یوکرینی کھلاڑیوں کا عالمی جوڈو چیمپئن شپ کے بائیکاٹ کا فیصلہ

لندن : (ویب ڈیسک) روس اور بیلاروسی کھلاڑیوں کی شرکت کے خدشات کے پیش نظر یوکرینی کھلاڑی رواں ماہ قطر میں ہونے والی عالمی جوڈو چیمپئن شپ کا بائیکاٹ کریں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی جوڈو فیڈریشن ( آئی جے ایف ) نے فیصلہ کیا ہے کہ روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کو غیرجانبدار کے طور پر عالمی جوڈو چیمپئن شپ میں شرکت کی اجازت دی جائے، اس فیصلے سے ان ممالک کے جوڈوکا 2024 کے اولمپک گیمز کے لیے کوالیفائی کرنے میں حصہ لے سکیں گے۔
یوکرینی جوڈو فیڈریشن نے اس فیصلے کے بعد کہا کہ ہم نے عالمی چیمپئن شپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گزشتہ ماہ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی ( آئی او سی ) نے تجویز دی تھی کہ روسی اور بیلاروسی ایتھلیٹس کو غیر جانبدار پرچم تلے مقابلہ کرنے کی اجازت دی جائے لیکن کمیٹی نے ابھی تک پیرس 2024 کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
چند روز قبل بین الاقوامی کینو فیڈریشن نے کہا تھا کہ روس اور بیلاروس کے کھلاڑی جو یوکرین میں اپنی ریاست کے اقدامات کی حمایت میں نہیں ہیں غیرجانبدار کے طور پر مقابلوں میں شرکت کر سکتے ہیں۔

سٹار فٹبالر لیونل میسی فیملی کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے

ریاض: (ویب ڈیسک) گزشتہ برس ارجنٹائن کو فٹبال ورلڈکپ جتوانے والے سٹار فٹبالر لیونل میسی چھٹیاں منانے فیملی کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ مجھے سعودی عرب کے سیاحتی سفیر لیونل میسی اور ان کے اہل خانہ کو سعودی عرب میں دوسری چھٹیاں منانے پر خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔
ایک اور ٹوئٹ میں سعودی وزیر سیاحت نے لیونل میسی اور ان کے اہل خانہ کی سعودی عرب میں سرگرمیوں کی کچھ تصاویر شیئر کیں جن میں فٹبالر کو فیملی کے ہمراہ دھوپ سے لطف اندوز ہوتے، کیرم بورڈ گیم کھیلتے اور اپنے بچوں کے ساتھ ہرن کو چارہ ڈالتے دیکھا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی سعودی وزارت سیاحت کے پروموشنل برانڈ وزٹ سعودی کے سفیر ہیں، میسی نے گزشتہ سال مئی میں بھی سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔

امریکا نے بیرون ملک سے آنیوالوں کیلئے کورونا ویکسین کی شرط ختم کر دی

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی حکام نے بیرون ملک سے آنے والوں کیلئے لازمی قرار دی گئی کورونا ویکسین کی شرط ختم کرنے کا اعلان کردیا، فیصلے کا اطلاق 11 مئی سے ہوگا۔
وائٹ ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق 11 مئی سے فیڈرل ملازمین، کنٹریکٹرز اور بین الاقوامی مسافروں پر لازمی کورونا ویکسین کی شرط لاگو نہیں ہوگی جبکہ 11 مئی سے ہی امریکا بھر میں عائد کورونا ہیلتھ ایمرجنسی بھی اٹھالی جائے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں جنوری 2021ء سے کورونا کے باعث ہونے والی اموات میں 95 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ نئے مریضوں کی ہسپتال میں داخلے کی شرح میں بھی 91 فیصد کمی آئی ہے۔

