نگران وفاقی وزیراطلاعات کی گلگت بلتستان میں پاک فوج کی تعیناتی کی تردید

اسلام آباد:  نگران وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے گلگت بلتستان میں پاک فوج کی تعیناتی کی تردید کر دی۔

اپنے ایک بیان میں مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں پاک فوج کی تعیناتی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں، پاک فوج کی خدمات چہلم امام حسینؓ کے موقع پر طلب کی گئی ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ گلگت بلتستان بھر میں اس وقت تمام سڑکیں، تجارتی مراکز، تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے ہیں، صرف چہلم کی سکیورٹی اور صورتحال کے پیش نظر محکمہ داخلہ نے گلگت بلتستان میں 144 نافذ کر رکھی ہے۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ گلگت بلتستان کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں صورتحال مکمل طور پر پرامن ہے، تجارتی مراکز، تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے ہیں۔

عدالتی نظام کے “لاڈلے” کو عالمی عدالت جانے کی کیا ضرورت ہے؟ رانا ثنا اللہ

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام کے “لاڈلے” کو باہر جانے کی کیا ضرورت ہے؟

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مقدمات عالمی عدالتوں میں لے جانے سے متعلق خبریں سامنے آنے پر ردعمل میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف جانے کا مطلب پاکستان کو عالمی کٹہرے میں مجرم بنا کر کھڑا کرنا ہے، یہ مکروہ کام ملک دشمن اور ان کے کارندے کرتے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کو پاکستان واپس لانے، انہیں رہا کروانے اور آباد کروانے والے اب دہشتگردوں کو نیا راستہ دکھا رہے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا پاکستان کو عالمی عدالت انصاف میں کھڑا کرنے سے فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے انسانوں کے حقوق غصب کرنے والوں کو دلی خوشی ہوئی، کٹھ پتلی کو پاکستان کی عالمی بدنامی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن رانا ثنا اللہ نے سوال اٹھایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر یہ پیسہ خرچ کون کر رہا ہے؟

چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد وکلاء کے بیانات این آر او کی بھیک ہیں، حافظ حمداللہ

پشاور: جے یو آئی (ف) کے رہنما اور ترجمان پی ڈی ایم حافط حمد اللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات کے بعد وکلاء کے اٹک جیل کے باہر بیانات این آر او کی بھیک ہیں۔

اپنے ایک بیان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا کہ وکلاء کے بقول پی ٹی آئی چیئرمین بات چیت کرنا چاہتے ہیں، اس سے اب کلئیر ہوگیا کہ وہ این آر او چاہتے ہیں ہے جس کیلئے پیغامات دے رہے ہیں۔

حافظ حمد اللہ کا مزید کہنا تھا کہ اب سمجھ آگئی ہوگی کہ بشریٰ بی بی کیوں دوست ملک کی اہم شخصیت سمیت مختلف لوگوں سے ڈیل کیلئے ملاقاتیں کرتی رہی ہیں۔

خیبر ، سی ٹی ڈی اہلکاروں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک

ضلع خیبر میں سی ٹی ڈی کے اہلکاروں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

حکام کے مطابق تھانہ حدود علی مسجد، علاقہ شاہ گئی میں سی ٹی ڈی اہلکاروں اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 3 دہشتگرد مارے گئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی لاشوں کو جمرود اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ہلاک دہشتگردوں میں سے 2 کا تعلق تحصیل باڑہ سے ہے جبکہ ایک کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔

مظفر آباد، کار دریائے نیلم میں جا گری، ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق

مظفرآباد:  آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد کے نواحی علاقے پٹھکہ چھون کے مقام پر کار حادثے کا شکار ہوکر دریائے نیلم میں جا گری۔

حکام کے مطابق کار مظفرآباد سے گاؤں جھینگ جا رہی تھی کہ رات کے وقت شدید بارش کے دوران پھسلن کے باعث سیکڑوں فٹ نیچے دریائے نیلم میں جا گری، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کار کو صبح مقامی لوگوں نے دریا میں گرا ہوا دیکھا، مقامی لوگوں اور ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ایک خاتون کو زخمی حالت میں نکال لیا۔

افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور تین مرد شامل ہیں جبکہ نعشوں کو نکال کر آبائی گاؤں جھینگ روانہ کر دیا گیا ہے۔

اس حادثے سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ رات کا وقت ہونے کی وجہ سے کسی کو پتہ نہیں چل سکا، صبح راہ گیروں کی نظر پڑنے پر حادثے کی اطلاع ملی۔

عدالتی نظام کے “لاڈلے” کو باہر جانے کی کیا ضرورت ؟،عمران خان جن کا بندہ ہے وہ بچانے کی کوشش کر رہے ہیں،رانا ثنائ اللہ

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران جن کا بندہ ہے وہ بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے بیان میں کہا کہ عدالتی نظام کے “لاڈلے” کو باہر جانے کی کیا ضرورت ؟، جن کا بندہ ہے وہ بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، پہلے ہیرو بنایا، فارن فنڈنگ کی، اقتدار دلایا، معیشت، خارجہ تعلقات تباہ کئے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف جانے کا مطلب پاکستان کو عالمی کٹہرے میں مجرم بنا کر کھڑا کرنا ہے ، یہ مکروہ کام صرف ملک دشمن اور ان کے کارندے کرتے ہیں۔

رانا ثنا کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو پاکستان واپس لانے، رہا کرانے اور آباد کرانے والے اب دہشت گردوں کو نیا راستہ دکھا رہے ہیں، پاکستان کو عالمی عدالت انصاف میں کھڑا کرنے سے فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے انسانوں کے حقوق غصب کرنے والوں کو دلی خوشی ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کٹھ پتلی کو پاکستان کی عالمی بدنامی کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، عمران نیازی پر یہ پیسہ کون خرچ کررہا ہے؟

13پارٹیاں اور انکے لیڈر عوام کو معاشی عذاب میں ڈال کرفرار،ملبہ نگران حکومت پر ڈالا جارہا ہے،پاکستان کو سیاسی استحکام کی اشدضرورت،سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

شیخ رشید احمد نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ 13 پارٹیاں اور اُس کے لیڈر عوام کو معاشی عذاب میں ڈال کر خود بھاگ گئے ہیں اور ملبہ نگران حکومت پر ڈال رہے ہیں ایک لندن میں دوسرا دبئی میں تیسرا سعودی عرب میں چلا گیا ہےاور عوام بیچارے سڑکوں پر دھکے کھا رہے ہیں کل کی شٹر ڈاؤن ہڑتال نے بھی ثابت کیا ہے کہ کاروباری طبقہ بھی مسائل کے شکنجے میں آگیا ہے 48 گھنٹے میں بجلی میں ریلیف دینے کی بات کی گئی تھی ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد بھی کوئی نتیجہ نہیں نکلا پکڑ دھکڑ وقت ضائع کرے گی اور نفرت کو بڑھائے گی بات چیت کی ضرورت ہے اور بات چیت سے ہی حل نکلے گا سیاست میں کبھی بھی بات چیت کے دروازے بند نہیں کیے جاتے ڈنڈا مسائل کا حل نہیں رہا حالات بہتری کی طرف لے کر جانے پڑیں گے افسوس کی بات ہے کہ عدلیہ کے فیصلوں کو بھی نہیں مانا جارہا اس وقت پاکستان کو سیاسی استحکام کی اشدضرورت ہے استحکام نہیں آئےگا تو حالات سنگین اورگھمبیر ہو جائیں گے ستمبر اہم ترین مہنیہ ہے دیکھنا یہ ہے یہ ستمگر ہوگا یا عوام کے لیے خوش آئند ہوگا

جناح ہاؤس حملہ، عمران خان کی بہنوں کو آج ہی شامل تفتیش کرنے کا حکم

انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں کوآج ہی شامل تفتیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان اپنی عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر عدالت پہنچ گئیں۔ قبل ازیں عدالت نے دونوں کی 4 مختلف مقدمات میں عبوری ضمانت میں آج تک کی توسیع کررکھی تھی۔

علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانتوں پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل نے کی۔ سانحہ 9 مئی ، جناح ہاؤس حملہ کیس میں عدالت نے استفسار کیا کہ علیمہ خان اور عظمی خان شامل تفتیش ہوئیں ہیں ؟، جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ ابھی شامل تفتیش نہیں ہوئیں ۔

علیمہ خان نے دوران سماعت عدالت میں  کہا کہ ہم ان سے گزارش کر رہے ہیں کہ ہمیں شامل تفتیش کیا جائے ۔ عظمیٰ خان نے کہا کہ ہمارا حق ہے ہمیں عدالت کے سامنے بولنے دیا جائے ۔ ہم کب سے کہہ رہے ہیں ہمیں شامل تفتیش کیا جائے ۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ بتائیں آپ نے ان کے پاس کب جانا ہے، جس پر عظمیٰ خان نے جواب دیا کہ ہم 3 ماہ سے چکر لگا رہے ہیں لیکن ہمیں شامل تفتیش نہیں کیا جا رہا ۔

جج نے تفتیشی افسران کو علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو آج ہی شامل تفتیش  کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ  میں نے اس کیس کو فائنل کرنا ہے، پولیس تفتیش مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے۔

ملک بھر میں آج مہنگائی اور بجلی کے زائد بلوں کے خلاف شٹرڈاؤن ہڑتال

ملک بھر میں آج مہنگائی اور بجلی کے زائد بلوں کے خلاف شٹرڈاؤن ہڑتال ہے، اس ہڑتال کی کال جماعت اسلامی اور تاجر تنظیموں کی طرف سے دی گئی۔

کراچی تاجر ایکشن کمیٹی نے نگران حکومت کو بجلی کے بھاری بلوں میں کمی اور اضافہ شدہ پیٹرولیم لیوی واپس لینے کے لئے 72گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا ہے، یہ الٹی میٹم کراچی تاجر ایکشن کمیٹی کے کنوینر محمد رضوان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔

کراچی کے تاجروں کی جانب سے بجلی کے اضافی بلوں، مہنگائی کے خلاف جمعہ کوبھی شٹرڈاؤن ہڑتال رہی جس کی وجہ سے شہر کی تھوک اور بڑی مارکیٹیں بند رہیں تاہم محلوں کی سطح پر چھوٹی دکانیں کھلی رہیں۔

دوسری جانب پنجاب بار کونسل نے مہنگائی کے خلاف آج ماتحت عدالتوں میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے، مقامی وکیل نازیہ نواز کے گھر پر فائرنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیاہے۔

راولپنڈی میں بجلی بلوں میں اضافے پر تاجروں نے ہڑتال کر رکھی ہے، تمام دکانیں بند کر دی گئی ہیں، چک بیلی خان میں بھی شٹرڈاؤن ہڑتال ہے۔

راولپنڈی میں بجلی بلوں میں اضافے پرخواجہ سراؤں کا بھی احتجاج،مظاہرین نے مریڑ چوک پر آئیسکو آفس کا گھیراؤ کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی بلوں میں اضافہ کسی صورت قبول

کرک میں مہنگائی اور بجلی بلز میں ٹیکسز کی بھرمار پر جماعت اسلامی نے احتجاج کیا، احتجاج میں انجمن تاجران اور وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جہانیاں میں بھی احتجاج، دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں، گھوٹکی میں بجلی کی قیمت میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف انجمن تاجران کی ریلی میں تاجروں اور شہریوں نے حکومت سے بلزمیں اضافہ واپس لینے کامطالبہ کیا۔

ٹبہ سلطان پور میں پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے اور مہنگی بجلی کیخلاف شٹرڈاون ہڑتال ہے، تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند ہیں۔

قصور میں بجلی کے بلوں میں اضافے کیخلاف شٹرڈاؤن ہڑتال ہے، من بازار، ریلوے روڈ، شہباز عوڈ سمیت چھوٹے بڑے تمام تجارتی مراکز بند ہیں۔

