پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ باہمی طور پر سیکھنے کیلئے صحیح فورم ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ باہمی طور پر سیکھنے کے لیے صحیح فورم ہے اور یہ جنگ کے بدلتے ہوئے ماحول میں ٹیم کے جذبے کو فروغ دیتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ساتویں پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مشق 2024 کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مشق کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشق کے مختلف مرحلوں کے دوران ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی صلاحیتوں اور حوصلے کو سراہا۔

آرمی چیف نے کہا کہ اس مقصد کےلیے پاک فوج نے کردار، جرات اور قابلیت کی صفات کو برقرار رکھا ہے۔ یہ تمام صفات دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے جوانوں نے بھرپور طریقے سے دکھائی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مشق کے شرکاء کو انفرادی اور ٹیم ایوارڈز سے نوازا۔

تقریب میں شرکت کرنے والے ممالک کے بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے بھی شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے ٹیموں کے پیشہ ورانہ طرز عمل کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں بحرین، اردن، قازقستان، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش، قطر، امریکا، ازبکستان، سری لنکا، تھائی لینڈ اور ترکیہ سمیت 15 ٹیموں نے حصہ لیا، جبکہ آذربائیجان، چین، جرمنی، انڈونیشیا، سعودی عرب اور میانمار نے بطور مبصر مشق کا مشاہدہ کیا۔

پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مشق 25 سے 27 فروری 2024 تک جاری رہی۔

پی ایس ایل 9: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

کراچی: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 9 کے 13 ویں میچ میں کوئٹہ گلیٹی ایٹرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان رائلی روسو نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو کو پہلے کھیلنے کی دعوت دے دی۔

کوٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے محمد عام کو آرام دے کر سہیل خان کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

جبکہ کراچی کنگز کی جانب سے جیمز ونس، انور علی، زاہد محمود اور بلیسنگ مزرابانی کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

آسٹریلوی انٹیلیجنس چیف نے سیاستدان پر ملک بیچنے کا الزام لگا دیا، ہنگامہ برپا

آسٹریلیا میں انٹیلی جنس چیف کی طرف سے ایک سیاست دان پر ملک بیچنے کے الزام کے بعد ہنگامہ برپا ہے۔ حکومت سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ اس سیاست دان کا نام بتایا جائے۔

آسٹریلیا کے ڈائریکٹر جنرل آف سیکیورٹی مائیک برجس نے یہ حیرت انگیز انکشاف کیا ہے کہ ایک ملک کے جاسوسوں کی ٹیم نے آسٹریلیا کے ایک سابق سیاست دان کو منتخب کیا، پروان چڑھایا اور باضابطہ تقرر کیا۔

کینبرا میں بدھ کو ایک تقریر کے دوران انٹیلی جنس چیف نے کہا کہ اس سابق سیاست دان نے بیرونی قوت کے مفادات کو بڑھاوا دینے کے لیے ملک، پارٹی اور سابق ساتھیوں کو بیچ ڈالا۔

آسٹریلیا ایک پانچ رکنی انٹیلی جنس شیئرنگ گروپ کا رکن ہے۔ اس گروپ میں امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور نیوزلی لینڈ شامل ہیں۔ چین اور روس کے انٹیلی جنس نیٹ ورکس کے لیے آسٹریلیا آسان ہدف ہے۔

مائیک برجس نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ سیاست دان نے ایک وزیر اعظم کے گھرانے س تعلق رکھنے والے فرد کو بھی جاسوسی کے نیٹ ورک میں شامل کرنے کی کوشش کی تاہم یہ کوشش ناکام ثابت ہوئی۔

سابق سیاست دان پر بیرونِ ملک ایک کانفرنس کے انعقاد کا الزام بھی لگایا گیا ہے جس کا مقصد جاسوس بھرتی کرنا تھا۔