باخموت میں 20 ہزار سے زائد روسی جنگجو ہلاک ہو چکے : امریکا کا دعویٰ

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ مہینوں میں یوکرین کے شہر باخموت میں جاری لڑائی کے دوران 20,000 سے زائد روسی جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے نئی خفیہ معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ باخموت میں 80,000 روسی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں میں سے نصف کا تعلق ویگنر گروپ سے ہے۔
چھوٹے شہر پر قبضہ کیلئے لڑائی جہاں صرف چند ہزار شہری رہ گئے ہیں دونوں فریقوں کیلئے بڑی علامتی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔
یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس جنگ کو زیادہ سے زیادہ روسی فوجیوں کو مارنے اور اس کے ذخائر کو ختم کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں تاہم، یوکرین اب باخموت کے صرف ایک چھوٹے سے حصے پر کنٹرول رکھتا ہے۔
جان کربی نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ روس کی جانب سے باخموت کے ذریعے ڈونباس میں حملے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے اور روس کسی بھی اہم علاقے پر قبضہ کرنے میں ناکام رہا ہے، سب سے اہم بات یہ ہے کہ مہینوں کی لڑائی اور غیر معمولی نقصانات کے بعد روس کی جارحانہ کوشش ناکام ہو گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ یوکرین کی ہلاکتوں کا تخمینہ نہیں دے رہے ہیں کیونکہ یوکرینی متاثرین ہیں جبکہ روس جارح ہے۔
رپورٹس کے مطابق باخموت پر قبضہ روس کو ڈونیٹسک کے پورے علاقے پر کنٹرول کرنے کے اپنے ہدف کے قدرے قریب لے جائے گا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ باخموت کی سٹریٹجک قدر بہت کم ہے لیکن وہ روسی کمانڈروں کے لیے ایک مرکزی نقطہ بن گیا ہے۔
دوسری جانب یوکرین کے ایک اعلیٰ جنرل نے گزشتہ روز کہا ہے کہ جوابی حملوں نے روسی افواج کو باخموت میں کچھ پوزیشنوں سے بے دخل کر دیا ہے لیکن صورت حال مشکل بنی ہوئی ہے۔
یوکرین کی آرمی کے کمانڈر جنرل اولیکسینڈر سیرسکی نے ٹیلی گرام پر کہا کہ نئے روسی یونٹس، جن میں پیرا ٹروپرز اور ویگنر کے جنگجو شامل ہیں، بھاری نقصان اٹھانے کے باوجود مسلسل جنگ میں جھونکے جا رہے ہیں، لیکن دشمن شہر پر قبضہ کرنے سے قاصر ہے۔

سٹاف لیول معاہدہ: آئی ایم ایف پاکستان کیلئے مزید بیرونی فنانسنگ کی تصدیق کا منتظر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین سٹاف لیول معاہدہ کب ہوگا؟ تاحال کوئی گرین سگنل سامنے نہیں آیا۔
پاکستان کی جانب سے تمام تر کوششوں کے باوجود پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدے پر تاحال کوئی بڑی پیشرفت سامنے نہیں آسکی، ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو اب بھی بیرونی فنانسنگ کی تصدیق کا انتظار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو سعودی عرب اور یو اے ای کی تصدیق مل چکی، تاہم اب اسے مزید بیرونی فنانسنگ کی تصدیق کا انتظار ہے، جس میں عالمی بینک کے 2 ارب اور ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے 90 کروڑ ڈالرز فراہمی کی توثیق شامل ہے۔
دوسری جانب پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ تمام پیشگی اقدامات پر عملدرآمد کے باوجود سٹاف لیول معاہدہ نہ ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔
واضح رہے کہ سٹاف لیول معاہدہ نہ ہونے کے سبب پاکستان کو معاشی بحران کا سامنا ہے، جب کہ سٹیٹ بینک زرمبادلہ کے ذخائر تاحال 4.4 ارب ڈالر کی کم سطح پر برقرار ہیں۔

