All posts by admin

شاہین آفریدی نے 23 ویں سالگرہ سسرال میں منائی، تصاویر وائرل

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی آج اپنی 23 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، شاہین نے کراچی میں اپنے سسر شاہد آفریدی سمیت اہل خانہ کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹا۔
شاہد آفریدی نے آفیشل ٹوئٹراکاؤنٹ پر تصاویرشیئرکرتے ہوئے داماد کو سالگرہ کی مبارکباد دی، تصاویرمیں دیکھا جاسکتا ہے کہ گھرکے ٹیرس پرکیک کاٹنے کے بعد شاہد آفریدی شاہین کو کیک کھلا رہے ہیں۔
سالگرہ کی مبارکباد دینے والے شاہد آفریدی نے کیپشن میں شاہین کیلئے لکھا، ’ سالگرہ مبارک! خوش رہو‘۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی کی دوسرے نمبر والی صاحبزادی انشاء آفریدی شاہین کی منکوحہ ہیں، دونوں کا نکاح رواں سال 3 فروری کو ہوا تھا۔
پاکستان سپرلیگ کے 8 ویں ایڈیشن کے فائنل میں لاہور قلندرز کی سنسنی خیز فتح کے بعد کپتان شاہین شاہ آفریدی کو ان کی منکوحہ انشاء آفریدی کے ساتھ ٹرافی اٹھائے گراؤنڈ میں بھی دیکھا گیا تھا۔

سعودی عرب اور ایران کے وزرائے خارجہ کی بیجنگ میں ملاقات

بیجنگ : (ویب ڈیسک) چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی ہے ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کی سفارتی تعلقات مزید بڑھانے کے اقدامات پر گفتگو ہوئی ، ملاقات میں سعودی عرب اور ایران کے سفارتخانے دوبارہ کھولنے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے چین میں متعین سفیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ، سات سال سے زائد عرصے میں دونوں ملکوں کے اعلیٰ ترین سفارت کاروں کی پہلی باضابطہ ملاقات تھی۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد مشترکہ بیان بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق دونوں ممالک سفارت خانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے کے انتظامات کرنے پر رضامند ہوگئے۔
چینی میڈیا کے مطابق سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ نے چینی ہم منصب سے بھی ملاقات کی، دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد ایرانی صدر کا دورہ سعودی عرب متوقع ہے۔
اس حوالے سے ایران کے نائب صدر نے کہا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی دورے کی دعوت قبول کر لی ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب اور ایران نےگزشتہ ماہ چین کی ثالثی میں سفارتی کشیدگی ختم کرنے اور سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔

امریکا: مختلف ریاستوں میں بدترین طوفان سے مزید 5 افراد ہلاک

نیویارک : (ویب ڈیسک) امریکا کی مختلف ریاستوں میں طوفانی بگولوں سے آنے والی تباہی میں مزید 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ریاست آرکنساس، الینوائے اور مسوری سمیت دیگر امریکی ریاستوں میں طوفان سے تباہی کا سلسلہ جاری ہے ، طوفان کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔
طوفان سے 87 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 12 مکمل طور پر تباہ ہوگئیں ۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی مختلف امریکی ریاستوں میں طوفان سے 32 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے ۔

القدس کا دفاع ، عرب لیگ کا سفارتی مہم چلانے کا اعلان

قاہرہ : (ویب ڈیسک) عرب لیگ نے القدس کے دفاع کے لیے سفارتی مہم چلانے کا اعلان کر دیا۔
سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے مسجدِ اقصیٰ میں حملوں کے خلاف عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں منعقد ہوا ، اجلاس میں رمضان المبارک میں اسرائیل کے مسجدِ اقصیٰ پر حملے اور اس کی حرمت کو پامال کرنے کی شدید مذمت کی گئی۔
اجلاس کے حوالے سے عرب لیگ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسجدِ اقصیٰ میں اسرائیلی فوجی کا اقدام انسانی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
عرب لیگ کا یہ بھی کہنا ہے کہ تازہ صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے اس حوالے سے اجلاس جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ رات ایک بار پھر مسجد اقصٰی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 6 نمازی زخمی ہوگئے ۔
ایک روز قبل بھی اسرائیلی پولیس نے مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں درجنوں نمازیوں پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 12 فلسطینی زخمی ہو گئے جبکہ اسرائیلی پولیس نے 350 سے زائد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔
یاد رہے کہ اردن، مصر اور فلسطین کی جانب سے اس حوالے سے عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

