ملک کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کے بیٹے اکبر لیاقت انتقال کر گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) قائد ملت و ملک کے پہلے وزیراعظم نوابزادہ لیاقت علی خان کے بیٹے اکبر لیاقت علی خان انتقال کر گئے۔
ڈپٹی کمشنر شرقی راجہ طارق چانڈیو نے اکبرلیاقت علی کے انتقال کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھاکہ اکبر لیاقت علی کا علاج کچھ عرصے سےچل رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اکبرلیاقت علی گردے کے عارضے کے باعث نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے اور سندھ حکومت کی جانب سے ان کا علاج کرایا جا رہا تھا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اکبر لیاقت کے انتقال پرافسوس کااظہار کیا اور کہا کہ سندھ حکومت نے مرحوم کی زندگی بچانے کی بھرپور کوشش کی۔
وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر شرقی کو مرحوم کی تدفین کے انتظامات کیلئے ورثا کی مددکرنےکی ہدایت کی۔

عمران خان کو ہٹانے کی کامیابی کا سہرا وائٹ ہاؤس نہیں جیالوں کو جاتا ہے: بلاول بھٹو

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے جیالوں نے نیازی کی ناک کے نیچے بلدیاتی انتخاب جیتا، ہم نے جیے بھٹو کا نعرہ لگا کر آمروں اور سلیکٹڈ راج کو خدا حافظ کہا، عمران خان کو ہٹانے کی کامیابی کا سہرا وائٹ ہاؤس نہیں جیالوں کو جاتا ہے، لکھ کر رکھ لیں تحریک انصاف پنجاب اور کے پی کے استعفے نہیں دے گی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے 55ویں یوم تاسیس کے موقع پر مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کراچی کی تنظیم، عہدے داروں نے ہمارا دل جیت لیا ہے، نشتر پارک کراچی کے شہریوں سے بھرا ہوا ہے، اسی شہر سے جیالا ناظم منتخب ہوگا، پیپلز پارٹی وفاق کی جماعت ہے، ہمارا بھی حق ہے کراچی کے میئر کو منتخب کریں، کشمیر کے جیالوں نے نیازی کی ناک کے نیچے بلدیاتی انتخاب جیتا۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کو عوام کی خدمت کرتے 55 سال ہوگئے، ہم نے جیے بھٹو کا نعرہ لگاتے ایک نہیں تین آمروں کو بھگایا، پیپلز پارٹی نے ہر طبقے کو معاشی انصاف دلایا، پیپلزپارٹی نفرت نہیں امید کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، پی پی انتشار کی سیاست نہیں یکجہتی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، پیپلز پارٹی ملک کو جوڑتی ہے چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھٹو نے 55 سال پہلے اس پارٹی کا پرچم بلند کیا، بھٹو نے جب پارٹی سنبھالی تو ملک دو حصوں میں بٹا ہوا تھا، ایک ہارے ہوئے ملک کو بھٹو نے امید دلائی، 90 ہزار فوجی ہمارے دشمن کی قید میں تھے، شہید بھٹو کامیاب خارجہ پالیسی سے 90 ہزار قیدی واپس لیکر آئے، جنگ ہارنے کے بعد پاکستان کی 5 ہزار مربع زمین دشمن کے قبضے میں تھی، شہید بھٹو نے بغیر گولی چلائے 5 ہزار مربع زمین واپس لی تھی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ شہید بھٹونے اس ملک کو جوڑا، متفقہ آئین بنا کر دکھایا، پاکستان کو اپنے پاؤں پر دوبارہ کھڑا کیا، شہید بھٹو نے ہر پاکستانی کو ووٹ کا حق دیا، شہید بھٹو سے پہلے سرمایہ داروں، اشرافیہ کا راج تھا، جیے بھٹوکا نعرہ لگا کرعوامی راج قائم کیا، عام آدمی کو انصاف دلایا، بے زمین کسانوں کو زمین کا مالک بنایا، یہ سارے بھٹو شہید کے کارنامے ہے، یہی تو وجہ ہے مزدور، کسان، محنت کشوں کا ایک ہی نعرہ، جیے بھٹو ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ شہید بھٹو نے روٹی، کپڑا، مکان کے نعرے کو پورا کرکے دکھایا، شہید بھٹو کے جیالوں کی وجہ سے آج پاکستان ایٹمی طاقت ہے، بھٹو نفرت نہیں امید کی سیاست کرتا تھا، شہید بھٹو ملک کو آپس میں لڑانے کے بجائے جوڑتا تھا، اگر پاکستان کا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنا ہے تو پیپلز پارٹی کی سیاست کرنا ہوگی، ہم ذات نہیں اپنے عوام اور ملک کے لیے سیاست کرتے ہیں، ہم نے جیے بھٹو کا نعرہ لگا کر آمروں اور سلکیٹڈ راج کو خدا حافظ کہا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید بھٹو نے شہادت قبول کرلی لیکن کبھی یوٹرن نہیں لیا تھا، اسی نظریئے کو