ہمیں نئے پاکستان میں پھیلائے گند کو صاف کرنے پر توجہ دینی چاہیے: ریحام

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے ایک بار پھر ان پر تنقید کی ہے۔
ریحام خان نے اپنے حوالے سے کی گئی ٹوئٹر صارف کی ایک ٹوئٹ کو ری شیئر کرتےہوئے عمران خان کو تاریخ کا حصہ قرار دیا۔ریحام خان نے اپنی ٹوئٹ میں عمران خان کو تاریخ کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں ہم سب کو اپنی توجہ نئے پاکستان میں ان کے پھیلائے گند کو صاف کرنے پر کرنی چاہیے۔
خیال رہے کہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کیے جانے کے بعد ریحام خان کے وزیراعظم کے خلاف مختلف بیانات سامنے آئے ہیں جن میں انہوں نے سخت الفاظ میں عمران خان پر تنقید کی۔

کیا رنبیر اور عالیہ نے شادی کر لی؟

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کی مایہ ناز جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے حوالے سے ایک خبر سامنے آئی ہے۔
بھارتی میڈیا نے رنبیر اور عالیہ کی شادی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئےہیں۔
رپورٹ میں کیے گئے دعوے کے مطابق رنبیر اور عالیہ کی شادی کے لیے ایک نجی تقریب کا انعقاد کیا گیا، اداکار جوڑی کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
وائرل تصویر میں عالیہ اور رنبیر کو عروسی لباس میں مالا پہنے مسکراتے دیکھا جاسکتا ہے تاہم اس حوالے سے اداکار جوڑی کا فی الحال کوئی بیان سامنے آیا ہے۔
شادی کی تقریب کے حوالے سے رنبیر نے بھارتی میڈیا کو رد عمل دیا تھا کہ پاگل کتے نے کاٹا جو شادی کی تاریخ میڈیا کو بتا دوں، رنبیر نے صرف اتنا کہا تھا کہ عالیہ اور میں جلد شادی کریں گے۔
نوٹ: بھارتی میڈیا کی جانب سے اس خبر کو اپریل فول قرار دیا گیا ہے۔

سالانہ بنیاد پر ٹماٹر 148.65 فیصد اور کوکنگ آئل 48.05 فیصد مہنگا ہوا: ادارہ شماریات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فروری کے مقابلے میں مارچ میں مہنگائی میں 0.8 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق دیہی علاقوں میں مہنگائی میں 1 فیصد اضافہ ہوا جبکہ شہری علاقوں میں مہنگائی 0.7 فیصد بڑھی۔
ادارہ شماریات کے مطابق مارچ 2022 میں مہنگائی کی شرح 12.7 فیصد رہی جبکہ دیہی علاقوں میں مہنگائی 13.9 فیصد پر پہنچ گئی۔
جاری اعداد و شمار کے مطابق مارچ میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 11.9 فیصد رہی۔
ادارہ شماریات کے مطابق مارچ میں سالانہ بنیادوں پر ٹماٹر 148.65 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ کوکنگ آئل 48.05 فیصد اور گھی49.56 فیصد مہنگا ہوا، سالانہ بیناد پر دال مسور 38.32، سبزیاں34.92 اور پھل32 فیصد مہنگے ہوئے۔
مارچ میں سالانہ بنیاد پر سرسوں کا تیل 59.91، گوشت 23.68 اور چکن 19.59فیصدمہنگا ہوا جبکہ موٹر فیول36.98 فیصد، زندہ مرغی 33.63 فیصد اور فروٹ 15.17 فیصد مہنگا ہوا۔
اس کے علاوہ مارچ میں ماہانہ بنیادوں پر پیاز 7.01, دودھ 1.52, بیسن 0.91 فیصد، چائے 1.92 فیصد مہنگی ہوئی۔

جبری گمشدگی بغاوت ہے، اس پر بغاوت کا مقدمہ بنتا ہے: جسٹس اطہر من اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مدثر نارو بازیابی کیس میں ریمارکس دیے کہ جبری گمشدگی بغاوت ہے اور اس پر بغاوت کا مقدمہ بنتا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی سربراہی میں مدثرنارو بازیابی کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور عدالتی معاون عدالت میں پیش ہوئے۔دورانِ سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ آئین کے تحت چلنے والے ملک میں جبری گمشدگیاں ناقابل قبول ہیں، کیا مدثرنارو کو تلاش نہ کر پانا ریاستی اداروں کی ناکامی ہے؟ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں نے یہ سب دیکھنا تھا ناں، کیا اُن کی مرضی کے بغیرکسی کو لاپتا کیاجاسکتاہے؟ نہیں کیاجاسکتا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ لوگوں کا مسنگ ہوجانا ریاست کی نااہلی ہے، پھر وہ ٹریس بھی نہیں ہوپاتے، جبری گمشدگی پر دہشتگردی کی دفعات لگتی ہیں، اگر ریاستی ادارے ایگزیکٹو کے کنٹرول میں نہیں تو ایگزیکٹو ذمہ دارہے، کیوں نہ چیف ایگزیکٹو کو ذمہ دار ٹھہرائیں؟
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ جبری گمشدگی بغاوت ہے، اس پر بغاوت کا مقدمہ بنتا ہے۔

