پی ایس ایل 8 کے لیے چار شہروں کو فائنل کرلیا گیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 8 ویں سیزن کے لیے مجوزہ ونڈو کا تعین کرلیا گیا، ایونٹ آئندہ برس 15 فروری سے 31 مارچ تک مکمل کرلیا جائے گا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے میچز اس بار چار شہروں میں ہوں گے، ایونٹ کے لیے کراچی اور لاہور کے بعد ملتان اور راولپنڈی کو بھی میزبانی کے لیے فائنل کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جنوری 2023ء میں نیوزی لینڈ کو دو ٹیسٹ اور وائٹ بال سیریز کے لیے دورہ کرنا ہے جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان آئے گی۔
نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز سے سیریز کے فوری بعد پی ایس ایل کا انعقاد ہوگا، ٹیموں کی 4 شہروں میں آمدورفت کے پیش نظر ٹورنامنٹ کا دورانیہ زیادہ رکھا گیا ہے تاکہ شیڈول میں آسانی ہو اور کھلاڑیوں کو مناسب آرام بھی مل سکے۔

کراچی اور لاہور سمیت پنجاب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، زونل رویت ہلال کمیٹی

لاہور:(دنیا نیوز) زونل رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کراچی اور لاہور سمیت پنجاب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔

لاہور اور کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، چیئرمین کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ لاہور سمیت پنجاب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔

ادھر چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کے زیر صدارت شوال کے چاند کی رویت کے لیے اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔

اجلاس میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے ممبران اور محکمہ موسمیات کے افسران بھی چاند دیکھنے کے لئے موجود ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 6 بجکر 44منٹ سے لے کر 7 بجکر 20 منٹ تک چاند کا دورانیہ ہے، چاند کی عمر 17 گھنٹے ہے، 20 گھنٹے ہونا ضروری ہے ۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شوال کا چاند آج نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔ عید الفطر 3 مئی کو ہو گی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں یکم شوال عید الفطر دو مئی بروز سوموار کو ہو گی۔ متحدہ عرب امارات، اومان سمیت دیگر خلیجی ممالک میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔

بھتیجے کی گرفتاری پر شیخ رشید کا ردعمل بھی سامنے آ گیا

شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو مسجد نبوی ﷺ میں پیش آئے افسوسناک واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے شیخ رشید نے راشد شفیق کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انتقام پر اتر آئی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مقدمے کے اندراج کے بعد 150 افراد کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، یہ لوگ جہاں بھی جائیں گے ان کے خلاف نعرے لگیں گے، لوگ انہیں انڈے اور ٹماٹر ماریں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ ہم میں سے کوئی سعودی عرب میں نہیں تھا پھر بھی مقدمہ درج کیا گیا۔تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ابھی تو لانگ مارچ کا اعلان ہوا ہے، آپ ابھی سے گھبرا گئے اور پی ٹی آئی قیادت پر ایف آئی آر درج کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا، آپ نے اب گھبرانا ہے، عوام کا سمندر آپ کو بہالے جانے کے لیے تیار ہے۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ جب دماغ سن ہو جائے تو ایسی اوچھی حرکتیں ہوتی ہیں۔

