کرینہ کپور کی کاپی کرنے پر سجل علی کو تنقید کا سامنا

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سجل علی نے بالی ووڈ کی ‘بیبو’ کرینہ کپور کو کاپی کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تو صارفین نے اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

سوشل میڈیا پر سجل علی کی نئی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں اداکارہ کو شوبز انڈسٹری میں اپنے بہترین دوستوں اور پسندیدہ شخصیت سے متعلق بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

وائرل ویڈیو میں سجل علی نے کہا کہ ہماری شوبز انڈسٹری میں میرا کوئی بھی اچھا دوست نہیں ہے، اُنہوں نے کہا کہ میں سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگز اور ٹرینڈ کو نہیں دیکھتی۔

جب سجل علی سے پوچھا گیا کہ شوبز انڈسٹری میں اُن کی پسندیدہ شخصیت کون ہیں؟ تو اس پر اُنہوں نے بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کے کردار ‘گیت’ کو کاپی کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی پسندیدہ ہوں۔

کرینہ کپور نے یہ ڈائیلاگ ‘میں اپنی پسندیدہ ہوں’ فلم ‘جب وی میٹ’ میں کہا تھا جوکہ کافی مشہور ہوا تھا، اس ڈائیلاگ پر کافی میمز بھی بنی تھیں۔

بالی ووڈ اداکارہ کی کاپی کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے سجل علی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کبھی اپنا مواد بھی لیکر آیا کرو، ہمیشہ دوسروں کو ہی کاپی کرتی رہتی ہو۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد توہین عدالت کے مرتکب قرار

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے دیا۔

عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو توہین عدالت پر 6 ماہ قید کی سزا سنائی تاہم مختصر ہونے کے باعث سزا ایک ماہ کے لیے معطل کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک ماہ کے دوران اپیل دائر کرنے اور فیصلے کی کاپی وزیراعظم کو بھجوانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔ ایس پی فاروق بٹر کو عدالت نے کیس سے ڈسچارج کر دیا۔

نگران وزیر خزانہ کا نئی حکومت پر آئی ایم ایف سے نئے معاہدے پر زور

اسلام آباد: نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے نئی حکومت پر زور دیا ہے کہ آئی ایم ایف کیساتھ نیا طویل المدتی معاہدہ جلد ہونا چاہیے تاکہ حکومت اصلاحات کرسکے۔

معاشی جائزہ رپورٹ میں ایک نوٹ میں انھوں نے کہا کہ مارکیٹ میں اعتماد کی حالیہ بحالی سے دوسری سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرح 3 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، جوکہ پہلی سہ ماہی میں2.1 رہی۔

انھوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت جن بڑے مسائل کا سامنا ہے، ان میں ایک بڑھتے ناپائیدار قرضوں کا حجم ہے۔ نئی حکومت پر لازم ہے کہ آئی ایم ایف کا جائزہ پروگرام مکمل کرے ، اس سے1.2 ارب ڈالر کی نئی قسط ملنے سے معاشی اصلاحات کیلئے حکومت کو ایک سہارا میسر آجائے گا۔
انہوں نے نئی حکومت پر ایف بی آر کی تشکیل نو اور پی آئی اے سمیت نقصان میں چلنے والے اداروں کی نجکاری، گورننس بہتر بنانے پرزور دیا اور کہا کہ نگران حکومت کے غیر مقبول فیصلوں سے سرکاری کھاتوں میں بہتری ہوئی، مہنگائی کی شرح زیادہ رہی، تاہم امید ہے اس میں کمی آئی گی جس کی وجہ بہتر فصلیں اور سپلائی میں بہتری ہے۔

ادھر وزارت خزانہ کی معاشی جائزہ رپورٹ کے مطابق رواں سال کے پہلے7 ماہ ترسیلات زر 50 کروڑ کی کمی کیساتھ 15 ارب 80کروڑ ڈالر رہیں، برآمدات 9.3 فیصد اضافے سے 18 ارب ڈالر، درآمدات 11.1 فیصد کمی کیساتھ 29.8 ارب ڈالر تک رہیں، کرنٹ اکائونٹ خسارہ میں71.2 فیصد ، براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں21.4 فیصد کمی ہوئی، زرمبادلہ کے ذخائر 13ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے۔

پہلی ششماہی میں ریونیو میں 29.8 فیصد اضافے سے5149 ارب رہا، پرائمری بیلنس میں 103.6فیصد اضافہ ہواجوکہ آئی ایم ایف کے0.5 فیصد ہدف کے برعکس1.5فیصد ہے۔

گیس نرخ بڑھنے سے فرٹیلائزر سیکٹر میں تفریق پیدا ہوگئی

کراچی: فرٹیلائزر مینو فیکچررز کیلیے گیس کی قیمتوں میں تفریق سے مارکیٹ میں عدم استحکام پیدا ہورہا ہے تاہم حکومت کو یوریا کی قیمتوں میں استحکام لانے اور زائد ریونیو سے فائدہ اٹھانے کیلیے کھاد بنانے والے کمپنیوں کے درمیان موجودہ قیمت کے امتیاز کو دور کرنا ہوگا۔

ٹاپ لائن سیکیوریٹیز کی رپورٹ کے مطابق گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے فرٹیلائزر سیکٹر میں تفریق پیدا ہوگئی ہے کیونکہ حکومت نے سوئی ناردرن گیس کمپنی اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے نیٹ ورکس پر چلنے والے فرٹیلائزر مینوفیکچررز کیلیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جس سے انڈسٹری کی60فیصد پیداواری صلاحیت متاثر ہوئی ہے جبکہ اس کے مقابلے میں ماڑی گیس پر انحصار کرنے والی فرٹیلائزر کمپنیوں کیلیے گیس ٹیرف بدستور برقرار ہیں۔

اینگرو فرٹیلائزرز، فوجی فرٹیلائزر بن قاسم اور اور ایگری ٹیک سوئی ناردرن گیس کمپنی اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے نیٹ ورکس پر ہیں، ان پلانٹس کیلیے فیڈ گیس کی شرح 580 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھا کر 1597 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی ہے۔

بنگلا دیش کے ریسٹورنٹ میں آتشزدگی ، 43 افراد ہلاک

ڈھاکا: بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے ایک ریسٹورنٹ میں آگ لگنے سے 43 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق بنگلا دیش کی وزیر صحت سمانتا لال کا کہنا ہے کہ آگ ڈھاکا کے متمول علاقے میں واقع بریانی کے ریسٹورنٹ میں لگی ۔ آگ سے 40 افراد جھلس کر زخمی ہوئے جن کا برن اسپتال میں علاج جاری ہے۔

فائر ڈپارٹمنٹ کے حکام کے مطابق آگ بریانی ریسٹورنٹ میں لگی جس نے 7 منزلہ عمارت کے اوپر والے فلورز کو بھی لیپٹ میں لے لیا۔ آگ میں گھرے 75 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ فائرفائٹرز نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔
آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام نے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ٹیسٹ رینکنگ؛ بابراعظم کی تنزلی کو بریک نہ لگ سکا

کراچی: ٹیسٹ رینکنگ میں بابراعظم کی تنزلی کو بریک نہ لگ سکا۔

سابق قومی کپتان ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر پہنچ گئے جب کہ ٹی 20 میں چوتھی پوزیشن برقرار ہے۔

کیوی بولرز کی آسٹریلیا کے خلاف مایوس کن پرفارمنس کا فائدہ حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے اٹھالیا، دونوں بالترتیب 18 ویں اور 20 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