انٹیلی جنس چیف کے انکشاف سے کھلبلی مچ گئی ہے۔ میڈیا میں ہنگامہ برپا ہے۔ اس سابق سیاست دان کا نام منظرِ عام پر لانے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے۔ سڈنی ریڈیو اسٹیشن 2GB سے گفتگو میں کنزرویٹو اپوزیشن لیڈر پیٹر ڈٹن کہتے ہیں کہ جب تک اس سیاست دان کا نام نہیں بتادیا جاتا تب تک ہر شخص مشکوک سمجھا جاتا رہے گا۔

ایک اور سیاست دان جو ہاکی کہتے ہیں کہ یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ کوئی غدار ہو اور اس کا نام منظرِ عام پر نہ لایا جائے۔ 2020 تک چار سال کے لیے امریکا میں سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے جو ہاکی نے کہا کہ مائیک برجس کے انکشاف نے تمام سیاست دانوں کے لیے مشکلات پیدا کردی ہیں۔

وزیر دفاع رچرڈ مارلز کہتے ہیں کہ انہیں بھی غدار سیاست دان کا نام معلوم نہیں

اقوام متحدہ نے طالبان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان میں سرعام پھانسی دینے کا ظلمانہ سلسلہ روک دے

جنیوا: اقوام متحدہ نے طالبان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان میں سرعام پھانسی دینے کا ظلمانہ سلسلہ روک دے۔

عالمی خبر رساں کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر کے ترجمان جیریمی لارنس نے کہا کہ گزشتہ ہفتے افغانستان کے ایک فٹبال اسٹیڈیم میں 2 افراد کو سرعام پھانسی دیئے جانا پریشان کن ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر کے ترجمان جیریمی لارنس نے افغانستان میں سرعام پھانسیوں کی مذمت کرتے ہوئے طالبان پر زور دیا کہ وہ سزائے موت کا استعمال بند کریں۔
اپنے بیان میں جیریمی لارنس نے کہا کہ سرعام پھانسی دینا ظالمانہ، غیر انسانی اور ذلت آمیز سلوک یا سزا کی ایک شکل ہے جو شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے کے تحت محفوظ زندگی کے حق کے منافی عمل ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر کے ترجمان نے مزید کہا کہ افغانستان کو اس بین الااقوامی معاہدے کا ایک فریق ہونے کی حیثیت سے معاہدے کی پاسداری کرنا چاہیے۔
امریکا جو واحد مغربی ملک ہے جو اب بھی سزائے موت پر عمل پیرا ہے تاہم اُس نے بھی افغانستان میں سرعام پھانسیوں کی مذمت کی ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ سرعام پھانسی کی سزا دینا بربریت کی ایک اور علامت ہے جو افغان حکومت اپنے ہی لوگوں کے سامنے دکھاتی ہے۔
امریکی میڈیا کے بقول 1996 سے 2001 تک کے اپنے پہلے دور حکومت میں طالبان نے سرعام پھانسیاں عام تھیں لیکن اس بار توقع تھی کہ طالبان پرانی روش کے بجائے کچھ نرمی دکھائیں گے۔
یاد رہے کہ طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ کے دستخط شدہ موت کے وارنٹ پر گزشتہ ہفتے 2 مجرموں کو مقتولین کے لواحقین نے سرعام گولیاں مار کر عمل درآمد کیا تھا۔

