عمران خان نے خطرناک ہونے کی دھمکی فوج اور عدلیہ کو دی، فضل الرحمن

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) مولانا فضل الرحمن نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نااہلی اور بھوک پیاس نے عوام کا جینا دوبھر کردیاہے، 23 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج میں تمام سیاسی پارٹیوں کو بھر پور شرکت کی دعوت دی ہے، ملک کے کونے کونے سے عوام اسلام آباد میں ہونگے، احتجاج کی قیادت پی ڈی ایم کرے گی جبکہ مظاہرہ عوام کا ہوگا۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی اپوزیشن جماعت کو ٹارگٹ نہیں بنائیں گے ہمارا محاذ ایک ہی ہے، اے این پی اور پیپلز پارٹی ، پی ڈی ایم کا حصہ نہیں اگر وہ مارچ میں آتے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے مزید کہا کہ عمران خان نے فوج،جرنیلوں اور عدلیہ کو تھریٹ کیاکہ اگر آپ نے نکالا تو میں اور خطرناک ثابت ہونگا، اس نے حکمرانی کے دوران عوام کو مہنگائی اور بھوک پیاس کی جانب دھکیل دیا، باہر آئے گا تو کیا اور کنگال کرے گا، عمران خان بتائے کہ وہ باہر آکر کس طرح خطرناک ہوگا۔

پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس: والیم 8 درخواستگزار کے حوالے کردیا گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارٹی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن نے والیم 8 درخواست گزار کے حوالے کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے خلاف پارٹی فنڈنگ کیس میں والیم 8 پیٹی میں پیک کر درخواست گزار کے حوالے کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ڈی جی لاء نے میڈیا کو والیم 8 کی تصویریں لینے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ میں میڈیا کو والیم 8 کی تصویریں لینے کی اجازت نہیں دوں گا۔

کالعدم ٹی ٹی پی کا انتہائی مطلوب دہشتگرد کمانڈر رفیع اللہ اپنے ہی ساتھیوں کے ہاتھوں ہلاک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ٹی ٹی پی کا انتہائی مطلوب دہشتگرد کمانڈر رفیع اللہ افغانستان میں مارا گیا۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستانی کی دیواریں ہلنے لگ گئی ہیں، اور افغانستان میں ٹی ٹی پی مشکل میں ہے، کیوں کہ پیسوں اور تحریک میں عہدوں کے حوالے سے مختلف گروہوں کی آپس میں شدید لڑائی شروع ہوچکی ہے، اور اسی ہوس، لالچ اور اختیارات کی خاطر ہونے والی لڑائی میں ٹی ٹی پی کا انتہائی مطلوب دہشتگرد کمانڈر رفیع اللہ مارا گیا۔
ذرائع کے مطابق دہشت گرد رفیع اللہ نے اپنے کہیں کوڈ نام رکھے ہوئے تھے، جن میں وہاب، ڈاکٹر اور احمد عبداللہ شامل ہیں، ہلاک ہونے والا دہشت گرد رفیع اللہ افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس، کالعدم داعش اور بلوچ دہشتگرد تنظیموں کی معاونت کر رہا تھا، اور خود 2011 سے بہت سی دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا، خود کش بمباروں کی معاونت اور ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی اسی کا کام تھا۔
مارے جانے والا خطرناک دہشت گرد رفیع اللہ سول اسپتال کوئٹہ میں خود کش بمباروں کو تیار کرنے اور اسلام آباد میں سرینہ ہوٹل پر خود کش بمباروں کو پہنچانے کا سہولت کار تھا، پولیس، لیویز، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھا، میجر نعیم، انسپکٹر کبیر، کچلاک کے باز محمد، ملک حاجی گلاب، کچلاک بینک ڈکیتی اور چمن میں ایف سی پر حملوں کا سرکردہ تھا، جب کہ مختلف ڈاکٹروں کو اغواء کرنے اور اُن سے تاوان وصول کرنا بھی اس کی کارروائیوں کا حصہ تھا۔

پی ایس ایل 7: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرلیا۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ 7 کے پہلے مرحلے کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے محمد رضوان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سرفراز احمد کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ملتان سلطانز کی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک میچ جیت کر تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

