دنیا کی طویل ترین فلم جس کا دورانیہ 35 دن سے بھی زیادہ ہے

سٹاک ہوم: (ویب ڈیسک) اگر آپ لاجسٹکس نامی فلم کو دیکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو آپ کے پاس ایک ماہ سے زائد کا وقت ہونا چاہیے کیونکہ اسے مکمل دیکھنے کیلئے 35 دن 17 گھنٹے کا وقت درکار ہوتا ہے۔
فلم لاجسٹکس سوئیڈن میں بنائی گئی ہے جو کہ روایتی فلموں سے بالکل مختلف ہے، عام طور پر فلمیں ڈیڑھ سے تین گھنٹے تک طویل ہوتی ہیں جبکہ یہ فلم ایک مہینے سے بھی زیادہ طویل ہے۔
لاجسٹکس ایک تجرباتی فلم ہے جس کا آغاز اس سوال سے ہوتا ہے کہ تمام ڈیوائسز کہاں سے آتی ہیں؟، فلم کو ایریکا اور ڈینئل انڈرسن نے ڈائریکٹ کیا ہے جس میں اس سوال کا جواب جاننے کی کوشش کی گئی ہے۔
اس فلم میں ناظرین کو ایک ٹرک، مال گاڑی، کنٹینر اور بحری جہاز کا سفر بالکل رئیل ٹائم میں دکھایا جاتا ہے جو فلم کے دورانیے کو بڑھاتا ہے، آخر میں یہ فلم ناظرین کو اس فیکٹری تک لے جاتی ہے جہاں وہ ڈیوائسز تیار ہوئیں۔
ایسے شائقین جن کے پاس زیادہ وقت نہیں ہوتا ان کیلئے فلم لاجسٹکس کا 72 منٹ کا ایک ورژن بھی تیار کیا گیا جوکہ اس طویل فلم کی ایک سمری ہے تاہم اس فلم کا مجموعی دورانیہ 857 گھنٹے یا 51 ہزار 420 منٹ بنتا ہے۔

مہنگائی 48 سال کی بلند ترین سطح پر، آٹا 56 فیصد مہنگا ہوا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 48 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق فروری 2022سے فروری 2023کے دوران ایک سال کے عرصے میں پیازکی قیمت میں 416فیصد، چکن 96فیصد، انڈے 78فیصد اور چاول کی قیمت میں 77 فیصد اضافہ ہوا۔چنا 65 فیصد، سگریٹ 60 فیصد، مونگ کی دال 56 فیصد، چنے کی دال 56فیصد، آٹا 56فیصد ،ماش کی دال 50.77فیصد اور خوردنی تیل 50.66 فیصد مہنگا ہوا۔
اعداد وشمار کے مطابق بناسپتی گھی 45فیصد، تازہ پھل 45فیصد، تازہ دودھ 32فیصد، مسور کی دال27فیصد، مشروبات 24فیصد، آلو 22.42فیصد، مچھلی 21فیصد، گوشت 20.82فیصد اور سبزیاں 11.60فیصد مہنگی ہوگئیں۔ایک سال کے دوران درسی کتب کی قیمتوں میں 74فیصد، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 63فیصد، گیس کی قیمت میں 62فیصد، اسٹیشنری کی قیمت میں 61فیصد، صابن ڈٹرجنٹس اور ماچس کی قیمت میں 51.63فیصد اضافہ ہوا۔
گاڑیوں کے پرزہ جات 38فیصد مہنگے ہوئے جبکہ ٹرانسپورٹ چارجز میں 33فیصد اضافہ ہوا۔

کراچی کنگز کا پشاور زلمی خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے 17 ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی کو کم سے کم ٹوٹل تک محدود کرنے کی کوشش کریں گے۔
پشاور کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ وہ کراچی کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے، آج کے میچ کے لیے ٹیم میں چند تبیدلیاں کی گئی ہیں۔

ٹی ٹونٹی میں کچھ بھی ہو سکتا ہے، کوشش کرینگے کراچی کو لاہور میں شکست دیں، فخر زمان

