علی امین گنڈاپور وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا منتخب

پشاور: پختونخوا اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں علی امین گنڈاپور کو وزیراعلیٰ منتخب کرلیا گیا۔

صوبائی اسمبلی کا جالاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت ہوا۔ دوران اجلاس ایوان میں موجود ارکان اور تحریک انصاف کے کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر اسپیکر کی جانب سے بارہا خاموش رہنے کا کہا گیا، تاہم کارکن نعرے بازی کرتے رہے۔

کے پی اسمبلی کا اجلاس طے شدہ وقت سے تاخیر سے شروع ہوا تاہم ارکان کی تعداد کم تھی۔ بعد ازاں تلاوت قرآن پاک سے اسمبلی کا اجلاس باقاعدہ شروع ہوا، جس کے بعد اسپیکر نے وزیر اعلیٰ کے امیدوار علی امین گنڈا پور کے حامی اراکین کو لابی نمبر 1 میں جانے کی ہدایت کی جب کہ دوسرے امیدوار ڈاکٹر عباد اللہ کے حامیوں کو لابی 2 میں جانے کی ہدایت کی گئی۔
اس موقع پر علی امین گنڈاپور کے حق میں نعرے بازی ہوتی رہی۔ایوان میں تحریک انصاف کے کارکن بانی چیئرمین کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے جب کہ اراکین اسمبلی کو واپس ایوان میں بلانے کے لیے بار بار گھنٹیاں بھی بجائی جاتی رہیں۔

بعد ازاں رائے شماری میں علی امین گنڈاپور 90 ووٹ حاصل کرکے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے۔ ان کے مقابل اپوزیشن کے نامزد امیدوار ڈاکٹر عباد اللہ نے 16 ووٹ حاصل کیے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے قیام کے بعد علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا کے 20 ویں وزیراعلیٰ منتخب ہو ئے ہیں۔

پختونخوا میں بارشوں اور برفباری کا دوسرا اسپیل شروع، انتظامیہ الرٹ

پشاور: خیبر پختون خوا میں بارشوں اور پہاڑوں پر برف باری کا دوسرا اسپیل شروع ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف علاقوں میں بارشوں اور برف باری کا سلسلہ کل رات تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز ہی سے گہرے بادل اور بوندا باندی جاری ہے۔

بارش، ہواؤں اور برف باری سے پشاور سمیت صوبے کے دیگر میدانی علاقوں میں سردی لوٹ آئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور برف باری کی صورت حال پر ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو رپورٹ جاری کر رکھی ہے۔

اُدھر سوات میں کالام ، مالم جبہ، نتھیا گلی، چترال، دیر اپر جیسے اضلاع میں برف باری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ برف باری ہونے سے ان علاقوں کے لوگوں کے رابطے دیگر علاقوں سے کٹ جاتے ہیں۔ پہاڑی برفیلے علاقوں میں برف باری سے آمد و رفت بھی بری طرح سے متاثر ہو جاتی ہے۔اور مقامی لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے۔

ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی

اسلام آباد: مارچ کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی۔

اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں 80 پیسے فی کلو کمی کی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 11.8 کلو کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 9 روپے 51 پیسے کمی کی گئی۔ گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 3 ہزار 30 روپے مقرر کر دی گئی۔

فروری کے لیے گھریلو سلنڈر کی قیمت 3 ہزار 39 روپے تھی۔

الیکٹرانکس کے بعد چینی شراب بھی مغربی منڈیوں پر حملے کیلئے تیار

سیل فون اور الیکٹرک کاروں سمیت بہت سی جدید ترین مصنوعات کے بعد چین نے اب مغربی منڈیوں پر شراب کے ذریعے بھی یلغار کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے بہت بڑے پیمانے پر تیاریاں کرلی گئی ہیں۔