قصور بار ایسوسی ایشن نے بھی عدالتوں کا بائیکاٹ کرکے مکمل ہڑتال کا اعلان کردیاہے جبکہ بجلی کے نرخوں میں اضافے کیخلاف ریلی بھی نکالی جائے گی۔

نہیں، بل کم کیے جائیں۔

ڈالر کے بعد پیٹرول،ڈیزل کی بھی ٹرپل سینچری،جتنی روپے کی قدر گرے گی اتنی مہنگائی بڑھے گی،مہنگائی کو کوئی روکنے والا نہیں،نگران وزیر خزانہ نے بھی ہاتھ کھڑے کر دئیے،سابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد

شیخ رشید احمدنے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ڈالر کی ٹرپل سینچری کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی بھی ٹرپل سینچری ہو گٸی ہےجب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 331روپے کا ہوگا تو بجلی کا بل کھانے کا تیل گاڑی کا تیل مہنگا ہوگا جتنی روپے کی قدر گرے گی اتنی مہنگاٸی بڑھے گی مسئلہ سیاسی نہیں رہا اقتصادی اور معاشی ہوگیا ہےعوام کا نام ریاست ہےاور عوام ہی مہنگاٸی سے پِگل گئی ہے الیکشن کب ہوتے ہیں یہ کسی کو معلوم نہیں لیکن مہنگاٸی جس طرح بڑھ رہی ہے گھر گھر میں اسکی پکار ہےاور گھروں میں مہنگاٸی کے ہاتھوں صف ماتم بچھی ہوٸی ہے کوٸی روکنے والا نہیں ہے اور نگران وزیر خزانہ نے بھی ہاتھ کھڑے کر دٸیے ہیں نگران وزیر خزانہ کہتی ہیں کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ حالات اتنے خراب ہیں نہ بیوروکریسی کام کر رہی ہےنہIMF بات مان رہی ہے نہ کارخانہ چل رہا ہے نہ دوکان چل رہی ہے صرف ڈالر پر سٹہ بازی چل رہی ہےپہلی مرتبہ کوٸی سیاسی پارٹی یا کوٸی سیاسی لیڈر لوگوں کو سڑکوں پر نہیں لارہا بجلی کا بل پیٹرول کی قیمت بے روزگاری اور مہنگائی لوگوں کو سڑکوں پر لا رہی ہے نا سرمایہ کاری نا ترسیلات نا کارخانہ داری نہ دوکان داری ہے خدا کو معلوم ہے اس مہنگاٸی اور بیروزگاری کا حل کس کے پاس ہے کسی کا فیصلہ کوٸی نہیں مان رہا آٸین اور قانون مذاق بن کر رہ گیا ہےمعاشی اور سیاسی چور لندن چلے گئے ہیں عوام کو مساٸل کے سمندر میں غرق کرگئے ہیں 3MPOاور 16MPOکی ملک میں لوٹ سیل لگی ہوٸی ہے اور عدالتوں کے فیصلوں کو کوئی نہیں مان رہا

ایشیاکپ، پاک بھارت ٹاکرا آج، بس چند گھنٹوں کا انتظار

ایشیاکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت میچ سے قبل شائقین کرکٹ کی خوشخبری سامنے آگئی۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایشیاکپ کے اہم معرکے سے قبل موسم کی صورتحال پھر تبدیل ہوگئی، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے دوران بارش کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب ویدر رپورٹس میں بھی روایتی حریفوں کے درمیان ٹاکرے کے دوران بارش کے امکانات کم بتایا جارہا ہے۔اس سے قبل پالی کیلے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والا آج کا بڑا میچ بارش سے متاثر ہونے کا خطرہ تھا، جس میں گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے 70 فیصد بارش کی پیشگوئی کی تھی تاہم میچ کے دوران 1 گھنٹہ بارش متوقع ہے۔

تازہ پیشگوئی کے مطابق دن 2 سے 3 بجے کے درمیان بارش کے 40 سے 60 فیصد چانس ہیں جبکہ دن ساڑھے 3 بجے کے بعد کینڈی میں بارش کا امکان 20 فیصد سے کم رہ گیا ہے۔

