اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے موسم گرما میں لوڈ شیڈنگ کم کرنے اور رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار میں بجلی بند نہ کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت رواں سال موسمِ گرما میں بجلی کی فراہمی اور پاور سیکٹر کے مختلف منصوبوں پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف نے رواں سال موسمِ گرما میں کم سے کم لوڈشیڈنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران سحور و افطار میں کوئی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے جبکہ سرکاری عمارتوں کی سولرآئیزیشن کی رفتار کو تیز کیا جائے۔
وزیراعظم نے تھر مٹیاری پانچ سو کے وی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے عمل میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کام مقررہ مدت میں پورا کیوں نہیں ہوا، مںصوبے میں غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔ شہباز شریف نے این ٹی ڈی سی بورڈ کی ازسر نو تشکیل کی بھی ہدایت کی۔
Monthly Archives: February 2023
عام آدمی پارٹی کے کرپشن کے الزام میں گرفتار وزرا نے استعفیٰ دیدیا
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی دارالحکومت کی حکمراں جماعت عام آدمی پارٹی کے کرپشن الزامات میں گرفتار دو وزرا منیش سسودیا اور ستیندر جین نے وزارتوں سے استعفیٰ دیدیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور نئی دہلی کے وزیراعلیٰ کیجریوال نے استعفے قبول کرکے منیش سسودیا کا عہدہ کیلاش گیلوت جب کہ ستیندر جین کی جگہ راج کمار کو اضافی قلمدان سونپ دیا۔
تاہم عام آدمی پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان وزارا کے مستعفی ہونے کا مطلب جرم قبول کرنا نہیں بلکہ انتظامی اقدام ہے۔ مقدمات میں سرخرو ہونے کے بعد واپس آسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ منیش سسودیا کو دو روز قبل دہلی شراب پالیسی کیس میں بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جب کہ ستیندر جین 10 ماہ سے منی لانڈرنگ کے الزام میں جیل کاٹ رہے ہیں۔
مستعفی وزیر منیش سسودیا کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ کیجریوال کا دائیں ہاتھ ہیں اور نئی دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ کے ساتھ 18 وزارتوں کے انچارج رہے تھے جن میں منیش سسودیا کی وزارت صحت بھی شامل ہے۔
منیش سسودیا نے وزیراعلیٰ کیجریوال کو کابینہ معاملات سے آزاد رکھا ہوا تھا تاکہ پارٹی سربراہ کی حیثیت سے اروند کیجریوال ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے انتخابات میں بھرپور حصہ لے سکیں۔
خیال رہے کہ یہ استعفے اس وقت سامنے آئے جب بی جے پی نے سوال کیا کہ گرفتار وزرا اب بھی دہلی حکومت میں کیوں ہیں۔
نئی دہلی حکومت کی کابینہ میں اب پانچ وزیر ہیں جن میں کیجریوال بھی شامل ہیں تاہم انھوں نے کوئی وزارت نہیں لی ہے۔
بھارتی اداکارہ سمانتھا رتھ فلم شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئیں
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ سمانتھا رتھ پرابھو فلم کی شوٹنگ کے دوران اپنے آپ کو زخمی کرا بیٹھی ہیں۔
وہ اداکار ورون دھون کے ساتھ امریکی سیریز ’سائیٹیڈل‘ کی انڈین ری میک کی شوٹنگ میں مصروف تھی جب حادثہ پیش آیا۔
سمانتھا رتھ پرابھو نے سوشل میڈیا پر اپنے زخموں کی تصویر شیئر کی ہے جس میں زخموں کے نشان واضح نظر آرہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اداکارہ کو مارشل آرٹ کی ٹریننگ کے دوران یہ زخم آئے ہیں اور وہ فلم میں بھرپور ایکشن میں نظر آئیں گی۔
انڈین فلم میں بھرپور ایکشن دکھانے کیلئے فلم بنانے والوں نے ہالی وڈ سے ایکشن ڈائریکٹر کو ٹریننگ کیلئے بلایا ہے۔
کچھ عرصہ قبل اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہیں ایک اسٹنٹ پرفارمر کے ساتھ ٹریننگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
960 افراد کا بیک وقت کروشیا کرنے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ
ڈربی: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں کریشیا کے شوقین 960 افراد نے ایک جگہ جمع ہوکر بیک وقت کریشیا کر کے گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز نے برطانیہ کے شہر ڈربی میں قائم ڈربی ارینا میں بی بی سی ریڈیو ڈربی کی جانب سے منعقد کی جانے والی ایک تقریب میں ریکارڈ کی تصدیق کی۔
