مزدور کی تنخواہ 35 ہزار روپے مقرر کی جائے: آصف علی زرداری

کراچی: (ویب ڈیسک) پٹرول کی قیمت بڑھنے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری نے مزدور کی تنخواہ 35 ہزار روپے مقرر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنی اتحادی حکومت کو تجویز دی ہے کہ مزدور کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 35 ہزار روپے مقرر کی جائے، 35 ہزار لازمی تنخواہ مقرر کرنے کا سرکاری سطح پر فیصلہ کیا جائے۔
آصف زرداری نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر حکومت عوام کی مشکلات کے ازالے کیلئے دور رس اقدامات اٹھائے، عوامی مسائل حل کرنا، ریلیف دینا حکومت کی ذمےداری ہے۔

انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 1.75 روپے کم، اوپن مارکیٹ میں بدستور اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں ڈالر کی قیمت روپے کے مقابلے میں بلند ترین شرح پر ہے، تاہم مسلسل اضافے کے رجحان کے بعد آج انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 1.75 روپے کم جب کہ اوپن مارکیٹ میں بدستور 1.50 روپے بڑھ گئی۔
ڈالر طویل دورانیے کی اُڑان کے بعد منگل کے روز ریورس گیئر میں آگیا اور سپلائی قدرے بہتر ہونے سے انٹربینک میں 2 ماہ بعد ڈالر کی قدر میں کمی واقع ہوئی۔ جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 269 اور 268روپے سے نیچے آگئے جب کہ اسکے برعکس اوپن ریٹ بڑھ کر 275 اور 276روپے سے بھی تجاوز کرگیا۔
انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کی ابتدا میں ڈالر کے انٹربینک 33پیسے بڑھ کر 270روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا لیکن اس کے بعد اتارچڑھاؤ کے رحجان سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 4روپے 18پیسے کی کمی سے 265روپے 65پیسے پر آگیا تھا، اس کے بعد معمولی ریکوری کے ساتھ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر1روپے 63پیسے کی کمی سے 268روپے پر ٹریڈ ہوا۔
کاروبار کے اختتام تک ڈالر کے انٹربینک ریٹ 1.75روپے کی کمی سے 267.88روپے کی سطح پر بند ہوئے۔ اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 1روپے 50پیسے اضافے سے 276.50روپے کی سطح پر بند ہوا۔

سابق اولمپئین خواجہ جنید پر تاحیات پابندی لگادی گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سابق اولمپئین و مینجر قومی ٹیم خواجہ جنید پر تاحیات پابندی لگادی۔
خواجہ جنید ایشیاء کپ کے دوران پاکستان ہاکی ٹیم کے مینجر تھے اور ایشیاکپ کے دوران جاپان کے خلاف میچ میں 12 کھلاڑیوں کو فیلڈ میں اتارنے کا واقع پیش آیا جس کے باعث قومی ٹیم کا ایک گول ڈسکوالیفائی کردیا گیا اور یوں پاکستان ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے سے ناکام رہا۔
سابق سیکریٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے معاملہ کی انکوائری کے لیے کمیٹی تشکیل دی، خواجہ جنید نے انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے قبل استعفیٰ پیش کردیا تھا۔
ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری حیدر حسین نے دوبارہ کمیٹی کی رپورٹ طلب کی، کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں اولمپئن خواجہ جنید پر تاحیات پابندی لگا دی گئی ہے۔
پی ایچ ایف لیگل ایڈوائزر میاں علی اشفاق کا موقف ہے کہ خواجہ جنید کی وجہ سے بہت جگ ہنسائی ہوئی۔ انہوں نے مِس کنڈکٹ کا مظاہرہ کیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی نہ کرسکا۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (آئی ایچ ایف) قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ کمیٹی نے خواجہ جنید کو بلایا گیا لیکن وہ نہیں آئے، جس کے باعث خواجہ جنید ہاکی کی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
جاپان کے خلاف میچ میں 12 کھلاڑیوں کو کھلانے کا معاملہ سنجیدہ تھا، کمیٹی میں خواجہ جنید پیش نہ ہوئے انہوں نے واٹس ایپ کے ذریعے بتایا وہ زمہ دار نہیں ہیں۔ایف آئی ایچ کے قوانین کے مطابق تمام معاملات کاذمہ دارمینجر ہوتا ہے، پی ایچ ایف صدر نے پابندی کی منظوری دے دی ہے۔

