پی ٹی آئی رہنما کامران بنگش کی ضمانت منظور، دوسرے مقدمے میں گرفتار

 پشاور: تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر کے پی کامران بنگش کی ضمانت منظور ہوگئی تاہم انہیں دوسرے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس پر فائرنگ اور پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کو پناہ دینے کے الزام میں درج مقدمات پر گرفتار پی ٹی آئی رہنما کامران بنگش کی ضمانت پر رہائی سے متعلق عدالت میں سماعت ہوئی۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کامران بنگش کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دےدیا، عدالت نے کامران بنگش کو 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔

دوسری جانب ضمانت پر رہائی سے قبل ہی پولیس نے کامران بنگش کو دوسرے مقدمے میں گرفتار کرلیا، کامران بنگش کو ڈی آئی خان پولیس کے حوالے کردیا گیا، کامران بنگش پر ڈی آئی خان میں عوام کو اشتعال دلانے کا الزام ہے۔

پولیس کا موقف ہے کہ پی ٹی آئی رہنماء اور سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کے خلاف ایک اور ایف آئی ار درج ہے، ایف آئی ار ضلع ڈی آئی خان میں محمد اعجاز نامی شہری کی مدعیت میں درج کی گئی ہے، کامران بنگش نے لانگ مارچ میں لوگوں کو اپنے ساتھ اسلحہ لانے کے لیے اکسایا اور بغاوت پیدا کرنے کے لیے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی۔

غیرقانونی غیرملکیوں کی بے دخلی عالمی اصولوں کے مطابق ہے، پاکستان

 اسلام آباد: ترجمان وزارت خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ غیرقانونی غیرملکیوں کی بے دخلی کے مثبت اثرات ہوں گے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے منصوبہ کا اطلاق پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں پر ہوتاہے ، اس منصوبے کے اطلاق میں کسی بھی ملک یا شہریت کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا جارہا۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان کے خودمختار قوانین اور بین الاقوامی اصولوں کو مد نظر رکھ کر کیا گیا ہے ، پاکستان میں مقیم تمام رجسٹرڈ غیر ملکی اس کے دائرہ کار میں نہیں آتے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ان خراب صورتحال کے شکار افراد کی سیکیورٹی اور تحفظ کا عزم کیے ہوئے ہے ، چالیس سال سے لاکھوں افغان بہن بھائیوں کی میزبانی اسکا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری ترجیحی بنیادوں پر مہاجرین کی صورتحال کو تحفظ فراہم کرنے اور حل کرنے اور پائیدار حل کے لیے مشترکہ کوششیں کرے، پاکستان اس حوالے سے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ یو این ایچ سی آر کی ترجمان نے پاکستان سے غیر ملکی شہریوں’ کی بڑے پیمانے پر ملک بدری کے منصوبے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

یو این ایچ سی آر کی ترجمان روینہ شامداسانی نے کہا کہ پاکستان کو اس منصوبے کو معطل کرنا چاہیے کیونکہ اس سے ڈیڈلائن گزرنے کے بعد پاکستان میں رہ جانے والے 10 لاکھ سے زائد غیر قانونی مقیم افغان شہری بلاامتیاز متاثر ہوں گے۔

یاد رہے کہ حکومت نے غیر قانونی غیرملکیوں کو پاکستان چھوڑنے کے لئے کل 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ ۔اب تک 92,928 افغان پناہ گزینوں کی اپنے وطن واپسی ہوچکی ہے۔

امریکا اسرائیل یا غزہ میں جنگی فوج بھیجنے کا ارادہ نہیں رکھتا، امریکی نائب صدرکملا ہیرس

امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے کہا کہ امریکا اسرائیل یا غزہ میں لڑاکا افواج بھیجنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کو دیے جانے والے ایک انٹرویو میں کملا ہیرس نے کہا کہ امریکا مشرقی وسطی میں تنازعات کو پھیلنے سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔

