کراچی: پاکستان کسٹمز جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کلکٹوریٹ نے جناح ٹرمینل ڈپارچر لاؤنج پر ایک کارروائی کے دوران سونے کے زیورات اور غیرملکی کرنسیوں کی اسمگلنگ ناکام بنادی۔
ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز محمد فیصل خان نے ایکسپریس کو بتایا کہ حکام کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ پاکستان سے سونے کے زیورات اسمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی جس پر انٹرنیشنل ڈپارچر پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کی نگرانی سخت کی گئی۔
انہوں ںے بتایا کہ اس دوران حکام کو ایک پانچ رکنی فیملی کی سرگرمیاں مشکوک نظر آئیں جس پر ان کی جانچ پڑتال کی گئی تو ان سے ساڑھے 9 کلوگرام سونے کی تیار چوڑیاں اور سونے کے سکوں پر مشتمل چینز برآمد ہوئیں جن کی مالیت 19 کروڑ روپے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تلاشی کے دوران مذکورہ فیملی سے 1172 ڈالر مالیت کے درہم ساؤتھ افریقن کرنسی اور ریال بھی برآمد ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پانچ رکنی فیملی سونے کے زیورات براستہ دبئی جنوبی افریقا لے جانے کی کوشش کررہی تھی۔
حکام نے مقدمہ درج کرکے برآمد ہونے والے سونے کے زیورات اور غیرملکی کرنسی کو ضبط کرلیا جبکہ مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا جنہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