پٹھان کا 5 دن میں 500 کروڑ سے زائد کا ریکارڈ بزنس، کنگ خان مداحوں کے شکرگزار

ممبئی: (ویب ڈیسک) شاہ رُخ خان نے پٹھان کی شاندار کامیابی پر بھارتی میڈیا کے ساتھ کانفرنس کرتے ہوئے دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
شاہ رُخ خان اور فلم کی مرکزی کاسٹ میں شامل دیپیکا اور جان ابراہم نے پٹھان کی کامیابی کا جشن مناتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کی، شاہ رُخ خان کا فلم کی کامیابی پر کہنا تھا کہ یہ تو صرف ان کی واپسی کی شروعات ہے پکچر تو ابھی باقی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کے کنگ شاہ رُخ خان، دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم کی بلاک بسٹر فلم ’پٹھان‘ نے ریلیز کے پانچویں دن دنیا بھر سے 500 کروڑ سے زائد کما کر دیگر تمام فلموں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
شاہ رُخ خان کا فلم کی بائیکاٹ پر کہنا تھا کہ ’کچھ ایسی چیزیں ہو سکتی تھیں جو اس خوشگوار نمائش کی راہ میں رُکاوٹ بن جاتیں مگر میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہر طرف سے ہمیں بہت پیار مل رہا ہے اور ہمارے پاس شکریہ ادا کرنے کے الفاظ نہیں ہیں۔‘
فلم کو مذہبی انتہا پسندی کا شکار بنا کر بائیکاٹ مہم کرنے والوں کو شاہ رُخ خان نے پیغام دیا کہ ’دیپیکا امر ہے میں اکبر اور جان انتھونی ہے ہم میں کوئی فرق نہیں اور یہی ہماری فلم انڈسٹری ہے جس میں ہر مذہب کے لوگ شامل ہیں‘۔
شاہ رُخ خان نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے کچھ سالوں کیلئے اداکاری سے بریک لیا تھا اور جس طرح کورونا کے بعد فلم انڈسٹری پر زوال آیا تھا اور اپنی پچھلی فلموں کی ناکامی کے بعد انہوں نے اداکاری چھوڑ کر اپنا ریسٹورنٹ کھولنے کا سوچ لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پٹھان نے بالی ووڈ کو بھر سے ایک نئی زندگی بخش دی ہے سنیما گھروں کو نئی زندگی دینے پر ہم اپنی ٹیم کی جانب سے آپ سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
دوسری جانب بھارت سمیت دنیا بھر میں پٹھان نے خوب نام کمایا ہے انڈونیشیا سمیت کئی ممالک میں کنگ خان کی فلم کو بےحد پسند کیا گیا، سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں انڈونیشیا کے ایک سنیما میں خواتین کو فلم کے گانے ’جھومے جو پٹھان‘ پر رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ پٹھان نے 25 جنوری کو اپنے ریلیز کے پہلے ہی دن صرف بھارت میں 57 کروڑ کا بزنس کیا جبکہ دنیا بھر میں پہلے دن اس کا مجموعی بزنس 106 کروڑ تھا یہ کسی بھی ہندی فلم کا پہلے ہی دن کمائی کا سب سے بڑا ریکارڈ رہا۔
واضح رہے کہ ریلیز کے 5 دنوں میں پٹھان نے 500 کروڑ سے زائد کا ریکارڈ بزنس کر کے بالی ووڈ کی پچھلی تمام فلموں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جس کے جشن میں گزشتہ روز فلم کی کاسٹ کیلئے تقریب رکھی گئی تھی جو ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔

پریانکا چوپڑا اپنی بیٹی ’مالتی میری‘ کو منظرِعام پر لے آئیں

لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ پریانکا چوپڑا کی بیٹی کی تصاویر سوشل میڈیا پرو ائرل ہوگئیں۔
پریانکا چوپڑا پہلی مرتبہ اپنی بیٹی مالتی میری جونس کو منظرِ عام پر لے آئیں، اداکارہ بیٹی اور شوہر نک جونس کے ہمراہ لاس اینجلس میں منعقد ہالی ووڈ واک آف فیم کی تقریب میں شریک ہوئی تھیں جہاں ان کے شوہر کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اداکارہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی اپنی بیٹی مالتی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں جبکہ سوشل میڈیا پر بھی پریانکا اور ان کی بیٹی کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہو رہی ہیں۔
یاد رہے کہ پریانکا چوپڑا نے 2018 میں امریکی گلوکار نک جونس سے شادی کی تھی جس کے 4 سال بعد گزشتہ برس ان کے ہاں سروگیسی کے زریعے بیٹی کی پیدائش ہوئی۔