کملا ہیرس نے کہا کہ ہم کسی بھی طرح سے یہاں کوئی جنگی فوج بھیجنے کا ارادہ نہیں رکھتے، اسرائیل کو ڈکٹیشن نہیں دیتے کہ اسے کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اسرائیل کو مشاورت کے ساتھ ساز و سامان اورسفارتی مدد فراہم کرتا ہے۔ فلسطینی شہری جنگ کے اصولوں اور انسانی امداد کے مستحق ہیں

نائب صدر نے کہا کہ امریکا تنازع کو بڑھنے سے روکنا چاہتا ہے اور ایران کو مداخلت کرنے سے خبردار بھی کیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ ان کی امریکی صدر جو بائیڈن سے بات ہوئی ہے۔

وسیم اکرم اپنی پہلی اہلیہ ہُما کے آخری لمحات یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کمنٹیٹر وسیم اکرم ایک انٹرویو کے دوران اپنی پہلی اہلیہ ہما کے ساتھ گزارے ہوئے آخری لمحات کے بارے میں بات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔

ویڈیو بلاگنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے ہُما اکرم سے کی گئی پہلی اور آخری ملاقات کے حوالے سے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ہُما سے انکی پہلی ملاقات کراچی کی ایک پارٹی میں ہوئی تھی جہاں اس وقت کے کپتان عمران خان بھی انکے ہمراہ تھے۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ میں جنوبی افریقہ میں تھا جب مجھے معلوم ہوا کہ ہُما کی طبیعت ناساز ہے۔ میں نے واپس آکر ایئر ایمبولنس کے ذریعے ہُما کو سنگاپور لے جانے کا فیصلہ کیا۔ راستے میں ہمیں ری فیولنگ کیلئے چنئی میں رکنا تھا۔

سابق کپتان نے بتایا کہ ‘جب جہاز نے چنئی میں لینڈ کیا تو ہُما نے مجھے اپنے پاس بلایا۔ میں نے جونہی اس کا ہاتھ پکڑا تو اسکی آنکھیں بند ہوگئیں۔ مجھے لگا شاید ہُما سوگئی ہے جس کے بعد میں نے رونا شروع کردیا۔’

انہوں نے بتایا کہ چنئی میں جب ہما کی طبیعت مزید خراب ہوئی تو چنئی کے ہسپتال کے آئی سی یو میں ہُما کو ایڈمٹ کیا گیا لیکن اُن 4 سے 5 دنوں میں ہُما واپس ہوش میں نہیں آئی۔

سابق فاسٹ باولر نے کہا کہ ‘میرا ایک بیٹا 7 سال اور دوسرا 10 سال کا تھا، یہ پتا تھا انہیں پیار کرنا ہے لیکن سب بہت مشکل تھا۔’

بچوں کو ماں کے انتقال کی خبر سنانے کے سوال پر وسیم اکرم آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے جذبات میں آکر کہا کہ ‘میرے بچے 3 دن ہُما کی دوست کے گھر رہے۔ جب انہیں واپس گھر بلایا تو انہیں کچھ سمجھ نہیں آئی۔’

سعودی عرب، ٹریفک حادثے میں پاکستانی خاندان کے 4 افراد چل بسے

سعودی عرب میں ایک پاکستانی فیملی ٹریفک حادثے شکار ہوگئی، جس میں چار افراد جاں بحق ایک شخص زخمی ہوگیا۔

میجرارسلان اپنے اہل خانہ کے ہمراہ قطر سے عمرہ کرنے مکہ مکرمہ پہنچے واپسی پر گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔ قطر میں تعینات پاکستان آرمی کے میجر ارسلان فیملی کے ارکان کے ہمراہ عمرہ کے لئے مکہ مکرمہ پہنچے، واپسی پر مکہ مکرمہ کے قریب ہی گاڑی ٹرالر سے ٹکرا گئی۔

حادثے میں میجر ارسلان زخمی ہوئے، جن کو اسپتال میں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے، جبکہ میجر ارسلان کی والدہ، اہلیہ، بیٹا اور بیٹی جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق قطر سے پاکستانی حکام نے سعودی حکام سے رابطہ کرکے میتوں کو جلد پاکستان منتقل کرنے کے حوالے سے کام شروع کر دیا ہے۔

