پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ ہائی کریڈٹ رسک ‘Caa3’ پر برقرار

کراچی: موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو ہائی کریڈٹ رسک ‘Caa3′ پر برقرار رکھا ہے۔

اپنے جاری کردہ جائزے میں عالمی ریٹنگ ایجنسی نے قرار دیا ہے کہ متنازعہ الیکشن کے نتیجے میں قائم ہونے والی کمزور مینڈیٹ کی حامل نئی حکومت کو آئی ایم ایف کا موجودہ پروگرام اپریل میں ختم ہونے کے بعد نئے پروگرام کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہوگا۔

ادھر بینک آف امریکا نے پاکستانی یوروبانڈز کو اس امید کے ساتھ اوورویٹ کیا کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیاں بھی پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کریںگی، لیکن یہ موڈیز کے معاملے میں غلط ثابت ہوا ہے، انویسٹمنٹ بینک نے پاکستان کے عالمی بانڈز کو اگلے آئی ایم ایف پروگرام کے بروقت جائزے سے بھی جوڑا ہے۔

موڈیز نے قرار دیا ہے کہ پاکستان کو بیرونی قرضوں کی ادائیگی کیلیے کافی دباؤ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، اگر آئی ایم ایف سے بروقت نیا معاہدہ نہ کیا جاسکا اور دیگر پارٹنرز سے قرض نہ مل سکے تو دیوالیے کے امکانات بڑھ جائیں گے، جبکہ سماجی دباؤ اور ناقص گورننس آئی ایم ایف معاہدے اور دیگر معاملات میں بے یقینی پیدا کرسکتے ہیں۔

اگر آئی ایم ایف سے بروقت معاہدہ ہوجائے اور دیگر بائی لیٹرل اور ملٹی لیٹرل پارٹنرز سے بغیر کسی تاخیر کے قرضے مل جائیں تو دیوالیے کے خطرات دور ہوجائیں گے، تاہم ان کے حصول کیلیے پاکستان کے سماجی حالات فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔

موڈیز کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان یہ اہداف حاصل کرلیتا ہے تو مستقبل قریب میں کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی جاسکتی ہے۔

پیرس اولمپکس 2024 کا سیکیورٹی پلان چوری ہوگیا

پیرس اولمپکس 2024 کا سکیورٹی پلان فرانس کے دارالحکومت کے ریلوے اسٹیشن سے چوری ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرس اولمپک گیمز کیلئے پولیس کے سیکیورٹی پلانز پر مشتمل ایک بیگ جس میں ایک کمپیوٹر اور 2 میموری اسٹکس موجود تھے، پیر کی شام کو دارالحکومت (گارے ڈو نورڈ اسٹیشن) کی ٹرین سے چوری ہوگیا۔

پولیس نے تصدیق کی ہے کہ بیگ پیرس سٹی ہال کے ایک انجینئر تھا، جس نے بیگ کو اپنی سیٹ کے اوپر سامان کے ڈبے میں رکھا تھا چونکہ ٹرین تاخیر کا شکار ہوئی تو اسے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس دوران اُسے چوری کا پتہ چلا۔
مزید پڑھیں: پیرس اولمپکس میں رسائی؛ قومی ٹیم کو ’’اگر مگر‘‘ کی صورتحال درپیش

انجینئر کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر اور 2 یو ایس بی سٹکس میں اولمپکس کو محفوظ بنانے کے حوالے حساس ڈیٹا اور سیکیورٹی پلان تھا۔

دوسری جانب واقعہ کے بعد ٹرانسپورٹ پولیس کی جانب سے تحقیقات کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ اولمپکس کے دوران 2 ہزار میونسپل پولیس افسران کو تعینات کیا جائے گا، جس میں 26 جولائی سے شروع ہونے والے گیمز کیلئے ہر روز تقریباً 35 ہزار سیکیورٹی فورسز کے ڈیوٹی پر معمور ہوں گے۔

