اداکارہ عرشی خان نے منگنی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

ممبئی : (ویب ڈیسک) بھارت کے مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 میں چیلنجرز کی حیثیت سے قدم رکھنے والی متنازع امیدوار اور باداکارہ عرشی خان نے اپنی منگنی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
تفصیلات کے مطابق عرشی خان کے ‘سوئموار شو’ سے دستبردار ہونے کے بعد یہ افواہ پھیلی کہ عرشی خان دبئی میں منگنی کر رہی ہیں تاہم اداکارہ نے انکشاف کیا کہ وہ چھٹیوں پر ہیں۔
اپنی فلموں، ویب شوز اور میوزک کی شوٹنگ کی وجہ سے برسوں سے چھٹیوں کے لیے بیرون ملک نہیں جاسکی تھی، اس لیے میں نے رمضان کے مقدس مہینے میں دبئی جانے کا منصوبہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ا س وقت بہت زیادہ حیرت ہوئی کہ جب دبئی میں مجھ سے میری منگنی کے بارے میں پوچھا گیا، میں بتانا چاہتی ہوں کہ میں دبئی منگنی کرنے نہیں آئی، کام سے چھوٹے وقفے کے لیے دبئی بہترین ہے، دبئی دورِ حاضر کے سیاحتی مقامات کے لیے مشہور ہے۔
واضح رہے کہ عرشی خان اس سے قبل بگ باس کے سیزن 11 میں بھی جلوہ گر ہوئی تھیں اور بگ باس کی وجہ سے ہی عرشی خان کی مقبولیت میں کافی حد تک اضافہ ہوا۔

مکہ مکرمہ میں پولیس نے پاکستانی ڈرائیور کو گرفتار کرلیا

جدہ : (ویب ڈیسک) مکہ مکرمہ میں پولیس نے کارروائی کے دوران پاکستانی ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے غیر قانونی طریقوں سے داخل ہونے والے 13 غیر ملکیوں کو سفری سہولت فراہم کی، غیر ملکیوں میں 9 کا تعلق چاڈ، 3 کا صومالیہ اور ایک کا نائیجریا سے ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کو 15 سال تک قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔

پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس طلب ، مدینہ منورہ واقعے پر احتجاج سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان ڈیمو کریسی موومنٹ (پی ڈی ایم ) کی سٹیئرنگ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس طلب کرلیا گیا ، اجلاس میں مدینہ منورہ میں پیش آنے والے واقعے پر احتجاج سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی ۔
پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی سربراہی سیکرٹری جنرل پی ڈی ایم شاہد خاقان عباسی کرینگے ، اجلاس میں مدینہ منورہ میں قومی قیادت کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر مشاورت کی جائے گی اور احتجاج سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی ۔
پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس مین ملکی سیاسی صوتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

حکومت کا عید کے 3 روز بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنےکا فیصلہ

بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے ستائی ہوئی عوام کے لیے اچھی خبر یہ ہےکہ حکومت نے  عید الفطر کے 3 روز بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ اس ضمن میں پاور ڈویژن نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے بجلی کی طلب اور رسد کی تفصیلات مانگ لی گئی ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاورڈویژن کی جانب سے تمام پاورجنریشن کمپنیوں کو مطلوبہ تیل اور گیس فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، حال ہی میں کراچی میں مزید 2 گھنٹے لوڈشیڈنگ کیے جانے کا اعلان سامنے آیا تھا۔

