اسٹیٹ بینک آج مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا

لاہور: اسٹیٹ بینک آج مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا۔

اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی اجلاس میں معاشی اشاریوں کا جائزہ لے گی، مانیٹری پالیسی کمیٹی شرح سود میں ردوبدل یا برقرارر کھنے کا فیصلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک اگلے دو ماہ کے لیے شرح سود کو 22 فیصد کی سطح پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

علیحدگی کی افواہوں کے بعد ثانیہ مرزا کی شعیب ملک کیساتھ تصاویر وائرل

پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک اور اُن کی اہلیہ سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی طویل عرصے بعد ایک ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔

گزشتہ روز شعیب ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیٹے اذہان مرزا ملک کی سالگرہ کی تصاویر پوسٹ کیں اور بیٹے کو سالگرہ کی مبارکباد بھی دی۔

شعیب ملک نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ “بیٹا سالگرہ مبارک ہو، بابا آپ سے بہت پیار کرتے ہیں”۔

 

ایکس پر پوسٹ کی گئیں تصاویر میں شعیب ملک اپنے بیٹے کے ساتھ کیک کے پاس کھڑے ہیں جبکہ اُن کے عقب میں اُن کی اہلیہ ثانیہ مرزا موجود ہیں، کھیلوں کی دُنیا کی اس مقبول ترین جوڑی کو کسی بھی تصویر میں ایک دوسرے کے ساتھ بات کرتے ہوئے یا ساتھ کھڑے ہوئے نہیں دِکھایا گیا۔

اسی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین نے ان تصاویر پر کئی سوال اُٹھا دیے ہیں جبکہ کچھ صارفین اس جوڑی کو ایک ساتھ دیکھ کر خوش بھی نظر آئے۔

پنجاب؛ 4 ماہ کا بجٹ آج پیش ہوگا

لاہور: پنجاب کی نگران حکومت آئندہ چار ماہ کا بجٹ آج ( پیر) کے روز پیش کرے گی جس کی کابینہ اجلاس میں منظوری دی جائیگی۔

پنجاب کی نگران حکومت نے 19 جون کو 4ماہ کیلیے 1719 ارب حجم کا بجٹ پیش کیا تھا، اس بجٹ میں یکم جولائی سے 31 اکتوبر تک اخراجات اور آمدن کے گوشوارے شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے آئندہ چار ماہ کے بجٹ میں تنخواہوں، پنشن اور ٹیکسوں کی مد میںکوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی ، آئندہ چار ماہ کے لیے ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ تقریباً 300 ارب روپے رکھا گیا ہے ان میں سے 80 فیصد کے لگ بھگ رقوم اس وقت جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہی خرچ کی جائیں گی، کچھ رقوم گزشتہ چار ماہ کے دوران طے کئے گئے نئے ترقیاتی کاموں پر خرچ کی جائیں گی۔

گزشتہ بجٹ میں آمدن کے حصول کے لیے 579 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔

چینی کرنسی آر ایم بی کے لیے پاکستان میں کلیئرنگ بینک قائم

اسلام آباد: چینی کرنسی آر ایم بی کے لیے پاکستان میں کلیئرنگ بینک قائم کردیا گیا۔

انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا کے پاکستان آر ایم بی کلیئرنگ بینک کی افتتاحی تقریب جناح کنونشن سینٹر میں ہوئی، وفاقی وزیر خزانہ شمشاد اختر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سرمایہ کاری کا ذریعہ رہا ہے، پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری میں چینی کرنسی آر ایم بی کے استعمال کو بڑھانے کا خواہاں ہے،آر ایم بی کلیئرنگ بینک کے قیام سے یہ مقصد پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہاآر ایم بی کلیئرنگ بینک کے قیام سے “بیلٹ اینڈ روڈ” تعاون کو فروغ ملیگا۔

