ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ بن گئے

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ کی حیثیت سے کمان سنبھال لی۔

پاک بحریہ کی تبدیلی کمانڈ کی پروقار تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں منعقد ہوئی، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی کمان ایڈمرل نوید اشرف کے حوالے کی۔

پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل (ر) امجد خان نیازی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اس موقع پر سبکدوش ہونے والے نیول چیف نے تقریب سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے نئے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو مبارکباد پیش کی اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں تے کہا کہ پاکستان نیوی کی کمانڈ کرنا میرے لئے بڑا اعزاز تھا، اللہ کا شکر جس نے نیوی میں خدمات سرانجام دینے کا موقع دیا، پاک بحریہ ملکی دفاع کیلئے مضبوط اور بہترین ادارہ ہے، پاک بحریہ پیشہ ورانہ اور بھرپور صلاحیتوں کی حامل ہے، پاک بحریہ کا شمار دنیا کی بہترین بحری افواج میں ہوتا ہے۔

ایڈمرل امجد خان نیازی کا کہنا تھا کہ مستقبل میں مصنوعی ذہانت کا انسانی زندگی میں بہت عمل دخل ہوگا، مستقبل کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے، پاکستان مشترکہ کوششوں اور تعاون پر یقین رکھتا ہے، بھارت میں انتہا پسندی فروغ پا رہی ہے۔

سابق نیول چیف نے مزید کہا کہ گزشتہ سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو بہت نقصان پہنچا، سیلابی صورتحال میں بھی پاک بحریہ کا کردار کلیدی رہا، کورونا وبا کے دوران پوری دنیا کی معیشت کو بحران کا سامنا رہا۔

بعدازاں ایڈمرل (ر) چیف امجد خان نیازی نے ایڈمرل نوید اشرف کو پاک بحریہ کی کمان سونپی جس کے بعد ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ بن گئے۔

ایڈمرل نوید اشرف
ایڈمرل نوید اشرف نے 1989 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا، وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، امریکی نیول وار کالج اور برطانیہ کے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹیڈیز سے فارغ التحصیل ہیں، اہم کمانڈ اور سٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

ایڈمرل نوید اشرف کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایڈمرل نوید اشرف ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (آپریشنز)، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (ٹریننگ اینڈ پرسنیل)، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (ایڈمن) اور ڈپٹی پریذیڈنٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔

اس عہدے پر فائز ہونے سے قبل ایڈمرل نوید اشرف اس وقت نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف سٹاف کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

ترجمان پاک بحریہ نے بتایا تھا کہ ایڈمرل نوید اشرف کو غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا جاچکا ہے۔

احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم، نریندر مودی کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے میچز کے دوران ممبئی پولیس کو احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوگئی۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کو ای میل موصول ہوئی ہے، جس میں احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے جبکہ دہشتگروں نے 500 کروڑ روپے ادا کرنے اور گینگسٹر روی بشنوئی کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

 

ای میل میں کہا گیا ہے کہ ’’اگر حکومت ہمیں 500 کروڑ بھارتی روپے اور لارنس بشنوئی کو رہا کرنے میں ناکام رہی تو ہم احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اڑا دیں گے، ہندوستان میں سب کچھ بکتا ہے تو ہم نے بھی کچھ خریدا ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ کتنے محفوظ ہیں، آپ ہم سے محفوظ نہیں رہ سکیں گے‘‘۔

دوسری جانب احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں 8 اکتوبر اتوار کو آسٹریلیا اور بھارت کا میچ شیڈول ہے جبکہ اسی گراؤنڈ پر ورلڈکپ کا سب سے بڑا ٹاکرا پاک بھارت میچ 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

ای میل میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دہشتگرد گروپ نے حملوں کو انجام دینے کیلئے متعدد افراد کو سرگرم کردیا ہے۔

ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز ای میل کی تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ سیکیورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کردیا ہے۔ ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ میل یورپ سے آیا ہے، آئی ڈی کا معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

