اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امیر جماعت پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ میرے پاس فہرست ہے جس میں 18 لوگوں کے اکاؤنٹ میں 4 ہزار ارب روپے بینکوں میں پڑے ہیں، ان لوگوں میں سیاست دان اور مسلح افواج کے افسران شامل ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ ججز، جرنیل، بیورو کریٹس اور سیاستدان قربانی دیں، ہمارے ملکی ادارے ان لوگوں سے پیسے نکلوانے کے لیے بے بس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت میں مہنگائی میں 34.3 فیصد اضافہ ہوگیا، 160 روپے فی کلو آٹا ہو تو ایک سربراہ کیسے دس بارہ بندوں کی کفالت کرسکتا ہے۔ ابھی مزید 650 بلین کا قوم کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جائے گا۔
سراج الحق نے کہا کہ لگتا ہے آئندہ آنے والے دنوں میں حکومت سانس لینے پر بھی ٹیکس لگا دے گی۔ پی ڈی ایم مہنگائی کے خلاف پی ٹی آئی حکومت مخالف ریلیاں نکالتی تھی لیکن پی ٹی آئی کی طرح پی ڈی ایم کی حکومت بھی سو فیصد ناکام ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کہتا تھا سکون قبر میں ہے اور یہ وزیراعظم کہتا ہے اپنے کپڑے بیچوں گا، صرف چہرے بدلے ہیں لیکن اشرافیہ ایک ہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججز کو کہتا ہوں پاکستان میں نجی جیلوں پر ازخود نوٹس لیں، آج بھی سندھ کے علاقے خیر پور اور کچے کے علاقے میں 46 لوگ یرغمالی ہیں، سندھ حکومت ان لوگوں کو بازیاب کروائے۔
Monthly Archives: February 2023
اسمبلیاں توڑنے کی آئینی وقانونی حیثیت دیکھنا ناگزیرہے، جسٹس اطہر من اللہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ اسمبلیاں توڑنے کی آئینی اور قانونی حیثیت دیکھنا نا گزیر ہے۔
انتخابات از خود نوٹس کیس کی سماعت کرنے والے سپریم کورٹ کے 9 رکنی بینچ سے علیحدہ ہونے والے جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے اختلافی نوٹ میں کہا کہ چیف جسٹس کا اوپن کورٹ میں دیا گیا آرڈر تحریری حکم نامے سے مطابقت نہیں رکھتا۔ اسمبلیاں توڑنے کی آئینی وقانونی حیثیت دیکھنا ناگزیرہے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا صوبائی اسمبلیاں توڑنے کی آئینی اور قانونی حیثیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ کیا صوبائی اسمبلیاں جمہوریت کے آئینی اصولوں کو روند کر توڑی گئیں؟ ہمارے سامنے رکھے گئے سوال کو علیحدہ نہیں دیکھا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلیاں توڑنے کی قانونی حیثیت پر سوالات بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی سے متعلق ہیں۔ ہمارے سامنے آنے والا معاملہ پہلے ہی صوبائی آئینی عدالت کے سامنے موجود ہے۔ اس معاملے کا سپریم کورٹ آنا ابھی قبل از وقت ہے۔کسی اور معاملے کو دیکھنے سے پہلے چیف جسٹس نے مجھ سے اس معاملے پر سوالات مانگے ہیں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ کیا صوبائی اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس دینا وزیراعلیٰ کا حتمی اختیار ہے جس کی آئینی وجوہات کو دیکھنا ضروری نہیں۔ کیا وزیراعلیٰ اپنی آزادانہ رائے پر اسمبلی توڑ سکتا ہے یا کسی کی رائے پر؟ کیا کسی بنیاد پر وزیراعلیٰ کی ایڈوائس کو آئینی طور پر مسترد کیا جا سکتا ہے اور اسمبلی بحال کی جاسکتی ہے؟
حکومت نے مردم شماری کیلئے 10 ارب روپے جاری کر دئیے: شماریات ڈویژن
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان شماریات ڈویژن سرور گوندل نے کہا ہے کہ حکومت نے مردم اور خانہ شماری کیلئے 10 ارب روپے جاری کر دئیے ہیں، 34 ارب روپے کے کل اخراجات ہیں، 24 ارب روپے کا کیس ای سی سی میں ہے۔
ترجمان شماریات ڈویژن سرور گوندل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ فنڈز کے معاملے پر کوئی مسئلہ نہیں ہو گا اس میں صوبائی حکومتیں بھی کام کر رہی ہیں، تمام صوبوں اور مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری کے بعد کام شروع کیا گیا ہے، مشترکہ مفادات کونسل میں تمام وزرائے اعلیٰ تھے ان کو طریقہ پر کوئی اعتراض نہیں تھا، مردم شماری کیلئے سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔
سرور گوندل نے کہا ہے کہ صوبوں کے ساتھ مل کر سکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے، 1 لاکھ 21 ہزار افراد کو پورے پاکستان میں تربیت دی گئی ہے، 1 لاکھ 26 ہزار الیکٹرانک ڈیوائسز اس مردم شماری میں استعمال ہوں گی، پورے ملک میں 495 مردم شماری سپورٹ سینٹر بنائے گئے ہیں، سافٹ ویئر اور الیکٹرانک ڈیوائسز میں خرابی کیلئے نادرا کی معاونت ہو گی۔
ترجمان شماریات ڈویژن سرور گوندل نے مزید کہا کہ صوبائی اور آزاد کشمیر کی حکومتوں نے شمار کنندگان کی تعیناتی کر دی ہے، ہر شمار کنندہ کے ساتھ پولیس کا ایک اہلکار اور آرمڈ فورسز کا تعاون حاصل ہوگا، یکم مارچ سے فیلڈ آپریشنز شروع کر دیا جائے گا، پہلے 15 دن ایک بلاک اور اگلے 15 دن میں دوسرا بلاک شمار ہوگا۔
پنجاب پولیس کا ٹرانس جینڈر کمیونٹی کیلئے تحفظ سنٹر بنانے کا فیصلہ
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب پولیس نے انسپکٹر جنرل عثمان انور کی ہدایت ٹرانس جینڈر کمیونٹی کی فوری مدد اور سہولت کے لیے “تحفظ سنٹر” بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹرانس جینڈر کمیونٹی کی سہولت کیلئے فوری اقدامات کے حوالے سنٹرل پولیس آفس میں خصوصی مذاکراتی نشست کا اہتمام ہوا، نشست میں کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے اداروں،سول سوسائٹی ورکرزاور ٹرانس جینڈر کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب میں ڈی آئی جی احسن یونس نے راولپنڈی میں قائم “تحفظ” مرکز کی ورکنگ اور مقاصد بارے آگاہ کیا، سول سوسائٹی شخصیات،سماجی تنظیموں، ٹرانس جینڈر رائٹس ورکرز سمیت دیگر مقررین نے اپنی تجاویز پیش کیں، اے ایس پی شہر بانو نےٹرانس جینڈر کمیونٹی کی مدد کیلئے پنجاب پولیس کے تشکیل کردہ پروگرام بارے بریفنگ دی جبکہ مذاکراتی نشست میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کی فوری مدد اورسہولت کیلئے “تحفظ سنٹرز” بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خصوصی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع کے ڈی پی او آفس میں “تحفظ سنٹرز” ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے مسائل کے ازالے کیلئے ترجیحی اقدامات کریں گے ، یہ سنٹرز سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے تعاون سے ٹرانس جینڈرکمیونٹی کو فی الفور مدد، تحفظ اور راہنمائی فراہم کریں گے، ٹرانسجینڈر کمیونٹی کیلئے کام کرنے والے اداروں اوراین جی اوز کے ساتھ باہمی نیٹ ورک تشکیل دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانس جینڈرز کے معاشی استحصال، باہمی خریدو فروخت، سماجی مشکلات سمیت دیگر مسائل کا ازالہ کیا جائے گا، پولیس دفاتر میں خصوصی کوٹے پر ٹرانس جینڈر افراد کو ملازمتوں میں ترجیح دی جائے گی، ڈی آئی جی احسن یونس صوبہ بھر میں تحفظ سنٹرز کے قیام اور ان کو فعال بنانے کے لیے پراجیکٹ ہیڈ کے طور پر کام کریں گے۔
ہیلز کی پی ایس ایل کو ترجیح، بنگلا دیش کیخلاف ون ڈے سیریز سے دستبردار
لاہور: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے اوپنر بیٹر ایلکس ہیلز بنگلا دیش کے خلاف ون ڈے سیریز سے دستبردار ہو گئے ہیں۔
ایلکس ہیلز انٹرنیشنل ٹی 20 لیگ (آئی ایل ٹی 20) اور پی ایس ایل معاہدوں کے باعث دستبردار ہوئے، ہیلز نے انگلینڈ ٹیم کے ساتھ دورہ بنگلا دیش کے بجائے پی ایس ایل کھیلنے کو ترجیح دی۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ میتھیو موٹ نے کہا کہ ہم نےایلکس ہیلز کے ساتھ بات کی تھی، ان کا ٹی 20 ورلڈکپ شاندار رہا، ان کے لیے اب بھی دروازے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ 2023 کے سکواڈ کے لیے بیٹھیں گے تو کسی سے رنجش نہیں رکھیں گے، کوئی فارم میں ہے اور بھارت میں ہمارے لیے اچھا ثابت ہو سکتا ہے تو اس کو لیں گے۔
خیال رہے کہ ایلکس ہیلز کو 2019 کے ورلڈکپ سے قبل سکواڈ سے نکال دیا گیا تھا، ہیلز گزشتہ برس ستمبر تک ٹیم سے دور رہے۔
بنگلا دیش اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے یکم مارچ کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا تاہم پی ایس ایل کے لیےانگلینڈ کے کرکٹر ایلکس ہیلزکا اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ معاہدہ ہے۔