اگر امریکا ہمارے خلاف ہے تو ہمیں آئی ایم ایف کے قرضے نہ ملیں: خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ اگر امریکا ہمارے خلاف ہے تو ہمیں آئی ایم ایف کے قرضے نہ ملیں، امریکا واحد طاقت ہے جو ملک کے لیے معاشی مشکلات پیدا کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مظلومیت ظاہر کررہے ہیں کہ انہیں ٹارگٹ بنایا جارہاہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مذہب کے نام پر ملک کو تقسیم نہ کریں، مذہب کو سیاست میں نہ گھسیٹیں، آپ نے 4سال میں ملک کا بیڑا غرق کردیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں مراسلے والے ملک کا ذکر کرتے ہوئے ’امریکا‘ کا نام لیا تھااور پھر غلطی کا احساس ہونے پر رکتے ہوئے کہا کہ نہیں باہر سے ملک کا نام مطلب کسی اور ملک سے باہر سے۔

حکومت ملک بھر میں بلوچ طلبہ کو ہراساں نا کرنے کی ہدایات جاری کرے: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت ہدایات جاری کرے کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں بلوچ طلبہ کو ہراساں نہ کیا جائے۔
قائد اعظم یونیورسٹی کے طلبہ کو ہراساں کرنے کے خلاف کیس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔
دوران سماعت عدالت نے قائد اعظم یونیورسٹی انتظامیہ کو حکم دیا کہ یقینی بنائیں کہ بلوچ طلبہ کو کوئی ہراساں نا کرے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی کو معاملے کی انکوائری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ جمعہ تک انکوائری رپورٹ جمع کروائیں۔
لاپتہ حفیظ بلوچ کی بازیابی کے لیے درخواست میں وکیل ایمان مزاری عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ روز وزیر داخلہ سے ملاقات کرائی گئی، کل کی وزیرداخلہ سےمیٹنگ کے بعد امید ہے ہراساں نہیں کیا جائےگا جبکہ وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ وزیر داخلہ سے ملاقات نتیجہ خیز نہیں رہی، وزیر داخلہ سے ہمیں کوئی امید نہیں اس عدالت سے امید ہے۔
وکیل زینب جنجوعہ نے کہا کہ کل وزیر داخلہ نے کہا کہ میں کچھ نہیں کرسکتا ایک دن کا مہمان ہوں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ جو طالبعلم لاپتہ ہے اس کا کیا بنا، جس پر وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ معلوم ہوا ہے طالبعلم خضدار کے تھانےمیں ہے اور اس کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج ہے۔
وکیل زینب جنجوعہ نے کہا کہ وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی کو اسٹوڈنٹس نے لکھا لیکن ان پرکوئی اثرنہیں ہوا، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ قائد اعظم یونیورسٹی کے چانسلر سے امید ہےکہ بلوچ طلبہ کی شکایات کا ازالہ کریں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت ہدایات جاری کرے کہ پاکستان بھر میں بلوچ طلبہ کو ہراساں نا کیا جائے۔
عدالت نے طلبہ کو ہراساں کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت 8 اپریل تک ملتوی کر دی۔

ایف بی آر نے ٹیکس اکٹھا کرنے کا 9 ماہ کا ہدف حاصل کر لیا

کراچی : (ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس اکٹھا کرنے کا 9 ماہ کا ہدف حاصل کر لیا۔
ایف بی آر کے مطابق جولائی سے مارچ تک 4382 کا ٹیکس جمع کیا گیا۔
ایف بی آر کا بتانا ہےکہ ٹیکس وصولی ہدف سے 247 ارب روپے زیادہ ہے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہے گی

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی سمیت سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں ہیٹ ویو کی صورت حال آج بھی برقرار ہےگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کراچی اور نوابشاہ میں پارہ 41 اور مٹھی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ ڈی جی خان میں 40 اور سبی میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شدید گرمی کے باجود ملک کے مختلف حصوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 20.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 12 فیصد ہے، شمال مغرب سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

ووٹنگ پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے: شہباز کا وفاقی سیکرٹری داخلہ کو خط

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ دیا، جس میں کہا گیا کہ اتوار کے روز قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ ہے، فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔
شہباز شریف نے خط میں وزیراعظم کے ووٹنگ والے دن ایک لاکھ پی ٹی آئی ورکرز لانے کا بھی حوالہ دی۔ خط میں کہا گیا کہ ایم این ایز کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ، پولیس آئین اور قانون کے مطابق فرائض سر انجام دے۔ اپوزیشن لیڈر نے خط کی کاپی کمشنر اسلام آباد، ڈی سی اور آئی جی کو بھی ارسال کر دی۔
یاد رہے شہباز شریف نے نئے وزیراعظم کے انتخابات والے دن بھی فل پروف سیکیورٹی کا مطالبہ کر دیا۔

