وزیراعظم کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ، ملکی سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزراء اور پارٹی کی سینئیر قیادت شریک ہے، اجلاس کے دوران تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ووٹنگ ڈے کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان آج قانونی ٹیم سے بھی اہم مشاورت کریں گے جس کے دوران حالیہ ملکی سیاسی صورت حال سے متعلق قانونی اور آئینی امور زیر بحث آئیں گے۔
دوسری جانب پنجاب کے سیاسی محاذ پربھی بھرپورسرگرمیاں جاری ہیں، وزیراعظم عمران خان نے گورنرچودھری سرورکو اسلام آباد طلب کرلیا ۔اس سے پہلے وزیراعلی عثمان بزدار کو بھی اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم گورنر اور وزیراعلی پنجاب کی لاہور میں ملاقات ہوئی جس کے بعد وزیراعلی بزدار کی اسلام آباد روانگی موخر کر دی گئی۔ وزیراعظم گورنر پنجاب سے ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال پر فیصلہ کن مشاورت کریں گے۔

سپیکرپنجاب اسمبلی اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات، سیاسی رابطوں پر مشاورت

لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکرپنجاب اسمبلی پرویزالہٰی اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی جس میں ارکان اسمبلی سےرابطوں پر مشاورت کی گئی۔
دونوں رہنماوں کی ملاقت میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور وزیراعلیٰ کے آئندہ انتخاب پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس سے قبل وزیراعلی بزدار ،گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کیلئے گورنر ہاوس پہنچے جہاں حکومت سازی اور آئندہ لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے گورنر و وزیراعلی پنجاب کو اسلام آباد طب کر رکھا تھا تاہم وزیراعلی کی گورنر سے ملاقات کے بعد عثمان بزدار کی اسلام آباد روانگی موخر کر دی گئی۔

الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کااعلان کر دیا

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کااعلان کر دیا، کوئٹہ اور ضلع لسبیلہ کے علاوہ صوبے بھر کے دیگر اضلاع میں 29 مئی کو شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات ہونگے۔
صوبائی دارلحکومت کوئٹہ اور لسبیلہ کے علاوہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 29 مئی کو کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کوئٹہ اور لسبیلہ میں دوبارہ حلقہ بندیاں کی جائیقف گی۔
صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، کاغذات نامزدگی سے متعلق تمام تر شیڈول بھی جلد جاری کیا جائے گا، بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوران سکیورٹی کے بھی انتظامات سخت کئے جائیں گے۔
بلدیاتی انتخابات کے لئے سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی اپنے اپنے پارٹی امیدواروں کے انتخاب کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

بلدیاتی انتخابات کے نتائج 2023 کے عام انتخابات کا ٹریلر ہیں: محمود خان

پشاور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ صوبے کی باشعور عوام نے اس دفعہ بھی لٹیروں کو مسترد کر دیا، بلدیاتی انتخابات کے نتائج 2023 کے عام انتخابات کا ٹریلر ہیں۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی کی شاندار کامیابی پرکارکنان اور امیدواروں کو مبارک باد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے کے انتخابات میں پی ٹی آئی پر بھرپور اعتماد کرنے پر صوبے کی عوام کا مشکور ہوں، دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی کی کامیابی حق و سچ کی جیت ہے، نتائج نے ثابت کر دیا صوبے کے عوام ڈٹ کرعمران خان کے ساتھ ہیں، انتخابات کے نتائج اپوزیشن والوں کے لئے بڑا سبق ہے۔
معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں واضح برتری حاصل کی ہے، عوام نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی قیادت پر اعتماد کیا ہے، آج تاریخی دن ہے خیبرپختونخوا اب بھی تحریک انصاف کا ہے، مکمل نتائج کے بعد زیادہ نشستیں اور ووٹ تحریک انصاف کے ہونگے، وزیراعلیٰ نے صاف شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کا وعدہ پورا کیا، ضم اضلاع میں تاریخ میں پہلی بار بلدیاتی انتخابات ہوئے۔