ایران غزہ جنگ کا پھیلاؤ نہیں چاہتا، ایرانی وزیر خارجہ

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کا کہنا ہے کہ ایران غزہ جنگ کا پھیلاؤ نہیں چاہتا۔

اتوار کو امریکی خبر رساں ادارے ”سی این این“ سے گفتگو میں حسین امیرعبداللہیان نے کہا کہ ’ہم نہیں چاہتے کہ یہ جنگ پھیلے‘۔

امریکا کا کہنا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر جانتا تھا حماس اسرائیل کے خلاف کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، لیکن امریکی انٹیلی جنس کی ابتدائی رپورٹوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ ایرانی رہنما اس حملے سے حیران ہوئے۔

امیرعبداللہیان نے حملوں سے ایران کے براہ راست تعلق کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ”بے بنیاد“ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ہمیشہ سیاسی میڈیا اور فلسطین کے لیے بین الاقوامی حمایت رہی ہے۔ ہم نے اس سے کبھی انکار نہیں کیا۔

امیرعبداللہیان نے کہا کہ بغیر ثبوت فراہم کیے ایران کو خطے میں کسی بھی حملے سے جوڑنا ”بالکل غلط“ ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کے لوگ ناراض ہیں، ’انہیں ہماری طرف سے احکامات موصول نہیں ہو رہے۔ وہ اپنے مفاد کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ جو کچھ ہوا، حماس نے کیا، وہ مکمل طور پر فلسطینی ردعمل تھا۔‘

امریکا نے بھی منگل کو اقوام متحدہ کو بتایا کہ وہ ایران کے ساتھ تنازعہ نہیں چاہتا، لیکن وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے خبردار کیا کہ اگر ایران یا اس کی پراکسیوں نے کہیں بھی امریکی اہلکاروں پر حملہ کیا تو واشنگٹن فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرے گا۔

پینٹاگون نے جمعرات کو کہا کہ امریکی فوج نے مشرقی شام میں ہتھیاروں اور گولہ بارود کو ذخیرہ کرنے والے دو مقامات پر حملے کیے جو ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور اور اس کی حمایت کرنے والے گروپوں کے زیر استعمال ہیں۔

چلے نے مجھے نیا شیخ رشید بنادیا، 30 کلو وزن کم ہوگیا، شیخ رشید

 راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ چلے نے مجھے نیا شیخ رشید بنادیا، اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی لال حویلی سیل کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہم نسلی اور اصلی ہیں، سب اللہ پر چھوڑتے ہیں، پاک فوج ہماری عظیم فوج ہے، جنرل عاصم منیر نے معیشت درست کردی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف مزید 3 پرچے دے دیے گئے ہیں، میں جن نہیں ہوں جو ایک وقت میں تین جگہ مظاہرہ کر سکتا ہوں، مجھ سے کوئی غلطی ہوئی معافی مانگتا ہوں، چلے نے نیا شیخ رشید بنایا ہے، تہجد کے وقت بھی گرم پانی دیتے تھے، میرا 30 کلو وزن کم ہوگیا ہے، آج میں نے کالج کے زمانے کا کوٹ پہنا ہے ۔

شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی کی دونوں سیٹوں پر میں الیکشن لڑوں گا، تاہم بھتیجا شیخ راشد شفیق اب اپنا ہلدی مرچ کا کاروبار کرے گا، گرفتار ہوا تو جیل کے اندر سے قلم دوات پر الیکشن لڑوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نو مئی ایک لعنتی پروگرام تھا، کل بھی فوج کے ساتھ تھے آج بھی ساتھ ہیں، چلے نے مجھے نیا شیخ رشید بنایا ہے۔