بالی ووڈ سے آفر آئی تو سلمان خان کیساتھ کام کروں گی، سارہ خان

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ خان نے کہا ہے کہ اگر اُنہیں سرحد پار بالی ووڈ سے آفر آئی تو وہ دبنگ اسٹار سلمان خان کے ساتھ کام کریں گی۔
حال ہی میں سارہ خان نے بھارتی خبررساں ادارے “انڈیا ٹوڈے” کو خصوصی انٹرویو دیا جس میں اُنہوں نے بھارت میں اپنی مقبولیت اور بالی ووڈ میں کام کرنے کے بارے میں بات کی۔
سارہ خان نے کہا کہ جب میرا ڈرامہ سیریل ‘ثبات’ نشر ہوا تو بھارت میں اُس ڈرامے کو بہت پسند کیا گیا، مجھے سوشل میڈیا پر بھارتی مداحوں کی جانب سے محبت بھرے پیغامات موصول ہوئے جس کے بعد مجھے معلوم ہوا کہ میں بھارت میں بھی مقبول ہوں اور بھارتی مداح بھی مجھے انسٹاگرام پر فالو کرتے ہیں۔
اداکارہ نے پاک بھارت سیاسی کشیدگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں لوگ پاکستانی فنکاروں کو کام کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں لیکن دونوں ممالک کی سیاسی صورتحال کی وجہ سے اب یہ بہت مشکل ہوگیا ہے۔
بھارتی صحافی نے سارہ خان سے پوچھا کہ پاکستانی اسٹارز ماہرہ خان، عمران عباس اور فواد خان نے بالی ووڈ میں کام کیا ہے تو اگر آپ کو بالی ووڈ سے آفر آئی تو آپ بالی ووڈ میں کام کرنا چاہیں گی؟
صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سارہ خان نے کہا کہ میں بالی ووڈ فلمیں دیکھ کر بڑی ہوئی ہوں تو اگر مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کا موقع ملا تو میں ضرور کام کروں گی کیونکہ کسی بھی اداکار کے لیے دوسری انڈسٹری میں کام کرنا اچھا موقع ہوتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بالی ووڈ اسٹار سلمان خان ان کے پسندیدہ اداکار ہیں اور وہ بالی ووڈ میں ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہشمند ہیں۔

نازیبا اشارہ کرنے پر سعودی فٹبال فیڈریشن نے رونالڈو پر ایک میچ کی پابندی,30ہزار ریال جرمانہ عائد کردیا

سعودی فٹبال فیڈریشن نے النصر کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو پر ایک میچ کی پابندی عائد کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹار پرتگالی فٹبالر کو الشباب کے خلاف میچ میں 2-3 کی فتح کے بعد نازیبا اشارہ کرنے پر ایک میچ کی معطلی اور جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہوئیں تھی جس میں رونالڈو کان کو ہلانے ہوئے اپنے اگلے حصے کو شائقین کی طرف کرکے جشن منارہے تھے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ الشباب کے شائقین کی جانب سے میچ میں “میسی” کے نعرے لگائے گئے تھے جس پر رونالڈو نے گول کے بعد جواباً اقدام اٹھایا۔

جرمانہ عائد کرنے والی کمیٹی کا کہنا ہے کہ انہیں 10,000 سعودی ریال (2,666 ڈالر) کا جرمانہ بھی ادا کرنا پڑے گا اور شکایت درج کرانے کی فیس کے اخراجات کو پورا کرنے کیلئے الشباب کو 20,000 ریال ادا کرنے ہوں گے۔

اسٹاک ایکس چینج میں تیزی، 100 انڈیکس 64600 کی سطح پر آگیا

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں 905 پوائنٹس کی تیزی آئی ہے جس کے بعد 100 انڈیکس بڑھ کر 64609 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

مارکیٹ رپورٹس کے مطابق لسٹڈ کمپنیوں کے مضبوط مالیاتی نتائج و منافع کے اعلانات اور حکومت کی تشکیل اور سیاسی غیریقینی فضاء کم ہونے جیسے عوامل کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی رہی جس سے انڈیکس کی 64 پوائنٹس کی سطح عبور ہوگئی۔

تیزی کے سبب حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں اور مالیت میں اربوں روپے کا اضافہ ہوگیا۔

آئی ایم ایف سے بروقت معاہدے، سستے بائی لیٹرل و ملٹی لٹرل قرضے ملنے جیسے اہداف کے حصول کے بعد پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری کی توقعات پر آئی ایم ایف کے ساتھ متوقع معاہدے اور سیاسی غیریقینی صورتحال کم ہونے سے مندی کے بادل چھٹ گئے۔

واضح رہے کہ بدھ کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 484.35پوائنٹس کے اضافے سے 63703.45پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