احتجاج اور توڑ پھوڑ کیس: بانی پی ٹی آئی، اسد عمر سمیت دیگر مقدمے سے بری

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے احتجاج اور توڑ پھوڑ کیس میں بانی پی ٹی آئی، اسدعمر، فیصل جاوید اور دیگر کو مقدمے سے بری کر دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ محمد شبیر نے بریت درخواستیں منظور کرنے کا فیصلہ جاری کر دیا۔ دوران سماعت وکلاء میں آمنہ علی، سردار مصروف خان اور محسن غفار عدالت میں پیش ہوئے۔

فیصلے کے مطابق ملزمان کی جانب سے اے 249 کے تحت الگ الگ بریت کی درخواستیں دائر کی گئیں، مقدمے میں ملزمان کو سزا نہیں سنائی جا سکتی اور مزید ٹرائل چلانا وقت کا ضیاع ہے لہٰذا بانی پی ٹی آئی، اسدعمر اور راجہ خرم شہزاد نواز کی بریت درخواستیں منظور کی جاتی ہیں۔
علی نواز اعوان، فیصل جاوید، عابد حسین اور ظہیر خان کی بریت درخواستیں بھی منظور کی جاتی ہیں۔ ملزمان اسد عمر، علی نواز اعوان اور فیصل جاوید ضمانت پر ہیں، مچلکے واپس لے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ملزمان پر 26مئی 2022 کو تھانہ ترنول میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

امیر بالاج کے قتل میں ملوث دیرینہ دوست احسن شاہ گرفتار

لاہور: امیر بالاج قتل کیس میں سی آئی اے ٹیم نے مقتول کے دیرینہ دوست احسن شاہ کو گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق احسن شاہ کو امیر بالاج کی ریکی دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، قتل کے وقت احسن شاہ پاکستان میں موجود نہیں تھا بلکہ سعودی عرب سے ملزمان کو ریکی دی تھی۔ احسن شاہ نے یہ بتایا تھا کہ امیر بالاج نے اس شادی پر جانا ہے۔

اہل خانہ کے مطابق احسن شاہ کو انویسٹی گیشن ٹیم نے گھر سے گرفتار کیا اور ان پر تشدد بھی کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ احسن شاہ نے اس قتل کے عوض 50 لاکھ روپے لیے ہیں لیکن احسن شاہ نے ایسا کچھ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ 19 فروری کو لاہور ملتان روڈ پر شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا امیر بالاج ٹیپو جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔ امیر بالاج ٹیپو کے گن مینوں کی فائرنگ سے حملہ آور مظفر حسین بھی موقع پر مارا گیا تھا۔

ملزم مظفر حسین نے شاٹ گن کا لائسنس حاصل کر رکھا تھا اور اپنے والے لائسنس سے ہی امیر بالاج کو قتل کیا۔

امیر بالاج پر فائرنگ شادی کی تقریب سے باہر نکلتے ہوئے کی گئی، حملے کے وقت لوگ امیر بالاج کے ساتھ سیلفیاں بنانے میں مصروف تھے۔

بھارتی اداکارہ تاپسی پنو کی شادی کی تاریخ سامنے آگئی

ممبئی: بالی ووڈ انڈسٹری کی معروف اداکارہ تاپسی پنو کی اپنے دیرینہ دوست بیڈمنٹن کھلاڑی میتھیاس بوے کے ساتھ شادی کی تاریخ سامنے آگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تاپسی پنو اور بیڈمنٹن کھلاڑی میتھیاس بوے رواں سال مارچ کے آخر میں شادی کریں گے، اس جوڑی کی شادی کی تقریبات ریاست راجستھان کے شہر اودے پور میں منعقد ہوں گی جس میں صرف فیملی کے افراد اور چند قریبی رشتہ دار شامل ہوں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ تاپسی پنو کی شادی پر بالی ووڈ کی کسی بھی مشہور شخصیت کو مدعو نہیں کیا جائے گا جبکہ یہ شادی سکھ اور عیسائی مذہب کی روایات اور رسم و رواج کے مطابق ہوگی کیونکہ اداکارہ کا تعلق سکھ مذہب سے ہے جبکہ اُن کے ہونے والے شوہر عیسائی مذہب سے تعلق رکھتے ہیں۔