اسرائیلی بمباری نے غزہ میں پوری نسل ختم کردی دنیا خاموشی سے دیکھ رہی ہے، ثانیہ مرزا

 حیدرآباد: بھارت کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے غزہ کی صورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ غزہ میں وزارت تعلیم نے سرکاری طور پر تعلیمی سال ختم کرنے کا اعلان کردیا کیونکہ اسرائیلی بمباری سے تمام طلبا جاں بحق ہوگئے۔

ثانیہ مرزا کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کی بمباری سے پوری نسل ختم ہوگئی اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے لیکن دنیا خاموشی سے یہ نسل کشی دیکھ رہی ہے۔ اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملوں میں اب تک 8 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بڑی تعداد میں بچے بھی شامل ہیں۔

 

s4

آڈیو لیکس کیسے ہو رہی ہیں اور کون کر رہا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آڈیو لیکس کے معاملے پر وفاق کو جواب جمع کرانے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی۔

جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے الیکٹرانک سرویلنس کیسے ہو رہی ہے اور کون کر رہا ہے؟ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی تو کہہ رہی ہے کہ انہوں نے کسی کو اجازت نہیں دی، وزیراعظم آفس ،سپریم کورٹ کے جج اور سابق چیف جسٹس کی فیملی کی آڈیو لیک ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان کو اعتماد میں لئے بغیر ایسا کرنا خوفناک فیصلہ ہے۔ آڈیو ٹیپ کے حوالے سے مجاز اتھارٹی کون ہے ؟ وزیراعظم آفس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ خفیہ اداروں کے روزانہ معاملات نہیں دیکھتا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے سابق چیف جسٹس پاکستان کے بیٹے نجم الثاقب کی آڈیو لیکس کیس میں پارلیمانی کمیٹی طلبی جبکہ بشری بی بی کی زلفی بخاری کے ساتھ آڈیو لیک معاملے پر ایف آئی اے میں طلبی کے خلاف درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت کی ۔

عدالتی معاون رضا ربانی نے تحریری جواب جمع کرایا اور کہا کہ عدالت کو خود اس معاملے کو نہیں دیکھنا چاہیے ، معاملہ واپس کمیٹی کو بھیجنا چاہئے تھا۔اسمبلی کی تحلیل کے ساتھ ہی کمیٹیز کے سارے آرڈرز غیر مؤثر ہو جاتے ہیں ۔

اٹارنی جنرل منصور اعوان نے کہا جن آڈیوز کا ذکر ہے ان کے حوالے سے ابھی تک کوئی تحقیقات نہیں ہوئیں، معلوم نہیں وہ حکومتی ایجنسی نے ریکارڈ کی ہیں یا نہیں؟ یہ چیز واضح ہو لینے دیں آڈیوز کس نے ریکارڈ کیں ،جن خفیہ اداروں کے پاس یہ صلاحیت ہے اس سے متعلق ان کیمرہ کاروائی میں بتا سکتے ہیں ۔پارلیمانی کمیٹی کی طرف سے پٹیشنر کے خلاف کارروائی کا آغاز نہیں کیا جانا چاہئے تھا، پارلیمنٹ کے تحلیل ہونے کے بعد درخواست غیر موثر ہو چکی ،اسے نمٹا دیں۔

جسٹس بابر ستار نے کہا ‏وزیر اعظم سے بات کریں ، کابینہ سے بات کریں ،آڈیو ٹیپنگ متعلق کوئی قانونی فریم ورک ہونا چاہیے۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ ہمارے دفتروں اور چیمبروں میں ہماری گفتگو بھی ریکارڈ ہو رہی ہو۔میں آپ کو مناسب وقت دوں گا مگر اس حوالے سے قانونی دائرہ کار سے متعلق جواب جمع کرایا جائے۔

جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے یہ پاکستان کی تاریخ ہے ، بینظیر بھٹو کیس سے اب تک یہ چیزیں ریکارڈ پر ہیں ، اگر ہمارے فون کی نگرانی کی جارہی ہے تو ہمیں پتہ ہونا چاہئے کہ ایسا کون کررہا ہے ؟ ایک لیک آڈیو پر تو ایف آئی اے تفتیش بھی کر رہا ہے، پہلے یہ تو طے ہو جائے کہ وہ آڈیو کہاں سے آئی اور لیک کیسے ہوئی؟ حکومت نے آڈیو لیکس سے متعلق اہم ججز پر مشتمل عدالتی کمیشن تشکیل دیا، اُس کمیشن کے ٹی او آرز میں بھی یہ سوال نہیں تھا کہ آڈیوز لیک کون کرتا ہے؟

عدالت نے وفاق کو جواب جمع کرانے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

امریکی ماڈل کی فریج سے لاش برآمد

امریکا: لاس اینجلس کے ایک اپارٹمنٹ میں امریکی ماڈل ملیسہ مونی کی لاش فریج سے برآمد ہوئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 31 سالہ ماڈل ملیسہ مونی لاس اینجلس کے ایک اپارٹمنٹ میں مقیم تھیں جہاں فریج سے اُن کی لاش برآمد کی گئی ہے اور جس وقت اُن کی موت ہوئی تو وہ دو ماہ کی حاملہ تھیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جس وقت ملیسہ مونی کی لاش فریج سے نکالی گئی تو اُن کی کلائیوں کو ٹخنوں کے ساتھ باندھا ہوا تھا جبکہ اُن کا منہ بھی بند کیا ہوا تھا۔

 

ماڈل کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق قتل سے پہلے اُنہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اُن کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود تھے جبکہ اُن کے جسم سے کوکین کے شواہد بھی ملے ہیں۔

ملیسہ مونی کا گلا گھونٹا گیا، ماڈل کو تشدد کے بعد باندھ دیا گیا اور پھر اُن کی لاش فریج میں رکھی گئی۔

پولیس نے اس کیس کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے لیکن ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

دوسری جانب ایک مقامی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے، ماڈل کی بہن نے کہا کہ “میں سوچ بھی نہیں سکتی کہ میری بہن پر کیا گزری ہوگی، مجھے اپنی بہن کی موت کے بارے میں سوچ کر بھی تکلیف ہوتی ہے”۔

شیخ رشید کو بڑا ریلیف، لال حویلی سیل کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی لال حویلی سیل کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

ہائی کورٹ کے جج جسٹس مرزا وقاص رؤف ن فیصلہ سنایا۔ لال حویلی کی دونوں ملکیتی رجسٹریاں منسوخ کرنے کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دیا گیا۔

ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ لال حویلی فوری ڈی سیل کی جائے، لال حویلی بابت محکمہ ریفرنس چیئرمین از سر نو سماعت کرے گا۔

 

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ لال حویلی ہماری ملکیت ہے، ہم نسلی اور اصلی ہیں۔ سب اللہ پر چھوڑتے ہیں۔ پاک فوج ہماری عظیم فوج ہے، جنرل عاصم منیر نے معشیت درست کر دی۔ جنرل عاصم منیر اور جنرل ندیم ملک کے لیے کام کر رہے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نو مئی ایک لعنتی پروگرام تھا، کل بھی فوج کے ساتھ تھے اور آج بھی فوج کے ساتھ ہیں۔ مجھ سے کوئی غلطی ہوئی معافی مانگتا ہوں۔

واضح رہے کہ لال حویلی شیخ رشید احمد کی 36 سال سے سیاسی بیٹھک ہے۔

بھارت میں مسیحی دعائیہ تقریب میں یکے بعد دیگرے 3 دھماکے؛ ہلاکتیں

ۡبھارتی ریاست کیرالہ کے ایک عیسائی کنونشن سینٹر میں دعائیہ تقریب جاری تھی جس کے دوران وقفے وقفے سے ہونے والے 3 دھماکوں میں 40 افراد بری طرح جھلس گئے جن میں سے 2 نے دم توڑ دیا اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالہ میں کوچی سے 10 کلومیٹر کی دوری پر واقع کنونشن سینٹر میں دھماکوں کے وقت 2 ہزار سے زائد افراد موجود تھے۔ تقریب کا آغاز ہوتے ہی ایک زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد دو دیگر دھماکے بھی ہوئے۔

