چمن بارڈر پر افغان اہلکار کی فائرنگ سے بچے سمیت 2 پاکستانی شہید، آئی ایس پی آر

 راولپنڈی: چمن بارڈر کراسنگ کے فرینڈ شپ گیٹ پر تعینات افغان فوجی کی راہگیروں پر بلااشتعال اندھا دھند فائرنگ سے 12 سالہ  بچے سمیت  دو پاکستانی شہید ہوگئے۔ 

آئی ایس پی آر  کے مطابق  پاک افغان  سرحد کے ساتھ چمن بارڈر کراسنگ کے فرینڈ شپ گیٹ پر تعینات ایک افغان فوجی نے پاکستان سے افغانستان جانے والے راہگیروں پر بلا اشتعال اور اندھا دھند فائرنگ  کی جس کے نتیجے میں 12 سالہ بچے سمیت دو پاکستانی شہری شہید اور ایک بچہ زخمی ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ  یہ واقعہ زیرو لائن پر واقع آؤٹ باؤنڈ گیٹ پر پیش آیا تاہم سیکیورٹی فورسز نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے  بے گناہ مسافروں کی موجودگی میں فائرنگ کے تبادلے سے گریز کیا تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال چمن منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ زخمی بچہ جسے سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر باہر نکالا تھا، زیر علاج ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  افغان حکام سے اس غیر ذمے دارانہ اقدام اور لاپرواہی کی وجہ دریافت کی گئی  ہے اور مجرم کو پکڑ کر پاکستانی حکام کے حوالے کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔ افغان حکام سے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے ذمہ داری اور نظم وضبط کا مظاہرہ کریں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان مثبت اور تعمیری دوطرفہ تعلقات کے ذریعے امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاہم اس طرح کے ناخوشگوار واقعات سے خلوص نیت اور مقصد کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

دریں اثنا نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک افغان سرحد چمن باب دوستی پر افغان حدود سے فائرنگ کی گئی جس میں دو پاکستانی شہری شہید ہوئے۔ شہداء میں ایک بزرگ شہری اور ایک بچہ شامل ہے۔

سرفرازبگٹی نے کہا کہ بلا اشتعال فائرنگ پر پاکستانی فورسز نے کمال تحمل اور برد باری کا مظاہرہ کیا اور شہریوں کی موجودگی کے باعث ہمارے جوانوں نے جوابی فائرنگ سے گریز کیا۔ امید ہے کہ افغان حکومت اس واقعے پر سخت کارروائی عمل میں لائے گی۔ایسے واقعات دو طرفہ تعلقات پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی نے عثمان ڈار کا انٹرویو ’نئی بوتل میں پرانی شراب‘ قرار دے دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نجی ٹی وی چینل پر عثمان ڈار کا انٹرویو ”نئی بوتل میں پرانی شراب“ قرار دے دیا۔

یاد رہے کہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے کہا کہ میں نے تحریک انصاف اور سیاست کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ 9 مئی واقعات کی منصوبہ بندی چیئرمین پی ٹی آئی کی زیر صدارت زمان پارک میں ہوئی، پی ٹی آئی کی موجودہ صورت حال کے ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی خود ہیں۔

جس کے بعد پی ٹی آئی نے عثمان ڈار کا انٹرویو ”نئی بوتل میں پرانی شراب“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 24 روز تک نامعلوم اغوا کاروں کی حراست میں گزارنے کے بعد عثمان ڈار کی ایک نجی ٹی وی چینل پر رونمائی بلاشبہ خود اغوا کاروں کو بے نقاب کرتی ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ عثمان ڈار کو 10 ستمبر کو کراچی سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا، عثمان ڈار کی جبری گمشدگی پر ان کی والدہ اور بھائی سمیت اہلِ خانہ کے متعدد بیانات اور پیغامات ریکارڈ پر موجود ہیں، پچھلے 5 ماہ کے دوران عثمان ڈار کی رہائش گاہ پر پولیس کے چھاپوں، ان کی والدہ اور دیگر خواتین اہلِ خانہ سے بدسلوکی اور ان کی فیکٹری اور رہائش گاہ پر پڑنے والے تالے پوری قوم دیکھ چکی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے مزید کہا کہ اس 24 روزہ جبری گمشدگی کے دوران جسمانی و ذہنی تشدد اور جبر کے آثاران کی کانپتی آواز، متذبذب باڈی لینگویج اور بے ربط خیالات سے واضح ہیں، 9 مئی کے 5 ماہ بعد 24 روزہ جبری گمشدگی کے بعد دیے گئے انٹرویو کی عوام کی نگاہ میں کوئی اہمیت ہے نہ ہی اس کی کوئی قانونی حیثیت۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ خدشہ ہے کہ اسی قسم کے ہتھکنڈے ہمارے دیگر اغواء کنندگان بشمول صداقت عباسی، فرخ حبیب اور شیخ رشید پر بھی آزمائے جائیں گے اور ایسے ہی مزید ڈرامے نشر کئے جائیں گے، ہمیں عثمان ڈار سے ہمدردی اور پارٹی کے لیے ان کی وابستگی کا احساس ہے۔

تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ عمران خان کی بے گناہی اور تحریک انصاف کو میسرعوامی تائید کی گواہی خود عثمان ڈار نے دی، ملک کو گھسے پٹے ڈراموں اور فلموں کی بھینٹ چڑھانے کی بجائے 9 مئی کے واقعات کی عدالتی کمیشن کے ذریعے تحقیقات کرائی جائے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے زور دیا کہ عوام کو ووٹ کا حق دینے کے لیے 90 روز کی دستوری مدت میں انتخاب کروائے جائیں۔

چینی آبدوز امریکہ کیلئے بچھائے گئے اپنے ہی جال میں پھنس کر تباہ،55اہلکار جان بحق

برطانوی خبر رساں ادارے“دی ٹائمز“ نے برطانوی انٹیلی جنس ایجنسی کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین کی ایک نیوکلئیر آبدوز اپنے ہی بچھائے جال میں پھنس کر ڈوب گئی جس کے نتیجے میں چینی بحریہ کے 55 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ”یلو سی“ (زرد سمندر) میں پیش آیا۔ تاہم تائیوان کی جانب سے آبدوز حادثے تردید کی گئی ہے۔

برطانوی انٹیلی جنس رپورٹ میں چینی بحریہ کی آبدوز کی شناخت ”093-417“ کے طور پر کی گئی ہے اور کہا گیا کہ 21 اگست کو آبدوز میں تباہ کن خرابی پیدا ہوئی جس سے عملہ دم گھٹنے کا شکار ہوا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مرنے والوں میں کپتان اور 21 افسران شامل ہیں۔

ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شنگھائی کے شمال میں شانڈونگ صوبے کے قریب اپنی ہی افواج کے ذریعے نصب کردہ سمندری جال میں آبدوز کے پھسنے کے بعد اس میں آکسیجن ختم ہو گئی تھی۔

رپورٹ میں برطانوی انٹیلی جنس حکام نے لکھا کہ ’ہم سمجھتے ہیں اموات آبدوز میں نظام کی خرابی کی وجہ سے ہائپوکسیا (آکسیجن کی کمی) کی وجہ سے واقع ہوئی ہیں۔‘

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ’سب میرین ایک چین اور سمندر کی تہہ میں لنگرانداز رکاوٹ سے ٹکرائی، جسے چینی بحریہ نے امریکی اور اس کے اتحادیوں آبدوزوں کو پھنسانے کے لیے نصب کیا تھا۔ اس کے نتیجے میں نظام میں خرابی پیدا ہوئی جس کی وجہ سے مرمت اور سطح پر پہنچنے میں چھ گھنٹے لگے۔ جہاز پر موجود آکسیجن سسٹم کی ناکامی عملے کی زہرآلود موت کا باعث بنی‘۔

اس انٹیلی جنس رپورٹ کو انتہائی خفیہ قرار دیا گیا تھا اور امکان ہے کہ اس کے لیک ہونے کی انکوائری ہوگی۔

شانگ کلاس آبدوز کے واقعے کے بارے میں افواہیں ایک ماہ سے زیادہ عرصہ قبل ہی سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی تھیں لیکن بیجنگ نے ان کی تردید کی تھی۔

چین کے پاس چھ ٹائپ-093 حملہ آور آبدوزیں ہیں، اور یہ 553 ایم ایم ٹارپیڈو سے لیس ہیں۔

ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ جوہری توانائی سے چلنے والی یہ آبدوزیں پچھلے ماڈلز سے زیادہ پرسکون اور خاموش ہونے کے لیے ڈیزائن کی گئی تھیں، پچھلے 15 سالوں میں سروس میں داخل ہوئیں۔

ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں سٹارز بھارتی گلوکار آواز کا جادو جگائیں گے

نئی دہلی:  کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی افتتاحی تقریب میں سٹارز بھارتی گلوکار آواز کا جادو جگائیں گے۔

