ممبئی : (ویب ڈیسک) بھارتی گلوکار کے کے کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا، پولیس نے غیر طبعی موت کا مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج سے یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ بھارتی گلوکار کو اسپتال لے جانے سے پہلے کیا ہوا تھا، پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد کے کے کی لاش کو ممبئی لے جایا جائے گا۔
کے کے دوران پرفارمنس پسینے میں شرابور اور بے چین بھی دکھائی دئیے کیونکہ آڈیٹوریم میں اے سی کام نہیں کررہے تھے جبکہ ان کو اسپتال لے جاتے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے۔
یاد رہے گزشتہ رات بھارت کے معروف گلوکار کے کے 53 سال کی عمر میں ایک لائیو پرفامنس کے دوران انتقال کر گئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی گلوکار کلکتہ میں ایک تقریب میں پرفام کر رہے تھے کہ اس دوران ان کو دل کا دورہ پڑا جس سے وہ جانبر نہ ہو سکے۔
کے کے نے اپنا پہلا البم پال 1999 میں ریلیز کیا تھا، گلوکار موسیقار، جن کا اصل نام کرشنا کمار کنناتھ تھا، نے بالی ووڈ پلے بیک سنگر کے طور پر خوب نام بنایا۔
انہوں نے تڑپ تڑپ (ہم دل دے چوکے صنم، 1999)، دس بہانے (دس، 2005) اور ٹیون ماری انتریان (گنڈے، 2014) جیسی ہٹ فلموں میں اپنے سر بکھیرے۔
Monthly Archives: June 2022
راستے روکنے کیلئے اربوں روپے ہیں، پر زہر کھانے کو پیسے نہیں، شہباز گل
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا کہنا ہے کہ پٹرول ڈیزل آٹا چینی اور گھی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو رہا ہے۔
شہباز گل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ایک طرف زہر کھانے کو حکومت کے پاس پیسے نہیں اور دوسری طرف 54 لوگوں کے وفد کے ساتھ 3 روزہ ترکی کا دورہ اور کروڑوں کے اشتہار اخبارات میں چلائے جا رہے ہیں، جبکہ سیاسی جماعت کا راستہ روکنے کے لئے بھی تقریباً تین ارب روپے سے زیادہ کے اخراجات کیے گئے۔
شہباز گل نے لکھا کہ اس کے پیچھے وہ کون تھا؟
یاسین ملک کو تہاڑ جیل میں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے
جموں کشمیر : (ویب ڈیسک) حریت پسند رہنما یاسین ملک کو بھارت کی تہاڑ جیل کے تنہا سیل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ ان کی والدہ اور بہن کوجیل حکام نے ان سے ملنے کی اجازت بھی نہیں دی۔
جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی یاسین ملک کو جیل کے علیحدہ سیل میں منتقل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت یاسین ملک ذہنی تشدد کا نشانہ بنا کر نفسیاتی مریض بنانا چاہتا ہے۔
بھارت کی ایک عدالت نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ مفتی محمد سعیداور پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کی بہن ڈاکٹر ربیعہ سعید کو15 جولائی کو یاسین ملک کے خلاف گواہی کے لیے طلب کیا ہے۔
عدالت نے ربیعہ سعید کوان کے اغوا کے نام نہاد مقدمے میں گواہی کیلئے طلب کیا ہے جبکہ ربیعہ سعید خود اس بات کے اعتراف کرچکی ہیں کہ جے کے ایل ایف کے لیڈر اشفاق مجید وانی اور دیگر پارٹی کارکنوں نے ان کے ساتھ بہن جیسا سلوک کیا تھا۔
25 مئی کو جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے سربراہ یاسین ملک پر عائد کردہ بے بنیاد و من گھڑت الزامات پر بھارتی عدالت نے انہیں عمر قید کی سزا سنادی تھی۔ مجموعی طور پر یاسین ملک کو دو مرتبہ عمر قید اور پانچ مرتبہ 10/10سال قید کی سزائیں سنائی گئی، انہیں دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی ملی ہے۔