اس سے قبل جنوری 2023 میں ایک انٹرویو کے دوران تاپسی پنو نے اپنی شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی شادی پر بہت ڈانس ہوگا، وقت پر اچھا کھانا ملے گا لیکن اُن کی شادی میں کوئی بھی تقریب رات دیر تک نہیں چلے گی اور اُن کی شادی فضول کے ڈراموں سے پاک ہوگی۔

اپنی شادی کے میک اپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے تاپسی پنو کا کہنا تھا کہ مجھے بہت برا لگتا ہے جب میں ان لڑکیوں کو دیکھتی ہوں جو اپنی شادی کے دن اپنے چہروں پر میک اپ کی موٹی تہہ لگاتی ہیں۔

تاپسی پنو کا کہنا تھا کہ میں یہ سوچتی ہوں کہ ایسی دلہنیں، جب اپنی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز دیکھتی ہیں تو وہ کس طرح خود کی پہنچانتی ہیں؟ کیونکہ موٹی تہہ والا میک اپ تو اُن کا چہرہ مکمل طور پر تبدیل کردیتا ہے۔

واضح رہے کہ تاپسی پنو تقریباََ 10 سال سے میتھیاس بوے کو ڈیٹ کر رہی ہیں، وہ اکثر انٹرویوز اور سوشل میڈیا پر اپنے تعلقات کے بارے میں بات کرتی رہتی ہیں۔

ایران پائپ لائن پر امریکی پابندیوں کے اطلاق کا امکان نہیں، وزیرِ توانائی

اسلام آباد: وزیر توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ پاک ایران پائپ لائن منصوبے پر امریکی پابندیوں کے اطلاق کا امکان نہیں، تاہم وہ نہیں جانتے کہ پاک ایران پائپ لائن منصوبے سے متعلق امریکا کیا چاہتا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے کہا کہ گوادر تک 80 کلو میٹر طویل پائپ لائن بچھانے میں ڈیڑھ سال لگ سکتا ہے، نگران کابینہ نئی حکومت کیلئے5422 ارب کے گردشی قرضے چھوڑ کر جا رہی ہے، سود کیساتھ پٹرولیم سیکٹر کا گردشی قرضہ 3022 ارب ،پاور سیکٹر کا 2400 ارب روپے ہے، جس سے مجموعی گردشی قرضوں کا حجم 5422 ہو جاتا ہے، آئی پی پیز کی ادائیگیوں کی استعداد20 کھرب روپے تک ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ہم نے توانائی کے مقامی وسائل نہ بڑھائے تو آئندہ دوعشروں میں پٹرولیم درآمدات کا موجودہ حجم 17.5ڈالر سے بڑھ کر 60 تک پہنچ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی گیس فیلڈز سے یومیہ 40 کروڑ مکعب فٹ پیداوار متوقع ہے، سسٹم میں 44 کروڑ مکعب فٹ یومیہ گیس موجود ہے۔

علی گنڈاپور کو گرفتار نہ کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری

پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا کے لئے نامزد وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ درخواست گزار وکیل نے بتایا کہ پنجاب ایلیٹ فورس درخواست گزار علی امین گنڈاپور کو گرفتاری کرنے کے لئے ان کا پیچھا کررہی ہے اور درخواست گزار صوبے میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والی پارٹی کی جانب سے وزیراعلی کے لئے نامزد ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ درج مقدمات میں آئندہ سماعت تک درخواست گزار کو گرفتار نہ کیا جائے۔ پنجاب پولیس کس قانون کے تحت خیبرپختونخوا کے لوگوں کو اس صوبے کے حدود میں گرفتار کررہی ہے۔
تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ آئی جی خیبرپختونخوا اس حوالے سے اپنا جواب جمع کریں۔ تمام فریقین کو 19 مارچ کے لئے ابتدائی نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔

