All posts by admin

قوم سپریم کورٹ کیساتھ، ہمت ہے تو 3 ججز کیخلاف ریفرنس لائیں: شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ قوم سپریم کورٹ کیساتھ کھڑی ہے، ہمت ہے تو 3 ججز کیخلاف ریفرنس لائیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسمبلی قرارداد پاس کرنے جارہی ہے، کل قومی اسمبلی میں صرف 5 ارکان بیٹھے تھے اور قومی اسمبلی بھی سپریم کورٹ کے ماتحت ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ادارے آئین و قانون کے تابع ہیں، یہ الیکشن میں جانے، عوام کو شکل دکھانے کے قابل نہیں، الیکشن کا شیڈول آ گیا ہے، اگرہمت ہے تو 3 ججز کےخلاف ریفرنس لائیں جبکہ مریم نواز، بلاول بھٹو ریفرنس لانا چاہتے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ان کی پارٹی کے لوگ ریفرنس لانا نہیں چاہتے، پوری قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے اور ن لیگ کےعلاوہ کسی نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 13 میں سے10 پارٹیز کے پاس امیدوار ہی نہیں ہیں، حکومت کی بے وقوفیوں سےعمران خان مزید مقبول ہو گیا اور ملک میں الیکشن کی تیاری ہے، حکومت فراری ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کو دی جانے والی سکیورٹی کے رولز طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی سکیورٹی فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کو دی جانے والی سکیورٹی کے رولز طلب کر لیے۔
عمران خان کی سکیورٹی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ سابق وزیراعظم کی کیا سکیورٹی ہوتی ہے؟رولز پیش کریں پھرآرڈرجاری کریں گے۔
جسٹس عامرفاروق نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اس کیس میں تو عمران خان کی حاضری بنتی ہی نہیں، یہ تو سکیورٹی کی فراہمی کا کیس ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل منوراقبال نے کہا کہ سابق وزیراعظم کی سکیورٹی سےمتعلق سیکشن 17 ہے، سابق وزیراعظم کو مناسب سکیورٹی فراہم کی جائے گی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔
اس پرچیف جسٹس ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ کیا ابھی سکیورٹی فراہم کی گئی ہے؟ جواب میں منور اقبال نے بتایا کہ عمران خان کوایک بلٹ پروف گاڑی فراہم کی گئی ہے، 18ویں ترمیم کے بعد سکیورٹی صوبائی معاملہ ہے۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے کہ میں بلٹ پروف گاڑی پرنہیں آیا ابھی ، معذرت کے ساتھ شاید میری انگریزی کمزورہے، آپ دوبارہ پڑھ لیں جونوٹیفکیشن ہوا تھا اور یہ ہدایات آپ دفتر سے لے کے آیا کریں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ سکیورٹی سے متعلق فیصلہ اسسمنٹ کمیٹی کرتی ہے، جواب میں چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ وزارت داخلہ میں کوئی پڑھا لکھا بندہ ہے؟
وزارت داخلہ کے نمائندے نے عدالت میں پیش ہو کر بتایا کہ سابق وزیراعظم کولائف ٹائم سکیورٹی دی جاتی ہے، اس کا نوٹیفکیشن جاری ہونا تھا جو ابھی تک نہیں ہوا، وفاقی حکومت اسلام آباد کی حد تک دیکھتی ہے جبکہ پنجاب میں آئی جی پنجاب معاملہ دیکھیں گے۔
نمائندہ وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ عمران خان کواسلام آباد میں فول پروف سکیورٹی دی گئی، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ فول یا اپریل فول کوچھوڑیں پھرکیا ہوا اب کیا صورتحال ہے؟، نمائندہ وزرات داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو سکیورٹی فراہم کررکھی ہے ۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ جنر لائز سکیورٹی کا آرڈر ہے تووہ تو کرنا ہوتا ہے ، درخواست گزار کے لیے کیا آرڈر ہے؟ اور سابق وزیراعظم کو اسلام آباد میں کون سکیورٹی دے گا؟
بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اورسابق وزیراعظم عمران خان کو فراہم کی جانے والی سکیورٹی کے رولز طلب کر لیے۔