حریت رہنما یاسین ملک پر دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے فنڈنگ کا بے بنیاد و من گھڑت الزام ہے۔ یاسین ملک کو بے بنیاد الزامات کی بنیاد پ ر1999 میں گرفتار کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ جے کے ایل ایف کے سربراہ یاسین ملک کو گزشتہ سماعت میں عدالت نے قصور وار قرار دیا تھا جب کہ دوران سماعت این آئی اے نے حریت رہنما یاسین ملک کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
سیاسی استحکام کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا: احسن اقبال
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، سیاسی استحکام نہ ہوتونوبل انعام یافتہ لوگ بھی بٹھا دیں تو بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوگا۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ مغربی پاکستان کے لوگ اس زعم میں تھے کہ مشرقی پاکستان ہم پر بوجھ ہے، بھارت ہم سے بہت پیچھے تھا لیکن 2000 کے بعد ہمیں پیچھے چھوڑ گیا، کیا وجہ ہے ہر ملک ہمیں اوور ٹیک کر جاتا ہے اور ہم پیچھے رہ جاتے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جس ملک میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل نہیں ہوگا وہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا، ملک میں جمہوریت کو مستحکم کر کےمعاشی خوشحالی کاحصول ممکن ہے، ملک میں نظام بدلنے کی بڑی کوششیں کی گئی، پالیسیوں کا تسلسل نہ ہو تو جتنے مرضی افلاطون لا کربٹھادیں ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش جو ہمارے وطن سے نکلا ہم سے آگے نکل گیا، جنوبی کوریا 100 بلین ڈالر سے 600 بلین ڈالر پر پہنچ گیا، جو ملک خانہ جنگی کا شکار تھے وہ بھی ہم سے آگے نکل گئے ہم وہیں کھڑے ہیں، آج کا نوجوان جو ابھی گریجوایٹ کر رہا ہے وہ اپنے سفر کے بارے میں کیا کہے گا۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان آئینی حکمرانی اورجمہوری نظام کے لحاظ سے کمزور ہوا ہے، ہم 1988 سے آگے نہیں بڑھ سکے بلکہ 2 قدم پیچھےہوئےہیں، جدید دور میں میڈیا کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے، تعلیم کی کمی اور غربت کی وجہ سے انتہا پسندی بڑھی۔
لاہور ہائیکورٹ نے سیف سٹی ای ٹکٹنگ چالان غیر قانونی قرار دیدیا
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے سیف سٹی ای ٹکٹنگ چالان غیر قانونی قرار دیدیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستوں پر فیصلہ سنایا جن میں سیف سٹی کی جانب سے ای چالان کو چیلنج کیا گیا تھا۔ عدالت نے سیف سٹی ای ٹکٹنگ چالان کے خلاف تمام درخواستیں منظور کرلیں۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے حکم دیا کہ لاہور میں سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے گاڑیوں کے ای چالان غیر قانونی ہیں۔ عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ کابینہ کی منظوری کے بغیر کیمروں سے ای چالان کیے جا رہے ہیں. بغیر قانون سازی گاڑیوں کے ای چالان نہیں کیے جاسکتے۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ ای چالان غیر قانونی طور پر کیے جا رہے ہیں، سیف سٹی اتھارٹی کو کیمروں کے ذریعے چالان کرنے کا کوئی قانونی حق نہیں، وکیل نے استدعا کیا کہ سیف سٹی اتھارٹی کی جانب سے ای چالان کرنے کا اقدام کلعدم قرار دیا جائے۔
بلوچستان : نئی ضلعی حکومتوں کیلئے بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی بڑا چیلنج ثابت ہو گا
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے بعد نئی ضلعی حکومتیں تشکیل دی جائیں گی جن کیلئے بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی بڑا چیلنج ثابت ہو گا۔
بلوچستان کے 32 اضلاع میں 9 سال بعد بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، اگلے مرحلے میں کوئٹہ اور لسبیلہ میں بلدیاتی انتخابات منعقد کیے جائیں گے، انتخابات کے بعد صوبے بھر میں لوکل حکومتوں کی تشکیل کا عمل شروع ہوگا، ضلعی حکومتوں کی تشکیل کے بعد صوبے کے کونسے اہم مسائل ہیں جنکے حل کے لیے اقدامات ترجیحات میں شامل ہونے چاہیں۔