واضح رہے کہ کینڈی کے پالی کیلے اسٹیڈیم میں آج پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دوپہر 2:30 بجے مدمقابل آئیں گی۔

دہشتگردوں کے بزدلانہ ہتھکنڈے فوج اور قوم کو کبھی جھکا نہیں سکتے: آرمی چیف

 آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بنوں کے دورے کے موقع پر خطاب میں کہا ہے کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ ہتھکنڈے فوج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور قوم کو کبھی جھکا نہیں سکتے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  آرمی چیف جنرل عاصم منیر  نے بنوں کا دورہ کیا جہاں انہیں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے اور سکیورٹی سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ بنوں میں گزشتہ روز فوجی قافلے پر خود کش حملے میں 9 فوجی شہید ہوئے تھے۔

آرمی چیف نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور اُن کے عزم کو سراہا۔ اس کے علاوہ آرمی چیف بنوں دھماکے میں زخمی افراد کی عیادت کیلئے سی ایم ایچ بھی گئے اور زخمی افراد سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھاکہ دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خاتمےکا ہمارا عزم کمزور نہیں کر سکتے، پاکستان میں امن و استحکام ہمارے شہدا کی قربانیوں کا مرہونِ منت ہے اور مسلح افواج مادر وطن سے دہشتگردی کا ناسور ہر قیمت پر ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم دکھ کی اس گھڑی میں شہید جوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستانی فوج دہشت گردی کے خلاف کردار ادا کرتی رہے گی۔

جنرل عاصم منیر نے فوجیوں کے بلند حوصلے اور غیر متزلزل عزم کو سراہا اور کہا کہ دہشتگردوں کے بزدلانہ ہتھکنڈے فوج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور قوم کو کبھی جھکا نہیں سکتے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے اور آخری دم تک لڑتے رہیں گے۔

آرمی چیف کا کہنا تھاکہ دہشتگردوں کی خام خیالی ہےکہ وہ ہمارےآہنی عزم اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرسکتے ہیں، قوم شہدا کو زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اگست میں مہنگائی کی شرح 27.38 فیصد ریکارڈ، ادارہ شماریات کے اعداد و شمار جاری

ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ماہانہ اعداد و شمار جاری کردیے، اگست میں مہنگائی کی شرح 27.38 فیصد رہی۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پچھلے ماہ (جولائی) کی نسبت مہنگائی کی شرح میں 1.72 فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر 75.3 ، مصالحے 16.9 اور انڈے 16.2 فیصد مہنگے ہوئے۔

ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ماہ ایک ماہ میں چینی 9، دال ماش، خشک دودھ 5.5، گندم کی مصنوعات 5، آلو 4.3 جبکہ چاول 2.6 فیصد مہنگے ہوئے۔

ماہ اگست کے مہنگائی کے اعداد و شمار کے مطابق مائع ایندھن 14.6، موٹر فیول کی قیمت 8.2 فیصد بڑھی جبکہ اگست میں بجلی چارجز 1.37 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا۔

ادارہ شماریات کے مطابق شہروں میں ٹرانسپورٹ کرائے 22 فیصد اور پوسٹل چارجز 20 فیصد بڑھے۔

ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ ایک سال میں سگریٹ 117.4، آٹا 99.6 اور چائے 94.5 فیصد مہنگی ہوئے جبکہ سالانہ بنیادوں پر چینی 70.6، مرغی 67.5 ، چاول 66.8 فیصد مہنگے ہوئے۔

سالانہ بنیادوں پر گندم 64 فیصد، آلو 59.7، گندم کی مصنوعات 59 فیصد مہنگی ہوئیں اور ایک سال میں گیس چارجز میں 62.8 اضافہ ہوا۔

ایک سال کے دوران گھریلو سامان 40.3 فیصد، گاڑیوں کے آلات 4.6، تعمیراتی سامان 26.5 فیصد مہنگا ہوا اور ایک سال میں بجلی چارجز 8.24 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا۔