برازیل : پرائمری سکول میں کلہاڑی بردار شخص کا حملہ ، 4 بچے ہلاک

برازیلیا : (ویب ڈیسک) برازیل کے پرائمری سکول میں نوجوان نے کلہاڑی کے وار کرکے 4 بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کاکہنا ہے کہ یہ واقعہ بدھ کو ریاست سانتا کترینا کے پرائمری سکول میں ہوا، جہاں 25 سالہ حملہ آور نے سکول میں داخل ہوکر کلہاڑی سے بچوں پر حملہ کیا۔
پولیس کے مطابق حملے میں 3 لڑکوں اور ایک لڑکی سمیت 4 بچے ہلاک جبکہ چار بچے زخمی ہوئے ہیں ، ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں 5 سے 7 برس کے درمیان ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد حملہ آور نے پولیس اسٹیشن جا کر خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی ہے، واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا محکمہ انصاف اور ایف بی آئی کے فنڈز میں کمی کا مطالبہ

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکا کے سابق صدر ٹرمپ نے اپنے اوپر 34 سنگین جرائم کے الزامات عائد ہونے کے بعد کانگریس میں ری پبلکنز سے محکمہ انصاف اور ایف بی آئی کے فنڈز میں کمی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سابق صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ ری پبلکنز محکمہ انصاف اور ایف بی آئی کو اس وقت تک فنڈ نہ دیں جب تک وہ ہوش میں نہ آجائیں۔
اس سے قبل ٹرمپ اپنے دور صدارت میں محکمہ انصاف اور ایف بی آئی کی فنڈنگ میں اضافے کی حمایت کر چکے ہیں۔
گزشتہ روز ٹرمپ پر غلط کاروباری ریکارڈوں کے جرائم کی فرد جرم عائد کی گئی ہیں، مین ہیٹن کی عدالتی کارروائی میں ٹرمپ نے تمام الزامات مسترد کر دیے تھے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنے والے امریکا کے پہلے سابق صدر بن گئے ہیں۔

پنجاب انتخابات: الیکشن کمیشن کا وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے رجوع کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پنجاب میں عام انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
الیکشن کمیشن فنڈز اور سکیورٹی پلان کیلئے وزارت خزانہ اور وزارت داخلہ کو خطوط لکھے گا، ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 21 ارب کے فنڈز مرحلہ وار ملنے کا امکان ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سکیورٹی پلان کیلئے پنجاب حکومت سے رابطہ کیا جائے گا جبکہ سیکرٹری کمیشن 10 اپریل تک سکیورٹی پلان فائنل کرنے کا کہیں گے۔
ذرائع کے مطابق خطوط میں پنجاب میں انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے متعلقہ حصے بھی شامل کئے جائیں گے۔

تحریک انصاف کا وزیراعظم سمیت وفاقی کابینہ کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم سمیت وفاقی کابینہ کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی فرخ حبیب نے وفاقی سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو خصوصی خط لکھ دیا جس میں کہا گیا کہ وفاقی کابینہ کے 4 اپریل کے اجلاس کے شرکاء، ایجنڈے، کارروائی اور فیصلوں کی تفصیلات دی جائیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ قومی ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ کابینہ نے سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد کر دیا ہے، چیف جسٹس کی سربراہی میں بنچ نے 4 اپریل کو آئینی درخواست نمبر 5/2023 پر اپنا فیصلہ سنایا ہے۔
خط میں کہا گیا کہ دستور کا آرٹیکل 19 اے شہریوں کو مصدقہ معلومات تک رسائی کا بنیادی حق فراہم کرتا ہے، سیکرٹری کابینہ دستورِ پاکستان اور اطلاعات تک رسائی کے قانون کے تحت معلومات فراہم کریں۔
رہنما پی ٹی آئی نے خط میں مزید لکھا کہ وفاقی کابینہ کے 4 اپریل کے اجلاس کے شرکاء، ایجنڈے، کارروائی اور فیصلوں کی مصدقہ تفصیلات بلاتاخیر مہیا کی جائیں۔