پنجاب کا اگلا وزیراعلی کون؟ پرویز الہی بمقابلہ حمزہ شہباز

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن نے پنجاب میں موجودہ صورت حال پر مشاورتی اجلاس کیا ہے۔
رکن پنجاب اسمبلی صباءصادق کے مطابق اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے لیے حمزہ شہباز کو نامزد کیا گیا ہے، صباءصادق نے بتایا کہ حکمران اتحاد کے نامزد وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی کا مقابلہ حمزہ شہباز کریں گے۔
یاد رہے کچھ روز قبل وزیر اعلی عثمان بزدار کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی، جس کے بعد تحریک انصاف کی طرف سے ق لیگ کے چوہدری پرویز الہی وزارت اعلی کے امید وار ہیں۔

عمر گل افغانستان ٹیم کےبولنگ کوچ مقرر

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عمر گل افغانستان کرکٹ ٹیم کےبولنگ ک کنسلٹنٹ مقرر ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمر گل کا افغان کرکٹ بورڈ سے ابتدائی طور پر 3 ہفتوں کا معاہدہ طے پایا ہے،جس میں توسیع کی جا سکتی ہے، عمر گل 4 اپریل کو ابوظہبی میں افغان ٹیم کے کیمپ کو جوائن کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق سابق کپتان یونس خان کو بھی افغانستان کرکٹ ٹیم کی ذمے داریاں ملنے کا امکان ہے۔

پٹرول 55،ڈیزل70 روپے مہنگا کرنے کی تجویز مسترد،63 ارب کا ریلیف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کہتے ہیں کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی۔
وزیراعظم عمران خان نے عوام سے بجٹ تک پٹرول کی قیمت نہ بڑھانے کا وعدہ کیا تھا، تجویز تھی کہ پٹرول 55 سے 56 اور ڈیزل 70 روپے فی لیٹر مہنگا کیا جائے۔
وزیر اعظم اگر سمری منظور کرتے تو پیٹرول 205 روپے فی لیٹر ہوجاتا۔

ناسا کی دوربین نے سورج سے 50 گنا بڑا ستارہ دریافت کرلیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ناسا نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی، 1990 میں لانچ کی گئی ہبل دوربین نے سورج سے بھی 50 گنا بڑا ستارہ دریافت کرلیا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق ستارہ ”ائیرنڈل” دوربین کو اب تک نظر آنے والا سب سے فاصلے پر واقع ہے۔ جس کی روشنی کو پہنچنے میں بارہ اعشاریہ 9 ارب سال لگے۔
دوربینیں اتنے فاصلے پر صرف لاکھوں ستاروں پر مشتمل کہکشاؤں کی نشاندہی کر سکتی ہیں مگر ہبل نے ستارے کی الگ سے تصویر لینے کے لیے جدید طریقے کو اپنایا۔
بی بی سی اردو کے مطابق اس سے پہلے سب سے زیادہ دوری کا ریکارڈ بنانے والے ستارے کا نام آئکارس تھا۔ اس کی تصویر بھی ہبل نے کھینچی تھی۔ اس سے نکلنے والی روشنی کو ہم تک پہنچنے میں 9 ارب سال لگے تھے۔
ائیرنڈل قدیم انگریزی کا لفظ ہے جس کے معنی ’ستارۂ سحری‘ یا ’طلوع ہوتی روشنی‘ کے ہیں، ہبل سے لی گئی تصویر میں ایک نقطے سے زیادہ کچھ نظر نہیں آ رہا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے سورج سے کم سے کم 50 گنا زیادہ بڑا ہے مگر اس کا انحصار میگنیفیکیشن کی درست مقدار کے تعین پر ہے اور ہو سکتا ہے کہ یہ اس سے بھی کہیں بڑا ہو تاہم اگر اس کی جسامت 50 گنا بھی ہے تو اس کا شمار اب تک نظر آنے والے بڑے ستاروں میں ہو گا۔
سورج کی 50 گنا کمیت والا ستارہ بہت تھوڑے عرصے تک ہی جل سکتا ہے، شاید زیادہ سے زیادہ 10 لاکھ سال تک، جس کے بعد اس کا ایندھن ختم ہو جائے گا اور وہ مر جائے گا۔
یاد رہے جیمز ویب، ہبل کی جگہ لے رہی ہے۔ اسے گزشتہ دسمبر میں لانچ کیا گیا تھا۔ اس کا عدسہ زیادہ بڑا اور تجزیاتی آلات کہیں زیادہ برتر ہیں۔ یہ وہ تفصیلات حاصل کرنے میں کامیاب ہو گی جو ہبل کے بس سے باہر تھیں۔ جیمز ویب دو یا تین ماہ کے اندر سائنسی آپریشن شروع کر دے گی۔