خلیجی ممالک میں بھارتی فلم ‘آرٹیکل 370’ پر پابندی سے مودی حکومت کو دھچکا

خلیجی ممالک نے مسلمانوں اور کشمیریوں کے خلاف بنائی گئی پروپیگنڈہ فلم ‘آرٹیکل 370′ کی ریلیز پر پابندی عائد کردی جس سے بالی ووڈ اور مودی حکومت کو بڑا دھچکا لگا ہے۔

خلیجی ممالک میں بالی ووڈ فلمیں مسلسل پابندیوں کا شکار ہیں، اب حال ہی میں بھارتی فلم ‘آرٹیکل 370′ کو بھی خلیجی ممالک میں ریلیز سے روک دیا گیا، خلیجی ممالک کی طرف سے فلم ‘آرٹیکل 370′ پر پابندی بالی ووڈ اور کشمیر میں حالات نارمل ہونے کے مودی کے بیانیے کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔

بالی ووڈ فلم ‘آرٹیکل 370′ میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی غلط اور من گھڑت عکاسی کی گئی ہے، 23 فروری کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی یہ فلم اپنی پروپیگنڈہ نوعیت کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر پاپندی کا شکار ہوئی۔

فلم کا مقصد اگست 2019 میں مودی سرکار کا اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کی غیر قانونی اور یکطرفہ منسوخی کا جواز پیش کرنا ہے، یہ فلم 2019 کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے واقعات پر بنائی گئی ہے لیکن کشمیریوں کے حالات بالکل جھوٹ بتائے گئے ہیں۔

اس سے قبل بالی ووڈ فلم ‘فائٹر’ کی ریلیز پر بھی خلیجی ممالک میں پابندی عائد کی گئی تھی، ماضی میں ‘دی کشمیر فائلز’ جیسی متنازعہ فلموں کو بھی مسلم مخالف ایجنڈے کا پرچار کرنے پر بین الاقوامی فورمز پر ایسی ہی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ فلم ‘آرٹیکل 370′ بھی ‘کشمیر فائلز’ جیسی ایک جانبدارانہ اور ایک طرفہ پروپیگنڈہ کہانی ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے بعد سے بھارت میں مسلمانوں خصوصاً کشمیریوں کے خلاف انتہا پسندی کی پوری دنیا گواہ ہے، مودی کی انتہا پسند سوچ اب بالی ووڈ میں بھی اپنی جڑیں مضبوط کر چکی ہے۔

2014 میں مودی کے حکومت میں آنے کے بعد اب تک 40 سے زائد مسلمان مخالف فلمیں ریلیز کی جاچکی ہیں، بالی ووڈ کی پروپیگنڈسٹ فلموں کا زیادہ تر موضوع مقبوضہ کشمیر ہوتا ہے۔

اس حوالے سے فلمی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے سینما بیانیے مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں کے خلاف حقیقی زندگی میں امتیازی سلوک اور تشدد کو بڑھاوا دیتے ہیں۔

فلمی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری مسلمانوں کو دہشت گرد کے طور پر پیش کرتی ہے، ایسے میں خلیجی ممالک کی طرف سے پروپیگنڈہ فلموں پر پابندی عائد کرنا ایک قابل تعریف فیصلہ ہے۔

پی ٹی آئی وکیل نے مانا تھا انتخابی نشان واپس لینے پر مخصوص نشستیں نہیں ملیں گی، چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی وکیل نے سپریم کورٹ میں مانا تھا کہ اگر ہم سے نشان لے لیا گیا تو مخصوص نشستیں نہیں ملیں گی۔

الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی۔ بیرسٹر گوہر علی خان اور صاحبزادہ حامد رضا کمیشن میں پیش ہوئے۔

پی ٹی آئی وکیل علی ظفر نے اعتراض کیا کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز فیصلہ کیا کہ تمام پارلیمانی جماعتوں کو نوٹس جاری کیا جائے۔

