اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ جنگ زدہ سوڈان سے 1 ہزار پاکستانیوں کے بحفاظت انخلاء کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری پیغام کے مطابق خرطوم میں پاکستانی سفیر نے سعودی عرب اور چین کے تعاون سے آپریشن مکمل کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سوڈان سے 1 ہزار پاکستانیوں کے انخلاء کے بعد پاکستانیوں کے انخلاء کا آپریشن مکمل ہو گیا ہے تاہم کچھ لوگ جدہ میں ہیں جن کی واپسی کا عمل جاری ہے۔
Monthly Archives: May 2023
پاکستان میں عوام کی مرضی کی عکاس حکومت کی حمایت کریں گے: امریکا
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کسی بھی ایسی حکومت کی حمایت کریں گے جو پاکستانی عوام کی مرضی کی عکاس ہو۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل کا کہنا تھا کہ ہم یقینی طور پر پاکستان کی داخلی یا ملکی سیاست پر کچھ نہیں کہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی مذہبی آزادی پر کمیشن ایک آزاد امریکی کمیشن ہے، جو کہ صدر، سیکرٹری خارجہ اور کانگریس کو پالیسی سفارشات فراہم کرتا ہے، حکومتیں یا دیگر ادارے جن کے پاس اس رپورٹ کے بارے میں سوالات یا تبصرے ہیں انہیں براہ راست کمیشن سے رابطہ کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی نے اپنی سالانہ رپورٹ میں بھارت میں مسلمانوں اور عیسائیوں سے ناروا سلوک کی نشاندہی کی ہے۔
پولیس کا گجرات میں چودھری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر ایک بار پھر چھاپہ
گجرات: (ویب ڈیسک) پولیس نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر ایک بار چھاپہ مارا ہے۔
ذرائع کے مطابق گجرات میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ کنجاہ ہاؤس پر پولیس نے چھاپہ مارا، پولیس اہلکار دیواریں پھلانگ کر گھر کے اندر داخل ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے رہائش گاہ کے تمام کمروں کی تلاشی لی اور ملازمین سے پوچھ گچھ بھی کی، پرویز الہٰی کے بارے میں بھی پوچھتے رہے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب گھر پر نہیں ملے تاہم کچھ دیر بعد اہلکار واپس چلے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کنجاہ ہاؤس سے حراست میں لیے گئے تین ملازمین پوچھ گچھ کے بعد رہا کر دئیے گئے۔
اس کے علاوہ گجرات میں ہی چودھری وجاہت حسین کی رہائش گاہ پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا، پولیس اہلکار نت ہاؤس کی دیواریں پھلانگ کر اندر داخل ہوئے البتہ تلاشی اور ملازمین سے پوچھ گچھ کے بعد واپس چلے گئے۔
مونس الہٰی کا ردعمل
تحریک انصاف کے رہنما مونس الہٰی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کنجاہ ہاوس چھاپے پر ردعمل دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس کے پاس چھاپے کیلئے ابھی تک کوئی سرچ وارنٹ موجود نہیں، اس کے باوجود میں نے کہا ہے کہ انہیں رسائی دی جائے۔
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چھاپے میں سٹی اور صدر سرکل کے 15 سے زائد تھانوں کی پولیس نفری شامل ہے جس کی قیادت ڈی پی او احمد نواز شاہ کررہے ہیں جبکہ چھاپہ اینٹی کرپشن کے اہلکاروں کی مدعیت میں درج ہونیوالے مقدمات میں مارا گیا ہے۔
121 مقدمات کے اخراج کی اپیل: عمران خان آج لاہور ہائیکورٹ پیش ہونگے
لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے آج لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بنچ کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
عمران خان اپنے خلاف 121 درج مقدمات کے اخراج کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بنچ کے سامنے پیش ہوں گے۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ سماعت کرے گا، لارجر بنچ میں جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس انوار الحق اور جسٹس امجد رفیق شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے 121 مقدمات کو خارج کروانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا تھا۔
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا تیسرا اور آخری دور آج ہو گا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کے حوالے سے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے درمیان مذاکرات کا تیسرا اور آخری دور آج ہو گا۔
یاد رہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کی باہمی رضا مندی کے بعد گزشتہ روز اراکین کی مصروفیات کے باعث مذاکرات کا وقت تبدیل کر دیا گیا تھا۔
مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس آج صبح 11 بجے ہونا تھا جو وقت کی تبدیلی کے بعد اب آج رات 9 بجے ہو گا اور مذاکرات سینیٹ سیکرٹریٹ میں ہوں گے۔
پی ٹی آئی اور حکمران اتحاد کے وفود آج قیادت کے مشورے کے بعد اپنی ، اپنی تجاویز ایک دوسرے کے سامنے رکھیں گے اور حتمی مذاکرات کر کے کسی نتیجے پر پہنچیں گے۔
خیال رہے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) بجٹ پیش کرنے تک حکومت برقرار رکھنا چاہتی ہے جبکہ تحریک انصاف 14 مئی تک حکومت کے خاتمے کی خواہشمند ہے اور اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بھی کہہ چکے ہیں کہ 14 مئی تک قومی اسمبلی تحلیل ہونے پر ایک ساتھ الیکشن کیلئے تیار ہیں۔
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیخلاف 8 رکنی لارجر بینچ آج سماعت کرے گا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 کیخلاف درخواستوں پر 8 رکنی لارجر بینچ آج سماعت کرے گا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال لارجر بینچ کی سربراہی کریں گے، درخواست گزار کے وکلاء آج اپنا، اپنا مقدمہ عدالت میں پیش کریں گے۔
سماعت کے دوران اٹارنی جنرل، پاکستان بار اور سپریم کورٹ بار کے نمائندہ وکلاء بھی پیش ہوں گے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 13 اپریل کو مجوزہ قانون پر عمل در آمد روک دیا تھا۔