اعلیٰ افسر کا کہنا تھا کہ ای میل موصول ہونے کے بعد ورلڈکپ میچز کے دوران سیکیورٹی بڑھائی جائے گی۔

ماہرہ نے مایوں لک کی تصاویر بھی مداحوں کیساتھ شیئر کردیں

لاہور:  پاکستانی سپر سٹار ماہرہ خان نے مایوں لک کی تصاویر بھی مداحوں کیساتھ شیئر کردیں۔

چند دن قبل سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کی بارات کی تصاویر منظر عام پر آئیں جو جنگل میں لگی آگ کی طرح پھیل گئیں اور ہر جانب ماہرہ خان اور سلیم کریم کے چرچے ہونے لگے پھر وقتاً فوقتاً نئی تصاویر اور شادی کے یادگار لمحات سوشل میڈیا کی زینت بنتے رہے۔

اب اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنی مایوں کی تصاویر بھی جاری کردی ہیں جس میں ان کی سادگی اداکارہ کی خوبصورتی اور دلکشی کو چار چاند لگا رہی ہے۔

تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہرہ خان نے اپنے مایوں میں گوٹے کے کام سے بنی زرد پشواس زیب تن کی، انہوں نے سفید پھولوں کا ہار، موتیا اور گیندے کے پھولوں سے بنے گجرے اور سبز کانچ کی چوڑیاں پہن رکھی ہیں۔

عدالت نے عمران خان کی ضمانت کی 3 درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردیں

اسلام آباد کی انسدادِدہشت گردی عدالت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی ضمانت کی 3 درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کردیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تھانہ کھنہ میں ایک اور تھانہ بہارہ کہو میں 2 مقدمات درج ہیں، جنہیں عدالت نے سماعت کے لیے مقرر کرلیا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین 16 اکتوبر کو ان درخوستوں پر سماعت کریں گے۔

 

 

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلےکی روشنی میں چیئرمین پی ٹی آئی کی عدم حاضری پر خارج شدہ ضمانت کی درخواستیں دوبارہ مقرر کی گئی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی عدم حاضری پر اےٹی سی نے ضمانت کی تینوں درخواستیں خارج کردی تھیں۔

عمران کیخلاف 9 مئی، لانگ مارچ اور توشہ خانہ جعلی رسیدوں کے کیسز میں فریقین کو نوٹسز

دوسری جانب اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف 9 مئی، لانگ مارچ اور توشہ خانہ جعلی رسیدوں کے کیسز میں ضمانتوں کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔

ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد طاہرعباس سِپرا نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی 6 درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے نوٹسز جاری کیے ہیں۔

عدالت نے پراسیکیوشن اور پی ٹی آئی وکلاء کو ہدایت کی ہے کہ 16 اکتوبر کو ان درخواستِوں پر دلائل دیے جائیں۔

عدالت نے ترنول، رمنا، کراچی کمپنی، سیکرٹریٹ اور کوہسار تھانوں کے تفتیشی افسران کو بھی ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔

پاکستانی خواتین بغیر محرم حج کرسکیں گئیں،پالیسی کا اعلان آئندہ 2ہفتوں میں کیا جائے گا نگران وزیرمذہبی امور

وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے جمعہ کو کہا کہ حج پالیسی 2024 کا اعلان آئندہ دو ہفتوں میں کیا جائے گا جس کے تحت خواتین محرم (قریبی مرد رشتہ دار) کے بغیر حج کر سکیں گی۔
وزارت نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ 10 دن میں حج پالیسی کی منظوری دے گی اور آئندہ سال کے لیے حج درخواست کا عمل کابینہ کی منظوری کے بعد ہو گا۔
مزید برآں، وزارت نے ہلال کا چاند دیکھنے کے حوالے سے سخت قوانین بھی تیار کیے ہیں۔
وزارت نے سفارش کی ہے کہ نئے قواعد کے مطابق چاند نظر آنے کا اعلان صرف رویت ہلال کمیٹی کرے گی، کسی نجی کمیٹی کو ایسا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

