راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز کے مضحکہ خیز بچگانہ مطالبات سے کام نہیں چلے گا، اب حکومت کو الیکشن کروانا پڑیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ راجن پور میں پی ٹی آئی کو تاریخی ووٹ ملے ہیں، بلاول اور مریم جو زبان ججوں کیخلاف استعمال کر رہے ہیں اُس سے آنیوالے الیکشن کا خوف ظاہر ہوتا ہے، ایک طرف کہتے ہیں فل کورٹ بنائی جائے، دوسری طرف 2 ججوں کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ صدر بھی الیکشن کی تاریخ دے سکتے ہیں، سپریم کورٹ اہم فیصلے کے قریب ہے، صدر نے اٹارنی جنرل پر عدم اعتماد اور سلمان راجہ کو وکیل مقرر کیا ہے۔
سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف بچت کا نعرہ ہے دوسری طرف 85 وزراء کا جمعہ بازار لگا ہے، 65 کروڑ روپے غیر ضروری وزراء نےغیرضروری دوروں پرخرچ کیے ہیں اس میں بلاول کے اخرجات شامل نہیں۔
Monthly Archives: February 2023
نگران حکومت کی تعیناتی، الیکشن کی تاریخ پرگورنر ایڈوائس کا پابند نہیں: سپریم کورٹ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کی تاریخ کے تعین کیلئے سپریم کورٹ آف پاکستان کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ نگران حکومت کی تعیناتی، الیکشن کی تاریخ پرگورنر کسی کی ایڈوائس کا پابند نہیں۔
ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 5 رکنی بینچ کر رہا ہے، 5 رکنی بینچ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس منیب اختر، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل شامل ہیں۔
گزشتہ روز سماعت کے آغاز سے قبل ہی 9 رکنی بینچ میں شامل جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس یحییٰ آفریدی نے کیس سننے سے معذرت کرتے ہوئے خود کو الگ کر لیا تھا۔
آج کی سماعت
آج کی سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ بار کے صدر عابد زبیری پر اعتراض اٹھا دیا، اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالتی حکم سے سپریم کورٹ بار کے صدر کا نام نکال دیا گیا تھا جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ جو عدالت میں لکھوایا جاتا ہے وہ عدالتی حکم نامہ نہیں ہوتا، جب ججز دستخط کردیں تو وہ حکم نامہ بنتا ہے۔
سپریم کورٹ بارکے صدر عابد زبیری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ ماضی میں قرار دے چکی ہے کہ انتخابات 90 دن میں ہی ہونے ہیں۔
جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ نوے روز کا وقت اسمبلی تحلیل کے ساتھ شروع ہوجاتا ہے، اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد وقت ضائع کرنے کی کیا ضرورت ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ کیا نگران وزیر اعلیٰ الیکشن کی تاریخ دینے کی ایڈوائس گورنر کو دے سکتا ہے، کیا گورنر نگران حکومت کی ایڈوائس مسترد کرسکتا ہے؟، اس پر عابد زبیری نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ اور نگران سیٹ اپ کا اعلان ایک ساتھ ہوتا ہے، الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار گورنر کا ہے نگران وزیر اعلیٰ کا نہیں۔
جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ آئین واضح ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے پر گورنر تاریخ دے گا، گورنر کا تاریخ دینے کا اختیار دیگر معمول کے عوامل سے مختلف ہے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ کیا نگران حکومت پر پابندی ہے کہ گورنر کو تاریخ تجویز کرنے کا نہیں کہہ سکتی، کیا گورنر کو اب بھی سمری نہیں بھجوائی جا سکتی؟۔
اس پر عابد زبیری نے کہا کہ آئین کی منشاء 90 دن میں انتخابات ہونا ہے، نگران کابینہ نے آج تک ایڈوائس نہیں دی تو اب کیا دے گی، چیف جسٹس بولے کہ نگران کابینہ کی ایڈوائس کے اختیار پر اٹارنی جنرل کو بھی سنیں گے۔
