اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کی یواے ای نے سیلاب متاثرین کی مدد جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
وزیر اعظم شہباز ریف نے کہا ہے کہ یواے ای کے صدر محمد بن زید النہیان سے گزشتہ رات ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی، متحدہ عرب امارات کے صدر نے سیلاب متاثرین کی مدد جاری رکھنے کا یقین دلایا۔
ان کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سےسیلاب متاثرین کےلیے 50ملین ڈالر کی امداد فراہم کی جارہی ہے۔یواے ای کے صدر کی دعوت پر 3ستمبر کا طے شدہ دورہ باہمی مشاورت سے ملتوی کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ دورہ ملتوی کرنے کا مقصد سیلاب متاثرین کے لیے جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشن پر توجہ مرکوز رکھنا تھا۔
Monthly Archives: September 2022
دنیا کی پہلی اسپورٹس کار پرواز کرنے کے لیے تیار
امریکا: (ویب ڈیسک) ریسنگ کار اب دوڑنے کے ساتھ اڑیں گی بھی، دنیا کی پہلی تین پہیوں والی اسپورٹس کار دو سو میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا میں پرواز کرنے کے لیے تیار ہے۔
دنیا کی پہلی تین پہیوں والی سپورٹس کار نے اڑان بھرلی۔ گاڑی نے رن وے پر کامیاب آزمائشی مراحل طے کیے۔
زمین پر اس کار کی رفتار 125 میل فی گھنٹہ جبکہ فضا میں 200 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیرہ ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
لینڈنگ کے ساتھ ہی کار ڈرائیونگ موڈ میں تبدیل ہو کر پروں اور دم کو محفوظ رکھنے کے لیے فولڈ کرلیتی ہے۔
امریکی سیمسون سکائی کمپنی کی بنائی گئی اس فلائینگ کار کو تیار کرنے میں 14 سال کا وقت لگا جبکہ اس پر 3 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت آئی۔ کمپنی کے مطابق 52 ممالک کے 21 سو افراد گاڑی کی پہلے سے ہی بکنگ کرا چکے ہیں۔
بابائے حریت سید علی گیلانی کی پہلی برسی، وزیراعظم شہباز شریف کا خراج عقیدت
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) لائن آف کنڑول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری بابائے حریت سید علی گیلانی کی پہلی برسی منا رہے ہیں۔
سید علی شاہ گیلانی 29 ستمبر 1929 میں نہر زنیہ گیر کے قریب بانڈی پورہ کے گاؤں زرمنز میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم سوپور سے حاصل کرنے کے بعد انہوں نے اعلی تعلیم کے لئے اورینٹل کالج لاہور میں داخلہ لیا، وہ 1949 میں جماعت اسلامی میں شامل ہوئے۔
1961 میں علی گیلانی سرکاری نوکری چھوڑکر جماعت اسلامی کے ہمہ وقت لیڈر بن گئے، 28 اگست 1961 میں وہ پہلی بار گرفتار ہوئے، سید علی گیلانی جماعت اسلامی کے ٹکٹ پر مقبوضہ کشمیر اسمبلی میں 1972، 1977 اور 1987میں تین مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔
سید علی گیلانی نے 1994 میں دیگر کشمیری لیڈروں کے ساتھ ملکر کل جماعتی حریت کانفرنس کی بنیاد ڈالی، 1990 سے لیکر 2010 تک وہ متعدد بار گرفتار اور رہا ہوتے رہے، 2010 میں انہیں گھر میں نظر بند کر دیا گیا، یوں یہ مرد درویش ایام اسیری کے دوران ہی یکم ستمر 2021 کو اللہ کے حضور پیش ہوگئے، حکومت پاکستان نے انہیں نشان پاکستان سے بھی نواز ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے آزادی کشمیر کی نشانی سید علی گیلانی کو پہلے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک فرد نہیں تحریک تھے، ان کی جدوجہد حریت اور کشمیر کی آزادی کی تاریخ کا سنہری باب ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کا سید علی گیلانی کے لئے بابائے حریت کا خطاب اُن کی تاریخی جدوجہد کا اعتراف ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی شہید کا جسد خاکی چھین لینے سے کشمیریوں کی آزادی کے لئے تڑپ نہیں چھینی جاسکتی، ہم پاکستانی ہیں، اور پاکستان ہمارا ہے، یہ اُن کا نعرہ تھا جو آج پوری دنیا میں گونج رہا ہے۔
بے رحم سیلابی ریلوں کی تباہ کاریاں نہ رکیں مزید 27 اموات، مکان، سڑکیں کھنڈر
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بے رحم ریلوں کی تباہ کاریاں جاری ہیں، سیلاب سب کچھ بہا لے گیا، ملک بھر میں مزید 27 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1191 تک پہنچ گئی ہے۔
سیلاب کے باعث 11 لاکھ 6 ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 7 لاکھ 31 ہزار مویشی ہلاک ہو چکے ہیں، متاثرہ علاقوں میں سڑکیں کھنڈر کا منظر پیش کررہی ہیں، ہرطرف بربادی کے مناظر نظر آرہے ہیں جبکہ زمینی رابطے ختم، دو ر دراز مقامات تک رسائی نا ممکن بن چکی ہے۔
ادھر بد ترین سیلاب نے سندھ میں بھی شدید تباہی مچا دی ہے، پورا صوبہ اجڑ گیا، ہلاکتوں کی تعداد 422 تک پہنچ گئی، 160 بچے بھی شامل ہیں جبکہ گھر، دکانیں اور کارخانے ریلوں کی نذر ہو چکے ہیں، مواصلاتی نظام ناکارہ، ٹرین سروس معطل، اشیاء کی ترسیل میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بروقت اشیاء کی سپلائی نہ ہونے کے باعث غذائی بحران کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔
این ڈٰی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں اور سيلابی ریلوں سے مزید 27 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، اب تک جاں بحق ہونے والے افراد کى تعداد ایک ہزار 191 ہو گئی ہے۔
گزشتہ چوبيس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ایک، خیبر پختون خوا میں 4 اور سندھ میں 15 افراد چل بسے، اب تک سندھ میں سب سے زیادہ 422 اموات ریکارڈ ہوئی ہیں۔
سیلاب کے باعث بلوچستان میں 253، خیبر پختونخوا میں 264 اور پنجاب میں 188 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، سیلابی ریلوں اور بارشوں کے باعث حادثات میں جاں بحق ہونے والوں میں 522 مرد،246 خواتین اور399 بچے شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبيس گھنٹوں کے دوران 87 افراد حاليہ بارشوں اور سيلاب سے زخمى ہوئے ہیں جبکہ ملک بھر میں اب تک زخمى ہونے والے افراد کی کل تعداد 3 ہزار 641 ريکارڈ کى گئى ہے۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں سے سب سے زیادہ پنجاب میں 2023 افراد زخمى ہوئے، سندھ میں زخمى افراد کى تعداد 1101 تک جا پہنچى ہے، بلوچستان میں حاليہ بارشوں سے زخمى افراد کى تعداد 164 ہے، خيبر پختونخوا میں 327 جبکہ آزاد کشمير میں 21 زخمى ہوئے ہیں۔
ملک بھر کے 80 اضلاع بارشوں اور سيلاب سے متاثر ہيں جبکہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک بھر میں 3 لاکھ 72 ہزار 8 سو 23 گھر تباہ ہوئے ہیں، بارشوں اور سيلاب سے جزوى طور پر 7 لاکھ 33ہزار 536 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 243 پلوں اور 173 دکانوں کو حاليہ بارشوں سے نقصان پہنچا، کل 5063 کلو ميٹر سڑک بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئیں، 7 لاکھ 31 ہزار سے زائد مويشيوں کا نقصان ہوا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ ، پٹرول 2 روپے 7 پیسے مہنگا
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) مہنگائی کے ماری عوام کےلئے بری خبرآگئی، حکومت نے ایک مرتبہ پھر پٹرول بم گرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق پٹرول کی فی لٹر قیمت2 روپے7پیسے اضافے کے بعد نئی قیمت 235 روپے 98 پیسےہوگئی، ڈیزل کی فی لٹر قیمت 2 روپے 99 پیسے اضافے کے بعد 247 روپے 43 پیسے مقررہوگئی، مٹی کا تیل 10 روپے 92 پیسےفی لٹرمہنگا ہوا ہے، نئی قیمت 210 روپے 32 پیسے ہوگئی، لائٹ ڈیزل کی فی لٹر قیمت 9 روپے 79 اضافے کے بعد 201 روپے 54 پیسے مقرر کر دی گئی ہے، وزارت خزانہ نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔
دوسری جانب مہنگائی کے ستائے شہری پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پھٹ پڑے، اور کہا کہ حالیہ اضافہ آئی ایم ایف سے قسط وصولی کا تحفہ ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد مہنگائی کی نئی لہر آنے کا خدشہ ہے، جسے کنٹرول کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
یاد رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 16 روپے کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 89 پیسے کمی کی سفارش کی تھی، جسے حکومت نے مسترد کردیا۔
دہشتگردی کا مقدمہ: عمران خان عدالت سے غیر حاضر، 12 بجے طلب
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے دہشتگردی کے مقدمے میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو 12 بجے طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس افسران اور خاتون جج کو دھمکیاں دینے کے کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو غیر حاضر ہونے پر 12 بجے طلب کیا گیا ہے، اس موقع پر انسداد دہشتگردی کی عدالت کے اندر اور باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج جسٹس راجہ جواد عباس حسن کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔
قبل ازیں عدالت نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی یکم ستمبر تک ضمانت قبل ازگرفتاری منظورکی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو اپنا جواب دوبارہ داخل کرانے کیلئے مزید 7 دن کی مہلت دی ہے۔
کورونا کی چھٹی لہرسے ایک اور مریض جاں بحق، 219 نئے کیس رپورٹ
اسلام آباد (ویب ڈیسک) کورونا کی چھٹی لہر کے وار جاری ہیں، ملک بھر میں مزید ایک مریض دم توڑ گیا۔ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 17 ہزار 628 ٹیسٹ کئے گئے، جس میں 219 نئے مریض سامنے آئے ہیں، کورونا مثبت کیسز کی شرح 1.24 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ این آئی ایچ رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک بھر میں مہلک وائرس میں مبتلا 117 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