جمعہ کو مکاؤ میں پہلے وِن سگنیچر چائنیز وائن ایوارڈز کے انعقاد کا آغاز ہوا۔ اس پانچ روزہ ایونٹ میں شراب کے سات بڑے ماہرین سمیت انٹرنیشنل ججنگ پینل چین میں تیار کیے جانے والے شراب کے بہترین برانڈز سُونگھ کر اُن کے معیار کا تعین کریں گے تاکہ اُنہیں امریکا اور یورپ کی منڈیوں میں لانچ کیا جاسکے۔

چین کے شراب ساز ادارے کمتر معیار کی سستی شراب بنانے کے حوالے سے دنیا بھر میں خصوصی شہرت رکھتے ہیں۔ چینی اداروں نے اب اعلیٰ معیار کی مہنگی شراب تیار کرنے پر توجہ دینا شروع کردیا ہے۔

عالمی منڈی میں اُنہیں قیمت کے حوالے سے غیر معمولی مسابقت کا سامنا رہا ہے۔ اعلیٰ معیار کی شراب بہت بڑے پیمانے پر تیار کرنے کی صورت میں لاگت گھٹے گی اور عالمی منڈی میں مقابلہ آسان ہو جائے گا۔

شراب تیار کرنے کے حوالے سے چینیوں کی مہارت بھی دنیا بھر میں معروف ہے تاہم اب تک اس میدان میں زیادہ طبع آزمائی کی کوشش نہیں کی گئی ہے۔

منتظمین کو یقین ہے کہ مکاؤ میں منعقد کیے جانے والے Wynn Awards کی مدد سے چینی شراب کو عالمی سطح پر نئی شناخت فراہم کرنے میں نمایاں حد تک مدد ملے گی۔

وِن ایوارڈز میں شریک شراب کی پرکھ کے عالمی شہرت یافتہ ماہر ایڈی مکڈوگل کہتے ہیں کہ چین اب شراب کے میدان میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے لیے تیار ہے اور اُسے اِس میدان میں بھی روکنا ممکن نہ ہوگا۔

اے ایس پی شہر بانو اہلخانہ سمیت سعودی شاہی مہمان بنیں گی

سعودی عرب نے اے ایس پی شہربانو نقوی کو بطور شاہی مہمان دورے کی دعوت دے دی ہے۔

گزشتہ دنوں لاہور کی اچھرہ مارکیٹ میں عربی خطاطی والا لباس زیب تن کیے ہوئے خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچانے والی پنجاب پولیس کی اے ایس پی شہر بانو نقوی سے پاکستان میں سعودی سفیر نے ملاقات کی ہے۔

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی جانب سعودی سفارتخانے میں خاتون پولیس افسر کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی تھی۔

جبکہ انہیں بتایا گیا ہے ان کے اور اہلخانہ کے دورہ سعودی عرب کے تمام اخراجات سعودی حکومت برداشت کرے گی، اے ایس پی اور ان کے اہلخانہ سعودی مہمان ہوں گے۔

واضح رہے اے ایس پی شہر بانو نقوی کے بہاردارنہ عمل پر آرمی چیف کی جانب سے بھی ان کی تعریف کی گئی ہے۔

غزہ: نومولود بچہ 9 روز بعد معجزانہ طور پر ملبے سے زندہ نکال لیا گیا

غزہ میں اسرائیلی بمباری کے باعث تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے نومولود بچے کو 9 دن بعد ملبے سے زندہ نکال لیا گیا ہے، بچے کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق نومولود بچہ 9 دن سے ملبے میں موجود تھا،یسکیو عملے کو اطلاع ملنے پر فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا جس کے بعداسے صحیح سلامت نکال لیا گیا۔

نومولود بچے کی شناخت احمد نعیم کے نام سے ہوئی ہے، جسے طبی امداد کے لیے ایمبولینس نہ ہونے کے باعث گدھا گاڑی پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جہاں اقوام متحدہ کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، وہیں مسلم امہ کی جانب سے بھی شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

