All posts by admin

بلوچستان کے 1 لاکھ مستحق خاندان کیلئے راشن کا اعلان

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت کی روشنی میں بلوچستان کے 1 لاکھ مستحقین خاندان کیلئے راشن کا اعلان کر دیا گیا۔
وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا دل غریب عوام کیلئے دھڑکتا ہے، رمضان پیکیج کا مقصد اپنے غریب بہن بھائیوں کو اکیلے نہیں چھوڑنا ہے، بلوچستان میں سیلاب اور بارشوں سے پہلے ہی بہت زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت اپنے محدود وسائل میں ہر ممکن امداد کر رہی ہے، یہ کوئی خیرات نہیں، بلوچستان کی عوام کا پیسہ ہے انہی پر خرچ کیا جارہا ہے۔
میر ضیا لانگو نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت ہے کہ ہر صورت غریبوں کی دہلیز تک رمضان پیکیج کے ثمرات پہنچانا ہیں، تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ رمضان راشن پیکیج میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائیگی۔
صوبائی وزیرداخلہ نے کہا کہ حکومت اپنی بھرپور کوشش کر رہی ہے، مخیر حضرات سے بھی گزارش ہے کہ اپنے آس پاس سفید پوش لوگوں کا خصوصی خیال رکھیں، عوام سے گزارش ہے کہ رمضان راشن پیکیج کی بروقت ترسیل کیلئے ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں۔

پنجاب میں عام انتخابات، پی ٹی آئی امیدواروں کے کل سے انٹرویوز شروع ہوں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں انتخابات کیلئے امیدواروں کے تعین کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
عمران خان کی زیرِ صدارت مرکزی قائدین کا اہم ترین اجلاس ہوا جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر، مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری اور مرکزی نائب صدر سینیٹر اعجاز چودھری سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں پنجاب کے عام انتخابات کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز کا کل سے آغاز کرنے پر اتفاق ہوا، پنجاب کے امیدواروں کے تعین کا عمل ایک ہفتے میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس دوران قانون کی بالادستی اور آئین کے تحفظ کیلئے وکلاء کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا، آئین و عدلیہ پر یلغار اور انتخاب کو التواء میں ڈالنے کی کوششوں کی مزاحمت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

عمران خان اور شہباز شریف کل ایک ہی دن اسلام آباد ہائیکورٹ آئیں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم عمران خان اور موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف کی کل ایک ہی دن اسلام آباد ہائی کورٹ آمد ہو گی۔
عمران خان کل 8 کیسوں میں عبوری ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے، عمران خان کے کیسوں کی سماعت 1 بجے مقرر ہے۔
موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف بھی کل اسلام آباد ہائی کورٹ تقریب میں شرکت کریں گے، شہباز شریف کل اسلام آباد ہائی کورٹ کی پارکنگ میں لائرز کمپلیکس کا افتتاح کریں گے۔
شہباز شریف اسلام آباد بار کونسل کی دعوت پر وکلاء کمپلیکس کا افتتاح کریں گے، عمران خان اور شہباز شریف کی ہائیکورٹ آمد پر فول پروف سکیورٹی تعینات کی جائے گی۔

پی ٹی آئی کا عیدالفطر کے بعد انتخابی جلسے کرنے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس میں پی ٹی آئی کی طرف سے عید الفطر کے بعد انتخابی جلسوں کے آغاز کا اعلان کر دیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے زیر صدارت سینئر رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ختم ہو گیا، اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں پی ٹی آئی کے انتخابی جلسوں کے شیڈول پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ عمران خان عیدالفطر کے بعد انتخابی جلسوں کا آغاز کریں گے، اجلاس میں انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی ہے، اجلاس میں عدلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آئینی طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔
اسد عمر نے کہا کہ پی ڈی ایم آئین سے بغاوت کی بات کر رہی ہے، عمران خان کے خوف سے یہ اس مقام پر پہنچ گئے کہ آئین بھی توڑ ڈالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج رات ملک کے 75 شہروں میں حقیقی آزادی کا جشن ہو گا، پی ڈی ایم کے پاس کوئی بیانیہ نہیں ہے، عدلیہ مخالف بیانیہ برے طریقے سے پٹ چکا ہے۔

