تصاویر : دنیا بھر میں سال نو کا جشن

لندن : (ویب ڈیسک) نئی اُمنگوں، خوشیوں اوراُمیدوں کے ساتھ دنیا بھر میں نئے برس کا آغاز ہوگیا ، دنیا کے مختلف ممالک میں رنگ و نور کی برسات میں سال نو کا شاندار استقبال کیا گیا ۔
سب سے پہلے نئے سال کا استقبال بحرالکاہل کے جزیرے کریباتی نے کیا، اس کے ایک گھنٹے بعد نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں سال نو کا جشن منانے ہزاروں افراد سڈنی ہاربر برج پر جمع ہوئے۔
نیا سال یورپ اور افریقہ سے ہوتا ہوا مشرق میں داخل ہوا لیکن ابھی بہت سے ممالک نئے سال کا جشن منانے کیلئے تیار ہیں۔

قوم پر اعتماد ہے، 2023ء میں پی ٹی آئی مضبوط حکومت بنائے گی، عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سال 2022ء بیک وقت بہترین اور بدترین تھا، رب العزت پر ایمان اور اپنی قوم پر اعتماد ہے کہ تحریک انصاف 2023ء میں انتخاب کے ذریعے ایک مضبوط حکومت قائم کرے گی۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ سال 2022ء بیک وقت بہترین اور بدترین تھا، ذاتی مفاد میں گُندھی ایک سازش کے ذریعے بہترین معاشی کارکردگی دکھانے والی حکومت کو ہٹایا گیا اور پاکستان کو مجرموں کے ایک گروہ کے حوالے کر دیا گیا، اس گروہ نے معیشت زمیں بوس کر دی، خود کو این آر او 2 دیا اور نیب قوانین میں ترامیم کے ذریعےتمام وائیٹ کالر کریمینلز کیلئے لوٹ مار کے دروازے کھول دیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سال بہترین یوں تھا کہ اسی دوران میں نے اہلِ پاکستان کو ایک قوم کے سانچے میں ڈھلتے دیکھا، الیکشن کمیشن اور مقتدرہ کی مکمل پشتیبانی سے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے یکجا ہو کر تحریک انصاف کیخلاف صف آراء ہونے کے باوجود تحریک انصاف غیر معمولی عوامی تائید و حمایت سے 75 فیصد ضمنی انتخابات میں فتح یاب رہی اور اس نے خود کو صحیح معنوں میں ایک قومی جماعت کے طور پر منظم کیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج کل قومی منظر نامے پر، خصوصاً دیوالیہ پن کے امکانات کے باعث چھائی مایوسی کے باوجود میرا رب العزت پر ایمان اور اپنی قوم پر اعتماد ہے کہ تحریک انصاف بلاشبہ 2023ء میں انتخاب کے ذریعے ایک مضبوط حکومت قائم کرے گی۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پاکستان کو ان بحرانوں سے نکالنے کیلئے ٹھوس ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کروائے گی جس میں امپورٹڈ سرکار اور اس کے سرپرستوں نے ملک کو دھکیلا ہے۔

دعا ہے نیا سال پاکستان، عالم اسلام اور دنیا کیلئے باعث رحمت ہو: صدر مملکت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دعا ہے کہ نیا سال پاکستان، عالم اسلام اور دنیا کے لئے باعث رحمت ہو۔
نئے سال 2023 کے آغاز پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ 2022 میں تباہ کن سیلاب نے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان پہنچایا لیکن قوم نے ثابت قدمی، ایثار، حب الوطنی اور یکجہتی کے ساتھ چیلنجز کا مقابلہ کیا۔
صدر علوی نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے، دعا ہے کہ نیا سال پاکستان، عالم اسلام اور دنیا کیلئے باعث رحمت ہو۔