توہین مسجد نبوی، عمران خان، شیخ رشید و دیگر کیخلاف ایک اور مقدمہ درج

اسلام آباد، راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تھانہ نیو ایئرپورٹ پولیس نے قاضی محمد طارق ایڈووکیٹ کی مدعیت میں مسجد نبوی کی بے حرمتی، توہین آمیز رویئے اور نعرے بازی کے معاملے پر مقدمہ درج کیا۔
مقدمے میں سابق وزیر اعظم عمران خان، شیخ رشید احمد، فواد چودھری، شہباز گل، مراد سعید، شیخ راشد شفیق کو بھی نامزد کیا گیا۔
مقدمہ کے مطابق شرپسندوں کا گروہ شیخ راشد شفیق کی سربراہی میں سعودی عرب روانہ کیا گیا، برطانیہ سے دوسرا گروہ صاحبزادہ جہانگیر عرف چیکو کی سربراہی میں گیا، انیل مسرت، نبیل مسرت، رانا عبد الستار، عامر الیاس، اعجاز حق اور گوہر جیلانی شامل تھے۔
درج کئے گئے مقدمہ کے مطابق مسجد نبویﷺ میں پیش آنے والے واقعے سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔
ادھر تھانہ مارگلہ کو عمران خان، شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں میں پی ٹی آئی کے کارکنان نے توہین مسجد نبوی کی، اس سارے معاملے کی پلاننگ پاکستان میں کی گئی، شیخ رشید نے پری پلان مسجد نبویﷺ کی توہین کروائی، سابق وزیر داخلہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
محمد نواز بھٹی نامی شہری کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اور شیخ راشد شفیق کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے۔

عامر خان کی بیٹی ایرا خان کو انزائٹی کے دورے پڑنے کا انکشاف

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی بیٹی ایرا خان نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں انزائٹی یعنی بے چینی و اضطراب کے دورے پڑنا شروع ہوگئے ہیں۔
ایرا خان ایک سماجی کارکن ہیں اور اپنے مداحوں سے رابطے میں رہنے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کرتی ہیں اور اپنی باتیں سوشل میڈیا ہی کے ذریعے لوگوں کےساتھ شیئر کرتی ہیں۔ حال ہی میں ایرا خان نے انسٹاگرام پر کی جانے والی ایک پوسٹ میں انکشاف کیا کہ انہیں اکثر انزائٹی یعنی بے چینی واضطراب کےدورے پڑتے ہیں اور اس کی وجہ سے وہ بہت بے بسی محسوس کرتی ہیں۔
ایرا خان نے انسٹاگرام پر کی جانے والی طویل پوسٹ میں لکھا مجھے انزائٹی (بے چینی و اضطراب) کے دورے پڑنا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا اس سے پہلے کبھی مجھے انزائٹی کے دورے نہیں پڑے۔ یہ گھبراہٹ اور گھبراہٹ کے دوروں سے مختلف ہے۔
ایرا نے لکھا جہاں تک میں اسے سمجھتی ہوں ان دوروں میں جسمانی علامات ہوتی ہیں دھڑکن، سانس پھولنا اور رونا یہ آہستہ آہستہ آنے والے عذاب کی طرح محسوس ہوتا ہے۔ یہ بہت خوفناک احساس ہے۔ میرے معالج نے کہا ہے کہا اگر یہ دورے باقاعدہ ہوگئے ہیں تو مجھے اپنے ڈاکٹر یا ماہر نفسیات کو بتانے کی ضرورت ہے۔
ایرا نے کہا کہ جب مجھے یہ دورے پڑتے ہیں تو میں بہت بے بس محسوس کرتی ہوں کیونکہ میں سونا چاہتی ہوں لیکن سو نہیں سکتی کیونکہ یہ دورے اکثر مجھے رات میں پڑتے ہیں اور رکتے نہیں ہیں۔
ایرا خان نے مزید کہا میں اپنے خوف کو سمجھنے کی کوشش کرتی ہوں، خود سے بات کرتی ہوں لیکن جب ایک بار یہ دورے آپ کو پڑنا شروع ہوجاتے ہیں تو مجھے انہیں روکنے کا کوئی راستہ نظر نہیں آتا۔ میں نے اس بارے میں اپنے بوائے فرینڈ نپور شیکھارے سے بات کی تو اس سے مجھے راحت ملی۔

یوکرین کی اپنے ہی علاقے خیرسون میں بمباری، متعدد شہری ہلاک

ماسکو: (ویب ڈیسک) یوکرین کی جانب سے اپنے ہی علاقے خیرسون کے قریب شدید بمباری کی گئی، جس میں متعدد شہری ہلاک ہوگئے۔
روسی نیوز ایجنسی کے مطابق روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یوکرین نے خیرسون کے قریب ایک سے زائد گاؤں میں شیلنگ کی، جس میں متعدد شہری ہلاک اور زخمی ہوئے۔
وزارت نے اس متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی کہ کتنے لوگ ہلاک یا زخمی ہوئے، یا گولہ باری کب ہوئی جبکہ رپورٹ پر اب تک یوکرین کا کوئی ردعمل نہیں آیا۔
واضح رہے کہ یوکرین کا علاقہ خیرسون اس وقت روس کے قبضے میں ہے۔

