عمران خان کی جیل ٹرائل کیخلاف اپیل پر سماعت سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کا 2 رکنی بینچ ٹوٹ گیا

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سائفر کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت سے قبل دو رکنی بینچ ٹوٹ گیا۔

عمران خان کی جانب سے سائفر گمشدگی کیس میں جج تعیناتی اور جیل ٹرائل نوٹیفکیشن کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے کرنی تھی۔

دو رکنی بینچ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر شامل تھے تاہم سماعت سے قبل ہی جسٹس ارباب محمد طاہر نے خود کو بنچ سے الگ کرلیا۔

انہوں نے بینچ سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ جسٹس گل حسن اورنگزیب کی طرف سے دی گئی آبزرویشنز سے متفق ہوں، یہ اپیل کسی اور جج پر مشتمل دو رکنی بنچ کے سامنے مقررکی جائے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر کے بینچ سے الگ ہوجانے کے بعد اب جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کیساتھ جسٹس ثمن رفعت آج سماعت کریں گی

عدالت نے عمران خان کے جیل ٹرائل پر مؤقف واضح کرنے کے لئے وزارت قانون کے سینئر افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ 16 اکتوبر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل ٹرائل کے خلاف درخواست خارج کردی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلے میں کہنا تھا کہ مقدمے کی سماعت عدالت کے بجائے جیل میں کرانے کا کوئی بدنیتی پر مبنی ارادہ نہیں تھا۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ جیل ٹرائل عمران خان کے لیے موزوں ہے کیونکہ انہوں نے پہلے بھی اپنی سیکیورٹی کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا تھا، جب کہ انہیں ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

ہائیکورٹ میں خصوصی عدالت پر اہم سوالات پر زیر غور

اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے سائفر کیس سننے والی خصوصی عدالت کی تشکیل پر ایک اہم نقطے کی وضاحت کرنی تھی جو اب نو تشکیل شدہ بینچ کے سامنے آئے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے جوائنٹ سیکرٹری وزارت قانون سے پوچھ رکھا تھا کہ کیا اسلام آباد انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کی بطور آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت جج تعیناتی میں مکمل پراسس فالو ہوا ؟ کیا وزارت قانون از خود کسی جج کی تعیناتی کر سکتی ہے ؟ یا وفاقی حکومت کی منظوری ضروری ہے ؟ وفاقی حکومت کی منظوری ہے تو کیا وفاقی کابینہ کی منظوری سے یہ تعیناتی ہوئی؟

سعودی عرب اسرائیل سے تعلقات میں دلچسپی رکھتا ہے، امریکا کا دعویٰ

امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

ترجمان جان کربی نے کہا کہ سعودی عرب نے یقین دلایا ہے کہ وہ غزہ جنگ کے بعد اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

دوسری جانب سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان کی اعلیٰ امریکی عہدیداروں سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں اسرائیل فسلطین جنگ اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 71 کروڑ ڈالر کی قسط کیلیے مذاکرات شروع

 اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 71 کروڑ ڈالر  کی قسط کے لیے تکنیکی سطح کے مذاکرات شروع ہو گئے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا جائزہ مشن مذاکرات کے لیے مشن چیف ناتھن پورٹر کی سربراہی میں وزارت خزانہ پہنچا، جہاں 71 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط کے لیے اقتصادی جائزے پر ٹیکنیکل سطح کے مذاکرات شروع ہو گئے۔