تقریب میں 960 افرد نے بیک وقت کریشیا کر کے 2017 میں آسٹریلیا میں بنایا جانے والا 604 افراد کا ریکارڈ توڑا۔
یہ تقریب بی بی سی ریڈیو ڈربی کے ’میک اے ڈفرینس: میک اے بلینکٹ‘ کمپین کا اختتام تھی جس میں کریشیا کرنے والوں نے ملک بھر سے بُنے ہوئے اور کریشیا کیے ہوئے کمبل ضرورت مند افراد کے لیے بھیجے۔ اس مہم کے نتیجے میں تقریباً 2000 گھر کے بنے ہوئے کمبل جمع ہوئے جن کو عطیہ کر دیا گیا۔
الیکشن کی تیاری کریں، عوام سے رابطے بڑھائیں: مریم نواز کی کارکنوں کو ہدایت
ساہیوال: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ الیکشن کی تیاری کریں، عوام سے رابطے بڑھائیں۔
مریم نواز نے ساہیوال میں مرکزی تنظیم کے اجلاس میں خطاب میں کارکنوں کو ہدایت کی کہ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی لانے والے کرداروں کے نام بتائیں۔
مریم نے کہا کہ جتنی بڑی تعداد میں خواتین اور نوجوان تنظیمی کنونشنز میں آرہے ہیں، یہ اصل تبدیلی ہے، عوام کو مسائل سے نکالنے میں تاریخی کردار ادا کرنا ہے۔
پاکستان میں فی تولہ سونا مہنگا ہوگیا
کراچی: (ویب ڈیسک) ڈالر کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں بھی آج اضافہ ہوا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 300 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 94 ہزار 400 روپے ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ 10 گرام سونے کی قیمت257 روپے اضافے سے ایک لاکھ 66 ہزار 666 روپے ہوگئی ہے۔
عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 2 ڈالر کم ہوکر 1810 ڈالر فی اونس ہے
ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر مہنگا کردیا گیا، نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے مائع پیٹرولیم گیس ( ایل پی جی) کی قمیت میں پھر اضافہ کردیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یکم مارچ سے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 136 روپے 44 پیسے مہنگا کردیا گیا۔
ایل پی جی کے 11.8کلو کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت3277 روپے 73 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق فی کلو ایل پی جی 11 روپے 56 پیسے مہنگی ہوئی ہے اور نئی قیمت 277 روپے77 پیسے فی کلو ہے۔
پٹرول کی قیمت میں 13 روپے تک اضافے کا امکان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کی سمری حکومت کو بھجوا دی۔ پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 60 پیسے تک اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں سے متعلق دو تجاویز بھجوائیں جس میں پیٹرول اور ڈیزل پر دو سے 5 فیصد فی لیٹر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویزبھی شامل ہے۔
دو فیصد جی ایس ٹی عائد کرنے پر پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے جبکہ 5 فیصد جی ایس ٹی عائد ہونے کی صورت میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 13 روپے 60 پیسے تک اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیزل پر 5 سے 10 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنے اور ڈیزل کی قیمت میں 10 سے 15 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کی تجویز بھی بھجوائی گئی ہے۔
اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کی بھی تجویز دی ہے۔ گزشتہ 15 روز میں عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 74 ڈالر فی بیرل تک رہی۔عالمی منڈیوں کے تناسب سے ٹیکس عائد کر کے بھی قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد کریں گے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12بجے تک ہونے کا امکان ہے۔
بی آئی ایس پی کی رقم 7 سے بڑھا کر 9 ہزار کردی گئی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی کے تحت ملنے والی سہ ماہی رقم حکومت کی جانب سے سات سے بڑھا کر نو ہزار روپے کر دی گئی ہے، بڑھی ہوئی رقم جنوری 2023ء سے لاگو کر دی گئی، مارچ میں یہ رقم بڑھی ہوئی ملے گی۔