چیف الیکشن کمشنر نے جواب دیا کہ ہم نے تمام جماعتوں کو نہیں بلایا صرف انہیں بلایا جو مخصوص نشستوں کی حق دار ہیں۔

علی ظفر نے دلائل دیے کہ تمام جماعتیں اس کیس میں پارٹی نہیں ہیں، سنی اتحاد کونسل کی چار درخواستیں کمیشن کے سامنے ہیں، الیکشن کمیشن نے ہماری درخواستوں کو التوا میں رکھا تاکہ باقی جماعتوں کی درخواستیں بھی آ جائیں، اس کے بعد ہماری درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے انتخابی نشان واپس لیا گیا، سپریم کورٹ میں خدشے کا اظہار کیا کہ انتخابی نشان نہیں ہوگا تو مخصوص نشستیں نہیں ملیں گی، الیکشن کمیشن حکام نے کہا کہ وہ پارٹی جوائن کریں گے تو نشستیں مل جائیں گے، سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ انتخابی نشان لینے سے مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ متاثر نہیں ہو گی، لیکن اب ہمارے خدشات اور پیش گوئی درست ثابت ہوئے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کے وکیل نے سپریم کورٹ میں مانا تھا کہ اگر ہم سے نشان لے لیا گیا تو مخصوص نشستیں نہیں ملیں گی۔

بیرسٹر علی ظفر نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اعتراض یہ ہے کہ سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کی لسٹ نہیں دی ، جب غیر معمولی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو تشریح کرنی پڑتی ہے ، سیاسی جماعت وہ ہے جو انتخابات میں حصہ لے۔

ممبر اکرام اللہ نے استفسار کیا کہ جس پارٹی کا آپ حوالہ دے رہے ہیں کیا اس پارٹی نے انتخابات میں حصہ لیا؟

بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ اگر وہ پارٹی نہیں ہے تو الیکشن کمیشن کی فہرست پر ان کا نام اور انتخابی نشان کیوں ہے۔

ممبر خیبرپختونخوا نے اس پر کہا کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ ہم اس پارٹی کی رجسٹریشن ختم کردیں؟

بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ بے شک ختم کردیں لیکن اس کیلئے طریقہ کار پر عمل کرنا پڑے گا، سنی اتحاد کونسل ایک سیاسی جماعت ہے جسے الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان الاٹ کر رکھا ہے۔

راجیہ سبھا الیکشن میں بی جے پی کی شکست پر ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے

بھارت کے راجیہ سبھا انتخابات میں پارٹی لیڈر نصیر حسین کی جیت کا جشن منانے کے دوران کانگریس کارکنوں نے اسمبلی کے اندر ”پاکستان زندہ باد“ کے نعرے لگاڈالے۔ بنگلورو پولیس نے معاملے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

منگل 27 فروری کو کانگریس نے کرناٹک میں راجیہ سبھا کی 4 میں سے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ کانگریس کارکنوں کی جانب سے ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگانے کا الزام بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی کی جانب سے عائد کیا گیا ہے جسے کانگریس کی جانب سے جھوٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

نتائج کے اعلان کے فورا بعد بی جے پی آئی ٹی سیل کے سربراہ امت مالویہ نے نصیرحسین کی جیت کا جشن مناتے ہوئے کانگریس کارکنوں کی ایک ویڈیو شیئر کی اور الزام عائد کیا کہ ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگایا جارہا ہے۔

مالویہ نے ایکس پوسٹ میں کہا کہ، ’ کرناٹک سے راجیہ سبھا انتخاب جیتنے کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کے پولیٹیکل سکریٹری نصیر حسین نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ کانگریس کا پاکستان کے ساتھ جنون خطرناک ہے۔ یہ بھارت کو تقسیم کی طرف لے جا رہا ہے۔ ہم اسے برداشت نہیں کرسکتے۔’

مرکزی وزیر راجیو چندر شیکھر اور کرناٹک کے رہنما سی ٹی روی سمیت کئی دیگر بی جے پی رہنماؤں نے بھی اسی دعوے کے ساتھ سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کی۔