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی میں کچھ بھی ہو سکتا ہے، کوشش کریں گے کہ کراچی کو لاہور میں شکست دیں۔
لاہور قلندرز کے مایہ ناز بلے باز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پلان یہی ہوتا ہے کہ گراؤنڈ میں اچھی کارکردگی دکھائیں، نسیم شاہ اور محمد حسنین زبردست باؤلنگ کر رہے ہیں۔
فخر زمان نے کہا کہ بطور اوپنر کوشش ہوتی ہے تیز کھیلوں اور ٹیم کی جیت میں اپنا کردار ادا کروں، لاہور قلندرز کی انتظامیہ اچھی کارکردگی پر کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی سائیڈ بھی کافی مضبوط ہے، ٹی ٹونٹی میں کچھ بھی ہوسکتا ہے، اپنی پوری کوشش کریں گے کہ کراچی کو لاہور میں شکست دیں۔
فخر زمان نے کہا کہ پی ایس ایل کا شیڈول کافی ٹف ہوتا ہے، ہماری باؤلنگ کافی مضبوط ہے، لوگوں کا فوکس باؤلنگ پر زیادہ ہوتا ہے۔

پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں پھر اختلافات، بلدیاتی حلقہ بندی میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہو سکا

کراچی: (ویب ڈیسک) ایم کیو ایم کے مطالبے پر بلدیاتی حلقہ بندی میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے پر متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلزپارٹی میں پھر اختلافات پیدا ہو گئے۔
پیپلز پارٹی نے گزشتہ ماہ ایم کیو ایم کو بلدیاتی حلقہ بندی میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا یقین دلایا تھا، ایم کیو ایم کے مطالبے پر ترقیاتی فنڈز کے اجرا پر بھی پیشرفت نہیں ہوئی، پیپلز پارٹی، سندھ حکومت کے رویئے پر ایم کیو ایم نے وزیراعظم کو شکایت لگا دی۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے 53 بلدیاتی یونین کمیٹیز بڑھانے کے لیے پیپلز پارٹی کو فہرست دی تھی، قانونی پیچیدگیوں کے سبب سندھ حکومت بلدیاتی حلقہ بندی تبدیل کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔
ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ شیڈول کا جائزہ لے کر خود شماری اور گھر شماری کے لیے مختص دنوں میں اضافہ کیا جائے جس پر ن لیگ نے ایم کیو ایم کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔

پاناما طرز پر ٹیریان کیس بھی روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے: عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مہنگائی کو کم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں، پٹرول کی قیمت میں کمی کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں، عوامی نمائندہ اثاثے چھپانے پر نااہل ہوتا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ ایک وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا، دوسری طرف عمران خان مسلسل عدالتوں سے بھاگ رہے ہیں، اگر عمران خان صادق اور امین ہیں تو کیوں چھپ رہے ہیں، عمران خان نے آج تک غلط بیانی کے سوا کچھ نہیں کیا، جب بیٹی کا سوال پوچھا جاتا ہے تو کہا جاتا ہے عمران خان ایم این اے نہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا باقی جماعتوں پر یہ قانون لاگو کیا جائے اور آپ پر نہ ہو، عمران خان کیس میں تاخیر کرنا چاہتے ہیں، یہ کیس صرف بیٹی کو چھپانے کا نہیں جھوٹے بیان حلفی کا بھی ہے، لاس اینجلس کورٹ کا آرڈر سب کے سامنے ہے، اگلے ہفتے اس کیس کی سماعت ہو گی، عمران خان نے عدالتوں میں جھوٹے بیان حلفی جمع کرائے، اگر چھپانے کیلئے کچھ نہیں تو پھرعدالت کے دائرہ کار کو کیوں چیلنج کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں بھی دائرہ اختیار کو چیلنج کیا گیا تھا، عمران خان اس کام کے ماسٹر ہیں، عدالتوں میں مسلح جتھے لیکر جانے کی روایات اچھی نہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر صحافیوں کے ساتھ افسوسناک واقعہ ہوا، عمران خان چاہتے ہیں یہ کیس یہاں پر نہ سنا جائے، پبلک آفس ہولڈر کو کوئی چیز چھپانے کا حق نہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پاناما کیس طرز پر روزانہ کی بنیاد پر ٹیریان کیس کو بھی سنا جائے، عمران خان کو جواب دینا ہو گا اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، انہوں نے گوشواروں میں ذاتی معلومات چھپائی ہیں، ہم الیکشن کے حامی اور الیکشن کروانا چاہتے ہیں، آرٹیکل 224 کی تشریح کون کرے گا، سارے معاملات غور طلب ہیں، قانونی اور آئینی ابہام کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔

مزاحیہ تماشہ فلاپ ہوا، مریم اورنگزیب کا جیل بھرو تحریک معطل کرنے پر ردعمل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مزاحیہ تماشہ فلاپ ہوا، تحریک اب شروع ہو گی جب تم جرائم پر جیل جاؤ گے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے جیل بھرو تحریک معطل کرنے کے اعلان پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا او بھائی! کون سی جیل بھرو تحریک؟۔
مریم اورنگزیب نے کہا آئین کا تحفظ تمہارا فرض تھا، جب تم نے عالمی سازش کے جھوٹ سے صدر، سپیکر، ڈپٹی سپیکر سے آئین شکنی کرائی، آئین شکن فارن ایجنٹ توشہ خان چور کا کٹہرے میں نہ آنا آئین اور قانون کا مذاق ہوگا۔

عمران خان سے چودھری پرویز الہٰی کی ملاقات، سپریم کورٹ کے فیصلے پر مشاورت

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے ملاقات کی۔
سپریم کورٹ کا فیصلہ انتخابات کے حق میں آنے کے بعد عمران خان نے چودھری پرویز الہٰی کو آئندہ کا لائحہ عمل بنانے کیلئے زمان پارک بلایا تھا، دونوں پارٹی رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے فیصلہ پر سابق وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین ہی سپریم ہے یہ بات پی ڈی ایم والوں کو مان لینی چاہیے۔
ملاقات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور چودھری پرویز الہٰی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابی مہم تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا، اس کے علاوہ جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتار کارکنوں کی رہائی کیلئے قانونی لائحہ عمل بھی بنایا گیا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا انجینئر ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے انجینئرز ہیڈ کواٹرز ڈویژن راولپنڈی کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو پاک آرمی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ٹیم کی جانب سے ترکیہ اور شام کے زلزلے کے دوران کی جانے والی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

