ریکوڈک منصوبےکی پہلی ادائیگی، بلوچستان حکومت کو 3ملین ڈالرکا چیک مل گیا

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) ریکوڈک منصوبے پرکام کرنے والی کمپنی بیرک گولڈکارپوریشن نے منصوبےسے متعلق بلوچستان حکومت کو پہلی ادائیگی کردی۔
بیرک گولڈکارپوریشن کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق بلوچستان حکومت کو نئی شراکت داری کے فریم ورک کے تحت تین ملین ڈالرکی ادائیگی کی گئی ہے۔
ریکوڈک پاکستان کےکنٹری منیجر علی رند نے سیکرٹری معدنیات کو 3 ملین ڈالرکا چیک دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ہی وفاقی کابینہ نے ریکوڈک منصوبے کی حتمی ڈیل پر دستخط کرنےکی باضابطہ منظوری دی تھی۔
بیرک گولڈ کارپوریشن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ریکوڈک سے پہلی کمرشل پیداوار 2028 میں شروع ہوگی اور ریکوڈک کے ذخائرکی مدت 40 سال ہوگی۔
ان کا کہنا تھاکہ ریکوڈک منصوبے میں ساڑھے 7ہزار لوگوں کو روزگار ملے گا اور منصوبے سے 4 ہزار طویل المدتی نوکریاں پیدا ہوں گی، کمرشل پیداوار شروع ہونے پربلوچستان کو سالانہ 50 ملین ڈالرز تک رائلٹی ملےگی۔

بلیو اوریجن صرف خواتین عملے پر مشتمل مشن خلا میں روانہ کرے گی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص جیف بیزوس کی اسپیس کمپنی بلیو اوریجن آئندہ برس مکمل طور پر خواتین عملے پر مشتمل مشن کو خلاء میں بھیجی گی۔
جیف بیزوس کی گرل فرینڈ لورین سینچیز کا وال اسٹریٹ جرنل سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ 2024 کے ابتداء میں بھیجے جانے والے مشن کی رہنمائی کریں گی۔
لورین سینچیز کے ساتھ مشن پر جانے والی دیگر پانچ خواتین کی شناخت لانچ سے قریب ظاہر جائے گی۔ تاہم، مشن کے حوالے سے کمپنی کی جانب سے تصدیق کی جانی باقی ہے۔
واضح رہے ایمازون کمپنی کے بانی اور سابق سی ای او جیف بیزوس 20 جولائی 2021 کو خلاء میں عملے سمیت بھیجے جانے والے پہلے مشن میں سوار تھے۔
لورین سینچیز کی جانب سے بتایا جانے والا یہ منصوبہ ناسا کے منصوبے سے مشابہ ہے جس کے تحت 2025 میں چاند پر بھیجے جانے والے آرٹِمس پروگرام میں پہلی خاتون خلاء نورد موجود ہوں گی۔

دیپیکا پڈوکون شاہ رخ کے ساتھ کام کے سوال پر آبدیدہ ہوگئیں

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ دیپیکا پڈوکون بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کے سوال پر پریس کانفرنس میں آبدیدہ ہوگئیں۔
اس موقع پر دیپیکا پڈوکون کا کہنا تھا کہ میری پہلی فلم سے شاہ رخ نے مجھے بہت محبت دی اور میں نے اِن سے اعتماد حاصل کیا۔
شاہ رخ خان سے اپنے تعلق کے متعلق اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہم ایک دوسرے پر بھروسہ کرتے ہیں اور محبت کرتے ہیں، میں ان کی بطور فنکار اور ایک انسان بہت عزت کرتی ہوں۔
دیپیکا پڈوکون کا مزید کہنا تھا کہ ہماری دوستی کی کیمسٹری بہت گہری ہے اگر شاہ رخ نہ ہوتے تو میں یہاں نہ ہوتی۔
واضح رہے کہ شاہ رُخ خان، دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم کی بلاک بسٹر فلم ’پٹھان‘ نے ریلیز کے پانچویں دن دنیا بھر سے 500 کروڑ سے زائد کما کر دیگر تمام فلموں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

