شوال کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔
عیدالفطر کل ہوگی یا پرسوں؟ شوال کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹِی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہو گا۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی شہادتوں کی بنیاد پر چاند کی رویت کا فیصلہ کرے گی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شوال کا چاند آج نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔ عید الفطر 3 مئی کو ہو گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں یکم شوال عید الفطر دو مئی بروز سوموار کو ہو گی۔
متحدہ عرب امارات، اومان سمیت دیگر خلیجی ممالک میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔

دنیا کی ترقی محنت کشوں کی محنت کا نتیجہ ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کی ترقی محنت کشوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مزدوروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ محنت کشوں کی ترقی کے بغیر دنیا کی حقیقی ترقی ادھوری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی صحت اور حفاظت کے لیے آئی ایل او کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا کی ترقی محنت کشوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔

کویتی کمپنیوں کا پاکستان میں 75 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) بلوم برگ کی رپورٹ کےمطابق کویتی کمپنیوں نے پاکستان میں 75 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی نے پاکستان میں ہائیڈروجن پلانٹ لگانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے جبکہ کویتی کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں پانی کے پائپ لائن منصوبے پر کام کر رہی ہیں جن کی مالیت بیس کروڑ ڈالر سے زائد ہے۔
کویتی کمپنیوں نے دو سمارٹ سٹی پروجیکٹ بنانے کی بھی تجویز دی ہے، پاکستان کویت انویسٹمنٹ نے ڈیجٹل بینکنگ کے لئے درخواست جمع کرا دی ہے۔

کوئٹہ کے نواح میں قتل کی لرزہ خیز واردات، خاتون کو 4 بچوں سمیت ذبح کر دیا گیا

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی پوٹی ناصران میں قتل کی لرزہ خیز واردات کے دوران نامعلوم افراد نے خاتون کو اسکے چار بچوں سمیت ذبح کر کے قتل کر دیا۔
وی او لیویز کے مطابق کلی پوٹی ناصران میں نامعلوم افراد نے سحری کے وقت حمکت اللہ کی اہلیہ سکینہ بی بی، اسکی7سالہ بچی شاہدہ، 11 سالہ صائمہ بی بی، 9سالہ عنایت کو تیز دھار آلے سے ذبح اور 13 سالہ سلمان کو گلا دبا کر قتل کردیا۔
اطلاع ملنے پر بلوچستان لیویز نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کےلئے بی ایم سی ایچ منتقل کر دیا۔ لیویز نے بچوں کے والد حکمت اور اس کی دوسری بیوی کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔
والد حکمت واردات کے وقت گھر پر موجود نہیں تھا جبکہ اس کی دوسری بیوی اور بچہ گھر کے دوسرے کمرے میں موجود تھے جو اس واردات سے محفوظ رہے۔

پی سی بی نے ویمن پی ایس ایل کروانے کی منصوبہ بندی شروع کردی

لاہور: (ویب ڈیسک) جونیئر لیگ کے اعلان کے بعد پی سی بی نے ویمن پی ایس ایل کروانے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے، ایونٹ میں چار ٹیموں کی شمولیت کا امکان ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اگلے سال ویمن پی ایس ایل کا انعقاد کرنے کے لیے کوشاں ہے جس میں دنیا بھر سے ٹاپ ویمن کرکٹرز کو شامل کیا جائے گا۔
ایونٹ کے لیے پی سی بی نے ونڈو کی تلاش بھی شروع کردی ہے، ممکنہ طور پر ویمن پی ایس ایل اگلے سال مارچ یا مئی میں کروائے جانے کا امکان ہے۔

عید الفطر پر چار پاکستانی فلمیں ریلیز کے لیے تیار

لاہور: (ویب ڈیسک) عید الالفطر پر چار پاکستانی فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں، کورونا وبا کے باعث سنیما گھروں کی طویل بندش کے بعد اس عید پر پھر رونقیں بحال ہوں گی۔
عید الفطر پر فلم بینوں کیلیے چار پاکستانی فلموں کی نمائش ہونے جارہی ہے۔ ان فلموں میں دم مستم، پردے میں رہنے دو، چکر اور گھبرانا نہیں ہے شامل ہیں۔
فلم دم مستم ایک میوزیکل لو سٹوری ہے جس میں اداکار عمران اشرف اور اداکارہ امر خان ایک دوسرے کے مد مقابل نظر آئیں گے۔ رومانٹک فیملی انٹرٹینمنٹ فلم پردے میں رہنے دو میں ڈمپل گرل ہانیہ عامر، علی رحمن اور جاوید شیخ مرکزی کرداروں میں سلور سکرین پر ابھریں گے۔
ایکشن اور سسپنس سے بھرپور فلم چکر بھی عید الفطر پر سینما گھروں کی زینت بنے گی، فلم کی کاسٹ میں نیلم منیر، احسن خان اور یاسر نواز شامل ہیں۔
کامیڈی فلم گھبرانا نہیں ہے بھی شائقین کو بھرپور انٹرٹینمنٹ مہیا کرنے کے لیے اس عید الفطر پر ریلیز کی جا رہی ہے جس کا مرکزی کردار ادکارہ صبا قمر اور سید جبران نبھائیں گے۔
فلمی ستاروں نے امید ظاہر کی ہے کہ چاروں پاکستانی فلمز کامیابی سے ہمکنار ہونگی۔