بی جے پی کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نصیر حسین نے کہا کہ انہوں نے صرف ’نصیر حسین زندہ باد‘، ’کانگریس پارٹی زندہ باد‘، ’نصیر خان زندہ باد‘ اور ’نصیر صاحب زندہ باد‘ جیسے نعرے سُنے ہیں ۔

نصیر حسین کے مطابق، ’میڈیاپرجو کچھ دکھایا گیا وہ میں نے نہیں سنا۔ اگر میں نے یہ سنا ہوتا تو اعتراض کرتا، بیان کی مذمت کرتا اور ان کے خلاف ضروری کارروائی کا مطالبہ کرتا۔‘

دریں اثنا انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر سرینواس بی وی نے بی جے پی کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکن دراصل ویڈیو میں ’نصیر صاحب زندہ باد‘ کہہ رہے تھے۔

بی جے پی پر جھوٹ بولنے کا الزام لگاتے ہوئے سرینواس بی وی نے کہا کہ بھگوا پارٹی ’نصیر صاحب زندہ باد‘ کو ’پاکستان زندہ باد‘ سے جوڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔

بی جے پی رہنما منگل کی شام پولیس کے پاس اس معاملے کی شکایت درج کروانے بھی گئے تھے، لیکن بنگلورو پولیس نے خود ہیمعاملے کا نوٹس لیکر دفعہ 153 کے تحت کیس درج کیا (جو بھی جان بوجھ کر، یا نادانستہ طور پر کوئی بھی غیر قانونی کام کرکے کسی بھی شخص کو اشتعال انگیزی دیتا ہے یا یہ جانتا ہے کہ اس طرح کی اشتعال انگیزی سے فساد برپا ہونے کا امکان ہے)۔

پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کا بائیکاٹ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا

رہنما پاکستان تحریک انصاف شیر افضل مروت نے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان کے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی بائیکاٹ کا فیصلہ نہیں ہوا۔

شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان 29 فروری کو قومی اسمبلی اجلاس میں حلف لینے کیلئے شرکت کریں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں شریک پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اسمبلی کے بائیکاٹ کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہوا، شاید ہم اسمبلی کے اندر رہتے ہوئے احتجاج کریں۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن سے رتی بھر بھی توقع نہیں ہے۔

شیرافضل مروت کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے اقتدار میں شمولیت کی پیشکش کو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہی مسترد کیا تھا۔

قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس پر صدر علوی سے نگران حکومت اور سیکریٹریٹ کی جنگ میں شدت

انہوں نے مزید کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات میں پی ٹی آئی چیئرمین کیلئے بیرسٹر گوہراُمیدوار ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ہی ٹی آئی رہنما نے واضح کیا کہ اُن کے اور بیرسٹرگوہر کے درمیان کوئی ناراضگی نہیں تھی۔

پاکستان سپر لیگ کا میلہ آج سے کراچی میں سجے گا

پاکستان سُپرلیگ سیزن 9 کا میلہ لاہوراور ملتان کے بعد آج بدھ 28 فروری سے کراچی میں سجے گا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچز میں پہلا ٹاکرا اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگزکا ہو گا۔

میچ کا آغاز شام 7 بجے ہوگا جس سے آدھا گھنٹہ قبل دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاس ہوگا۔

کراچی کنگزکے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ وہ اپنے شہرمیں کھیلنے کیلئے کافی پرجوش ہیں، اچھی ٹیم وہ ہوتی ہے جو غلطیوں سے سیکھتی ہے اور اُن کی ٹیم نے بہت کچھ سیکھا ہے ۔

کنگز کے کپتان کا کہنا ہے کہ مجھے اچھا آغاز مل رہا ہے لیکن میں اسئ آگے نہیں بڑھا پارہا میری پرفارمنس آئے گی تو ٹیم کو مزید فائدہ ہوگا۔ اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے سے ٹیم کی کارکردگی پرفرق پڑتا ہے۔