مائیکل جیکسن کی بائیوپک کا اعلان، فلم میں گلوکار کا کردار کون کرے گا؟

لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) پاپ گلوکاری کے شہنشاہ مائیکل جیکسن کی زندگی کی کہانی پر مبنی بائیوپک ’مائیکل‘ کی پروڈکشن کا آغاز رواں سال کیا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی زندگی کو فلمانے والے لائنس گیٹ اسٹوڈیو کا کہنا ہے کہ بائیوپک میں مائیکل جیکسن کا کردار ان کے 26 سالہ بھتیجے جعفر جیکسن نبھائیں گے۔
لائنس گیٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلم ’مائیکل‘ میں اس پیچیدہ آدمی کو فلمایا جائے گا جو پاپ کا بادشاہ بن گیا،فلم میں ان کی زندگی کے تمام پہلو اور ان کی سب سے قابل ذکر پرفارمنس شامل ہوں گی جنہوں نے اسے موسیقی کی دنیا کا ’آئکن‘ بنا دیا۔
ہالی ووڈ کے اینٹون فوکا فلم کی ہدایتکاری کے فرائض نبھائیں گے جبکہ گراہم کنگ فلم کو پروڈیوس کریں گے۔
فلم کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کے مطابق مائیکل جیکسن کے کردار کو نبھانے کیلئے جعفر جیکسن کا انتخاب اس لئے کیا گیا کہ ان میں اپنے چچا کے کردار کو زندہ کرنے کی فطری صلاحیت تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ واضح تھا کہ یہ کردار بہتر انداز میں ادا کرنے والے وہ واحد شخص ہیں ، فلم کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ وہ انتظار نہیں کر سکتے کہ دنیا جعفر جیکسن کو مائیکل جیکسن کے طور پر بڑی اسکرین پر دیکھے‘۔
خیال رہے کہ جعفر جیکسن مائیکل کے بڑے بھائی جرمین جیکسن کے بیٹے ہیں، جو ایک گلوکار اور پروڈیوسر بھی ہیں۔
یاد رہے کہ مائیکل جیکسن نے اپنے خاندان کے پاپ گروپ جیکسن 5 کے ساتھ بطور چائلڈ اسٹار کیرئیر کا آغاز کیا تھا جس کے بعد جوانی میں انہوں نے ایک کے بعد ایک ہٹ سولو البم دے کر موسیقی کی دنیا میں پاپ گلوکاری اور پاپ ڈانس کو جنم دیا اس ہی لئے انہیں ’کنگ آف پاپ‘ کہا جاتا ہے۔

امریکہ یوکرین کو لڑاکا طیارے فراہم نہیں کرے گا: بائیڈن

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ یوکرین کو ایف سولہ لڑاکا طیارے فراہم نہیں کرے گا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ یوکرین کو ایف سولہ لڑاکا طیارے فراہم نہیں کرے گا تاکہ اسے روسی حملے کا مقابلہ کرنے میں مدد مل سکے۔
امریکی صدر بائیڈن نے کہا کہ مغربی ممالک نے بالآخر اس ماہ یوکرین کو جدید ٹینک فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے، یہ ٹینک نیٹو ممالک کی فوجوں میں سب سے زیادہ طاقتور ہیں۔
اس حمایت نے کیف کو امید دلائی کہ وہ اپنی فضائیہ کو مضبوط کرنے کے لیے جلد ہی ایف سولہ لڑاکا طیارے حاصل کر لے گا تاہم مغرب میں اس معاملے پر اب بھی بحث جاری ہے۔
دوسری جانب فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ یوکرین کو روسی حملے کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے لڑاکا طیارے فراہم کرنا خارج از امکان نہیں ہے، انہوں نے تنازع بڑھنے کے خطرے کا انتباہ بھی کیا۔

پیٹرول کی پیداوارمیں توازن؛ سعودی ولی عہد کا روسی صدر کو فون

ریاض / ماسکو: (ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے تیل کی عالمی منڈی میں استحکام کے لیے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور روسی صدر کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں عالمی تیل منڈی میں استحکام کے لیے تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم ’’اوپیک‘‘ کے ارکان کے درمیان تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس اہم گفتگو میں تجارتی، اقتصادی اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور یکم فروری کو اوپیکس کے اجلاس میں تیل کی پیداوار کی موجودہ پالیسی کو برقرار رکھنےکی سفارش کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دوسری جانب روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر پوتن اور سعودی ولی عہد نے عالمی منظر نامے کے تناظر میں اوپیکس اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں پر مشاورت کی اور ایک دوسرے کو اعتماد میں لیا۔
دونوں رہنماؤں کی یہ گفتگو اس تناظر میں بھی اہمیت حاصل کرگئی کہ گزشتہ برس اوپیک نے تیل کی پیداوارکے اہداف میں کمی کی تھی جس پر امریکا اور سعودی عرب کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔
امریکا کو دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے رواں ماہ ہی جوبائیڈن انتظامیہ کو یاد دلایا کہ تیل کی موجودہ قیمتوں میں استحکام سے ثابت ہوگیا کہ سعودی عرب نے گزشتہ برس درست فیصلہ کیا تھا۔