وزارت خزانہ میں معاشی ٹیم آئی ایم ایف مشن کو بریفنگ دے گی۔ ذارئع کے مطابق اس سے قبل نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اہم اجلاس بھی ہوا ہے۔ آئی ایم ایف جائزہ مشن 15 دن کے لیے پاکستان آیا ہے اور یہ مذاکرات 15 دن جاری رہیں گے۔ 10 دن تک پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات ہوں گے جب کہ 5 دنوں میں پالیسی سطح کے مذاکرات ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اقتصادی جائزے پر مذاکرات کے لیے وزارت خزانہ نے تمام وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ مرتب کر لی ہے۔ 11 وزارتوں اور اتھارٹیز کی طے شدہ اہداف پر مکمل اور جزوی عملدرآمد رپورٹ بھی تیار کی گئی ہے، جس کے مطابق  وزارت خزانہ، ایف بی آر، وزارت توانائی، وزارت پیٹرولیم نے اہداف پر عملدرآمد کیا ہے۔ اسی طرح  بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، وزارت منصوبہ بندی اور  پیپرا نے بھی اہداف پر عملدرآمد کیا ۔

آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب اقتصادی جائزہ مکمل ہونے پر 71 کروڑ ڈالر کی قسط ملے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آج آئی ایم ایف مشن کے وزارت پہنچنے پر معاشی ٹیم کا تعارفی سیشن ہوا، جس میں گورنر اسٹیٹ بینک نے بھی شرکت کی۔ جائزہ مشن کو ابتدائی طور پر اہداف پر عملدرآمد رپورٹ پیش  کی گئی ہے۔

شاہ محمود کی جیل میں طبیعت خراب، اسپتال منتقل کرنے کی اجازت

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جیل میں طبیعت خراب ہوجانے کی بناء پر عدالت نے انہیں جیل سےاسپتال منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔

واضح رہے کہ سفارتی سائفر گمشدگی کیس میں گرفتار شاہ محمود قریشی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے جیل انتظامیہ کی درخواست پر شاہ محمود کی اسپتال منتقلی کی اجازت دی۔

جیل انتظامیہ کی جانب سے درخواست کی گئی تھی کہ شاہ محمود کے ٹیسٹ کرانے ہیں، اس لیے انہیں پمزمنتقل کرنے کی اجازت دی جائے۔

سابق صوبائی وزیر کامران بنگش 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

عوام کو اشتعال دلانے کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کو ٹانک پولیس نے عدالت میں پیش کردیا۔

ڈی پی او ٹانک نے عدالت کو بتایا کہ کامران بنگش کے خلاف سٹی تھانہ میں 153Aکا مقدمہ درج ہے۔

ٹانک عدالت نے کامران بنگش کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر ٹانک جیل بھیج دیا۔

سماعت کے دوران کامران بنگش کو لینے چترال کی پولیس بھی پہنچ گئی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ سابق وزیر کے خلاف سٹی تھانہ چترال میں بھی دفعہ 120 بی اور 153 اے کے تحت مقدمہ درج ہے۔

مجسٹریٹ ٹانک کی عدالت میں پیشی کے دوران ٹانک اور چترال پولیس میں بحث ہوتی رہی، تاہم پھر عدالت نے ملزم کو ٹانک جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

سموگ سے آلودہ ہوا میں سانس لینے سے ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ

برطانوی خبر رساں ادارے ”دی گارڈیئن“ کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے دارالحکومت دہلی اور جنوبی شہر چنئی میں کی گئی تحقیق میں پتا چلا ہے کہ ”PM2.5“ ذرات کی زیادہ مقدار والی ہوا میں سانس لینے سے خون میں شوگر کی سطح بڑھ جاتی ہے اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے واقعات میں اضافہ ہوتا ہے۔

سانس لینے پر PM2.5 ذرات جو کہ بالوں سے بھی 30 گنا پتلے ہوتے ہیں خون میں داخل ہو سکتے ہیں اور سانس اور قلبی امراض کا سبب بن سکتے ہیں۔

امراض قلب کے ماہر اور مرکز برائے دائمی بیماریوں کے کنٹرول کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور مقالے کے مصنفین میں سے ایک ڈاکٹر ڈوریراج پربھاکرن نے کہا کہ پی ایم 2.5 میں سلفیٹ، نائٹریٹ، بھاری دھاتیں اور سیاہ کاربن ہوتے ہیں جو خون کی نالیوں کی پرت کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور شریانوں کو سخت کر کے بلڈ پریشر کو بڑھا سکتے ہیں۔ یہ ذرات چکنائی کے خلیوں میں جمع ہو کر سوزش کا باعث بن سکتے ہیں اور دل کے پٹھوں پر بھی براہ راست حملہ کر سکتے ہیں۔