توشہ خانہ کیس: عمران خان کیوں پیش نہیں ہوسکتے؟ عدالت شدید برہم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں ان کے وکیل نے سماعت 5 دن کے لیے ملتوی کرنے کی استدعا کر دی جس پر جج نے برہمی کا اظہار کیا۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں سابق وزیراعظم کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق فوجداری کیس کی سماعت ہوئی جس میں ان کے وکیل علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے جبکہ الیکشن کمیشن کی طرف سے سعد حسن بطور وکیل پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت الیکشن کمیشن اور عمران خان کے وکیل کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس میں سابق وزیراعظم کے وکیل نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے کہا کہ آپ الیکشن کمیشن کے وکیل ہیں، وکیل ہی رہیں، ترجمان نہ بنیں۔
علی بخاری نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کچھ دیر پہلے لاہور سے نکل پڑے ہیں، انہیں آج جوڈیشل کمپلیکس کی دو عدالتوں میں پیش ہونا ہے، وہ آج اس عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں گے۔
عمران خان کے وکیل نے سماعت 5 دن کے لیے ملتوی کرنے کی استدعا کی تو جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کونسا طریقہ ہے، عمران خان 11 کورٹس میں پیش ہو سکتے ہیں، کچہری میں نہیں، عمران خان جوڈیشل کمپلیکس پیش ہوجائیں گے اِدھر کے لیے ٹائم نہیں بچے گا، یہ کونسا طریقہ ہے، ادھر فرد جرم عائد ہونا ہے ادھر آجائیں، فرد جرم عائد ہو جائے پھر چلے جائیں۔
جج کے ریمارکس پر علی بخاری نے کہا کہ خواجہ حارث اس کیس میں عمران خان کے وکیل ہیں، آج یہاں اس عدالت میں پیش ہونے کے لیے وہ دستیاب نہیں ہیں۔
بعد ازاں ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں آج پھر طلب کرتے ہوئے سماعت میں وقفہ کر دیا۔
عمران خان کیخلاف اقدامِ قتل کا کیس، سماعت میں 12 بجے تک وقفہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف اقدامِ قتل کے کیس کی سماعت میں 12 بجے تک وقفہ کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف اقدامِ قتل کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سردار مصروف ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں پیش ہوگئے۔
جج نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سے استفسار کیا کہ عمران خان عدالت کب تک آئیں گے؟
وکیل سردار مصروف نے بتایا کہ عمران خان لاہور سے نکل چکے ہیں، وہ براستہ سڑک اسلام آباد آ رہے ہیں۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد میں عمران خان پہلے بینکنگ کورٹ جائیں گے، پھر کچہری آئیں گے، ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا، کچہری میں پیش ہونے کا ایک وقت نہیں بتا سکتا، تاہم وہ عدالتی وقت کے اندر کچہری میں پیش ہو جائیں گے۔
مدعی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ایک وقت دے دیں، ہم آپ کا انتظار نہیں کر سکتے۔
اسلام آباد کی سیشن عدالت نے سماعت میں 12 بجے تک وقفہ کر دیا۔
کراچی: نجی سکول سسٹم کے عہدیدار خالد رضا کے قتل کا مقدمہ درج
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں نجی سکول سسٹم کے عہدیدار خالد رضا کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گلستان جوہر میں 2 روز قبل نجی سکول سسٹم کے عہدیدار خالد رضا کی ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ گلستان جوہر تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔
مقدمہ الزام نمبر 131/23 قتل کی دفعات کے تحت مقتول کے بھائی سید تنویر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقتول کو اتوار کی شب 8 بجکر 12 منٹ پر گھر کے باہر موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔
مقدمہ کے متن میں مقتول کے بھائی نے بیان دیا کہ اسے اچانک فائرنگ کی آواز آئی اور گلی میں شور شرابہ شروع ہو گیا جس کے بعد اس نے گھر سے دیکھا تو موٹرسائیکل پر سوار 2 ملزمان تیزی سے روڈ کی طرف بھاگتے نظر آئے۔
مقتول کے بھائی نے بیان میں کہا کہ میں گھر سے باہر آیا تو دیکھا کہ میرا بھائی خالد رضا خون میں لت پت پڑا ہے، میں اپنے بھائی کو سچل گوٹھ کے قریب واقع نجی ہسپتال لے گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ سر پر گولی لگنے کے باعث خون زیادہ بہہ جانے سے بھائی انتقال کر گیا ہے۔
