راہ اپنانے کی تجویز دے دی جبکہ نواز شریف اور مریم نواز نے بینچ میں شامل ججز کیخلاف ریفرنس دائر کرنے پر اصرار کیا۔
اجلاس میں سیاسی قائدین نے کہا کہ سول بالادستی اور پارلیمان کے استحکام کیلئے ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، پارلیمنٹ کی بے توقیری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، فل کورٹ نہ بنا کر انصاف کا قتل کیا گیا، پارلیمنٹ اپنی بالادستی تسلیم کروائے، اب بھی معذرت خواہانہ رویہ اختیار کیا تو بہت نقصان ہوگا۔
اجلاس کے آخر میں تمام قانونی آپشن استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ججز کے خلاف ریفرنس لانے پر بھی غور ہوا اس حوالے سے وزیراعظم نے قانونی ٹیم کو ٹاسک بھی سونپ دیا، ریفرنس کی منظوری کیلئے کل کابینہ کا اجلاس طلب کیے جانے کا امکان ہے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر

لاہور: (ویب ڈیسک) شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہو گیا، لیسکو کے 340 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔
فیڈرز ٹرپ ہونے و دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے، مناواں،علی پارک، نیو شاد باغ، کاہنہ اور کوٹ لکھپت کی بجلی بند ہو گئی۔
کچا جیل روڈ، بیڈن روڈ ،بھٹہ چوک، نادرآباد، ڈیفنس میں بھی بجلی بند ہے، فیصل پارک، داتا نگر، شاد باغ، پرانا کاہنہ اور نشتر کالونی بھی اندھیرے میں ڈوب گئی۔
والٹن روڈ، گلبرگ، مکہ کالونی داتا نگر، باغبانپودہ، امین پارک اور شالیمار کے متعدد علاقوں میں بجلی بند ہے بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ملک کے تمام شہری لاہور سے بھی ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکیں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے خواہشمند حضرات کیلئے اچھی خبر، ملک کے کسی بھی حصے سے تعلق رکھنے والے شہری لاہور سے ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکیں گے۔
دوسرے اضلاع اور صوبوں کے لاکھوں شناختی کارڈ ہولڈرز اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے شہری بھی لاہور سے لائسنس حاصل کر سکیں گے، اس سے پہلے صرف لاہور کے شناختی کارڈ ہولڈرز کو لاہور سے لائسنس بنوانے کی سہولت میسر تھی۔
لائسنس کے حصول کے خواہشمند افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ لرنر پرمٹ کیلئے شناختی کارڈ اور ایک نقل کے ہمراہ کسی بھی لائسنس سنٹر پر تشریف لائیں، لرنر پرمٹ کے 42 یوم بعد مستقل لائسنس کے حصول کیلئے سائن و روڈ ٹیسٹ لیا جائے گا، ٹیسٹ کلیئر کرنے والوں کو لائسنس ایشو کر دیا جائے گا۔
شہریوں کی آسانی کیلئے لبرٹی مارکیٹ اور مناواں سنٹر کو 24/7 کیا جا چکا ہے، ارفع کریم ٹیسٹنگ سنٹر، گریٹر اقبال، ڈیفنس سنٹر اور بحریہ ٹاؤن سنٹر صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک لائسنس سروسز فراہم کر رہے ہیں، شہر میں 3 موبائل وینز، 23 لائسنس سنٹرز اور 6 ٹیسٹنگ سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔

شہر لاہور میں تیز آندھی، طوفانی ہوائیں، میٹرو بس کے ٹریک پر پول لائٹ گر گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) صوبائی دار الحکومت میں تیز آندھی اور طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش کے باعث میٹرو بس کے ٹریک پر پول لائٹ گر گئی۔
پول لائٹ گرنے کا واقعہ میٹرو اٹاری سٹیشن کے قریب پیش آیا، میٹرو ٹریک پر پول لائٹ گرنے سے میٹرو بس سروس معطل ہو گئی۔
امدادی ٹیموں کی جانب سے پول لائٹ ہٹانے کے لیے کام شروع کر دیا گیا، میٹرو ٹریک پر پول لائٹ گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اعجاز احمد شاہ نے این اے 118 میں ضمنی الیکشن کیلئے پی ٹی آئی کی ٹکٹ جمع کرا دی