قاسم علی شاہ کی چیئرپرسن الحمراء تعیناتی کا اقدام عدالت میں چیلنج
لاہور: (ویب ڈیسک) معروف موٹیوشنل سپیکر قاسم علی شاہ کو الحمراء آرٹس کونسل کے بورڈ آف گورنر کا چیئرپرسن تعینات کرنے کا اقدام چیلنج کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں قاسم علی شاہ کی الحمرا آرٹ کونسل کے چیئرپرسن تعنیاتی چیلنج کردی گئی درخواست گزار کا موقف ہے کہ نگراں حکومت نے من پسند افراد کو نوازا ہے۔
دائر درخواست میں نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت بورڈ کے دیگر ممبران کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست شہری محمد علی نے ایڈووکیٹ ردا نور کے توسط سے دائر کی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نگراں حکومت نے قاسم علی شاہ کو تین برس کے لیے الحمرا آرٹ کونسل کا چیئرپرسن تعینات کیا ہے، نگراں وزیر اعلیٰ نے من پسند افراد کو نوازنے کے لیے تعیناتی کی ہے، نگراں وزیر اعلیٰ کو ایسی تعیناتی کا کوئی اختیار نہیں ہے جبکہ بورڈ آف گورنر کے عہدے کے لیے متعلقہ افراد کا آرٹ یا کلچر کی فیلڈ سے تعلق ہونا چاہیے۔
درخواست گزار کا مزید مؤقف ہے کہ قاسم علی شاہ سمیت دیگر ممبران کا آرٹ یا کلچر سے کوئی تعلق نہیں۔
درخواست گزار کی استدعا ہے کہ قاسم علی شاہ سمیت ممبر بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی کالعدم قرار دی جائی اور نگراں وزیر اعلیٰ کو دائرہ اختیار سے باہر نکل کر تعیناتیاں کرنے سے روکا جائے۔
بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث دو ملزمان جیل میں ہلاک
ممبئی : (ویب ڈیسک) بھارت کے معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث دو ملزمان جیل میں ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھو موسے والا قتل کیس میں گرفتار دو ملزمان پنجاب کی گونڈیوال سینٹرل جیل میں قید تھے جہاں قیدیوں کے درمیان جھگڑے میں ہاتھا پائی اس قدر بڑھی کہ اس میں دو قیدی مارے گئے ، واقعے میں تین افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت اب تک تشویش ناک ہے۔
ایس ایس پی گرمیت سنگھ چوہان کے مطابق لڑائی میں دو افراد مارے گئے ہیں جن میں سے ایک مندیپ طوفان بھی ہے ، دونوں ہلاک ملزمان سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث ہونے کے علاوہ متعدد جرائم میں ملوث تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جھگڑے میں تیز دھار آلوں کا استعمال کیا گیا جنہیں جیل کے اندر ہی بنایا گیا تھا۔
بھارتی پنجاب کے لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق رکھنے والے گولڈی برار نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جیل کے اندر ہونیوالی گینگ وار کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔
واضح رہے کہ 29 مئی 2022 کو معروف بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہر میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔
روپے کی قدر بحال ہونے لگی، انٹر بینک میں ڈالر آج بھی سستا
کراچی: (ویب ڈیسک) انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں معمولی کمی واقع ہوئی۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھنے میں آئی، روپے کے مقابلے میں ڈالر 7 پیسے سستا ہو کر 259 روپے 92 پیسے پر بند ہوا ہے۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ 50 پیسے سستا ہوا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 266 روپے 50 پیسے میں مل رہا ہے۔
ن لیگ الیکشن کے لیے تیارہے، جب مرضی کروالیں: عطاتارڑ
لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان آنیوالی نسلوں کو تباہ کر رہے ہیں، عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں تاخیری حربے استعمال کئے۔
ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگی رہنما عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے فرخ گوگی کو کرپشن کیلئے فرنٹ مین رکھا ہوا تھا، عمران خان قوم سے مذاق کرنا چھوڑ دیں، ان کا کھیل تماشا زیادہ دیر نہیں چلے گا، ہمیں الیکشن کا کوئی خوف نہیں، ن لیگ الیکشن کے لیے تیار ہے جب مرضی الیکشن کروا لیں۔