عمران خان کا پنجاب میں انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے انٹرویوز کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پنجاب میں انتخابات لڑنے والے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے سے پہلے انٹرویو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پہلے روز پی پی 1 سے لیکر پی پی 50 تک صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کو انٹرویوز کے لئے بلایا گیا ہے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان براہ راست پنجاب کے صوبائی حلقوں کے امیدواروں سے انٹرویو کریں گے، پی پی ایک سے 50 تک میں راولپنڈی ، اٹک، بھکر، چکوال جہلم، خوشاب اوردیگر اضلاع کے امیدوارانٹرویو دیں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع کے انٹرویوز کا سلسلہ مکمل ہوتے ہی ٹکٹوں کا حتمی اعلان بھی کردیا جائے گا، عمران خان براہ راست امیدوار کی اہلیت کا خود جائزہ لیں گے، پارٹی اورکارکنوں کا فیڈ بیک بھی لیا جائے گا، پارٹی تمام حلقوں بارے شارٹ لسٹڈ امیدواروں سے قیادت کو پہلے ہی آگاہ کرچکی ہے۔

لاہور ماسٹر پلان 2050 پر عملدرآمد روکنے کے حکم امتناعی میں توسیع

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے ایل ڈی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے لاہور ماسٹر پلان 2050 پر عملدرآمد روکنے کے حکم امتناعی میں توسیع کے احکامات جاری کردئیے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں لاہور کے ماسٹر پلان 2050 کی منظوری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے شہری میاں عبدالرحمان کی درخواست پر سماعت کی۔
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایل ڈی اے کو ماسٹر پلان میں بین الاقوامی ماہرین کی نظر ثانی پر کوئی اعتراض نہیں، ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی رولز کے مطابق بین الاقوامی ماہرین کی منظوری دینے کی پابند ہے، ایل ڈی اے گورننگ باڈی میں ممبر پنجاب اسمبلی شامل ہوتے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ بظاہر لگ رہا ہے کہ نگران حکومت کا جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، جسٹس شاہد کریم نے استفسار کیا کہ نگران حکومت کب جارہی ہے، سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ یہ تو علم نہیں ہے۔
ایل ڈی اے کے وکیل نے استدعا کی کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ماسٹر پلان 2016 کے تحت کام کرنے کی اجازت دی جائے جس پر عدالت نے ایل ڈی اے کے وکیل کی استدعا منظور کرلی۔
بعدازاں عدالت نے لاہور ماسٹر پلان 2050 کیلئے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات لینے کا حکم دیتے ہوئے حکم امتناعی میں توسیع کے احکامات جاری کردئیے۔