اسرائیلی حملے میں احمد نعیم کا گھر مکمل تباہ ہو گیا ہے، جبکہ اس حملے میں 30 فلسطینی شہید ہوئے تھے۔

مینڈیٹ کے بغیر والا چور بیٹھا ہو تو احتجاج حق ہے، اسد قیصر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہم بغیر مینڈیٹ کے چور بیٹھا ہو تو احتجاج کرنا حق ہے۔

رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہم نے صرف اپنے لیے نہیں بلکہ وسیع تر مفاد میں بات کی ہے۔ ہم چاہتے یہ ایسا الیکشن بنے جو سب کے لیے قابل قبول ہو۔

اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کو کوئی قبول نہیں کررہا۔ مینڈیٹ کے بغیروالا چور بیٹھا ہو تو احتجاج کرنا حق ہے۔ فارم 47 کی پیداوار کے خلاف احتجاج بنتا ہے۔

اننت امبانی کی شادی میں پرفارمنس کیلئے امریکی گلوکارہ ریانا کتنا معاوضہ لیں گی؟

گجرات: بھارت کے بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی شادی میں پرفارم کرنے کے لیے شہرہ آفاق امریکی گلوکارہ ریانا کے معاوضے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یکم مارچ یعنی آج سے ریاست گجرات کے شہر جام نگر میں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی ‘پری ویڈنگ’ تقریبات کا آغاز ہونے جارہا ہے۔

اننت امبانی اور رادھیکا مارچنٹ کی شادی کی پہلی تقریب ‘ایورلینڈ میں ایک شام’ کے عنوان سے رکھی گئی ہے جس میں شہرہ آفاق امریکی گلوکارہ اور پاپ آئیکون ریانہ پرفارم کریں گی۔

امریکی گلوکارہ ریانا اپنی ٹیم کے ہمراہ 29 فروری کو گجرات کے شہر جام نگر پہنچی تھیں جس کی ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاپ آئیکون ریانا کو شادی میں پرفارم کرنے کے لیے بھاری رقم مل رہی ہے، انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں پرفارم کرنے کے لیے گلوکارہ ریانا تقریبا 8 سے 9 ملین ڈالر کا معاوضہ لے رہی ہیں جوکہ بھارتی 66 سے 74 کروڑ روپے بنتے ہیں۔

واضح رہے کہ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں شرکت کے لیے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور ان کی فیملی، سلمان خان، رانی مکھرجی، دیپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ، عالیہ بھٹ، رنبیر کپور اور ارجن کپور سمیت دیگر معروف شخصیات جام نگر پہنچ چکی ہیں۔

صدر مملکت کا انتخاب 9مارچ کو ہوگا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کے شیڈول جاری کر دیا جس کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 9 مارچ کو ہوگی۔

صدارتی انتخاب کے شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 2مارچ کو دوپہر 12 بجے تک جمع کروائے جا سکتے ہیں جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 4مارچ کو صبح 10 بجے کی جائے گی۔

کاغذات نامزدگی 5مارچ کو دوپہر 12 بجے تک واپس لیے جا سکیں گے اور اسی روز دوپہر ایک بجے امیدواروں کی فہرست آویزاں کی جائے گی۔

صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ صبح 10 بجے سے دوپہر 4 بجے تک جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھایا تھا جبکہ آج اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری کی جائے گی۔

نگراں حکومت نے جاتے جاتے پیٹرول کی قیمت بڑھا دی

نگراں حکومت نے جاتے جاتے پیٹرول کی قیمت میں چار روپے کا اضافہ کردیا۔

فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹفکیشن کے مطابق قمیت میں اضافے کے بعد فی لیٹر پیڑول 279 روپے 75 پیسے کا ہوگیا۔

پیٹرول کی قیمت میں اضافے کی وجہ بین الاقوامی قیمتوں، امپورٹ پریمیئم اور ایکسچینج ریٹ میں معمولی ایڈجسٹمنٹ ہے۔

پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 13 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 287 روپے 33 پیسے برقرار رکھی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل ایک روپے 14 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا جس کے بعد ڈیزل آئل کی نئی قیمت 170 روپے 30 پیسے مقرر ہوگئی۔

مٹی کا تیل ایک روپے 44 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا جس کے بعد نئی قیمت 190 روپے ایک پیسہ فی لیٹر مقرر ہوگئی۔

قبل ازیں، 16 فروری کو بھی نگراں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 275 روپے 62 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی، جبکہ ڈیزل کی قیمت 8 روپے 37 پیسے فی لیٹر اضافے کے ساتھ 287 روپے 33 پیسے فی لیٹر پہنچ گئی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران پیٹرول کی قیمت 0.5 ڈالر فی بیرل اضافے کے ساتھ 89.20 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 90.78 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت تقریباً 8 سینٹ فی بیرل کم ہوکر 101.13 ڈالر سے 101.05 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

حکومت پہلے ہی پیٹرول اورہائی اسپید ڈیزل دونوں پر 60 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی تک پہنچ چکی ہے جو قانون کے تحت زیادہ سے زیادہ قابل قبول حد ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدوں کے تحت رواں مالی سال کے دوران پیٹرولیم مصنوعات پر پیٹرولیم لیوی کی مد میں 869 ارب روپے وصول کرنے کا بجٹ ہدف مقرر کیا تھا۔

اس مد میں مالی سال کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) میں تقریباً 475 ارب روپے جمع کیے جاچکے ہیں، حالانکہ فی لیٹر لیوی میں بتدریج اضافہ کیا گیا تھا۔

حکومت کو رواں سال کے اختتام تک 970 ارب روپے حاصل کرنے کی توقع ہے تاہم نظر ثانی شدہ ہدف جون کے آخر تک 920 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔

کنزیومر پرائس انڈیکس کے مطابق جنوری میں افراط زر کی شرح 27.5 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی جس کی وجہ پیٹرولیم اور بجلی کی قیمتیں رہی ہیں۔

پیٹرول زیادہ تر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور 2 پہیوں والی گاڑیوں میں استعمال ہوتا ہے اور اس کی قیمت میں اضافے کا براہ راست اثر متوسط اورنچلے متوسط طبقے پرہوتا ہے۔

دوسری طرف ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت کو انتہائی افراط زر سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ زیادہ تر بھاری نقل و حمل کی گاڑیوں ، ٹرینوں اور زرعی انجنوں جیسے ٹرکوں ، بسوں ، ٹریکٹروں ، ٹیوب ویلوں اور تھریشرز میں استعمال ہوتا ہے۔ اس کی قیمت بڑھنے سے سبزیوں اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی ہوتا ہے۔

اس وقت حکومت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں پر تقریباً 82 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے۔ اگرچہ تمام پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) صفر ہے لیکن حکومت دونوں مصنوعات پر 60 روپے فی لیٹر پی ڈی ایل وصول کر رہی ہے۔

دوسری جانب ہائی آکٹین بلینڈنگ کمپوننٹ اور 95 رون پیٹرول پر 50 روپے فی لیٹر چارج کیا جارہا ہے۔ حکومت پیٹرول اور ایچ ایس ڈی پر 17 سے 20 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی وصول کر رہی ہے۔ پیٹرول اور ایچ ایس ڈی آمدنی کے بڑے اسپنرز ہیں، ان کی ماہانہ فروخت تقریبا 700،000 سے 800،000 ٹن ہے جبکہ مٹی کے تیل کی ماہانہ طلب صرف 10،000 ٹن ہے۔

بیروت کی فرح دخل اللہ نیٹو کی ترجمان مقرر

نیٹو نے لبنان سے تعلق رکھنے والی خاتون فرح دخل اللہ کو تنظیم کی نئی ترجمان مقرر کر دیا ہے، فرح دخل اللہ نے کئی عالمی اور معروف میڈیا اداروں کے ساتھ کام کیا ہے۔