پالتو مچھلی نے مالک کے چار ڈالر خرچ کر دیے، کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات بھی جاری کردی

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان میں ایک دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اس کی پالتو مچھلی نے کمپیوٹر کی غلطی سے نہ صرف اپنے مالک کی رقم خرچ کر ڈالی بلکہ اس کے کریڈٹ کارڈ کی جملہ تفصیلات بھی یوٹیوب کی براہِ راست نشریات میں ظاہر کر دیں۔
جاپانی یوٹیوبر میوٹی کائمارو المعروف موریس یوٹیوب پر ایک چینل چلاتے ہیں جس میں مچھلیوں کو ویڈیو گیم کھیلنا سکھایا جاتا ہے۔ وہ بالخصوص پوکے مون گیمز میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
لائیو اسٹریم کے دوران ان کی پالتو مچلھی یا مچھلیاں پانی کے ٹینک میں خاص انداز میں تیرتی ہیں اور وہاں ایسے سینسر لگے ہیں جو گیم کے لیے بٹن کا کام کرتے ہیں۔ اس طرح موریس کا ننٹینڈو سوئچ کنٹرولر آگے بڑھتا ہے۔
اس دوران اچانک یہ ہوا کہ لائیو اسٹریم میں پوکے مون وائلٹ گیم لگایا گیا۔ تاہم اس میں ایک کمپیوٹر غلطی ہوگئی اور وہ وہ گیم سے ہوم اسکرین پر واپس آگیا۔ اس دوران مچھلی کی حرکت سے ننٹینڈو کی ای شاپ کھل گئی اور مچھلی نے مالک کے چار ڈالر کی خریداری پوائنٹس کی صورت میں کر ڈالی۔ اس کے علاوہ لائیو اسٹریم پر مچھلی کی ایک حرکت سے مالک کے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات بھی نمایاں ہوگئیں۔
اس مچھلی کے گھومنے پھرنے سے بہت نقصان ہوا جس نے ننٹینڈو 64 کی ایک ایپ بھی ڈاؤن لوڈ کرلی اور اس کی انعام میں ملنے والی کرنسی سے نیا اوتار خریدلیا۔ اس کے علاوہ موریس کے پے پیل پر ای میل پہنچی جس میں اس کا نام موریس کی بجائے ROWAWAWAWA لکھا ہوا ملا۔
اس کے بعد موریس نے یہ سب منظر نوٹ کیا تھا تو پورے نظام کی بجلی بند کردی۔.تاہم مالک کی درخواست پر ننٹینڈو کمپنی نے ان کے چار ڈالر واپس کردیئے ہیں۔

نشے میں دھت خاتون جہاز میں ہنگامہ آرائی پر پولیس کے حوالے

ممبئی: (ویب ڈیسک) ممبئی سے ابوظہبی جانے والی پرواز میں نشے میں دھت خاتون نے ہنگامہ مچا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی سے ابوظہبی جانے والی پرواز میں جہاز کے ٹیک آف سے پہلے ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جس میں نشے میں دھت ایک مسافر خاتون نے جہاز میں ہنگامہ برپا کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جہاز میں سوار ہونے والی خاتون کے پاس اکانومی کلاس کا ٹکٹ تھا لیکن خاتون نے زبردستی بزنس کلاس میں بیٹھنے کی ضد کی، فلائٹ اٹینڈنٹ کی جانب سے خاتون کو سمجھانے پر وہ آپے سے باہر ہوگئی اور اپنے کپڑے اتارنا شروع کر دیئے۔
اس دوران خاتون نے کپڑے اتار کر جہاز میں بھاگنا شروع کر دیا اور فلائٹ اٹیندنٹ کے منہ پر مکا بھی دے مارا۔
جہاز کے عملے کی جانب سے واقعے کی اطلاع دیئے جانے پرسکیورٹی عملہ موقع پہنچ گیا اور خاتون کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