یوٹیوب شارٹس دیکھنے کی روزانہ تعداد 30 ارب تک جاپہنچی

پالو آلٹو، کیلیفورنیا: اس میں کوئی شک نہیں کہ یوٹیوب نے ٹک ٹاکر سے مقابلے کے لیے اپنی مختصر ویڈیو سروس ’شارٹس‘ کا اجرا کیا تھا جس میں تیزی سے کامیابی مل رہی ہے اور اب روزانہ دیکھی جانے والی شارٹس کی تعداد 30 ارب تک جاپہنچی ہے۔

گوگل کے زیرِ انتظام یوٹیوب پلیٹ فارم پر شارٹس کے ویوز اب پانچ ٹریلیئن سے تجاوز کرچکے ہیں اوراسی بنا پر ان کے درمیان اشتہار دکھانے کا ٹیسٹ بھی شروع کردیا گیا ہے۔ یوٹیوب نے اس پر اپنی خوشی کا اظہار بھی کیا ہے۔ تاہم یوٹیوب نے شارٹس ویڈیو کے درمیان اشتہاردکھانے کی آزمائش بھی شروع کردی ہے۔

اس سے قبل یوٹیوب نے شارٹس ویڈیو بنانے والے کئی افراد کےلیے رقم اور ترغیبات کا اعلان کیا تھا اور اب اسے تخلیق کاروں کے لیے باقاعدہ آمدنی کے لیے بھی پرکشش بنانے کے کئی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ گوگل کے مطابق شارٹس دیکھنے والوں کی تعداد میں بہت نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ویڈیو بنانے والوں کی آمدنی بھی بڑھی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ اب مزید آمدنی کے لیے شارٹس کے درمیان اشتہارات پر غور شروع کردیا ہے اس کے علاوہ ویڈیو کو بھی مونیٹائزیشن میں شامل کیا جاسکے گا۔ تاہم یوٹیوب نے تخلیق کاروں کی بہترین تخلیقی صلاحیتوں پر زور دیا ہے۔ یعنی اگر وہ رقم بنانا چاہتے ہیں تو معیار کا ہرطرح سے خیال رکھیں۔

تاہم اب بھی شارٹس کو یوٹیوب کے مرکزی چینل کی مشہوری کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ تاہم اب بھی ٹک ٹاک کا پلڑا بھاری ہے اور سال 2022 کی پہلی سہ ماہی میں ٹک ٹاک سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ بھی ہے۔ لیکن اس رحجان کو زائل کرنے کے لیے یوٹیوب نے شارٹس پر آنے والے نئے افراد کو فوری طور پر رقم دینے کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے تاکہ لوگوں کی بڑی تعداد کو اس جانب راغب کیا جاسکے۔

پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی میں 21 روپے تک کا اضافہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھتے ہوئے سبسڈی میں 21 روپے تک کا اضافہ کر دیا۔
پیٹرول پر سبسڈی میں 8 روپے 30 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا، جس کے بعد پیٹرول پر سبسڈی 29 روپے 60 پیسے فی لیٹر کر دی گئی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل پر سبسڈی 73 روپے 4 پیسے اور لائٹ ڈیزل پر سبسڈی 64 روپے 70 پیسے کر دی گئی جبکہ مٹی کے تیل پر سبسڈی 43 روپے 16 پیسے کر دی گئی۔
اسکے ساتھ ساتھ پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی اور سیلز ٹیکس بھی ختم کر دیا گیا۔
وزارت توانائی نے اوگرا کو آگاہ کر دیا ہے کہ آج سے 15 مئی تک سبسڈی دی جائے گی جبکہ اوگرا کو آئل کمپنیوں کو ادائیگیوں کی رقم کا حساب کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے دوران 8.4 ارب ڈالر کے ریلیف پیکج پر پیشرفت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے دوران 8.4 ارب ڈالر کے ریلیف پیکج پر پیش رفت ہوئی ہے اور اس سلسلے میں امور جلد نمٹائے جائیں گے۔
سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان 8ارب 40 کروڑ ڈالر کے ریلیف پیکج پر بات چیت ہوئی ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سعودی عرب نے ریلیف پیکج میں پاکستان کے لیے آسان اور نرم شرائط کا عندیہ دے دیا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ریلیف پیکج پر بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ریلیف پیکج تین طرح سے پاکستان کو سپورٹ کرے گا، سعودی ریلیف پیکج کے تحت زرمبادلہ کے ذخائر بہتر بنانے کے لیے 3 ارب ڈالر پر بات چیت ٹیکنیکل گروپ میں ہو گی، زرمبادلہ کے ذخائر کی بہتری کے لیے قرض پست ترین شرح سود پر بات چیت ہو گی، سعودی عرب سے ادھار تیل، ایل این جی اور یوریا کھاد کی سہولت پر بھی معاملات طے ہوں گے، سعودی عرب ادھار تیل اور ایل این جی کے لیے قرض سہولت دگنی کرنے پر ابتدائی آمادہ ہے، ادھار تیل کی سہولت کے پروگرام کا حجم دگنا کرنے کے طریقہ کار پر بھی بات چیت ہوگی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سعودی عرب کی گارنٹی پر سعودی بینکوں سے سستے قرضوں کی فراہمی کا روڈ میپ طے ہوگا، سعودی عرب پاکستان سکوک بانڈ پر بھی سرمایہ کاری میں آمادہ ہے، سعودی عرب سکوک بانڈ میں 1.5 سے 2 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔

یہ مجھے مارنا چاہتے ہیں اس لیے تھانہ کوہسار میں لکھ کر دے دیا ، شیخ رشید کا ضمانت قبل از گرفتاری نہ کرانے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت چاہتی ہے عمران خان اور شیخ رشید کو تحریک سے پہلے جیل بھیج دیا جائے تا کہ تحریک ختم ہو جائے ۔میں اسٹیبلشمنٹ سے کہنا چاہتا ہوں کہ رانا ثنااللہ کو پٹا ڈالا جائے یہ ملک میں خانہ جنگی کرانا چاہتا ہے ،یہ مجھے مارنا چاہتے ہیں اس لیے تھانہ کوہسار میں لکھ کر دے دیا ہے کہ اگر میں مارا جاوں تو ان 7لوگوں کو پکڑا جائے ، پانچوں بڑی ایجنسیوں کو بھی خط لکھ کر دے دیا ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج عظیم فوج ہے ،اس کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، پاک فوج کی قربانیوں کو سلام پیش کرنا چاہیے یہ سازش ہو رہی ہے۔میں ڈی جی آئی ایس آئی سے توقع رکھتا ہوں کہ وہ دیکھیں کہ کس قسم کے لوگوں کے نام ای ایس ایل سے نکالے گئے،یہ دیکھنا ہو گا60فیصد کابینہ اس وقت ضمانت پر ہے ،کچھ لوگ کو عمر قید کی سز اہے اور ان کو فیڈرل منسٹر بنایا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ضمانت قبل از گرفتاری نہیں کرائوں گا، میں ڈرنے والا نہیں جیل میرا سسرال ہے ،میں عمران خان کیساتھ کھڑا ہوں میرا دوسرا بھتیجا بھی لے جاو، میں ان کی رہائی کی بھیک نہیں مانگ رہا بلکہ بہتر ہوگا کہ کچھ دن رکھیں تاکہ اس کی ٹریننگ ہو، تیسرا بھی لے جاو میں ڈرنے والا نہیں ہوں لیکن عدلیہ انصاف کرے سارا بوجھ عدلیہ پر آگیا ہے ۔جعلی ایف آئی آر درج ہو رہی ہیں ،ان کی ایف آئی آر دیکھیں ایک جیسی ہیں کیونکہ ساری ایف آئی آر رانا ثنااللہ نے لکھی ہیں اور سامنے بیٹھا کر لکھائی گئی ہیں ۔