مذاکرات کا وقت بدلنا بھی مزید ایک دن ضائع کرنے کے مترادف ہے: شیخ رشید

لاہور: (ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مذاکرات کا وقت بدلنا بھی مزید ایک دن ضائع کرنے کے مترادف ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ جب نیت خراب ہو تو بدنیتی کے فیصلے کئے جاتے ہیں، پہلے ہی کہہ چکا ہوں مئی اہم ہے، 10 مئی تک پتہ لگ جائے گا، آر ہوگا یا پار ہوگا، حکومت منظم سازش کے تحت عدلیہ کو نشانہ بنا رہی ہے، عدلیہ جیتے گی، آئین اور قانون جیتے گا، الیکشن ہو کر رہیں گے۔
مذاکرات کاوقت بدلنابھی ایک مزیددن ضائع کرنےکےمترادف ہےجب نیت خراب ہوتوبدنیتی کےفیصلےکیےجاتےہیں بھائی وزیراعظم ہوتونوازشریف کوآنےسےکون روک رہاہےہنگامی بنیادوں پرمحکمہ اوقاف نے4تاریخ کولاہور میں لال حویلی کاکیس لگایاہےپہلےہی کہہ چکاہوں مئی اہم ہے10مئی تک پتالگ جائےگاآرہوگایاپارہوگا
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے، بلاول مغرب کی پالیسی اور حنا ربانی مشرق کی بات کر رہی ہیں، ن لیگ مذاکرات پر بھی انتشار کا شکار ہے، موجودہ حکومت کی ہر شعبے میں نااہلی عیاں ہوچکی، حساس اداروں کو احساس ہے اب سیاست کا نہیں ریاست کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔
پی ڈی ایم ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہوچکی ہےحکومت منظم سازش کےتحت عدلیہ کونشانہ بنارہی ہےعدلیہ جیتےگی آئین اورقانون جیتےگا الیکشن ہو کررہیں گےبلاول مغرب کی پالیسی اور حنا ربانی مشرق کی بات کر رہی ہیں۔ن لیگ مذاکرات پربھی انتشار کاشکار ہےIMF کی ساری شرائط غریب عوام پر لگ چکی ہیں نتیجہ صفر ہے
شیخ رشید نے لکھا کہ آئی ایم ایف کی ساری شرائط غریب عوام پر لگ چکی ہیں نتیجہ صفر ہے، آئی ایم ایف سے جھنڈی ہے، دوست ممالک ہاتھ نہیں پکڑا رہے، عباسی کے آٹے میں 20 ارب روپے غبن کے الزام پر وزیراعظم تحقیقات کا حکم دیں، فیصلہ ہونا چاہیے بکتر بند گاڑیاں کس کے حکم پر گھروں کے دروازے ٹوڑتی ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بھائی وزیراعظم ہے تو نوازشریف کو آنے سے کون روک رہا ہے، ہنگامی بنیادوں پر محکمہ اوقاف نے 4 تاریخ کو لاہور میں لال حویلی کا کیس لگایا ہے۔

چینی وزیر خارجہ عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ کریں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چینی وزیر خارجہ چن گانگ اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد 5 مئی کو پاکستان کا پہلا دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق چینی وزیر خارجہ چن گانگ 5 مئی کو اسلام آباد پہنچیں گے، چینی وزیر خارجہ گوا کانفرنس کے فوراً بعد اسلام آباد پہنچیں گے جس کے بعد پاکستان اور چین کے درمیان 6 مئی کو سٹریٹجک مذاکرات ہوں گے۔
دونوں ممالک کا 6 مئی کو افغانستان کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات کا بھی امکان ہے، وزرائے خارجہ کے موجودہ میکنزم کا سہ فریقی اجلاس اسلام آباد میں ہوگا، اس حوالے سے افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ کی 6 مئی کو اسلام آباد آمد متوقع ہے۔
یاد رہے کہ وزرائے خارجہ میکنزم کا آخری اجلاس بھی ستمبر 2019ء میں پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوا تھا۔

جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس: پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں توسیع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں تمام نامزد پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 17 مئی تک توسیع کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت کی۔
پی ٹی آئی رہنما اسدعمر، عمر ایوب، علی نواز، حماد اظہر، حسان نیازی، اعظم سواتی، راجہ خرم نواز اور فرخ حبیب اے ٹی سی میں پیش ہوئے، وکلاء بابراعوان، نعیم پنجوتھہ اور علی بخاری بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
شبلی فراز، اسد قیصر اور زلفی بخاری کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 مئی کو درخواست ضمانت مقرر ہے، ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت تک اے ٹی سی عبوری ضمانت میں توسیع کرے۔
جج راجہ جواد عباس نے فرخ حبیب کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ 2 سماعتوں پر آئے نہیں، ایسا لگا کہیں اٹھا تو نہیں لئے گئے، جس پر فرخ حبیب نے کہا کہ مجھے ملک میں گھومنے کا کوئی شوق نہیں۔
عدالت نے وکلا کی استدعا منظور کرتے ہوئے تمام نامزد پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 17 مئی تک توسیع کر دی۔
واضح رہے کہ جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان کی پیشی کے دوران توڑ پھوڑ پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ گولڑہ اور سی ٹی ڈی میں مقدمات درج ہیں۔
عمران خان نے موقع دیا کہ ایک ساتھ پورے ملک میں انتخابات کروالیں، اسد عمر
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ مذاکراتی اجلاس کے بعد اسمبلیاں تحلیل کرنے کا آخری موقع ہے، عمران خان نے موقع دیا ہے کہ ایک ساتھ پورے ملک میں انتخابات کروا لیں۔
انسدادِ دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکومت کا ڈر ختم نہیں ہوتا، تحریک انصاف کا جذبہ ختم نہیں ہوتا، ریلی کے اعلان پر کنٹینرز لگ گئے، ورکرز کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آئین توڑنے پر آگئی ہے اور آئین ٹوٹ چکا ہے، آئین کے نہ ہونے سے تمام قانون اور جمہوریت ختم ہے، سپریم کورٹ نے تحمل کا مظاہرہ کیا، بار بار موقع دیا، سپریم کورٹ، لاہورہائیکورٹ کے فیصلے بار بار آچکے ہیں، عدالتوں کے خلاف تقریریں کی جا رہی ہیں۔
اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ایک ساتھ پورے ملک میں انتخابات ہوں، مذاکراتی اجلاس کے بعد اسمبلیاں تحلیل کرنے کا آخری موقع ہے، 12 ماہ میں حکومت نے غلطیوں پر غلطیاں کی ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس کل اسلام آباد میں ہو گی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس 3 مئی ( کل) کو اسلام آباد میں ہو گی، اے این پی کی جانب سے اے پی سی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اے پی سی کا عنوان موجودہ ملکی بحران اور اس کا حل ہے، عوامی نیشنل پارٹی نے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دے رکھی ہے۔
اے پی سی میں ایم کیو ایم کی جانب سے دو رکنی وفد کے نام فائنل ہو گئے، ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار اور بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے جوائنٹ انچارج زاہد ملک اے پی سی میں ایم کیو ایم کی نمائندگی کریں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ایم کیو ایم کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے دی تھی۔

(ن) لیگ تیار ہو یا نہ ہو انتخابات الیکشن کمیشن نے کروانے ہیں، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) تیار ہو یا نہ ہو انتخابات الیکشن کمیشن نے کروانے ہیں، جس جماعت نے حصہ لینا ہے لے جس نے نہیں لینا نہ لے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ غریب لوگ پندرہ، پندرہ سال سے جیلوں اور عدالتوں میں پھر رہیں ہیں، سب کی زندگیاں مفلوج ہیں مگر نیب اپنی جگہ قائم ہے، اس ادارے کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکیں ورنہ یہ ملک کو جڑ سے اکھاڑ دے گا، ان عدالتوں میں کیمرے لگائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک آمر نے نیب قانون بنایا جس کو ہم تبدیل نہیں کر پاتے، ہم جب قانون تبدیل کرتے ہیں تو سپریم کورٹ نوٹس لے لیتا ہے، سیاست دان گزشتہ 24 سال سے اس قانون سے متاثر ہو رہے ہیں، نیب وہ ادارہ ہے جس نے ملک کے نظام کر تباہ کر دیا ہے، عمران خان ان اداروں کو کیسز بنانے کیلئے استعمال کر رہے تھے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن کروانا مسلم لیگ (ن) کا کام نہیں ہے، دونوں بار بدنیتی میں مذاکرات ہوئے ہیں، دوسروں کو چور کہنے والا خود چور ہوتا ہے، آج بات ملک کی ہے، عمران خان کے پاس پونے 4 سال تھے، پنجاب کی کرپٹ ترین حکومت بزدار کی حکومت تھی۔