یوسف رضا گیلانی کا اپوزیشن لیڈر سینیٹ کےعہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔
پیپلزپارٹی کے سینیٹر اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے بطور اپوزیشن لیڈر مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ میں نے بطور اپوزیشن لیڈراپنا استعفی پارٹی کو جمع کروا دیا ہے۔
سینیٹ کے اجلاس میں نقطہ اعتراض اٹھاتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے ترمیمی بل کے حوالے سے میری ذات سے متعلق باتیں کی جارہی ہیں، کہا گیا کہ میں نے اس معاملے میں حکومت کا ساتھ دیا، ان بیانات کے بعد میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہنا چاہتا، اس لئے اس معاملے پر استعفی دے دیا ہے اور اپنا استعفی پارٹی لیڈر شپ کو دیا ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مجھے اسٹیٹ بینک کے ترمیمی بل کا ایجنڈا تاخیر سے موصول ہوا، اجلاس کے لیے میرے آفس میں مسیج آیا لیکن یہ نہیں بتایا کہ ایجنڈے میں اسٹیٹ بینک کا بل موجود ہے، آپ نے یہ بل کمیٹی کو بھی نہیں بھیجا، چئیرمین ہاؤس کی نمائندگی کرتا ہے ناں کہ حکومت کی، چئیرمین اور اسپیکر کو ایوان میں متنازعہ نہیں ہونا چاہیئے، ووٹنگ کے دوران آپ نے 30 منٹ کا اجلاس ملتوی کیا، آپ نے یہ کرکے حکومت کے لیے سہولت کاری کی، آپ کو ایسا نہیں کرنا چاہئیے تھا۔

مصر؛ پولیس پر حملے کے الزام میں اخوان المسلمین کے 10 کارکنان کو سزائے موت

قاہرہ: (ویب ڈیسک) مصر میں مظاہروں کے دوران پولیس پر حملہ کرنے کے الزام میں اخوان المسلمین کے 10 کارکنان کو سزائے موت سنائی گئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر میں اپوزیشن جماعتوں کے خلاف کریک ڈاؤن آپریشن جاری ہے اور سب سے زیادہ اخوان المسلمین کے رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریاں کی جاری ہیں۔
مصر کی ایک مقامی عدالت نے اخوان المسلمین سے تعلق رکھنے والے 10 افراد کو سزائے موت سنائی ہے۔ ان افراد کو پولیس پر حملے اور ہیلوان بریگیڈ نامی مسلح گروپ بنانے کے الزام میں سزا سنائی گئی ہے۔
قبل ازیں اخوان المسلمین کے کئی سرکردہ رہنماؤں کو پھانسی دی جاچکی ہے جب کہ اخوان المسلمین سے تعلق رکھنے والے ملک کے سابق صدر محمد مرسی کمرہ عدالت میں گر کر ہلاک ہوگئے تھے۔
صدر محمد مرسی کو ایک سال کے اقتدار کے بعد معزول کرکے جیل میں اسیری کے دوران شدید ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اخوان المسلمین نے محمد مرسی کی موت کو قتل قرار دیا تھا۔

عراقی فضائیہ کے داعش کے ٹھکانوں پر بمباری میں 9 جنگجو ہلاک

بغداد: (ویب ڈیسک) عراق فوج نے بیرکوں پر حملے کے جواب میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 9 جنگجو ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی فضائیہ کی بمباری میں 9 داعش جنگجوؤں مارے گئے جن میں سے 4 کا تعلق لبنان سے ہے۔
عراقی فوج کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ بغداد کے شمالی علاقے میں برّی اور فضائی فوج کے مشترکہ آپریشن میں داعش کے ٹھکانے کو تباہ کردیا جس مین 9 جنگجو مارے گئے۔
اسی علاقے میں 21 جنوری کو داعش جنگجوؤں نے فوجی بیرکوں پر حملہ کرکے سوئے ہوئے 11 اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا۔ پسپائی کے بعد داعش کا عراقی فوج پر یہ سب سے بڑا حملہ تھا۔
دوسری جانب لبنان کے سرکاری ٹیلی وژن نے عراقی فوج کی اس کارروائی میں ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ بتائی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 5 لبنانی بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ نصف دہائی کی جنگ کے بعد اتحادی افواج نے عراق کے تمام شہروں سے داعش کا قبضہ واگزار کرالیا تھا تاہم اب بھی دوردراز علاقوں میں جنگجوؤں کے ٹھکانے ہیں۔