رمضان میں فلسطینیوں کے مسجد اقصیٰ تک مارچ کی کال

رمضان المبارک کے پیش نظر جہاں مسجد الاقصیٰ عبادت کے حوالے سے چرچہ میں رہتی ہے، وہیں اب حماس کے سربراہ نے فلسطینیوں کو قبلہ اول کی طرف مارچ پر زور دیا ہے۔بدھ کے روز فلسطینی تنطیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے رمضان کی شروعات پر یروشلم میں مسجد الاقصیٰ کی طرف مارچ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر زور دیا ہے، اس مارچ کا مقصد رمضان کے دوران اسرائیل جارحیت کو روکنا بھی ہے۔حماس کے لیڈر اسماعیل ہانیہ کا کہنا تھا کہ یہ کال یروشلم اور ویسٹ بینک کے لوگوں کے لیے ہے، رمضان کے پہلے دن کی مناسبت سے مسجد الاقصیٰ کی جانب مارچ کریں۔مسلم دنیا کو مخاطب کر کے اسماعیل ہانیہ کا کہنا تھا کہ یہ عرب اور اسلامی دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ قدم اٹھائیں اور غزہ میں فاقہ کشی کی سازش کو توڑیں۔رمضان کے پیش نظر امریکی صدر جوبائڈن کی جانب سے کہا گیا تھا کہ رمضان کے دوران اسرائیل اور حماس کے درمیان رمضان میں جنگ بندی کا اصولی معاہدہ ہوا تھا، جبکہ معاہدے کے تحت قیدیوں کو رہائی کا پروانہ ملے گا۔امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ اس قسم کے معاہدے متاثرہ فلطسینیوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے پُر امید ہیں، جبکہ 4 مارچ تک فلسطینیوں کی رہائی آخری مراحل میں داخل ہو جائے گی۔دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے رمضان میں مسجد الاقصیٰ میں نماز پڑھنے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم سیکیورٹی کا نام دے کر اسرائیل نے چند حدود تعین کی ہیں۔جبکہ روس کے دارالحکومت ماسکو میں حماس اور فتح کے نمائندے فلسطین میں یونی فائیڈ حکومت کے حوالے سے ملاقات کریں گے، جبکہ دو طرفہ ملاقات میں غزہ کی تعمیر نو کے حوالے سے بھی بات چیت ہوگی۔

عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت بڑھ گئی

 کراچی: عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں ایک دن کمی کے بعد آج پھر اضافہ ہوگیا۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 9ڈالر کے اضافے سے 2057ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔دوسری جانب مقامی صرافہ بازاروں میں بھی جمعرات کے روز 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 900روپے کے اضافے سے 215700 روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت 772روپے کے اضافے سے 184928روپے ہوگئی۔ملک میں سونے کی قیمت میں اضافے کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2570روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2203.36روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

نیوزی لینڈ نے حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دیدیا

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے بھی دیگر مغربی ممالک کی طرح حماس کو کُلّی طور پر دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے کہ 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے بعد حماس کے سیاسی اور عسکری بازو الگ الگ ہونے کا تصور ٹوٹ گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفر لکس نے حماس کے اثاثوں کو منجمد کرنے اور انھیں مادی مدد فراہم کرنے پر بھی پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا۔

نیوزی لینڈ کے وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ حماس نے ہمیشہ اپنی دہشت گردی کی کارروائیوں کی ذمہ داری علی الاعلان قبول کی ہے اور 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملہ بھی ان میں سے ایک ہے۔

وزیراعظم کرسٹوفر لکس نے فلسطینیوں کے لیے انسانی ہمدردی کے تحت حمایت جای رکھیں گے لیکن حماس کے بارے میں اب رائے تبدیل ہوگئی۔ حماس پورے فلسطین کی نمائندگی نہیں کرتی۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے 2010 میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا تاہم حماس کے سیاسی ونگ کی حمایت جاری رکھی ہوئی تھی۔

پختونخوا اسمبلی؛ سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم اسپیکر منتخب