محترمہ شہید آگے لیکر چلیں، شہید محترمہ کو جلا وطن کیا گیا، آصف زرداری نے سب سے زیادہ جیل کاٹی، محترمہ کے والد، دونوں بھائیوں کو شہید کیا مگر کبھی پاکستان کے خلاف نعرہ نہیں لگایا، آجکل لوگ انگلی کٹوا کر شہادت کی منزل حاصل کرنا چاہتے ہیں، ملک میں اگر سیاست کرنی ہے تو محترمہ بے نظیر سے سیکھو، شہید محترمہ نفرت کی نہیں محبت کی سیاست پر یقین رکھتی تھیں۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ محترمہ شہید کو معلوم تھا دہشت گرد، انتہا پسند حملہ کریں گے، دہشت گردوں کا سہولت کار وقت کا آمر بن چکا تھا، دہشت گردی کے باوجود شہید محترمہ پیچھے نہیں ہٹی تھیں، شہید محترمہ چاہتی تو پہلے دھماکے کے بعد ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرسکتی تھی، وہ بھٹو کی بیٹی تھی ملک کے کونے کونے پہنچیں، راولپنڈی میں محترمہ شہید نے آمر اور دہشت گردوں کو للکارا، جب محترمہ نے سیاست شروع کی تو آمر ضیا الحق کا راج تھا، ضیا الحق آمر نے خواتین کے حقوق سلب کر رکھے تھے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس وقت فتوے بانٹے جاتے تھے کہ خواتین سیاست نہیں کرسکتی، شہید محترمہ نے دو دفعہ وزیراعظم بن کر ان کو غلط ثابت کیا، بھٹو شہید کی بیٹی بے نظیر نے خواتین کے حقوق کو بحال کیا، آجکل تو جعلی سازش کی بات ہوتی ہے، شہید محترمہ کے خلاف حقیقی سازش ہوتی تھی، بار بار سازش کے تحت شہید محترمہ کی حکومت کو ختم کیا گیا، ایک دن بھی محترمہ نے نفرت کی سیاست نہیں کی، کس کے دور میں بے نظیر شہید اور ان کے خاوند پر کیسز بنائے گئے، شہید محترمہ نے جمہوریت کو بحال کرنے کے لیے تحریک شروع کی، شہید محترمہ نے سکھایا ذاتی نہیں عوام کے مفاد کو دیکھو، شہید محترمہ نے یوٹرن نہیں لیا اور شہادت قبول کی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری آنکھوں کے سامنے راولپنڈی میں محترمہ کو شہید کیا گیا، اس وقت ملک کے چاروں کونوں میں آگ تھی، ہم نے اس وقت انتشار، جلاؤ گھیراؤ کی سیاست نہیں کی، محترمہ کی شہادت کے وقت آصف زرداری اور جیالوں کے لیے امتحان تھا، اس وقت آصف زرداری نے ’پاکستان کھپے‘ کا نعرہ لگایا، اس وقت میں انتقام کا نعرہ لگا سکتا تھا کہ ایوان صدر پر ٹوٹ پڑو مجھے آمر مشرف کا سر چاہیے، شہید محترمہ نے ہمیں انتشار کی سیاست نہیں امید، یکجہتی کی سیاست سکھائی، ہم نے کہا جمہوریت ہمارا انتقام ہے، ہم نے ملک کو جوڑنے کی سیاست کرتے ہوئے آمر مشرف کو گھر بھیجا، ہم نے جیے بھٹو کا نعرہ لگاتے ہوئے اٹھارویں ترامیم، این ایف سی ایوارڈ دلوایا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سی پیک کی بنیاد رکھی، آصف زرداری نے 12 سال جیل کاٹی، آصف زرداری کے اقتدار کے دوران ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا، آصف زرداری نے کبھی میڈیا پر پابندی نہیں لگائی تھی، جب جیالے ایک زرداری سب پر بھاری کا نعرہ لگاتے ہو تو وہ خود ہمیں روکتے ہیں، سابق صدر کہتا ہے ایک زرداری سب سے یاری، ہم اتحاد، یکجہتی کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ راج قائم کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کے خلاف سازش کی گئی، سلیکٹڈ راج کی وجہ سے پیپلزپارٹی کو ایک صوبے تک محدود رکھنے کی کوشش کی گئی، ہمارے کارکنوں کو جیلوں میں ڈالا گیا، بندوق کی نوک پر ہمارے لوگوں کو پارٹی سے نکالا گیا، ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی مگر انتشار کی سیاست نہیں کی، ہم نے سلیکٹڈ راج کا جمہوری طریقے سے مقابلہ کیا، وعدہ کیا تھا ہم عدم اعتماد کو ہتھیار بنا کر وزیراعظم کو گھر بھیجیں گے، وعدہ کیا تھا عدالت اور نہ کسی اور کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، ہم نے پرامن لانگ مارچ میں اسلام آباد پہنچ کرعدم اعتماد لانے کا اعلان کیا، عدم اعتماد پیپلز پارٹی کے جیالوں کی کامیابی ہے، عمران آپ کی کامیابی وائٹ ہاؤس کو دلانا چاہتا ہے، جھوٹے شخص کو جیالوں نے جمہوری طریقے سے نکالا، میں نے سیاسی سفر کے آغاز میں عمران خان کی حکومت کو گھر بھیجا، عوام کے ساتھ مل کر ملکی مسائل کو حل کریں گے، ہم عوام کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں، ہم عوام کی مدد سے ملک کو مسائل سے نکالیں گے۔

فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کی کامیابی کا سہرا کس کے سر جاتاہے؟ شان نے بتادیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی لیجنڈ ادا کار شان شاہد نے کہا ہے کہ دی لیجنڈ آف مولاجٹ نہیں اصل میں پرانی مولاجٹ ہٹ ہوئی ہے۔
نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب وہ گنڈاسا فلمیں کرتے تو انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج اس بات کی خوشی ہے کےاسی طرز کی فلم نے نہ صرف اپنی ایک پہچان بنائی بلکہ ریکارڈ بزنس بھی کیا،فلم انڈسٹری کو اپنی بقا کیلئے گنڈا سے کی ضرورت پڑی۔
شان شاہد نے خواہش ظاہر کی کہ دی لیجنڈ آف مولاجٹ کی طرح ضرار کو بھی ڈھیروں کامیابیاں ملیں، ماضی کے کرداروں کو اجاگر کرکے ہی ہم اپنے سینما کو پھر سے بحال کرسکتے ہیں جو بہت ضروری ہے۔
حال ہی میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم “ضرار” سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شان شاہد کا کہنا تھا کہ مولاجٹ اور ان کی فلم کا کوئی مقابلہ نہیں، ان کی فلم کا موضوع مختلف ہے۔

گلہری نے آدھے شہر کو بجلی سے محروم کردیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی شہر کے بجلی گھر میں گلہری کی آمد سے ایک چوتھائی بجلی صارفین الیکٹرک سے محروم ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گلہری کی وجہ سے شہریوں کے بجلی سے محروم ہونے کا واقعہ امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر ڈِکسن میں پیش آیا۔
واقعے سے متعلق ڈِکسن الیکٹرک کمپنی نے ٹوئٹر کے ذریعے صارفین کو آگاہ کیا، کمپنی نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’ایک چھوٹی اور پیاری سی گلہری سب اسٹیشن میں داخل ہوئی اور آبادی کے ایک بڑے حصے کو بجلی سے محروم کردیا‘۔
کمپنی نے صارفین کو آگاہ کیا کہ بجلی کی بندش کچھ دیر کےلیے ہے، جسے جلد ہی بحال کردیا جائے گا۔