‘ایک بڑا طاقتور ملک دورہ روس پر غصہ ہوگیا، کوئی ملک اس طرح دھمکی دے سکتا ہے’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایک بڑا طاقتور ملک دورہ روس پر غصہ ہوگیا، کیا حکومت کو ہٹانے کیلئے کوئی ملک اس طرح دھمکی دے سکتا ہے، اچکنیں سلوانے والے کہتے ہیں امریکا کو ناراض نہیں کرنا چاہیے، ان لوگوں کی وجہ سے ملک اس حال کو پہنچا۔
وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ کہتے ہیں شاید ووٹ کیلئے ریاست مدینہ کی بات کرتا ہوں، ریاست مدینہ کی کامیابی تاریخ کا حصہ ہے، لوگوں کو ریاست مدینہ کا ماڈل ہی سمجھ نہیں آیا، ہم نے سکیورٹی سے متعلق کبھی بات نہیں کی، ہمارے دماغ میں ہمیشہ سکیورٹی کا مطلب فوج تھا، امیر اور غریب میں فرق سے لوگوں میں بے چینی پیدا ہوتی ہے، سکیورٹی ڈائیلاگ ملک کیلئے بہت اہم ہیں، تعلیم اور صحت کے نظام میں فرق پیدا کر دیا گیا، کوئی بھی معاشرہ قانون کی حکمرانی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، ملک پر اشرافیہ نے قبضہ کیا ہوا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کی بڑی وجہ مجرموں کو سزائیں نہ ملنا ہے، کرپٹ لوگ غریب ملکوں کا پیسہ باہر لے جاتے ہیں، مخصوص طبقہ غریب عوام کو آگے نہیں بڑھنے دیتا، کوئی بھی معاشرہ قانون کی حکمرانی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کیوبا نے پابندیوں کے باوجود ترقی کی، کرپٹ لوگ پیسہ چوری کر کے امیر ممالک میں رکھتے ہیں، خود مختار خارجہ پالیسی ملک کیلئے ضروری ہے، بہترین خارجہ پالیسی ملکی مفادات کو ترجیح دیتی ہے، ماضی میں افغان جنگ میں شراکت دار رہے، افغان جنگ میں شراکت داری مالی امداد کیلئے تھی یا افغانوں کی مدد کیلئے ؟ روس جانے پر نتائج کی دھمکیاں دی گئیں، کیا کسی خود مختار آزاد ملک کو ایسی دھمکیاں دی جاسکتی ہیں؟۔

رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی کھجوروں کی قیمتیں آسمان پر، شہریوں کو تشویش

پشاور: (ویب ڈیسک) رمضان المبارک کے بابرکت مہینے سے قبل ہی کھجوروں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں، شہری قوت خرید سے باہر ہونے کے باعث تشویش میں مبتلا ہو گئے۔
رمضان المبارک کی آمد کیساتھ ہی پشاورکے بازاروں میں مختلف اقسام کی کھجوریں دستیاب ہو گئیں، بازارمیں عجوہ ہو یا پھرمبروم ہرقسم کی کجھوریں وافرمقدارمیں موجود ہیں۔ بازار میں عنبر2400، عربی مبروم 1800 روپے اورعجوہ 1600 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہیں ،عربی 400، مضافتی 350 ، زیدی 250 اور سکھر کی کجھور 200 روپے فی کلو میں دستیاب ہے، قیمتیں سن کر شہریوں کے ہوش اڑ جاتے ہیں، شہری کہتے ہیں کجھور بھی قوت خرید سے باہر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ مانگ میں اضافے کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ رمضان المبارک میں روزہ داروں کے لیے کھجورسے روزہ کھولنا سنت اور غذائیت کے حصول کا اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔

مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کی اندھا دھند فائرنگ، 2 فلسطینی شہید

جنین: (ویب ڈیسک) مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے 2 فلسطینی نوجوان شہید ہو گئے، علاقہ مکینوں نے اسرائیل کی انسانیت دشمن کارروائی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
اسرائیلی فورسز کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں مظالم کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا ہے، صیہونی فوج نے شہر جنین میں پناہ گزین کیمپ میں چھاپے کے دوران نہتے نوجوانوں پر فائرنگ کر دی جس کے باعث 17 اور 23 سالہ فلسطینی نوجوان شہید ہو گئے۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں گزشتہ کئی روز سے حالات کشیدہ ہیں اور فائرنگ سے متعدد فلسطینی نوجوان شہید ہو چکے ہیں۔

