چینی شہریوں کی سیکیورٹی کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے، صدر

 اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے سفار خانے کا دورہ کیا اور بشام میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر حکومت و قوم کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں قائم چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں چینی سفیر چیانگ زئے دونگ نے سفارت خانےآمد پر صدر آصف علی زرداری کا استقبال کیا۔

صدر مملکت نے بشام میں دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی قوم دکھ کی اس گھڑی میں چینی عوام کے غم میں برابر کی شریک اور اُن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن یہ قبول نہیں کر سکتے کہ پاک-چین دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، بہیمانہ فعل میں ملوث مجرموں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات لیے جائیں گے، غیر انسانی حملہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی اور مشترکہ اقدار پر حملہ ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شانگلہ واقعہ پاک چین دوستی کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا، پاکستان دہشت گردوں کو خطے میں امن، خوشحالی اور سلامتی کیلئے ہمارے مشترکہ اہداف کو کمزور کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔

چینی سفیر نے تعزیت کے لیے ذاتی طور پر سفارت خانے کا دورہ کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور انسداد ِدہشت گردی میں تعاون بڑھانے، پاکستان میں چینی کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں ، بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے پر پکڑنے کی ضرورت ہے۔ چینی سفیر نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے ، سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کیلئے حمایت جاری رکھنے کے چینی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے دہشت گرد حملے کی مذمت کی، چینی کارکنوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔

شانگلہ خودکش حملہ؛ تعلقات میں دراڑ ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی ، چینی وزارت خارجہ

بیجنگ: چین نے شانگلہ میں ہونےو الے خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے  کہا ہے کہ پاک چین تعلقات میں دراڑ ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، چین نے پاکستان سے حملے کی جامع تحقیقات اور ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کی جانب سے  جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 26 مارچ کو ، خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں داسو ہائیڈروپاور پروجیکٹ  پر کام کرنےو الے عملے  کی گاڑی کو دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں  پانچ چینی اور ایک پاکستانی شہری  جاں بحق ہوا، چین اس  دہشت گردانہ حملے کی پرزور مذمت کرتا ہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ  نے مزید کہا کہ چین پاکستان سے دہشت گردانہ حملے  کی جلد از جلد جامع تحقیقات کرکے اس کے ذمے  داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے  اور چینی شہریوں، پاکستان میں جاری منصوبوں  اوریہاں قائم چینی اداروں کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کرنے کا  مطالبہ کرتا ہے۔

چینی وزارت خارجہ نے پاکستان میں موجود چینی شہریوں اور کاروباری اداروں کو  خبردار کردیا گیا ہے کہ وہ مقامی حالات  پر نظر رکھیں، سخت احتیاطی تدابیر اپنائیں، حفاظتی اقدامات کو  بہتر کریں اور دہشت گردانہ حملوں سے بچنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔

چینی ترجمان کے مطابق اس واقعے کے بعد پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفارتخانے میں آکرچینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا، انہوں نے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت  کی اوراسے پاک چین تعلقات کو متاثر کرنے کی کوشش قرار دیا۔

اسی روز  صدر پاکستان  آصف زرداری،  وزیرخارجہ و داخلہ نے بھی اس حملے کی شدید مذمت کی اور  چینی شہریوں کی ہلاکت پر چینی حکومت اورعوام سے اظہارہمدردی کیا۔

چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ  چین اور پاکستان ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے اسٹریٹجک  شراکت  دار اور  انتہائی برادرانہ ممالک ہیں اور سی پیک کا پاکستان کی سماجی معاشی ترقی میں  بہت اہم کردار ہے۔

چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا ہے کہ پاک چین تعاون میں دراڑ ڈالنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ چین دہشت گردی کی ہر شکل  کی مذمت اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں پاکستان کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