جمہوریت کے سفر میں کبھی جرنیل اور کبھی جج کا سامنا ہے، قادر پٹیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر صحت قادر پٹیل نے کہا ہے کہ جمہوریت کے سفر میں کبھی جرنیل اور کبھی جج کا سامنا ہے، کوئی دو سال کا وقفہ دکھا دیں جب جج اور جرنیل شب خون مارنے کی تیاری میں نہ ہوں۔
قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگوں کے ووٹ لیکر آؤ تو بابو لوگ آپ کی سپریمیسی ختم کر دیتے ہیں، کس نے تمہیں پاکستان کے مستقبل کے فیصلے کا اختیار دیا، ملک میں کس طرح کا نظام لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
قادر پٹیل نے کہا کہ ہم سندھی بلوچ کیا کرینگے کہ الیکشن کا فیصلہ تو ہوگیا، کیا آپ ہمیں مشرقی پاکستان بنانا چاہتے ہیں، جن کی درخواستوں پر فیصلہ دے رہے ہیں ان کا تو بلی کا بچہ بھی نہیں مرا۔
انہوں نے کہا کہ آئین کی رٹ لگانے والو تمہارے جج نے عدالتی قتل کا اعتراف کیا، میرا شہید زندہ ہے تاریخ درست کرو۔

عوام کو سستے پٹرول کی فراہمی کب شروع ہو گی؟ مصدق ملک نے بتا دیا

کراچی : (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی مصدق ملک نے کہا کہ ڈیلرز نے سستے پیٹرول کے حوالے سے کچھ تجاویز دی ہیں،وزارت پٹرولیم اس کا جائزہ لے کر ہی سستے پٹرول کی فراہمی کے حوالے سے کوئی اسکیم تیار کرے گی۔
کراچی میں پی ایس او ہاؤس میں پٹرولیم ڈیلرز اور کراچی چیمبر میں تاجروں و صنعت کاروں سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ معاملات بہتر انداز میں چل رہے ہیں اور رواں ماہ روس سے خام تیل کی در آمد کا آغاز ہوجائیگا۔
ان کا کہنا تھا کہ گیس کے ملکی ذخائر تیزی سے کم ہورہے ہیں او ر اس برس بھی موسم سرما میں گیس کی قلت کا سامنا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی صنعتوں کو بجلی اور گیس کی عدم فراہمی کے حوالے سے بھی شکایات آئی ہیں، چھوٹی صنعتوں کے بھی بجلی کے نرخوں پر اعتراضات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں انفرا اسٹریکچر نہ ہونے کے باعث بعض علاقوں میں گیس کی فراہمی میں رکاوٹیں ہیں،ہماری پاس گیس کے ذخائر کم ہورہے ہیں اور چوبیس گھنٹے گیس فراہمی ممکن نہیں ہے، نومبرسے گیس کی طلب بڑھ جاتی ہے، صاحب استطاعت لوگوں کےلیے گیس ٹیرف میں اضافہ کیا گیا ہے تاہم غریب اور متوسط صارفین پر گیس کے نرخوں میں اضافہ کا بوجھ نہیں ڈالا گیا۔