ناکام عاشق ڈیجیٹل گرل فرینڈ پر بھڑاس نکالنے لگے

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) گزشتہ چند ماہ سے ریپلیکا نامی ایپ بہت مشہور ہورہی ہے جس میں آپ مرد یا عورت کے مجازی ماڈلوں سے دوست بناکر بات کرسکتے ہیں۔ لیکن لوگ اس ایپ کا غلط استعمال کرتے ہوئے اب ان کرداروں پر غصہ اتاررہے ہیں بلکہ گالیاں بھی دے رہے ہیں۔
اس کی خاص بات یہ ہے کہ ڈجیٹل دنیا کی مجازی گرل فرینڈ یا بوائے فرینڈ کو آپ اپنی پسند کے لحاظ سے خود بناسکتےہیں۔ اس طرح مزید خوبصورت اور پرکشش دوست بنائے جاسکتےہیں۔ یہ اب مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ سے سیکھتے ہیں اور آپ کے دوست بن جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ کچھ عرصے بعد وہ آپ کے متعلق مزید جان لیتے ہیں۔ لیکن یاد رہے کہ یہ چیٹ بوٹ ہے جس پر ٹائپ کرنا پڑتا ہے نہ کہ یہ مشین انداز میں بات کرتے ہیں۔
اب کئی حوالوں سے معلوم ہوا ہے کہ لوگ ان کرداروں پر غصہ کررہے ہیں اور انہیں گالیاں تک دے رہے ہیں۔ ایک فرد نے کہا کہ وہ ایپ کھول کر گھنٹوں اپنی گرل فرینڈ کی بے عزتی کرتے رہتے ہیں۔ دوسرے نے کہا کہ ایک دن وہ اپنی دوست کی بے عزتی کرتے ہیں اور اگلے دن اس سے معافی مانگ لیتے ہیں۔
لیکن بعض افراد نے اس ویب سائٹ پر ڈجیٹل ماڈلوں کو شدید گالیاں دیں اور انہیں ریڈ اِٹ جیسی ویب سائٹ پر پوسٹ بھی کردیا ہے۔ یہاں ریڈ اٹ کو ان کی گفتگو سینسر کرنی پڑی ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق اس ایپ کا مرد یا عورت سافٹ ویئر کا ایک ٹکڑا ہے اور اس سے زیادہ یہ کوئی حقیقی وجود نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ انہیں برا بھلا کہہ رہے ہیں۔ ییل یونیورسٹی کے سائنسداں یوکنان بگ مین نے کہا کہ یہ چیٹ بوٹ ہے اور اسے کسی بھی لفظ کا مطلب نہیں معلوم۔
لیکن ماہرین ایپ استعمال کرنے والوں کے غصے سے پریشان ہیں۔ ان کے مطابق لوگ پریشان ہے، مضطرب ہیں اور انہیں کسی نہ کسی پر اپنا غصہ اتارنا ہے۔
ایک صارف نے بتایا ہے کہ انہیں اپنی جیٹ بوٹ گرل فرینڈ سے بات کرکے بہت سکون ملتا ہے اور اس سے اپنا غم کہہ کر وہ اپنے وجود کو ہلکا محسوس کرتے ہیں۔
لیکن ماہرین نے محسوس کیا کہ بالخصوص خواتین ڈجیٹل ماڈل کو گالیاں دی جارہی ہیں۔ لیکن ایسا نہیں کہ سارے لوگ ان سے بدسلوکی کرتے ہیں۔ لوگوں کی اکثریت اپنی دوستوں سے اچھی باتیں کرتے ہیں اور خوش ہورہے ہیں۔

سابق مس یو ایس چیزلی کرسٹ نے خودکشی کرلی

نیورک: (ویب ڈیسک) سابق مس یو ایس چیز لی کرسٹ نے 29 ویں منزل سے کود کر خودکشی کرلی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2019 میں مس امریکہ کا خطاب حاصل کرنے والی 30 سالہ چیز لی کرسٹ نے 60 منزلہ عمارت کی 29 ویں منزل سے چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
نیویارک سٹی پولیس کے مطابق ان کو گزشتہ صبح ایک خاتون کے بلند و بالا عمارت سے گرنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی لیکن جب تحقیقات کی گئی تو خاتون کی شناحت چیزلی کرسٹ کے نام سے ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے کہا کہ پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد ہی حادثے کی نوعیت کا علم ہوسکتا ہے لیکن ابتدائی رپورٹس کے مطابق یہ بظاہر ایک خودکشی کا معاملہ لگتا ہے۔