پاکستان میں دہشت گردی کا منبع افغانستان میں ہے، وزیر دفاع

 اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملک میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پر ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کا منبع افغانستان میں ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر سرحد کی صورت حال میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان میں دہشت گردی کا منبع افغانستان میں ہے، ہماری کوششوں کے باوجود کابل اس سمت کوئی پیش رفت نہیں کر رہا ہے۔

افغان حکومت کے کردار کاحوالہ دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردی کے ٹھکانوں کے بارے میں انہیں علم ہونے کے باوجود ان کی سر زمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گرد آزادانہ طور پر آپریٹ کر رہے ہیں۔

وزیردفاع نے کہا کہ پاک-افغان سرحد ساری دنیا کی روایتی سرحد سے مختلف ہے، موجودہ حالات میں جب کابل سے تعاون میسر نہیں ہے تو پاکستان کو اس سرحد پر تمام بین الاقوامی قوانین اور روایت نافذ کرنے ہوں گے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سرحد پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت ختم کرنی ہو گی، اسی طرح دونوں ممالک روایتی اچھے ہمسایوں کی طرح اپنے تعلقات کو فروغ دے سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ اور ویزے کے ذریعے سفر کی سہولتیں جاری رکھی جاسکتی ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا غیر حاضر سرکاری ملازمین کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم

 کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نے غیر حاضری پر مزید دو خواتین میڈیکل افسران ، دو اسٹاف نرسز کو معطل کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام محکموں میں غیر حاضر سرکاری ملازمین کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر سیکرٹری صحت بلوچستان عوام کو طبی سہولیات کا جائزہ لینے مفتی محمود اسپتال کچلاک پہنچے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مفتی محمود اسپتال میں ڈیوٹی سے غیر حاضری پر دو خواتین میڈیکل آفیسرز، دو اسٹاف نرسز کو معطل کردیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کے مطابق وزیراعلیٰ نے اسپتال میں ضرورت سے زائد تعینات فارماسسٹ کو ضلع بدر کرکے دیگر اسپتالوں میں حسب ضرورت تعینات کرنے کا حکم بھی دیا۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام غیر حاضر ملازمین کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔

آئی ایم ایف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی تجاویز پیش کردیں

اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے انرجی مکس بہتر بناکر کپیسٹی چارجز میں کمی اور نئے پاور پلانٹس چلانے سمیت دیگر تجاویز پیش کردیں۔ 

اس حوالے سے وزارت خزانہ ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے تجویز دی ہے کہ ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پہلے نئے پاور پلانٹس کو مکمل پیداواری صلاحیت کے مطابق چلایا جائے کیونکہ نئے پاور پلانٹس کو پوری پیداواری صلاحیت کے مطابق نہ چلانے کی وجہ سے صارفین پر سالانہ 2000 ارب روپے کے لگ بھگ بوجھ پڑتا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے تجویز میں مزید کہا کہ اگر ان پلانٹس سے 100 فیصد پیداواری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا کی جائے تو اس سے ٹیرف میں کمی لانے میں مدد ملے گی اور صنعتی ٹیرف میں کمی کیلئے کپیسٹی چارجز کو کم کرنا ضروری ہے اگر پاور پلانٹس کو متبادل فیول فراہم کرکے پوری پیدوارای صلاحیت استعمال کی جائے گی تو اس سے بجلی کی قیمتوں میں شامل کپیسٹی چارجز میں 17 سے 18 روپے کی کمی واقع ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ آئی ایم ایف نے تجویز دی ہے کہ مقامی گیس سے سرکاری شعبے کے 5 ہزار میگاواٹ والے گیس پاورپلانٹس کو چلایا جائے جس سے ایل این جی کے مقابلے میں10 سے14 روپے فی یونٹ سستی بجلی پیدا ہوگی۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا کہنا کہ تمام صنعتی زونزکو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

جنگ بندی مذاکرات ناکام، اسرائیل نے حماس پر الزام دھردیا

 

اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کے لیے بات چیت کی ناکامی کا سارا الزام حماس پر دھر دیا ہے۔ بدھ کو علی الصباح اسرائیل کے مذاکرات کار قطر سے واپس چلے گئے۔