قبل ازیں مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے نگراں وزیر انیق احمد نے کہا کہ سعودی عرب حکومت حج 2024 کے دوران پاکستانی عازمین کو اضافی سہولیات اور بہتر خدمات فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حاجیوں کے لیے رہائش، کھانے اور نقل و حمل کو زیادہ آرام دہ اور آسان تجربہ کے ساتھ بہتر بنایا جائے گا۔
سعودی وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے پاکستان کے ساتھ مزید تعاون کے لیے سعودی عرب کے عزم کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سعودی حکومت پاکستانی عازمین کے لیے خدمات کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے، اور ان کے آرام اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے کئی نئے اقدامات کیے گئے ہیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر چیئرمین پی ٹی آئی کی سالگرہ منانے والا15 روز کیلیے نظربند

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سالگرہ منانے والے کو 15 روز کیلیے نظر بند کردیا گیا۔

پی ٹی آئی کے کارکن ذیشان دراز کی 15 روز کے لیے نظربندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ ذیشان دراز کو اڈیالہ جیل کے باہر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سالگرہ مناتے ہوئے حراست میں لیا گیا تھا۔ پی ٹی آئی کارکن کو تین ایم او کے تحت اڈیالہ جیل میں نظر بند کیا گیا۔ پولیس نے ذیشان دراز کی ایک ماہ کے لیے نظر بندی کی سفارش کی تھی۔

پی ٹی آئی کارکن ذیشان دراز وزیرستان سے سائیکل پر اڈیالہ جیل پہنچا تھا جسے پولیس نے گزشتہ شام اڈیالہ جیل کے باہر سے حراست میں لیا تھا۔ ذیشان دراز کو اشتعال انگیز تقریر کرنے پر نظر بندی کی سفارش کی گئی تھی۔

پاک بحریہ میں تبدیلی کمانڈ کی تقریب کل ہوگی

اسلام آباد : پاک بحریہ میں تبدیلی کمانڈ کی تقریب کل ہوگی، جس میں امجد نیازی پاک بحریہ کی کمانڈ نئے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کےحوالے کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ میں تبدیلی کمانڈ کی تقریب کل ہوگی ، جس میں پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کل عہدہ سنبھالیں گے.

تبدیلی کمانڈ کی تقریب پاک بحریہ کےہیڈ کوارٹرز میں ہوگی ، تقریب میں سبکدوش نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی کو گارڈ آف آنر دیا جائے گا۔

سبکدوش نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی شرکاسےالوداعی خطاب بھی کریں گے ، جس کے بعد امجد نیازی پاک بحریہ کی کمانڈ نئے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کےحوالے کریں گے۔

پاک بحریہ کے ایڈمرل نوید اشرف سنیارٹی میں پہلے نمبر پر ہیں ، نیول چیف ایڈمرل امجدنیازی کا آج آخری دن ہے اور وہ الوداعی ملاقاتیں کررہے ہیں۔

خیال رہے پاک بحریہ کے نئے سربراہ وائس ایڈمرل نویداشرف نے 1898 میں آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا، وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، امریکی نیول وار کالج اور برطانیہ کے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹیڈیز سے فارغ التحصیل ہیں۔

وائس ایڈمرل نوید اشرف اہم کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور کمانڈر پاکستان فلیٹ سمیت کمانڈانٹ پاکستان نیول اکیڈمی کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق نوید اشرف ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز)، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ پرسنیل)، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ایڈمن) اور ڈپٹی پریذیڈنٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ وائس ایڈمرل نوید اشرف اس وقت نیول ہیدکوارٹرز میں چیف آف اسٹاف کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، آپ کی غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں آپ کو ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا جا چکا ہے۔