بلوچستان میں بلا شبہ بنیادی ضروریات زندگی کی سہولیات کا فقدان اہم مسائل میں سے ایک ہے، ایسے میں نئی بننے والی لوکل حکومتوں کو چاہیے کہ صوبے کے عوام کے لیے پانی کی فراہمی، سڑکوں کی مرمت اور سیوریج جیسے اہم مسائل کا حل اولین ترجیحات میں شامل کریں۔
اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی سے ہی گلی محلوں سمیت دیہات تک کے اہم مسائل حل کیے جا سکتے ہیں، اب دیکھنا یہ ہوگا کہ نئی ضلعی حکومتیں عوامی مسائل حل کرنے کے لیے کیا اقدامات اٹھائیں گی۔
بھارتی بربریت، مئی میں 32 کشمیریوں کو شہید کر دیا
سری نگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض ظالم بھارتی فوج کی بربریت کا سلسلہ 7 دہائیوں سے جاری ہے، مئی کے مہینے میں ظلم کی انتہا کرتے ہوئے 32 کشمیریوں کو شہید کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پرامن مظاہرین پر شیلنگ اور پیلٹس کی برسات سے 26 افراد زخمی ہوئے، جبکہ بھارتی پولیس نے 180 نام نہاد سرچ آپریشنز میں 92 افراد کو گرفتار کیا۔
1989 سے بھارت کشمیر میں خون کی ندیاں بہا رہا ہے، اب تک بھارتی جارحیت سے 96 ہزار سے زائد کشمیری شہید ہو چکے ہیں، ایک لاکھ 65 ہزار کے قریب افراد کو قید کیا گیا جن میں سے 7 ہزار 200 بے گناہ کو قید میں موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
سونے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کے درمیان جھڑپیں، تقریبا 100 افراد ہلاک
لیبیا : (ویب ڈیسک) افریقی ملک چاڈ میں سونے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کے درمیان جھڑپوں میں تقریبا 100 افراد ہلاک ہو گئے۔
افریقی ملک چاڈ میں سونے کے کان میں کام کرنے والے مزدوروں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں تقریبا ایک سو افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
چاڈ کے وزیر دفاع داؤد یحییٰ ابرایم نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جھڑپیں لیبیا کی سرحد کے قریب واقع کوری بوگودی کے علاقے میں ہوئیں۔یہ جھڑپیں 23 مئی کو سونے کے دو کان کنوں کے درمیان معمولی تنازعہ سے شروع ہوئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں سونے کی کانوں میں غیرسرکاری طور پر کان کنی کی جاتی ہے۔ حکومت نے متاثرہ علاقے میں کان کنی کے تمام غیرسرکاری منصوبوں کو معطل کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ10 سال قبل اس علاقے میں سونے کی دریافت کے بعد مختلف علاقوں سے کان کنوں نے یہاں آنا شروع کر دیا تھا۔ غیر قانونی کان کنی کے باعث یہاں اکثر تناؤ کی صورتحال رہتی ہے۔
امریکہ یوکرین کو ایسے راکٹ نہیں دے گا جو روس تک پہنچ سکیں، امریکی صدر
امریکا : (ویب ڈیسک) روس کے ڈونباس میں محاصرہ کرنے کی دھمکی کی وجہ سے یوکرین نے امریکہ سے راکٹوں کی درخواست کی تھی۔ تاہم امریکہ نے کہا ہے کہ وہ یوکرین کو ایسے راکٹ نہیں دے گا جو روس تک پہنچ سکیں۔
ڈونباس سمیت مشرقی یوکرین کے متعدد دیگر شہر اس وقت روس کے اہم اہداف ہیں۔ یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف اور شمال مشرقی سومی کے علاقوں میں بھی گولہ باری کی گئی ہے۔
تاہم امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ یوکرین کو ایسے راکٹ سسٹم فراہم نہیں کرے گا، جو روس تک مار کر سکیں۔ اس سے قبل یوکرین کے حکام نے اس طویل فاصلے تک مار کرنے والے سسٹم کا مطالبہ کیا تھا۔
جسے ‘ملٹیپل لانچ راکٹ سسٹم’ یا ایم ایل آر ایس کہا جاتا ہے۔ یہ سسٹم ایک ساتھ بہت سے راکٹوں کو سینکڑوں میل فاصلے تک فائر کر سکتا ہے۔
یوکرینی حکومت نے مغرب پر بھی زور دیا تھا کہ وہ اسے زیادہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار فراہم کریں تاکہ چار ماہ سے جاری اس جنگ کا رخ موڑا جا سکے۔
