کراچی: (ویب ڈیسک) عید آنے کو ہے، وزیراعظم شہباز شریف کے دعوے کے باوجود کراچی میں لوڈشیڈنگ میں کمی نہ آ سکی۔ کے الیکٹرک کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں نو سے دس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔
کراچی کے علاقوں لیاری، لائنز ایریا، لیاقت آباد، سرجانی ٹاؤن، ملیر سٹی، رفیع گارڈن، کورنگی، لانڈھی، پہلوان گوٹھ، شاہ فیصل کالونی ، ملیر میمن گوٹھ، ملت ٹاؤن، کالا بورڈ، سعود آباد سمیت دیگر علاقے لوڈ شیڈنگ سے زیادہ متاثر ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے اعلان کے باوجود کے الیکڑک کی جانب سے شہر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔
Monthly Archives: May 2022
مسجد نبوی نعرے بازی کا معاملہ، راشد شفیق کا 2 دن کا مزید جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا
لاہور: (ویب ڈیسک) مسجد نبوی ﷺ میں توہین آمیز نعرہ بازی کے معاملے پر عدالت نے راشد شفیق کا دو دن کا مزید جسمانی ریمانڈ دے دیا۔
آج صبح پولیس نے اٹک کچہری کے تمام رستوں کو بند کر دیا، راشد شفیق کے عدالت میں پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ پولیس نے ضلع کچہری کو مکمل طور پرگھیرے میں لیے رکھا، کچہری کے مین گیٹ پر بھی پولیس کے مسلح دستے تعینات کیے گئے تھے، کچہری کے اندر کسی بھی شخص کو جانے کی اجازت نہیں تھی۔
وکلاء کو بھی کچہری کے اندر جانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا، بعض پولیس اہلکاروں نے وکلاء سے بدتمیزی بھی کی۔ میڈیا کے نمائندوں کی کچہری کے اندر داخلے پر پابندی تھی۔ سابق مشیر زلفی بخاری اور اس کے چچا زاد بھائی سابق صوبائی وزیر کو بھی بڑی مشکل سے اندر جانے دیا گیا۔
راشد شفیق کو سینئر سول جج منیر عالم کی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے راشد شفیق کا دو روز کا مزید جسمانی ریمانڈ دے دیا، ان کو پولیس ڈی سی کے دفتر کے راستے سے باہر لے کر گئی۔
نواب شاہ کے قریب تیز رفتار کار الٹنے سے آگ لگ گئی، 7 افراد جل کر جاں بحق
لاہور: (ویب ڈیسک) نواب شاہ کے قریب تیز رفتار کار الٹنے سے آگ لگ گئی، سات افراد جل کر جاں بحق ہوگئے، بدقسمت خاندان کے افراد عید کی خریداری کے بعد گھر جارہے تھے۔
نواب شاہ کے قریب قاضی احمد قومی شاہراہ پر حیدرآباد سے مورو جانے والی تیز رفتار کار رین شاخ نہر میں جا گری جس کے نتیجے میں کار میں سوار تین خواتین اور تین بچوں سمیت سات افراد جل کر جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کے بعد فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کرکے قاضی احمد ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کی گئی تاہم اس دوران ساتوں افراد دم توڑ گئے ،لاشوں کو قاضی احمد ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے وفاق کے ساتھ عید منانے کا اعلان کر دیا
پشاور: (ویب ڈیسک) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وفاق کے ساتھ عید منانے کا اعلان کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نےعید الفطر خیبرپختونخوا حکومت کےساتھ نہ منانےکا اعلان کیا ہے، پی ڈی ایم کےسربراہ نے کہا ہے کہ عید مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق منائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم وفاق کے ساتھ چلیں گے، ہماری عید آج نہیں ہے، ہم کل عید منائیں گے۔
پردیسیوں کا اپنوں کے ساتھ عید منانے کیلئے آبائی علاقوں کو واپسی کا سلسلہ جاری
لاہور: (ویب ڈیسک) عید سے قبل آج آخری روز پردیسیوں کا اپنوں کے ساتھ عید کی خوشیاں منانے کیلئے آبائی علاقوں کو واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ جنوبی پنجاب والوں کیلیے گاڑیوں کی قلت ختم نہ ہو سکی۔
پردیسیوں کی بڑی تعداد رات گئے تک اپنے اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہو چکی ہے تاہم آج بھی پردیسی بس اڈوں پر آرہے ہیں مگر رش معمول سے کم ہے۔
اضافی کرایوں کے سبب شہری ٹرانسپورٹرز کے ہاتھوں بے بس ہیں، ٹرانسپورٹرز نے پرانا ہتھیار آزماتے ہوئے بس کرایوں کو چوتھا گئیر لگا دیا جس پر مسافر پریشان دکھائی دیتے ہیں، انتظامیہ حسب معمول خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔
چوک بابا اعظم ، شور کوٹ اور لیہ کیلئے گاڑیوں کی قلت ہے تاہم ایڈوانس بکنگ کروانے والوں کو ٹکٹوں کا اجراء جاری ہے۔
پاکستان میں ایک بار پھر دو عیدیں، خیبر پی کے میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے
پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں ایک بار پھر دو عیدیں ہو گئیں، خیبر پختونخوا میں سرکاری سطح پر آج عیدالفظرمنائی جائی رہی ہے، پشاور میں سو سے زائد نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے محمود خان نے گورنر ہاؤس پشاور میں نمازعید ادا کی، ہزارہ ڈویژن میں کوئی شہادت نہیں ملی۔ قائم مقام گورنر مشتاق غنی کہتے ہیں مرکزی کمیٹی کے اعلان پر منگل کو ہی عید منائیں گے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا شوال المکرم کے چاند سے متعلق بیان میں کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے عید کا چاند دیکھنے کی 130 شہادتیں موصول ہوئیں لہذا خیبرپختونخوا حکومت نے آج صوبے بھر میں سرکاری طور پر عید الفطر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی عرب، یو اے ای، لبنان، فلسطین میں بھی عید آج منائی جا رہی ہے، مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں نماز عید ادا کر دی گئی۔ ملائیشیا، فلپائن، برونائی اور ہانگ کانگ میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔ بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا میں چاند نظر نہیں آیا، عید کل منائی جائے گی۔ پاکستان کے دیگر صوبوں میں عید الفطرکل 3 مئی بروز منگل کو ہوگی، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت گذشتہ روز اسلام آباد میں اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان کے کسی مقام سے شوال کے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ قبل ازیں لاہور اور کراچی اور کوئٹہ میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس ہوئے، زونل کمیٹیوں کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ پنجاب ، سندھ اور بلوچستان میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔
ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کر دی گئی ہے، خرم دستگیر
پاور ڈویژن نے اعلان کیا ہے کہ اس نے سسٹم میں ڈھائی ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کرکے ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے عزم کے مطابق یکم مئی صبح 5بجے سے بجلی کی لوڈشیڈنگ مکمل ختم کر دی گئی ہے۔
تاہم، اپنے ٹویٹر بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ بہتر بازیابی والے فیڈر پر لوڈشیڈنگ الحمدللہ صفر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سسٹم میں 2500 میگاواٹ بجلی کا اضافہ کردیا گیا ہے، وزارت توانائی عید کے دوران اور بعد میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔
ملک کے مختلف حصوں سے رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ بڑے شہری مراکز کو درحقیقت بجلی کی بندش سے مستثنیٰ کر دیا گیا ہے کیونکہ فرٹیلائزر پلانٹس اور صنعتی کیپٹیو پاور پلانٹس سے تقریباً 120 ملین مکعب فٹ گیس جنریشن کمپنیوں کی طرف موڑ دی گئی تھی اور اس کے ساتھ کچھ نجی بجلی کی دستیابی بھی تھی تاہم، دیہاتی علاقوں میں لوگ اب بھی بجلی کی بندش کی شکایات کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے 26 اپریل کو فرٹیلائزر اور کیپٹیو پاور پلانٹس سے قدرتی گیس کی منتقلی اور پاور سیکٹر کو فنڈز کی بروقت ادائیگی کا حکم دیا تھا تاکہ یکم مئی سے بجلی کی بندش کو صفر کرنا یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ شارٹ فال اور ہیٹ ویو جیسے مسائل کا سامنا ہونے کے باوجود بھی وزیر اعظم نے لوڈشیڈنگ پر عدم برداشت کی پالیسی اپنائی ہے۔
وزیراعظم نے عید کے ان اہم دنوں میں مزید پاور پلانٹس چلانے کے لیے پاور ڈویژن کی جانب سے فرٹیلائزر پلانٹس اور صنعتی شعبے کے کیپٹیو پاور پلانٹس سے قدرتی گیس کو 120 ایم ایم سی ایف ڈی کی حد تک سات دنوں کے لیے منتقل کرنے کی درخواستوں کی منظوری دی ہے۔
عید سے قبل صنعتی سست روی اور سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ تجارتی سرگرمیوں میں کمی کی وجہ سے بھی بجلی میں خاطر خواہ بچت متوقع ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو عید کے دوران زیادہ نقصان اٹھانے والے علاقوں کو بھی مکمل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
