پی ٹی آئی وفد کی سپیکر سے ملاقات، استعفے منظوری کا اقدام واپس لینے کی استدعا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عامر ڈوگر کی سربراہی میں تحریک انصاف کے رہنماؤں نے سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی جس میں ممبران قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تحریک انصاف کے وفد نے استعفوں کی منظوری کے اقدام کو واپس لینے کی استدعا کی، جس پر سپیکر نے جواب دیا کہ قانون، آئین اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے تحت استعفے منظور کر چکا ہوں، میں نے بار بار خطوط ارسال کیے اس کے باوجود پی ٹی آئی کا کوئی ممبر حاضر نہیں ہوا، اسد قیصر اور عامر ڈوگر کی سربراہی میں آنے والے وفد کے بعد استعفے قبول کرنے کی کارروائی شروع کردی تھی۔
سپیکر راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ اسد قیصر کی سربراہی میں آنے والے وفد نے استعفے منظور کرنی کی استدعا کی تھی، کیا پی ٹی آئی ممبران نے استعفے اپنی مرضی کے مطابق نہیں دیئے تھے؟، اسد قیصر کی سربراہی میں آئے وفد کے اسرار پر استعفے منظور کیے گئے تھے، سپیکر نے پی ٹی آئی کی درخواست وصول کرتے ہوئے کہا کہ لیگل ٹیم سے ڈسکس کر کے مطلع کر دیا جائے گا۔
ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر ڈوگر نے کہا کہ ہم اپوزیشن لیڈر اور چیئرمین نیب کی تعیناتی کے معاملے پر مشاورت کیلئے پہنچے ہیں، لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں ہمارے 70 اراکین بحال کئے، ہمارا مطالبہ ہے کہ اکثریتی اپوزیشن جماعت کا اپوزیشن لیڈر بنایا جائے، قانون میں چیئرمین نیب کی تعیناتی اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے ہونی ہے۔

الیکشن سے پہلے نواز شریف کی سزائیں ختم، عمران کو کٹہرے میں کھڑا کرینگے:مریم نواز

ساہیوال: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہماری سیاست کو وقتی طور پر نقصان ہوا ہے لیکن مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کو سری لنکا بننے سے بچا لیا، اس سال الیکشن ضرور ہو گا لیکن اس سے پہلے نواز شریف کی سزائیں ختم ہوں گی اور عمران خان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔
ساہیوال میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں روٹی 2 روپے کی چینی 50 روپے کلو، آٹا 35 اور گھی 140 روپے، بجلی 11 روپے فی یونٹ، پٹرول 65 روپے لٹر ملتا تھا، نواز شریف نے 22،22 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی، آئی ایم ایف کا بوجھ عوام پر نہیں پڑنے دیا تھا، نواز شریف نے پاکستان کو موٹرویز، سی پیک دیا۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے مزید کہا کہ نواز شریف جب وزیر اعظم بنا تو پاکستان نے ٹیک آف کیا، نواز شریف کو جب جب نکالا گیا پاکستان نیچے کی طرف گیا، ملک سنبھلنے میں نہیں آ رہا، نواز شریف نے پاکستان کو ترقی کے راستے پر ڈالا، پاکستان کو گرہن کی طرح پاناما بینچ لگ گیا، پاناما بینچ میں بدنام زمانہ 5 ججز شامل تھے، پاناما بینچ کو نواز شریف برا لگتا تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف سے انتقام لینا تھا لے لیتے لیکن غریب کا چولہا کیوں بند کیا، ان کے بعد پاکستان سنبھل نہیں رہا، جواب دو پاناما بینچ والو، جنرل (ر) فیض حمید جواب دو، اگر آج آئی ایم ایف کے ہاتھوں ملک گروی پڑا ہے تو پاناما بینچ بنانے والے ذمہ دارہیں، عمران خان کا دوسرا نام فتنہ خان ہے، یہ پاکستان کا سب سے بڑا چور جس نے گھڑیاں تک نہیں چھوڑیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تکلیف تویہ ہے اس کو لانے والے جانتے تھے تباہی کا دوسرا نام ہے، اس کے پاس کردار اور کارکردگی نہیں تھی، تم نے نواز شریف کی نفرت میں پاکستان تباہ کر دیا، شرم کرو، مسلم لیگ کے پاس دو راستے تھے، یہ جاتے جاتے آئی ایم ایف معاہدہ پھاڑ گیا، اگر مسلم لیگ معاہدے کی پاسداری نہ کرتی تو ملک دیوالیہ ہو جاتا۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کو ان کا گند صاف کرنے کیلئے رکھا ہوا ہے، جواب دو، کب تک پاکستان یونہی دائروں میں چکر لگاتا رہے گا، جواب چاہیئں، ہے کوئی جو ملک میں انصاف کرے، یہ الیکشن کا سال ہے، الیکشن ہو گا اور انشاء اللہ ضرور ہو گا، الیکشن میں شیر بھاری اکثریت سے جیتے گا، الیکشن ہو گا لیکن پہلے انصاف ہوگا، الیکشن ہوگا لیکن پہلے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا، الیکشن ہوگا لیکن ترازو کے پلڑے برابر کیے جائیں گے۔

