ایم کیو ایم کا مردم شماری پر تحفظات کا اظہار، خود شماری کی تاریخ بڑھانے کا مطالبہ

کراچی: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینیئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے مردم شماری پر تحفظات کا اظہار کردیا۔
ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل مردم شماری شروع ہو چکی ہے، تین مارچ سے گھروں کو شمار کرنے کے لیے اہلکار آ ئیں گے، سندھ کے شہری علاقوں میں مردم شماری ایک بڑا مسئلہ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں پچاس سال پہلے کوٹہ سسٹم نافذ ہو گیا، میں اسکولوں میں پڑھایا جاتا تھا پاکستان کی آبادی20 فیصد شہروں اور 80 فیصد دیہاتوں میں رہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو آدھا دکھایا گیا۔
مصطفیٰ کمال نے خود شماری کی تاریخ بڑھانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ خانہ شماری کیلئے بھی کم از کم 10 دن دیے جائیں، 250 گھروں پر ایک بلاک بننا ہے، اطلاعات ہیں کہ 250 سے زائد گھروں پر بلاک بنا رکھا ہے، افسوس ہےکہ70سال بعدبھی یہ ڈر ہے کہ ہمیں کم گنا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ایسا کام ہوا جس سے اس شہر کے لوگوں میں کوئی بددلی پیدا ہوئی تو اس کا نقصان پورے پاکستان کو ہوگا۔

ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی، وزیر اعظم نے انتظامیہ کو فری ہینڈ دیدیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کیلئے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فری ہینڈ دے دیا۔
وزیراعظم کے زیر صدارت رمضان المبارک کے دوران بنیادی اشیائے خور و نوش کی دستیابی اور ان کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کر دی۔
شہباز شریف نے وفاق اور صوبوں میں ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فری ہینڈ دیتے ہوئے کہا کہ منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور زائد نرخ لینے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک سے قبل گوداموں، دکانوں اور منڈیوں میں آپریشن کلین اپ کریں، سیلاب، معاشی مشکلات میں پھنسے عوام سے رمضان میں جوزائد قیمت لے اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں، وزیراعظم نے وفاقی حکومت کو وزراء اعلیٰ کے ساتھ مل کر رمضان میں اشیاء کی فراوانی اور قیمتوں پر کنٹرول کا ٹاسک دے دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ عبادتوں کے مہینے میں جو روزے داروں کو تنگ کرے، اسے قانون کی طاقت سے سبق سکھائیں، اشیا کی طلب، رسد اور قیمتوں میں گڑ بڑ ہوئی تو متعلقہ علاقوں کے افسروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔
وزیر اعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خوراک کی کمی نہیں تو پھر مرغی کی قیمت میں اضافہ کیوں، جو عوام کو تنگ کرے ، قانون اسے گرفت میں لے، کوئی نرمی نہ برتی جائے، عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھانے والے منافع خوروں کو پکڑیں اور قانون کا سبق پڑھائیں۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ملک میں گندم سمیت اشیائے خور و نوش کی کہیں بھی کوئی قلت نہیں، ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز پر معیاری اشیا کی فراہمی یقینی ہونی چاہیے، ماہ مقدس میں موبائل یوٹیلیٹی سٹورز قائم کریں، سحر اور افطار میں روزہ داروں کی دعائیں لیں۔
وزیراعظم نے وفاق اور صوبوں میں سستے رمضان باز ار لگانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ رمضان بازار میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے۔

شاہ محمود کیساتھ جیل میں ناروا سلوک انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے: زین قریشی