انٹربینک میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر، قیمت 62 پیسے بڑھ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹربینک میں امریکی ڈالر ایک بار پھر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، پاکستانی روپے کے مقابلے قیمت 62 پیسے بڑھ گئی۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز 62 پیسے اضافے سے انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 184 روپے 10 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی۔ گذشتہ روز امریکی ڈالر کی قدر 183روپے کی حد بھی کراس کر گئی تھی، 84 پیسے کے بڑے اضافے سے 182 روپے 64 پیسے سے بڑھ کر 183 روپے 48 پیسے پر ڈالر ٹریڈ ہوتا رہا۔
واضح رہے کہ ڈالر کی قیمت میں حالیہ اضافہ ملکی معیشت کے امور چلانے میں مشکلات کے علاوہ بیرونی قرضوں کا دباو بڑھانے کا سبب بنے گا۔

آزاد کشمیر: رمضان المبارک فی من آٹے کی قیمت میں 400 روپے کمی کا فیصلہ

مظفرآباد: (ویب ڈیسک) آزاد کشمیر میں رمضان المبارک کے دوران شہریوں کی سہولت کے لئے فی من آٹے کی قیمت میں 400 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ عوامی حلقوں میں اس فیصلے کو سراہنے کے ساتھ بلا تعطل آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
مظفرآباد میں مرکزی ایوان صحافت کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں عوامی سہولت کے لئے حکومت 56 کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے ملکی سیاست اور عالمی منظر نامے میں مثبت کردار کے لئے وزیر عظم پاکستان عمران خان کے کردار کو بھی سراہا۔
وزیر اعظم عبد القیوم نیازی نے عالمی طاقتوں سے بھارت کے دوہرے معیار اور مذموم عزائم کے سدباب کے لئے اقدامات کا بھی مطالبہ کیا۔

بالی وڈ اداکارہ ریمی سین کے ساتھ کروڑوں کا فراڈ

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ ریمی سین کے ساتھ کروڑوں کا فراڈ ہو گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ ریمی سین کے ساتھ ایک بزنس مین نے 4 کروڑ 14 لاکھ کا فراڈ کیا ہے۔ بزنس مین نے اداکارہ سے رقم اپنے نئے کاروبار میں لگانے کے بہانے لی تھی اور اداکارہ سے اس رقم پر 30 سے 40 فیصد سود دینے کا وعدہ کیا تھا۔
بعد ازاں اداکارہ کو جب پتہ چلا کہ بزنس مین رونک ویاس نے اس کے پیسوں سے کبھی کوئی کاروبار شروع نہیں کیا اور رقم کا غلط استعمال کیا تو انہوں نے پولیس سے رجوع کیا۔ ممبئی کی پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔

عثمان بزدار جاتے جاتے صوبے میں 47 میگا پراجیکٹس کو حتمی شکل دے گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار جاتے جاتے صوبے میں 360 ارب روپے کی لاگت سے 47 میگا پراجیکٹس کو حتمی شکل دے گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے پنجاب میں فلاح عامہ کے اربوں روپے کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پارلیمنٹیرینز کو صوبے میں 360 ارب روپے کی لاگت سے 47 میگا پراجیکٹس بارے بریف کیا۔ ملاقات اور بریفنگ میں صوبائی وزراء محسن لغاری، میاں اسلم اقبال، آشفہ ریاض، جہانزیب کھچی، شوکت لا لیکا، اراکین اسمبلی تیمور لالی، سلیم بی بی، میاں جلیل احمد شرقپوری، عمر فاروق،رانا شہبازاحمد، سعید احمد سعیدی، سونیا علی رضا، کرنل (ر) غضنفر عباس شاہ، رائے ظہور احمد، چودھری افتخار گوندل، احمد چٹھہ، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اربوں روپے کے منصوبوں کا فائدہ عوام کو پہنچے گا، سڑکوں، ایریگیشن، بہاولپور سیکرٹریٹ، فلائی اوور، انڈر پاس، ہسپتالوں اور یونیورسٹیوں کے نئے پراجیکٹس شروع کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیچہ وطنی تا لیہ، چراغ آباد (M-4) انٹر چینج، جھنگ تاشور کوٹ، دیپالپور سے پاکپتن تا وہاڑی، حاصل پورتا بہاولنگرکی بحالی و تعمیر پر 115 ارب خرچ کئے جائیں گے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت وہاڑی ملتان دو رویہ اور فیصل آباد چنیوٹ سرگودھاسڑک کی بحالی و تعمیر پر 35 ارب روپے لاگت آئے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹی آف تونسہ ڈی جی خان کی تعمیر پر 2 ارب روپے لاگت آئے گی، راولپنڈی میں وقارالنساء ویمن یونیورسٹی، انڈس یونیور سٹی راجن پور اور ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے منصوبے منظور ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کالج فیکلٹی سنٹر ڈویلپمنٹ، میاں چنوں سٹی بائی پاس، تھالی چوک رحیم یار خان تا اقبال آبادN5 دو رویہ سڑک، دائرہ دین پنا ہ روڈتا ہیڈ تونسہ سڑک کی تعمیر کا آغاز کیا جا رہا ہے، علی پور تا سید پور، ساہیوال، شاہ پور سرگودھا،سرگودھا تا مخدوم M2 انٹر چینج اور دھونکل موڑتا سوہدرہ وزیرآباد بائی پاس کے منصوبوں پر کام شروع کیا جا رہا ہے۔
عثمان بزدار نے بتایا کہ رحیم یار خان میں دریائے سندھ کے اوپر شیخ خلیفہ برج کے دونوں اطراف سڑک کی تعمیر اور سالم تا سرگودھا روڈ کی تعمیر کا آغاز کیا جا رہا ہے، بہاولپور N5 تا جھنگرا شرقی انٹرچینج، لوئر ٹوپہ، مری تا چک پندوری براستہ کوٹلی ستیاں اورللیہ انٹرچینج ایم 2 جہلم براستہ پنڈدادنخان سڑکوں کی تعمیر کی جا رہی ہے، میاں چنوں این 5 تا عبدالحکیم انٹر چینج M4، گوجرانوالہ تا ایم 2 انٹرچینج کوٹ سرور اور کرم داد قریشی تا قصبہ گجرات دو رویہ سڑک کی بحالی و تعمیرکا منصوبہ بنایا ہے۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین تا سرائے عالمگیر، سرگودھا خوشاب میانوالی، کالا باغ شکر دارا روڈ،چوکی والا تا این 55 براستہ زین بارتھی کھررڑ بزدار اورہارون آباد سے فورٹ عباس سڑک کی تعمیر و توسیع کی جائے گی، ایریگیشن کے5 پراجیکٹس پر 80 ارب 29 کروڑ لاگت آئے گی، تریموں بیراج پنجند ہیڈور کس کی اپ گریڈیشن 16 ارب 80 کروڑ سے کی جائے گی، گریٹر تھل کینال چوبارہ برانچ کینال پراجیکٹ 19 ارب 29 کروڑ سے مکمل ہوگا، جلال پور کینال پراجیکٹ مع ایریگیشن سسٹم فیزٹو پر 10 ار ب 96 کروڑ لاگت آئے گی، جلال پور کینال پراجیکٹ مع ایریگیشن سسٹم فیز تھری پر 9 ارب 79 کروڑ لاگت آئے گی۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ نیو خانکی بیراج کی تعمیر پر 23 ارب 44 کروڑ روپے لاگت آئے گی، آئی ڈیپ کے 7 پراجیکٹس 31 ارب 3 کروڑ کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے، بہاولپور جنوبی پنجاب سول سیکرٹریٹ، بہاولنگرمدر اینڈچائلڈ ہسپتال اور رحیم یار خان ٹیچنگ ہسپتال شیخ زید فیز ٹو کا آغازکیا جا رہا ہے، سروسز ہسپتال میں ایمرجنسی او رٹراماسنٹر کی تعمیر پر 4 ارب 92 کروڑ روپے لاگت آئے گی، رکھنی ضلع بارکھان، بلوچستان میں صحت کی سہولتوں کی فراہمی پر 59 کروڑ روپے لاگت آئے گی، یونیورسٹی آف اپلائڈ اینڈ ٹیکنالوجی سمبڑیال کی تعمیر پر 5 ارب 75 کروڑ روپے لاگت آئے گی، ایل ڈی اے کے 3 پراجیکٹس 9 ارب 7 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ داتا گنج بخش فلائی اوور لاہور کی تعمیر پر 4 ارب 90 کروڑ روپے لاگت آئی ہے، سمن آباد موڑ ملتان روڈ انڈر پاس بنے گا جس پر ایک ارب 59کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