تحریک انصاف نے شاہ محمود قریشی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے شاہ محمود قریشی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا۔
سابق حکمران جماعت تحریک انصاف نے قائد حزب اختلاف کی نامزدگی کیلئے باقاعدہ دراخوست جمع کرا دی، جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی میں اکثریتی اراکین والی اپوزیشن جماعت ہے، اپوزیشن لیڈر بھی تحریک انصاف کا ہونا چاہئے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے ضروری کارروائی کا آغاز کیا جائے، چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے اپوزیشن لیڈر اور وزیر اعظم میں مشاورت ہونی ہے، چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے نئے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کی جائے۔

روایتی سکیورٹی کے ساتھ سائبر قوت کا حصول وقت کی اہم ضرورت ہے، عارف علوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ روایتی سکیورٹی کے ساتھ ساتھ “سائبرقوت” کا حصول وقت کی اہم ضرورت ہے جو ملک کو استحکام اور ترقی کی تیز ترین راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔
ایئر یونیورسٹی کے 10 ویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے دنیا کی پانچویں آبادی والے ملک میں عصری شعبوں بالخصوص مصنوعی ذہانت، سائبر اسپیس اور ڈیٹا سے چلنے والی ٹیکنالوجی میں علم حاصل کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے جوہری ڈیٹرنس جیسے روایتی دفاع میں پیشہ ورانہ مہارت حاصل کی ہے تاہم سائبر اسپیس میں مضبوط قدم جمانا بھی بقاء کے لیے ضروری ہے، انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ گزشتہ سال کی عالمی سائبر رینکنگ میں پاکستان شامل نہیں، یہ صورتحال، رجعت پسند ذہنیت میں ایک بڑی تبدیلی کے علاوہ کیریئر کے راستوں کے انتخاب میں نظر ثانی کا مطالبہ کرتی ہے۔
عارف علوی نے کہا کہ سائبر علم ملک کے بڑی نوجوان آبادی کو عصری مہارتوں سے آراستہ کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے، پیٹرن کی شناخت پر مبنی ڈیٹا کی ایک بڑی مقدار دنیا میں دستیاب ہے جس کی مقدار اور تجزیہ کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کی مہارت کی ضرورت ہے، انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی جانب سے جاب مارکیٹس پر مکمل تحقیق کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے ائیر یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین کی تعلیم کے عظیم مقصد کے لیے مسلسل حمایت اور سرپرستی کرنے پر انہیں سراہا، اس موقع پر صدر مملکت نے فارغ التحصیل طلباء کو ڈگریاں دیں اور مختلف شعبوں میں ان کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب میں مختلف شعبوں بشمول بزنس ایڈمنسٹریشن، اکاؤنٹنگ اور فنانس، ایوی ایشن مینجمنٹ، ادب اور لسانیات، ریاضی، طبیعیات، سٹریٹجک سٹڈیز، کمپیوٹر سائنس کے شعبوں کے علاوہ مکینیکل، میکیٹرونکس، الیکٹریکل، ایرو اسپیس اور ایروناٹیکل انجینئرنگ اور سائبر سکیورٹی میں انڈرگریجویٹ کے ساتھ ساتھ ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے 1300 طلباء وطالبات کو تمغے اور ڈگریاں عطا کی گئیں۔

پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت آج کیا رہی؟

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں آج کسی قسم کا رد و بدل نہیں ہوا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں کسی قسم کا اضافہ یا کمی واقع نہیں ہوئی۔
ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 94 ہزار 100 روپے برقرار ہے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت بھی ایک لاکھ 66 ہزار 409 روپے ہے۔
انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونے کی قیمت دو ڈالر اضافے کے بعد 1812 ڈالر فی اونس ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا ملا جلا رجحان

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا ملا جلا دن رہا۔
100 انڈیکس 76 پوائنٹس اضافے سے 40784 پر بند ہوا۔ کاروباری دن میں 100 انڈیکس 204 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔
بازار میں 15 کروڑ شیئرز کے سودے 5.71 ارب روپے میں طے ہوئے، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 3 ارب روپے کم ہوکر 6316 ارب روپے ہے۔

کوہلو میں لیویز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، 9 اہلکار زخمی

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع کوہلو میں لیویز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے سے 9 اہلکار زخمی ہو گئے۔
لیویز حکام کے مطابق کوہلو کے علاقے جنت علی میں لیویز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرائی، بارودی سرنگ کے دھماکے میں 9 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے 2 اہلکاروں کو شدید نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات، صوبوں میں تعلقات بڑھانے پر گفتگو

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے دفتر میں نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرا اعلیٰ میں بین الصوبائی ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہوا، ملاقات میں پنجاب اور سندھ کے کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان چار اکائیوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پر مشتمل ہے، پاکستان ہم سب کا ہے،سب نے مل کر ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے کام کرنا ہے، اتحاد اور اتفاق کی ضرورت آج پہلے سے بہت زیادہ ہے، اسی سے پاکستان آگے بڑھے گا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے سب کو باہمی اختلافات بھلا کر ایک ہونا ہو گا، اس موقع پر مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کی گرفتاری پر عمران خان کا سخت ردعمل

لاہور: (ویب ڈیسک) تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کی گرفتاری پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد کی عدالت نے نجی ٹی وی چینل پر عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے اور نفرت پھیلانے کےکیس میں گرفتار لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان میں فاشست رجیم چینج کو بچانے کے لیے آزادی اور جمہوریت کو ہینڈلرز کے ذریعے تباہ کیا جا رہا ہے۔
عمران خان نے مزید لکھا کہ ہر پاکستانی کے لیے یہی ٹھیک وقت ہے وہ حقیقی آزادی کے لیے کھڑا ہو اور پاکستان کو گہری کھائی میں گرنے سے بچائے۔