یہ مطالعہ ہندوستان میں دائمی بیماریوں کے بارے میں جاری تحقیق کا حصہ ہے جس کا آغاز 2010 میں ہوا تھا۔

فضائی معیار کے حوالے سے دنیا کے بدترین ممالک میں سے ایک ہندوستان میں کیا گیا یہ مطالعہ محیطی PM2.5 اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے درمیان رابطے پر توجہ مرکوز کرنے والی پہلی تحقیق ہے۔

مطالعہ میں محققین نے 2010 سے 2017 تک دہلی اور چنئی میں 12,000 مردوں اور عورتوں کے ایک گروپ کی نگرانی کی اور وقتاً فوقتاً ان کے خون میں شوگر کی سطح کی پیمائش کی۔

سیٹلائٹ ڈیٹا اور فضائی آلودگی کی نمائش کے ماڈلز کا استعمال کرتے ہوئے انہوں نے اس ٹائم فریم میں مطالعے میں شریک ہر شخص کے علاقے میں فضائی آلودگی کا تعین کیا۔

انہوں نے پایا کہ پی ایم 2.5 کے ایک ماہ کی نمائش سے خون میں شوگر کی سطح بڑھ جاتی ہے اور ایک سال یا اس سے زیادہ طویل عرصے تک رہنے سے ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

دہلی میں اسی گروہ پر ایک اور تحقیق کی گئی جس میں پایا گیا کہ PM2.5 کی اوسط سالانہ نمائش کی وجہ سے بلڈ پریشر کی سطح میں اضافہ ہوا اور ہائی بلڈ پریشر کے امکانات بڑھ گئے۔

محققین کی ٹیم میں شامل ایک رکن نے کہا کہ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ ہندوستانی شہروں میں ہوا میں PM2.5 کی محفوظ سطح سے زیادہ ہونا ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کا سبب بنتا ہے جو ایتھروسکلروسیس (شریانوں میں چربی کے ذخائر)، دل کے دورے اور دل کی ناکامی کا باعث بن سکتا ہے۔

اینڈوکرائن ڈسپوٹر کے طور پر کام کرتے ہوئے PM 2.5 جسم میں انسولین کی پیداوار کے ساتھ ساتھ اس کے اثر کو روکتا ہے۔

مطالعہ ظاہر کرتا ہے کہ آلودگی ان سب کی وجہ بننے میں کردار ادا کر سکتی ہے کیونکہ یہ اینڈوکرائن سسٹم میں خلل ڈالتی ہے جو جسم میں تمام ہارمونز پیدا کرتا ہے۔

محققین اب جسم میں کولیسٹرول اور وٹامن ڈی کی سطح پر آلودگی کے اثرات کو سمجھنے کے لیے کام کر رہے ہیں، اور افراد کی زندگی کے چکر پر اس کے اثرات، بشمول پیدائش کے وقت بچے کا وزن، حاملہ خواتین کی صحت، نوعمروں میں انسولین کے خلاف مزاحمت، اور پارکنسنز کے لیے خطرہ، الزائمر کی بیماری، دوسروں کے درمیان تعلق تلاش کر رہے ہیں۔

محققین نے کہا کہ اگرچہ اس کے نتائج تشویش ناک ہیں، لیکن یہ مطالعہ سائنس دانوں کو امید دلاتا ہے کہ آلودگی کو کم کرنے سے ذیابیطس کے ساتھ ساتھ دیگر غیر متعدی بیماریوں کے بوجھ کو بھی کم کیا جا سکتا ہے۔

