لاہور: (ویب ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج اعجاز احمد بٹر نے شاہ محمودقریشی کی تین مقدمات میں عبوری درخواست ضمانت پرسماعت کی، رہنما پی ٹی آئی نےعبوری ضمانت میں پیشی ہو کر حاضری مکمل کروائی۔
عدالت نے شاہ محمود قریشی کی ضمانت میں 7جولائی تک توسیع کر دی۔
یاد رہے کہ رہنما پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ سرور روڈ، گلبرگ اور ریس کورس میں مقدمات درج ہیں۔
آج یا کل آئی ایم ایف کا پول کھلنے والا ہے: شاہ محمود قریشی
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج یا کل بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا پول کھلنے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو بجٹ پیش ہوا اور جو پاس ہوا اس میں دن اور رات کا فرق تھا، کوئی پاکستانی قوم کو اس مایوسی سے نکالنے کیلئے منصوبہ بندی اور صف بندی نہیں کر رہا، صف بندی ہو رہی ہے تو صرف حصول اقتدار کے لئے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ڈار صاحب کو آئی ایم ایف کے آگے گھٹنے ٹیکنے پڑے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن حصول اقتدار کے لئے دبئی میں ہیں۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں، بھارت کے وزیرِ اعظم کے بیان پر کسی نے جواب نہیں دیا۔
Monthly Archives: June 2023
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر مذہبی امور کی منیٰ میں ملاقات
مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور وفاقی وزیر مذہبی امور طلحہ محمود کی منیٰ میں ملاقات ہوئی۔
سینیٹر طلحہ محمود اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پاکستانی حجاج سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ فریضہ حج کے دوران حجاج کرام کی خدمت بھی عبادت سے کم نہیں۔
وفاقی وزیر طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ حجاج کے مسائل کے حل کے لیے عوام میں موجود ہوں، پاکستانی حجاج کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے۔
سمندر پار پاکستانیوں کی مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے کار ریلی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے کار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
سانحہ 9 مئی کی مذمت اور مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے نیدر لینڈ کے شہر روڑرڈیم میں کار ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں بچوں اور جوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے پاکستانی جھنڈے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر پاکستان آرمی کے حق میں نعرے درج تھے۔
شرکاء نے سانحہ 9 مئی کے ذمہ داران کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا، شرکا کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا دل پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ دھڑکتا ہے، منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد کا جناح ہاؤس لاہور کا دورہ
لاہور: (ویب ڈیسک) مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کیا اور شرپسندوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہیں، جناح ہاؤس کی حالت دیکھ کر بہت دکھی اور مایوس ہیں، واقعے کی شرپسندی کو بیان کرنے سے قاصر ہیں، ملک دشمن عناصر جیسا سلوک 9 مئی کے شرانگیزوں کے ساتھ ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ جنہوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے، ہمارے قائد کے گھر کو نقصان پہنچانے والوں کو قانون کی گرفت سے نہیں نکلنے دینا چاہیے، کیسے انسان ہیں جنہوں نے احتجاج کے نام پر تخریب کاری کی۔
جناح ہاؤس لاہور دورے پر آئے شرکاء کا کہنا تھا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جنہوں نے یہ گستاخی اور بے حرمتی کی ان کو سخت سزا دی جائے تاکہ کوئی اور ایسا کرنے کا نہ سوچے۔
حج کے رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘ کی ادائیگی کیلئے حجاج کرام میدان عرفات میں جمع
جدہ: (ویب ڈیسک) حج کے رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘ کی ادائیگی کیلئے ڈیڑھ لاکھ پاکستانیوں سمیت دنیا بھر سے 25 لاکھ فرزندان اسلام میدان عرفات میں جمع ہو گئے جہاں وہ مسجد نمرہ سے حج کا خصوصی خطبہ سنیں گے۔
