کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں یکدم بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں ایک امریکی ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی اور نئی قیمت 1791 امریکی کرنسی ہو گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا ، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 850 روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی اور نئی قیمت 1 لاکھ 25 ہزار 250 روپے ہو گئی ہے۔
اُدھر دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 728 روپے کی تنزلی دیکھی گئی اور قیمت 1 لاکھ 7 ہزار 382 روپے ہو گئی ہے۔
سونے کی طرح چاندی کی قیمتوں میں بھی بالترتیب 20 روپے اور 17.14 روپے کی گراوٹ دیکھی گئی اور قیمتیں 1450 روپے اور 1243.14 روپے ہو گئی ہے۔
Monthly Archives: January 2022
روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر سستا
کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 5 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور قیمت 176 روپے 77 پیسے سے کم ہو کر 176 روپے 72 پیسے ہو گئی ہے۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی 100 انڈیکس میں296.77 پوائنٹس کا اضافہ
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے، 100 انڈیکس 296.77 پوائنٹس بڑھ کر 45374.68 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.66 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 9 کروڑ 19 لاکھ 38 ہزار 825 شیئرز کا لین دین ہوا۔ تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔
خیبرپختونخوا میں آٹا مہنگا، 80 کلو بوری ریٹ بڑھنے پر 6 ہزار 400 روپے میں فروخت
پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں آٹا اور گندم مہنگی فروخت ہونے لگی، پشاور میں 80 کلو آٹے کی بوری کی قیمت 6 ہزار 300 سے بڑھ کر 6 ہزار 400 روپے ہوگئی، قیمتوں میں مزید اضافے کے خدشات ہیں۔
خیبر پختونخوا میں آٹے اور گندم سے متعلق معاملات حل نہ ہونے سے صوبے میں ایک بار پھر آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ پشاور کی اوپن مارکیٹ میں پنجاب سے منگوائے جانیوالے سپیشل آٹے کی قیمت میں مزید 100 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد 20 کلو گرام تھیلے کی قیمت 1450 روپے ہوگئی ہے، 20 کلو گرام سپر فائن آٹا بھی 1520 روپے کا ہوگیا ہے۔
اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے شہری بھی پریشان ییں، کہتے ہیں کہ دو وقت کی روٹی بھی خریدنا مشکل ہوگیا ہے۔ حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے باوجود ذخیرہ اندوزوں اور مافیا کی بڑھتی اجارہ داری کے باعث ریلیف تاحال عوام تک نہیں پہنچ سکا۔
کراچی کی 7 صنعتی ایسوسی ایشنز کا گیس بحال نہ ہونے پر دھرنے کا اعلان
کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی کی ساتوں صنعتی ایسوسی ایشن ایشنز نے 72 گھنٹوں میں گیس بحال نہ ہونے پر ایس ایس جی سی ہیڈ آفس کے سامنے دھرنے کا اعلان کر دیا، صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ گیس بحران کے ذمے دار وزیر اعظم اور وزیر توانائی ہیں۔
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں شہر کی ساتوں صنعتی ایسوسی ایشن نے مشترکہ پریس کانفرس میں کہا کراچی کی صنعتوں کو سازش کے تحت گیس فراہم نہیں کی جارہی۔ سندھ میں گیس ہے لیکن یہاں کی گیس دوسرے صوبوں کو دی جارہی ہے۔ اپنے حصے کی گیس مانگ رہے ہیں،کسی سے زیادتی نہیں چاہتے۔
صنعتکاروں کا کہنا تھا کہ کراچی میں صنعتوں کو گیس کی بندش سے یومیہ 22ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ مزدور بے روزگار ہورہے ہیں۔ وفاقی حکومت کو حالات کی سنگینی کا اندازہ نہیں۔ گیس بحال نہ ہونے پر صنعتکاروں نے ایس ایس جی سی ہیڈ آفس کے سامنے دھرنے اور احتتجاج کا اعلان بھی کیا۔
صنعتکاروں کا کہنا تھا کہ ایم ڈی ایس ایس جی سی کرسی پر بیٹھنے کی اہلیت نہیں رکھتے۔ حکومت اسی فیلڈ کے تجربہ کارشخص کو ایم ڈی ایس ایس جی سی تعینات کرے۔
اسلاموفوبیا،دہشت گردی اور انتہا پسندی میں صرف نام کا فرق ہے، گورنر پنجاب
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ کوئی شک نہیں اسلاموفوبیا، دہشت گردی اور انتہا پسندی میں صرف نام کا ہی فرق ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا کے خلاف وزیر اعظم عمران خان کی آواز پوری دنیا میں پہنچ رہی ہے اور دنیا ان کی ہم آواز بن رہی ہے، دنیا کو سمجھ لینا چاہیے امن کاراستہ بھی اسلاموفوبیا کے خاتمے سے ہی نکلتا ہے۔
چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ جیسے دنیا دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ایسے اسلامو فوبیا کیخلاف بھی ایک ہونا ہوگا، کوئی شک نہیں کہ اسلاموفوبیا، دہشت گردی اور انتہا پسندی میں صرف نام کا ہی فرق ہے، مغربی دنیا میں اسلام کے خلاف نفرت پھیلانے والے بھی انتہا پسند ہی ہیں، دنیا میں پائیدار امن کے لیے مختلف مذاہب کو ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کرنا ہوگا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے بعد جسٹن ٹروڈو کے اسلامو فوبیا کے خلاف عملی اقدام خوش آئند ہے، کینیڈا کے وزیراعظم کی اسلامو فوبیا کی مذمت عمران خان کے مؤقف کی جیت ہے
مسجد نبوی میں 2 سال بعد رمضان میں اجتماعی افطارہوگی
مسجد نبوی میں زائرین 2 سال بعد رمضان المبارک میں اجتماعی افطاری کرسکیں گے۔
سعودی عرب کی مسجد النبوی کے امورکی نگرانی کرنے والی ایجنسی نے مسجد نبوی میں رواں سال رمضان المبارک کے دوران اجتماعی افطاری دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کورونا وائرس کی وبا کے باعث اجتماعی افطاری پر2 سال سے پابندی عائد تھی۔
مسجد نبوی کے امورکی ایجنسی نے کورونا پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے رواں برس رمضان المبارک میں اجتماعی افطاری کی اجازت دے دی ہے۔ اجتماعی افطاری کے دوران کچھ ایس اوپیز کی پابندی کرنا ہوگی۔
ایجنسی کے مطابق اگرسماجی فاصلے کی پابندی برقراررہی تو ایک دسترخوان پرزیادہ سے زیادہ 5 افراد کوبیٹھ کرافطاری کرنے کی اجازت ہوگی۔ سماجی فاصلے کی پابندی ختم ہونے کی صورت میں ایک دسترخوان پر12 افراد افطاری کرسکیں گے۔
ایجنسی نے مسجد نبوی میں اجتماعی افطاری کرانے کی خواہشمند کمپنیوں اورافراد کوپرمٹ حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
شمالی وزیرستان میں آپریشن، فورسز کیخلاف کارروائیوں میں ملوث دہشتگرد ہلاک
سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کرتے ہوئے فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسالی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد مبین عرف مجروح مارا گیا، مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مارا گیا دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھا، ہلاک دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان میں بھی ملوث تھا۔
مشیر برائے احتساب و داخلہ مصدق عباسی نے عہدے کا چارج سنبھال لیا
وزیر اعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔
مشیر برائے احتساب بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی وزارت داخلہ میں اپنےدفتر پہنچے اور عہدے کا چارج سنبھالا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم کے سابق مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے استعفیٰ دیا تھا اور سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا تھا امید ہے کہ عمران خان کی زیر قیادت احتساب کا عمل جاری رہے گا۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے شہزاد اکبر کے استعفے کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ شہزاد اکبر نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے وکالت کے کیرئیر کو زیادہ وقت دینا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ شہزاد اکبر ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کی جماعتی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتے رہیں گے اور ہم ان کے اس نئے سفر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔
سپریم کورٹ نے راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل کردیا
سپریم کورٹ نے راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل کردیا اور حکومت کو راوی اربن منصوبہ پر کام جاری رکھنے کی اجازت بھی د ے دی۔
سپریم کورٹ سے پنجاب حکومت کو بڑا ریلیف مل گیا ہے، کیوں کہ عدالت عظمیٰ نے راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل کر دیا ہے، جب کہ عدالت نے پنجاب حکومت کو راوی اربن منصوبہ پر کام جاری رکھنے کی اجازت بھی د ے دی ہے۔ سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ جن زمینوں کی مالکان کو ادائیگی ہوچکی ان پر کام جاری رکھا جا سکتا ہے، لیکن جن زمینوں کے مالکان کو ادائیگی نہیں ہوئی وہاں کام نہیں ہوسکتا۔
عدالت نے حکومتی اپیلوں پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جائزہ لیں گے کہ فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل بنتی ہے یا نہیں، اگر انٹراکورٹ اپیل بنتی ہوئی تو کیس لاہور ہائیکورٹ بھجوا دیں گے۔