حماس کے اسرائیل پر میزائل حملے، جنین میں لڑائی، شہدا کی تعداد 8 ہزار سے متجاوز

حماس کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملے کیے گئے ہیں ملسح گروہ نے اسرائیل کے جوہری خفیہ تنصیبات والے شہر کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کا اسرائیل کے جوہری خفیہ تنصیبات والے شہر دیمونا کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا، غزہ میں معطل فون اور انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر بحال کردی گئی ہے۔

اسرائیلی فوجی گاڑی پر حملے کی وڈیو بھی جاری کردی گئی ہے، جس میں اسرائیلی گاڑی کو راکٹ سے تباہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، زمینی کارروائی میں شریک ایک فوجی ٹرک کو بھی تباہ کردیا۔

القدس بریگیڈ نے غزہ میں رفح کے مشرق میں اسرائیلی فوجی دستوں پر مارٹر گولے برسائے، القدس بریگیڈ نے اسرائیل کی بستی نیٹو ہاسارا پر بھی راکٹ داغ دیے ساتھ ہی اسرائیل کے خفیہ جوہری تنصیبات پر بھی راکٹ داغے گئے۔

پہاڑوں کے درمیان جوہری تنصیبات کے قریب دھواں اٹھنے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔ ویڈیو میں اسرائیلی فوجی کو گرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

القسام بریگیڈ نے غزہ میں داخل ہونے والے اسرائیل کے متعدد ٹینکوں کو تباہ کر دیا جس کی ویڈیو بھی جاری کردی گئی۔

اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کے روز 33 ٹرک پانی، خوراک اور طبی سامان لے کر مصر کے ساتھ رفح بارڈر کراسنگ کے ذریعے غزہ میں داخل ہوئے۔

واضح رہے کہ21 اکتوبر کے بعد سے امداد کی یہ سب سے بڑی ترسیل ہے، جبکہ اسپتالوں کی درخواستوں کے باوجود ایندھن کی ترسیل نہیں کی گئی، جو اسرائیل کی جانب سے علاقے میں بجلی کی بندش کے بعد زیادہ تر پاور جنریٹرز پر کام کر رہے ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اب تک 117 ٹرک غزہ میں داخل ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب ’سیو دی چلڈرن انٹرنیشنل‘ نامی این جی او نے سوشل میڈیا جاری بیان میں کہا کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری نے خاص طور پر بچوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

این جی او کے مطابق صرف تین ہفتوں میں 3 ہزار195 بچے شہید کردیے گئے ہیں، جبکہ 2019 سے لے کر اب تک دنیا کے متنازع علاقوں میں مارے جانے والے بچوں کی تعداد میں سے یہ سب سے زیادہ ہے، انہوں نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

غزہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا، سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کہا کہ غزہ کی صورتحال لمحہ بہ لمحہ مزید مایوس کُن ہوتی جارہی ہے۔

سیکریٹری جنرل نے کہا کہ افسوس ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وقفے کے بجائے اسرائیل نے کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے معذرت کرلی ہے، انہوں نے حماس کے 7 اکتوبر کو ہونے والے حملے کا اندازہ لگانے میں ناکامی پر اپنی سیکیورٹی سروسز کو موردِ الزام ٹھہرایا تھا۔

بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ میں غلط تھا، پریس کانفرنس کے بعد جو باتیں میں نے کہیں تھیں، وہ نہیں کہی جانی چاہیے تھیں، جس کے لیے میں معذرت خواہ ہوں، میں سیکیورٹی کے تمام سربراہان کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔

نیب ترامیم کیس، جسٹس منصورعلی شاہ کا 27 صفحات پر مشتمل اختلافی نوٹ جاری

نیب ترامیم کیس کی سماعت کرنے والے بینچ کے رکن جسٹس منصورعلی شاہ کا اختلافی نوٹ جاری کردیا گیا ہے، جس میں ان کا کہنا ہے کہ قانون سازی جانچنا پارلیمنٹ اور جمہوریت کو نیچا دکھانے کے مترادف ہے۔