نارتھ اٹلانٹک آرگنائزیشن (نیٹو) کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ کی جانب سے فرح دخل اللہ کی تعیناتی کا اعلان کیا گیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ خطرات سے دوچار دنیا میں واضح اور بروقت مواصلات کے علاوہ میڈیا کے ساتھ روابط زیادہ اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔

جبکہ لبنانی نژاد برطانوی شہری فرح دخل اللہ اب برطانیہ میں رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں، فرح نے کئی سرکاری اور نجی شعبوں میں اہم ذمہ داریاں نبھائی ہیں، جبکہ اس عہدے سے متعلق بھی وہ وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔

فرح دخل اللہ اس سے قبل اقوام متحدہ، برطانوی حکومت اور آسٹرازینکا سمیت کئی میڈیا تنظیموں کے ساتھ کام کر چکی ہیں، آسٹرازینکا جیسی تنظیم میں وہ مشرقی وسطیٰ اور افریقہ کے لیے میڈیا ریلیشنز ڈائریکٹر کے طور پر ذمہ داریاں نبھا رہی تھیں، جبکہ عالمی ادارہ صحت میں کمیونیکیشن مینیجر اور برطانوی فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس میں عربی ترجمان کے طور پر بھی خدمات سر انجام دے چکی ہیں۔

اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر فرح کی جانب سے لکھنا تھا کہ اس نازک دور میں نیٹو تنظیم کی ترجمانی اور پریس و میڈیا کی قیادت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

فرح کا مزید کہنا تھا کہ نیٹو اتحاد نے ایک ارب سے زائد لوگوں کی حفاظت کی ہے، ان کی آزادی اور جمہوریت کی حفاظت یقینی بنائی ہے، جبکہ دنیا کو پُر امن رکھنے میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔

جبکہ فرح نے کیمبرج یونی ورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات عامہ میں اور لندن اسکول آف اکنامکس سے میڈیا اور مواصلات میں ماسٹر کی ڈگریاں حاصل کی ہیں، جبکہ بیروت کی یونی ورسٹی سینٹ جوزف سے آڈیو ویژول آرٹس کی تعلیم حاصل کی تھی

’پاکستان کی نئی حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کریں‘ ، ڈیموکریٹس قانون سازوں کا بائیڈن کو خط

امریکی قانون سازوں نے صد جو بائیڈن اور وزیرخارجہ انٹونی بلنکن پر زور یا ہے کہ وہ پاکستان کے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی مکمل تحقیقات ہونے تک نئی حکومت کو تسلیم کرنے سے گریز کریں۔

تمام ڈیموکریٹس قانون سازوں نے اپنے مشترکہ خط میں پاکستان کے حالیہ پارلیمانی انتخابات میں انتخابات سے قبل اور بعد میں دھاندلی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے انتخابات کے دن خلاف ورزیوں اور رکاوٹوں کے شواہد کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کی نئی حکومت کو تسلیم کرنے سے پہلے ایک شفاف اور قابل اعتماد تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

تمام 33 دستخط کنندگان صدر بائیڈن کی دوسری مدت کے حصول کے لیے اہم ترقی پسند ڈیموکریٹس ہیں۔ مشی گن کے حالیہ پرائمری انتخابات میں امریکی صدر کو غزہ جنگ کے حوالے سے اپنے موقف سے غیر مطمئن کارکنوں کی قیادت میں ایک زبردست ’غیر وابستہ‘ مہم کا سامنا کرنا پڑا، یہ پیش رفت بائیڈن کیمپ کے لیے خاصی تشویش کا باعث بن رہی ہے، خاص طور پر اس لیے کہ مشی گن کے بااثر مسلم قانون سازوں نے بھی پاکستان تحریکِ انصاف کے حق میں لکھے گئے اس خط کی حمایت کی ہے۔

مشی گن میں اثر و رسوخ رکھنے والے مسلمان ارکان میں راشدہ طلیب، الہان عمر اور آندرے کارسن شامل ہیں۔