پولیس تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کیس: فواد چودھری کی عبوری ضمانت کا تحریری حکم جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے زمان پارک پولیس تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کی عبوری ضمانت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پولیس پر تشدد، جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ کیس میں عدالت نے درخواست کے فیصلے تک فواد چودھری کو ہر تاریخ پر عدالت پیش ہونے کا تحریری حکم جاری کر دیا۔
تحریری حکم کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کو ایک ،ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
عدالت نے حکم دیا کہ تفتیشی افسر 13 اپریل کو ریکارڈ عدالت میں پیش کرے، درخواست گزار تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہو کر شامل تفتیش ہو۔

سربراہ پی آئی اے کے لیے 4 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) سربراہ کے عہدے کیلئے انٹرویوز کے بعد 4 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سی ای او پی آئی اے کے عہدے کے انٹرویوز کے بعد 4 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے، شارٹ لسٹ کیے جانے والوں میں قائم مقام سی ای او ایئر وائس مارشل عامر حیات بھی شامل ہیں جبکہ عامرمسعود سمیت دیگر 2 مزید امیدواروں کو بھی شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔
پی آئی اے بورڈ نے شارٹ لسٹ کیے گئے چاروں امیدواروں کے نام وزارت ہوابازی کو بھیج دئیے ہیں، ان چاروں میں سے کسی ایک کو سی ای او پی آئی اے لگانے کی منظوری دی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال سے پی آئی اے کا مستقل سی ای او نہیں ہے، ائیرمارشل ارشد ملک کی گزشتہ سال اپریل میں تین سال کی مدت پوری ہوگئی تھی جس کے بعد سے ائیر وائس مارشل عامر حیات قائم مقام سی ای او پی آئی اے کے طور فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

فل کورٹ نہ بنایا گیا تو ملک میں سیاسی و آئینی بحران پیدا ہوگا: اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، اقلیتی فیصلہ نافذ نہیں کرنا چاہیے، اگر فل کورٹ نہ بنایا گیا تو ملک میں سیاسی اور آئینی بحران پیدا ہو جائے گا، سپریم کورٹ کے از خود نوٹس پر قانونی عمل جاری ہے۔
بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عام انتخابات ایک وقت پر ہونے چاہئیں، آئین میں لکھا ہے کہ الیکشن کرانے کی ذمے داری الیکشن کمیشن کی ہے، آئین کے مطابق انتخابات کا طریقہ کار موجود ہے۔
پنجاب اسمبلی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہی متنازع طریقے سے ہوئی، انتخابات کا معاملہ پہلے لاہور ہائی کورٹ میں گیا، گورنر پنجاب نے بھیجی ہوئی سمری پر دستخط نہیں کئے، 48 گھنٹے بعد اسمبلی خود بخود ہی تحلیل ہوگئی۔
سپریم کورٹ بنچ کے حوالے سے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 9 رکنی بنچ نے پنجاب، خیبر پختونخوا الیکشن کیس پر سماعت شروع کی، چیف جسٹس نے انتخابات التوا کے معاملے پر ازخود نوٹس لیا، 2 ججز پہلے ہی اپنی رائے کا اظہار کر چکے تھے، 2 ججز نے رائے کا اظہار کرنے کے بعد کیس کی سماعت سے معذرت کر لی، فل کورٹ بنچ کی درخواست کو نہیں سنا گیا۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ کے پی اور پنجاب ہائی کورٹس میں پٹیشنز زیر سماعت ہیں، کے پی اور پنجاب میں سکیورٹی خدشات ہیں، وفاقی کابینہ نے کہا کہ اقلیتی فیصلہ قابل قبول نہیں، عدالت نے کسی سیاسی جماعت کا مؤقف بھی نہیں سنا، فل کورٹ نہ بنایا گیا تو سیاسی اور آئینی بحران شدید ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، سینئر ججز کو بنچ سے دور رکھا جا رہا ہے، سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس پر قانونی عمل جاری ہے۔