ننکانہ صاحب: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے حلقہ این اے 118 میں ضمنی الیکشن کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی ایم این اے کی ٹکٹ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کو جمع کرا دی۔
واضح رہے کہ یہ نشست پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران احمد خاں نیازی نے جیتی تھی، عمران خان اس سیٹ سے ریزائن دے چکے ہیں اور یہ سیٹ خالی ہے۔
30 اپریل کو اس سیٹ پر ضمنی الیکشن ہوں گے، اس موقع پر جمیل حسن المعروف گڈ خاں اور تحریک انصاف کے کارکنان بھی سابق وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کے ساتھ موجود تھے۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے ملاقات کی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سید محمد علی حسینی نے سربراہ پاک فضائیہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے وسیع منصوبوں پر روشنی ڈالی۔
سربراہ پاک فضائیہ نے اتحادی ممالک سے سمارٹ ایکوزیشنز، انفراسٹرکچر کی توسیع اور ٹریننگ کی از سر نو تشکیل کے مختلف منصوبوں کا ذکر کیا، ائیر چیف نے دونوں ممالک کی افواج کے مابین عسکری تعاون اور تربیتی شعبے میں پہلے سے موجود دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاکستان، ایران کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور ہم آہنگی پر مبنی ہیں، پاک فضائیہ کی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت قابلِ تحسین ہے۔
ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا، ایرانی سفیر نے تربیتی شعبے اور نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں دوطرفہ عسکری تعلقات اور ہوا بازی کی صنعت میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایرانی سفیر کی سربراہ پاک فضائیہ کے ساتھ یہ ملاقات دونوں ممالک کی جانب سے پرامن اور مستحکم خطے کے لیے باہمی اشتراک کے عزم اور لازوال دوستی کا مظہر ہے۔

3 رکنی بینچ کا فیصلہ، ایسا بھیانک منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا: وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیاسی قائدین کا اہم اجلاس ہوا جس میں مولانا فضل الرحمان، آصف زرداری، مریم نواز سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ ویڈیو لنک پر نواز شریف بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا، قانونی ٹیم کی جانب سے عدالتی فیصلے کے محرکات پر بریفنگ دیتے ہوئے مختلف آئینی و قانونی آپشنز سیاسی قیادت کے سامنے رکھے گئے، قانونی ٹیم نے عدالتی حکم کو ناقابل عمل قرار دے دیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف، آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان سمیت تمام قائدین کو خوش آمدید کہتا ہوں، عدالت میں چار، تین کے فیصلے کو اگنور کیا گیا، ایک قرارداد پہلے لائی گئی اور ایک قرارداد کل پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ اس طرح کا کھلواڑ پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آیا، دیکھتی آنکھوں نے ایسا بھیانک منظر پہلے نہیں دیکھا، سیاسی پارٹیوں کی درخواست کو مسترد کیا گیا، کل 3 رکنی بینچ کے فیصلے کے مطابق حکومت نے فنڈز مہیا کرنے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 11 تاریخ کو فنڈز کی ادائیگی کے حوالے سے سپریم کورٹ کو رپورٹ پیش کرنی ہے، 17 اپریل تک پنجاب حکومت نے سکیورٹی مہیا کرنی ہے، چار تین کے فیصلے کو پہلے سرکلر کے ذریعے، پھر ایک 6 رکنی بینچ بیٹھا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کل کابینہ اجلاس میں تفصیلی بات چیت ہوئی، وزیر قانون، خواجہ سعد رفیق، مولانا اسعد محمود نے ایوان میں تفصیلی گفتگو کی، مشاورت کے بعد ہم ٹھوس فیصلے کریں گے، آئین اور قانون کے ساتھ سنگین مذاق کیا جا رہا ہے، قوم کی قسمت کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 3 رکنی بینچ کی سرابرہی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کی جس کی کارروائی سرکلر سے ختم کی گئی، سپریم کورٹ میں جس طرح کیس کی سماعت ہوئی سب کے سامنے ہے، سپریم کورٹ نے فل کورٹ کی استدعا کو رد کر دیا۔