محمد حفیظ کو میریلیبون کرکٹ کلب نے اعزازی لائف ممبر مقرر کردیا

لاہور : (ویب ڈیسک) سابق کپتان محمد حفیظ کو میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے اعزازی لائف ممبر مقرر کردیا۔
سابق آل راؤنڈر کو ان کے شاندار کیریئر کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا ہے۔محمد حفیظ ایم سی سی لائف ممبر بننے والے 25ویں پاکستانی ہیں۔
پاکستان کے 23 سابق کرکٹرز اور دو نان پلیئنگ شخصیات ایم سی سی اعزازی لائف ممبر ہیں۔ان نان پلیئنگ شخصیات میں عارف عباسی اور احسان مانی شامل ہیں جنہیں یہ اعزازات بالترتیب 1991 اور 2003 میں ملے تھے۔
آخری مرتبہ ایم سی سی لائف ممبر بننے کا اعزاز انضمام الحق کے پاس ہے جنہیں 2019 میں یہ اعزاز دیا گیا تھا۔اعزاز ملنے کے بعد محمد حفیظ کو مبارکباد دینےوالوں کا تانتا بندھ گیا۔
محمد حفیظ کے علاوہ بھارت کے ایم ایس دھونی،یوراج سنگھ، سریش رائنا بھی اعزاز پانے والوں میں شامل ہیں،اوئن مورگن، کیون پیٹرسن، روس ٹیلر، ڈیل اسٹین، ماریسا اگلیریا کو بھی رکنیت مل گئی۔
جھولان گوسوامی، متھالی راج، ایمی سیٹرتھ وائٹ، آنیا شربسول بھی لائف ممبر بن گئے جینی گن، راشیل ہائنز، لورا مارش اورمشرفی بن مرتضٰی نے بھی جگہ بنالی۔

عمران خان کی زیر صدارت سینئر رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ختم

لاہور : (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت سینئر رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ختم ہوگیا۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ اجلاس میں پی ٹی آئی کے انتخابی جلسوں کے شیڈول پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ عدلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے آئینی طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔
رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ پی ڈی ایم آئین سے بغاوت کی بات کر رہی ہے،عمران خان کے خوف سے یہ اس مقام پر پہنچ گئے کہ آئین بھی توڑ ڈالیں گے۔
پی ڈی ایم کے پاس کوئی بیانیہ نہیں ہے،عدلیہ مخالف بیانیہ برے طریقے سے پٹ چکا ہے۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ آج رات ملک کے 75 شہروں میں حقیقی آزادی کا جشن ہو گا،عمران خان عیدالفطر کے بعد انتخابی جلسوں کا آغاز کریں گے۔

پاکستان ایران بارڈر پر بازار چے تجارت کیلئے تیار

لاہور : (ویب ڈیسک)پاکستان ایران بارڈر پر بازار چے تجارت کیلئے تیار ،پاک ایران بارڈر بازارچے پرباقاعدہ کام 7اپریل کوشروع ہوجائےگا ۔
تفصیلات کے مطابق چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے چئیرمین ایف بی آر نے ملاقات کی۔چئیرمین سینیٹ نے ایف بی آر کی جانب بازارچے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔۔
صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور تاجروں کے تحفظ کیلئے ایسے منصوبے ناگزیر ہیں۔تفتان کے قریب بازارچے کا قیام تمام اسٹیک ہولڈرز کا دیرینہ مطالبہ تھا۔
بازارچے کے قیام کیلئے آرمی چیف اور نیشنل لاجسٹک سیل کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں،بازارچے کے قیام سے مقامی تاجروں کو سہولت اور بارڈر ٹریڈ بہتر ہوگی۔
چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی جلد ایف بی آر ٹیم کے ہمراہ بازارچے بارڈر کا دورہ کرینگے۔

زرتاج گل اور عثمان بزدار کو اینٹی کرپشن نے طلب کر لیا

لاہور : (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر زرتاج گل اور سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو اینٹی کرپشن نے طلب کر لیا۔
اینٹی کرپشن نے زرتاج گل کوترقیاتی کاموں میں مبینہ طور پر کمیشن لینے کے حوالے سے تحقیقات کیلئے طلب کیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر سے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام (3) اسکیموں کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن نے زرتاج گل، ہمایوں اخوند اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کو 10 اپریل کو طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو 10 اپریل کو بھی طلب کیا ہے۔ان پر محکمہ ہائی وے کے افسران اور ٹھیکیداروں کی مبینہ ملی بھگت سے کرپشن کا الزام ہے۔