افتتاحی تقریب میں بھارتی لیجنڈ گلوکارہ آشا بھوسلے، شریا گھوشال، ارجیت سنگھ اپنی آواز کا جادو جگائیں گے، بھارتی اداکار رنویر سنگھ بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم احمد آباد میں ہونیوالی ورلڈ کپ 2023 کی افتتاحی تقریب میں آتشبازی کا مظاہرہ کیا جائے گا، آئی سی سی، گلوبل کرکٹ باڈی اور بی سی سی آئی کے نمائندگان سمیت ایونٹ میں شامل تمام دس ٹیموں کے کپتان بھی شرکت کریں گے۔

ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب 4اکتوبر کو ہوگی، ایونٹ کا پہلا میچ 5اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گی اور پاک بھارت ٹاکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہو گا۔

سائفرکیس کی ان کیمرا سماعت کی درخواست مسترد

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس کی کارروائی ان کیمرا کرنے کی ایف آئی اے کی درخواست مسترد کردی، سماعت اوپن کورٹ میں ہی ہوگی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کی جانب سے سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت کی درخواست  پر فیصلہ سنادیا۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر اوپن کورٹ میں سماعت ہوگی، جن دستاویزات کو ان کیمرا رکھنا ہوگا وہ وکلا کی مشاورت سے رکھی جائیں گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواست پر 9 اکتوبر کو سماعت ہوگی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کی ان کیمرا سماعت سے متعلق درخواست پر 2 روز قبل فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اسرائیل کو تسلیم کرنا مزاحمت چھوڑ کر ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے؛ ایران

تہران: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے اسرائیل کو تسلیم کرنے والے مسلم ممالک کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جارحیت کا ایک ہی جواب ہوتا ہے اور وہ مزاحمت ہے۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ایران میں اسلامی اتحاد کے لیے منعقد کردہ بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے والوں نے شکست خوردہ گھوڑے پر پیسے لگا دیے ہیں۔

صدر ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ مسلم ممالک کا صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانا ایک پسماندہ عمل ہے۔ دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے مزاحمت کا انتخاب ہتھیار ڈالنے سے زیادہ کامیاب ثابت ہوتا ہے۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے والوں نے صہیونی حکومت کے آگے ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی ثالثی میں 2020 اور 2012 میں متحدہ عرب امارات، بحرین اور مراکش سمیت کچھ مسلم ممالک اسرائیل کو تسلیم کرکے سفارتی اور تجارتی تعلقات بحال کرچکے ہیں۔

امریکا نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی کا معاہدہ آخری مراحل میں ہے۔ اسرائیل نے بھی تصدیق کی تھی جب کہ سعودیہ کا مؤقف ہے کہ فلسطین کے دو ریاستی حل تک کوئی معاہدہ نہیں ہوسکتا۔

‘میرا شہزادہ سلیم’ ماہرہ نے شادی کے خوبصورت لمحات شیئر کردیئے

لاہور:حال ہی میں دوبارہ شادی کے بندھن میں بندھنے والی سپر سٹار اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے خوبصورت لمحات مداحوں کیساتھ شیئر کردیئے۔

ماہرہ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر شادی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں۔

ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہرہ خان سفید عروسی لباس اور سادہ جیولری پہن کر اپنی شادی کی تقریب میں داخل ہو رہی ہیں جہاں ان کا بیٹا بھی ان کے ہمراہ ہے، اداکارہ سٹیج کی جانب بڑھتے ہوئے اپنے شوہر سلیم کریم کا ہاتھ تھامتی ہیں اور دونوں رقص بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

انہوں نے اپنی شادی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں اپنے شوہر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’میرا شہزادہ، سلیم‘۔

اس کے علاوہ ماہرہ خان نے اپنے شوہر کے ساتھ ایک اور دلکش تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا “بسم اللہ، شكر الحمد اللہ”۔

دوسری جانب تصاویر، ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں مداحوں اور ساتھی اداکاروں سمیت بھارتی اداکاروں نے بھی ماہرہ خان کو شادی کی مبارک باد بھی دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بونی کپور نے اپنی بیوی سری دیوی کو مارنے کے الزام پر 5 سال بعد خاموشی توڑ دی

نامور بھارتی پروڈیوسر بونی کپور نے اپنی بیوی سری دیوی کو مارنے کے الزام پر 5 سال بعد خاموشی توڑ دی ہے۔

بونی کپور نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اداکارہ کی موت طبعی نہیں بلکہ حادثاتی تھی اور انہیں دبئی پولیس سے کلین چٹ لینے کیلئے مختلف اقسام کے ٹیسٹوں سے گزرنا پڑا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ دبئی پولیس پر انڈین میڈیا کا بہت زیادہ دباؤ تھا لیکن انہیں جلد اندازہ ہوگیا کہ میری طرف سے کوئی غلط کام نہیں کیا گیا ہے۔