پروگریسو کاکس کی چیئرپرسن اور اکثر کشمیر کاز کی وکالت کرنے والی پرمیلا جے پال نے اس خط کی تائید کی ہے۔ اس کے علاوہ چیئر ایمریٹس باربرا لی اور وہپ گریگ کاسر نے بھی اپنے دستخط شامل کیے ہیں۔ کاکس کے نائب صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے الہان عمر بھی دستخط کنندگان میں شامل ہیں۔

امریکی قانون سازوں نے وزارت خارجہ کے حکام پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں زیر حراست سیاسی کارکنوں اور میڈیا اہلکاروں کے بارے میں معلومات اکٹھی کریں اور ان کی رہائی کی وکالت کریں۔

انہوں نے پاکستانی حکام کو یہ بتانے کی اہمیت پر زور دیا کہ امریکی قانون انسانی حقوق کی خلاف ورزی، جمہوریت کو کمزور کرنے یا بدعنوانی کو فروغ دینے والے اقدامات کے لئے احتساب کا حکم دیتا ہے۔

قانون سازوں نے انتخابات کے بعد دھاندلی کے بارے میں خدشات کی طرف بھی توجہ مبذول کرائی اور نتائج کی رپورٹنگ میں تاخیر، بدسلوکی کے ویڈیو ثبوت اور ووٹوں کی مجموعی تعداد میں تضادات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے غیر جانبدار مبصرین کی رپورٹس کا بھی حوالہ دیاجس میں پاکستان کی نئی حکومت کو تسلیم کرنے سے پہلے شفاف اور قابل اعتماد آڈٹ کے عمل کی ضرورت پر روشنی ڈالی گئی۔

قانون سازوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کا تحفظ اور اس بات کو یقینی بنانا کہ انتخابات کے نتائج حقیقی معنوں میں اشرافیہ اور فوج کے بجائے عوام کے مفادات کی عکاسی کرتے ہیں، امریکی مفادات سے مطابقت رکھتا ہے۔

چین جدید گاڑیوں سے جاسوسی کا کام لے سکتا ہے، امریکی صدر

امریکی صدر جو بائیڈن نے خبردار کیا ہے کہ معاشی معاملات میں غیر معمولی احتیاط لازم ہے۔ چین کے عزائم بہت خطرناک ہیں۔ اس معاملے میں ذرا سی بھی کوتاہی کسی بہت بڑے نقصان سے دوچار کرسکتی ہے۔

برطانوی جریدے دی اکنامسٹ نے ایک تجزیے میں بتایا ہے کہ صدر بائیڈن امریکا اور یورپ کی مارکیٹ میں بہت تیزی سے لائی جانے والی چینی گاڑیوں کے حوالے سے بہت پریشان ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ چین کی بنائی ہوئی گاڑیاں امریکا اور یورپ میں حساس نوعیت کا ڈیٹا جمع کرنے کے بعد اس کی ترسیل کے لیے بھی استعمال کی جاسکتی ہیں۔

صدر بائیڈن کا کہنا ہے کہ چین کی الیکٹرک کاریں اور دیگر جدید ترین گاڑیاں حساس آلات سے مزین ہوتی ہیں اور جاسوسی کے لیے استعمال کی جاسکتی ہیں۔

صدر بائیڈن نے امریکا میں تیار کی جانے والی گاڑیوں میں بیرونی سوفٹ ویئرز کی تنصیب کے حوالے سے تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے۔

صدر بائیڈن کا دعویٰ ہے کہ چین کی تیار کردہ جدید ترین الیکٹرک اور روایتی گاڑیاں دور سے کنٹرول کرکے غیر فعال بھی بنائی جاسکتی ہیں۔

اگر امریکی صدر کے احکامات کے تحت تحقیقات کی گئی تو امریکا میں چین کی گاڑیوں پر مزید پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔ چین کی تیار کردہ گاڑیوں پر پہلے ہی اضافی 25 فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد کی جاسکتی ہے۔