ایک اسرائیلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ حماس (غزہ) کے لیڈر یحیٰ سنوار نے غزہ میں جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کو سبوتاثر کیا کیونکہ وہ چاہتے ہیں رمضان کے دوران بھی جنگ جاری رہے۔ اسرائیلی عہدیدار کا یہ بھی کہنا تھا کہ حماس کے قائدین معاملات کو سبوتاژ کرنے کی سفارت کاری کر رہے ہیں جبکہ اسرائیل نے مزید یرغمالیوں کو رہا کرنے اور چند بے گھر فلسطینیوں کو ان کے گھروں میں واپس آباد ہونے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔

اسرائیل نے قطر سے اپنے وفد کو واپس بلاتے ہوئے کہا کہ حماس کے مطالبات کے باعث جنگ بندی کی بات چیت ڈیڈ اینڈ پر پہنچ گئی تھی۔

قطر اور مصر کی ثالثی کے تحت اسرائیل اور حماس نے 6 ہفتوں کی جنگ بندی کے لیے مذاکرات میں تیزی پیدا کرنے کی کوشش کی تھی۔ اسرائیل نے 130 میں سے 40 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے عوض جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

حماس نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مذاکرات کے نتیجے میں لڑائی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے اور تمام اسرائیلی فوجیوں کو فلسطینی علاقوں سے نکل جانا چاہیے۔ اسرائیل نے یہ مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حماس کی عسکری صلاحیتوں کے خاتمے سے کم پر راضی نہ ہوگا۔

 

حماس نے یہ مطالبہ بھی رکھا ہے کہ شمالی غزہ سے جو لاکھوں فلسطینی نکل کر جنوبی فلسطین میں رفح کے علاقے میں مصری بارڈر کراسنگ کے نزدیک پناہ لیے ہوئے ہیں اُنہیں ان کے گھروں میں واپسی کی اجازت دی جائے۔ اسرائیلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے چھوڑے جانے والے یرغمالیوں کے عوض 700 تا 800 فلسطینیوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کردی تھی۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے کل ایک بیان میں کہا تھا کہ حماس کے مطالبات سراب کے مانند ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ وہ جنگ بندی کے معاہدے کے موڈ میں نہیں۔

اس دوران اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں اسرائیلی یرغمالیوں کے 300 رشتہ دار وزارتِ دفاع کے سامنے جمع ہوئے اور اپنے پیاروں کی رہائی کے لیے جلد از جلد معاہدہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ بعض مظاہرین نے خود کو پنجرے میں بند کر رکھا تھا اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ ایک پلے کارڈ پر لکھا تھا کہ ہمارے پیاروں کی رہائی کے لیے کوئی بھی قیمت بہت زیادہ نہیں۔

وزیراعظم کل چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات کریں گے

 اسلام آباد: ہائی کورٹ کے ججز کے خط کے معاملے  پر وزیراعظم  شہباز شریف کل چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات کریں گے۔ 

ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط والے معاملے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے اور چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے6 ججز کی طرف سے لکھے گئے خط کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے پیغام بھجوایا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس  قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے پیغام آنے کے بعد  وزیراعظم  شہباز شریف اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ کل ان  سے ملاقات کریں گے، یہ ملاقات کل دوپہر دو بجے سپریم کورٹ میں ہوگی جس میں وزیراعظم کے ہمراہ وزیرقانون  اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور اعوان بھی  ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو ملاقات کا پیغام  بھی اٹارنی جنرل منصور اعوان کے ذریعے بھجوایا گیا ہے۔

وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ملاقات کی تصدیق  کی اور کہا کہ وزیراعظم کل چیف جسٹس آف پاکستان  قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات میں سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس منصورعلی شاہ بھی موجود ہوں گے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت سیکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی باشندوں کی ہلاکت کے وحشیانہ فعل کے مرتکب افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، آرمی چیف نے کہا ہے کہ ہم دہشت گردی سے اس وقت تک لڑیں گے جب تک پاکستانی عوام اور ہمارے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔
وزیراعظم شہبازشریف کے زیر صدارت سیکیورٹی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، آرمی چیف، وزرائے اعلیٰ، متعلقہ صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرلز آف پولیس نے شرکت کی۔ اجلاس میںترقیاتی منصوبے پر کام کرنے والے معصوم شہریوں پر ہونے والے گھناوٴنے حملے کو زیر غور لایا گیا۔
وزیر اعظم نے حملے کے متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی اور کہا کہ اس وحشیانہ فعل کے مرتکب افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائےگا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان بھائی چارے کے پائیدار رشتے پر زور دیا پوری قوم چینی جانوں کے ضیاع پر غم زدہ ہے، وزیر اعظم نے ریاست کے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مکمل مشترکہ تحقیقات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا دہشت گردی ایک بین الاقوامی خطرہ ہے جسے پاکستان کے دشمنوں نے پاکستان کی ترقی کو روکنے کے لیے آلہ کار بنایا ہے، پاک چین دوستی کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں کا مقصد خاص طور پر دونوں آہنی بھائیوں کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔اجلاس کے شرکا نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔ شرکاء نے سرحدوں کے پار دہشت گردوں کے لیے دستیاب پناہ گاہوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اجلاس کے دوران آرمی چیف نے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ قوم نے پچھلی دو دہائیوں سے ثابت قدمی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے اور پاکستان کے مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور پاکستانی عوام کی لچک اور حوصلے کو کم سمجھا ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ ہم دہشت گردی سے اس وقت تک لڑیں گے جب تک پاکستان، اس کے عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، ہم اس بات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے کہ پاکستان کی خوشحالی میں کردار ادا کرنے والا ہر غیر ملکی شہری خصوصاً چینی شہری پاکستان میں محفوظ اور محفوظ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آخری دم تک دہشت گردی کا مقابلہ اپنی پوری طاقت سے کریں گے۔
دریں اثنا وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا جوکہ اب 28 مارچ بروز جمعرات کو ہوگا۔

ہائی کورٹ ججز کے خط پر چیف جسٹس آف پاکستان نے فل کورٹ اجلاس طلب کرلیا

اسلام آباد: ہائی کورٹ ججز کی جانب سے لکھے گئے خط پر عدالت عظمیٰ کا فل کورٹ اجلاس طلب کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے طلب کیے گئے فل کورٹ اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط کا جائزہ لیا جائے گا۔

فل کورٹ اجلاس چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے طلب کیا گیا ہے، جس آج شام 4 بجے ہوگا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ہائیکورٹ ججز کا خط؛ انکوائری کمیشن تشکیل کیلیے درخواست سپریم کورٹ میں دائر

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط کے معاملے پر اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے حوالے سے لکھے گئے خط کے بارے میں غور کیا گیا۔ بعد ازاں اٹارنی جنرل نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ ججز کے خط کا معاملہ سنجیدہ ہے، جس کی تحقیق ہونی چاہیے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر پاکستان بار کونسل نے بھی 5 اپریل کو ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں پاکستان بار کونسل موجودہ صورتحال پر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔

پنجاب میں سینیٹ کا محاذ ،جنرل نشستوں پر مسلم لیگ ن کے پانچ اور تحریک انصاف کے دو امیدوار بلامقابلہ کامیاب