یورپی اراکین پارلیمنٹ کا پاکستان کیلیے جی ایس پی پلس اسکیم میں توسیع کا فیصلہ

 اسلام آباد: یورپی اراکین پارلیمنٹ کا جی ایس پی پلس اسکیم کو مزید چار سال توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں نگراں وزیر تجارت گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ الحمدللہ! مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ یورپی یونین اراکین نے 2027 تک ترجیحات کی عمومی اسکیم (جی ایس پی) کے قوانین کو رول اوور کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور توقع ہے کہ یورپی کونسل جلد ہی موجودہ اسکیم کی توسیع کے لیے اپنی حتمی منظوری دے گی۔

انکا مزید کہنا ہے کہ میں اس موقع پر سب کی بہتری کے لیے اسکیم کے تحت پاکستان کے وعدوں کا اعادہ کرتا ہوں، میں یورپی یونین کی پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ وہ ترقی پذیر ممالک سے تجارت کو آسان بنانے کے اپنے عزم پر پورا اترے۔

دوسری جانب، اسی حوالے سے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا نے بھی ٹویٹر پیغام میں جی ایس پی پلس اسکیم میں توسیع پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 2023 کے اختتام پر فیصلے کے بجائے پہلے ہی توسیع کی تجویز دے دی گئی ہے اور توسیع کا تعلق پاکستان کی کارکردگی یا کسی اور رکن ملک سے نہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروا دی گئی۔

وکیل امجد پرویز نے رجسٹرار آفس میں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ جمع کرائی۔

برطانوی معالج کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کو ابھی بھی دل کے عارضے کی شکایات ہیں، انہیں شوگر اور دیگر امراض کی وجہ سے پاکستان اور لندن میں مسلسل فالو اپ کی ضرورت ہے، نواز شریف کی ماضی میں ہونے والی بائی پاس سرجری اور انجیو پلاسٹی کی وجہ سے مسلسل چیک اپ ہوتا رہا۔

سابق وزیراعظم کے معالج نے رپورٹ میں لکھا کہ ہم نے نواز شریف کی پہلے اینٹی اینجنل تھراپی کی بہتری کیلئے علاج کیا، قائد مسلم لیگ ن کو انجائنا کی علامات اور کورونا وبا کی وجہ سے پاکستان جانے سے روک دیا تھا، جب نواز شریف میں مرض کی علامات بڑھ گئیں تو ہم نے ان کی انجیو پلاسٹی دوبارہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی انجیو پلاسٹی نومبر 2022 میں کی گئی، اس دوران نواز شریف کو سٹنٹ بھی ڈالے گئے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم کی میڈیکل رپورٹ برطانیہ کے رائل برومپٹن ہسپتال نے جاری کی ، رپورٹ کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ پروفیسر کارلو ڈی ماریو کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔

نااہلی ختم کرانے کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

اسلام آباد: توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے تناظر میں نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کئے جانے کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا، سابق وزیر اعظم نے نااہلی سے متعلق الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن پر حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروائی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عدالت نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل کی، اپیلوں کے حتمی فیصلے تک توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے تناظر میں کی جانے والی کارروائیوں کو معطل / حکم امتناع قرار دیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ توشہ خانہ کیس کے فیصلے کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا، پارٹی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے اور پارٹی نشان واپس لینے تک کی کارروائی شروع کی گئی۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کے فیصلے میں ہماری زبانی گزارشات کو بھی فیصلے کا حصہ بنایا جائے، الیکشن کمیشن کے وکیل نے سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کے دوران وفاق کو فریق بنانے کا کہا، وفاق کا اس کیس سے کوئی لینا دینا نہیں لیکن ہمیں وفاق کو فریق بنانے پر کوئی اعتراض نہیں، وفاق کو فریق بنانے کی اجازت دی جائے۔

پہلی پاکستانی خاتون آج خلا میں قدم رکھنے کیلئے تیار

دبئی:  پاکستانی خاتون نیمرا سلیم آئندہ ماہ اکتوبر میں خلا میں پہنچ کر نئی تاریخ رقم کریں گی۔