محمد عامر کی واپسی سے متعلق چیف سلیکٹر کا بڑا بیان آگیا

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا ہے کہ مجھے یہ سمجھ نہیں آرہا کہ سلیکشن کمیٹی کسی کھلاڑی سے رابطہ کیوں کرے گی؟ ہمارا دروازہ ہر کسی کیلئے کھلا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر نے سابق فاسٹ باولر محمد عامر کی انٹرنیشنل ٹیم میں واپسی سے متعلق سوال کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے دن آکر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نجم سیٹھی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔
ہارون رشید کا کہنا تھا کہ آپ پروفیشنل ہیں، ساری دنیا کی لیگز کھیلتے ہیں۔ یہ کھلاڑیوں پر منحصر ہے کہ وہ کس طرح کھیلتے ہیں اور اپنی کارکردگی دکھاتے ہیں۔ اس کے بعد ہمارا کام ہے کھلاڑیوں کو پرکھنے کا۔ ہم کسی سے رابطہ کیوں کریں گے؟
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں محمد عامر کے حوالے سے یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ ممبر سلیکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ پی سی بی چاہتا ہے کہ محمد عامر انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آئیں۔ محمد عامر کو سلیکشن کمیٹی اور پی سی بی کا پیغام دے دیں کہ وہ کسی بھی بیان بازی سے گریز کریں۔
خبروں میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ممبر سلیکشن کمیٹی کی جانب سے محمد عامر کو پیغام دیا گیا ہے کہ وہ اپنی واپسی پر توجہ دیں اور پریکٹس کو یقینی بنائیں۔ محمد عامر کو جب پی سی بی کہے تو فوری ریٹائرمنٹ واپس لے لیں۔

ترکیہ نے الیکٹرک کاروں کی برآمد شروع کر دی

ترکیہ : (ویب ڈیسک) ترکیہ نے بجلی سے چلنے والی کاروں کی برآمدات کا آغاز کر دیا ہے، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے بھی ترکیہ کی بنائی ہوئی الیکٹرک کار خرید لی ہے۔
صدر طیب اردگان نے آذر بائیجان کی کار کے ساتھ تصویر شیئر کی اوران کے گھرانے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے بھائی الہام علیوف نے ترک فخر TOGG کی ڈیلیوری حاصل کی ہے، اللہ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اس کے مثبت استعمال کی توفیق عطا فرمائے۔
ترکیہ صدر کے پیغام کے جواب میں صدر الہام علیوف نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ TOGG آپ کی قیادت میں برادر ترکیہ کی سائنس اور صنعتی صلاحیت کی ترقی کی ایک اور مثال ہے۔

پنجاب میں عام انتخابات 14 مئی کو ہونگے، الیکشن کمیشن نے نیا شیڈول جاری کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پنجاب میں عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق شیڈول جاری کر دیا گیا۔
پنجاب میں عام انتخابات کے لئے نئے کاغذات نامزدگی نہیں وصول کئے جائیں گے، پرانے شیڈول کے تحت فائل کاغذات نامزدگی پر ہی اعتراض عائد کیا جا سکے گا۔
شیڈول کے مطابق پنجاب میں پولنگ 14 مئی کو ہو گی، کاغذات نامزدگی سے متعلق ریٹرننگ افسر کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کی آخری تاریخ 10 اپریل ہو گی، الیکشن ٹریبونل17 اپریل تک اپیلوں پر فیصلہ کرے گا۔
امیدواروں کی نئی لسٹ شائع کرنے کی آخری تاریخ 18، کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 19 اپریل ہو گی، امیدواروں کو انتخاباتی نشانات 20 اپریل کو الاٹ کیے جائیں گے۔