سپریم کورٹ نے 15 ستمبر کو نیب ترامیم کو کالعدم قرار دیا تھا، اور عدالت نے 1-2 کی اکثریت سے فیصلہ جاری کیا تھا۔ بینچ میں شامل جسٹسس منصور علی شاہ نے فیصلے سے اختلاف کیا تھا، اور ایک اختلافی نوٹ بھی تحریر کیا تھا۔

فیصلے کیخلاف جسٹس منصور علی شاہ کا 27 صفحات پر مشتمل اختلافی نوٹ جاری کردیا گیا ہے، جسٹس منصور علی شاہ نے بنجمن کارڈوزو کے قول سے نوٹ کا آغاز کیا، اور لکھا کہ کارڈوزونے کہا تھا اکثریت کی آواز طاقت کی فتح کی ہو سکتی ہے، انٹونیا سکالیا نے درست کہا تھا اختلاف عدالت کے وقار کو کم کرنے کے بجائے بڑھاتا ہے،عدالتوں کو ہنگامہ آرائی سے بالا اور بدلتی سیاست سے بے نیاز ہوکر جمہوریت کے مستقبل پر نگاہیں جمانی چاہیے، سیاسی جماعتوں کے برعکس عدالتوں کو عوامی حمایت حاصل کرنے کی ضرورت نہیں، عدالتوں کو آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرنا چاہیے بھلے عوامی جذبات ان کے خلاف ہوں۔

جسٹس منصور شاہ نے اپنے اختلافی نوٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ درخواست گزار نیب ترامیم کو عوامی مفاد کے برعکس ثابت کرنے میں ناکام رہا، عدلیہ قانون سازی کا جائزہ تب لے سکتی ہے جب انسانی حقوق سے متصادم ہو۔ قانون سازوں کےمفاد کو سامنے رکھ کر قانون سازی جانچنا پارلیمنٹ اور جمہوریت کو نیچا دکھانے کے مترادف ہے۔

اختلافی نوٹ میں تحریر ہے کہ درخواست گزار نہیں بتا سکا کہ عوامی عہدہ رکھنے والوں کا فوجدرای قوانین کے احتساب کیسے بنیادی حق ہے، جب کہ نیب ترامیم کے ترامیم کے حوالے سے درخواست گزار کے بنیادی حقوق کا موقف غیر یقینی ہیں، اگر درخواست گزار کے بنیادی حقوق سے متعلق ایسا موقف تسلیم کیا گیا تو پارلیمان کیلئے کسی بھی موضوع پر قانون سازی مشکل ہوگی، عدلیہ کو اس وقت تک تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے جب تک آئینی حدود کی خلاف ورزی نہ ہو۔

جسٹس منصور شاہ نے نوٹ میں یہ بھی لکھا کہ عوامی ووٹوں سے منتخب پارلیمنٹ نے نیب قانون میں ترامیم کیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے نیب ترامیم کی مخالفت یا حمایت کے بجائے اسے عدالت میں چیلنج کر دیا، جمہوریت کی بقاء کے لیے باہمی برداشت اور تحمل لازم ہے، فیصلے سے متفق نہیں کیونکہ نیب ترامیم سے بنیادی حقوق متاثر نہیں ہوئے اور اکثریتی فیصلہ پبلک سرونٹ کی درست تعریف کرنے میں ناکام رہا، تعزیرات پاکستان کے تحت بھی پبلک آفس ہولڈر کے خلاف کارروائی ممکن ہے کیونکہ تعزیرات پاکستان کے تحت پبلک آفس ہولڈر پبلک سرونٹ ہیں۔

 

 

جسٹس منصورعلی شاہ کا اختلافی نوٹ

واضح رہے کہ 15 ستمبر کو سپریم کورٹ کے فیصلے میں بھی جسٹس منصورعلی شاہ کا اختلافی نوٹ شامل کیا گیا تھا، جس میں لکھا تھا کہ میں نے گزشتہ رات اکثریتی فیصلہ پڑھا، میں اکثریتی فیصلے سے اتفاق نہیں کرتا، اور نیب ترامیم کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کرتا ہوں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے نوٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ کیس میں بنیادی سوال نیب ترامیم کا نہیں بلکہ 24 کروڑ عوام کی منتخب پارلیمنٹ کی بالا دستی کا تھا، لیکن میری رائے میں اکثریتی فیصلہ یہ سمجھنے میں ناکام رہا کہ ریاست کے اختیارات عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال کیے جائیں گے۔