پنجاب کی سات جنرل نشستوں پر بارہ امیدواروں کا مقابلہ

پانچ نے کاغذات واپس لے لیے۔

سات جنرل نشستوں پر سات امیدوار ہی میدان میں رہ گئے

تکنیکی طور پر ساتوں امیدوار بلا مقابلہ کامیاب

جنرل نشستوں پر مسلم لیگ ن کے پانچ اور تحریک انصاف کے دو امیدوار بلامقابلہ کامیاب

ن لیگ کے پرویز رشید ، ناصر محمود ، احد چیمہ اور طلال چوہدری کامیاب

حکومتی اتحاد کے حمایت یافتہ محسن نقوی بھی کامیاب

سنی اتحاد کونسل کے راجہ ناصر عباس، اور حامد خان ایڈوکیٹ کامیاب

ولید اقبال، شہزاد وسیم ، اعجاز منہاس، مصدق ملک اور عمر چیمہ نے کاغذ واپس لے لیے

بلوچستان سے تمام سینیٹرز کو بلامقابلہ منتخب کرانے کا فیصلہ

بلوچستان سے سینیٹ کی 11 خالی نشستوں پر 6 سیاسی جماعتوں کا تمام سینیٹرز کو بلامقابلہ منتخب کرانے پر اتفاق ہوگیا، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو 3،3 نشتیں ملیں گی۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان سے تمام سینیٹرز کو بلامقابلہ منتخب کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا، بلوچستان کی 6 سیاسی جماعتوں کے مابین سینیٹر کے بلامقابلہ انتخاب کا فارمولہ طے پاگیا۔

ذرائع کے مطابق سینیٹ کی 11 خالی نشستوں میں سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو 3،3 ، جے یو آئی کو 2 جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی اورعوامی نیشنل پارٹی کو ایک ایک نشست ملے گی۔

سابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت سے آزاد کوٹے پر سینٹر منتخب ہونے کا امکان ہے۔

پیپلز پارٹی کے چنگیز جمالی، بلال مندوخیل اور راحت جمالی، مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سعید الحسن مندوخیل، آغا شاہ زیب درانی اور حسنہ بانو، جے یو آئی کی جانب سے احمد خان اور مولانا واسع، اے این پی کی جانب سے ایمل ولی خان جبکہ نیشنل پارٹی کی جانب سے جان محمد بلیدی کے منتخب ہونے کا امکان ہے۔

شیڈول کے مطابق آج شام 4 بجے تک سینیٹ کے امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں، جس کے بعد حتمی فہرست کی اشاعت ہوگی۔

بلوچستان سے سینٹ کی سات جنرل خواتین اور ٹیکنوکریٹ کی 2،2 نشتوں پر پولنگ 2 اپریل کو بلوچستان صوبائی اسمبلی میں ہونی ہے، 65 رکنی ایوان میں 62 ارکان سینٹ کے لیے رجسٹرڈ ہیں۔

پی بی 20 اور پی بی 22 کی نشتیں سردار اختر مینگل اور جام کمال نے قومی اسمبلی کا حلف اٹھا کر خالی کردیں تھیں جبکہ پی بی اکیس حب کی نشست پر کامیاب امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہی ہوا ۔

الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات عملے کی ٹریننگ کا عمل مکمل کرلیا
دوسری جانب سینیٹ کی 48 نشتوں پر 2 اپریل کو ہونے والے انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات عملے کی ٹریننگ کا عمل مکمل کرلیا۔

ذرائع کے مطابق عملے کو 3 روزہ ٹریننگ الیکشن کمیشن مرکزی سیکریڑیٹ میں دی گئی جس کے مطابق ملک بھر سے تعلق رکھنے والے الیکشن کمیشن کے 35 افسران کو ٹریننگ دی گئی۔

الیکشن کمیشن افسران نے سینیٹ انتخابات کا حصہ بننے والے عملے کو ٹریننگ دی، جس میں سینیٹ انتخابات میں بطور ریٹنرنگ افسران اور پولنگ افیسر تعینات ہونے والے عملے کو ٹرنینگ دی گی۔

ججز کا خط: اسلام آباد، سندھ، لاہور اور خیبرپختونخوا ہائیکورٹ بار کا چیف جسٹس سے کارروائی کا مطالبہ