اٹک: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی نے کہا ہے کہ والد شاہ محمود قریشی کے ساتھ جیل میں ہونے والا سلوک بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کی بدترین مثال ہے۔
اٹک جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زین قریشی نے کہا کہ جس دن عمران خان کو ڈاکٹروں نے کلین چٹ دی اسی دن وہ اس جیل بھرو تحریک کی قیادت کریں گے اور گرفتاری بھی دیں گے، شاہ محمود قریشی کو ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں قید تنہائی میں رکھ کر 302 کے قیدیوں سے بھی کم سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ان کو ڈسٹر کٹ جیل اٹک میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے بھی روک دیا گیا۔
زین قریشی نے مزید کہا کہ 40 سال سے شاہ محمود قریشی سیاست میں ہیں اور 11 مرتبہ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، دو مرتبہ وزیر خارجہ رہے ان کے ساتھ جیل میں ناروا سلوک آئین اور قانون کی خلاف ورزی اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کی بدترین مثال ہے، ہم حکومت سے کسی قسم کی مراعات کے طلبگار نہیں لیکن ایک عام قیدی کے برابر سہولیات ضرور چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت سے اپنے والد کیلئے کوئی اپیل نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی عدالت میں ان کی ضمانت اور رہائی کیلئے درخواست دائر کی ہے، پاکستا ن کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت شاہ محمود قریشی، مر کزی سیکرٹری جنرل اسد عمر، اعظم سواتی اور دیگر نے ازخود گرفتاریاں دی ہیں، اس سے قبل ہمیشہ کارکن ہی گرفتاریاں دیتے تھے۔
زین قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے خود گرفتاریاں دے کر نئی تاریخ رقم کی ہے، رانا ثناء اللہ ہوش کے ناخن لے اور اپنے رویے پر نظر ثانی کرے، کاش رانا ثناء اللہ نے جو وقت جیلوں میں گزارا اس سے کوئی سبق سیکھتا، ان کے پاس آج موقع تھا اس کے ساتھ جو برا ہوا وہ اس کی اصلاح کرتا، رانا ثناء اللہ پر وقت گزر گیا ہے، ہمارا بھی گزر جائے گا۔

وزراء کے غیر ملکی دوروں کے اخراجات کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزراء کے غیر ملکی دوروں کے اخراجات کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں کابینہ ڈویژن نے وزرا کے غیر ملکی دوروں کی تحریری تفصیلات ایوان میں پیش کر دیں، 25 وفاقی وزرا، وزرائے مملکت نے 2022 میں غیر ملکی دورے کئے۔
تحریری جواب کے مطابق وفاقی وزراء، وزرائے مملکت کے دوروں پر 6 کروڑ 52 لاکھ 11 ہزار 504 روپے اخراجات آئے، سب سے زیادہ اخراجات وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل کے غیر ملکی دوروں پر آئے۔
ایوان کو بتایا گیا کہ قادر پٹیل کے بیرون ملک دوروں پر 1 کروڑ 4 لاکھ 20 ہزار 163 روپے اخراجات آئے، اسحاق ڈار کے غیر ملکی دوروں پر 24 لاکھ 91 ہزار 289 روپے اخراجات آئے۔
تحریری جواب کے مطابق مفتاح اسماعیل کے غیر ملکی دوروں پر 45 لاکھ 69 ہزار 160 روپے اخراجات آئے، مریم اورنگزیب کے غیر ملکی دورے پر 6 لاکھ 49 ہزار 157 روپے اخراجات آئے۔

لاہور قلندرز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 201 رنز کا ہدف

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے 16ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 201رنز کا ہدف دے دیا ۔ لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 200رنز بنائے۔
لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز فخر زمان 36 جبکہ مرزا بیگ 20 سکور بنا کر آوٹ ہوئے۔عبد اللہ شفیق 45، سیم بلنگز33،حسین طلعت 6 اور ڈیوڈ ویزے 12 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹام کیورن نے 3،شاداب خان نے 2 ،ابرار احمد نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ نئی وکٹ ہے اس پر پہلے اپنی بیٹنگ کو ٹیسٹ کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری باولنگ لائن مضبوط ہے ،دوسری اننگز میں اپنی باولنگ پر انحصار کریں گے ، اس پچ پر 170 کا مجموعی سکور مناسب ہے ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ میں پہلے باولنگ کرنا چاہتا تھا ، اس پچ پر باولرز کو آغاز میں مدد ملے گی اور ہماری کوشش ہو گی کہ حریف ٹیم کے ان فارم بلے بازوں کو جلد آوٹ کر سکیں ۔

ضمنی انتخابات، 21 حلقوں میں پریذائیڈنگ افسروں کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات تفویض

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں 21 حلقوں میں پریذائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اوّل کے اختیارات تقویض کر دئیے گئے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس سلسلہ میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا، نوٹیفکیشن کے مطابق پریذائیڈنگ افسروں کو مجسٹریٹ درجہ اوّل کے اختیارات 15 سے 17 مارچ تک تقویض ہوں گے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ضمنی انتخابات 16 مارچ کو شیڈول ہیں۔