تاہم روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے مغربی طاقتوں کو یوکرین کو ایسے ہتھیار فراہم کرنے کے لیے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے اقدام ”ناقابل قبول کشیدگی کی جانب ایک سنگین قدم” ہو گا۔
امریکہ اب تک ہزاروں پورٹیبل طیارہ شکن اور چھوٹے اینٹی ٹینک میزائل کے ساتھ ہی جدید قسم کے ڈرون اور یوکرین کی بری فوج کے لیے ساز و سامان فراہم کر چکا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں پیٹرول 15 فیصد مہنگا،نئی قیمت 225 روپے ہو گئی
یو اےا ی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 فیصد اضافہ ہوگیا۔
یو اےا ی میں فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 27روپے اضافہ ہوگیا۔ فی لیٹر پیٹرول 4.15 درہم کا ہوگیا،جو 225 پاکستانی روپے بنتے ہیں۔
گزشتہ ماہ فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 3.66 درہم یعنی 198 پاکستانی روپے تھی۔ ایک لیٹر ڈیزل 4.14 درہم یعنی 225 پاکستانی روپے میں ملے گا۔
واضح رہے کہ یو اے ای میں جنوری سے اب تک پیٹرول کی قیمت دگنی ہو چکی ہے۔
اسکول کے بعد امریکی یونیورسٹی میں فائرنگ
امریکا : (ویب ڈیسک) امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ، اسکول کے بعد امریکی ریاست لوزیانا کی یونیورسٹی میں تقریب کے دوران فائرنگ ہوئی۔
فائرنگ سے خاتون ہلاک اور 2 افراد زخمی ہو گئے، امریکا میڈیا کے مطابق ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ فائرنگ کا واقع یونیورسٹی کے گریجویشن ہال میں ہوا، جہاں ہائی اسکول کی گریجویشن تقریب جاری تھی۔
یا رہے گزشتہ ہفتے امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے ایک پرائمری سکول میں فائرنگ کے واقعے میں 19 بچوں سمیت 21 افراد اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب ایک 18 سالہ مسلح لڑکا سکول کی عمارت میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
ہلاک ہونے والے 19 طلبا میں دوسری، تیسری اور چوتھی جماعت کے طالبعلم شامل تھیں جن کی عمریں سات سے دس سال کے درمیان تھیں۔ اس واقعے میں سکول کے دو اساتذہ بھی ہلاک ہوئے۔
اس معاملے کی تحقیقات سے منسلک ذرائع نے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ شوٹر حال ہی میں 18 سال کا ہوا تھا اور اس کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں تھا۔
نادیہ حسین درآمدی میک اپ پر پابندی سے مشکل کا شکار
کراچی : (ویب ڈیسک) ماڈل، اداکارہ اور بیوٹی سیلون کی مالکہ نادیہ حسین درآمدی میک اپ پر پابندی کی وجہ سے مشکل میں پھنس گئیں۔
امپورٹڈ میک اپ پر پابندی کے حوالے سے نادیہ حسین نے کہا ہے کہ ان کا اپنا کاروبار جاری رکھنا اور ملازمین کو تنخواہیں دینا ناممکن ہو گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں نادیہ حسین نے لکھا کہ ان کاروباروں کا کیا ہوگا جو امپورٹ پر پابندی کے باعث شدید متاثر ہوئے ہیں، ان کے لیے اپنی اور ملازمین کی بقا بھی مسئلہ بن گئی ہے۔
ایک صارف کی تنقید کے جواب میں اداکارہ نادیہ حسین نے کہا کہ میری بنیادی ترجیح میرے ملازمین کی بقا ہے۔
میکسیکومیں سمندری طوفان آگاتا نے تباہی مچا دی، 11 افراد ہلاک، 20 لاپتہ
میکسیکو سٹی: (ویب ڈیسک) میکسیکو میں سمندری طوفان آگاتا نے تباہی مچا دی، مختلف واقعات میں 11 افراد ہلاک اور 20 لاپتہ ہو گئے۔
متاثرہ علاقوں میں 169 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں سے کئی گھروں کی چھتیں اڑ گئیں۔ لینڈسلائیڈنگ اور بجلی کے کھمبے اکھڑنے سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی بھرنے سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔
آگاتا کے باعث آئندہ دو روز میں امریکی ریاست فلوریڈا میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ سمندری طوفان کوآگاتا کا نام دیا گیا ہے جویونانی زبان کا لفظ ہے اور اس کا مطلب سامان کے ہیں۔