 

اختلافی نوٹ میں تحریر ہے کہ بنیادی سوال پارلیمانی جمہوریت میں آئین کی اہمیت اور ریاست کے اختیارات کی تقسیم کا ہے، اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کے بغیر غیر منتخب ججز کا پارلیمنٹ کے پاس کردہ قانون پر فیصلہ سازی کی حدود سے متعلق ہے۔

 

 

جسٹس منصور نے لکھا کہ پارلیمنٹ کو قانون سازی کا اختیار ہے، پارلیمنٹ ہی اپنے بنائے ہوئے قوانین میں ترمیم یا تبدیلی کرسکتی ہے، اگر پارلیمنٹ نیب قانون بنا سکتی ہے تو اس کو واپس بھی لے سکتی ہے اور ترمیم بھی کر سکتی ہے، فیصلے میں اس بات کو نہیں پرکھا گیا کہ پارلیمنٹ نے کونسا کام غلط کیا ہے،ارکان اسمبلی کے احتساب کو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی سے جوڑنے کی کوشش کی گئی۔

 

جسٹس منصور علی شاہ نے لکھا کہ پارلیمنٹ کا قانون سازی کا اختیار کبھی ختم نہیں ہوتا، اکثریتی فیصلہ پارلیمنٹ کے اختیارات کو سمجھنے میں ناکام رہا، اکثریتی فیصلہ آئین میں دی گئی اختیارات کی تقسیم کی مثلث کو سمجھنے میں بھی ناکام رہا جو جمہوری نظام کی بنیاد ہے، سپریم کورٹ کے غیر منتخب ججز منتخب ارکان اسمبلی کی پالیسی کا کیسے جائزہ لے سکتے ہیں، بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی کے بغیر عدالت قانون سازی کا جائزہ نہیں لے سکتی۔

جسٹس منصور علی شاہ نے مزید تحریر کیا کہ میری عاجزانہ رائے میں آئینی سکیم کیخلاف ہے، آئین کے مطابق ریاست اپنی طاقت اور اختیار عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال کرے گی۔

جسٹس منصور علی شاہ نے اپنے نوٹ میں مزید کہنا تھا کہ وقت کی کمی کے باعث فی الحال تفصیلی وجوہات بیان نہیں کر رہا، اختلافی نوٹ کی تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کروں گا۔

آواران میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد ہلاک، 2 جوان شہید

 راولپنڈی:  بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے کھوڑو میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں  دو ہشت گرد ہلاک اور  دو اہلکار شہید ہوگئے۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق  آواران میں سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جب کہ دو دہشت گرد زخمی ہو گئے۔

شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران نائب صوبیدار آصف عرفان اور سپاہی عرفان علی نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔

 

علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس اپریشن جا رہی ہے اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

2 سالہ بچے نے 100 سے زائد ممالک کے جھنڈوں کو پہچان کر ریکارڈ قائم کرلیا

شارجہ: ایک چھوٹے بچے نے ایمن رون اکشے نے 195 ممالک کے جھنڈوں کو شناخت کرکے ایشیا بک آف ریکارڈز کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یادداشت کی حیرت انگیز مہارتوں سے لیس شارجہ میں مقیم ننھے بچے ایمن رون اکشے نے ایشیا بک آف ریکارڈز اور انڈیا بک آف ریکارڈز دونوں کا اعزاز حاصل کرنے کا ایک نادر کارنامہ انجام دیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے رہائشی پوجا اور اکشے کے بیٹے ایمن نے 2 سال 9 ماہ کی عمر میں 195 ممالک کے جھنڈوں کو تین منٹ اور 39 سیکنڈ میں پہچاننے والے تیز ترین کھلاڑی بن کر ریکارڈز میں اپنا نام درج کیا۔