عالمی بینک کی ایک اور شرط پوری، قرض منظوری کے امکانات روشن

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے عالمی بینک سے 450 ملین ڈالر کے قرض کے حصول کے لئے مزید ایک شرط پوری کر دی، جس کے نتیجے میں عالمی بینک کی جانب سے قرض کی منظوری کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
وزیر خزانہ اسحق ڈار عالمی بینک کے صدر کو قرض اجرا کی منظوری کیلئے بورڈ میٹنگ پر آمادہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹیکس کونسل کی جانب سے صوبوں اور وفاق کے درمیان سروسز پر ٹیکس وصولی کی حدود کے تعین کے قواعد کی منظوری دے دی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق یہ ملک بھر میں ٹیکس وصولی کے نظام کو مربوط کرنے کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے جو کہ عالمی بینک سے قرضے کی وصولی میں اہم کردار ادا کرے گا، حکام کے مطابق صوبے کابینہ سے منظوری کے بعد یکم مئی تک اس ضمن میں اپنے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ اگلے مالی سال سے ان قواعد کا نفاذ چاہتا ہے جبکہ وفاق کا اصرار ہے کہ رواں ماہ اپریل سے ہی ان قواعد کا اطلاق کیا جائے، تاکہ عالمی بینک سے قرضے کا حصول ممکن بنایا جاسکے۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ قواعد کی منظوری اور ان پر عملدرآمد عالمی بینک کی جانب سے 450 ملین ڈالر کے قرض کے حصول میں واحد رکاوٹ تھی، جو کہ دور کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قواعد کی منظوری کے بعد اب اسحاق ڈار عالمی بینک کے صدر سے اپنی ملاقات میں جو اگلے چند روز میں متوقع ہے، قرضوں کی منظوری کیلئے بورڈ میٹنگ بلانے کا مطالبہ کریں گے، ممکنہ طور پر اسحاق ڈار 6 سو ملین ڈالر کے ایفورڈ ایبل انرجی کے سیکنڈ پروگرام کے قرض کی منظوری کی درخواست بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو 6 بلین ڈالر کے قرض کے حصول کیلئے سخت مشکلات کا سامنا ہے اور ابھی تک سعودی عرب وہ واحد ملک ہے، جس نے زبانی طور پر آئی ایم ایف کو 2 ارب ڈالر کا قرضہ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے تاحال کوئی ضمانت نہیں دی گئی ہے۔

عمران خان کی 8 مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 8 مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی گئی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی 8 مقدمات میں درخواست ضمانت پر آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہو گی، عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔
عمران خان کی قانونی ٹیم کے ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان 8 کیسز میں عبوری ضمانت پر ہیں، سابق وزیراعظم نے سکیورٹی واپس لینے پر بھی عدالت عالیہ سے رجوع کررکھا ہے۔

کورونا کے وار پھر سے جاری، ایک متاثرہ شخص جان کی بازی ہار گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے متاثرہ ایک مریض انتقال کر گیا جبکہ 15 مریضوں کی حالت نازک ہے۔
قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 5 ہزار 144 ٹیسٹ کئے گئے، جس میں سے 58 افراد کے نتائج مثبت آئے اور اس کی شرح 1.13 فی صد ریکارڈ ہوئی۔
24 گھنٹوں کے دوران مہلک وائرس سے متاثرہ ایک مریض انتقال کرگیا، این آئی ایچ کے مطابق کورونا ٹیسٹ کے دوران 58 افراد کے نتائج مثبت آئے ہیں۔
ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ مریضوں میں سے 15 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