حکومت سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کرے گی، فیصلے میں اختلاف رائے ہے، رانا ثنا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وفاقی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرے گی لیکن جو فیصلہ آیا ہے اس میں اختلاف رائے بھی ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے عدالت پر رعب جمانے کے لیے سازش کے تحت لوگوں کو اکٹھا کیا، امید ہے عدالتوں پر حملوں کے مقدمات میں انہیں ریلیف نہیں ملے گا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کو معلوم تھا میں عدالت کے سامنے پیش ہو رہا ہوں اور میرا جرم ثابت شدہ ہے، عمران خان کو معلوم تھا مجھے نااہل کیا جائے گا لیکن اس نے عدالتوں میں اپنا رعب جمانے کے لئے غنڈہ گردی کا سہارا لیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ تم کہتے تھے قوم میرے ساتھ کھڑی ہے، پورے ملک میں زور لگا کر دیکھ لیا، 100 بندے پورے ملک سے اکٹھے ہوئے ہیں، آپ اپنی خواہش سے جیل گئے ہیں اور کہہ رہے ہیں ہمیں فلاں جیل میں کیوں بھیج دیا، عمران خان نے جیل بھرو تحریک کا حشر دیکھ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اکٹھا کرنے کے لئے سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی، ڈھائی، تین سو بندوں کو اکٹھا کرنا کوئی بڑی بات نہیں، نوازشریف نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا لیکن بد بخت عمرانی ٹولے نے جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیا ہے، اس پر 2 مقدمات علیحدہ علیحدہ درج کئے گئے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان نیازی اس پورے شَر کا اصل منبع ہے، عمران خان اس ملک میں افراتفری اور انارکی چاہتے ہیں، اس کا مکروہ چہرہ، مجرمانہ کردار کھل کر سامنے آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل کے واقعہ پر 2 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، کل کی ہنگامہ آرائی پر اب تک 29 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، 150 ملزم نامزد ہیں، جو مقدمات درج ہوئے امید ہے بے جا ریلیف نہیں دیا جائے گا، جو اس مشتعل عمل کا حصہ نہیں اس کو نہیں پکڑا جائے گا، صحافیوں کے ساتھ ہونے والے واقعے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس شخص میں نہ کوئی اخلاق ہے نہ انسانیت، عدالتوں سے اس شخص کو پیار ملا ہے، جوڈیشل کمپلیکس میں کون سی سیاست ہوتی ہے، وہاں یہ سیاست کرنے کے لئے لوگ لے کر گئے، اب یہ کسر رہ گئی ہے کہ یہ عدالت داخل ہوں اور پریذائیڈنگ آفیسر کا گریبان پکڑ لیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو پتہ ہے آپ عدالت جا رہے ہیں پھر بھی آپ مسلح لوگوں کو ساتھ لے کر آئے، ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ اس نیت سے آ رہے ہیں، ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ اتنا بدبخت ہے کہ عدالتوں پر چڑھ دوڑے گا، کوشش کریں گے عمران خان کو اس کیس میں گرفتار کیا جائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہجوم کا مقصد باہر گیٹ پر کھڑے ہونا ہوتا ہے، یہ پیش ہونے نہیں آئے یہ حملہ کرنے کی نیت سے آئے، آئندہ ہماری طرف سے انتظامات بہتر ہوں گے، جب تک یہ فتنہ پاکستان کی سیاست میں ہے حالات ٹھیک نہیں ہوسکتے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس آدمی کے ہوتے ہوئے پارلیمانی جمہوریت نہیں چل سکتی، عوام اس کا چہرہ دیکھ رہے ہیں، لوگوں نے کل بھی اس کا مجرمانہ عمل دیکھا ہے، الیکشن میں بھی لوگ اس کو ووٹ کی طاقت سے مائنس کریں گے، عدالتوں کا یہ لاڈلہ ہے،عدالتیں اس کا انتظار کرتی ہیں۔

عمران خان نااہلی کیس: ٹریان وائٹ سے متعلق تمام ریفرنسسز ریکارڈ پر لانے کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان نااہلی کیس میں ٹریان وائٹ کیس سے متعلق تمام ریفرنسسز ریکارڈ پر لانے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس عامرفاروق کی سربراہی میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بنچ نے عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کی۔
درخواستگزار نے کہا کہ عمران خان نے بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا، لہٰذا انہیں نااہل کیا جائے۔
عمران کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ دو دفعہ الیکشن کمیشن اس معاملے کا فیصلہ کر چکا ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ اگر عمران خان ممبر قومی اسمبلی نہیں تو پھر کیا صورت حال بنے گی؟ مدعی کے وکیل اور سابق جسٹس حامد علی شاہ نے کہا کہ عمران خان ابھی بھی ممبر قومی اسمبلی ہیں۔
عدالت نے کہا کہ کیا آپ نے دیکھا لاہور ہائیکورٹ نے ابھی فیصلہ دیا ہے الیکشن کمیشن نا اہل نہیں کر سکتا؟، اہلیت دیکھنے کا اختیار ہائیکورٹس اور عدالتوں کا ہے۔
چیف جسٹس ہائی کورٹ نے کہا کہ حبیب اکرم کیس میں سپریم کورٹ نے بیان حلفی کاغذات کا حصہ بنایا، الیکشن ایکٹ کے مطابق زیر کفالت بچوں کی تفصیلات بتانا لازم تھیں، مگر بچوں کی تفصیلات بتانا تو لازم نہیں ہیں نا؟
وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ تفصیلات لازم نہیں ہیں، مگر اثاثوں کی فہرست میں بچوں کے اثاثوں کی تفصیلات بتانی ہیں، اس اعتبار سے بالواسطہ طور پر بچوں کی تفصیلات لازم ہیں۔
چیف جسٹس نے پوچھا کہ اگر تفصیلات غلط جمع کرائی گئی ہوں تو الیکشن ایکٹ کیا کہتا ہے؟ وکیل الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ اگر تفصیلات غلط ہوں تو یہ کرپٹ پریکٹس میں آئے گا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ غلط تفصیلات پر الیکشن کمیشن نے 120دن کے اندر ایکشن لینا ہوتا ہے، اگر الیکشن کمیشن نے ایکشن نہیں لیا تو پھر بس نہیں لیا۔
عدالت نے وکیل درخواست گزار کو ٹریان وائٹ کیس سے متعلق تمام ریفرنسسز ریکارڈ پر لانے کا حکم دے دیا اور سماعت آئندہ بدھ تک ملتوی کردی، کیس قابل سماعت ہونے پر آئندہ بھی دلائل جاری رہیں گے۔