حنا پرویز بٹ نے شہباز گل اور رحیق عباسی کیخلاف ایف آئی اے سائبر کرائم سے رجوع کر لیا

لاہور : (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے شہباز گل اور عوامی تحریک کے رحیق عباسی کیخلاف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) سے رجوع کرلیا۔
ایک بیان میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ میرے فیک موبائل سکرین شاٹ لگا کر پارٹی لیڈر شپ کو بدنام کیا جارہا ہے، شہباز گل اور رحیق عباسی میرے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کررہے ہیں، فیک فوٹو شاپ واٹس ایپ سکرین شاٹ بنانے پر سائبر کرائم ونگ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ جلد ایف آئی اے میں اندراج مقدمے کی درخواست جمع کراؤں گی جبکہ بعد ازاں انہوں نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ایف آئی اے کی سائبر کرائم ونگ کو شکایت جمع کرادی گئی ہے ۔
ٹوئٹر پر رحیق عباسی کی وہ پوسٹ شیئرکی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مسجد نبوی والے واقعہ کو مریم نواز صاحبہ نے براہ راست اپنی نگرانی میں عمران خان کے خلاف ایک مہم کی شکل دی، اس پر حنا پرویز بٹ کا کہنا تھاکہ یہ جعلی پوسٹ ہے ، میں اس برطانوی شہری کو ہتک عزت اور جعلی خبر پر برطانوی ہائیکورٹ میں بھی لے کر جائوں گی ۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں میں جلد ہی برطانیہ میں وکیل کو ہدایات کردوں گی ۔

لیفٹیننٹ جنرل منوج چندرا شیکر پانڈے نے بھارت کے نئے آرمی چیف کا عہدہ سنبھال لیا

نئی دہلی : (ویب ڈیسک) لیفٹیننٹ جنرل منوج چندرا شیکر پانڈے نے بھارت کے نئے آرمی چیف کا عہدہ سنبھال لیا،منوج چندرا انجینرنگ کورس سے منتخب ہونیوالے پہلے آرمی چیف ہیں ۔
بھارت میں لیفٹیننٹ جنرل منوج چندرا شیکر پانڈے 29 ویں چیف آف آرمی سٹاف کے طور پر فائز ہوگئے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل منوج چندراشیکرپانڈے نے یکم فروری 2022سے 30اپریل 2022 تک بطور وائس چیف آف آرمی سٹاف ذمہ داریاں نبھائیں۔
انھوں نے بطور جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف ایسٹرن کمانڈ بھی خدمات انجام دی ہیں،منوج چندرا شیکر بھارت کے پہلے آرمی چیف ہیں جن کا تعلق انجینئرنگ کور سے ہے۔منوج چندراشیکر کا تعلق ناگپور کے مراٹھی خاندان سے ہے۔ نیشنل ڈیفنس اکادمی سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد انھوں نے بھارتی فوج میں شمولیت اختیار کی۔ انھوں نے پونے کے کالج آف ملٹری انجینئرنگ سے سول انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی۔

شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق کو تھانہ اٹک منتقل کر دیا گیا،راہداری ریمانڈ کیلئے عدالت پیش کیا جائے گا

اٹک: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشدشفیق کو تھانہ ایئر پورٹ اٹک منتقل کر دیا گیا ہے،شیخ راشد شفیق کو راہداری ریمانڈ کیلئے اٹک کی ماتحت عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
سابق وزیر داخلہ کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کیخلاف فیصل آباد تھانے میں سعودی عر ب میں حکومتی وفد کیخلاف نعرے بازی کے حوالے سے مقدمہ درج کیا گیا تھا اور آج ان کے راہداری ریمانڈ کیلئے ان کو اٹک کی مقامی عدالت میں پیش کیا جائیگا .
واضح رہے کہ شیخ راشد شفیق کو گزشتہ روز اسلام آباد ایئر پور ٹ پر ایف آئی اے حکام نے سعودی عرب سے ملک واپسی پر گرفتار کیا تھا ۔