بونی کپور کے مطابق سری دیوی نے سخت ترین ڈائٹ کی وجہ سے اپنی صحت خراب کردی تھی اور وہ اکثر فاقے کیا کرتی تھیں تاکہ اسمارٹ نظر آئیں۔

امریکی وزیر دفاع کا آرمی چیف سے ٹیلیفونک رابطہ

امریکی وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

پینٹاگون کے پریس سیکرٹری بریگیڈیئر جنرل پیٹ رائیڈر نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن سوم نے منگل کو پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے فون پر بات چیت کی۔

 آرمی چیف اور امریکی وزیر دفاع نے باہمی دلچسپی کے شعبوں کے ساتھ ساتھ حالیہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

اس حوالے سے آئی ایس پی آر کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

کرکٹ میں نظم و ضبط کی ضرورت ہوتی ہے اور اسلام یہی سکھاتا ہے، میتھیو ہیڈن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مینٹور اور سابق آسٹریلوی کرکٹر میتھیو ہیڈن نے کہا ہے کہ کرکٹ میں نظم و ضبط کی ضرورت ہوتی ہے اور اسلام یہی سکھاتا ہے۔

بھارت کے شہر حیدرآباد میں ہونے والے پاک آسٹریلیا ورلڈکپ وارم اپ میچ میں کمنٹری کے دوران میتھیو ہیڈن نے اِن خیالات کا اظہار کیا۔ ساتھی کمنٹیٹر رمیز راجہ نے اُن سے قومی ٹیم کے ساتھ گزارے گئے وقت اور تجربے سے متعلق دریافت کیا۔

میتھیو ہیڈن نے کھلاڑیوں کو متحد رکھنے میں دینِ اسلام کو اہم عنصر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان کرکٹ ٹیم دینِ اسلام پر بہت زیادہ توجہ دیتی ہے۔ کھلاڑیوں کے اس نظم و ضبط کی میں ہمیشہ تعریف کرتا ہوں۔’

سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ ‘پاکستانی ٹیم کے ان لڑکوں میں قدرتی صلاحیت ہے۔ وہ گلی کرکٹ اور ٹینس کرکٹ کی وجہ سے اس کھیل سے خاص لگاؤ رکھتے ہیں۔’

خیال رہے کہ میتھیو ہیڈن آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 میں قومی ٹیم کے مینٹور کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ اس دوران وہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان سے کافی متاثر ہوئے جب رضوان نے انہیں انگریزی قرآن پیش کیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد اپنے ایک بیان میں ہیڈن کا کہنا تھا کہ ‘پاکستانی کرکٹ سے پیار کرتے ہیں، ان کے پاس بہت اچھے نوجوان کھلاڑی ہیں۔ میں ٹیم کے ساتھ کم وقت کیلئے ہوں لیکن احساس ہے کہ یہ کتنے اچھے ہیں۔ اسلام نے ان کھلاڑیوں کو یکجا کیا ہے جو بہت اچھی بات ہے۔’

خوشبوؤں کا شہر پیرس کھٹملوں کا شہر بن گیا۔

فرانس کے مختلف شہروں میں کھٹمل پھیل گئے۔ پیرس اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں کھٹمل (کیڑوں) کی بھرمار، میٹرو اور ٹرینوں میں بھی کھٹمل کا راج خوشبوؤں کا شہر پیرس کھٹملوں کا شہر بن گیا۔فرانس کے شہر مارسائی کے کالج میں کھٹمل کی بھرمار، کالج کو بند کردیا گیا۔ یہ کھٹمل فرانس میں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے پھیلے

ورلڈکپ وارم اپ میچ: پاکستان کو نیوزی لینڈ کے بعد آسٹریلیا کے ہاتھوں بھی شکست

ورلڈکپ کے دوسرے وارم اپ میچ میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 14 رنز سے شکست ہوگئی۔

352 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 337 رنز بناسکی، بابراعظم نے 90 اور افتخار احمد نے 83 رنز بنائے۔

اس کے علاوہ محمد نواز نے 50 اور فخرزمان نے 22 رنز اسکور کیے جبکہ حسن علی اور امام الحق نے 16 ،16 رنز بنائے۔

حیدرآباد کے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ پر 351 رنز بنائے۔

کینگروز کی جانب سے گلین میکسویل 77 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کیمرون گرین نے ناقابل شکست 50 رنز بنائے۔