نواز، شہباز، زرداری نے ساری زندگی اداروں پر حملے کیے، فرخ حبیب

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ نواز شریف، شہباز شریف، زرداری نے ساری زندگی اداروں پر حملے کیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین پر عملدرآمد کرانے کے لیے شہباز شریف، الیکشن کمیشن، گورنرز رکاوٹ بن رہے ہیں، یہ کوئی پاناما کیس کی سماعت نہیں، آئین کی بالادستی کا کیس سنا جا رہا ہے۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ججز کو متنازع بنانے والی سیاسی جماعتیں جمہوریت پر حملہ کر رہی ہیں، چنوں، منوں پریس کانفرنسز کرنے کے بجائے بتائیں مہنگائی کب کم ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے 70 سالہ ریکارڈ توڑ دیئے گئے ہیں، بجلی، گیس، آٹا مہنگا ہو چکا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سچ بولنا جرم بن گیا ہے، عوام نے خوف کے بت توڑ دیئے ہیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ محسن لغاری کے سپوٹرز پر تشدد کرایا گیا، تحریک انصاف کے سپوٹرز کی کھڑی فصلوں کو آگ لگوائی گئی، اس کے باوجود محسن لغاری 35 ہزار ووٹوں سے کامیاب ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ لال کاٹا بند کمروں میں بیٹھ کر نہیں لگے گا، راجن پور کے عوام نے لال کاٹا پی ڈی ایم اور ان کے حمایتیوں پر لگایا ہے۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ آج جیل بھرو تحریک کا چھٹا روز ہے، جیل جانے والے کارکنوں کو سلام پیش کرتے ہیں، کارکنوں کو جیلوں میں ان کے حقوق فراہم نہیں کیے جا رہے، انہوں نے کہا کہ پرسوں خود فیصل آباد سے گرفتاری دوں گا۔
رہنما پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ 80 سالہ جنرل (ر) شعیب کو گرفتار کیا گیا، تنقید کرنا کیا بغاوت ہے؟

سادگی اقدامات پر مانیٹرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس، عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیر صدارت سادگی اقدامات پر مانیٹرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا، اجلاس میں اخراجات میں کمی اور سادگی کے اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
کابینہ کے سادگی اقدامات پر عملدرآمد بارے سیکرٹری خزانہ نے تفصیلی بریفنگ دی، سیکرٹری خزانہ نے کہا کہ وزارتوں اور ڈویژنز کو سادگی اقدامات پر عملدرآمد کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔
تمام وفاقی سیکرٹریز کو وزارتوں اور ڈویژنز کے کرنٹ بجٹ میں 15 فیصد کٹوتی کی ہدایات کمیٹی نے تمام وزارتوں کو اجلاس بلانے کی بجائے ٹیلی کانفرنس منعقد کرنے کی ہدایت کی۔
کمیٹی نے تمام وزراء سے لگژری گاڑیاں واپس لینے کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی۔

جیل بھرو تحریک، سرگودھا سے سابق صوبائی وزیر سمیت درجنوں کارکنوں نے گرفتاریاں دے دیں

سرگودھا: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے تحت سرگودھا میں سابق صوبائی وزیر، سابق ایم پی ایز سمیت درجنوں کارکنوں نے گرفتاریاں پیش کر دیں۔
پولیس نے 3 وینز میں بھر کر تحریک انصاف کے کارکنوں کو سلانوالی اور بھاگٹانوالہ کے تھانوں میں منتقل کر دیا، گرفتاریاں دینے والوں میں سابق صوبائی وزیر عنصر مجید خان نیازی، سابق ایم پی اے فیصل فاروق چیمہ، ملک شعیب اعوان، انصر اقبال ہرل، پیر فاروق بہاؤالحق، ذوالفقار باجوہ، خواجہ خان، نذیر سوبھی، ذوالفقار بھٹی، مہر محسن رضا، ذکا اللہ خان اور دیگر شامل ہیں۔
واضح رہے گزشتہ روز تحریک انصاف کی جانب سے شروع کی گئی جیل بھرو تحریک کے 5 ویں مرحلے میں گوجرنوالہ سے متعدد کارکنوں نے گرفتاری دی تھیں، اس سے قبل لاہور اور راولپنڈی سے بھی پی ٹی آئی کی جانب سے گرفتاریاں دی گئی ہیں، اس تحریک کا آغاز شاہ محمود قریشی کی گرفتاری سے ہوا تھا۔