 

علاوہ ازیں بچے نے انڈیا بک آف ریکارڈز سے مختلف زمروں میں تعریفی سند بھی حاصل کی جس میں 100 ممالک کے جھنڈوں، 50 گاڑیوں کے لوگو، 25 جسمانی اعضاء، 36 سبزیاں، 36 پھل، 30 جانور، 23 پیشے، 20 شکلیں، 20 گاڑیاں، 20 رنگ کی شناخت اور 1 سے 100 تک گنتی گننا شامل ہے۔

داغستان؛ ہزاروں افراد کا احتجاج، اسرائیل سے آنے والے طیارے پر دھاوا بول دیا

ماکاچ کلا: داغستان میں ہزاروں افراد نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے ائیرپورٹ پر دھاوا بول دیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق داغستان میں ہزاروں مظاہرین سیکورٹی رکاوٹیں توڑتے ہوئے دارالحکومت ماکاچ کلا  ائیرپورٹ میں داخل ہوگئے اور اسرائیل سے آنے والےروسی طیارے پر دھاوا بول دیا۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچم لہرائے اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے تل ابیب سے آنے والی پرواز میں اسرائیلی شہریوں کی تلاش میں مسافروں کے پاسپورٹ اور فون چیک کیے اوریہودی ہونے کے شبے میں ایک مسافر کو گھیر لیا۔ پولیس حکام نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔

قومی کرکٹرز کوبھارت میں سینٹرل کنٹریکٹس موصول

 کراچی: قومی کرکٹرز کو بھارت میں سینٹرل کنٹریکٹ موصول ہوگئے، مشاورت کے بعد دستخط کریں گے جب کہ پی سی بی جلد بقایاجات ادا کر دے گا۔

سینٹرل کنٹریکٹ پر رواں برس کھلاڑیوں اور بورڈ میں سنگین اختلافات سامنے آئے، طویل عرصے مذاکرات کے بعد تین ماہ کی تاخیر سے 27 ستمبر کو نئے معاہدوں کا اعلان ہوا، اس کا اطلاق یکم جولائی سے ہونا تھا، گزشتہ دنوں یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ کرکٹرز کو کئی ماہ سے معاوضوں کی ادائیگی ہی نہیں ہوئی۔

سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہ ہونا اس کی وجہ بنا،ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے کرکٹرز کو معاہدوں کی کاپی فراہم کر دی ہے، وہ مشاورت کے بعد دستخط کریں گے، دستاویز واپس ملنے پر 4ماہ کے واجبات جلد ادا کر دیے جائیں گے، رقوم براہ راست پلیئرز کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جائیں گی۔

اس سے پہلے سابقہ معاہدے کے تحت ادائیگی کا آپشن بھی زیرغور آیا تھا، دستخط کے بعد بقیہ رقم دی جاتی، یاد رہے کہ پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ گذشتہ کئی دنوں سے رخصت پر ہیں، وہ اہل خانہ سے ملاقات کے لیے برطانیہ گئے ہوئے ہیں اور6 نومبر کو واپسی متوقع ہے،اس لیے معاہدوں پر دستخط کا کام کسی اور آفیشل کو سونپا گیا ہے۔

ڈی کیٹیگری میں شامل بعض کھلاڑیوں کے تحفظات برقرار ہیں،انھیں لگتا ہے کہ بابر اعظم و دیگر نے اپنے لیے مراعات حاصل کر لیں اور ان کو تنہا چھوڑ دیا۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کیلیے سالانہ بجٹ میں تقریبا  75 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، چاروں کیٹیگریز کو اب ماہانہ بالترتیب 60 لاکھ 30 ہزار، 41 لاکھ 47 ہزار 500، 17 لاکھ65 ہزار اور 11 لاکھ 32 ہزار500 روپے دیے جائیں گے۔