اسلام آباد کی عدالت نے اسامہ ستی قتل کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے اسامہ ستی قتل کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا جو 6 فروری کو سنایا جائے گا۔
ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری نے اسامہ ستی کیس کے ٹرائل میں حتمی دلائل سنے، کیس میں افتخار احمد، محمد مصطفیٰ، سعید احمد، شکیل احمد اور مدثر مختار نامزد ملزمان ہیں۔
سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل راجہ رضوان عباسی اور پراسیکیوٹر رانا حسن عباس پیش ہوئے، مقدمے میں انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کے پولیس کے اہلکار نامزد کیے گئے۔
واضح رہے 22 سالہ نوجوان اسامہ ستی کو 2 جنوری 2021 کی رات اپنے دوست کو شمس کالونی چھوڑنے کے بعد واپسی کے دوران سری نگر ہائی وے پر اے ٹی ایس پولیس کے اہلکاروں نے اسامہ کی گاڑی کو روکنے کی کوشش پر اندھا دھند فائرنگ کر کے جان سے مار دیا تھا۔
واقعے کے بعد پولیس نے موقف اختیار کیا تھا کہ کالے شیشوں والی مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو ڈرائیور نے گاڑی نہ روکی، جی ٹین تک گاڑی کا تعاقب کیا اور نہ رکنے پر گاڑی کے ٹائروں میں فائر کئے، بد قسمتی سے فائر گاڑی کے ڈرائیور کو لگ گئے۔
واقعے کا آئی جی اسلام آباد کی جانب سے نوٹس لینے کے بعد 5 پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا تھا، اسامہ ستی سیکٹر جی 13 کا رہائشی اور طالب علم تھا، اس کے والد تاجر ہیں۔

نتھیا گلی، گلیات اور ٹھنڈیانی میں برفباری بند، ایبٹ آباد اور گرد و نواح میں بارش جاری

ایبٹ آباد: (ویب ڈیسک) ایبٹ آباد شہراور گردو نواح میں مسلسل بارش جاری ہے جبکہ نتھیا گلی، گلیات اور ٹھنڈیانی میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا۔
پہاڑی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہونے سے اشیاء خور و نوش کی ترسیل میں مسائل اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، گلیات کی رابطہ سڑکیں بھی بند ہیں، مقامی آبادی کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔
گلیات میں درجہ حرارت منفی 3 ریکارڈ کیا گیا، ضلعی انتظامیہ سیاحوں کو سہولیات دینے میں ناکام ہے۔

اوگرا افسران کا سرکاری گاڑیاں انتہائی کم قیمت پر استعمال کرنے کا انکشاف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اوگرا کی جانب سے افسران کو سرکاری گاڑیاں انتہائی کم قیمت پراستعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
سینیٹ اجلاس میں اوگرا کی جانب سے تحریری جواب داخل کیا گیا کہ اوگرا پول میں موجود گاڑیاں ضرورت پڑنے پر افسروں کو فراہم کی جاتی ہیں، افسران فی کلومیٹر 10 روپے پر سرکاری گاڑیاں استعمال کرتے ہیں، اوگرا چیئرمین اور ممبران کے لیے سرکاری گاڑی کا ریٹ 3 روپے فی کلو میٹر ہے۔
سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ یہ فیصلہ کابینہ ڈویژن نے 1980 میں کیا تھا، انہوں نے سستے ریٹ پر گاڑیاں فراہم کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیا اصول ہے کہ افسران تین اور دس روپے فی کلومیٹر گاڑی استعمال کرتے ہیں۔
دنیش کمار کا مزید کہنا تھا کہ اتنی کم قیمت میں گاڑی استعمال کرنے پر پٹرول بھی سرکار فراہم کرتی ہے۔
اس حوالے سے وزیر مملکت قانون کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اوگرا نےخود نہیں کیا ، یہ حکومت کا فیصلہ ہے۔