میری جان کو خطرہ ہے، 7 لوگ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں:شیخ رشید
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے قتل کی سازش میں 7 افراد کے خلاف تھانہ کوہسار میں درخواست جمع کروا دی ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے بتایا کہ انہوں نے 7 لوگوں کے خلاف درخواست دی ہے، اگر مجھے کچھ ہوا تو نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، رانا ثناء اللہ، حسین نواز، معین نواز، سلمان شہباز کو شامل تفتیش کیا جائے۔شیخ رشید نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا کہ رانا ثناء اللہ بدنام زمانہ قاتل، منشیات کیس اور ماڈل ٹاؤن کیس کا مرتکب ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کو پٹہ ڈالا جائے یہ ملک میں خانہ جنگی چاہتا ہے، اگر عمران خان اور مجھے گرفتار کیا گیا تو لوگ خود اسلام آباد آجائیں گے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ یہ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، میری جان کو خطرہ ہے، میں نے پانچوں ایجنسیز کے سربراہوں کو خط لکھ دیا ہے۔اپنی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت مجھے لانگ مارچ سے قبل گرفتار کرنا چاہتی ہے، انہیں کہتا ہوں کہ مجھے گرفتار کرنے کا شوق پورا کرلیں، جیل تو میرے سسرال ہے۔
وزیر اعظم نے پنجاب کے اسپتالوں میں ادویات کی مفت فراہمی کیلئے تجاویز مانگ لیں
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب کے تمام اسپتالوں میں ادویات کی مفت فراہمی مریضوں تک یقینی بنانے کے حوالے سے تجاویز مانگ لیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ماڈل ٹاؤن لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ہوا جو دوگھنٹے جاری رہا ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب کامران افضل ،سابق وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق ،خواجہ عمران نذیر اور پنجاب کے محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور اسپتال میں غریبوں کا مفت علاج کیا جائے۔
اس کے علاوہ انہوں نے چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایت کی کہ عید کے بعد آٹے کی فراہمی کو عوام تک سستا بنایا جائے۔
بابر اعظم نے غلاف کعبہ کی تیاری میں حصہ لینے کی سعادت حاصل کرلی
مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے غلاف کعبہ کی تیاری میں حصہ لینے کی سعادت حاصل کرلی۔
بابر اعظم ان دنوں عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں انہوں نے عمرہ ادا کرنے کے بعد غلاف کعبہ کی تیاری میں حصہ لینے کا شرف حاصل کیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہیں غلاف کعبہ کی تیاری میں حصہ لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
بابر اعظم نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ‘اس عظیم اعزاز کو حاصل کرنے پر اللہ کا شکر گزار ہوں’۔
ملک میں دو عیدیں، وفاقی وزیر مذہبی امور کا بیان سامنے آگیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے ملک میں دو عیدوں کے معاملے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
مفتی عبدالشکور کا کہنا تھاکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی آزاد ادارہ ہے، ہم مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے۔
ان کا کہنا تھاکہ ہم صرف مرکزی کمیٹی کو درخواست کرسکتے ہیں کہ شہادتوں کو نظر انداز نہ کیا جائے۔
خیال رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک میں چاند نظر نہ آنے اور 3 مئی کو عید الفطر کا اعلان کیا ہے۔
پشاور میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی نے کل عید الفطر کا اعلان کیا جس کے بعد صوبائی حکومت نے بھی سرکاری طور پر عید منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ رواں سال بھی ملک میں دو عیدیں منائی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا قیدیوں کی سزاؤں میں معافی، سپاہیوں کی تنخواہیں بڑھانے کا اعلان