اکشے کمار نے اپنی تین فلموں کی مسلسل ناکامی کا ذمہ دار خود کو قرار دے دیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ ایکشن اداکار اکشے کمار نے اپنی تین فلموں کی باکس آفس پر مسلسل ناکامی کا ذمہ دار خود کو قرار دیا ہے۔
اداکار کی نئی فلم ’سیلفی ‘ کو پہلے دن سے ہی شدید ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اس سے قبل رکھشا بندھن اور سمرات پرتھوی راج بھی کامیابی حاصل نہ کرسکی تھیں۔
ایک تازہ انٹرویو میں اداکار کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے میں سکون کے ساتھ جائزہ لوں کہ آخر ہمارے فلمی ناظرین کو کن چیزوں کی ضرورت ہے۔
اکشے کمار کا کہنا تھا کہ یہ کڑا وقت ان پر پہلی مرتبہ نہیں آیا ہے اس سے قبل ایک زمانے میں ان کی 16 فلمیں لگاتار فلاپ ہوئی تھیں۔
ادکار نے مزید کہا کہ پھر ایک زمانے میں ان کی آٹھ فلمیں مسلسل ناکامی سے دوچار ہوئی اور اب میری تین فلمیں باکس آفس پر اچھی کارکردگی نہ دکھا سکیں۔
اکشے کمار کا کہنا تھا کہ یہ سب میری اپنی وجہ سے ہوا ہے اس میں فلمی ناظرین کا کوئی قصور نہیں ہے، آپ کو حالات کے مطابق خود کو تبدیل کرنا پڑتا ہے اور ناظرین کی پسند کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ایک اداکار کوئی اسکرپٹ منتخب کرتا ہے تو پھر اسے اس کی تمام تر ذمہ داری بھی اٹھانی چاہئے۔

امریکی چڑیا گھر سے بار بار فرار ہونے والے ریچھ سے انتظامیہ پریشان

سینٹ لوئی: (ویب ڈیسک) امریکی چڑیا گھر سے فرار ہونے والے بھالو سے انتظامیہ پریشان ہوگئی ہے۔
یہ ایک اینڈیئن نسل کا ریچھ ہے جس کا نام بین ہے اور ایک ماہ میں دو مرتبہ اپنے پنجرے سے فرار ہوچکا ہے اور اس کا طریقہ واردات غیرمعمولی بھی ہے۔
اس سے پہلے وہ ایک گھنٹے کے لیے اپنے پنجرے سے باہر نکلا تھا اور صرف 100 میٹر کی دوری پر ہی موجود تھا۔ تاہم چار سالہ بین کو بے ہوش کرنے والا کارتوس مار کر واپس اس کے گھر مشکل سے پہنچایا گیا کیونکہ اس کا وزن اب بھی لگ بھگ 300 پاؤنڈ ہے۔
اس کے بعد سات فروری کو اس نے پنجرے کو جوڑنے والے دھاتی کلپس توڑ ڈالے اور دوبارہ فرار ہوگیا۔ اس مرتبہ بھی وہ زیادہ دور تو نہیں گیا لیکن ڈیڑھ گھنٹے کی چہل قدمی کے بعد دوبارہ اپنے گھر پہنچ گیا۔ اس دوران عوام کا داخلہ بند کردیا گیا اور خود عملے نے غیرمعمولی حفاظتی اقدامات اختیار کئے تھے۔
اب چڑیا گھر کی انتظامیہ نے ایک جانب تو اس بے چین ریچھ کے لیے جانوروں کے ماہرین سے مشورہ مانگا ہے تو دوسری جانب اس کے پنجرے کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔

اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا

عمان: (ویب ڈیسک) اسرائیل اور فلسطین کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت اسرائیل آئندہ 6 ماہ تک کسی بھی نئی بستی کی آبادکای کی منظوری نہیں دے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق معاہدے میں یہ طے بھی پایا ہے کہ 4 ماہ کے لیے کسی بھی نئے سیٹلمنٹ یونٹس کے قیام پر بات چیت نہیں ہوگی جب کہ اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیوں کی تعمیر کو چھ ماہ کے لیے روکنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
اردن میں ہونے والے مذاکرات میں اسرائیل اور فلسطینی حکام نے ملک میں بڑھتے ہوئے تشدد کو کم کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر عمل درآمد کا عہد بھی کیا اور رمضان میں ہونے والی ممکنہ کشیدگی سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ ماہ رمضان میں دنیا بھر سے مسلمان بڑی تعداد میں عبادت کے لیے مسجد اقصیٰ آتے ہیں اس لیے آخری عشرے میں یہودیوں کے داخلے پر پابندی ہوتی ہے تاہم انتہاپسند یہودی اس پابندی کو تسلیم نہیں کرتے اور مسجد میں داخل ہوجاتے ہیں جس سے کشیدگی اور تناؤ میں اضافہ ہوجا تا ہے۔
مذاکرات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ میزبان ملک اردن نے مصر اور امریکا کے ساتھ مل کر ان مفاہمتوں کو دونوں فریقوں کے درمیان تعلقات کو دوبارہ قائم کرنے اور گہرا کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
ادھر وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے بھی ایک بیان میں کہا کہ امریکا کے نزدیک اسرائیل اور فلسطین کے حکام کی ملاقات اور معاہدے پر اتفاق کو مستحکم امن کا نقطہ آغاز تسلیم کرتا ہے۔
مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین نے یکساں طور پر ایک مستحکم اور خوشحال مستقبل کے لیے آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں بہت کچھ کرنا ہے جس کے لیے فریقین نے اگلے ماہ دوبارہ ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔
تاہم حماس نے فلسطین اتھارٹی کے اسرائیل سے معاہدے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ بے ثمر ثابت ہوگا۔ اس معاہدے سے خطے کی صورت حال میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس کی حکمراں جماعت فتح نے معاہدے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کے درد اور قتل عام کے باوجود عقبہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ خونریزی کو ختم کرنے کی خواہش کا مظہر ہے۔
اسرائیل کے وزیر خزانہ بیزالیل اسموٹریچ جو مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کے نگراں بھی ہیں نے فوری طور پر کہا کہ وہ بستیوں کی تعمیر کو منجمد کرنے کے کسی معاہدے کی پاسداری نہیں کریں گے۔
بیزالیل اسموٹریچ نے مزید کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ اردن میں کیا بات ہوئی لیکن ایک چیز جو میں جانتا ہوں وہ یہ ہے کہ بستیوں کی تعمیر اور ترقی کا کام ایک دن کے لیے بھی نہیں روکے گا۔

ترکیہ پھر زلزلے سے لرز اُٹھا؛ ایک جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکیہ میں اس ماہ آنے والے دوسرے بڑے زلزلے کے جھٹکے میں کئی عمارتوں سمیت ایک فیکٹری منہدم ہوگئی جس میں دب کر ایک مزدور جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے صوبے مالاطیہ میں 5.6 شدت کے زلزلے کے جھٹکے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ اللہ اکبر کی صدائیں بلند کرتے عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
5.6شدت کے زلزلے کا مرکز صوبے مالاطیہ کے علاقے یشیلیورت میں زمین کی 6.96 کلومیٹر (4.32 میل) گہرائی میں تھا۔ زلزلے کے جھٹکے مالاطیہ سے جڑے دیگر 4 ہمسایہ صوبوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
ریسکیو ٹیم کے انچارج کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے ملبے سے ایک لاش نکالی گئی ہے جب کہ مجموعی طور پر 32 کو زندہ نکالا گیا ہے اور 110 افراد زخمی ہیں جنھیں مختلف اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
زلزلے کے جھٹکے اتنے طاقتور تھے کہ کئی عمارتیں ہلنے لگیں۔ ایک اندازے کے مطابق 10 سے زائد عمارتیں مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوگئیں جب کی ایک فیکٹری بھی زمین بوس ہوگئی۔
رواں ماہ کے آغاز میں ترکیہ اور شام میں آنے والے ہولناک زلزلے کے بعد سے اب تک صرف ترکیہ میں دس ہزار کے قریب آفٹر شاکس آئے جس میں آج آنے والا 5.8 شدت کا زلزلہ ہلاکت خیز ثابت ہوا ہے۔
یاد رہے کہ ترکیہ میں رواں ماہ کی 6 تاریخ کو آنے والے زلزلے میں 50 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ 7.6 شدت کے زلزلے میں زخمیوں کی تعداد لاکھ سے زیاد ہے اور 8 لاکھ افراد بے گھر ہوگئے تھے۔