دھماکوں کے باعث کنونش سینٹر میں آگ بھڑک اُٹھی اور دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ تقریب میں بھگدڑ مچ گئی اور درجنوں افراد پیروں تلے روندے گئے۔ بری طرح جھلسنے اور دم گھٹنے کے باعث متعدد افراد بے ہوش ہوگئے۔
قریبی اسپتال میں 40 زخمیوں کو لایا گیا جن میں سے ایک کو مردہ حالت میں لایا گیا تھا جب کہ ایک نے دورانِ علاج دم توڑ دیا۔ 10 سے زائد افراد 50 فیصد سے زیادہ جل گئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال دھماکے کی نوعیت اور وجہ کا تعن نہیں کیا جاسکا۔ ایک ٹفن ملا ہے جس کے بارے میں شُبہ ہے کہ اس میں بارودی مواد موجود تھا تاہم ابھی اس کی تصدیق جاری ہے۔

دعائیہ تقریب کے منتظمین کا کہنا ہے کہ تقریب میں کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال میں شرکاء کے انخلا کے لیے خاص انتظام کیا جاتا ہے اس لیے جانی نقصان کم ہوا تاہم دھواں بھر جانے کے باعث لوگوں کی حالت غیر ہوئی۔

سوات، مینگورہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

سوات، مینگورہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت تین عشاریہ نو ریکارڈ کی گئی ہے۔

زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

طورخم؛ کارگو گاڑیوں کے خفیہ خانوں سے ممنوعہ ادویات اور آٹو پارٹس برآمد

پشاور: ضلع خیبر میں طورخم سرحدی گزرگاہ پر کسٹم عملے نے 2 کارگو گاڑیوں کے خفیہ خانوں سے ممنوعہ ادویات اور آٹو پارٹس برآمد کرکے ڈرائیورز کو گرفتار کر لیا۔

کسٹم ذرائع کے مطابق ممنوعہ ادویات اور آٹو پارٹس افغانستان سے اسمگل کی گئی تھی جن کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔

دونوں ٹرکوں کو ڈرائیورز سمیت حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ورلڈکپ؛ انگلینڈ کا بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ

آئی سی سی ورلڈکپ کے 29ویں میچ میں انگلینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

لکھنؤ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ میچ کامیابی سمیٹ کر میگا ایونٹ میں کم بیک کرنے کی کوشش کریں گے۔

اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ کوشش ہوگی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں اور میچ میں کامیابی سمیٹ کر پوائنٹس پر لیڈ کریں۔
دونوں تیموں کے کپتانوں نے پلئینگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔
انگلینڈ کا اسکواڈ

کپتان جوز بٹلر، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، بین اسٹوکس، مارک ووڈ، ڈیوڈ ولی، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس اور عادل رشید شامل ہیں۔

بھارت کا اسکواڈ

کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایر، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، شاردول ٹھاکر، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو اور محمد سراج

تحریک انصاف کے 13 نظر بند کارکنان اڈیالہ جیل سے رہا

پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) کے نظر بند 13 کارکنان کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا، جن کی نظربندی کی مدت مکمل ہوگئی تھی۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو روز پی ٹی آئی کے 19 کارکنان کواڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا۔

جیل ذرائع نے کہا کہ کارکنان کونقص امن کے خطرے کے پیش نظرحراست میں لیا گیا تھا۔

ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کے کارکنان کی نظربندی کے احکامات جاری کررکھے تھے۔