’غلیظ اور غیر اخلاقی‘ الفاظ استعمال کرنے پر کیا دفعہ لگتی ہے؟: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری پر قتل کی سازش کے شیخ رشید کے الزام کے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ ’غلیظ اور غیر اخلاقی‘ الفاظ استعمال کرنے پر کیا دفعہ لگتی ہے؟
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی سندھ اور بلوچستان میں درج مقدمات کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کی۔
دورانِ سماعت جسٹس طارق محمود نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر بتائیں کہ ’غلیظ اور غیر اخلاقی‘ الفاظ استعمال کرنے پر کیا دفعہ لگتی ہے؟ پولی کلینک اسلام آباد میں کی گئی بات پر سندھ میں مقدمہ کیسے درج ہو سکتا ہے؟
جسٹس طارق نے تھانہ موچکو سندھ میں درج ایف آئی آر پڑھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر میں دھمکی کا لفظ نہیں، غلیظ اور غیر اخلاقی کے الفاظ استعمال کرنے کا لکھا ہے، 2 الفاظ غلیظ اور غیر اخلاقی کا ایف آئی آر میں ذکر ہے، ان پر کیا دفعہ لگتی ہے؟
مدعی مقدمہ کے وکیل نے جواب دیا کہ بعض ایسی چیزیں بھی ہیں جو ابھی تک سامنے نہیں آئیں، یہ معاملہ سندھ ہائی کورٹ کا بنتا ہے، اس میں عدالت کا دائرہ اختیار نہیں۔
عدالت نے کہا کہ آپ سے جو سوال کیا جا رہا ہے اسی کا جواب دیں، ایف آئی آر میں لکھا ہے کہ پولی کلینک اسلام آباد میں شیخ رشید نے میڈیا سے بات کی ہے، کیا پولی کلینک اسلام آباد میں کی گئی بات پر ایف آئی آر تھانہ موچکو سندھ میں درج ہو سکتی ہے؟
مدعی کے وکیل نے جواب دیا کہ سیاسی شخصیات کے کارکنان ملک بھر میں ہوتے ہیں اس لئے مقدمہ درج ہو سکتا ہے۔
عدالت نے مدعی کے وکیل کی جانب سے معاونت کے لئے مہلت دینے کی استدعا منظور کر لی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کدھر ہے لسبیلہ میں درج مقدمے کا مدعی؟۔
لسبیلہ بلوچستان میں درج مقدمے کے مدعی عدالتی نوٹس کے باوجود پیش نہیں ہوئے، عدالت نے حکم دیا کہ آئی جی بلوچستان اور آر پی او آئندہ سماعت کے لئے مدعی کو نوٹس کی تعمیل کرائیں۔
بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت مئی کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی۔

لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کچھ نہ کیا تو ڈی آئی جی کو جیل میں ڈالیں گے:سندھ ہائیکورٹ

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ کورٹ میں 7 سال سے لاپتہ سمیر آفریدی اور دیگر کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس نعمت اللہ نے برہمی کا اظہار کیا۔
سندھ ہائی کورٹ نے پولیس، جے آئی ٹیز اور دیگر اداروں کی رپورٹس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
دوران سماعت جسٹس نعمت اللہ نے سوال کیا کہ بتایا جائے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں؟
انہوں نے پولیس کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے کچھ نہ کیا تو ہم ڈی آئی جی کو جیل میں ڈالیں گے۔
عدالت نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور دیگر علاقوں میں قائم حراستی مراکز کی رپورٹ طلب کر لی اور اے وی سی سی، سی ٹی ڈی کو بھی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
بعدازاں سندھ ہائی کورٹ نے 8 مئی تک شہری سمیر آفریدی کو بازیاب کرا کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

پی ٹی آئی کا خیبر پی کے میں الیکشن کیلئے آج سپریم کورٹ جانے کا اعلان

پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں انتخابات کیلئے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کر دیا۔
خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ گورنر نے الیکشن کیلئے 28 مئی کی تاریخ دی اور پھر بغیر کسی وجہ کے تبدیل کر کے 8 اکتوبر کر دی جبکہ عدالت نے اسمبلی تحلیل کئے جانے کے بعد 90 روز میں انتخابات کروانے کا فیصلہ دیا تھا۔
شوکت یوسفزئی کے مطابق پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں انتخابات کیلئے آج سپریم کورٹ میں کیس دائر کرے گی، اس حوالے سے بیرسٹرعلی ظفر اور بیرسٹر گوہر خان سپریم میں پٹیشن دائر کریں گے۔
ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بھی مئی میں انتخابات کرائے جائیں۔
آج سپریم کورٹ میں درخواست دائر کئے جانے کے موقع پر پرویز خٹک، اسد قیصر، شاہ فرمان، محمود خان ودیگر بھی سپریم کورٹ میں موجود ہوں گے۔