امریکا سے شکست، ایرانی ٹیم فٹبال ورلڈ کپ سے باہر، شہریوں کا جشن

تہران: (ویب ڈیسک) قطر فٹبال ورلڈ کپ میں امریکا سے شکست کے بعد ایران کی ٹیم باہر ہو گئی لیکن اس کے باوجود شہری سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جشن کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جس میں ایرانی شہری اپنی ہی ٹیم کی شکست پر سڑکوں پر نکل کر ٹائر جلا رہے ہیں اور جشن منا رہے ہیں۔
ٹوئٹر پر شئیر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایرانی شہری اپنی ٹیم کی شکست پر مایوس ہونے کے بجائے جشن منا رہے ہیں۔ ایران کے مختلف علاقوں میں شہریوں کی جانب سے آتشبازی بھی کی گئی۔
واضح رہے ایران کا مغربی صوبہ کردستان ان مظاہروں کا مرکز ہے اور ٹیم کی عالمی کپ میں شکست کے بعد یہاں بڑے پیمانے پر جشن منایا جا رہا ہے۔
آن لائن شیئر کی گئی ویڈیوز میں کردستان کے ایک اور شہر مہاآباد میں بھی عوام نے امریکا کی فتح کی خوشی میں آتش بازی کی اور حکومت مخالف نعرے لگائے جبکہ کچھ منچلوں نے ریلی کی شکل میں بائیک پر ٹیم کی شکست پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ صوبے کرمانشا کے شہروں ماری وان، پاوے، سوپولے زہب وغیرہ میں بھی امریکا کی فتح اور ایران کی شکست پر خوشیاں منائی گئیں۔

معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب تھی، ڈارجیسے ہی آئے ڈالرگھبرا کر نیچے آگیا: فضل الرحمان

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسحاق ڈارجیسے ہی واپس آئے ڈالرگھبرا کر نیچے آگیا۔
کراچی میں سود کے خاتمے سے متعلق سیمینار سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ شرعی عدالت کے سود کے خلاف فیصلے پر عمل درآمد کیلئے وزیراعظم سے بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سود کا مسئلہ صرف مذہبی لوگوں کا نہیں سب کا ہے، اب قومی اور اجتماعی طور پر محنت کرنا ہوگی، قراردادیں اور سیمینار میں گفتگو حکومت کیلئے رہنمائی ہوگی۔
ان کا کہنا تھاکہ ہماری معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب تھی، اسحاق ڈارجیسےہی واپس آئے ڈالرگھبرا کر نیچے آگیا، ہم ایسی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں اس سے نکلنا آسان کام نہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھاکہ ملک میں پانچ بینک مکمل طورپراسلامی بینکاری کررہے ہیں، اسلامی بینکاری کا مارکیٹ شیئر 21 فیصد تک ہوگیا ہے، سود کے مکمل خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔

جھمپیرمیں ونڈ انرجی پاورپلانٹ کا افتتاح کردیا گیا، 110 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جھمپیر میں ونڈ انرجی پاورپلانٹ کا افتتاح کردیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے جھمپیرمیں ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے 2 پاورپلانٹس کا افتتاح کیا۔
گل احمد ونڈ ملز اور میٹرو ونڈ ملز پاورپلانٹس سے مجموعی طورپر 110میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔ ونڈ انرجی کے ایک پلانٹ سے 50 اوردوسرے پلانٹ سے60 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔ یہ بجلی جھمپیرگرڈ اسٹیشن کے ذریعے نیشنل گرڈ میں شامل کی جائے گی۔
تقریب سے خطاب میں خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ ونڈز سے بجلی بنانے میں لاگت کم آرہی ہے، جلد بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملاقات کی۔
صدر سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔
ملاقات میں صدرمملکت نے عہدہ سنبھالنے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کو مبارکباد دی۔

عمران خان سیاست بچانے کیلئے قائداعظم کے فرمان کا استعمال نہ کریں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنی سیاست بچانے کیلئے قائداعظم کے فرمان کا استعمال نہ کریں۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ عمران خان آئینی اداروں کو آئین شکنی پر مجبور کریں؟ تحفے میں ملی گھڑی بیچ دیں ؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان صرف اقتدار کیلئے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں، عمران خان کو توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ سمیت تمام بد عنوانیوں کا حساب دینا پڑے گا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا ملا جلا رجحان

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا ملا جلا رجحان رہا، 100 انڈیکس 24 پوائنٹس کم ہوکر 42348 پر بند ہوا۔
کاروباری دن میں 100 انڈیکس 248 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا، بازار میں 12 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے، شیئرز بازار کے کاروبار کی مالیت 4.65 ارب روپے رہی۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن 5 ارب روپے بڑھ کر 6768 ارب روپے ہے۔