روس کے یوکرین پر حملے جاری، اوڈیسا اور ماریو پول پر شدید بمباری

کیف: (ویب ڈیسک) روس کے یوکرین پر حملے جاری ہیں، حملہ آور فورسز نے اوڈیسا اور ماریو پول سٹیل پلانٹ پر شدید بمباری کی جس میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
یوکرینی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرینی صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس کے ایک ہزار سے زائد ٹینک اور 250 سے زائد جنگی طیاروں کو تباہ کر چکے ہیں تاہم روس کے پاس ابھی بھی اتنا اسلحہ موجود ہے کہ وہ یوکرین کے خلاف کئی روز تک جنگ جاری رکھ سکتا ہے۔
دوسری جانب ماریو پول سٹیل پلانٹ سے حملے کے بعد شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

خیبرپختونخوا کو آٹے کی ترسیل میں رکاوٹیں برقرار، بحران پیدا ہونے کا خدشہ

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کو پنجاب سے آٹے کی ترسیل میں درپیش مسائل حل نہ ہو سکے، پنجاب میں چیک پوسٹوں پر آٹے کے ٹرک روکنے کی وجہ سے پشاور میں صرف چند دنوں کا سٹاک رہ گیا، آٹا ڈیلرز سمیت شہری بھی پریشان ہوگئے۔
پشاورمیں آٹے کی بڑی مارکیٹ رام پورہ سمیت دلہ زاک روڈ اور اشرف روڈ پر صرف چند روز کا سٹاک رہ گیا ہے، پنجاب سے منگوائے جانیوالے آٹے کو چیک پوسٹوں پر روکنے اور واپس کرنے کے باعث قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، 20 کلو کا تھیلا 1300 سے بڑھ کر 1400 روپے کا ہوگیا ہے۔
آٹا ڈیلروں کا کہنا ہے کہ پنجاب میں چیک پوسٹوں پر بلاوجہ آٹے کو روکا جا رہا ہے، مسائل کے حوالے سے متعلقہ حکام کو بھی آگاہ کیا گیا ہے لیکن معاملہ حل نہیں ہو رہا۔
خیبرپختونخوا اور پنجاب حکومت کے درمیان معاملات حل نہ ہونے سے بحران کے علاوہ آٹے کی قیمتوں میں بھی مزید اضافے کا امکان ہے۔

کراچی میں آج بھی شدید گرمی، درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری رہنے کا امکان

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری رہنے کا امکان ہے جبکہ اندرون سندھ کے مختلف ڈیویژنز میں ہیٹ ویو برقرار ہے۔
شہر قائد میں جنوب مغرب کی سمت سے 20 ناٹ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہیں جس کے باعث آب و ہوا گرد آلود ہے، مطلع مکمل طور پر صاف ہے۔ موسم گرم اور مرطوب ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق 2مئی سےکراچی کےدرجہ حرارت میں بتدریج کمی کا امکان ہے جبکہ عید کے دنوں میں موسم اچھا رہیگا۔ گرمی کی شدت میں بھی کمی متوقع ہے ، اسی کے ساتھ سندھ کے مختلف ڈیویژنز میں ہیٹ ویو ہے یہ شدید ترین گرمی ہے جس کے سب سے زیادہ اثرات لاڑکانہ میں ہیں جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت47سے49 رہنے کا امکان ہے۔ سکھر میں 44 سے 46، تھر اور حیدرآباد میں 43 سے 45، ٹھٹہ اور بدین میں 40 سے 42 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
موسم انتہائی گرم اور خشک ہے جبکہ حیدر آباد، شہید بینظیر آباد، میر پور خاص، ٹھٹہ اور بدین میں گرد آلود ہوائیں، آندھی بھی چل رہی ہے، عید پر بھی سندھ کے علاقوں کا پارہ ہائی رہنے کا امکان ہے اور گرد آلود ہوائیں بھی متوقع ہیں۔