ملک انتہائی نازک موڑ پر، 120 دن اہم ہیں: شیخ رشید احمد

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جنرل عاصم منیر نے درست کہا معیشت، دہشگردی پر قومی اتفاق رائے ضروری ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ملک انتہائی نازک موڑ پر ہے، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام کیسے آسکتا ہے، سیاسی عدم استحکام معاشی زوال قومی سلامتی تک پہنچ گیا۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 120 دن اہم ہیں، پاکستان عوام فوج اورجمہوریت لازم اور ملزوم ہے، استحکام انتخاب لائے گا جو فوج کروا سکتی ہے۔

دعا ہے 2023 ترقی اور خوشحالی کی نوید بہار ہو: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے نئے سال پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2023 خوشی، ترقی اور خوشحالی کی نوید بہار ہو، نوجوانوں کو خوابوں کی منزل ملے اور ٹوٹے دل جڑ جائیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب نے لکھا کہ کہ نیا سال مبارک ہو، خدا کرے 2023 مسائل کی ستائی انسانیت کے زخموں پر مرہم ثابت ہو، مہنگائی، دہشت گردی، ظلم وناانصافی، جھوٹ اور نفرت سے نجات ہو۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خوشی، ترقی اور خوشحالی کی نوید بہار ہو،نوجوانوں کو خوابوں کی منزل ملے، ٹوٹے دل جڑ جائیں، بیمار صحت پائیں، بدامنی ختم اور امن کا فروغ ہو۔ آمین۔

کورونا کے مزید 21 کیسز رپورٹ، 19 مریضوں کی حالت نازک

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 135 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 135 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 21 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.51 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 19 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

سال نو کی آمد پر ملک بھر میں ہوائی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی

کراچی، لاہور: (ویب ڈیسک) سال نو کے موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید ہوائی فائرنگ کے باعث گولیاں لگنے سے ایک کمسن بچے اور عورتوں سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ لاہور میں بھی ہوائی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوئے، 20 سے زائد ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے گئے۔
سال نو کے موقع پر کراچی میں پہلا واقعہ صدر میں سینٹ پیٹرکس سکول کے قریب پیش آیا جس کے بعد گارڈن، عثمان آباد، لائٹ ہاؤس کمپاؤنڈ، سول ہسپتال کے قریب راجہ مینشن، نارتھ ناظم آباد، حسین آباد، ناظم آباد، لیاقت آباد، فائیو اسٹار چورنگی، کشمیر کالونی، کھارادر، الآصف اسکوائر، عید گاہ، سومرا گلی اور دیگر علاقوں سے رات گئے تک ہسپتال میں زخمیوں کو لائے جانے کا سلسلہ جاری رہا۔
کراچی پولیس نے سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو پولیس اہلکاروں سمیت 17 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی گلشن ڈویژن سلیم شاہ کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا، دو ملزمان کو گلشن اقبال جبکہ ایک کو شارع فیصل سے گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کاروائی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ سٹی ڈسٹرکٹ میں فائرنگ کرنے والے دو پولیس اہلکاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہوائی فائرنگ کے واقعات میں زخمی ہونے والے 8 افراد کو سول .سپتال، 4 کو جناح جبکہ 10 افراد کو طبی امداد کیلئے عباسی شہید .سپتال منتقل کیا گیا ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی ہوائی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوئے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 20 سے زائد ملزم گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر لئے ہیں۔

لکی مروت: پولیس چوکی شہباز خیل پر دہشتگردوں کا حملہ، کانسٹیبل شہید

لکی مروت: (ویب ڈیسک) لکی مروت میں دہشت گردوں کا پولیس چوکی پر حملہ، خیبر پختونخوا پولیس کا اہلکار شہید ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق لکی مروت میں رات گئے دہشت گردوں نے خود کار ہتھیاروں سے پولیس چوکی شہباز خیل پر حملہ کر دیا جسے بہادر جوانوں نے پسپا کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق حملے کے دوران گولیاں لگنے سے خیبرپختونخوا پولیس کا کانسٹیبل تحسین اللہ شہید ہوگیا۔
لکی مروت میں نئے قائم شدہ تھانہ برگئی پر دہشت گردوں کا حملہ، 4 اہلکار شہید ،4 زخمی ہوگئے۔