منیٰ میں 21 لاکھ 92 ہزار مربع میٹر رقبے پر دنیا کا سب سے بڑا خیموں کا شہر آباد ہے، مناسک حج کے دوران حجاج کرام منیٰ کی عارضی خیمہ بستی میں 8 ذوالحجہ کا پورا دن قیام کیا، پانچوں وقت کی نمازیں ادا کر کے حجاج کرام لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کیلئے 9 ذوالحجہ کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد میدان عرفات میں جمع ہوگئے۔
حجاج کرام میدان عرفات میں مسجد نمرہ سے حج کا خصوصی خطبہ سنیں گے اور ظہر و عصر کی نمازیں قصر کرکے ایک ساتھ ادا کریں گے، حجاج دن بھر ذکر اذکار کریں گے، اپنی اور امت مسلمہ کی بخشش کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں گے اور سورج غروب ہوتے ہی مزدلفہ چلے جائیں گے جہاں مغرب اور عشاء کی نمازیں یکجا کرکے قصر پڑھیں گے۔
مزدلفہ میں حاجی رات کھلے آسمان تلے گزاریں گے، یہی وہ مقام ہے جہاں سے شیطانوں کو مارنے کیلئے کنکریاں جمع کی جائیں گی، 10 ذوالحجہ کو صبح نماز فجر کی ادائیگی کے بعد عازمین حج واپس منیٰ چلے جائیں گے جہاں سے رمی (شیطان کو کنکریاں مارنے) کیلئے جمرات جائیں گے۔
اس سارے عمل کے بعد خدا کی راہ میں قربانی دی جائے گی جس کے بعد حاجی احرام اتار دیں گے اور خانہ کعبہ جا کرطواف زیارۃ کریں گے، پھر واپس منی جا کر ایام تشریق گزاریں گے۔
سعودی حکومت کی طرف سے عازمین حج کو مقدس مقامات تک لانے اور لے جانے کیلئے 24 ہزار بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج بھی تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان میں بارش کے بعد کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی، کوہ سلیمان رینج میں موسلادھار بارش کے بعد دھانا سر کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔
پہاڑی چٹانیں این 50 پر گرنے سے ژوب ڈی آئی خان ہائی وے بند ہوگئی جس کے باعث بلوچستان کا خیبرپختونخوا کے ساتھ زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
کوئٹہ ژوب ہائی وے پر کار ریلے میں بہہ جانے کے بعد ایک طالب علم کی لاش نکال لی گئی جبکہ 2 کو بچالیا گیا، ڈرائیور کی تلاش کی جاری ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقوں کلفٹن اور ڈیفنس میں ہلکی بارش ہوئی۔
گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ بارش لاہور ایئرپورٹ پر 255 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، لاہور کے کئی علاقے پانی میں ڈوبے رہے تاہم بعد میں زیادہ تر علاقوں سے نکاسی کر لی گئی، پری مون سون بارشوں کا سلسلہ 30 جون تک جاری رہے گا۔
نواز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات، نگران سیٹ اپ اورعام انتخابات پر مشاورت
دبئی / لاہور: (ویب ڈیسک) دبئی میں پاکستان کی دو بڑی اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کا اکٹھ ، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔
میاں نوازشریف اور آصف زرداری کے درمیان دبئی میں ہونے والی اہم ملاقات میں مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق اس اہم بیٹھک میں عام انتخابات کیلئے اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ، عبوری حکومت اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت کی گئی جبکہ موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مشاورت ہوئی ۔
ملاقات میں نواز شریف کی وطن واپسی پر بھی مشاورت ہوئی جبکہ موجودہ اہم سیاسی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا جبکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملاقاتیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے قائدین کی عید کے بعد دوبارہ ملاقات ہوگی، جس میں اہم فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔
قائد مسلم لیگ ن کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کے لئے عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ آج ہونے کا امکان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کے درمیان آج سٹاف لیول معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کیلئے بات چیت حتمی مراحل میں داخل ہو چکی، تمام شرائط پر ڈیڈ لاک تقریباً ختم ہو گیا ہے، آئی ایم ایف شرائط پر سالانہ ایک لاکھ ڈالر پاکستان لانے کی سکیم ختم کر دی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف اور وزارت خزانہ کے درمیان ایم ای ایف کا مسودہ شیئر ہو گیا ہے، سٹاف لیول معاہدے کیلئے دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات ہوں گے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کو حتمی شکل دیں گے۔