نیویارک میں لوگوں سے قیمتی ایپل ہیڈفون چھیننے والا گروہ سرگرم

مین ہٹن: (ویب ڈیسک) کراچی میں ایک جانب جہاں موبائل فون چھیننے کی روش عام ہے اب عین اسی طرح نیویارک میں چوروں کا منظم گروہ کام کر رہا ہے جو پارک، یا ریستورانوں میں بیٹھے افراد کے سر سے قیمتی ایپل ہیڈ فون چھین کر فرار ہوجاتا ہے۔
یہ سلسلہ 28 جنوری سے شروع ہوا اور اب تک 21 افراد اپنے قیمتی ایپل ہیڈفون سے محروم ہوچکے ہیں۔ ہیڈفون ڈکیتوں میں کم سے کم چار افراد شامل ہے۔ ان میں سے دو افراد ایئربڈز پہنے شخص کے پیچھے جاکر ہیڈفون چھین لیتے ہیں اور فوراً فرار ہوجاتے ہیں۔
تاہم چالاک چور ہر ماڈل کو پہچانتے ہیں اور بطورِ خاص، ایپل میکس ہیڈفونز چھینتے ہیں جن کی قیمت 549 ڈالر تک ہے۔ پاکستانی روپوں میں اس کی قدر 140000 روپے ہے کیونکہ یہ شور کو کم کرتے ہیں اور نوائز کینسل کرنے کی خاصیت بھی رکھتے ہیں۔ اس طرح ہیڈفون لگا کر آپ اطراف کا شور سننے سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
پولیس کے مطابق اگرچہ یہ واقعات ہر جگہ ہوئے ہیں لیکن سب سے زیادہ وارداتیں نیویارک کے مشہور سینٹرل پارک میں ہوئی ہیں اور 18 سے 41 برس کے افراد اس کا نشانہ بنے ہیں۔ عموماً یہ ڈکیت دوپہر میں واردات کرتے ہیں۔
ریکارڈ کے مطابق 8 فروری کو 5 اور 18 فرروی کو 8 ہیڈفون چھینے گئے ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ تمام چور اب تک پولیس کی گرفت سے آزاد ہیں۔
واضح رہے کہ ایپل ہیڈفون روایتی ہیڈفون کی طرح ہی ہیں جو باہر سے بآسانی دکھائی دیتے ہیں۔

’قیامت خیز گلیشیئر‘ کے پگھلاؤ کو نوٹ کرنے والا جدید ترین روبوٹ تیار

انٹارکٹیکا: (ویب ڈیسک) مغربی انٹارکٹیکا میں تُھویٹس نامی ایک بہت بڑے گلیشیئر کے پگھلنے کا سلسلہ جاری ہے اور لوگوں نے اس کی تباہی کو عظیم سانحہ قرار دیا ہے۔ اب اس کے پگھلاؤ کے پیچیدہ عمل کو سمجھنے کے لیے ایک روبوٹ تیار کیا گیا ہے۔
اس روبوٹ کو ’آئس فِن‘ کا نام دیا گیا ہے جبکہ ماہرین کا خیال ہے کہ اس کے پگھلاؤ سے کرہِ ارض پر گہرے منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ لیکن اس گلیشیئر میں پگھلنے کا عمل بہت پیچیدہ ہے جس کا احوال حال ہی میں نیچر نامی جریدے میں دو تحقیقی مقالوں کی صورت میں شائع ہوا ہے۔
یہ گلیشیئر فلوریڈا شہر سے بھی بڑا ہے لیکن اس کے پگھلنے کی شرح کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔ اس کے سطح کے نیچے سے برف پگھلنے کا سلسلہ تیزی سے بڑھ رہا ہے تاہم اب بھی وہ ہماری سائنسی پیشگوئی اور ماڈلوں سے سست رفتار اور قدرے کم ہے۔
آئس فن کو امریکی ماہرین نے تیار کیا ہے اور اس وقت مک مرڈو تحقیقی اسٹیشن کےنیچے تیر رہا ہے۔ آئس فِن نے انکشاف کیا ہے کہ گلیشیئر کے دراڑوں اور نشیب و فراز کے درمیان پگھلاؤ تیزی سے جاری ہے البتہ برفانی شیٹ کےنیچے کی برف کم مقدار میں پگھل رہی ہے۔
ماہرین یہ جان کر پریشان ہے کہ گلیشیئر کے ہموار حصوں سے برف گم پگھل رہی ہے جبکہ نشیب اور ابھار والے مقامات پر برف گھلنے کی شرح بہت زیادہ ہے۔ پھر گلیشیئر کا ایک گراونڈنگ زون بھی ہے جہاں وہ پانی سے ملتا ہے اور 1990 کے مقابلے میں اس کا حجم 14 کلومیٹر تک کم ہوچکا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس نقصان کی تلافی اب ناممکن ہے اور اگلی صدیوں میں تُھویٹس گلیشیئر مکمل غائب ہونے سے پوری دنیا میں سمندر کی بلندی 1.64 تک جاسکتی ہے۔