اس کے علاوہ  ڈیوڈ وارنر اور جوش انگلس نے 48 ، 48 رنزکی اننگز کھیلی،جبکہ  مارنس لبوشین نے 40 ، مچل مارش نے 31 اور اسٹیو اسمتھ نے 27 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے اسامہ میر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد وسیم ، حارث رؤف ، شاداب خان اور محمدنواز نے ایک ایک وکٹ لی۔

فاسٹ بولر حارث رؤف سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے، انہوں نے 9 اوورز میں 97 رنز دیے۔

آج کے وارم اپ میچ میں نائب کپتان شاداب خان نے کپتانی  کی ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کو اپنے پہلے وارم اپ میچ میں بھی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

نواز شریف حفاظتی ضمانت لے کر وطن واپس آئیں گے اور عدالت کے سامنے سرینڈر کریں گے، رانا ثناء اللہ

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کے لیے ہماری قانونی ٹیم نے تیاری مکمل کرلی ہے، انشاءاللہ وہ حفاظتی ضمانت لے کر وطن واپس آئیں گے اور عدالت میں سرینڈر کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پوری قوم نواز شریف کے استقبال کی منتظر ہے جسے وہ نجات دہندہ سمجھتے ہیں، جب جب پاکستان پر کڑا وقت آیا نواز شریف نے قوم کو سرخرو کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر نئے پاکستان کا تجربہ نہ کیا جاتا تو 2022 تک پاکستان میں سی پیک مکمل ہوچکا ہوتا اور پاکستان ترقی یافتہ ممالک اور جی 20 ممالک کی فہرست میں آچکا ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے 28 جولائی 2017 کو بابا رحمتے کی سربراہی میں جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ نے اس وقت کی حکومت کے خلاف فیصلہ دیا اور پاکستان آج تک بحرانی کیفیت میں مبتلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی درخواست پر میاں نواز شریف دوبارہ آکر اپنی جماعت کی قیادت کریں گے، وہ 21 اکتوبر کو قوم کو ایک نئی امید دینے اور اس امید کو یقین میں بدلنے کے لیے پاکستان واپس تشریف لارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں مینار پاکستان پر نواز شریف کے استقبال کے لیے پورے پاکستان سے لوگ پہنچیں گے، نواز شریف اپنے خطاب میں نئی امید کو یقین میں بدلنے کے لیے راہ بھی وضع کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ نواز شریف کے خطاب کا مرکزی نقطہ پاکستان ہوگا، اس میں دیگر چیزیں بھی شامل ہوسکتی ہیں، مسلم لیگ (ن) اپنا منشور بھی پیش کرے گی لیکن نواز شریف کی واپسی کا محور پاکستان ہی ہے۔

اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانے سے پیچھے ہٹ جانے سے متعلق سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے، ہماری جدوجہد کا محور پاکستان اور عام آدمی کی فلاح و بہبود ہونا چاہیے یا ہم اپنے دکھڑے لے کر بیٹھ جائیں کہ فلاں نے مجھے جیل میں ڈالا تھا اور فلاں کے خلاف میں مقدمہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ انتقامی سیاست نے ہی اس ملک کا بھٹا بٹھایا ہے، ہمارے ساتھ اور ہمارے قائد کے ساتھ ناانصافی کرنے والوں میں سے کسی کا نام ہم نہیں بھولیں گے، لیکن نواز شریف قوم کے لیے امید کا پیغام لے کر آرہے ہیں۔

نواز شریف کی وطن واپسی پر گرفتاری کے امکان کے حوالے سے سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کے لیے ہماری قانونی ٹیم نے تیاری مکمل کرلی ہے، انشاء اللہ وہ حفاظتی ضمانت لے کر وطن واپس آئیں گے اور عدالت میں سرینڈر کریں گے۔

بیک ڈور اشاروں سے متعلق سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ ہم ایسے اشاروں پر یقین نہیں رکھتے، ہمیں اپنے کیس کے حقائق کے پیش نظر پورا یقین ہے کہ نواز شریف بے گناہ اور بے قصور ہیں، ان کے کیس میں اتنی سکت ہی نہیں ہے کہ ہمیں یہ ریلیف نہ ملے، اس لیے ہمیں یقین ہے کہ کسی اشارے اور گارنٹی کے بغیر نواز شریف کو ریلیف ضرور ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے بھی الیکشن لڑنے کے خلاف نہیں ہیں لیکن جو لوگ 9 مئی فسادات میں ملوث تھے انہیں اس کی سزا ضرور ملنی چاہیے، ہم اقتدار میں آکر بھی کسی سے انتقام نہیں لیں گے بلکہ پاکستان کو مضبوط اور خوشحال کریں گے۔