پشاور: پختونخوا اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل آج ہو رہا ہے، جس میں خفیہ رائے شماری کے بعد سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم اسپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی نے 89 ووٹ لیے جب کہ ان کے مقابل اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار احسان اللہ میاں خیل نے 17 ووٹ لیے۔نو منتخب اسپیکر خیبرپختونخوا بابر سلیم سواتی نے اسپیکر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ مشتاق غنی نے ان سے حلف لیا۔

قبل ازیں صوبائی اسمبلی کا اجلاس مشتاق غنی کی زیر صدارت ہوا، جس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے رائے شماری ہونی تھی، تاہم جے یو آئی کی جانب سے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا گیا ہے۔

اسپیکر کے لیے سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی کا مقابلہ اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار پی پی پی کے احسان اللہ میاں خیل سے جب کہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے سنی اتحاد کونسل کی ثریا بی بی کا مقابلہ اپوزیشن پی ٹی آئی پی کے امیدوار ارباب وسیم سے تھا۔

پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے مسلم لیگ ن کی جانب سے ڈاکٹر عباد اللہ کو نامزد کیا گیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ کے منصب کے لیے انتخاب کل ہوگا، اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کو نامزد کیا گیا ہے جب کہ علی ا مین گنڈاپور آزاد حیثیت سے وزیراعلیٰ کا انتخاب لڑیں گے۔

صوبائی اسمبلی میں اراکین کی تعداد 118 ہو گئی ہے، جس میں سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی تعداد 87 جب کہ 6 ارکان آزاد حیثیت سے اسمبلی میں موجود ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کی تعداد 25ہے۔

ماہرہ خان کا بھارتی برانڈ کیساتھ فوٹوشوٹ وائرل

پاکستان کی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم کرنے کے بعد اب بھارتی کلاتھنگ برانڈ کے لیے فوٹوشوٹ کروالیا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

ماہرہ خان نے بھارتی کلاتھنگ برانڈ ‘ساون گاندھی’ کے ملبوسات کے لیے فوٹوشوٹ کروایا جس کی ویڈیوز اور تصاویر برانڈ کی جانب سے انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئیں۔

‘ساون گاندھی’ کے ملبوسات کی تشہیری مہم کے لیے کروائےگئے فوٹوشوٹ کو ماہرہ خان نے بھی اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر پوسٹ کیا۔

ماہرہ خان کی اداکاری اور حُسن کے دیوانے بھارتی مداحوں نے اُن کے فوٹوشوٹ کے انداز کو خوب سراہا جبکہ پاکستانی مداحوں نے بھی اداکارہ کی تعریف کی۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان نے سال 2017 میں راہول ڈھولکیہ کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’رئیس‘ میں کام کرکے بھارت میں اپنی پہلی ڈیبیو بالی ووڈ فلم کی تھی، اُنہوں نے فلم ‘رئیس’ میں شاہ رخ خان کی اہلیہ کا کردار ادا کیا تھا۔

فلم ’رئیس‘ میں ماہرہ اور شاہ رخ خان کے علاوہ نوازالدین صدیقی نے بھی مرکزی کردار ادا کیا تھا اور یہ فلم باکس آفس پر کامیاب ہوئی تھی۔

فلم ’رئیس‘ میں کام کے بعد شاہ رخ خان اور ماہرہ خان متعدد مواقع پر ایک دوسرے کی فنکارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرچکے ہیں۔

نزہت صادق اور عبدالغفور حیدری سینیٹ کی نشست سے مستعفی

سلم لیگ ن کی سینیٹر نزہت صادق نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دیدیا۔

سنیٹر نزہت صادق نے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو پیش کیا جسے انہوں نے منظور کر لیا، سینیٹر نزہت صادق بطور رکن قومی اسمبلی حلف لیں گی۔

دوسری جانب جمعیت علماء اسلام کے مولانا عبدالغفور حیدری بھی سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی اپنا استعفیٰ چیئرمین صادق سنجرانی کو پیش کیا جسے انہوں نے منظور کر کے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

مولانا عبدالغفور حیدری بھی بطور رکن قومی اسمبلی آج حلف اٹھائیں گے۔

خیال رہے کہ آج نو منتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے جس کے بعد آج ہی سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے۔