تاہم شان مسعود کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں کراچی کی پچ کا کوئی اندازہ نہیں ہے۔

شاداب خان کا آؤٹ: پی ایس ایل کی ہاک آئی ٹیم نے غلطی تسلیم کر لی

پی ایس ایل کا فائنل 18 مارچ کو کراچی مین کھیلا جائے گا۔

گزشتہ روز پی ایس ایل 9 میں لاہور قلندرز کو ایونٹ میں لگا تار چھٹی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ملتان سلطانز کے خلاف 215رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز 154 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔

زکوٰۃ جمع کرنے والوں کو حساب دینا ہوگا، نئے قواعد جاری

سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے فلاحی اداروں کے لیے حساب کتاب کے نئے معیارات مقرر کیے ہیں جن میں زکوٰۃ سے متعلق عطیات کی مالیاتی تفصیلات بھی سامنے لانا ہوں گی۔

ایس ای سی پی نے نے منگل کو SRO 240(I)/2024 جاری کیا جو کسی بھی فلاحی ادارے کو زکوٰۃ کی مد میں ملنے والے عطیات کی مالیاتی تفصیلات بیان کرنے سے متعلق ہیں۔

فلاحٰ اداروں کو حساب کے نئے معیارات یکم جنوری 2024 سے نفاذ کرنا ہوں گے۔

مالیاتی دستاویزات سے مستفید ہونے والوں کو زکوٰۃ سے متعلق تفصیلات سے استفادے کی بھی اجازت ہوگی۔ ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ زکوٰۃ کی مد میں ملنے والے عطیات کے مصارف کی تفصیلات جاری کرنے سے فلاحی اداروں پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

فلاحی اداروں کو بتانا ہوگا کہ وہ متعلقہ عطیات کن کن مدوں میں خرچ کرتے ہیں۔ فلاحی اداروں کو زکوٰۃ کے مصارف کے حوالے سے حساب کتاب کا موزوں طریق کار اپناکر اس پر عمل کرنا ہوگا۔

پاکستان بھر میں فلاحی اداروں کو بہت بڑے پیمانے پر زکوٰۃ پر مبنی عطیات ملتے ہیں اور اُن سے مستفید ہونے والوں کی تعداد بھی اچھی خاصی ہے۔ اس حوالے سے مالیاتی گوشواروں میں پیش کی جانے والی تفصیل سے عطیات دینے اور فیصلے کرنے والوں کو خاصی مدد ملے گی۔

پاکستان میں حساب کتاب کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ معیارات اپنائے تو جاتے ہیں تاہم ان میں زکوٰۃ کی مد میں حاصل ہونے والی رقوم اور ان کے مصارف کے بارے میں تصریحات شامل نہیں ہوتیں۔

ای ای سی پی کے نوٹیفکیشن کے مطابق زکوٰۃ کی شکل میں عطیات وصول کرنے والے ہر ادارے یا تنظیم کو متعلقہ اکاؤنٹنگ اسٹینڈرڈ اپنانا ہوگا۔ اس صورت میں فنڈ ٹرانسفر کا سراغ لگانا بھی آسان ہوگا۔ دوسرے یہ کہ متعلقین کو شفافیت کے حوالے سے تیقن میں مدد ملے گی۔

عطیات لینے والے اداروں کو چھوٹے اور درمیانے حجم کے اداروں کے لیے موجود انٹرنیشنل فائنانشل رپورٹنگ اسٹیڈرڈز بھی اپنانا ہوں گے۔ علاوہ ازیں فلاحی اداروں سے متعلق نظرِثانی شدہ اکاؤنٹنگ اسٹینڈرز بھی قابلِ نفاذ ہوں گے۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ موجودہ اکاؤنٹنگ اسٹینڈرڈز سے حاصل اور صرف کی جانے والی زکوٰۃ کی تصریح نہیں ہوتی۔ اس حوالے سے اکاؤنٹنگ کے تسلیم شدہ معیارات اپنانے کی ضرورت ہے۔