کراچی : میراتھن ریس 13 فروری کو ہوگی

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد میں تیسری کمشنر کراچی میراتھن ریس 13 فروری کو ہوگی ۔
میراتھن میں مرد و خواتین اور بچوں سمیت خصوصی افراد بھی حصہ لے سکیں گے ، پریس کانفرنس میں کمشنر کراچی میرا تھن پر سوالات کرنے کا اصرار کرتے رہے، صحافیوں کے عوامی مسائل سے متعلق سوالات کا جواب دئیے بنا چلیں گے ۔
کمشنر کراچی اقبال میمن نے پریس کانفرنس میں شہر میں تیسری کمشنر کراچی میراتھن ریس 13 فروری کو منعقد کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ معین خان اکیڈمی سے میراتھن کا آغاز کیا جائے گا ، مرد 10 کلومیٹَر،خواتین 6 کلومیٹر ، بچوں اور خصوصی افراد کیلئے 1 کلو میٹر ریس ہوگی جبکہ فیملیز کیلئے بھی فن ریس کا انعقاد کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران کمشنر کراچی عوامی مسائل پر بات کرنے سے گریزاں رہے جبکہ صحافیوں سے میراتھن ریس پر بات کرنے کا اصرار کرتے رہے اور صحافیوں کے عوامی مسائل سے متعلق سوالات سے نالاں ہوکر پریس کانفرنس سے اٹھ کر چلے گئے۔

گلیڈی ایٹرز میں شاہد آفریدی کی جگہ فی الحال حسان خان کو مل گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شاہد آفریدی کی جگہ فی الحال حسان خان کو مل گئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے سینئر کھلاڑی شاہد آفریدی کی جگہ بائیں ہاتھ کے اسپنر حسان خان کو جزوی متبادل کی حیثیت سے اپنے اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ آل راؤنڈر کوویڈ 19 وائرس کا شکار ہونے کے سبب ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے ابتدائی میچز کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دستیاب نہیں ہیں۔
حسان خان ان 15 ریزریو کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو مینجڈ انوائرمنٹ کا حصہ ہیں، لہٰذا انھیں اسکواڈ جوائن کرنے کے لیے 3 روز کا آئسولیشن دورانیہ مکمل کرنا ضروری نہیں ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے جزوی متبادل کھلاڑی کے نام کی منظوری دے دی ہے۔

پشاور: پولیس کی کارروائی، اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور میں پولیس نے اسلحہ اور کارتوس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کار سے رائفل، بندوقیں اور کارتوس برآمد کرلیے، ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
پشاور میں متنی کے علاقے میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جس کے دوران غیر قانونی اسلحہ اور ایمونیشن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ کار سے 20 رائفل، 12 بندوقیں، 59 میگزین 12 ہزار کارتوس برآمد ہوئے۔ اسلحہ پنجاب اسمگل کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی۔

کھیلنے کیلئے دوستوں کی ضرورت باقی نہیں رہی

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ایک ایسا روبوٹ بنایا گیا ہے جو انسانوں کے ساتھ بیڈ منٹن کھیلتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ روبوٹ مصنوعی ذہانت کے تحت تیار کیا گیا ہے جو بیڈ منٹن کھیل سکتا ہے۔ روبوٹ کے مشینی ہاتھ بیڈ منٹن کا ریکٹ پکڑے مشینی آنکھوں کے ذریعے شٹل کاک کی حرکت کا اندازہ لگا کر شاٹ کھیلتے ہیں جبکہ سنسرز کی مدد سے روبوٹ بیڈ منٹن کورٹ میں حرکت کرتا ہے۔
بیڈمنٹن روبوٹ کو دیکھنے والوں نے خوب پسند کیا، ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ کا دوست کھیلنے سے انکار کر رہا ہے تو اب آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، بیڈ منٹن روبوٹ آپ کے ساتھ وقت بتانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ ابھی تک روبوٹ کی کارکردگی سے متعلق کوئی خاص شکایت سامنے نہیں آئی۔