حکومت قدم بڑھائے، الیکشن کی تاریخ پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں: اسد قیصر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت ایک قدم آگے بڑھائے ہم الیکشن کی تاریخ پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
اپنے بیان میں رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملک کو انارکی سے بچانے کے لئے ایک دفعہ آئینی ترمیم کرنا پڑے تو تحریک انصاف اُس کے لئے بھی تیار ہے۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہیں مانتی تو وہ آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی یہ نہیں کہہ سکتے کہ انتخابی نتائج قبول کریں گے یا نہیں، نہیں معلوم کہ انتخابات میں کیا ہوگا، اس وقت ملک میں واحد مسئلہ انتخابات کا ہے۔

سپریم کورٹ فیصلے کیخلاف قرارداد، وزیر اعظم کی ارکان اسمبلی کو حاضری یقینی بنانیکی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد لانے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں تمام اراکین کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی، شہباز شریف نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل کا اجلاس بہت اہم ہے، تمام ارکان ضرور شرکت کریں۔
قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں مولانا فضل الرحمان، آصف زرداری، مریم نواز سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ ویڈیو لنک پر نواز شریف بھی شریک ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انتخابات کے حوالے سے عدالت میں چار، تین کے فیصلے کو اگنور کیا گیا، سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف ایک قرارداد کل پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔

حیدر آباد: 2 کم سن بچیاں تالاب میں ڈوب کر جاں بحق

حیدر آباد: (ویب ڈیسک) 2 کم سن بچیاں پانی کے تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں۔
افسوسناک واقع سید آباد کالونی کوٹری میں پیش آیا جہاں واٹر سپلائی کے قریب کھیلتے ہوئے دو بچیاں تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق 2 گھنٹوں کے آپریشن کے بعد لاشوں کو تالاب سے نکال لیا گیا، جاں بحق ہونیوالی بچیوں میں 8 سالہ حفیفہ اور 6 سالہ حفضہ شامل ہیں۔

نااہل حکومت نے 6 فیصد گروتھ کو منفی تک پہنچا دیا: حماد اظہر

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے اگر آئین، جمہوریت کو ایک ضرب بھی لگانے کی کوشش کی تو قوم برداشت نہیں کرے گی۔
کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کو ختم کر کے لوٹوں کو مسلط کیا گیا، پاکستان گندم پیدا کرنے والا بڑا ملک ہے، نااہل حکمرانوں نے 1100 ارب کا این آر او ہڑپ کر لیا، آٹے کی لائنوں میں 20 لوگ مر چکے ہیں، 6 فیصد گروتھ کو نااہل حکومت نے منفی تک پہنچا دیا ہے۔
حماد اظہر نے کہا کہ عمران دور میں ساڑھے 11 اور آج مہنگائی کی شرح 35 فیصد ہے، آج ملک دیوالیہ کے قریب اور آئین شکنی ہو رہی ہے، یہ منتخب ہو کر نہیں آئے چند افراد کی ضد کی پیداوار تھے، سپریم کورٹ نے آئین اور ملک کی جمہوریت کو بچا لیا، 90 دن بعد محسن نقوی کی حکومت ختم ہو گی، اہلیان لاہور جمہوری انقلاب کیلئے تیار ہے۔

ضمنی الیکشن، این اے 108 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار طاہر جمیل دستبردار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں حلقہ این اے 108 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار طاہر جمیل دستبردار ہو گئے۔
فیصل آباد کے حلقہ این اے 108 سے ضمنی الیکشن میں میاں طاہر جمیل نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نے کہا کہ پی ڈی ایم قیادت کے حکم پر کاغذات نامزدگی واپس لیے، اس حلقے سے طاہر جمیل کے مقابلے میں فرخ حبیب پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔
واضح رہے کہ یہ نشست عمران خان نے جیتی تھی، اس کے علاوہ این اے 22، این اے 24، این اے 31، این اے 45، این اے 118 اور این اے 239 کی نشستوں پر بھی چیئرمین تحریک انصاف کامیاب ہوئے تھے، ایک نشست رکھنے کے بعد باقی سیٹیں پر 30 اپریل کو ضمنی الیکشن کا انعقاد ہو گا۔