عمران خان نے شریف خاندان کے خلاف کیسز پر وائٹ پیپر جاری کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان نے شریف خاندان کے خلاف کیسز پر وائٹ پیپر جاری کر دیا۔ کہتے ہیں ن لیگ کو این آر او 2 ملنا شروع ہو گیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ہے کہ شریف فیملی پر 40 سے 45 ارب روپے کے 16 مقدمات چل رہے ہیں ، سارے کیسز ہمارے دور سے پہلے کے ہیں، صرف مقصود چپڑاسی والا کیس پی ٹی آئی دور میں بنا، ن لیگ اورپیپلزپارٹی کی حکومتوں کو دو دو بار کرپشن پر نکالا گیا، نون لیگ اب اپنے مقدمات ختم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے آتے ہی تفتیشی افسران تبدیل کئے، خطرہ ہے ان کے مقدمات کا ریکارڈ غائب کردیا جائے گا۔ ان کی لوٹ مار کی وجہ سے ملک خسارے میں چلا گیا۔ یہ وہ خاندان ہیں جو 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے ہیں۔ سازش سے حکومت گرانے پر عوام میں غم و غصہ ہے، یہ جہاں بھی جائیں گے عوام ان پر اپنا غصہ اتاریں گے، شیخ رشید کے بھتیجے کی گرفتاری افسوس ناک اقدام ہے۔
دوسری جانب سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نون لیگ نے آتے ہی 300 لوگوں کے نام ای سی ایل سے نکالے۔ رانا ثنا اجرتی قاتل ہے۔ عابد شیر علی کے والد کہتے ہیں رانا ثنا نے 18 قتل کئے ہیں۔ یہ مجھے بھی قتل کرنا چاہتے ہیں، میری جان کو خطرہ ہے، تھانہ سیکرٹریٹ میں 7 لوگوں کے نام لکھ کر دے دیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ مئی کا مہینہ خطرناک اور خوفناک ہے۔ ملک کے خلاف سازش کی جا رہی ہے۔ ملک کے اہم لوگوں کو درخواست دے دی۔ جیل میرا سسرال اور ہتھکڑی میرا زیور ہے، ضمانت قبل از گرفتاری نہیں کروا رہا۔

گورنر پنجاب کو ہٹانے کی سمری صدر مملکت کو دوبارہ ارسال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر پنجاب عمر سرفراز کو ہٹانے کی سمری صدر مملکت کو دوبارہ ارسال کر دی۔
بتایا گیا ہے کہ سمری ایوان صدر کو موصول ہو گئی ہے۔ آئین کے مطابق صدر اگر گورنر پنجاب کو نہیں ہٹاتے تو 10 دن میں گورنر خود ہی فارغ ہو جائیں گے۔ وزیراعظم ساتھ ہی نئے گورنر کیلئے نام بھی صدر مملکت کو ارسال کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کی گورنر شپ پیپلزپارٹی کو ملنے کا امکان ہے۔

ٹویٹر کی پہلی سہ ماہی کے ملے جلے نتائج جاری ، متحر ک صارفین کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے ایلون مسک کے ٹویٹر کو خریدنے کا سودا طے پانے کے 3 دن بعد روان سال کی پہلی سہ ماہی کے ملے جلے نتائج جاری کر دیئے ہیں جس میں آمدنی کا تخمینہ شامل نہیں کیا گیاتاہم رپورٹ میں صارفین کی تعداد میں اضا فے بارے بتایا گیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹویٹر کو 513.3 ملین ڈالر کا منافع ہو اہے جو گزشتہ سال سے 7 گنا زیادہ ہے ، محصولات 16 فیصد بڑھ کر 1.2 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے. جو تجزیہ کاروں کی توقعات سے تھوڑی کم ہے ،رپورٹ کے مطابق ٹویٹر کے فعال صارفین کی تعداد بڑھ کر 229 ملین ہو گئی، جو تجزیہ کاروں کی توقعات سے کچھ زیادہ ہے.

چین نے 5 نئے سیٹلائٹس خلا میں بھیج دئے

نانتونگ، جیانگ سو(شِنہوا)چین نے بحیرہ مشرقی چین میں قائم ایک پلیٹ فارم سے پانچ سیٹلائٹس کو کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجا ہے۔جیلن-1گاوفین سیریز کے سیٹلائٹس کو ہفتہ کی صبح 11 بجکر 30 منٹ (بیجنگ وقت)پر لانگ مارچ-11 کیریئر راکٹ کے ذریعے لانچ کیا گیا جو کامیابی کے ساتھ اپنے مدار میں داخل ہوئے۔یہ سیٹلائٹس زمینی وسائل کے سروے، شہری منصوبہ بندی اور ڈیزاسٹر مانیٹرنگ کے  شعبوں کے لیے کمرشل ریموٹ سینسنگ ڈیٹا سروسز فراہم کریں گے۔   لانگ مارچ سیریز کے کیریئر راکٹس کا یہ 418 واں فلائٹ مشن ہے۔