تاندہ ڈیم میں کشتی ڈوبنے کا واقعہ، جاں بحق طلباء کی تعداد 40 ہوگئی

پشاور: (ویب ڈیسک) کوہاٹ کے تاندہ ڈیم میں کشتی ڈوبنے کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے طلباء کی تعداد 40 تک پہنچ گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے اور مبینہ طور پر زیر آب دو طلباء کی لاشوں کو تلاش کیا جا رہا ہے، ریسکیو آپریشن کی تمام تر کارروائی کی نگرانی ڈی پی او کوہاٹ عبدالرؤف بابر قیصرانی خود کر رہے ہیں۔
مہتمم مدرسہ شاہد نور نے بتایا کہ انہوں نے خود کشتی میں 50 بچوں کو ترتیب سے بٹھایا تھا جس میں انکا ایک بیٹا اور چھ بھانجے بھی موجود تھے۔ شیید ہونے والوں میں میرا بیٹا محمد طلحہٰ اور میرے بھانجے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اتوار 29 جنوری کو کوہاٹ کے تاندہ ڈیم میں کشتی الٹنے سے طلباء ڈوب گئے تھے جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
خیبر پختونخوا کی نگراں حکومت نے کشتی ڈوبنے کے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔ نگراں صوبائی وزیر خوشدل خان نے واقع کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کوہاٹ انتظامیہ کو واقع کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ملک ڈیفالٹ ہونے کا تاثر غلط، سابق حکومت کی معاشی مائنز کا سامنا کر رہے ہیں، ناصر حسین شاہ

سکھر: (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سابق حکومت کی بچھائی ہوئی معاشی مائنز کا سامنا کر رہی ہے، ملک ڈیفالٹ ہونے کا تاثر غلط ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پورے صوبے میں بہتر پرفارم کرنے کی کوشش میں مصروف ہے، اسی سلسلے میں کراچی کے بعد سکھر میں 1122 ریسکیو شروع کر رہے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ملک میں مشکل حالات ضرور ہیں مگر موجودہ حکومت مشکل فیصلے کر کے ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کی کوشش کر رہی ہے، ملک کی بہتری کیلئے سندھ حکومت ہمیشہ آگے آگے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں نااہل وزیر اعظم تک کو کہا کہ سپورٹ میں ہیں مل کر کام کریں مگر انہوں نے کوئی کام نہیں کیا، سیلابی صورتحال میں بھی یہ غلط افواہیں پھیلاتے رہے تاکہ ہمیں بیرون ممالک سے سپورٹ نہ ملے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پشاور دہشت گردی کے واقعے پر بہت افسوس اور رنج ہے، پہلے حملے امام بارگاہ اور مساجد پر ہوتے تھے اس میں تو تمام مسالک کے لوگ تھے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ دہشت گرد اسلام دشمن ہیں، کے پی میں پی ٹی آئی حکومت کے تسلسل کے باعث ایسے تشویشناک حالات ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مہنگائی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے مگر امید ہے کہ آگے جا کے بہتری آئے گی، عوام کو ریلیف ملے گا، کچے کے علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا جا رہا ہے، رینجرز اور پاک فوج سے بھی مدد مانگی گئی ہے، کچے میں جرائم پیشہ افراد کے پاس جدید ہتھیار ہیں، حیران کن بات ہے کہ وہ ہتھیار ان کے پاس پہنچے کیسے؟؟۔

23 حکومتوں میں خدمات انجام دینے والے سیکرٹری کابینہ ڈویژن احمد نواز سکھیرا ریٹائر ہو گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سیکرٹری کابینہ ڈویژن احمد نواز سکھیرا ریٹائر ہو گئے، احمد نواز سکھیرا پاکستان ایڈمنسٹریٹریٹو سروس کے 22 ویں گریڈ کے آفیسر تھے۔
احمد نواز سکھیرا گزشتہ 3 سال سے بطور کابینہ سیکرٹری فرائض سر انجام دے رہے تھے، انہوں نے 38 سال تقریباً 23 حکومتوں میں خدمات سرانجام دیں، احمد نواز سکھیرا کو حال ہی میں نگران وزیر اعلیٰ کے لئے بھی نامزد کیا گیا تھا۔
احمد نواز سکھیرا اپنے کیریئر میں 9 سال تک مختلف وزارتوں میں وفاقی سیکرٹری رہے، ان کو ہلال پاکستان کا قومی اعزاز دیا گیا۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے چودھری پرویز الہٰی کے کیمپ آفس کو ڈی نوٹیفائی کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کے کیمپ آفس کو ڈی نوٹیفائی کر دیا۔
سرکاری خرچ پر چلنے کی وجہ سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کیمپ آفس کو بند کیا، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے ڈیوس روڈ پر پارٹی دفتر کو کیمپ آفس قرار دیا تھا۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی کے حکم کے بعد ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کے کیمپ آفس کو ڈی سیل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