انہوں نے کہا عثمان ڈار کے پرسنل اسسٹنٹ کے بیان پر نوٹس لینا چاہئے، عمران خان کبھی کہتے ہیں امریکی سازش ہوئی بعد میں کہتے ہیں نہیں ہوئی، ان کا سکرپٹ بھی ٹھیک نہیں تھا۔
عطا تارڑ کاکہنا تھا کہ عمران خان عدلیہ کو آنکھیں دکھاتے ہیں، ہماری برداشت کی حد ہے، ہم قانونی راستہ اختیار کریں گے۔
لاہور اور فیصل آباد میں جشن بہاراں کی تقریبات کی تجویز
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور اور فیصل آباد میں جشن بہاراں کی تقریبات کی تجویز دے دی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت جشن بہاراں کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزراء بلال افضل، ابراہیم حسن مراد، کمشنر لاہور، ڈی سی لاہور، کمشنر فیصل آباد، ڈی فیصل آباد، چیف سیکرٹری پنجاب و دیگر متعلقہ افراد شریک ہوئے۔
محسن نقوی کو لاہور اور فیصل آباد میں جشن بہاراں کے انتظامات اور پروگرامز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں لاہور میں 5 تا 12 مارچ اور فیصل آباد میں 4 تا 12 مارچ تک جشن بہاراں کی تقریبات کی تجویز دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ جشن بہاراں میں کھیل، ثقافت، سیاحت، موسیقی، برڈ اور پیٹ شو، آتش بازی کی تقریبات شامل ہیں، لاہور اور فیصل آباد میں میراتھن ریس اور سائیکلنگ کے مقابلے بھی ہوں گے، میراتھن ریس میں بچے، خواتین، سپیشل پرسن اور اتھلیٹ حصہ لیں گے، راحت فتح علی خان، ساحر علی بگا اور دیگر معروف گلوکار میوزک شو پیش کریں گے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ لاہور اور فیصل آباد میں محفل سماع کا انعقاد بھی کیا جائے گا، فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم اور یونیورسٹی آف ایگریکلچرل میں جشن بہاراں کی تقریبات منعقد ہوں گی، جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں پاکستان، تاجکستان، ازبکستان اور کرغزستان کے کھلاڑی سپورٹس ایونٹ میں حصہ لیں گے، پھولوں اور چنیوٹی فرنیچر کی نمائش بھی منعقد ہوگی۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ 8 مارچ کوعالمی یوم خواتین کے حوالے سے خصوصی تقریبات ہوں گی، خواتین کا مشاعرہ بھی ہوگا، گھڑ ڈانس، اونٹ ڈانس، دودھ دینے والی گائے اور بھینسوں کے مقابلے ہوں گے، فیصل آباد میں ہیوی بائیک شو ہوگا۔
لاہور میں والڈ سٹی اتھارٹی کے زیر اہتمام لیزر لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو ہوگا، لاہور اور فیصل آباد میں کارنی ول میں دلکش ثقافتی فلیوٹ بنائے جائیں گے، لاہور اور فیصل آباد میں نہروں کو سجایا جائے گا اور لائٹنگ ہوگی، گورنمنٹ کالج لاہور کے خصوصی مشعل مارچ میں 7 ہزار سے زائد طلبہ شریک ہوں گے، جشن بہاراں میں فوڈ میلے بھی لگائے جائیں گے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ جشن بہاراں تقریب میں شہریوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
جیل بھرو تحریک اب ڈوب مرو تحریک بن چکی ہے : رانا ثناء اللہ
لاہور : (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک اب ڈوب مرو تحریک بن چکی، عمران نے ملک میں انارکی پھیلانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک میں کل ملا کر سو سوا سو افراد ہیں ان میں سے بھی 80 فیصد کہتے ہیں کہ ہمیں چھوڑ دیں، تمام افراد کو تیس تیس دن کے لیے نظر بند کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا اسلام آباد کے گھیراؤ کا منصوبہ بھی ناکام ہو چکا، آپ جیل میں جانا چاہتے تھے تو آپ کو جیل بھیج دیا، آپ کو جیلوں کی سیر کرارہے ہیں تاکہ آپ جیلوں کے حالات سے واقف ہوجائیں، پہلے دور دراز کی جیلیں بھریں گے اور اس کے بعد لاہور اور پنڈی کے شہروں کی جیلیں بھری جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، عدلیہ کو کمزور کرنا ملک کے مسائل میں اضافہ کرنا ہے، بنچ فکسنگ کی انکوائری کی جائے سوموٹو لیا جائے اور سزا دی جائے کہ کسی جج کے ساتھ پرویز الہی کے تعلقات کیوں ہیں ؟ آج دنیا بابا رحمتے اور جسٹس منیر کو کس نام سے یاد رکھتی ہے؟