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کیا، ا نتظامات کا جائزہ لیا اور قیدیوں کی سزاؤں میں 60 روز کی معافی، سپاہیوں کی تنخواہیں بڑھانے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کے دورہ کے موقع پر سکیورٹی وارڈ ٹو میں قائم مرکز تدریس القرآن و حدیث کا افتتاح کردیا، اس وارڈ میں حمزہ شہباز 22 ماہ قید میں رہے۔
اپنے دورہ کے موقع پر وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا قیدیوں کی سزاؤں میں 60 روز کی معافی اور جیل کے سپاہیوں کی تنخواہیں بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جیل کے سپاہیوں کو پولیس کے سپاہیوں کے برابر تنخواہ ملے گی۔
وزیراعلیٰ نے قیدیوں میں عید کے تحائف تقسیم کیے، جیل کے لان میں پودا بھی لگایا جبکہ حمزہ شہباز کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، وزیراعلیٰ نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
اراکین پنجاب اسمبلی عبد العلیم خان، خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق، حافظ محمد نعمان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات، کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے ضلعی سطح پر لاء اینڈ آرڈر کمیٹیوں کو فعال بنانے کا حکم دیدیا، حمزہ شہباز کہتے ہیں کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، عید پر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز ایکشن کی بھی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال، غیر ملکی افراد خصوصاً چینی باشندوں کی سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، عید پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کیے گئے انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے چاند رات اور عید اجتماعات کے لئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ عوامی نمائندے بھی اپنے اضلاع میں امن عامہ کی کی بہتری کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
وزیراعلی نے ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کا حکم دیا اور کہا کہ عید پر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز ایکشن لیا جائے۔ انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کیے گئے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس میں سینیٹر رانا مقبول احمد، ایم پی ایز اویس لغاری، ملک محمد احمد خان، جہانگیر خانزادہ، ذیشان رفیق، عطا تارڑ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی، تمام کمشنرز اورآر پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
موجودہ مہنگائی کے دور میں مزدوروں کازندہ رہنامعجزہ ہے: سراج الحق
لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ بڑھتی ہوئی بیروزگاری،غربت اور معاشی بدحالی کا واحد حل اللہ کے نظام میں ہے، موجودہ مہنگائی کے دور میں مزدوروں کازندہ رہنامعجزہ،عوام نڈھال ہوگئے ہیں ،یہ نظام صرف محنت مزدوری کرنے والوں کے استحصال پر مبنی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والے شرکاء اور وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان ریلوئے پریم یونین کے چیئرمین ضیاء الدین انصاری، مرکزی سیکریٹری اطلاعات قیصر شریف، جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ودیگر بھی موجود تھے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام مزدور اورمحنت کش کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکاہے، ظلم و جبر اور استحصال پر مبنی نظام نے70 سال میں مزدوروں اور کسانوں کو ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کا موقع نہیں دیا۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر مزدوروں کو ان کے جائز حقوق دلائے گی، موجودہ حکومت کی پالیسیوں میں مزدوروں کیلئے کچھ نہیں، نہ ہی کوئی سیاسی جماعت اس حوالے سے کوئی واضح ویژن رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے ایک جامع پلان تیار کر رکھا ہے۔جماعت اسلامی اقتدار میں آکر مزدوروں کو کارخانوں اور کسانوں کو زمینوں کی پیداوار میں حصہ دار بنائے گی۔ حکومت ہنگامی بنیادوں پر بے روز گار محنت کشوں کو نوکریاں دے ۔ آئندہ بجٹ میں غریبوں اور مزدوں کے لیے خصوصی پیکج کے ساتھ ساتھ اشیاء ضررویہ کی قیمتیں کم کرنے کا اعلان کیا جائے۔