آگ کے گولوں نے 4.6 ارب سال قبل زمین پر زندگی کی بنیاد رکھی: تحقیق

میساچوسیٹس: (ویب ڈیسک) ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ نظامِ شمسی کے باہر کے حصے (سیارے مشتری سے آگے کا حصہ) سے آنے والے بڑے بڑے آگ کے گولوں نے 4.6 ارب سال قبل زمین پر زندگی کی بنیاد رکھی۔
میساچوسیٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) اور امپیریئل کالج لندن کے سائنس دانوں کو ایک تحقیق میں معلوم ہوا کہ یہ قدیم شہابیے کاربنیسیئس کونڈرائٹ سے بنے ہوئے تھے جو پوٹاشیم اور زِنک کے عناصر پر مشتمل تھا۔
پوٹاشیم خلیے کے مائع کو بنانے میں مدد دیتا ہے جبکہ زِنک ڈی این اے کی تخلیق کے لیے اہم جزو ہے۔
تحقیق میں سائنس دانوں کو معلوم ہوا کہ ہماری زمین جب تخلیق کے مراحل میں تھی تب اس سے ٹکرائی جانے والی خلائی چٹانوں میں 10 فی صد وہ خلائی چٹانیں تھیں جو کاربنیسیئس کونڈرائٹ سے بنی تھیں جبکہ دیگر 90 فی صد چٹانیں ایسے نظاموں سے آئیں تھیں جو کاربنیسیئس مواد سے نہیں بنے تھے، ان شہابیوں نے زمین کو 20 فی صد پوٹاشیم اور زمین پر موجود زِنک کی نصف مقدار فراہم کی۔
تحقیق کی سربراہ مصنفہ ڈاکٹر نِکول نائی کے مطابق پوٹاشیم کم غیر مستحکم جبکہ زنک سب سے زیادہ غیر مستحکم عنصر ہے، دونوں عناصر غیر مستحکم سمجھے جاتے ہے جو نسبتاً کم درجہ حرارت پر ٹھوس یا مائع صورت سے بھانپ میں تبدیل ہوجاتے ہیں۔
تحقیق کے سینئر مصنف اور امپیریئل کالج لندن کے پروفیسر مارک ریہکمپر نے ایک بیان میں کہا کہ تحقیق میں حاصل ہونے والی معلومات بتاتی ہے کہ زمین پر موجود زِنک کی نصف مقدار نظامِ شمسی کے بیرونی حصے سے آنے والے مواد نے فراہم کی ہے۔

مسلسل اضافہ کے بعد سونے کی قیمت میں بڑی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے قیمت میں کمی کیساتھ ساتھ مقامی مارکیٹ سونے کے دام میں بڑی کمی ہوگئی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے دام 22 ڈالر کمی کے بعد 1902 ڈالر فی اونس ہوگئی،جبکہ مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 9 ہزار روپے جبکہ فی 10 گرام سونے کی قیمت میں 7 ہزار 716 روپے کمی واقع ہوئی ہے۔
قیمتوں کم ہونے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 1 ہزار 500 روپے ہوگئی جبکہ فی 10 گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 72 ہزار 754 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کے بھاؤ میں بھی کمی دیکھی گئی ، مقامی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت 50 روپے کمی کے ساتھ 2250 روپے فی تولہ ہوگئی۔

وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مہنگائی، اقتصادی ترقی میں سست روی اور گرتے زرمبادلہ کے ذخائر کے چیلنجز درپیش، وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال پہلے 5 ماہ بجٹ خسارہ 1 ہزار 169 ارب روپے تک پہنچ گیا، ترقیاتی اخراجات 139 ارب روپے رہے جبکہ ٹیکس آمدنی 3429 ارب روپے رہی۔
سالانہ بنیادوں پر ڈالر کی قدر 178 ارب روپے سے بڑھ کر 262 ارب روپے رہی، وفاقی حکومت کی نان ٹیکس آمدنی 822 ارب روپے، زرعی قرضے 842 ارب روپے رہے۔
ترسیلات زر میں 11 فیصد، برآمدات میں 7 فیصد، درآمدات میں 18 فیصد کمی ہوئی، کرنٹ اکاونٹ خسارہ 3 ارب 70 کروڑ ڈالر جبکہ غیرملکی سرمایہ کاری میں بھی کمی ہوئی۔
علاوہ ازیں گزشتہ ایک سال میں غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 22 ارب ڈالر سے کم ہوکر پونے 9 ارب ڈالر رہ گئے ہیں۔

پشاور دھمکا سکیورٹی اداروں کی ناکامی، مرکزی و صوبائی حکومت کی غفلت کا نتیجہ ہے: سراج الحق