پرویز الہٰی کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپے فوری روکنے کی استدعا مسترد

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپے فوری روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر پولیس اور اینٹی کرپشن کے آپریشن کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے پرویز الہٰی کے بیٹے راسخ الہٰی کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ کے گھر پر غیر قانونی طور پر پولیس آپریشن کیا گیا، لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت لینے کے باوجود پرویز الہٰی کی گرفتاری کی کوشش کی گئی۔
عامر سعید راں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے پرویز الہٰی کے گھر چھاپہ عدالتی حکم کی واضح خلاف ورزی ہے، عدالت نے چودھری پرویز الہٰی کی حفاظتی ضمانت منظور کر رکھی ہے۔
جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے کہا کہ کس قانون کے تحت عدالت گرفتاری سے روک سکتی ہے؟، جب تک رپورٹ نہیں آتی کیسے آپ کی بات مان سکتے ہیں؟، پولیس کو اپنا زور لگانے دیں جب معاملہ عدالت آئے گا تو دیکھ لیں گے۔
عدالت نے آئی جی اور ڈی جی اینٹی کرپشن کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کرنے کی ہدایت کردی، عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈی جی اینٹی کرپشن اور آئی جی پنجاب سے تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
خیال رہے کہ چودھری پرویز الہٰی کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت چیف سیکرٹری کو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور پولیس کو پرویز الہٰی کی گرفتاری سے روکنے کا حکم دے۔

پنجگور میں بارش کے باعث دیواریں گرنے سے 2 افراد جاں بحق

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) پنجگور میں بارشوں کے باعث دیواریں گرنے کے واقعات میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
پراوینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے، کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں سے متعدد سڑکوں کا ملبہ برساتی پانی میں بہہ گیا۔
کیچ، پنچگور، چاغی و لسبیلہ میں واقع گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کا سروے کیا جا رہا ہے جبکہ خضدار کے علاقے میں ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

پی ٹی آئی کا اے این پی کی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں جمعیت علماء اسلام کے اعتراض پر پاکستان تحریک انصاف نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں پی ٹی آئی اور جے یو آئی کی شرکت کے تنازع پر جے یوآئی کا اے این پی کے ساتھ رابطہ ہوا، جس میں پی ٹی آئی کو دعوت دینے پر اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا۔
جے یو آئی کے اعتراض کے بعد پی ٹی آئی نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔
مولانا عطاء الرحمان کی قیادت میں جے یوآئی وفد نے اے این پی کے میاں افتخار حسین سے ملاقات کی ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنماء اسد قیصر نے اے این پی کی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اے این پی کی اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کی تھی لیکن اب ہم نہیں جائیں گے، مجھے قیادت نے منع کردیا ہے کہ اے این پی کی اے پی سی میں نہیں جانا۔
تاہم جے یوآئی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے اے پی سی میں شرکت کے انکار کے بعد جے یو آئی اے پی سی میں شرکت کرے گی۔
سیکرٹری جنرل اے این پی میاں افتخارکا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے ہمیں اے پی سی میں نہ آنے سے متعلق ابھی تک آگاہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ اے این پی نے شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری کے ذریعے پی ٹی آئی کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
اے این پی نے زمان پارک جا کر خود چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بھی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دینے کی خواہش ظاہر کی تھی۔