سپریم کورٹ میں راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ کالعدم قرار دینے کیخلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے کیس کی تیاری نہ کرنے پر پنجاب حکومت کی قانونی ٹیم کی میں سرزنش کی، اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے میں کیا غلطی ہے۔ تاہم ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس عدالتی سوالات کے جواب نہ دے سکے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ آپ لوگوں کو یہ بھی علم نہیں کہ کیس ہے کیا۔ جسٹس مظاہر نقوی نے ریمارکس دیئے کہ لگتا ہے ایڈووکیٹ جنرل صاحب آپ بغیر تیاری آئے ہیں۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ جس کیس میں فیصلہ دیا گیا پنجاب حکومت اس میں فریق نہیں تھی۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ مجموعی طور پر 18 درخواستیں تھیں ایک میں فریق نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا، پنجاب حکومت نے اپنا موقف ہائیکورٹ میں پیش کیا تھا، تکنیکی نقاط میں نہ جائیں ٹھوس بات کریں۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے جواب دیا کہ درخواستیں ماحولیاتی ایجنسی کی عوامی سماعت کے خلاف تھیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ ریکارڈ کے مطابق منصوبے کیلئے زمینوں کا حصول بھی چیلنج کیا گیا تھا، صوبائی حکومت کے وکلاء عدالت میں غلط بیانی نہ کریں۔
وکیل روڈا نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ ہائیکورٹ نے آرڈیننس کو اجراء کو تقویض کردہ اختیار قرار دیا ہے۔ جسٹس اعجاز الحسن نے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ نے امریکی آئین کا حوالہ دیا ہے، امریکی اور پاکستانی حالات اور آئین مختلف ہیں۔ وکیل روڈا نے جواب دیا کہ ہائیکورٹ میں درخواست گزار ہائوسنگ سوسائٹیز تھیں۔ جسٹس مظاہر نقوی نے ریمارکس دیئے کہ ہائوسنگ سوسائٹیز کا تو مفادات کا ٹکرائو واضح ہے، باقی بنا رہا ہوں۔
دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے کان میں ساتھیوں کی سرگوشیوں پر جسٹس اعجاز الحسن نے ریمارکس دیئے کہ کیس کی تیاری اپنے چیمبر میں کیا کریں، ہر دو منٹ بعد آپکے کان میں کوئی سرگوشی کر رہا ہوتا ہے۔ آپ لوگوں کو خود ہی سمجھ نہیں آ رہی کہ کیس آخر ہے، اور دلائل کیا دینے ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت کچھ دیر کے لئے ملتوی کردی۔
واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف کروانے کا فیصلہ
پیغام رسانی کی دنیا کی سب سے بڑی ایپلی کیشن واٹس ایپ اپنے صارفین کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے نت نئے فیچر متعارف کرواتی رہتی ہے اور اسی سلسلے میں اب ایک نیا فیچر لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ویب بیٹا انفو کے مطابق ایپ کے اس نئے فیچر کے تحت صارفین اب ایپ میں کہیں بھی رہتے ہوئے واٹس ایپ وائس نوٹ پلے کر سکیں گے۔ گلوبل آڈیو پلیئر کو ایپ میں کہیں بھی رہتے ہوئے وائس نوٹ سننے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔فی الحال واٹس ایپ صارفین وائس نوٹ سنتے وقت کسی صارف کی چیٹ نہیں دیکھ سکتے کیونکہ انہیں وائس نوٹ سننے کے لیے رابطے کی چیٹ یا اس گروپ پر لازمی رہنا پڑتا ہے جہاں سے وائس نوٹ بھیجا گیا ہو۔نئے فیچر کو حال ہی میں متعدد آئی او ایس بیٹا ٹیسٹر کے لیے متعارف کیا گیا ہے جبکہ کمپنی کا خیال ہے کہ جلد ہی فیچر سے اینڈرائیڈ صارفین بھی مستفید ہوسکیں گے۔
اپوزیشن جماعتوں کا رویہ انتہائی مایوس کن ہے،عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا رویہ انتہائی مایوس کن ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کرپٹ اپوزیشن کس منہ سے ایمانداری کا درس دے رہی ہے، وزیراعظم کی قیادت میں کرپٹ مافیا کیخلاف جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جا نب سے کرپشن پرلیکچر دینا دوسروں کو نصیحت، خود میاں فضیحت کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر نازک موقع پر سیاست چمکاکر اپوزیشن رہنما اب بے حسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں، ان لوگوں کے سینے میں دل نہیں بلکہ اقتدار کی ہوس ہے، اپوزیشن جماعتوں کا رویہ انتہائی مایوس کن ہے، پاکستانی قوم اپوزیشن کو غیر ذمہ دارانہ رویے پر معاف نہیں کرے گی۔
پٹر ول 9 روپے 50 پیسے مہنگا ہونے کا امکان
مہنگائی کی پسی عوام پرپٹرول بم گرائے جانے کا امکان، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔اوگرا نے آئندہ 15 روزکے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیوں کی سفارشات بھجوا دیں، ذرائع کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 روپے 50 پیسےفی لٹرتک اضافہ کی سمری بھجوادی ہے، پٹرول 5 روپے 50 پیسے اورڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لٹراضافہ کی سفارش کی گئی ہے۔اوگرا ذرائع کا کہنا ہے کہ مٹی کا تیل 9 روپے 50 پیسے اورلائٹ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 80 پیسے فی لٹراضافہ کی سفارش کی گئی ہے، آئندہ پندرہ روزکے لیے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان آج 31 جنوری کوکیا جائے گا۔پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا۔