ملک دشمن قوتیں متحرک، افغان باشندوں کی واپسی کا عمل سبوتاژ کرنے کا گھناؤنا منصوبہ بے نقاب

افغان باشندوں کی واپسی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کا گھناؤنا منصوبہ بے نقاب ہوگیا، منصوبے کے مطابق افغان باشندوں کے لیے قائم شدہ کیمپس یا ان کی نقل و حرکت کے دوران شر انگیزی کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے بہترین انتظامات کے سبب اب تک ایک لاکھ 26 ہزار سے زائد افغان باشندے کسی ناخوشگوار واقعہ کے بغیر واپس افغانستان جا چکے ہیں جبکہ ملک دشمن قوتیں اس عمل کو سبوتاژ کرنے کے لیے متحرک ہوچکی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان باشندوں کے لیے قائم شدہ کیمپس کے دوران شر انگیزی کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، مذموم عناصر کو ایسی تصاویر اور وڈیوز بنانے کا کہا گیا ہے جس میں سیکیورٹی پرسنل کو افغان باشندوں کے ساتھ زور زبردستی کرتے ہُوئے دکھایا جائے۔

عورتوں اور بچوں کو خاص طور اِن تصاویر اور ویڈیوز میں شامل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ اسے پاکستان کے خلاف اچھی طرح پروپیگنڈے کے لیے استعمال کیا جاسکے۔

ذرائع کے مطابق اسپین بولدک افغانستان میں لاگڑیوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی گئی ہے، چمن اور اسپین بولدک کے علاقے میں پرتشدد احتجاجی مظاہروں سے انتشار پھیلانے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔

اِسی گھناؤنے منصوبے کے مطابق جب افغان باشندے افغانستان جانے کے لیے پاکستانی سائیڈ پر کراسنگ پوائنٹس پر ہوں تو ان پر فائرنگ کرادی جائے جس سے فوری انتشار پھیلایا جا سکے۔

اس مذموم اور گھناؤنے منصوبے کا مقصد ملک دشمن عناصر کی طرف سے انتشار پھیلا کر پُر امن طریقے سے چلنے والے افغان باشندوں کے انخلاء کے عمل کو سبوتاز کر کے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کو بڑھانا ہے۔

امریکی مسلمانوں نے بائیڈن کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کردیا

امریکی مسلمانوں نے 2024 میں ہونے والے انتخابات میں جوبائیڈن کو عطیات اور ووٹ نہ دینے کی دھمکی دے دی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلمانوں کا مطالبہ ہے کہ صدر جوبائیڈن جب تک کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے فوری اقدامات نہیں اٹھاتے، تب تک ہم اپنے مؤقف پر قائم رہیں گے۔

نیشنل مسلم ڈیموکریٹک کونسل جس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈران شامل ہیں، ان ریاستوں سے انتخابات کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ ان ریاستوں میں مشی گن، اوہائیو اور پنسلوانیا شامل ہیں۔

ایک کھلے خط میں کہا کہ مسلم رہنماؤں نے مسلم، عرب اور دیگر ووٹرز کو متحرک کرنے کا عہد کیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کی حمایت کرنے والے کسی بھی امیدار کو ووٹ نہ دیا جائے۔

خط میں امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ اسرائیل کے لئے آپ کی انتظامیہ کی غیر مشروط حمایت میں فنڈنگ ​​اور ہتھیار شامل ہیں، جس نے تشدد کو ہوا دی ہے، اس عمل سے آپ ووٹر کی جانب سے حمایت کو کھوبیٹھے ہیں، جو اعتماد کرتے تھے۔

ایمگیج نامی ایک مسلم امریکی شہری گروپ کے مطابق 2020 کے انتخابات میں تقریباً 11 لاکھ مسلمانوں نے ووٹ ڈالے تھے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے ایگزٹ پولز کے مطابق 64 فیصد مسلمانوں نے ڈیموکریٹ کے بائیڈن اور 35 فیصد نے ان کے ریپبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دیا۔