پشاور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پشاول دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سکیورٹی اداروں کی ناکامی ہے اور مرکزی و صوبائی حکومت کی غفلت کا نتیجہ ہے، واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، پولیس نے ہمیشہ مشکل وقت میں خدمات انجام دی ہیں، پورے ملک میں آج سوگ منایا جانا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا کو بچانے کے لیئے ان پاس کیا پلان ہے، افغانستان افغانیوں کا ہے وہ اپنے ملک کو سنبھال سکتے ہیں، اپنے ملک کو سنبھالنے کی کوشش کریں افغانستان کو افغانیوں کے لئے چھوڑیں۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سو بار افغانستان کے ساتھ مذاکرات کرے لیکن اپنی قوم کو بھی تحفظ دے، اگر ملک کو تحفظ نہیں دے سکتے تو ناکامی تسلیم کریں، نیشنل سکیورٹی پلان کے سارے فیصلے ردی کی ٹھوکریوں میں ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری کی درخواست ضمانت پر سماعت کل تک ملتوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری کی درخواست ضمانت پر سماعت کل (بدھ ) تک ملتوی کر دی گئی۔
گزشتہ روز اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ان کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی پروسیکیوشن کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں گرفتار فوادچودھری کی درخواست ضمانت بعداز گرفتاری پر سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے کیس کی سماعت کی۔
فواد چودھری کے وکلا بابراعوان، علی بخاری ، فیصل چودھری اور الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری، اعظم سواتی اور شہزاد وسیم بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن کی جانب سے سماعت پرسوں تک ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہمیں درخواستِ ضمانت کی کاپیاں دے دی جائیں، درخواست ضمانت کی کاپیاں پڑھ کر کیس میں حاضر ہونا چاہتا ہوں، اس دوران وکیل بابر اعوان نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے مکالمہ کیا کہ آپ اپنے لیے بات کریں، پروسیکیوشن کی طرف سے بات نہ کریں۔
وکیل بابر اعوان نے استدعا کی کہ پروسیکیوشن آج دلائل دے دیں، الیکشن کمیشن کے وکیل کل دلائل دے دیں جس پر جج نے ریمارکس دیئے کہ نہیں، فوادچودھری کی درخواست ضمانت پر سب کے دلائل ایک ساتھ سنیں گے۔
بابراعوان نے کہا کہ پروسیکوٹر سے پوچھ لیں، کہیں اس کے پلیٹ لیٹس کم نہ ہو گئے ہوں، بابراعوان نے اعتراض کیا کہ ‏کیس پر دلائل الیکشن کمیشن کے وکیل نے پہلے بھی دیئے ہیں، تیاری کیا کرنی ہے؟۔
جج نے وکیل الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے کیس کے دلائل پہلے سنے ہیں؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ جسمانی ریمانڈ پر دلائل دیئے، ضمانت پر دلائل نہیں دیئے۔
درخواست پر سماعت کے دوران پروسیکیوشن کی طرف سے کوئی عدالت میں پیش نہیں ہوا، سماعت کل سوا دو بجے تک ملتوی کر دی گئی۔

پی ٹی آئی کا خیبر پختونخوا میں 90 روز میں الیکشن کرانے کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع

پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں 90 دن کے اندرانتخابات کرانے کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
تحریک انصاف کے صوبائی رہنماؤں نے اس حوالے سے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن کرانا لازمی ہے، الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ کے لیے گورنر کو خط لکھا لیکن گورنر خیبرپختونخوا نے ابھی تک انتخابات کے لیے تاریخ نہیں دی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن کے اندر الیکشن نگران حکومت کی ذمہ داری ہے۔
ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سابق صوبائی وزیر عاطف خان نے کہا کہ انتخابات منعقد کرانے کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے، بروقت الیکشن کرانا آئینی ضرورت ہے، آئین میں درج ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن کرانے ہوتے ہیں لیکن اب تک گورنر نے تاریخ نہیں دی جو غیر آئینی اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پتا نہیں پی ڈی ایم الیکشن سے کیوں بھاگ رہی ہے، نگران کابینہ غیرسیاسی ہوتی ہے لیکن ایسا لگ رہا ہے کہ یہ پی ڈی ایم کی کابینہ ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے پنجاب میں بھی 90 روز میں الیکشن کرانے کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے جو زیر سماعت ہے۔