رانا ثنا نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کا عندیہ دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے مسجد نبوی میں نعرے بازی کے معاملے پر عمران خان کی گرفتاری کا عندیہ دے دیا۔ کہتے ہیں حکومت نوازشریف کی سزامعطل کرنے پر غور کر رہی ہے، حکومت کو سزا ختم، کم یا معطل کرنے کا اختیارحاصل ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے مسجدِ نبوی میں نعرے بازی کے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ نجی چینل پر مسجدِ نبوی میں ہونے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کی منصوبہ بندی ماضی میں کبھی نہیں ہوئی اور یہ 100-150 لوگ تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان افراد کو قطعی طور پر معافی نہیں دی جا سکتی اور وہ اس سلسلے میں وہ سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں گرفتار کچھ افراد کو ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے اور دیگر کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید بتایا کہ باقی لوگوں کے خلاف تفتیشی ٹیم سارے ثبوت اکھٹے کرے گی اور جس جس کے خلاف کوئی ثبوت ملے گا، اس کےخلاف قانون اپنا راستہ لے گا۔
اس سوال پر کہ عمران خان کے خلاف مقدمہ درج ہوا ہے، کیا انھیں بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے، کے جواب میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا جی بالکل عمران خان کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

‘ابھی تو لانگ مارچ کا اعلان ہوا ہے اور مقدمے درج کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا’

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے ابھی تو لانگ مارچ کا اعلان ہوا ہے اور پارٹی قیادت کیخلاف مقدمے درج کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
اپنی ٹویٹ میں فواد چودھری کا مزید کہنا ہے کہ آپ نے اب گھبرانا ہے، عوام کا سمندر آپ کو بہا لے جانے کیلئے تیار ہے، جب دماغ سن ہو جائے تو ایسی اوچھی حرکتیں ہوتی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ابھی لانگ مارچ کا اعلان ہوا ہے اور انہوں نے عجیب حرکتیں شروع کر دی ہیں۔

سعودی عرب نے پاکستان کے لیے 3ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں توسیع کردی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود 3ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں توسیع کردی۔
وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ سعودی عرب کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود 3ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں توسیع کردی۔
پاکستان کی معاشی مدد کے طور پر پیٹرولیم کی فنانسنگ بڑھانے پر اتفاق ہوا۔پاک سعودی سپریم کوآرڈنیشن کونسل کے تحت مختلف امور پر دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے کی مطابق سعودی عرب نے پاکستان اور اس کی معیشت کی مسلسل حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ۔پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے بھرپور تعاون کو سراہا گیا۔
دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔ نجی شعبے،انڈسٹریز اور کان کنی کے شعبے میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق اقتصادی شعبے میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جائیں گی۔
سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے پاک سعودی بزنس کونسل کے اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔زراعت اور خوراک کے شعبوں میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں ملکوں کا ابلاغ عامہ کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ماحولیاتی ویژن کو سراہا گیا۔
ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے نئے معاہدے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں ملکوں کا دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔پاکستان نے سعودی گرین اور مڈل ایسٹ گرین منصوبوں میں تعاون کی پیشکش کی ۔
دونوں ملکوں نے علاقائی اور عالمی سطح پر باہمی دلچسپی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا اور ایک دوسرے کے مفاد میں تعاون جاری رکھنے کی اہمیت سے اتفاق کیا۔

شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا

پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا۔

رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس اسلام آباد میں ہو گا جس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے جبکہ زونل کمیٹیاں اپنے اپنے علاقوں میں شوال کا چاند دیکھیں گی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں آج چاند نظر آنے کے امکانات نہیں ہیں اور عید الفطر 3 مئی بروز منگل کو ہونے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ آج افغانستان اور پاکستان میں شمالی وزیرستان میں عید الفطر منائی جا رہی ہے۔

بھارتی فوج کی دہشتگردی، اپریل میں 26 کشمیری شہید

سرینگر: (ویب ڈیسک) بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی کا سلسلہ جاری ہے اور اپریل میں کمسن بچوں سمیت 26 کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی مسلسل جاری ہے۔ گزشتہ ماہ بھارتی فوج نے نام نہاد آپریشن اور پرتشدد کارروائیوں میں 26 نوجوانوں کو شہید کر دیا جبکہ وحشیانہ تشدد سے کئی نوجوان زخمی ہوئے۔
اس عرصے کے دوران بھارتی فوج، پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور بھارتی قومی تحقیقاتی ایجنسی نے حریت رہنما، مشتاق الاسلام، عبدالصمد انقلابی اور دیگر سیاسی کارکنوں، نوجوانوں اور طلبا سمیت 109 شہریوں کو گرفتار کیا۔ گرفتار کیے جانے والوں میں متعدد کے خلاف کالے قوانین یو اے پی اے اور پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔
قابض بھارتی فوجیوں نے اپریل میں ایک خاتون کو بے حرمتی کا نشانہ بنایا جبکہ 143 محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران ایک درجن مکانات اور عمارتوں کو تباہ اور نقصان پہنچایا گیا۔