نیمرا سلیم امریکی کمپنی ورجن گلیکٹگ کے نئے مشن  گلیکٹک4  میں 3 سیاحوں سمیت سفر کریں گی جو کمپنی کے وی ایس ایس یونٹی سپیس کرافٹ کے کیبن میں موجود ہوں گے۔

گلیکٹک 04 نامی مشن 5 اکتوبر کو نیو میکسیکو کے اسپیس پورٹ امریکا سے روانہ ہوگا، ورجین گلیکٹک نے جون 2023 کے آخر میں پہلی کمرشل پرواز خلا تک لے جانے میں کامیابی حاصل کی تھی۔

نیمرا سلیم نے 18 ستمبر کو ایک ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں خلائی سفر کے لیے اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا تھا، نمیرا سلیم اس امریکی کمپنی کی خلائی سیاحت کے لیے ٹکٹ خریدنے والے 100 اولین افراد میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے 2006 میں نمیرا سلیم کو پہلی پاکستانی خلا باز قرار دیا تھا اور 2011 میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔

یورپی اراکین پارلیمنٹ کا پاکستان کیلیے جی ایس پی پلس اسکیم میں توسیع کا فیصلہ

 اسلام آباد: یورپی اراکین پارلیمنٹ کا جی ایس پی پلس اسکیم کو مزید چار سال توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں نگراں وزیر تجارت گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ الحمدللہ! مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ یورپی یونین اراکین نے 2027 تک ترجیحات کی عمومی اسکیم (جی ایس پی) کے قوانین کو رول اوور کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور توقع ہے کہ یورپی کونسل جلد ہی موجودہ اسکیم کی توسیع کے لیے اپنی حتمی منظوری دے گی۔

انکا مزید کہنا ہے کہ میں اس موقع پر سب کی بہتری کے لیے اسکیم کے تحت پاکستان کے وعدوں کا اعادہ کرتا ہوں، میں یورپی یونین کی پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ وہ ترقی پذیر ممالک سے تجارت کو آسان بنانے کے اپنے عزم پر پورا اترے۔

دوسری جانب، اسی حوالے سے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا نے بھی ٹویٹر پیغام میں جی ایس پی پلس اسکیم میں توسیع پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 2023 کے اختتام پر فیصلے کے بجائے پہلے ہی توسیع کی تجویز دے دی گئی ہے اور توسیع کا تعلق پاکستان کی کارکردگی یا کسی اور رکن ملک سے نہیں۔

حکومتی کریک ڈاؤن کے بعد سونے قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ، فی تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 88 ہزار روپے پر آگئی

کراچی : حکومتی کریک ڈاؤن کے بعد سونے قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے ، فی تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 88 ہزار روپے پر آگئی۔

تفصیلات کے مطابق حکومتی اقدامات کے بعد صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور کریک ڈاؤن کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 88 ہزار روپے ہوگئی۔

کریک ڈاؤن کے بعد سے اب تک سونے کی فی تولہ قیمت میں 27 ہزار روپے کی کمی ہوچکی ہے جبکہ دس گرام کی قیمت میں 24 ہزار 715 روپے کی بڑی کمی ہوئی ہے۔

عالمی صرافہ بازار میں فی اونس سونا گزشتہ روز کے مقابلے میں 12 ڈالر سستا ہوا اور فی اونس سونا 1826 ڈالر سے کم ہو کر 1814 ڈالر فی اونس ہوگیا۔

گذشتہ روز فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 92 ہزار روپے پر تھی ، دو ستمبر سے اب تک فی تولہ سونے کی قیمت میں تقریباً 50 ہزار روپے کی کمی ہو چکی ہے۔

سونے کی قیمتوں میں کمی کی وجہ پاکستان میں روپے کی قدر اور امریکا اور یورپ میں شرح سود میں مسلسل اضافہ بتایا جا رہا ہے۔