شہریوں کیلئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں آسانیاں پیدا کی جائیں : وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے شہریوں کے لئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں آسانیاں پیدا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کفایت شعاری اور بچت کے لئے نادرا اور ڈائریکٹریٹ جنرل آف امیگریشن آف پاسپورٹ دفتر اور وسائل شیئر کریں تاکہ قومی خزانے پر کم بوجھ پڑے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت شہریوں کے لئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ، وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین، چیئرمین نادرا ، ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شہریوں کے لئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں آسانیاں پیدا کی جائیں ، نادرا کے مراکز میں پاسپورٹ دفتر کے کاؤنٹرز قائم کیے جائیں ، وزیراعظم نے شہریوں کو شناختی کارڈ کی سروس ان کی دہلیز پر مہیا کرنے کے لیے موبائل نادرا وینز کی تعداد فوری بڑھانے کے احکامات بھی دیئے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہریوں کو گھر بیٹھے شناختی کارڈ کی تجدید کی سہولت کے لیے نادرا نئی موبائل فون ایپلی کیشن شروع کر رہا ہے ، وزیراعظم نے کہا کہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کا حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے ، شہریوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات میں مزید بہتری لائی جائے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ ہر شہری کو اس حوالے سے یکساں سہولیات میسر ہوں۔
وزیراعظم نے احکامات دئیے کہ پاسپورٹ دفاتر کے قیام کےجتنے بھی منصوبے منظور ہو چکے ہیں وہ نادرا کے پہلے سے موجود دفاتر میں قائم ہوں۔

متنازع انتخابات بڑے سیاسی حادثات، تقسیم کی بنیاد بن سکتے ہیں: سعد رفیق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ متنازع ترین انتخابات بڑے سیاسی حادثات اور تقسیم کی بنیاد بن سکتے ہیں جس کا پاکستان متحمل نہیں ہو سکتا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ صوبائی انتخابات بارے سپریم کورٹ کا فیصلہ قانون اور انصاف کے بنیادی تقاضوں کے منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی سیاسی اور آئینی بحران کی بنیاد نظریہ ضرورت اور پسند ناپسند کی بنیاد پر کیے گئے فیصلے ہیں، ممبران صوبائی اسمبلی کے ووٹ گنے بغیر انہیں ڈس کوالیفائی کرتے ہوئے آئین کی دستک سنائی دی نہ ریویو سنا گیا۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اقتدار میں واپسی کیلئے عمران خان اور اس کے سہولت کاروں کی جلد بازی اور ضد ریاست کیلئے خطرہ بن گئی ہے، نواز شریف کیلئے سزائیں اور عمران کیلئے جزائیں انصاف کا خون ہے۔