کل سیاست کا اہم دن، پیر کوسیاست سے ریٹائرہو رہا تھا، فوری الیکشن ضروری:شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نہیں پتہ پرسوں سیاست میں ہونا ہے یا کہاں ہونا ہے، چور عمران خان کے خلاف اکھٹے ہوئے ہیں، لیکن میں عمران خان کے ساتھ ڈٹ کرکھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا، جو نسلی اصلی ہوتا ہے وہ امتحان کے وقت کھڑا ہوتا ہے۔
یونیورسٹی چارٹر کی گراونڈ بریکنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر غداروں اور بکنے والوں کو پسند نہیں کرتا، ہمارے غریب کافی امتحان سے گزرے ہیں، پیر کو میں سیاست سے ریٹائرڈ ہونا چاہتا تھا، ریٹائرڈ اس لیے نہیں ہو رہا لوگ کہیں گے عمران خان کو اکیلا نہ چھوڑ دوں۔
پاکستان کی سیاست میں کل کا دن اہم ہوگا، مہنگائی ہوئی لیکن لوگ عمران خان کو پسند کرتے ہیں ،عمران خان کو عدم اعتماد میں شکست بھی ہوجائے تو وہ انکا مقابلہ کریں گے۔
ملکی ذمہ داروں کو انتخابات کا فیصلہ جلد کرنا چاہیے ، میڈیکل یونیورسٹی بناتے وقت میرے 2 ساتھی شہید ہوگئے، وزیرداخلہ شیخ رشید نے شہدا کے لواحقین کے لیے 25،25لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔
وزیرداخلہ نے بتایا کہ عثمان بزدار نے جاتے جاتے وقارالنسا یونیورسٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، زندگی کا سب سے مشکل کام وقار النسا کالج کو یونیورسٹی بنانا ہے، نظام کی خرا بی کی وجہ سے 14بار لاہور جانا پڑا، ایکنک میں نالہ لئی کا منصوبہ رکھا تھا، لوگ نہیں چاہتے غریبوں کی بستیاں ترقی کریں۔
ایسے ایسے لوگوں کے نخرے اٹھائے ہیں جن سے میں سلام نہیں لینا چاہتا، نئے انتخابات کی اس لئے ضرورت ہے تاکہ لوگ دیانت داروں کو منتخب کریں۔

عدم اعتماد کا معاملہ، پی پی ایم این اے جام عبدالکریم ووٹ ڈالنے اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کا معاملہ، پیپلزپارٹی کے ایم این اے جام عبدالکریم ووٹ ڈالنے کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق پی پی رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم نجی ائر لائن کی پرواز سے کراچی سے اسلام اباد پہنچے، اسلام آباد ایئرپورٹ سے سخت سیکیورٹی میں جام عبدالکریم کو سندھ ہاؤس پہنچا دیا گیا۔
ایم این اے جام عبدالکریم عدم اعتماد کے موقع پر وزیر اعظم کے خلاف ووٹ دیں گے۔ پی پی رہنما ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد ملزم ہیں۔ گزشتہ روز مقتول کی بیوہ نے جام عبدالکریم کو معاف کر دیا تھا۔