پیٹ درد کے شکار شخص کے معدے سے درجنوں سکے برآمد

بنگلورو: (ویب ڈیسک) بھارت میں ایک شخص کے آپریشن کے دوران ڈاکٹر معدے میں درجنوں سکے دریافت کرکے دنگ رہ گئے۔
یہ واقعہ بھارتی شہر بنگلورو میں پیش آیا جہاں ایک شخص پیٹ درد اور الٹیوں کی شکایت کے ساتھ ایک اسپتال آیا تھا۔
ڈاکٹروں کے مطابق یہ شخص گزشتہ 2 یا 3 ماہ سے سکے نگل رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ مریض شیزو فرینیا نامی ذہنی بیماری کا شکار تھا۔
اس بیماری میں مریض کی شخصیت بے ربط ہوجاتی ہے اور وہ عجیب حرکتیں کرنے لگتا ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق اس بیماری کے شکار افراد کو علم نہیں ہوتا کہ وہ کیا کررہے ہیں، مگر یہ ہمارے کیرئیر کا پہلا ایسا کیس ہے۔
ڈاکٹروں نے اینڈوسکوپی طریقہ کار سے مجموعی طور پر 187 سکے معدے میں سے نکالے جن کا وزن ڈیڑھ کلوگرام تھا۔
ان میں سے 56 سکے 5 بھارتی روپے کے تھے، 51 سکے 2 بھارتی روپے اور 80 سکے ایک بھارتی روپے کے تھے۔
ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان سکوں سے معدہ بہت زیادہ پھول گیا تھا جن کو نکالنے کے لیے آپریشن 2 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔
آپریشن کے بعد مریض کی حالت بہتر بتائی گئی ہے۔

چاند پر بھیجے جانے والے تاریخی آرٹیمس 1 مشن کی دنگ کردینے والی ‘سیلفی’

نیویارک: (ویب ڈیسک) ناسا کے آرٹیمس 1 مشن میں شامل اورین اسپیس کرافٹ نے ایک زبردست ‘سیلفی’ کھینچی ہے۔
زمین سے ریکارڈ دوری تک جانے والے پہلے اسپیس کرافٹ کا اعزاز حاصل کرنے والے اورین نے اس فاصلے سے ایک دنگ کردینے والی تصویر بھی کھینچی۔
ناسا کی جانب سے اورین اسپیس کرافٹ کی تصویر کو شیئر کیا گیا جس میں زمین اور چاند پس منظر میں نظر آرہے ہیں۔
یہ تصویر زمین سے 2 لاکھ 68 ہزار 563 میل کے فاصلے سے کھینچی گئی۔
اتنے فاصلے پر اس سے قبل انسانوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا کوئی اسپیس کرافٹ جانے میں کامیاب نہیں ہوسکا تھا۔
اس طرح اورین نے اپولو 13 کا 2 لاکھ 48 ہزار 655 میل کی دوری کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
خاص بات یہ ہے کہ یہ پہلا مشن ہے جسے اتنی دور سفر کرنے کے لیے بھیجا گیا تھا، اپولو 13 نے اپنا ریکارڈ ایمرجنسی حالات کی وجہ سے بنایا تھا۔
اورین اسپیس کرافٹ نے حال ہی میں چاند کے قریب پرواز کی تھی اور اب اس کا مشن آدھا مکمل ہوچکا ہے اور جلد اس کی زمین پر واپسی کا سفر شروع ہوگا۔
سب کچھ ٹھیک رہا تو یہ اسپیس کرافٹ 11 دسمبر کو واپس پہنچے گا۔
آرٹیمس 1 مشن کی کامیابی مستقبل میں چاند کے لیے انسانی مشنز کی راہ ہموار کرے گی۔
آرٹیمس 1 کے بعد آرٹیمس 2 مشن میں انسانوں کو خلا میں بھیجا جائے گا اور ایسا 2024 میں متوقع ہے، البتہ یہ مشن چاند پر لینڈ نہیں کرے گا۔
آرٹیمس 3 وہ مشن ہوگا جس میں خلا بازوں کو 2025 میں چاند پر بھیجا جائے گا اور یہ وہاں کے قطب جنوبی پر لینڈ کرے گا۔

فٹبال کلب یووینٹس کے صدر سمیت پورے بورڈ نے استعفیٰ دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) اٹلی کے فٹبال کلب یووینٹس کے صدر اینڈریا اگنیلی سمیت پورے بورڈ نے استعفیٰ دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال نومبر میں کلب بارے میں پولیس انکوائری شروع ہونے کے بعد یووینٹس نے اعلان کیا کہ وہ حکام کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
2019 اور 2021 کے درمیان کھلاڑیوں کے رجسٹریشن کے حقوق سے حاصل ہونے والی آمدنی تحقیقات کا موضوع تھی۔
اگنیلی اور سبکدوش ہونے والے نائب صدر سے کچھ تھے جن کی جانچ پڑتال کی جا رہی تھی۔
زیر التواء قانونی اور اکاؤنٹنگ چیلنجوں کی مرکزیت اور مطابقت پر غور کرنے کے بعد بورڈ نے متفقہ طور پر اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا۔