وفاقی وزیر چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی 90 لاکھ خان دانوں کی مالی معاونت کر ریا ہے، 28 ہزار سالانہ کی مالی امداد سہ ماہی اقساط کی صورت میں دی جاتی ہے، حکومت نے سہ ماہی قسط 7 ہزار سے بڑھا کر 9 ہزار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں ںے بتایا کہ یہ فیصلہ غربت زدہ خان دانوں کو مہنگائی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کی کوشش ہے، بے نظیر نشوونما پروگرام کے ذریعے مستحق حاملہ خواتین، بچوں کو دودھ پلانے والی ماؤں کو بھی مدد فراہم کی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دو سال کی عمر کے بچوں کو معیاری خوراک کے ساشے مہیا کیے جاتے ہیں، اس کے علاوہ 70 لاکھ مستحق بچوں کو بے نظیر تعلیمی وظائف بھی دئیے جاتے ہیں، تعلیمی وظائف سے اسکولوں میں داخلے بڑھے ہیں اور ڈراپ آوٹ میں کمی آئی ہے۔
سپریم کورٹ: صدر نے کے پی الیکشن کی تاریخ دیکر آئینی اختیار سے تجاوز کیا: عارف علوی کے وکیل کا اعتراف
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کی ایڈوائس واپس لینے کا فیصلہ کر لیا۔
صدر مملکت کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا کہ صدرمملکت نےفیصلہ کیاہے کے پی میں انتخابات کی تاریخ کا نوٹیفکیشن واپس لے لیں۔
انہوں نے بتایا کہ صدر مملکت کا کہنا ہے کہ کے پی میں گورنر نے اسمبلی تحلیل کی تو صوبے میں انتخابات کی تاریخ دینا بھی گورنر ہی کا اختیار ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ اب تک صدر مملکت نے کےپی کی حد تک ایڈوائس واپس کیوں نہیں لی؟ اس پر وکیل نے جواب دیا کہ صدر مملکت جلد ایڈوائس واپس لیں گے۔
صدر کے وکیل نے اعتراف کیا کہ صدر کے پاس کے پی میں انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار نہیں تھا، انہوں نے کے پی میں تاریخ دے کر آئینی اختیار سے تجاوز کیا۔
اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ کیا صدر نےتاریخ کا اعلان کرکے ہائیکورٹ کے فیصلے کی توہین نہیں کی؟
وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ صدر مملکت ہائیکورٹ میں فریق نہیں تھے۔
لاڈلے کو ریلیف پر ریلیف ملنے سے نظام انصاف پر سوالات اٹھتے ہیں: امیر مقام
نوشہرہ: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ لاڈلے کو ریلیف پر ریلیف ملنے سے نظام انصاف پر سوالات تو اٹھتے ہیں۔
نوشہرہ کلاں کے علاقے کابل ریور میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر اور مشیر وزیر اعظم پاکستان انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پی ڈی ایم پاکستان کو بچانے کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا سیاسی، معاشی اور اقتصادی عدم استحکام کے ذمہ دار عمران خان اور ان کا نااہل ٹولہ ہے، ملک میں کمر توڑ مہنگائی ہے، مہنگائی کی ذمہ داری بھی ان پر عائد ہوتی ہے، عمران خان کی جیل بھرو تحریک جیل ڈرو تحریک بن گئی ہے۔
سپریم کورٹ کو تقسیم کرنا (ن) لیگ کی پرانی اسٹرٹیجی ہے: فواد چودھری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ الیکشن 90 دن کے اندر ہر صورت ہونے ہیں، انتخابات کا اعلان کس نے کرنا ہے اس نقطے پر زیادہ بحث رہی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا اہم کیس ہے، ہم بھی چاہتے ہیں سب کا اتفاق رائے ہو، ان کے مطالبات یہ ہیں کہ پہلے عمران خان کو ڈس کوالیفائی کرو پھر نواز شریف کے کیسز معاف ہونے چاہیئں، ان حالات میں کیسے اتفاق رائے ہو گا، شریف فیملی نے اپنے آپ کو جنرل ضیاالحق کا جانشین ثابت کیا ہے، زرداری صاحب جنرل ضیا الحق کو اپنا پیر مان چکے ہیں۔
سابق وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ آئین کی محافظ ہے، آئین کی حفاظت کیلئے سپریم کورٹ نے قدم اٹھایا، مسلم لیگ کی جانب سے سپریم کورٹ کو تقسیم کرنا پرانی اسٹرٹیجی ہے، مسلم لیگ (ن) ججز کو تقسیم کر کے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے، عوام سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ سب کو پتا ہے سپریم کورٹ میں تقسیم بڑھانے میں کون سے گروپ کام کر رہے ہیں، فل کورٹ میٹنگ میں ججز اپنے اختلافات کو دور کریں، ہمارا مطالبہ ہے انتخابات 90 دن سے آگے کسی صورت نہیں جا سکتے۔
پی ایس ایل 8، راولپنڈی کے میچز میں سپائیڈر کیم کی سہولت میسر نہیں ہو گی
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ 8 کے راولپنڈی میں ہونے والے میچز میں سپائیڈر کیم کی سہولت میسر نہیں ہو گی۔
ذرائع کے مطابق براڈ کاسٹرز نے سپائیڈر کیم راولپنڈی سٹیڈیم میں نہ لگانے کے فیصلے سے پی سی بی کو آگاہ کر دیا۔
براڈ کاسٹرز نے موقف اختیار کیا ہے کہ سٹیڈیم میں پتنگیں کٹ کر گرتی ہیں، دھاتی ڈور سے سپائیڈر کیم کی تاریں ٹوٹ جاتی ہیں، نقصان ہوسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے براڈ کاسٹرز کو راولپنڈی سٹیڈیم میں سپائیڈر کیم نہ لگانے کی منظوری دے دی.ہے۔