بیلاروس؛ ڈرون حملے میں روسی فوج کا طیارہ تباہ

منسک: (ویب ڈیسک) بیلا روس کے دارالحکومت میں ایئربیس کے قریب روسی فوج کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بیلاروس میں نگرانی پر مامور روسی فوج طیارے A-50 کو مچولیشچی ایئر بیس پر ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ ڈرون حملے کی ذمہ داری بیلاروس حکومت کی مخالف عسکریت پسند تنظیم نے قبول کرلی۔
روسی نگراں طیارے پر اس وقت حملہ کیا گیا ہے جب روس اور بیلاروس کے درمیان قربتیں بڑھ رہی ہیں اور روس نے یوکرین پر حملے کے لیے بیلاروس کے ایئر بیس سے اپنے طیارے بھیجے ہیں۔
بیلا روس کے قانون نافذ کرنے والے سابق افسران کی ایک تنظیم BYPOL کے رہنما الیگزینڈر آزاروف نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ اور پولینڈ کے نیوز چینل پر بات کرتے ہوئے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
عسکریت پسند تنظیم BYPOL بیلاروس کی حکومت کی مخالفت کرتی ہے اور اپوزیشن جماعتوں کی ہر قسم کی مدد کرتی ہیں جس پر حکومت نے تنظیم BYPOL کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا تھا۔
اسی طرح حزب اختلاف کے رہنما سویٹلانا تسخانوسکایا کے قریبی مشیر فرانک ویاکورکا نے بھی اپنی ٹویٹ میں تنظیم BYPOL کی جانب سے نایاب روسی طیارے کو اڑانے کے لیے ایک کامیاب خصوصی آپریشن کی تصدیق کی ہے۔
حزب اختلاف کے رہنما سویٹلانا تسخانوسکایا کے قریبی مشیر نے روسی طیارے پر حملے کو 2022 کے آغاز کے بعد سے سب سے بڑی کامیابی قرار دیا ہے تاہم روس اور بیلاروس کے حکام نے حملے کی تردید یا تصدیق نہیں کی۔

27 فروری؛ دراندازی کی شوقین بھارتی فوج کو ایک اور پڑوسی ملک سے ہزیمت کا سامنا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) 27 فروری کی تاریخ مودی سرکار اور بھارتی فوج کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہورہی ہے 27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے دھول چٹائی تھی تو آج 27 فروری 2023 کو ایک اور پڑوسی ملک نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے مغربی بنگال میں سرحدی خلاف ورزی کرتے ہوئے بنگلادیش کے حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
بنگلادیشی فوج کے اہلکار اس دراندازی پر الرٹ ہوگئے اور جوابی کارروائی کی جس پر بھارتی سیکیورٹی فورسز نے اپنی روایات کے عین مطابق فرار ہوکر اپنی جان بچانے میں ہی عافیت جانی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب بنگلادیشی کسان اپنے کھیتوں میں کام کر رہے تھے لیکن بھارتی بارڈر فورس نے اسے بھارتی سرزمین قرار دیا۔
جس پر بنگلادیشی کسان جو عرصہ دراز سے اس زمین پر کاشت کرتے آرہے ہیں نے شدید احتجاج کیا۔ بھارتی فوج اور کسانوں میں جھڑپ بھی ہوئی تھی۔
اسی موقع پر بنگلادیش کی سرحدی فورس کے اہلکار بھی پہنچ گئے اور بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کو پیچھے دھکیل دیا۔
خیال رہے کہ 27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے دراندازی کرنے والے بھارتی طیاروں کو مارگرایا تھا اور ایک پائلٹ کو حراست میں لے لیا تھا۔
آج اس واقعے کے 4 سال مکمل ہونے پر بھارتی فوج کو بنگلادیش نے پسپائی پر مجبور کردیا۔ بھارتی بارڈر فوج کے دو اہلکار شدید زخمی ہیں۔