عرب امریکن انسٹی ٹیوٹ کے مطابق 37 لاکھ امریکی شہریوں کا تعلق عرب ممالک سے ہے، منگل کو جاری کردہ پول کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ بائیڈن کی حمایت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں زہر دینے کی خبروں کی تردید

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیراز احمد رانجھا نے عمران خان کو جیل میں زہر دیے جانے کی خبروں کی تردیدی کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں زہر دیے جانے کی خبریں زیر گردش ہیں تاہم ان کے وکیل نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں وکیل شیراز احمد رانجھا نے کہا ہے کہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو زہر دیا گیا یا انہیں زہر دیے جانے کا خدشہ ہے۔
وکیل شیراز احمد رانجھا نے کہا کہ انہیں کل سمجھنے میں فرق لگا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی پر دو مرتبہ قاتلانہ حملہ ہو چکا ہے اس لیے انہیں خدشہ ہے کہ انہیں سلوپوائزن دیا جاسکتا ہے۔

الیکشن کمیشن نے اے پی ایم ایل کی رجسٹریشن ختم کردی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے مرحوم جنرل (ر) پرویز مشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کو خارج کرنے کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق آل پاکستان مسلم لیگ کی رجسٹریشن ختم کر دی گئی، قبل ازیں الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ آل پاکستان مسلم لیگ نے گزشتہ چار سال سے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کراٸیں اور نہ ہی
انٹرا پارٹی الیکشن کا انعقاد نہیں کیا۔

الیکشن کمیشن نے فیصلے میں لکھا ہے کہ آل پاکستان مسلم لیگ کا ملک میں کوٸی عہدے دار نہیں اور نہ ہی اس جماعت کا ملک میں کوٸی وجود ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل الیکشن کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ سے عقاب کا انتخابی نشان بھی واپس لے لیا تھا۔

زخمی فلسطینیوں کےعلاج اورغیرملکیوں کے انخلا کیلیے رفح بارڈر کھول دیا گیا

غزہ: قطر کی ثالثی میں مصر، حماس اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کے تحت زخمی فلسطینیوں کے مصر میں علاج اور دہری شہریت رکھنے والوں کے غزہ سے انخلا کے لیے رفح کراسنگ بارڈر کو محدود پیمانے پر کھول دیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ سے انخلا کے واحد راستے رفح کراسنگ 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد سے بند کردیا گیا تھا جس کے باعث دنیا بھر سے آنے والی امداد اور غزہ سے انخلا کے خواہش مند شہری سرحد پر پھنس گئے تھے۔

اقوام متحدہ سمیت عالمی تنظیموں اور مغربی ممالک نے بھی رفح کراسنگ کو کھولنے پر زور دیا تھا تاکہ امدادی سامان ان فلسطینیوں تک پہنچ سکے جن کی اسے شد ضرورت ہے اور بے گھر ہونے والے فلسطینی مصر میں پناہ حاصل کرسکیں۔

مسلم ممالک کی جانب سے بھی بارہا رفح کراسنگ کو کھولنے کا مطالبہ کیا جاتا رہا لیکن تین ہفتے گزر جانے کے باوجود ایسا نہ ہوسکا تھا۔ قطر نے ثالثی کا کردار نبھاتے ہوئے مصر اور اسرائیل کو رفح کراسنگ کھولنے کا معاہدہ طے کرادیا۔

ان 500 فلسطینیوں میں اکثریت ان لوگوں کی ہے جو جاپان، آسٹریلیا، بلغاریہ، انڈونیشیام اردن، اٹلی، یونانی اور چیک جمہوریہ کی شہریت بھی رکھتے ہیں۔

علاوہ ازیں جن غیر ملکیوں کو رفح کراسنگ پر کرنے کی اجازت دی گئی ہے میں مختلف این جی اوز کے لیے کام کرنے والے امریکا،جرمنی، فرانس، اسپین، اٹلی، جاپان، آسٹریلیا، فلپائن اور نیوزی لینڈ سمیت دیگر 16 ممالک کے شہری شامل ہیں۔