عمران خان سمیت 150 افراد کے خلاف مسجد نبوی میں نعرے بازی پر مقدمہ درج

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد میں شہری کی درخواست پر سابق وزیراعظم عمران خان سمیت ایک سو پچاس افراد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
فیصل آباد میں مسجد نبوی ﷺ میں نعرے بازی کرنے پر 150 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ، تھانہ مدینہ ٹاؤن میں درج کئے گئے مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان، فواد چودھری، شیخ رشید، شہباز گل، قاسم سوری، راشد شفیق، انیل مسرت کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مسجدنبوی ﷺمیں پاکستانی زائرین کوہراساں کر کے شعاراسلام کی انجام دہی سے زبردستی روکا گیا، سارا واقعہ سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا گیا، شیخ راشد کی قیادت میں 150 افراد کو سعودی عرب بھجوایا گیا۔

وزیراعلی حمزہ شہباز کا ضلعی سطح پر لاء اینڈ آرڈر کمیٹیوں کو فعال بنانے کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے ضلعی سطح پر لاء اینڈ آرڈر کمیٹیوں کو فعال بنانے کا حکم دیدیا، حمزہ شہباز کہتے ہیں کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، عید پر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز ایکشن کی بھی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال، غیر ملکی افراد خصوصاً چینی باشندوں کی سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، عید پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کیے گئے انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے چاند رات اور عید اجتماعات کے لئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ عوامی نمائندے بھی اپنے اضلاع میں امن عامہ کی کی بہتری کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
وزیراعلی نے ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کا حکم دیا اور کہا کہ عید پر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز ایکشن لیا جائے۔ انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کیے گئے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس میں سینیٹر رانا مقبول احمد، ایم پی ایز اویس لغاری، ملک محمد احمد خان، جہانگیر خانزادہ، ذیشان رفیق، عطا تارڑ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی، تمام کمشنرز اورآر پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

نااہل حکومت نے انتقامی کارروائیاں شروع کر دی ہیں: شیخ رشید

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے بھتیجے راشد شفیق کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نااہل حکومت نے انتقامی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ دوسری طرف فیصل آباد میں شہری کی درخواست پر سابق وزیراعظم عمران خان سمیت ایک سو پچاس افراد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایم این اے راشد شفیق کو سعودی عرب سے اسلام آباد پہنچنے پر ایف آئی اے نے حراست میں میں لے لیا۔ معاملے پر سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نااہل حکومت انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے ، گھبرانے والے نہیں۔
دوسری طرف فیصل آباد میں مسجد نبوی ﷺ میں نعرے بازی کرنے پر 150افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ، تھانہ مدینہ ٹاؤن میں درج کئے گئے مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان، فواد چودھری، شیخ رشید، شہباز گل، قاسم سوری، راشد شفیق، انیل مسرت کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مسجدنبوی ﷺمیں پاکستانی زائرین کوہراساں کر کے شعاراسلام کی انجام دہی سے زبردستی روکا گیا، سارا واقعہ سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا گیا، شیخ راشد کی قیادت میں 150 افراد کو سعودی عرب بھجوایا گیا۔

پیپلز پارٹی محنت کشوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے میدان میں کھڑی ہے: بلاول

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابقہ سلیکٹڈ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں سے قومی معیشت کی سانسیں اُکھڑ چکیں، غریبوں کا جینا محال ہو گیا۔ ایسے مشکل حالات میں پی پی پی محنت کشوں کے مفادات کے تحفظ اور انہیں ریلیف دلوانے کے لئے میدان میں کھڑی ہے۔
مزدوروں کے عالمی دن پر پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے نظریئے و منشور کی اساس محنت کشوں کی بہبود و ترقی ہے، آئین محنت کشوں کو منصفانہ اجرت، ان کی جانوں کی حفاظت اور آجر کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات کی ضمانت دیتا ہے، شہید بھٹو کی پیش کردہ لیبر پالیسی آج بھی مزدوروں کے حقوق کے لئے کسوٹی کا درجہ رکھتی ہے، بینظیر امپلائیز سٹاک آپشن سکیم اور حکومت سندھ کی پیش کردہ پہلی صوبائی سہ فریقی مزدور پالیسی پی پی پی کا طرہ امتیاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے زمیں کاشتکاروں کو زرعی قطعات کا مالک بنانا بھی عوامی حکومتوں کی جانب سے کئے گئے دیگر بیشمار میں سے چند اقدامات ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ اتحادی حکومت کی جانب سے کم سے کم اجرت 25 ہزار روپے تک بڑھانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کے تمام مزدوروں اور ٹریڈ یونینز کو یقین دلاتا ہوں کہ پیپلز پارٹی محنت کشوں کی وکیل اور محافظ کا کردار نبھاتی رہے گی، جب تک مزدوروں کے حالات نہیں بدلیں گے، ملک میں پائیدار ترقی کا خواب نامکمل رہے گا، پیپلز پارٹی محنت کشوں کے حقوق تسلیم کرنے اور وسعت دینے کے حوالے سے ہمیشہ اگلی صفوں میں رہی ہے۔