بلوچستان کے ضلع خضدار میں زلزلے کے جھٹکے
خضدار : (ویب ڈیسک) صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جن کی شدت 3.5 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق پیر کی رات ضلع خضدار میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جن کی شدت 3.5 اور گہرائی 40 کلومیڑ زیر زمین ریکارڈ کی گئی، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز خضدار سے 150 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ
لاہور: (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش نے موسم کو سرد کر دیا جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں شیخوپورہ، مریدکے، کندیاں، سانگلہ ہل، کمالیہ، کالا شاہ کاکو، فاروق آباد اور ان کے ملحقہ علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔
دریں اثناء محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمالی بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں پہاڑوں پر برفباری کے ساتھ ہلکی بارش / آندھی / گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
بیٹے کو جیل بھرو تحریک میں شرکت سے منع کیا تھا: ولید اقبال کی والدہ کا بیان
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ولید اقبال کی والدہ جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ اقبال نے پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ اقبال نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا نام لئے بغیر کہا کہ جو لیڈر بنا بیٹھا ہے وہ تو ضمانت قبل از گرفتاری لے کر گھر بیٹھا ہوا ہے اور باقیوں کو کہتا ہے جیل جاؤ۔
انہوں نے کہا کہ بیٹے کو جیل بھرو تحریک میں شریک ہونے سے منع کیا تھا۔
جسٹس (ر) ناصرہ اقبال نے مشورہ دیا کہ پی ٹی آئی کو اس وقت الیکشن مہم چلانی چاہیئے، عوام کے خرچے پر جیل میں بیٹھنے کی حکمت سمجھ سے بالاتر ہے۔
عمران خان کی جان کو خطرہ، دوبارہ حملہ ہوا تو قوم باہر نکل آئیگی: مسرت جمشید
لاہور: (ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف اور سابق ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی سکیورٹی کے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں، کارکنان چیئرمین پی ٹی آئی کی حفاظت کے لیے پہنچ جائیں۔
لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی کی لاہور سے اسلام آباد روانگی کے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ اور ان کے لوگوں نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے، یہ لوگ ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، آج مہنگائی سے بچنے کے لیے پاکستان کے محب وطن لیڈروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری کی دھمکیوں کو دیکھیں، عمران خان پر کسی بھی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کریں گے، کوئی بھی کارروائی ہوتی ہے تو وہی لوگ ذمے دار ہوں گے جو پہلے نامزد کیے گئے تھے۔
مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو نقصان پہنچانا پاکستان کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، خدا نہ کرے عمران خان کو کُچھ ہوا تو عوام خود بخود سڑکوں پر نکلے، تحریک انصاف کے چیئرمین کو ہٹانا پاکستان پر کاری ضرب لگانے کے مترادف ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے عدالت سے اپیل کی کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو پیشی سے استثنیٰ دیا جائے، ان کی جان کو خطرہ ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پیشی کیلئے لاہور سے اسلام آباد روانہ
لاہور : (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان 4 کیسز میں پیشی کے لیے زمان پارک لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئے۔
یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف آج اسلام آباد کی عدالتوں میں 4 مختلف کیسز کی سماعت ہوگی اور سابق وزیر اعظم انسداد دہشت گردی، بینکنگ کورٹ سمیت سیشن کورٹ کے 2 کیسز میں پیش ہوں گے۔
عمران خان بذریعہ موٹر وے شہرِ اقتدار اسلام آباد پہنچیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ میاں اسلم اقبال، مسرت جمشید چیمہ و دیگر رہنما اور کارکنان قافلے کی صورت میں روانہ ہوئے، ان کے ساتھ انکی ذاتی سکیورٹی اور جیمرز کی گاڑیاں بھی موجود ہیں۔
سابق وزیراعظم کا راولپنڈی اور اسلام آباد میں استقبال کرنے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں، عمران خان بینکنگ کورٹ میں پیشی کے بعد لاہور واپس آئیں گے، لاہور واپس آکر زمان پارک میں ہی رہیں گے۔
عمران خان کی پیشی کے موقع پر فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جوڈیشل کمپلیکس اور اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف کی سڑکوں کو خار دار تار لگا کر بلاک کیا گیا ہے جبکہ غیر متعلقہ افراد کے جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔
پاکستانی سفارتخانے کے حکام کی بحری جہاز میں بچ جانے والے 16 پاکستانیوں سے ملاقات
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) روم میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے بحری جہاز میں بچ جانے والے 16 پاکستانیوں سے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اٹلی کے ساحل پر ڈوبنے والے بحری جہاز میں سوار پاکستانیوں کے کیس کی بھرپور طریقے سے پیروی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بحری جہاز کے حادثے میں بچنے والے پاکستانی بہتر جسمانی حالت میں لگ رہے ہیں، زندہ بچنے والے پاکستانیوں کے مطابق جہاز پر 20 پاکستانی سوار تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سفارت خانہ اطالوی حکام سے 4 لاپتہ پاکستانیوں کی تصدیق کے لیے قریبی رابطے میں ہے۔
بیوروکریٹ کی بیٹی کی شادی، ایک ارب نوے کروڑ کی سلامی: خواجہ آصف
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک بیوروکریٹ کی بیٹیوں کی شادی پر ایک ارب 90 کروڑ تک کی سلامیاں اکھٹی کی گئی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے خود بتایا کہ وہ ایک بیوروکریٹ کی بیٹی کی شادی پرگئے ہوئے تھے جہاں ان کے حلقےکا بندہ سلامی اکٹھی کر رہا تھا، ان کے پوچھنے پر اس نے بتایا کہ 72 کروڑ سے زائدکی سلامی ملی ہے اور ابھی ’میٹر ‘جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسی بیوروکریٹ کی پہلی بیٹی کی شادی پر ایک ارب 20 کروڑ روپے سلامی ملی، زیور اورگاڑیاں اس کےعلاوہ دی گئی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہی بیوروکریٹ 21،22 گریڈ پر آج بھی ملازمت کر رہا ہے، آج تک کسی نے اس بیوروکریٹ سے سوال کیا؟
لاہور قلندرز کی اسلام آباد یونائیٹڈ کو 110 رنز سے شکست
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ 8 میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 110 رنز سے شکست دے دی۔
قذافی اسٹیٹیم لاہور میں کھیلے گئے 16 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ 90 رنز بنا کر 14 ویں اوور میں آؤٹ ہوگئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رحمان اللہ گرباز 23 اور کولن منرو 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ٹام کرن 10، کپتان شاداب خان، اعظم خان اور حسن علی 4،4 جبکہ آصف علی اور ریسی وین ڈر ڈوسین 3،3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے ڈیوڈ ویزے نے 3، راشد خان اور سکندر رضا نے 2،2 جبکہ حارث رؤف اور زمان خان نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز اسکور کیے تھے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ فخر زمان 36، سیم بِلنگز 33، مرزا بیگ 20، راشد خان 18، ڈیوڈ ویزے 12 اور حسین طلعت 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سکندر رضا 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹام کرن نے 3، شاداب خان نے 2 جبکہ حسن علی اور ابرار احمد نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