معاہدے کے تحت فی الحال زخمی فلسطینیوں کو علاج کے لیے رفح کراسنگ کے ذریعے مصر آنے کی اجازت دی جائے گی اور دہری شہریت کے حامل افراد بھی غزہ سے انخلا کے لیے رفح کراسنگ استعمال کرسکیں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : اسرائیل الشفا اسپتال کو بمباری کرکے تباہ کرنا کیوں چاہتا ہے؛ وجہ سامنے آگئی

انتظامیہ نے آج 500 فلسطینیوں کو آگاہ کیا کہ انھیں علاج کی غرض سے مصر میں داخل ہونے کی اجازت دیدی گئی ہے اور اب وہ اپنا علاج مصر کے اسپتالوں میں کراسکتے ہیں تاہم علاج مکمل ہونے کے بعد واپس غزہ جانا ہوگا۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ رفح کراسنگ کتنے عرصے تک کھلی رہے گی۔ قبل ازیں رفح کراسنگ پر کھڑے سیکڑوں امدادی ٹرکوں میں سے چند کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دیدی گئی تھی۔

اس بات کی بھی تصدیق نہیں ہوسکی کہ یہ معاہدہ کن شرائط کے تحت طے پایا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ حماس کے قبضے میں اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اور اسرائیل کی جانب سے پانی، ایندھن اور خوراک کی سپلائی بحال کرنے جیسے معاملات معاہدے کا حصہ نہیں۔

دوسری جانب حماس کی القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک ویڈیو میں کہا کہ ثالثوں کو 200 اسرائیلی یرغمالیوں میں سے کچھ کو رہا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں آصف زرداری سمیت 15 ملزمان طلب

اسلام آباد: احتساب عدالت اسلام آباد میں ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری سمیت 15 ملزمان کو طلب کرلیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس کی سماعت کی اور اس دوران حکم دیا کہ آصف زرداری سمیت تمام 15 ملزمان عدالت میں پیش ہوں۔

ملزمان میں سابق سیکریٹری اعجاز احمد خان، علی اکبر، اعجاز میمن، علی اکبر ابڑو، خواجہ عبدالغنی مجید، مناہل مجید، عبدالندیم بھٹو شامل ہیں۔
عدالت نے تمام ملزمان کو طلبی کے نوٹس جاری کردیے، ملزمان کو 18 دسمبر کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ورلڈکپ؛ جنوبی افریقا کی نیوزی لینڈ کیخلاف بیٹنگ جاری

آئی سی سی ورلڈکپ کے 32ویں میچ میں جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کے خلاف 25 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 124 رنز بنالیے۔

پونے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اوپنرز ٹیم کو اچھا دینے میں ناکام رہے، کپتان ٹمبا باؤما 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کوئنٹن ڈی کوک 57 اور 36 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے واحد وکٹ ٹرینٹ بولٹ نے حاصل کی۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں جیت سے چند قدم کے فاصلے پر رہے تاہم کوشش کریں گے میں کامیابی سمیٹیں اور اپنی پوزیشن مستحکم کریں۔

اس موقع پر نے کہا کہ جنوبی افریقا کے کپتان ٹمبا باؤما نے کہا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار کرنا چاہتے ہیں۔

جنوبی افریقا نے تبریز شمسی کی جگہ کاگیسو ربادا جبکہ نیوزی لینڈ نے لوکی فرگوسن کی جگہ ٹم ساؤتھی کو پلئینگ الیون میں جگہ دی ہے۔

جنوبی افریقا کا اسکواڈ

کپتان، ٹمبا باؤما، ایڈن مارکرم، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈیر ڈوسن، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، جیرالڈ کوٹزی، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور لنگی نگیڈی

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ

کپتان ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، ول ینگ، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، گلین فلپس، جیمز نیشم، مچل سینٹنر، میٹ ہنری، ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