وفاقی حکومت نے ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کا بورڈ تشکیل دے دیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کا بورڈ تشکیل دے دیا، ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے بورڈ کی مدت 3 سال ہوگی۔
ذرائع کے مطابق خالد پرویز کو ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری لے لی گئی۔
وقار ایوب، راشد احمد، انجینئر شبیر احمد جیلانی بورڈ ارکان میں شامل ہیں، لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ سلیم رضا بھی بورڈ کا حصہ ہوں گے۔
علاوہ ازیں سینئر جوائنٹ سیکرٹری پاور ڈویژن، ڈپٹی سیکرٹری وزارت خزانہ بھی ارکان میں شامل ہیں۔
کاروں کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر54 فیصد کمی ریکارڈ
کراچی: (ویب ڈیسک) کاروں کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 54 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق جولائی سے مئی 2023 تک کی مدت میں کاروں کی درآمدات پر 712 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 54 فیصد کم ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کاروں کی درآمدات پر 1.558 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا، مئی 2023 میں کاروں کی درآمدات کا حجم 31 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں 80 فیصد کم ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ سال مئی میں کاروں کی درآمدات پر 156 ملین ڈالرکا زرمبادلہ صرف ہوا تھا، اپریل کے مقابلہ میں مئی میں کاروں کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 30 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔
ٹونگا میں 6.4 شدت کا زلزلہ
نوکوالوفا : (ویب ڈیسک) ٹونگا جزائر میں 6.4 شدت زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق زلزلہ ٹونگا جزائر کے جنوبی علاقے میں آیا، زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔
یورپی زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ زلزلے کی شدت 6.4 اور اس کی گہرائی 40 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
خیال رہےکہ کچھ روز قبل بھی ٹونگا میں زلزلہ آیا تھا جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 7.2 ریکارڈ کی گئی تھی۔
امریکی سونامی سینٹر نے زلزلے کے بعد سونامی کے خطرے کے امکان کو مسترد کیا تھا اور اس حوالے سےکوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی تھی۔
لاہور ہائیکورٹ: چیئرمین پی سی بی کا انتخاب رکوانے کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کا انتخاب رکوانے کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں شہری شیخ اقبال کی جانب سے دائر درخواست میں پی سی بی اور وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کیلئے الیکشن 27 جون کو ہونا ہے، الیکشن کروانے کیلئے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل پی سی بی آئین کے خلاف ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عالیہ پی سی بی چیئرمین کا الیکشن روکنے کا حکم دے، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی 26 جون بروز پیر کو درخواست پر سماعت کریں گے ۔
دوسری جانب پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس منگل کی دوپہر 2 بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوگا جس میں اراکین بورڈ آف گورنرز میں سے چیئرمین کا انتخاب کریں گے۔
واضح رہے کہ نجم سیٹھی کے خود کو چیئرمین کے عہدے سے دستبردار کرنے کے بعد پیٹرن ان چیف پی سی بی وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نامزد ذکاء اشرف چیئرمین شپ کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔
ہیوی ویٹ چیمپئن فرانسس نگانو بھی بابر اعظم اور محمد رضوان کے مداح نکلے
لاہور: (ویب ڈیسک) کیمرون کے مِکسڈ مارشل آرٹسٹ (ایم ایم اے) ہیوی ویٹ چیمپئن فرانسس نگانو نے بابر اعظم اور محمد رضوان کو عظیم کرکٹر قرار دے دیا۔
کیمرون کے ایم ایم اے فائٹر نے انسٹا گرام پر بابر اعظم اور محمد درضوان کے ساتھ تصاویر شیئر کیں اور کیپشن میں لکھا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان دنیا کے بہترین کرکٹر ہیں۔
خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر ایم ایم اے فائٹر نے ہارورڈ یونیورسٹی میں بابر اعظم اور محمد رضوان کے ساتھ ایک کورس کیا تھا۔