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھنے پر وکلاء تنظیموں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا، اسلام آباد ہائیکورٹ بار، سندھ ہائیکورٹ بار، لاہور ہائیکورٹ بار اور خیبرپختونخوا ہائیکورٹ بار کی جانب سے خط پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان سے انکوائری اورملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز نے سپریم جوڈیشل کونسل کوخط ارسال کردیا، خط میں ججز کے ساتھ پیش آئے واقعات کا ذکر کیا اور کہا گیا کہ جج کے خلاف ریفرنس دائر کرکے استعفیٰ دینے پر دباؤ ڈالا گیا، ایک جج سرکاری گھر میں شفٹ ہوئے تو وہاں کیمرے نصب تھے، کیمرے سے آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ کسی جگہ ٹرانسمٹ کی جارہی تھی، جج اور فیملی کی پرائیوٹ ویڈیو اور یو ایس بی ریکور ہوئی، 12 فروری کو 5 ججز نے فل کورٹ میٹنگ بلانے کے لیے خط لکھا تھا جس کے بعد 6 ججز کا عدلیہ میں اداروں کی مبینہ مداخلت پر جوڈیشل کنونشن بلانے کا مطالبہ کیا۔

اسلام آباد بار
اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس ہوا جس دوران بار ایسوسی ایشن نے عدلیہ کی آزادی و خود مختاری کے منافی اقدامات اور مداخلت پر لکھے گئے خط پر تشویش کا اظہار کیا۔

اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ عدلیہ کی آزادی اور خود مختاری کو آئین کا بنیادی وصف سمجھتے ہوئے اس پر مکمل یقین رکھتے ہیں، نظام عدل و انصاف پر عوام کا اعتماد عدلیہ کی آزادی اور خود مختاری سے وابستہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق عدلیہ کی آزادی پر حرف آنا نظام عدل، انصاف اور معاشرے کیلئے شدید نقصان دہ ہے، آئین و قانون کی عملداری، عدلیہ کی آزادی اور خود مختاری کے اصولوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اعلامیے میں چیف جسٹس پاکستان سے انکوائری اورملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عدلیہ کی آزادی کی خاطر تحریک بھی چلانا پڑی توگریز نہیں کریں گے، آزاد اور خود مختار عدلیہ کے آئینی اصول کی پاسداری کرتے ججز کے پیشہ ورانہ امور کی آزادانہ ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ کسی بھی ادارے کی دوسرے ادارے میں مداخلت کی پرزور مذمت کرتے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ بار ملک میں قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور آزاد خود مختار عدلیہ پریقین رکھتی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ بار
لاہورہائیکورٹ نے خط لکھنے والے ججز کو خراج تحسین پیش کیا۔ لاہورہائیکورٹ بار کے اعلامیے میں کہا گیا کہ چیف جسٹس پاکستان سے توقع ہے کہ وہ ججوں کے تحفظ کے لیے کام کریں گے، لاہورہائیکورٹ بارعدلیہ کی آزادی کے لیے وکلاء کا قومی کنونشن منعقد کریں گے۔

سندھ ہائیکورٹ بار
سندھ ہائیکورٹ بار نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط پر تحقیقات کے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کردیا۔

سندھ ہائیکورٹ بار نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے 3 ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔

سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے عدالتی معاملات میں مداخلت پر تشویش کا اظہارکیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اداروں کے مداخلت عدلیہ کی غیر جانبداری اور عدالتی نظام پر ضرب لگانے کے مترادف ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کا مداخلت کا بے نقاب کرنا قابل تعریف عمل ہے۔

خیبرپختونخوا بار
خیبرپختونخوا بار کونسل نے ججز کے خط پر تشویش کا اظہار کیا، بیان میں کہا گیا کہ ججز کے خط میں اداروں کی مبینہ مداخلت پرتحفظات اور تشویش کا اظہارکرتے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کا خط تشویشناک عمل ہے،ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے تحفظ کے لیے کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات، سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت

راولپنڈی: وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان آج ملاقات ہوئی ہے جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
دریں اثنا وزیراعظم کی صدارت میں ملکی سیکیورٹی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزرا اور آرمی چیف سمیت سیکیورٹی ایجنسیز کے سربراہان، آئی جیز اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