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان نے ملک کی بہتری کے لیے کوئی ایک کام نہیں کیا، عمران خان نے چار سال ملک کیلئے مسائل پیدا کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، قوم اس فتنے سے واقف ہوچکی، عمران خان ملک میں عدم استحکام پھیلا رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ایم ایل کی پوزیشن آج بھی پنجاب میں بہت بہتر ہے، اگر ہم امیدواروں میں تبدیلی کریں تو نشستیں جیت سکتے ہیں، پارٹی کو سفارشات پیش کریں گے لیکن فیصلہ پارٹی قیادت کو کرنا ہے، الیکشن میں عوام انہیں ووٹ کی طاقت سے مسترد کریں گے۔
پرویز الہٰی نے وزیراعظم پر تنقید کے نشتر چلا دیے
لاہور : (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے وزیراعظم شہبازشریف پر سخت تنقید کی ہے ۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلی چوہدری پرویز الہٰی سےسابق وفاقی وزیر بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ، سابق چیئرمین شکایات سیل زبیر احمد، ڈاکٹر زین علی بھٹی، فیاض تبسم اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی سیاسی معاملات پر بات چیت کی گئی۔
چوہدری پرویز الہی نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف جیسا مانگنے کا طرہ امتیاز دنیا میں کسی کے پاس نہیں، اس طرہ امتیاز کی وجہ سے ہو سکتا ہے کہ شہباز شریف کو فقیروں کی گینزبُک میں شامل کر دیا جائے۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے کابینہ کے اجلاس میں کہا ہے کہ چائے میں چینی اور کھانے کو بسکٹ نہیں ملیں گے، ہر وزیر بجلی کا بل خود ادا کرے گا، آئی ایم ایف شہباز شریف کے فیصلوں پر شادیانے بجا رہا ہے، آئی ایم ایف کہتا ہے کہ اتنا سمجھ دار وزیر اعظم ہم نے دنیا میں نہیں دیکھا۔
رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ چیف جسٹس سمیت بیشتر جج اسی بینچ میں شامل تھے جس نے عمران خان کے عدم اعتماد پر فیصلہ دیا تھا، اس فیصلے پر تو مریم اور مریم کے ابا جی سمیت رانا ثناء اللہ و دیگر تعریفوں کے پل باندھ رہے تھے۔
محکمہ موسمیات نے بارشوں سے متعلق ایڈوائزری جاری کردی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے منگل سے جمعرات تک ملک کے بالائی ووسطی علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اس حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی گئی ۔
محکمہ موسمیات نے منگل سے جمعرات تک ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ بالائی و وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائیں 28 فروری کو ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونگی جو کہ یکم مارچ کو ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں پھیل جائیں گی ، 28 فروری سے 2 مارچ کے دوران مری ،گلیات ،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور برفباری کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال ،دیر، سوات ،کوہستان ،مانسہرہ، شانگلہ ،بونیرمیں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ ایبٹ آباد اور ہری پور میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے ۔
28 فروری اور یکم مارچ کے دوران اسلام آباد ،خطہ پوٹھوہار، گوجرانوالہ ،گجرات ، حافظ آباد ، منڈی بہاوالدین ، ناروال میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،جھنگ ،قصور، شیخوپورہ ،خوشاب، ننکانہ صاحب بھی بادل برسیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور ،کوہاٹ ،نوشہرہ ،صوابی، چارسدہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ باجوڑ ،کرم، وزیر ستان، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے ، اس دوران بلوچستان سمیت سکھر جیکب آباد لاڑکانہ میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات نے بارانی علاقوں میں تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے بعد کھڑی فصلوں اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔
خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں مری گلگت بلتستان کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے ۔